Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: پی پی 52 میں پی ٹی آئی امیدوار کی کامیابی یقینی ہے، ریحانہ امتیاز ڈار

    سیالکوٹ: پی پی 52 میں پی ٹی آئی امیدوار کی کامیابی یقینی ہے، ریحانہ امتیاز ڈار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و ٹکٹ ہولڈر ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ پی پی 52 کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار فاخر نشاط گھمن کی کامیابی یقینی ہوچکی ہے اور یکم جون کو پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے فتح حاصل کرے گی۔ انہوں نے یہ بات سمبڑیال میں جاری ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    ریحانہ امتیاز ڈار کا کہنا تھا کہ عوام کی جانب سے جس جوش و خروش سے استقبال کیا جا رہا ہے، وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام آج بھی عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر قائم تمام مقدمات جھوٹ پر مبنی ہیں اور بالآخر عدالتوں کو انہیں باعزت بری کرنا پڑے گا۔

    انہوں نے زور دے کر کہا کہ موجودہ ملکی حالات کسی قسم کی سیاسی کشیدگی کے متحمل نہیں ہو سکتے، لہٰذا حکمران طبقہ اپنی بقا کیلئے ملک میں بیگاڑ پیدا کرنے کی بجائے سیاسی رواداری کو فروغ دے۔

    اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر چوہدری امجد علی باجوہ سمیت بڑی تعداد میں کارکنان بھی موجود تھے۔ ریحانہ امتیاز ڈار نے مزید کہا کہ جب تک پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں پر قائم جھوٹے مقدمات کا خاتمہ نہیں کیا جاتا، ملک میں جمہوری کلچر کا فروغ ممکن نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت ایک جانب قومی اتحاد اور سیاسی استحکام کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو روزانہ کی بنیاد پر انتقامی کارروائیوں، جبر اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس کے باوجود عمران خان نے ہمیشہ پرامن سیاسی جدوجہد کا درس دیا اور ریاستی مفادات کو اولین ترجیح دی۔

  • سیالکوٹ: الشیخ جناح میموریل ہسپتال میں دو روزہ فری میڈیکل کیمپ

    سیالکوٹ: الشیخ جناح میموریل ہسپتال میں دو روزہ فری میڈیکل کیمپ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) مہنگائی کے موجودہ دور میں دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت الشیخ جناح میموریل (ویلفیئر) ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کی جانب سے 19 اور 20 مئی 2025 کو ایک عظیم الشان فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً 4500 مریضوں کو مفت طبی معائنہ، ادویات، اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں۔

    کیمپ میں شوگر، کولیسٹرول، دل کے امراض اور بی ایم ڈی کے مفت ٹیسٹ فراہم کیے گئے، جبکہ ایکسرے، الٹرا ساؤنڈ اور لیبارٹری ٹیسٹوں پر 50 فیصد رعایت دی گئی۔ کیمپ کے دوران جن مریضوں کو سرجری یا سرجیکل پروسیجر کی ضرورت تشخیص کی گئی، انہیں آئندہ پندرہ روز کے اندر ہسپتال میں 50 فیصد خصوصی رعایتی پیکج پر آپریشن کی سہولت دی جائے گی۔

    اس موقع پر انجمن شیخاں (رجسٹرڈ) کے صدر شیخ محمد اشرف حیدر نے افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد صرف عام انسانوں کی خدمت اور غریبوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الشیخ ہسپتال کا مکمل کنسلٹنٹ و سپیشلسٹ عملہ ہمہ وقت مریضوں کی خدمت میں مصروف ہے۔

    تقریب میں ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر طارق محمود چودھری، ایڈمنسٹریٹر محمد یوسف کھوکھر، محمد عرفان، شیخ محمد افتخار، حکیم شیخ محمد عبدالواحد، شیخ جاوید حیدر، شیخ امجد عزیز، شیخ سعید ناصر، شیخ عاطف عبدالرحمان، شیخ محمد اسلم، ڈاکٹر عاف شیخ اور شیخ بلال کپور سمیت متعدد شخصیات شریک ہوئیں۔

  • ڈسکہ: تنظیم الااخوان کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع

    ڈسکہ: تنظیم الااخوان کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ تنظیم الااخوان ضلع سیالکوٹ کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع دارالعرفان ڈسکہ مرکز میں منعقد ہوا، جس میں خواتین سمیت ضلع بھر سے سالکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    اجتماع سے تنظیم الااخوان پاکستان کے سربراہ شیخ سلسلہ امیر عبدالقدیر اعوان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا، جبکہ صاحبِ مجاز عبدالحمید چھینہ ایڈووکیٹ نے نئے آنے والے شرکاء کو طریقۂ ذکر سکھایا اور ان کی رہنمائی کی۔

    اجتماع کے اختتام پر ملکی ترقی، سلامتی، امت مسلمہ کی فلاح اور عوامی استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جب کہ تمام سالکین کی لنگر سے تواضع کی گئی۔ اجتماع میں روحانی سکون اور اتحادِ ملت کے جذبے کو اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔

  • ڈسکہ: نوشین افتخار کی یومِ تشکر ریلی، پاک فوج کو خراجِ تحسین، ریلی کے اختتام پر آتشبازی

    ڈسکہ: نوشین افتخار کی یومِ تشکر ریلی، پاک فوج کو خراجِ تحسین، ریلی کے اختتام پر آتشبازی

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) یومِ تشکر کے موقع پر حلقہ این اے 73 سے رکن قومی اسمبلی محترمہ سیدہ نوشین افتخار کی قیادت میں نکالی گئی ریلی جب یونس آباد پہنچی تو سابق کونسلر مرزا عرفان علی نے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ ان کا شاندار استقبال کیا۔ ریلی ایک بڑے جلوس کی صورت اختیار کرتے ہوئے میلاد چوک پہنچی جہاں شرکاء نے جوش و خروش سے شرکت کی۔

    میلاد چوک میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے نوشین افتخار نے کہا کہ پاک فوج نے حالیہ کامیاب آپریشن "بنیان مرصوص” کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے قرآن کریم سے مکمل رہنمائی حاصل کی، اور حضور خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جنگی حکمت عملی کو سامنے رکھتے ہوئے دشمن پر کاری ضرب لگائی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اکبر کا نعرہ بلند کرتے ہوئے پاک فوج نے اپنے سے کئی گنا زیادہ طاقتور دشمن سے ٹکرا کر فتح و نصرت کا پرچم بلند کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عالمی میڈیا نے بھی پاک فوج کی صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہوئے مختلف القابات سے یاد کیا، کسی نے "فضاؤں کا بادشاہ”، کسی نے "آسمان کا سلطان” اور کسی نے "دنیا کی مضبوط ترین افواج” جیسے خطابات دیے۔ نوشین افتخار نے کہا کہ اگر پوری قوم "قومِ رسولِ ہاشمی” بن کر میدان میں اُترے تو کامیابی ہمارا مقدر بنے گی۔ انہوں نے ایک شاعر کا شعر پڑھتے ہوئے کہا:
    "میرے ہاتھ میں تھا جب تک میرے مصطفیٰ کا دامن، میرے پاؤں چومتی تھی یہ گردشِ زمانہ”

    ریلی کے اختتام پر شاندار آتشبازی کی گئی جس سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور فضا "پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اُٹھی۔

  • سیالکوٹ: ٹیکس بار کے نئے سیکرٹری چوہدری شیراز اسلم کو مبارکباد، وکلا کا نیک خواہشات کا اظہار

    سیالکوٹ: ٹیکس بار کے نئے سیکرٹری چوہدری شیراز اسلم کو مبارکباد، وکلا کا نیک خواہشات کا اظہار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ ٹیکس بار کے نو منتخب سیکرٹری چوہدری شیراز اسلم ایڈووکیٹ کو ممتاز قانون دان ایم. سفیر علی بٹ ایڈووکیٹ اور ان کے ہمراہ آنے والے وکلا وفد نے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس وفد میں معروف وکلا چوہدری شہزاد محمد خالد ایڈووکیٹ، زمرد گھمن اور چوہدری ابرار سلہریا شامل تھے۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم. سفیر علی بٹ ایڈووکیٹ نے کہا کہ "سیالکوٹ ٹیکس بار کو ایک فعال اور پرعزم قیادت کی ضرورت تھی جو ہمیں نئے سیکرٹری چوہدری شیراز اسلم ایڈووکیٹ میں نظر آتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ان کی قیادت میں بار کے معاملات میں بہتری آئے گی۔”

    چوہدری شہزاد محمد خالد ایڈووکیٹ نے کہا کہ نئی قیادت کے ساتھ ہم سب مل کر وکلا کے مسائل حل کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم رہیں گے۔

    نو منتخب سیکرٹری چوہدری شیراز اسلم ایڈووکیٹ نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام وکلا کے ساتھ مل کر ٹیکس بار کو مؤثر اور مضبوط ادارہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے وکلا کی سہولیات اور مسائل کے حل کو اپنی ترجیح قرار دیا۔

    تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے نئے سیکرٹری کی کامیابی اور ٹیکس بار کی ترقی کے لیے دعا کی۔

  • سیالکوٹ: نہر اپر چناب میں نہاتے ہوئے دو نوجوان  ڈوب گئے

    سیالکوٹ: نہر اپر چناب میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب گئے

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) نہر اپر چناب میں نہاتے ہوئے دو نوجوان دوست ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ افسوسناک واقعہ تھانہ ہیڈ مرالہ کی حدود میں واقع گاؤں راول ککر کے قریب پیش آیا، جہاں 20 سالہ اذان اور 23 سالہ شہباز نہاتے ہوئے گہرے پانی کی لپیٹ میں آ کر ڈوب گئے۔ دونوں نوجوان قریبی گاؤں چک ہڑو کے رہائشی تھے اور آپس میں گہرے دوست بتائے جاتے ہیں۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کی تلاش کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا گیا۔ تاحال دونوں نوجوانوں کی لاشیں نہ مل سکیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے اور اہل علاقہ بڑی تعداد میں نہر کنارے موجود ہیں۔

    متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے ریسکیو آپریشن میں تیزی لائیں تاکہ بچوں کی لاشیں جلد از جلد نکالی جا سکیں۔

  • سیالکوٹ: ڈی ایس پی سجاد باجوہ سمبڑیال و ڈسکہ تعینات، میرٹ و انصاف اولین ترجیح

    سیالکوٹ: ڈی ایس پی سجاد باجوہ سمبڑیال و ڈسکہ تعینات، میرٹ و انصاف اولین ترجیح

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرمدثر رتو) ڈی ایس پی سجاد باجوہ سمبڑیال و ڈسکہ تعینات، میرٹ و انصاف اولین ترجیح

    ڈی ایس پی محمد سجاد باجوہ کو انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے سمبڑیال سرکل کا ڈی ایس پی تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ وہ اس وقت ڈسکہ سرکل کا اضافی چارج بھی سنبھالے ہوئے ہیں۔ ڈی ایس پی محمد سجاد باجوہ اپنی خوش اخلاقی، میرٹ پسندی اور سفارشی کلچر کے خلاف دوٹوک مؤقف کے باعث ڈیپارٹمنٹ میں بہترین شہرت کے حامل ہیں۔

    ایک خصوصی ملاقات میں ڈی ایس پی سجاد باجوہ نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی صورت سفارش یا دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور بلا تفریق انصاف کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور دوران گشت، ناکہ بندی یا دیگر معاملات میں ہر فرد کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے گا۔

    انہوں نے پولیس ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ فرائض کی ادائیگی میں دیانت داری اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں احتسابی عمل سے کارکردگی بہتر ہوتی ہے اور غفلت یا کرپشن کے مرتکب ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ دیگر ملازمین بھی سبق حاصل کریں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی ہدایات پر منشیات، اشتہاری مجرموں اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    ڈی ایس پی محمد سجاد باجوہ نے کہا کہ عوامی خدمت میں ہی پولیس کی کامیابی اور عزت پوشیدہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا دفتر عوام کے لیے 24 گھنٹے کھلا ہے اور ہر شہری کے مسئلے کو سنجیدگی سے سنا جائے گا۔

    سول سوسائٹی، سماجی حلقوں اور صحافی برادری نے ڈی ایس پی محمد سجاد باجوہ کی عوام دوست پالیسیوں، ملازمین کی فلاح و بہبود کے اقدامات اور انصاف پر مبنی طرزِ عمل کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

  • سیالکوٹ: ڈی او ریسکیو 1122 نارووال انجینئر نعیم اختر دورانِ ڈیوٹی حادثے میں شہید

    سیالکوٹ: ڈی او ریسکیو 1122 نارووال انجینئر نعیم اختر دورانِ ڈیوٹی حادثے میں شہید

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہد ریاض)ڈی او ریسکیو 1122 نارووال انجینئر نعیم اختر دورانِ ڈیوٹی حادثے میں شہید

    نارووال ریسکیو 1122 کے ضلعی آفیسر انجینئر نعیم اختر دورانِ ڈیوٹی سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ ککے موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار بس کی ٹکر سے وہ شدید زخمی ہوئے اور ہیڈ انجری کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق انجینئر نعیم اختر ایک ذمہ دار، دیانتدار اور پیشہ ور افسر کے طور پر جانے جاتے تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی انسانی جانیں بچانے اور خدمت خلق کے لیے وقف کی۔ ان کی ناگہانی موت پر ریسکیو کمیونٹی اور شہریوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کی قربانی نہ صرف ادارے کے لیے بلکہ انسانیت کے لیے ایک مثال ہے۔ ریسکیو 1122 کے افسران اور اہلکاران نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

  • سیالکوٹ: ایف آئی اے اور انٹرپول کی مشترکہ کارروائی، قتل و اقدام قتل کے 3 بین الاقوامی اشتہاری ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ: ایف آئی اے اور انٹرپول کی مشترکہ کارروائی، قتل و اقدام قتل کے 3 بین الاقوامی اشتہاری ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ایف آئی اے اور انٹرپول کی مشترکہ کارروائی، قتل و اقدام قتل کے 3 بین الاقوامی اشتہاری ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن اور انٹرپول نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل اور اقدام قتل کے سنگین مقدمات میں ملوث 3 بین الاقوامی اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد کی شناخت آفتاب افضل، ارمان گورائیہ اور محمد امین کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ملزمان کو ریڈ نوٹسز کے تحت متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر کے سیالکوٹ منتقل کیا گیا، جہاں ایف آئی اے امیگریشن نے انہیں قانونی کارروائی کے لیے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔ آفتاب افضل 2022 سے تھانہ کینٹ گوجرانوالہ، ارمان گورائیہ 2024 سے تھانہ علی پور چھٹہ، جبکہ محمد امین 2020 سے تھانہ صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ کو مطلوب تھا۔

    یہ گرفتاری ایف آئی اے، انٹرپول اسلام آباد، انٹرپول ابوظہبی اور امیگریشن سیالکوٹ کے مابین قریبی رابطہ کاری کا نتیجہ ہے، جسے حکام نے پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

  • پسرور:پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے شاندار ریلی، عوامی جوش و جذبے کا فقید المثال مظاہرہ

    پسرور:پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے شاندار ریلی، عوامی جوش و جذبے کا فقید المثال مظاہرہ

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض)پسرور میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت رکنِ قومی اسمبلی علی زاہد خاں نے کی۔ اس پُرجوش اور منظم ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قومی پرچموں کے ساتھ پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے اپنے جوش و جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔

    ریلی علی زاہد خاں کے ڈیرے سے شروع ہو کر پرانا نادرا آفس چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں مقررین نے شرکاء سے خطاب کیا۔ ریلی کے دوران فضا "پاکستان زندہ باد”، "پاک فوج زندہ باد”، اور "شہداء کو سلام” جیسے نعروں سے گونجتی رہی۔ ریلی میں ہر عمر کے افراد بشمول خواتین، بچے، بزرگ، طلباء اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی، جس نے اسے پسرور کی تاریخ میں قومی جذبے کی ایک روشن مثال بنا دیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار، پارلیمانی سیکرٹری ایریگیشن رانا محمد فیاض، اور پارلیمانی سیکرٹری بلدیات خرم خاں ورک بھی موجود تھے۔ علی زاہد خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہماری سرحدوں کی محافظ ہے اور پوری قوم اپنی افواج پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قوم اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہے، وہ ناقابل شکست ہوتی ہے، اور شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    ایم پی اے رانا محمد فیاض نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے والی ہماری بہادر افواج ہیں، اور نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ حب الوطنی کو عمل میں لائیں۔ خرم خاں ورک نے شہریوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلی کا مقصد پاک فوج سے محبت اور قومی یکجہتی کا پیغام دینا ہے۔

    ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی، اور اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی تاکہ نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ مزید فروغ پائے۔ پسرور کے شہریوں نے بھرپور انداز میں اپنے محافظوں کے ساتھ یکجہتی کا عزم دہرایا اور کہا کہ ملک دشمن عناصر کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

    یہ ریلی پسرور کے قومی شعور اور افواجِ پاکستان سے لازوال وابستگی کی ایک یادگار تصویر بن کر ابھری۔