Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • پسرور:پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے شاندار ریلی، عوامی جوش و جذبے کا فقید المثال مظاہرہ

    پسرور:پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے شاندار ریلی، عوامی جوش و جذبے کا فقید المثال مظاہرہ

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض)پسرور میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت رکنِ قومی اسمبلی علی زاہد خاں نے کی۔ اس پُرجوش اور منظم ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قومی پرچموں کے ساتھ پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے اپنے جوش و جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔

    ریلی علی زاہد خاں کے ڈیرے سے شروع ہو کر پرانا نادرا آفس چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں مقررین نے شرکاء سے خطاب کیا۔ ریلی کے دوران فضا "پاکستان زندہ باد”، "پاک فوج زندہ باد”، اور "شہداء کو سلام” جیسے نعروں سے گونجتی رہی۔ ریلی میں ہر عمر کے افراد بشمول خواتین، بچے، بزرگ، طلباء اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی، جس نے اسے پسرور کی تاریخ میں قومی جذبے کی ایک روشن مثال بنا دیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار، پارلیمانی سیکرٹری ایریگیشن رانا محمد فیاض، اور پارلیمانی سیکرٹری بلدیات خرم خاں ورک بھی موجود تھے۔ علی زاہد خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہماری سرحدوں کی محافظ ہے اور پوری قوم اپنی افواج پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قوم اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہے، وہ ناقابل شکست ہوتی ہے، اور شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    ایم پی اے رانا محمد فیاض نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے والی ہماری بہادر افواج ہیں، اور نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ حب الوطنی کو عمل میں لائیں۔ خرم خاں ورک نے شہریوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلی کا مقصد پاک فوج سے محبت اور قومی یکجہتی کا پیغام دینا ہے۔

    ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی، اور اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی تاکہ نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ مزید فروغ پائے۔ پسرور کے شہریوں نے بھرپور انداز میں اپنے محافظوں کے ساتھ یکجہتی کا عزم دہرایا اور کہا کہ ملک دشمن عناصر کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

    یہ ریلی پسرور کے قومی شعور اور افواجِ پاکستان سے لازوال وابستگی کی ایک یادگار تصویر بن کر ابھری۔

  • ڈسکہ: یونین آف جرنلسٹس کا اجلاس، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کا عزم

    ڈسکہ: یونین آف جرنلسٹس کا اجلاس، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کا عزم

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران)پروفیشنل صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ڈسکہ یونین آف جرنلسٹس کو نئے جوش و جذبے کے ساتھ فعال کرنے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت تنظیم کے بانی صدر امین رضا مغل نے کی، جبکہ اس کی ابتدا اللہ تعالیٰ کے بابرکت نام سے تلاوتِ کلام پاک سے ہوئی۔ اجلاس میں شریک صحافیوں نے باہمی مشاورت کے ذریعے صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ اور ان کے پیشہ ورانہ مسائل کے حل کے لیے اہم فیصلے کیے۔

    اجلاس میں عباس شاہد مغل، رانا محمد افضل، امتیاز احمد مہر، سید شہباز حسین نقوی، محمد اقبال ساہی، محمد بلال، آصف گوشہ، عمران بھٹی اور مرزا عرفان علی سمیت دیگر نمایاں صحافیوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے ڈسکہ یونین آف جرنلسٹس کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر نئے ممبران کی شمولیت کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ایک تین رکنی سکروٹنی کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں امین رضا مغل، رانا محمد افضل اور امتیاز احمد مہر شامل ہیں۔ کمیٹی کو نئے ممبران کی درخواستوں کی جانچ پڑتال اور اہلیت کے معیار کو یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی۔

    اجلاس کے دوران شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ ڈسکہ یونین آف جرنلسٹس پروفیشنل صحافیوں کی فلاح و بہبود، ان کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ اور درپیش چیلنجز کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ تنظیم کے رہنماؤں نے کہا کہ صحافی معاشرے کا ایک اہم ستون ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے بغیر آزاد اور ذمہ دار صحافت ممکن نہیں۔ انہوں نے صحافیوں کے لیے بہتر مواقع، تحفظ اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا۔

    اجلاس میں صحافیوں نے موجودہ دور میں صحافت کے شعبے کو درپیش چیلنجز، جیسے کہ مالی مشکلات، پیشہ ورانہ خطرات اور تکنیکی تبدیلیوں کے اثرات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ڈسکہ یونین آف جرنلسٹس نہ صرف مقامی سطح پر صحافیوں کی آواز بنے گی بلکہ قومی سطح پر بھی ان کے حقوق کے لیے جدوجہد کرے گی۔

    اختتام پر شرکاء نے ملکی سلامتی، استحکام اور صحافی برادری کی ترقی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈسکہ یونین آف جرنلسٹس اپنے مقاصد کے حصول کے لیے متحد رہتے ہوئے صحافیوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔

  • فوج کی بہادری کی داستان کتابوں میں بیان کی جائیں گی، خواجہ آصف

    فوج کی بہادری کی داستان کتابوں میں بیان کی جائیں گی، خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ فوج کی بہادری کی داستان کتابوں میں بیان کی جائیں گی، اللہ نے ہمیں ہرمیدان میں فتح دی، اب ہماری جنگ دہشت گردوں کے خلاف ہے۔

    سیالکوٹ میں پاک فوج سے اظہاریکجہتی کیلئے طالبات کی بڑی تعداد وزیردفاع خواجہ آصف کی رہائش گاہ پہنچی اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے طالبات کی جانب سے خواجہ آصف کا شاندار استقبال کیا گیا اور گلدستے پیش کیےگئے، اس موقع پرخواجہ آصف نے بچو ں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا اور میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ بچوں کا اپنے وطن سے محبت کا انداز منفرد ہے جو میر ے لئے جذباتی لمحات ہیں آئندہ مستقبل میں یہ بچے خود پر فخر محسوس کریں گے۔

    وزیر دفاع نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 10 مئی کی رات تاریخ میں فیصلہ کن موڑ آیا اور ہماری افواج نے بھارت کے بڑے بڑے جہازوں کو پتنگوں کی طرح کاٹ کر رکھ دیا اللہ کے کرم سے مشرقی سرحدوں پرفتح حاصل کی اس سےبڑھ کرمغربی محاذ پرکامیاب ہوں گے۔

    روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ غیر انسانی رویہ، اقوام متحدہ نے بھارت سے جواب طلب کرلیا

    خواجہ آصف نے پاک افواج کے سربراہان کوفتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی بہادری کی داستان کتابوں میں بیان کی جائے گی بھارت کے دس جہاز ہمارے نشانے پر تھے ابھی وہ ادھار بھی باقی ہے کیونکہ مودی اس وقت اپنے زخم چاٹ رہا ہےقومی وحدت میں جو دراڑیں نظر آتی تھیں اب وہ اتحاد میں بدل چکی ہیں اب سے ہماری جنگ دہشتگردی کے خلاف ہے اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو پہلے سے زیادہ موثرجواب دیں گے-

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے ہر وقت ہر لمحہ قو م کی قیادت کی ہے، بہادر فوج کو یہ باور کروایا کہ حکومت دل و جان سے آپ کے ساتھ ہے نوجوان نسل کو تاریخ سے روشناس کرانا چاہیے، ہم نے قربانیا ں دیکر پاکستان کو حاصل کیا، آزادی کے بعد سے اب تک بھارت پاکستان کے خلاف ہے-

    روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ غیر انسانی رویہ، اقوام متحدہ نے بھارت سے جواب طلب کرلیا

  • بسنت میں بھی ایسے پتنگ نہیں کٹتی جیسے بھارتی جہاز کٹے، خواجہ آصف

    بسنت میں بھی ایسے پتنگ نہیں کٹتی جیسے بھارتی جہاز کٹے، خواجہ آصف

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کی حالیہ فضائی جارحیت کو پاکستان کی افواج کے ہاتھوں عبرتناک شکست قرار دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ "بسنت میں بھی ایسے پتنگ نہیں کٹتیں جیسے بھارتی جہاز کٹے ہیں”۔ ان کا یہ بیان عوامی جذبات کی مکمل عکاسی کرتا ہے کہ کس طرح پاک فضائیہ نے دشمن کے جنگی عزائم کو چند لمحوں میں مٹی میں ملا دیا۔

    وزیر دفاع نے یہ بات سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جہاں طالبات کا ایک نمائندہ وفد اظہارِ یکجہتی کے لیے ان سے ملاقات کے لیے پہنچا۔ خواجہ آصف نے اس موقع پر جذباتی انداز میں کہا کہ یہ بچے اور بچیاں جس انداز میں اپنی افواج اور وطن سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں، وہ ثابت کرتا ہے کہ قوم یکجان اور متحد ہے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ 10 مئی کی رات پاکستان کی عسکری تاریخ کا فیصلہ کن موڑ تھا، جب پاکستان کی تینوں افواج نے مکمل ہم آہنگی، مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے جدید ترین جنگی جہازوں، ڈرونز اور میزائل سسٹمز کو تباہ کر کے رکھ دیا۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ قیادت اور بروقت حکمت عملی نے دشمن کے خواب چکناچور کر دیے۔

    وزیر دفاع نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس تمام عرصے کے دوران قوم کی قیادت کی اور ہر لمحہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی، عسکری اور عوامی اتحاد نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت مشرقی سرحد پر جو جنگی غرور لے کر آیا تھا، وہ پاک افواج نے چند منٹوں میں "بسنت کے پتنگوں” کی طرح کاٹ کر رکھ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ:
    "جو قومیں اپنی تاریخ کو یاد رکھتی ہیں، تاریخ بھی انہیں یاد رکھتی ہے۔ لیکن جو قومیں اپنی قربانیوں کو بھول جاتی ہیں، تاریخ بھی انہیں فراموش کر دیتی ہے۔”

    خواجہ آصف نے دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ ایسی کوئی حرکت کرنے کی کوشش کی تو اس کا انجام اس سے بھی عبرتناک ہوگا۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ "اس وقت مودی اپنے زخم چاٹ رہا ہے اور دنیا کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا۔”

    وزیر دفاع نے مزید کہا کہ قوم کو اب دراڑوں کے بجائے اتحاد کے شفاف آئینے میں دیکھنا ہوگا۔ افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو بھی اب سوچ لینا چاہیے کہ جب قوم ایک ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے جھکا نہیں سکتی۔

    خواجہ آصف نے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ مشرقی سرحد پر فتح پاکستان کی طاقت کا محض ایک مظاہرہ ہے، اصل امتحان مغربی محاذ پر ہوگا، اور وہاں بھی پاکستان سرخرو ہوگا۔

  • سیالکوٹ: افواجِ پاکستان کا دشمن کو منہ توڑ جواب، پوری قوم متحد  ہے، فراز راجہ

    سیالکوٹ: افواجِ پاکستان کا دشمن کو منہ توڑ جواب، پوری قوم متحد ہے، فراز راجہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو) قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے ضلعی نائب صدر محمد فراز راجہ نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کے بروقت اور دلیرانہ اقدامات نے ثابت کر دیا کہ پاک فوج مضبوط ترین فورس ہے اور پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع میں فوج کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔

    فراز راجہ نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاک فوج نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، اور اب دشمن پاکستان کی طرف دیکھنے سے پہلے سو بار سوچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اور بحریہ کی جرات مندی بھی قابلِ ستائش ہے، جبکہ سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے عظیم فتح حاصل کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کشمیر آج بھی پاکستان کا ہے اور ہمیشہ رہے گا، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ افواج پاکستان کی بدولت قوم چین کی نیند سوتی ہے اور وطن کی مٹی سے محبت ہی ایمان کی پہچان ہے۔

  • سیالکوٹ: نشئی شوہر کے ہاتھوں 4 بچوں کی ماں قتل، لاش نالے میں پھینک دی

    سیالکوٹ: نشئی شوہر کے ہاتھوں 4 بچوں کی ماں قتل، لاش نالے میں پھینک دی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو) نشئی شوہر کے ہاتھوں 4 بچوں کی ماں قتل، لاش نالے میں پھینک دی

    سیالکوٹ کے تھانہ پھکلیان کے نواحی گاؤں مہیال بجوات میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے نے معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ نازیہ بی بی، چار بچوں کی ماں، کو اس کے نشئی شوہر شفیق نے بے رحمی سے قتل کر کے دریائے چناب کے ساتھ بہنے والے نالے میں پھینک دیا۔ شفیق جو ہیروئن اور انجیکشن کا عادی تھا، نے نازیہ کو ہسپتال لے جانے کے بہانے گھر سے نکالا اور راستے میں اس کی جان لے لی۔ اس کے بعد وہ گھر واپس آیا اور بچوں کو جھوٹ بولا کہ ان کی ماں ہسپتال میں داخل ہے اور جلد گھر آئے گی۔

    نازیہ کے چار بچوں 14 سالہ بیٹی، 10 سالہ بیٹا، 7 سالہ بیٹی اور 4 سالہ بیٹے نے رات ماں کی یاد میں روتے ہوئے گزاری۔ سب سے چھوٹا بچہ ماں کے لیے سسکتا رہا، جبکہ بڑی بہن نے اسے سینے سے لگا کر سلایا۔ صبح ماں کی عدم موجودگی پر بچوں نے اپنے ماموں اور نازیہ کے بھائی کو فون کیا۔ ہسپتال میں نازیہ کا کوئی سراغ نہ ملنے پر شک گہرا ہوا۔ شفیق سے پوچھ گچھ کے بعد اس نے اعتراف کیا کہ اس نے نازیہ کو قتل کر کے لاش نالے میں پھینک دی۔

    یہ واقعہ نازیہ کے خاندان کے لیے ایک صدمے سے کم نہیں۔ اس کے بھائی اور رشتہ دار غم و غصے کی کیفیت میں ہیں جبکہ مقامی لوگوں نے اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے شفیق کو حراست میں لے لیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ انصاف کے لیے کافی ہے؟ نازیہ کے یتیم بچوں کی آنکھوں میں درد اور سوال ہیں کہ ان کا جرم کیا تھا؟

    نازیہ کے خاندان اور مقامی افراد نے شفیق کو سخت سزا دینے اور نشے کے عادی افراد کے خلاف فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ یتیم بچوں کی کفالت اور تحفظ کے لیے بھی حکومتی سے اپیل کی ہے۔

  • سیالکوٹ: ایس ایچ او کوتوالی انسپکٹر ناصر محمود باجوہ سپردخاک

    سیالکوٹ: ایس ایچ او کوتوالی انسپکٹر ناصر محمود باجوہ سپردخاک

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ کے فرض شناس پولیس افسر ایس ایچ او کوتوالی انسپکٹر ناصر محمود باجوہ کو نماز جنازہ کے بعد ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    نماز جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد، ڈی ایس پی سٹی طارق محمود ڈھڈی، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ملک محمد خلیل، انچارج سیکیورٹی برانچ حافظ سعید نذیر دھاریوال، ایس ایچ او حاجی پورہ سرمد فیاض، ایس ایچ او مراد پور اکرم شہباز، ایس ایچ او نیکاپورہ احسان انسپکٹر، ایس ایچ او سمبڑیال انسپکٹر ارشاد سمیت پولیس ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    مرحوم انسپکٹر ناصر باجوہ کو ایک شریف النفس، ایماندار اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے والے افسر کے طور پر یاد کیا گیا۔ ان کی وفات پر پولیس فورس سوگوار ہے۔

    دعائے مغفرت کے دوران مرحوم کے درجات کی بلندی، خطاؤں کی معافی، قبر کی منزلوں میں آسانی اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی گئی۔

  • سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کی سی ایم ایچ آمد، زخمی جوانوں کی عیادت

    سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کی سی ایم ایچ آمد، زخمی جوانوں کی عیادت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران زخمی ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی سی ایم ایچ سیالکوٹ میں عیادت کی۔ ان کے ہمراہ جی او سی 15 ڈویژن میجر جنرل عمران خان بابر بھی موجود تھے۔ وزیر دفاع کو زیر علاج جوانوں کی صحت اور علاج کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

    خواجہ آصف نے زخمی سپاہیوں کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں وطن کے تحفظ کا نشان ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، "میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں ان بہادر جوانوں کے پاس آیا ہوں جو وطن کے دفاع میں زخمی ہوئے۔”

    انہوں نے بتایا کہ دشمن نے ہماری ایک چیک پوسٹ پر سو سے زائد گولے برسائے مگر ہمارے جوان ثابت قدم رہے اور آج بھی وطن کے لیے لڑنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا، "اگر بھارت نے دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔”

    وزیر دفاع نے مزید کہا کہ حملے سے قبل سپہ سالار نے خود فجر کی نماز کی امامت کی، جو قومی جذبے اور روحانیت کا مظہر تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تینوں مسلح افواج کے سپہ سالاروں کی حب الوطنی اور قیادت لازوال ہے اور پوری قوم فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

  • سیالکوٹ: قتل، اغوا، فائرنگ اور قحبہ خانے پر چھاپہ، شہر میں خوف و ہراس

    سیالکوٹ: قتل، اغوا، فائرنگ اور قحبہ خانے پر چھاپہ، شہر میں خوف و ہراس

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ میں ایک ہی دن کے دوران قتل، بہیمانہ تشدد، قحبہ خانے پر پولیس چھاپہ اور ڈی ایس پی دفتر کے باہر فائرنگ جیسے متعدد سنگین واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ دوبرجی ملیاں میں پولیس نے قحبہ خانے پر کارروائی کرتے ہوئے تین خواتین سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پتوکی کی رہائشی یاسمین نامی خاتون کرائے کے مکان میں غیرقانونی دھندہ چلا رہی تھی جو مختلف شہروں سے لڑکیاں بلا کر قحبہ خانہ چلاتی تھی۔ پولیس نے سب انسپکٹر عدیل فاضل کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    تھانہ نیکاپورہ کے علاقے میں پسند کی شادی کی رنجش پر ملزم حمزہ بٹ نے اپنے بہنوئی محمد ابرار کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا جب وہ اپنی بیوی کی وفات کے بعد قبرستان جا رہا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ڈی ایس پی سٹی طارق محمود ڈھڈی کی نگرانی میں تفتیش مکمل کی، جس پر عدالت نے قاتل کو سزائے موت سنا دی۔

    ادھر جامکے چیمہ میں گوجرانوالہ پولیس سے برخاست ہونے والے سابق انسپکٹر ملک عرفان نے موبائل چوری کے شبے میں اپنے ڈیرے پر کام کرنے والے نوجوان کاشف مسیح کو روایتی پولیس طریقے سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث نوجوان موقع پر دم توڑ گیا۔ پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا مگر مرکزی ملزم تاحال گرفتار نہ ہو سکا۔ واقعے کے خلاف مقامی مسیحی برادری نے سڑک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔

    اسی روز ڈی ایس پی پسرور کے دفتر کے باہر دیرینہ دشمنی پر مخالف فریق نے فائرنگ کر کے چار افراد کو زخمی کر دیا، جن میں تین افراد عدالت میں پیشی کے لیے آئے تھے جبکہ ایک زخمی عرضی نویس تھا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر سیالکوٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ان پے در پے واقعات نے سیالکوٹ میں امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں جبکہ شہری حلقے پولیس سے بھرپور کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

  • سیالکوٹ: ڈی جی پی ایچ اے جنید تاج بھٹی کی مبینہ خودکشی کی کوشش

    سیالکوٹ: ڈی جی پی ایچ اے جنید تاج بھٹی کی مبینہ خودکشی کی کوشش

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) ڈی جی پی ایچ اے جنید تاج بھٹی کی مبینہ خودکشی کی کوشش، حالت تشویشناک

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) سیالکوٹ کے ڈائریکٹر جنرل جنید تاج بھٹی نے اپنے دفتر میں مبینہ طور پر خود کو سر میں گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی ہے۔ واقعے کے فوراً بعد انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

    واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، جبکہ فرانزک اور تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد اصل حقائق منظرعام پر لائے جائیں گے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت، وجوہات اور محرکات کو سامنے لانے کے لیے مکمل شفاف تفتیش کی جا رہی ہے۔