Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: مسلم لیگ (ن) نے ہر مشکل وقت میں ملک کو سنبھالا،  چوہدری طارق سبحانی

    سیالکوٹ: مسلم لیگ (ن) نے ہر مشکل وقت میں ملک کو سنبھالا، چوہدری طارق سبحانی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی و رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہر مشکل دور میں ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے اور آج بھی مریم نواز شریف اپنے والد قائد محمد نواز شریف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے بہادری سے صوبہ پنجاب کی قیادت کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے تیسرے روز سیالکوٹ کینٹ میں اپنے ڈیرے "ریو ہاؤس” پر عید ملنے کے لیے آنے والے معززینِ علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    چوہدری طارق سبحانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف کی قیادت میں ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا گھر اور ڈیرہ اپنے حلقے کے عوام کے لیے ہر وقت کھلا ہے، اور ہم عوام کی محبتوں کے ہمیشہ مقروض رہیں گے۔ جہاں بھی عوام کو ہماری ضرورت محسوس ہو، ہم ان کے شانہ بشانہ موجود ہوں گے۔

    اس موقع پر سابق صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات چوہدری خوش اختر سبحانی مرحوم کے صاحبزادے بیرسٹر چوہدری جمیل سبحانی، ضلعی چیئرمین زکوٰۃ و عشر کمیٹی سیالکوٹ چوہدری عبدالرزاق، سابق چیئرمین یونین کونسل پراگ پور چوہدری محمد لطیف، چوہدری اکبر علی گل، چوہدری شہزاد گل، چوہدری نبی احمد فراز، ملک پرویز، مہر محمد نواز اور محمد نعیم طارق سمیت علاقہ معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

  • سیالکوٹ: ستھرا پنجاب مہم، عید کے تیسرے روز بھی 6 ہزار ٹن آلائشوں کی صفائی مکمل

    سیالکوٹ: ستھرا پنجاب مہم، عید کے تیسرے روز بھی 6 ہزار ٹن آلائشوں کی صفائی مکمل

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ستھرا پنجاب مہم، عید کے تیسرے روز بھی 6 ہزار ٹن آلائشوں کی صفائی مکمل

    تفصیل کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی کا خصوصی عمل عید کے تیسرے روز بھی پوری شدت سے جاری رہا۔ ضلع سیالکوٹ، سمبڑیال اور ڈسکہ میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اٹھا کر ڈمپنگ پوائنٹس تک منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ شہر کی گلیوں اور سڑکوں پر پانی اور عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کر کے ماحول کو صاف اور خوشبودار بنایا جا رہا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق چار ہزار سے زائد ورکرز اور 1100 سے زائد گاڑیاں صفائی کے اس عمل میں مصروف ہیں، جنہوں نے اب تک چھ ہزار ٹن سے زائد آلائشیں محفوظ مقامات پر منتقل کر دی ہیں۔ شہر بھر میں قائم کیمپوں پر چونے کے استعمال سے راستے مزین کیے گئے ہیں جبکہ ورکرز نے عید کے تینوں دن انتہائی ذمہ داری سے اپنے فرائض انجام دیے۔

    شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت پنجاب کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سال آلائشوں کی بروقت صفائی اور تعفن سے بچاؤ کے انتظامات قابلِ تحسین ہیں اور شہری صاف ستھرا ماحول میں عید منانے پر مطمئن نظر آئے۔

  • سیالکوٹ: عید پر نہروں میں نہانے سے روکنے کے لیے ریسکیو کی پیٹرولنگ

    سیالکوٹ: عید پر نہروں میں نہانے سے روکنے کے لیے ریسکیو کی پیٹرولنگ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض )عید پر نہروں میں نہانے سے روکنے کے لیے ریسکیو کی پیٹرولنگ، ڈوبنے کے واقعات میں کمی

    تفصیل کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران گرمی کی شدت کے باعث شہری بڑی تعداد میں نہروں اور دریاؤں کا رخ کرتے ہیں، جس سے ڈوبنے کے واقعات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ان حادثات سے بچاؤ کے لیے ریسکیو 1122 کے اہلکار سیکری ایمرجنسی سروسز کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر نگرانی مختلف مقامات پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

    ریسکیو ٹیموں کی جانب سے نہروں اور دریاؤں پر مسلسل پیٹرولنگ کی جا رہی ہے، جہاں نہانے والے افراد کو فوری طور پر باہر نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا جاتا ہے اور انہیں خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے سمجھایا جاتا ہے۔ ریسکیو 1122 کی اس بروقت اور مربوط حکمت عملی کے باعث ڈوبنے کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نہروں اور دریاؤں میں نہانے سے گریز کریں اور ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

  • سیالکوٹ میں نماز عید الاضحیٰ کے اوقات کا اعلان

    سیالکوٹ میں نماز عید الاضحیٰ کے اوقات کا اعلان

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ کی مختلف مساجد اور امام بارگاہوں میں عید الاضحیٰ کی نماز کے اوقات جاری کر دیے گئے ہیں۔ شہریوں کی سہولت کے لیے اہم مقامات پر نماز کے اوقات درج ذیل ہیں:

    گھوئینکی اور گرد و نواح:
    مرکزی جامع مسجد انوار مدینہ ملک آباد گھوئینکی: صبح 6:45 بجے۔
    جامع مسجد اہلحدیث ڈسکہ روڈ گھوئینکی: صبح 5:25 بجے۔
    جامع مسجد محلہ دھریکانوالہ گھوئینکی:صبح 6:30 بجے۔
    جامع مسجد مدرسہ تدریس القرآن گھوئینکی: صبح 6:00 بجے۔

    پورن نگر اور محمد پورہ:
    جامع مسجد دارالسلام پورن نگر گلی نمبر 4: صبح 7:30 بجے۔
    جامع مسجد حنفیہ قادریہ محلہ چاہ سپال پورن نگر: صبح 7:00 بجے۔
    جامع مسجد مکی محمد پورہ: صبح 6:30 بجے۔

    دعوت اسلامی اور امام بارگاہیں:
    مدنی مرکز دعوت اسلامی فیضان مدینہ: صبح 5:45 بجے۔
    مسجد زینبیہ امام بارگاہ مستری محمد عبداللہ: صبح 8:00 بجے۔
    امام بارگاہ در بتول اڈہ پسروریاں: صبح 8:00 بجے۔

    کینٹ اور قریبی علاقے:
    جامع مسجد عثمانیہ کینٹ: صبح 6:00 بجے۔
    جامع مسجد عسکری کالونی نمبر 2: صبح 6:15 بجے۔
    جناح ایفیشنسی گراؤنڈ کینٹ:صبح 5:45 بجے۔
    جامع مسجد غوثیہ وارڈ نمبر 6 کینٹ: صبح 6:15 بجے۔

    ماڈل ٹاؤن اور دیگر مقامات:
    مرکزی جامع مسجد ماڈل ٹاؤن اگوکی: صبح 7:00 بجے۔
    جامع مسجد بلال ماڈل ٹاؤن سیالکوٹ: صبح 5:45 بجے۔
    جامع مسجد عمر کشمیری محلہ: صبح 7:00 بجے۔
    جامع مسجد بلال ڈالووالی:صبح 7:00 بجے۔
    سٹی ہاؤسنگ ایکسپورٹ گراؤنڈ:صبح 5:15 بجے۔
    بریگیڈیئر کالونی خواجہ صفدر روڈ: صبح 6:30 بجے۔

    شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ عید کی نماز کے لیے بروقت پہنچیں اور امن و امان برقرار رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

  • سیالکوٹ: سرکاری صفائی گاڑی پر بکرے لوڈ، نالے گندگی سے بھرگئے، عوام کا احتجاج

    سیالکوٹ: سرکاری صفائی گاڑی پر بکرے لوڈ، نالے گندگی سے بھرگئے، عوام کا احتجاج

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی سیالکوٹ میں صفائی ستھرائی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ کچرا اٹھانے کے بجائے سرکاری لوڈر گاڑی پر قربانی کے بکرے لوڈ کر کے خریداروں کے گھروں تک پہنچا رہا ہے، جس کی ویڈیو کلپ بھی منظرعام پر آ چکی ہے۔

    یہ معاملہ صرف محکمے کی نااہلی نہیں بلکہ افسران کی مبینہ ملی بھگت کا شاخسانہ بھی ہے۔ گلی محلوں، چوکوں اور سڑکوں پر جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہیں، بڑے نالے اور نالیاں غلاظت سے اَٹی پڑی ہیں جبکہ سیوریج سسٹم بری طرح ناکارہ ہو چکا ہے۔ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، واٹر سپلائی کا نظام جگہ جگہ بند پڑا ہے اور متعلقہ عملہ صرف تنخواہیں لینے اور دیہاڑیاں لگانے میں مصروف دکھائی دیتا ہے۔

    عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی یہ حرکت نہ صرف عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا رہی ہے بلکہ صفائی کے بجٹ اور سرکاری وسائل کا بھی مذاق بنا دیا گیا ہے۔ عید کے اہم موقع پر جب صفائی کے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے، عملہ جانوروں کی نقل و حمل میں مصروف نظر آ رہا ہے۔

    عوام نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین بدانتظامی کا نوٹس لیا جائے اور جو افسران و اہلکار اس عمل میں ملوث پائے جائیں، ان کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے ملازمت سے برخاست کیا جائے۔

  • سیالکوٹ: فیملی کے سامنے شہری پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل، ایک ملزم گرفتار

    سیالکوٹ: فیملی کے سامنے شہری پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل، ایک ملزم گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)کراچی کے بعد اب سیالکوٹ میں بھی ایک شہری پر اس کی فیملی کے سامنے تشدد کا لرزہ خیز واقعہ سامنے آ گیا۔ سرکلر روڈ پر ایک الیکٹرانکس کمپنی کے ریکوری ایجنٹ نے قسط کی ادائیگی میں تاخیر پر نوجوان کو راستے میں روک کر سرعام بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ نوجوان کے ساتھ موجود خواتین چیختی چلاتی رہیں، لیکن درندگی کی انتہا کرنے والے ریکوری ایجنٹ اور اس کے ساتھیوں نے ایک لمحے کو بھی رحم نہ کیا۔

    واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی طارق محمود ڈھڈی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم حسیب کو کشمیری محلہ سے گرفتار کر لیا، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر تین ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ متاثرہ شہری کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا اور ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ پولیس مظلوم شہری کی ہر ممکن مدد کرے گی تاکہ معاشرے میں قانون کی بالادستی قائم رہے۔

  • سیالکوٹ: عیدالاضحیٰ پر صفائی، 4500 ملازمین کی ڈیوٹی، 25 عارضی کلیکشن پوائنٹس قائم

    سیالکوٹ: عیدالاضحیٰ پر صفائی، 4500 ملازمین کی ڈیوٹی، 25 عارضی کلیکشن پوائنٹس قائم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے اعلان کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی (SWMC) کے 4500 ملازمین کو خصوصی ڈیوٹی پر تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام مقامی حکام اور متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ عید کے دنوں میں صفائی کے عمل میں کوئی خلل نہ آئے۔

    ڈی سی صبا اصغر علی کے مطابق، ضلع بھر میں 25 عارضی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں آلائشیں جمع کی جائیں گی۔ 1100 سالڈ ویسٹ کمپنی کی گاڑیاں اس مہم میں حصہ لیں گی جبکہ اضافی طور پر 600 گاڑیاں کرائے پر حاصل کی گئی ہیں۔ عید کے دنوں میں ڈور ٹو ڈور کلیکشن کا نظام فعال ہوگا تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

    عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ساڑھے چار لاکھ ویسٹ بیگز شہریوں میں مفت تقسیم کیے جائیں گے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آلائشیں ان ویسٹ بیگز میں ڈال کر مقررہ عملے کے حوالے کریں تاکہ شہر میں گندگی اور تعفن سے بچا جا سکے۔

    سری پائے جلانے پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ڈی سی سیالکوٹ نے مزید بتایا کہ شکایات کے فوری ازالے کے لیے 1139 ہیلپ لائن 24 گھنٹے فعال رہے گی اور شہریوں کی شکایات روزانہ کی بنیاد پر نمٹائی جائیں گی۔ چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز صفائی آپریشن کی خود نگرانی کریں گے تاکہ کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔

  • سیالکوٹ: ٹینری زون ڈائریکٹرز کا اجلاس، پلاٹس پر تعمیر نہ کرنے والے مالکان کیلئے وارننگ جاری

    سیالکوٹ: ٹینری زون ڈائریکٹرز کا اجلاس، پلاٹس پر تعمیر نہ کرنے والے مالکان کیلئے وارننگ جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ٹینری زون ڈائریکٹرز کا اجلاس، پلاٹس پر تعمیر نہ کرنے والے مالکان کیلئے وارننگ جاری،تعمیراتی منصوبوں کی منظوری، زون سے باہر قائم ٹینریوں کو بند کرنے کا عندیہ

    سیالکوٹ ٹینری زون کے ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین سرفراز احمد بھٹی نے کی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو چوہدری احمد ذوالفقار حیات، ڈاکٹر اسلم ڈار اور پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد عاطف نے شرکت کی اور مختلف امور پر خطاب کیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سرفراز احمد بھٹی نے کہا کہ حکومت پنجاب، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، صدر چیمبر آف کامرس اکرام الحق اور عوامی نمائندے ٹینری زون کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹینری مالکان زون میں عمارتوں کی تعمیر میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، جو خوش آئند امر ہے۔

    انہوں نے سختی سے متنبہ کیا کہ جو مالکان اپنے الاٹ شدہ پلاٹس پر تعمیراتی کام میں تاخیر کر رہے ہیں، وہ فوری طور پر کام شروع کریں، بصورت دیگر حکومت پنجاب زون سے باہر قائم تمام غیر منتقل شدہ ٹینریوں کو بند کر دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹینری زون کی جلد تکمیل اور فعال حیثیت حاصل کرنے کے لیے وقت پر تعمیرات ناگزیر ہیں۔

    اجلاس میں ٹینری زون میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ منظوری بھی دی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹرز شیخ سعید ناصر، کرنل (ر) احتشام گیلانی، شہزادہ سید ابن اقبال سمیت دیگر ڈائریکٹرز اور سٹاف ممبران بھی شریک تھے۔

    اجلاس میں زون کی مجموعی ترقی، ماحولیاتی ضوابط کی پاسداری اور صنعتوں کی بروقت منتقلی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، تاکہ سیالکوٹ کی چمڑا صنعت عالمی معیار پر لائی جا سکے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: جی سی ویمن یونیورسٹی میں فائنل ڈگری شو، تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ

    سیالکوٹ: جی سی ویمن یونیورسٹی میں فائنل ڈگری شو، تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) جی سی ویمن یونیورسٹی میں فائنل ڈگری شو، تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ،ڈپٹی کمشنر صبا اصغر کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت، طالبات کے کام کو سراہا گیا

    گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں شعبہ فائن آرٹس اینڈ ٹیکسٹائل ڈیزائن کا سالانہ فائنل ڈگری شو بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں طالبات نے اپنی فنی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔

    تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محترمہ صبا اصغر علی تھیں، جنہوں نے طالبات کے فن پاروں کا معائنہ کیا اور اُن کی تخلیقی سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی طالبات میں بین الاقوامی معیار کی مہارت اور وژن موجود ہے، جو خوش آئند ہے۔

    ٹیکسٹائل ڈیزائن کی طالبات نے کپڑوں پر قدیم و جدید طرز کے امتزاج سے متاثرکن ڈیزائن پیش کیے، جبکہ فائن آرٹس کی طالبات نے کینوس پر رنگوں سے ایسی تخلیقات تخلیق کیں جنہوں نے شرکاء کو متاثر کیے بغیر نہ چھوڑا۔ شو میں جدت، ثقافت اور تخیل کی حسین جھلک نمایاں تھی۔

    وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے اس موقع پر چئیرپرسن رضا رحمان، فیکلٹی ممبران اور طالبات کی محنت کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی فنی شعبوں میں طالبات کو مستقبل میں بھی تمام تر سہولیات مہیا کرے گی تاکہ وہ اپنے فن کو مزید نکھار سکیں۔

    یہ ڈگری شو طالبات کی لگن، تخلیقی ذوق اور فنی استعداد کا عکاس تھا جو شرکاء کے لیے ایک یادگار تجربہ بن کر ابھرا۔

  • سیالکوٹ: ریسکیو 1122 کا عیدالاضحیٰ ایمرجنسی کوریج پلان جاری

    سیالکوٹ: ریسکیو 1122 کا عیدالاضحیٰ ایمرجنسی کوریج پلان جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، مدثر رتو) ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایمرجنسی کوریج پلان جاری کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کے مطابق چاند رات، عید کے اجتماعات اور مویشی منڈیوں میں میڈیکل کوریج فراہم کی جائے گی، جبکہ تمام ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کر کے عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    عید کے دنوں میں ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور موٹربائیک ایمبولینسز کے ساتھ اہم مقامات پر میڈیکل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ مون سون کے پیش نظر بھی ریسکیو ٹیمیں مکمل الرٹ پر ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ نہروں یا دریاؤں میں نہانے سے گریز کریں، خلاف ورزی پر دفعہ 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ کسی بھی ہنگامی صورت میں ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر فوری رابطہ کریں۔