Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: عدالت کا بڑا فیصلہ،بھائی کے قاتل کو سزائے موت کا حکم

    سیالکوٹ: عدالت کا بڑا فیصلہ،بھائی کے قاتل کو سزائے موت کا حکم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) تھانہ کوتوالی کے علاقے وزیر پورہ میں وراثتی جائیداد کے تنازع پر سگے بھائی کو چھریوں کے وار سے بے رحمی سے قتل کرنے والے مجرم ٹیپو تنویر کو عدالت نے سزائے موت اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد فاروق کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی۔

    یہ اندوہناک واقعہ ایک سال قبل پیش آیا جب گھریلو جھگڑے کے دوران ملزم نے اپنے بھائی محسن تنویر کو قتل کر دیا جبکہ ان کا بھانجا تیمور پاشا بھی زخمی ہوا۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 693/23 بجرم 302/324/34 ت پ تھانہ کوتوالی میں درج کیا گیا۔

    سب انسپکٹر جہانزیب احمد خان نے پیشہ ورانہ مہارت، قانونی تقاضوں اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں کیس کی مکمل اور مؤثر تفتیش کی۔ عدالت میں مضبوط دلائل کی بدولت ملزم کو سزا سنائی گئی۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کہا ہے کہ مظلوم کو بروقت انصاف کی فراہمی اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ سیالکوٹ پولیس پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے جرائم کے خلاف بھرپور طریقے سے سرگرم عمل ہے۔

  • سیالکوٹ: پی ٹی آئی تنظیمی امور بہتر بنانے کے لیے ڈار برادران کو ذمہ داریاں تفویض، ریحانہ ڈار

    سیالکوٹ: پی ٹی آئی تنظیمی امور بہتر بنانے کے لیے ڈار برادران کو ذمہ داریاں تفویض، ریحانہ ڈار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور ٹکٹ ہولڈر ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان کے چاہنے والوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ ہمارا لیڈر سرخرو ہو چکا ہے۔ انہوں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی ناانصافی کی قید نے انہیں فولاد کی طرح مضبوط بنا دیا ہے اور اب سیاسی مخالفین ان کے سامنے بونے لگتے ہیں۔

    ریحانہ امتیاز ڈار نے بتایا کہ عمران خان نے سیالکوٹ میں پارٹی کے تنظیمی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے ڈار برادران کو ذمہ داریاں دی ہیں۔ عثمان ڈار کو تنظیمی امور کی نگرانی سمیت مزید فعال بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس حوالے سے شبلی فراز کو بھی خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ خالد خورشید خان اور عثمان ڈار کے ساتھ مل کر سیالکوٹ کا تنظیمی ڈھانچہ مضبوط کریں۔

    ریحانہ امتیاز نے عمران خان کو ان کی ناانصافی کے باوجود حق و سچ پر ڈٹے رہنے پر خراج تحسین پیش کیا اور انہیں پی ٹی آئی کے رنگوں والی خصوصی تسبیح بطور تحفہ دی، جسے عمران خان نے خوشی سے قبول کیا۔

  • سیالکوٹ: پانچ وارداتوں میں شہریوں سے نقدی، موبائل فون اور قیمتی سامان لوٹ لیا گیا

    سیالکوٹ: پانچ وارداتوں میں شہریوں سے نقدی، موبائل فون اور قیمتی سامان لوٹ لیا گیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ میں ڈکیتی اور چوری کی پانچ مختلف وارداتوں میں شہری ہزاروں روپے نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان سے محروم ہو گئے۔ پولیس نے تمام واقعات پر مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سرانوالی میں محمد عمران کے گھر میں چور داخل ہو کر 22 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون لے اڑے جب کہ اسی علاقے میں ایک اور واردات میں نامعلوم چور آصف نواز کے گھر کی دیوار پھلانگ کر 10 ہزار روپے، تین موبائل فون اور دیگر سامان چرا کر فرار ہو گئے۔

    کوٹلی نوشہرہ کے قریب دو نامعلوم ملزمان نے محمد آشان سے اسلحہ کے زور پر 30 ہزار روپے نقدی اور دو موبائل فون چھین لیے۔ اسی طرح ڈسکہ سے قاسم ذوالفقار جب ستو کے پلی کے قریب پہنچا تو تین مسلح ملزمان نے اس سے 3600 روپے اور موبائل فون چھین لیا۔

    بہاری پور کے قریب بھی دو نامعلوم افراد نے گل افشاں کو اسلحے کے زور پر روک کر 50 ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا۔ پولیس نے تمام وارداتوں پر علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر لیے ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

  • سیالکوٹ: دودھ کی قلت تشویشناک، کسانوں کی فلاح حکومت کی ترجیح ہے، ارمغان سبحانی

    سیالکوٹ: دودھ کی قلت تشویشناک، کسانوں کی فلاح حکومت کی ترجیح ہے، ارمغان سبحانی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و ترقی چوہدری ارمغان سبحانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے جو اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔ وہ سیالکوٹ میں محکمہ لائیو اسٹاک کے ضلعی پیرا ویٹرنری عملے کو موٹر سائیکلیں دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں خوراک اور گوشت کی ضروریات تو پوری کی جا رہی ہیں لیکن دودھ کی کمی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، جسے حل کرنے کے لیے مزید محنت اور اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک کو اب بھی بڑی مقدار میں خشک دودھ درآمد کرنا پڑ رہا ہے۔

    ارمغان سبحانی نے کہا کہ وہ خود کسان کے بیٹے ہیں اور انہیں اس پر فخر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں وفاق اور پنجاب حکومتیں کسانوں کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہیں اور لائیو اسٹاک کے عملے کو دن رات محنت کر کے اس ترقی کا حصہ بننا چاہیے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کے خلاف ایک گھنٹے میں لڑی گئی کامیاب جنگ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور یہ ہمارے بچوں کو درسی کتابوں میں بھی پڑھائی جائے گی۔

    تقریب کے اختتام پر وزیر مملکت نے 70 ویٹرنری ڈاکٹرز کو موٹر سائیکلوں کی چابیاں دیں جبکہ تحصیل سطح پر جانوروں کی تولیدی صحت جانچنے کے لیے فراہم کردہ الٹرا ساؤنڈ مشین کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ریجنل و ضلعی افسران، ڈاکٹرز، اور یونین نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

  • رومانیہ کے سفیر کا سیالکوٹ چیمبر کا دورہ، دو طرفہ تجارت کے فروغ پر زور

    رومانیہ کے سفیر کا سیالکوٹ چیمبر کا دورہ، دو طرفہ تجارت کے فروغ پر زور

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض )رومانیہ کے سفیر کا سیالکوٹ چیمبر کا دورہ، دو طرفہ تجارت کے فروغ پر زور

    پاکستان میں تعینات رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوینسکو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر وسیم شہباز لودھی اور ایگزیکٹو باڈی ممبران نے معزز مہمانوں کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ اجلاس میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبہ جات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    ڈاکٹر ڈین اسٹوینسکو نے کہا کہ سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات رومانیہ میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں، بالخصوص فٹ بال کے شعبے میں سیالکوٹ کا کوئی ثانی نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ رومانیہ اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے وہ تاجروں کو آپس میں جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

    رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ زراعت، توانائی، آئی ٹی، کاسمیٹکس اور ٹیکسٹائل جیسے اہم شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے پھیلائے گئے منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے ایک محفوظ اور پرکشش منڈی ہے۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ سیالکوٹ میں رومانیہ کا ایک دفتر جلد قائم کیا جائے گا، جہاں مقامی تاجروں کو تمام تجارتی معلومات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سیاحت کے فروغ اور خواتین کے لیے رومانیہ میں کاسمیٹکس و ٹیکسٹائل کے شعبوں میں ترقی کے امکانات کا بھی ذکر کیا۔

    ڈاکٹر ڈین اسٹوینسکو نے کہا کہ سیالکوٹ کا باسمتی چاول رومانیہ میں انتہائی مقبول ہے اور پاکستانی زرعی مصنوعات کے لیے وہاں وسیع مواقع موجود ہیں۔

    سینئر نائب صدر وسیم شہباز لودھی نے اس موقع پر کہا کہ رومانیہ کی مارکیٹ میں سیالکوٹ کی مصنوعات کی کھپت بڑھانے کے لیے بی ٹو بی تعلقات، جوائنٹ وینچرز، تجارتی وفود کے تبادلے، سنگل کنٹری نمائشوں، ویئر ہاؤسز کی تعمیر اور مفاہمتی یادداشتوں پر کام ناگزیر ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کے تیار کردہ کھیلوں کے سامان، سرجیکل و کاسمیٹک آلات، چمڑے کے ملبوسات، سپورٹس شوز، آلات موسیقی اور دیگر اشیاء معیار اور پائیداری میں بین الاقوامی برانڈز کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

    یہ دورہ پاکستان اور رومانیہ کے مابین اقتصادی و تجارتی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔

  • ڈسکہ: انجمن خدمتِ خلق کا اجلاس، ہسپتال میں UPS اور شہر میں سڑکوں کی تعمیر کا مطالبہ

    ڈسکہ: انجمن خدمتِ خلق کا اجلاس، ہسپتال میں UPS اور شہر میں سڑکوں کی تعمیر کا مطالبہ

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) انجمن خدمتِ خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کا 753واں ماہانہ اجلاس زچہ بچہ ہسپتال ڈسکہ میں زیر صدارت میاں سعید احمد صراف منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عبدالغفار نے حاصل کی، جب کہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ انوار احمد سیال نے پیش کی۔

    جنرل سیکرٹری محمد انور مغل نے مارچ 2025 کے اجلاس کی کاروائی پیش کی، جسے باقاعدہ توثیق دے دی گئی۔ فنانس سیکرٹری انور احمد سیال نے ماہ مارچ کے مالی گوشوارے پیش کیے جنہیں بحث کے بعد منظور کر لیا گیا۔ شعبہ نشرو اشاعت کی رپورٹ شاہنواز مغل نے پیش کی، جبکہ اجلاس کے دوران سیکرٹری نشرو اشاعت سہیل سلمان ٹھروہی بھی تشریف لائے۔

    اجلاس میں زچہ بچہ ہسپتال میں جاری لوڈشیڈنگ کے باعث UPS لگانے کے مسئلے پر غور و خوض کیا گیا۔ ممبران نے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری حل کا مطالبہ کیا تاکہ مریضوں کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔

    شرکائے اجلاس نے انتظامیہ ڈسکہ سے مطالبہ کیا کہ شہر میں سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کی تعمیراتی سرگرمیوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ان کاموں کی سست روی کی وجہ سے شہر میں گرد و غبار کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے جس سے دکاندار اور شہری ناک، گلے اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

    اجلاس کا اختتام حافظ عبدالغفار کی دعا اور میزبان کی طرف سے پرتکلف تواضع کے ساتھ کیا گیا۔

  • سیالکوٹ: کار سے مرد و خاتون کی برہنہ لاشیں برآمد

    سیالکوٹ: کار سے مرد و خاتون کی برہنہ لاشیں برآمد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) کوٹلی لوہاراں کے علاقے مغربی محلہ بلووال روڈ پر کھڑی ایک کار سے مرد و خاتون کی برہنہ لاشیں برآمد ہونے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی ایس ایچ او پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔

    پولیس کے مطابق مشتبہ گاڑی سوزوکی سوفٹ (برنگ گرے) ہے جس کا نمبر LHA 8348 ہے۔ دونوں لاشیں کار کی پچھلی سیٹ سے برآمد ہوئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک لاش مرد جبکہ دوسری عورت کی ہے، تاہم تاحال ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ واقعے کی نوعیت اور محرکات جاننے کے لیے فرانزک رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اصل حقائق جلد سامنے لائے جائیں اور اگر یہ قتل کا واقعہ ہے تو ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

  • سیالکوٹ: جنرل سید عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی قوم کے اعتماد کا مظہر ہے،ندیم ظفر

    سیالکوٹ: جنرل سید عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی قوم کے اعتماد کا مظہر ہے،ندیم ظفر

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) معروف قانون دان میاں محمد ندیم ظفر ایڈووکیٹ نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ترقی ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عسکری قیادت کا واضح اعتراف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر کا فیلڈ مارشل بننا نہ صرف پاک فوج بلکہ پوری قوم کا اعزاز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی غرور کو خاک میں ملایا اور دشمن کو تاریخی منہ توڑ جواب دے کر اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا عملی ثبوت دیا۔ آپریشن "بنیان مرصوص” کے دوران ان کی بے مثال عسکری بصیرت، جراتمندانہ قیادت اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری نے قوم کے دل جیت لیے۔

    میاں محمد ندیم ظفر ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز صرف ایک عسکری مرتبہ نہیں بلکہ یہ پوری قوم کی جانب سے ان کے لیے اعتماد، عقیدت اور محبت کا اظہار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت پاکستان کے لیے مشعلِ راہ ہے اور دنیا کے لیے یہ پیغام ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کے لیے ہر میدان میں پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر جیسے سپہ سالار قوم کا فخر ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا۔

  • سیالکوٹ: پاکستان کی ترقی کے لیے ہنرمند نوجوانوں کی تیاری ناگزیر ہے، راحیلہ اشرف

    سیالکوٹ: پاکستان کی ترقی کے لیے ہنرمند نوجوانوں کی تیاری ناگزیر ہے، راحیلہ اشرف

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) دیا ویلفیئر آرگنائزیشن کی سینئر نائب صدر راحیلہ اشرف نے کہا ہے کہ ہنرمند افراد کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اپنے فن اور مہارت کے ذریعے یہ افراد نہ صرف اپنی ذات بلکہ اپنی قوم کو بھی ترقی کے راستے پر گامزن کرتے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بات تنظیم کی جانب سے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے مفت کمپیوٹر اور سی این اے کورسز کی کلاسز کے آغاز کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    راحیلہ اشرف کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی حقیقی ترقی اس وقت ممکن ہوتی ہے جب اس کے پاس مہارت یافتہ افراد کی ایک متوازن اور مؤثر تعداد موجود ہو۔ انہوں نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین نے گزشتہ ستر برسوں میں جو ترقی کی منازل طے کیں، اس میں ان کے ہنرمند طبقے کا کلیدی کردار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم و تربیت کی افادیت اور اہمیت ایک مسلمہ حقیقت ہے، اور تاریخ گواہ ہے کہ وہی قومیں ترقی کی بلندیاں چھو پاتی ہیں جنہوں نے ہنر کو فروغ دیا۔ پاکستان اس وقت بے روزگاری سمیت کئی بڑے چیلنجز سے دوچار ہے، مگر اگر نوجوانوں کو فنی مہارتیں سکھائی جائیں، انہیں درست سمت میں رہنمائی فراہم کی جائے تو یہ ملک کی معیشت کو سنبھالا دینے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

    راحیلہ اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کے باوجود نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد روزگار سے محروم ہے، لیکن اگر انہیں عملی زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر سکھائے جائیں تو نہ صرف ان کا مستقبل روشن ہوگا بلکہ ملک کی مجموعی ترقی کا سفر بھی تیز تر ہو سکتا ہے۔

  • سیالکوٹ: سابق ایم پی اے چوہدری محمد اکرام سپرد خاک، بیٹے  نماز جنازہ پڑھائی

    سیالکوٹ: سابق ایم پی اے چوہدری محمد اکرام سپرد خاک، بیٹے نماز جنازہ پڑھائی

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرمدثررتو) سابق ایم پی اے چوہدری محمد اکرام سپرد خاک، بیٹے چوہدری فیصل اکرام نے خود نماز جنازہ پڑھائی

    سیالکوٹ میں سابق ایم پی اے چوہدری محمد اکرام کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی، مذہبی، اور عوامی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چوہدری محمد اکرام، موجودہ ایم پی اے چوہدری فیصل اکرام کے والد محترم تھے۔

    اہم اور قابل ذکر پہلو یہ رہا کہ چوہدری فیصل اکرام نے اپنے والد محترم کی نماز جنازہ خود پڑھائی، جو نہ صرف ایک دینی و روحانی فریضہ ہے بلکہ والدین کے حقوق کی ادائیگی اور اولاد کے لیے باعثِ فخر عمل بھی سمجھا جاتا ہے۔ مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ شاید سیالکوٹ کی سیاسی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی ایم پی اے نے اپنے والد کا جنازہ خود پڑھایا ہو۔

    شرکاء نے چوہدری محمد اکرام کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور چوہدری فیصل اکرام کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطا کرے۔ آمین۔