Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کا ڈسکہ کا تفصیلی دورہ، ترقیاتی منصوبوں اور صفائی کا جائزہ

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کا ڈسکہ کا تفصیلی دورہ، ترقیاتی منصوبوں اور صفائی کا جائزہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے تحصیل ڈسکہ کا تفصیلی دورہ کیا، جس میں انہوں نے ترقیاتی منصوبوں، صفائی، صحت، انسداد تجاوزات اور سماجی فلاح و بہبود کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت یونین کونسلز کا دورہ کیا اور صفائی کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا، ساتھ ہی مقامی ایس ڈبلیو ایم سی اور میونسپل کمیٹی کے حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے انتظامات میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے موسم برسات سے قبل نالوں اور سیوریج لائنوں کی مکمل صفائی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا تاکہ نکاسی آب میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

    انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال (THQ) اور ٹی بی ہسپتال ڈسکہ کا دورہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کے بارے میں لواحقین سے رائے لی۔ فارمیسی، لیبارٹری اور ایمرجنسی وارڈ کی بھی جانچ کی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے نواز شریف پارک کے انتظامات کا معائنہ کیا اور جیسر والہ میں قائم ماں گھر یتیم خانہ کا بھی دورہ کیا، جہاں بچوں کی نگہداشت اور سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔

    انسداد تجاوزات مہم کے تحت جاری آپریشن کا بھی معائنہ کیا گیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح ہدایت دی کہ بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔

    ترقیاتی منصوبوں کے ضمن میں انہوں نے جامکے روڈ، پسرور روڈ، کالج روڈ اور وزیرآباد روڈ پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مقررہ مدت میں معیاری تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ عثمان غنی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

  • سیالکوٹ:عیدالاضحی پر مثالی صفائی، سیاسی مخالفین بھی تعریف پر مجبور: افضل منشاء

    سیالکوٹ:عیدالاضحی پر مثالی صفائی، سیاسی مخالفین بھی تعریف پر مجبور: افضل منشاء

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈسکہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر محمد افضل منشاء نے عیدالاضحی کے موقع پر صوبہ بھر میں مثالی صفائی کے انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق کو مبارکباد پیش کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جس منظم انداز میں پورے صوبے، حتیٰ کہ دیہات تک صفائی کو یقینی بنایا گیا، وہ قابل ستائش ہے۔ افضل منشاء کا کہنا تھا کہ اس بار صفائی کے ایسے انتظامات دیکھنے میں آئے جنہیں سیاسی مخالفین نے بھی تسلیم کیا کہ ماضی میں ایسی مثال نہیں ملتی۔

    انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی، چیف آفیسر بلدیہ الفت شہزاد اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے افسران کی نگرانی میں سینٹری ورکرز نے مثالی خدمات سرانجام دیں۔ قربانی کے بعد کہیں بھی آلائشات نظر نہیں آئیں، جو کہ ایک حیران کن اور خوش آئند تبدیلی ہے۔

    افضل منشاء نے مزید کہا کہ ہر سال شہری قربانی کے بعد گندگی اور تعفن کا سامنا کرتے تھے، لیکن اس سال کے انتظامات نے شہریوں کا اعتماد حکومت پنجاب پر مزید مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے صفائی مہم میں شامل تمام ورکرز اور تعاون کرنے والے شہریوں کو بھی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

  • سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر سے صنعتکاروں کی ملاقات، تجاوزات اور نکاسی آب پر تفصیلی گفتگو

    سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر سے صنعتکاروں کی ملاقات، تجاوزات اور نکاسی آب پر تفصیلی گفتگو

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی سے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹ شہاب پورہ کے نمائندگان نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ایوان صنعت و تجارت کے صدر اکرام الحق، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین طاہر مجید کپور سمیت مقامی صنعت کار اور تاجر شریک تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے منظم مہم شروع کر دی گئی ہے۔ ریڑھی بانوں کے لیے مخصوص مقامات مختص کیے گئے ہیں، جن کے علاوہ کسی کو بھی شہر میں ریڑھی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سیوریج نظام کی بہتری اور نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے تاکہ بارش کے دوران نکاسی آب کا مؤثر انتظام یقینی بنایا جا سکے۔ اس حوالے سے میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹی، اور ضلع کونسل سے سرٹیفیکیٹس حاصل کیے جائیں گے تاکہ گٹر اُبلنے کی شکایات کا مستقل سدباب ممکن ہو سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے صنعتکاروں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ نالوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے سے اجتناب کریں تاکہ صفائی کا نظام متاثر نہ ہو اور شہر کی خوبصورتی برقرار رہے۔

    ملاقات میں شہر کی ترقی، صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ انتظامیہ اور صنعتکاروں کے باہمی تعاون سے سیالکوٹ کو بہتر، صاف اور منظم شہر بنایا جا سکتا ہے۔

    اس اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز احمد اور متعلقہ محکموں کے دیگر مقامی حکام بھی شریک تھے۔

  • سیالکوٹ: رانا جاوید اقبال کے چچا کی وفات، دعائے مغفرت کا اہتمام

    سیالکوٹ: رانا جاوید اقبال کے چچا کی وفات، دعائے مغفرت کا اہتمام

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) پروفیشنل پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) سیالکوٹ کے سیکرٹری جنرل رانا جاوید اقبال کے چچا جان گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ ان کے ایصالِ ثواب کے لیے مرکزی دفتر چوک اڈہ پسروریاں میں دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔

    دعائیہ تقریب میں مرکزی چیئرمین خرم میر، مرکزی وائس چیئرمین شاہد ریاض، نائب صدر مہر ندیم، آفس سیکرٹری میڈم مسرت، محمد علی، طفیل بٹ اور نائب صدر عیسو جمیل نے شرکت کی۔ مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبر جمیل کے لیے دعا کی گئی۔

  • ڈسکہ: قاضی ٹی اسٹال پر عید ملن، میاں زیشان رفیق کی خدمات کو سراہا گیا

    ڈسکہ: قاضی ٹی اسٹال پر عید ملن، میاں زیشان رفیق کی خدمات کو سراہا گیا

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی, بیورو چیف شاہد ریاض) قاضی ٹی اسٹال پر عید کی خوشیاں، معزز مہمانوں کی آمد، وزیر بلدیات کی خدمات کو سراہا گیا
    عید کی تعطیلات کے اختتام پر سیالکوٹ کے معروف قاضی ٹی اسٹال پر ایک خوبصورت نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ مہمانوں میں ممتاز مذہبی اسکالر قاری ذوالفقار سیالوی، ڈسکہ کی ہر دلعزیز شخصیت ظفر اقبال، سابق چیئرمین بلدیہ ڈسکہ عاطف رضا خواجہ پاشی، معروف کاروباری شخصیت حسن بٹ المعروف گوگا پراپرٹی ڈیلر، محمد جمیل بٹ (سنی آٹوز)، محمد عظیم، چوہدری رسالت گجر، سینئر سیاسی راہنما قاضی شبیر (بابائے سیاست ڈسکہ) اور سجاد بٹ شامل تھے۔

    مہمانوں کی تواضع تازہ پھلوں، مشروبات اور گرم گرم جلیبیوں سے کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شرکاء نے عید کے دنوں میں ڈسکہ میں صفائی کے مثالی انتظامات پر ایم پی اے و وزیر بلدیات پنجاب میاں زیشان رفیق کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے کہا کہ جس انداز سے عید کے دنوں میں صفائی کی گئی، وہ ڈسکہ کی تاریخ میں ایک مثال بن گئی ہے۔

    نشست کے اختتام پر تمام معززین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ میاں زیشان رفیق کو مزید ہمت اور استقامت عطا فرمائے تاکہ وہ عوامی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ آمین۔

  • سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، جعلی ویزے پر آنے والا مسافر گرفتار

    سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، جعلی ویزے پر آنے والا مسافر گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک سے آنے والے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار مسافر کی شناخت عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے جو فلائٹ نمبر G9552 کے ذریعے کینیا سے پاکستان پہنچا تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق عبدالحمید کے پاسپورٹ پر کینیڈا کا جعلی ویزا چسپاں تھا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص گزشتہ ماہ کینیا گیا تھا اور وہاں سے ایک مقامی ایجنٹ کے ذریعے جعلی ویزا حاصل کیا۔ مسافر کی نیت پاکستان سے کینیڈا روانگی کی تھی جو جعلی ویزے کی بنیاد پر ممکن نہ ہو سکی۔

    حکام نے بتایا کہ ملزم کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے خلاف مزید قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • سیالکوٹ: گرمی کا قہر جاری، درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچ گیا

    سیالکوٹ: گرمی کا قہر جاری، درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچ گیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ اور گرد و نواح میں شدید گرمی کی لہر آج بھی برقرار رہی، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سیالکوٹ کینٹ میں واقع سرکاری موسمیاتی رصدگاہ نے 46 ڈگری سینٹی گریڈ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت نوٹ کیا۔

    نواحی علاقے چٹی شیخاں میں نصب ایک نجی موسمیاتی رصدگاہ کے مطابق ٹمپریچر 46.4 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک سے دو روز کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے، جس سے شہریوں کو شدید موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    ماہرین صحت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بزرگوں و بچوں کا خاص خیال رکھیں۔

  • سیالکوٹ: عیدالاضحیٰ پر گرینڈ صفائی آپریشن مکمل، 11 ہزار 857 میٹرک ٹن آلائشیں تلف

    سیالکوٹ: عیدالاضحیٰ پر گرینڈ صفائی آپریشن مکمل، 11 ہزار 857 میٹرک ٹن آلائشیں تلف

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ اور سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (SWMC) نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت گرینڈ صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے آپریشن کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق عید کے تینوں ایام کے دوران ضلع بھر سے مجموعی طور پر 11,857 میٹرک ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں، جنہیں ماحولیاتی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 7 مختلف ڈمپنگ سائیٹس پر محفوظ انداز میں تلف کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی کے باوجود صفائی عملے نے غیر معمولی محنت، جذبے اور فرض شناسی سے کام کیا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں میں 25 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے تاکہ شہریوں کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس گرینڈ صفائی آپریشن میں 4052 صفائی ورکرز اور 1191 گاڑیاں و مشینری شریک رہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ "ستھرا پنجاب” پلیٹ فارم پر موصول ہونے والی 1495 عوامی شکایات جبکہ اسپیشل برانچ کی 294 شکایات پر بھی فوری ردعمل دیا گیا اور ان کا بروقت ازالہ کیا گیا۔

    صفائی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ ان کی محنت قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے صفائی عملے کے لیے فی کس 10 ہزار روپے انعام کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ان کے حوصلے اور خدمات کے اعتراف کے طور پر اہم سنگ میل ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی سیالکوٹ میں صفائی اور شہری سہولیات کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے گا اور "ستھرا پنجاب” پروگرام کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: شوہر کی فائرنگ سے بیوی قتل، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ: شوہر کی فائرنگ سے بیوی قتل، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ کے نواحی علاقے بٹر گاؤں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شخص نے گھریلو جھگڑے کے دوران طیش میں آکر اپنی بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ مقتولہ کی شناخت ارم کے نام سے ہوئی ہے جو تین بچوں کی ماں تھی۔

    یہ واقعہ تھانہ صدر کی حدود میں پیش آیا۔ مقامی افراد کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کافی عرصے سے گھریلو ناچاقی چل رہی تھی۔ بدھ کی صبح معمولی تلخ کلامی نے شدت اختیار کی اور ملزم عمران نے طیش میں آ کر پستول سے فائرنگ کر دی، جس سے ارم موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔

    فائرنگ کی آواز سن کر اہل علاقہ جمع ہو گئے جنہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمران کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ گھریلو ناچاقی کا نتیجہ ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    مقتولہ کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کے ورثاء کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • سیالکوٹ: نہروں میں نہانے پر پابندی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 105 افراد گرفتار

    سیالکوٹ: نہروں میں نہانے پر پابندی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 105 افراد گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ پولیس نے عید تعطیلات کے دوران نہروں اور دریاؤں میں نہانے پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 105 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔ یہ کارروائیاں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات کے تحت عمل میں لائی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ پولیس کی جانب سے شہر بھر میں نہروں، دریاؤں اور دیگر آبی مقامات پر سخت نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں تھیں جنہوں نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر دفعہ 144 کا مذاق اڑانے والے افراد کو موقع پر گرفتار کیا۔ گرفتار افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی قیمتی جانوں کے تحفظ اور ڈوبنے جیسے مہلک حادثات کی روک تھام کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو نہروں یا دریاؤں میں نہانے سے سختی سے روکیں اور ان پر نظر رکھیں تاکہ کسی بھی افسوسناک واقعے سے بچا جا سکے۔

    سیالکوٹ پولیس نے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور قانون کی عملداری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔