Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ ایکسپریس ٹرین 12 سال بعد بحال

    سیالکوٹ ایکسپریس ٹرین 12 سال بعد بحال

    پاکستان ریلوے نے 12 سال بعد سیالکوٹ ایکسپریس ٹرین بحال کر دی۔

    پاکستان ریلوے کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مسافروں کو بہتر اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنے کے وژن کا حصہ ہے، ٹرین کی سیالکوٹ آمد پر شاندار استقبال کیا گیا، ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا اس موقع پر مسافروں پر پھول کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں،اس طرح پاکستان ریلوے نے ایک اور بند ٹرین دوبارہ چلاکر عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے-

    اسٹیشن ماسٹر کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ ایکسپریس لاہور سے سیالکوٹ اور وہاں سے وزیر آباد جبکہ وزیر آباد سے سیالکوٹ اور لاہور جائے گی،اس ٹرین کی بحالی سے لاہور، وزیرآباد اور سیالکوٹ سمیت دیگر شہروں کے مسافروں کو سفری سہولیات میں بہتری آئے گی،یہ ٹرین پانچ اکانومی کلاس کوچز، ایک ٹی ایل وین اور ایک بریک وین پر مشتمل ہوگی، اس کے اسٹاپس میں شاہدرہ باغ، نارنگ، بدو ملہی، نارووال، قلعہ صوبھاسنگھ، پسرور، چونڈا، سیالکوٹ اور سمبڑیال شامل ہیں۔

    ویڈیو: لبنان میں شادی کے دوران ایرانی میزائل گزرنے کے مناظر، لوگوں کا خوشی کا اظہار

    اسرائیلی حملے،ایران میں دو بھارتی شہری بھی زخمی

    یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلرز گرفتار

  • ڈسکہ: سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ تنظیم الاخوان کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع، کثیر تعداد میں سالکین کی شرکت

    ڈسکہ: سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ تنظیم الاخوان کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع، کثیر تعداد میں سالکین کی شرکت

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران)سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ تنظیم الااخوان ضلع سیالکوٹ کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع دارالعرفان ڈسکہ مرکز میں روحانی جذب و شوق کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں خواتین سمیت ضلع بھر سے وابستگان اور سالکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    اجتماع سے تنظیم الااخوان پاکستان کے سربراہ اور شیخِ سلسلہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب فرمایا، جس میں انہوں نے ذکر قلبی کی اہمیت، روحانی تربیت اور باطن کی پاکیزگی پر زور دیا۔

    اس موقع پر صاحب مجاز عبدالحمید چھینہ ایڈووکیٹ نے نئے آنے والے سالکین کو ذکر قلبی کا طریقہ سکھایا اور رہنمائی فراہم کی۔ ضلعی جنرل سیکرٹری عارف رفیق نے انتظامی امور پر روشنی ڈالتے ہوئے دارالعرفان منارہ میں منعقد ہونے والے سالانہ اجتماع کے حوالے سے ابتدائی لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

    اجتماع کے اختتام پر ملک کی ترقی، سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور حاضرین کی لنگر سے تواضع کی گئی۔ اجتماع ایک روحانی ماحول میں عقیدت و اخلاص کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

  • سیالکوٹ، بہاولپور: سوئمنگ پول اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 3 بچے جاں بحق

    سیالکوٹ، بہاولپور: سوئمنگ پول اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 3 بچے جاں بحق

    سیالکوٹ، بہاولپور (بیوروچیف شاہدریاض+نامہ نگارحبیب خان ) بچوں کی ہلاکت کے دلخراش واقعات سامنے آئے ہیں جنہوں نے والدین اور عوام کو شدید دکھ اور غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

    سیالکوٹ میں سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے دو کمسن بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ محلہ حیات پورہ، بلو مہر والی گلی میں پیش آیا، جہاں ایک ہی گھر کے 9 سالہ محمد حسین اور 10 سالہ محمد حنان ایمن آباد روڈ فروٹ منڈی کے قریب واقع ایک سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ صدر کے ایس ایچ او میاں رزاق فوری موقع پر پہنچے اور انکوائری شروع کی، جبکہ سوئمنگ پول کا مالک موقع سے فرار ہو گیا۔

    ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ بچوں کے والدین اور علاقہ مکینوں نے ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد سے مطالبہ کیا ہے کہ غیرقانونی سوئمنگ پولز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ بچوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔

    دوسری جانب بہاولپور کی تحصیل اوچ شریف کے علاقے خانقاہ شریف میں 6 سالہ معصوم بچہ محمد عمر کھیلتے ہوئے پیڈسٹل فین سے کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق، واقعہ کے وقت بچہ گھر میں کھیل رہا تھا جب وہ پنکھے کی زد میں آ گیا۔ ریسکیو ٹیم ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن شکیل حسن کی قیادت میں موقع پر پہنچی، تاہم بچہ موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔ غمزدہ اہل خانہ نے لاش کو اسپتال منتقل کرنے سے انکار کر دیا۔

    ان دل دہلا دینے والے واقعات نے متعلقہ حکام کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں، اور شہریوں کا مطالبہ ہے کہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔

  • سیالکوٹ: پولیس تشدد کا واقعہ، ڈی پی او کا نوٹس، دو اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

    سیالکوٹ: پولیس تشدد کا واقعہ، ڈی پی او کا نوٹس، دو اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے تھانہ سٹی پسرور میں شہری پر مبینہ پولیس تشدد کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔

    محلہ رحمان پورہ پسرور کے رہائشی شہری شاہد عمران نے الزام عائد کیا کہ کانسٹیبل محمد آصف مصطفیٰ اور حامد نے اُسے ناجائز طور پر تھانہ سٹی پسرور لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ ڈی پی او کے فوری احکامات پر دونوں پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ نمبر 480/25 تھانہ سٹی پسرور میں درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس کی جانب سے شہریوں پر تشدد اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانون سب کے لیے یکساں ہے، اور جو اہلکار قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے، ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ڈی پی او نے بتایا کہ ملوث اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات جاری ہیں تاکہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

  • سیالکوٹ: محرم الحرام کیلئے امن کمیٹی کا اجلاس، بین المسالک ہم آہنگی پر زور

    سیالکوٹ: محرم الحرام کیلئے امن کمیٹی کا اجلاس، بین المسالک ہم آہنگی پر زور

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈسٹرکٹ امن کمیٹی سیالکوٹ کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی زیر صدارت ڈی سی آفس کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی اور انتظامی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پائیدار امن کا قیام صرف پولیس یا انتظامیہ کا فریضہ نہیں بلکہ علماء کرام، سماجی راہنماؤں اور امن کمیٹی کے اراکین کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی کے ممبران جو خالصتاً رضاکارانہ جذبے سے بلا معاوضہ خدمات انجام دے رہے ہیں، وہ قابلِ ستائش ہیں۔

    شرکاء سے خطاب میں زور دیا گیا کہ امت مسلمہ اس وقت جس نازک صورتحال سے دوچار ہے، اس تناظر میں بین المسالک ہم آہنگی، اتحاد اور رواداری نہایت ضروری ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام مکاتب فکر کے قائدین ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر امن و بھائی چارے کیلئے متحرک کردار ادا کریں۔

    اجلاس سے ضلع امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ اصغر علی چیمہ، مفتی کفایت اللہ شاکر، علامہ ایوب خان، قاری اقبال گھمن، ظفر عباس، ایوب اوپل، نجم گیلانی اور حافظ نیاز احمد نے بھی اظہار خیال کیا۔

    اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر، اے سی ڈسکہ عثمان غنی، اے سی پسرور سدرہ ستار، انچارج سیکیورٹی برانچ حافظ سعید، سی او میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز اور سی ایس ڈبلیو ایم سی کاشف نواز رندھاوا سمیت متعلقہ اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

  • سیالکوٹ: خواجہ عمران نذیر کا ٹی ایچ کیو سمبڑیال اور کلینک آن ویلز کیمپ کا دورہ

    سیالکوٹ: خواجہ عمران نذیر کا ٹی ایچ کیو سمبڑیال اور کلینک آن ویلز کیمپ کا دورہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض)صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال (ٹی ایچ کیو) سمبڑیال اور یونین کونسل ہڑر میں قائم کلینک آن ویلز کیمپ کا معائنہ کیا۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ "کلینک آن ویلز پروگرام” میں 37 اضلاع میں سرفہرست ہے، تاہم اس معیار کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل محنت درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 2 لاکھ 59 ہزار 654 مریض اس موبائل ہیلتھ سروس سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، جبکہ 39 ہزار 134 خواتین کا گائنی چیک اپ اور 23 ہزار 325 الٹراساؤنڈ کلینک آن ویلز کے ذریعے کیے جا چکے ہیں۔

    ٹی ایچ کیو سمبڑیال کے دورے کے دوران خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا جن میں ایمرجنسی، سرجیکل یونٹ، او پی ڈی، ڈینٹل کلینک اور الٹراساؤنڈ روم شامل تھے۔ انہوں نے الٹراساؤنڈ مشین کو مکمل فعال پایا اور مریضوں کی عیادت بھی کی۔

    وزیر صحت نے ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کی اور مریضوں کے لواحقین سے طبی سہولیات کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو معیاری بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔

  • سیالکوٹ: بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے اور اوور لوڈنگ پر ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن

    سیالکوٹ: بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے اور اوور لوڈنگ پر ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن

    سیالکوٹ (بیوروچیف باغی ٹی وی شاہد ریاض)بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے اور اوور لوڈنگ پر ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن، مقدمات درج، جرمانے عائد

    سیالکوٹ سٹی ٹریفک پولیس نے ڈی ایس پی ٹریفک عدنان قاسم کی قیادت میں بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے اور اوور لوڈنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر متعدد گاڑی مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں جبکہ کئی ڈرائیوروں کو بھاری جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔

    ڈی ایس پی عدنان قاسم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانا اور گنجائش سے زائد مسافروں کو سوار کرنا انتہائی خطرناک عمل ہے، جو مسافروں کی جانوں کو سنگین خطرات سے دوچار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ انسانی جانوں کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے، جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں، بین الاضلاعی روٹس اور تمام اہم بس اسٹینڈز پر خصوصی ناکے لگا کر نگرانی کا عمل سخت کر دیا ہے۔ مستقبل میں بھی ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • وفاقی بجٹ پر تحفظات، ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کا متحدہ احتجاج

    وفاقی بجٹ پر تحفظات، ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کا متحدہ احتجاج

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)وفاقی بجٹ 2024-25 کے خلاف ملک بھر کی تاجر اور صنعتکار برادری نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ آواز میں اس پر سخت تنقید کی ہے۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ہونے والی اہم پریس کانفرنس میں پاکستان کے مختلف بڑے شہروں کے چیمبرز آف کامرس نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور بجٹ کو "بزنس دشمن” قرار دیا۔

    سیالکوٹ چیمبر کے صدر اکرام الحق کی زیر صدارت اس اجلاس میں لاہور، کراچی، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان اور دیگر شہروں کے چیمبر نمائندگان نے متفقہ موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مالی پالیسی مرتب کرتے وقت کاروباری طبقے کو یکسر نظر انداز کیا، جو کہ ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ عمل ہے۔

    اکرام الحق نے کہا کہ "اڑان پاکستان” جیسے قومی سطح کے ترقیاتی منصوبے محض سیاسی نعرے بن کر رہ جائیں گے اگر ان میں صنعتکاروں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں صنعتی شعبے کی قربانیوں کو فراموش کر دیا گیا ہے اور نہ ہی کاروباری برادری کو کسی قسم کا ریلیف دیا گیا ہے۔

    پریس کانفرنس میں شریک مختلف چیمبرز کے صدور نے ایف بی آر کی پالیسیوں کو غیر شفاف اور مبہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام میں ایس آر اوز کی بھرمار اور پالیسی تضادات نے بزنس کمیونٹی کو مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ صنعتکاروں نے کہا کہ ٹیکس چھوٹ ختم کر دی گئی ہے جبکہ سابقہ بھاری ٹیکسوں کا بوجھ بدستور برقرار ہے، جو ملکی صنعت کو عالمی سطح پر غیر مسابقتی بنا رہا ہے۔

    شرکاء نے اس بات پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا کہ موجودہ ٹیکس پالیسیوں کے باعث پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس سے نہ صرف مقامی صنعت متاثر ہو رہی ہے بلکہ برآمدات میں بھی کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ کاروباری رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ وزیر خزانہ سے مشاورت کے دوران ان کا رویہ غیر لچکدار اور سخت گیر تھا، جس سے تاجر برادری کو شدید مایوسی ہوئی۔

    پریس کانفرنس کا اختتام ایک متفقہ اعلامیے پر ہوا، جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ معاشی پالیسیاں ترتیب دینے سے پہلے تاجر اور صنعتکار برادری سے وسیع مشاورت کرے۔ اعلامیے میں خبردار کیا گیا کہ اگر موجودہ روش برقرار رہی تو پاکستان میں معاشی استحکام محض ایک خواب ہی بن کر رہ جائے گا۔

  • سیالکوٹ: AEOs کی انسپکشن ڈیجیٹلائز، رئیل ٹائم رپورٹنگ کا نظام متعارف

    سیالکوٹ: AEOs کی انسپکشن ڈیجیٹلائز، رئیل ٹائم رپورٹنگ کا نظام متعارف

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے اعلان کیا ہے کہ اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران (AEOs) کی انسپکشن کے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت رئیل ٹائم مسائل کی نشاندہی اور فوری رپورٹنگ ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب اے ای اوز اپنے فیلڈ وزٹس کے دوران اسکولوں میں درپیش مسائل کو ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے فوری طور پر اپ لوڈ کر سکیں گے، جس سے بروقت فیصلہ سازی اور مسئلہ حل کی راہ ہموار ہوگی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اے ای اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض مکمل ایمانداری اور محنت سے انجام دیں، اور انسپکشن کے دوران نہ صرف مسائل کی نشاندہی کریں بلکہ ان کے حل کیلئے اسکول انتظامیہ کے ساتھ عملی اقدامات بھی کریں۔ ایسے مسائل جو ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہوں، وہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے نوٹس میں لائیں تاکہ ان کا مؤثر تدارک ممکن ہو۔

    اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن مجاہد حسین علوی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے دیگر مقامی حکام بھی شریک تھے۔

  • سیالکوٹ پولیس کی بروقت کارروائی، اغوا شدہ 6 سالہ طیبہ ضلع وہاڑی سے بحفاظت بازیاب، میاں بیوی گرفتار

    سیالکوٹ پولیس کی بروقت کارروائی، اغوا شدہ 6 سالہ طیبہ ضلع وہاڑی سے بحفاظت بازیاب، میاں بیوی گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ پولیس نے تھانہ سمبڑیال کے علاقے کوٹ دڑا سے اغوا ہونے والی 6 سالہ کمسن بچی طیبہ کو ضلع وہاڑی سے بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے، جب کہ اغوا میں ملوث میاں بیوی اجمل اور رانی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی یہ کامیابی پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور بروقت کارروائی کا نتیجہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بچی کے والد غلام قادر نے تھانہ سمبڑیال میں رپورٹ درج کروائی تھی کہ اس کی بیٹی طیبہ کو محلے میں کرایہ پر رہائش پذیر ایک جوڑا اغوا کر کے لے گیا ہے۔ شکایت کے فوری بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ، فیصل شہزاد نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سمبڑیال کو ہدایت کی کہ بچی کو ہر صورت بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔

    ایس ایچ او تھانہ سمبڑیال انسپکٹر ارشاد کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے تفتیش کا آغاز کیا اور ٹیکنیکل ٹریسنگ کے ذریعے ملزمان کا پتہ چلا کر ضلع وہاڑی سے بچی کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزمان نے طیبہ کو والد سے چند روز قبل پیش آئے معمولی جھگڑے کی رنجش کی بنیاد پر اغوا کیا اور اُسے کراچی لے جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔

    پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ نے پولیس کی فوری کارروائی اور کامیابی کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈی پی او فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔