Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: چھ ماہ قبل لاپتہ ہونے والا دو سالہ بچہ مردہ حالت میں تالاب سے برآمد، تحقیقات کا آغاز

    سیالکوٹ: چھ ماہ قبل لاپتہ ہونے والا دو سالہ بچہ مردہ حالت میں تالاب سے برآمد، تحقیقات کا آغاز

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقے سے چھ ماہ قبل لاپتہ ہونے والا دو سالہ محمد ولی مردہ حالت میں ایک تالاب سے برآمد ہو گیا۔ معصوم بچہ کھیلتے کھیلتے گھر سے باہر نکلا تھا اور اس کے بعد سے لاپتہ تھا۔ اس واقعہ کی ایف آئی آر بچے کے والد غلام فرید کی مدعیت میں تھانہ کوٹلی لوہاراں میں درج کی گئی تھی۔

    اہل علاقہ کے مطابق تالاب کی صفائی کے دوران بچے کی نعش اچانک برآمد ہوئی، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں یہ طے کیا جائے گا کہ یہ قتل ہے یا کوئی حادثہ۔

  • سیالکوٹ: ایف آئی اے کی کاروائیاں، مختلف جرائم میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ: ایف آئی اے کی کاروائیاں، مختلف جرائم میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) ایف آئی اے امیگریشن اور انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کی کارروائیوں میں چار ملزمان گرفتار ہوئے۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے گداگری اور قتل کے مقدمے میں نامزد دو مسافروں کو گرفتار کیا۔ واحد بخش اور محمد نعیم کے نام سے شناخت ہونے والے ملزمان میں واحد بخش پرواز نمبر FZ 337 کے ذریعے مسقط سے سیالکوٹ پہنچا تھا۔ اس کی معلومات آئی بی ایم سسٹم پر ہٹ ہوئیں، جس کے بعد معلوم ہوا کہ وہ سعودی عرب سے بھیک مانگنے پر ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا۔ محمد نعیم پنجاب پولیس کو قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا اور اس کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا۔ ملزم کو تھانہ ککرالی ضلع گجرات میں قتل کے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔

    دوسری جانب، ایف آئی اے نے ویزہ فراڈ اور انسانی سمگلنگ کے خلاف بھی بڑی کارروائی کی۔ دو ملزمان طلحہ حمید اور صابر علی کو گرفتار کیا گیا، جو بیرون ملک ملازمت کے جھانسے دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث تھے۔ طلحہ حمید کو پسرور کے محلہ امام صاحب سے گرفتار کیا گیا، جہاں اس نے شہری سے روس کے لیے 13 لاکھ روپے وصول کیے، مگر شہری کو آذربائیجان بھجوا دیا۔ اسی طرح صابر علی کو احمد پور سیال جھنگ سے گرفتار کیا گیا، جس نے عراق میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 11 لاکھ 60 ہزار روپے وصول کیے، لیکن شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا۔ ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

  • سیالکوٹ:آپریشن بنیان مرصوص کی فتح پر جی سی ویمن یونیورسٹی میں جشن کا سماں

    سیالکوٹ:آپریشن بنیان مرصوص کی فتح پر جی سی ویمن یونیورسٹی میں جشن کا سماں

    سیالکوٹ( باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)آپریشن بنیان مرصوص کی فتح پر جی سی ویمن یونیورسٹی میں جشن کا سماں

    جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں 10 مئی کو "آپریشن بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابی کا جشن منانے کے لیے واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس واک کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے کی جس میں بڑی تعداد میں اساتذہ، انتظامی عملہ اور طالبات نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ ملک کی خودمختاری، سالمیت اور عزت کے حقیقی محافظ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "آپریشن بنیان مرصوص” کی فتح نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط، پرعزم اور دفاعی اعتبار سے ناقابلِ تسخیر قوم ہے۔ اس موقع پر افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عہد بھی دہرانا مقصود تھا۔

    واک کے دوران طالبات نے قومی پرچم اور بینرز بلند کیے جن پر وطن سے محبت اور افواج پاکستان کی حمایت کے جذبات بھرپور انداز میں اُبھر کر سامنے آئے۔

  • ڈسکہ: ڈینٹل ایسوسی ایشن چیپٹر قائم، ڈاکٹر قاسم اسلم صدر منتخب

    ڈسکہ: ڈینٹل ایسوسی ایشن چیپٹر قائم، ڈاکٹر قاسم اسلم صدر منتخب

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن کی سنٹرل کونسل کا اجلاس صدر ڈاکٹر خورشید اور جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر نسیم منشاء گورایہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈسکہ چیپٹر کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر قاسم اسلم کو صدر، ڈاکٹر عمر شبیر کو سینئر وائس پریزیڈنٹ، ڈاکٹر مشہود احمد کو وائس پریزیڈنٹ، ڈاکٹر توحید اکرم کو جنرل سیکرٹری، عائشہ سلیم کو فنانس سیکرٹری، ڈاکٹر انصر تسلیم کو جوائنٹ سیکرٹری اور ڈاکٹر آمنہ امتیاز کو انفارمیشن سیکرٹری منتخب کیا گیا۔

    ڈاکٹر قاسم اسلم نے کہا کہ ایسوسی ایشن فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر مفت ڈینٹل کیمپ لگائے گی، رفاہی کلینک قائم کرے گی اور ینگ سرجنز کے لیے نجی شعبے میں ملازمت کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ انٹرن شپ طلباء کو مکمل تربیت بھی دی جائے گی۔ اجلاس میں ڈینٹل ڈاکٹروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

  • سیالکوٹ: نجی سکول میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی، نعرے اور پلے کارڈز کے ذریعے خراجِ تحسین

    سیالکوٹ: نجی سکول میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی، نعرے اور پلے کارڈز کے ذریعے خراجِ تحسین

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) افواجِ پاکستان سے اظہارِ ہمدردی اور محبت کے لیے سیالکوٹ کے نجی اسکول "کڈز کلب (حسنات کیمپس)” میں خصوصی اسمبلی کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں اور بچیوں نے "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے اور یکجہتی کے اظہار کے طور پر پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

    اس موقع پر اسکول کی ہیڈ، محترمہ محسن سردار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے محافظوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے دشمن کو دندان شکن جواب دے کر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کی امن پسندی کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج نے وہ کارنامہ انجام دیا جو دشمن کے تصور میں بھی نہ تھا، اور بھارت کا جدید دفاعی نظام پاکستان کی جوابی کارروائی کے سامنے قبرستان بن کر رہ گیا۔

    تقریب میں طلبہ نے نہ صرف زبردست جوش و جذبہ کا مظاہرہ کیا بلکہ اپنی محبت کا عملی اظہار بھی کیا، جس سے یہ پیغام دیا گیا کہ قوم کا ہر فرد اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

  • سیالکوٹ: کور کمانڈر و اعلیٰ حکام کا سی ایم ایچ دورہ، بھارتی جارحیت و آپریشن کے زخمیوں کی عیادت

    سیالکوٹ: کور کمانڈر و اعلیٰ حکام کا سی ایم ایچ دورہ، بھارتی جارحیت و آپریشن کے زخمیوں کی عیادت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل سید امداد حسین شاہ نے آپریشن بنیان المرصوص اور بھارتی جارحیت کے دوران زخمی ہونے والے فوجی جوانوں اور سول افراد کی عیادت کے لیے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی، ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور سی ایم ایچ انتظامیہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

    کور کمانڈر گوجرانوالہ نے 23 فوجی جوانوں اور 8 شہریوں کی عیادت کے دوران ان کے بلند حوصلے اور وطن سے محبت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ غازی ہماری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کے اہلخانہ کو یقین دلایا کہ افواجِ پاکستان ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

    دوسری جانب گیریژن آفیسر کمانڈر 15 ڈویژن میجر جنرل عمران خان بابر، صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق، پارلیمانی سیکریٹری رانا فیاض، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی اور ڈی پی او فیصل شہزاد نے بھی سی ایم ایچ سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ حکام نے بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے زخمی ہونے والے افسروں، جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

    اس موقع پر تمام اعلیٰ حکام نے زخمیوں کے جذبۂ قربانی، عزم و ہمت اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم دشمن کی ہر جارحیت کا متحد ہو کر جواب دے گی

  • سیالکوٹ: آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر عوام کا فتح جشن، پاک فوج پر پھولوں کی بارش

    سیالکوٹ: آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر عوام کا فتح جشن، پاک فوج پر پھولوں کی بارش

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض )آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر عوام کا فتح جشن، پاک فوج پر پھولوں کی بارش

    پاکستان آرمی کے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر سیالکوٹ کے شہریوں نے پرجوش فتح ریلی نکالی، جو شہاب پورہ چوک سے شروع ہوئی اور خادم علی روڈ سے گزرتی ہوئی لاڑی اڈہ سے کینٹ تک پہنچی۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور مٹھائیاں تقسیم کیں، جبکہ فضا "پاک فوج زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔

    ریلی میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع سیالکوٹ کے صدر احمد محبوب اور شعبہ صنعت و تجارت کے رہنما اعجاز نصر سمیت بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔ فتح ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز نصر نے کہا:

    "سیالکوٹ کی عوام آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر پاک فوج کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔ ہم بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ آئندہ ایسی جارحیت کی غلطی نہ کرے، ورنہ سیالکوٹ سمیت پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ پاک فوج نے دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا اور یہ ثابت کیا کہ پاکستان کی حفاظت کے لیے وہ کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔”

    انہوں نے مزید کہا: "افواجِ پاکستان ہماری ناقابلِ تسخیر دفاعی دیوار ہیں۔ مشکل کی ہر گھڑی میں قوم اپنی فوج کے ساتھ ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہمیشہ ملک و ملت کے دفاع میں صفِ اول میں رہے گی۔ پاک فوج کی یہ کامیابی پوری قوم کی فتح ہے۔”

    ریلی کے شرکاء نے دعائیں مانگیں کہ اللہ تعالیٰ پاک فوج اور وطنِ عزیز کی ہمیشہ حفاظت فرمائے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی بہادری اور قربانیوں پر ہر پاکستانی کو فخر ہے، اور یہ ریلی اسی فخر و جذبے کا مظہر ہے۔

    اللہ پاک فوج اور پاکستان کو ہمیشہ سرخرو رکھے۔ آمین!

  • سیالکوٹ: سستی گندم، مہنگی روٹی ، تندور مالکان فلور ملیں لگانے کے خواب دیکھنے لگے، عوام لُٹ گئے!

    سیالکوٹ: سستی گندم، مہنگی روٹی ، تندور مالکان فلور ملیں لگانے کے خواب دیکھنے لگے، عوام لُٹ گئے!

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہد ریاض کی رپورٹ) ایک طرف حکومت دعویٰ کر رہی ہے کہ گندم کی قیمتوں میں تاریخی کمی آئی ہے، دوسری طرف تندوروں اور ہوٹلوں پر روٹی کی قیمت مسلسل عوام کا منہ چِڑا رہی ہے۔ گندم 3900 روپے فی من سے کم ہو کر اب صرف2000سے 2400 روپے فی من میں فروخت ہو رہی ہے، مگر افسوس کہ سیالکوٹ میں روٹی اب بھی 15 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ یہ صورت حال نہ صرف غریب طبقے کے ساتھ سنگین مذاق ہے بلکہ ریاستی نااہلی کی کھلی علامت بھی ہے۔

    جس گندم پر کسان کو مناسب نرخ نہیں دیا گیا، وہی سستی گندم عوام تک پہنچنے سے پہلے تندوروں کی چمنی میں جل کر مہنگائی کے دھوئیں میں تبدیل ہو رہی ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ روٹی کی لاگت میں نمایاں کمی کے باوجود کوئی تندور والا یا ہوٹل مالک قیمت کم کرنے کو تیار نہیں۔ جیسے انہیں کھلی چھوٹ دے دی گئی ہو کہ جتنا چاہو لوٹو، کوئی پوچھنے والا نہیں۔

    عوام چیخ رہے ہیں، سوال اٹھا رہے ہیں کہ جب گندم کی قیمت میں 1500 روپے فی من کمی ہو چکی ہے تو روٹی کی قیمت میں بھی کمی کیوں نہیں ہو رہی؟ کیا صرف اشرافیہ کو ریلیف دینا حکومت کا مقصد ہے؟ کیا غریبوں کے لیے اس ریاست میں صرف مہنگائی، بیروزگاری، اور ناانصافی ہی مقدر رہ گئی ہے؟ تندور مالکان کے منافع کے سامنے انتظامیہ کی بے بسی سمجھ سے بالاتر ہے۔ فوڈ اتھارٹی، پرائس کنٹرول کمیٹی اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صرف ائرکنڈیشنڈ بندکمروں میں فائلوں میں موجود ہیں، زمینی سطح پر ان کا کوئی کردار نظر نہیں آ رہا۔

    عوامی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ روٹی کی قیمت فوری طور پر 8 روپے مقرر کی جائے، تندوروں اور ہوٹلوں پر روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کا موثر نظام بحال کیا جائے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو عوامی ردعمل کسی بڑے احتجاج کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔

    مہنگائی کے مارے عوام کے لیے روٹی اب ضرورت نہیں، خواب بنتی جا رہی ہے۔ اگر ریاستی ادارے فوری طور پر ہوش میں نہ آئے تو صرف معاشی بحران نہیں، معاشرتی بغاوت جنم لے سکتی ہے اورپھر تب سوال صرف روٹی کا نہیں، نظام کا ہوگا۔

  • سیالکوٹ: شہریوں کا پاک فوج کے جوانوں کا والہانہ استقبال، پھول نچھاور، نعرے بلند

    سیالکوٹ: شہریوں کا پاک فوج کے جوانوں کا والہانہ استقبال، پھول نچھاور، نعرے بلند

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی رپورٹ) پاک فوج کا والہانہ استقبال، شہریوں نے ٹینکوں پر پھول نچھاور کیے، پاکستان زندہ باد کے نعرے گونج اٹھے

    سیالکوٹ میں شہریوں نے وطن کے محافظوں کا فقیدالمثال استقبال کیا، جب سرحدی علاقے سے واپس آنے والے پاک فوج کے ٹینک اور جوان شہر میں داخل ہوئے تو فضا "پاک فوج زندہ باد” اور "پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔ پرجوش عوام نے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر سڑکوں کے کنارے قطار در قطار کھڑے ہو کر نہ صرف پھول نچھاور کیے بلکہ جوانوں کو گلدستے اور پھولوں کے ہار بھی پیش کیے۔ بچے، بزرگ، خواتین سب ہی اس تاریخی لمحے میں شریک ہوئے، ہر ہاتھ میں سبز ہلالی پرچم تھامے قوم کے محافظوں کو سلام پیش کیا گیا۔

    شہریوں کی محبت اور عقیدت دیکھ کر پاک فوج کے اہلکار بھی جذبے سے لبریز دکھائی دیے، انہوں نے عوام کے نعروں کا جواب "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے دیا۔ ٹینکوں پر سوار جوان ہاتھ ہلا کر عوام کا شکریہ ادا کرتے رہے۔

    ادھر صرف سیالکوٹ ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی قوم کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ شہری سڑکوں پر نکل آئے، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کیا، قومی نغمے گائے، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور ہر طرف قومی پرچموں کی بہار نظر آئی۔

    قوم اور افواجِ پاکستان کے درمیان یہ مثالی ہم آہنگی اس بات کا ثبوت ہے کہ وطن عزیز کے دفاع میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہے۔

  • سیالکوٹ: گوہد پور میں ترقیاتی منصوبے 30 مئی تک مکمل ہوں گے، منشاء اللہ بٹ

    سیالکوٹ: گوہد پور میں ترقیاتی منصوبے 30 مئی تک مکمل ہوں گے، منشاء اللہ بٹ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض)رکنِ صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کے تحت یونین کونسل گوہد پور میں گلیوں، سڑکوں، سیوریج نظام اور قبرستان کی چار دیواری کے منصوبے 30 مئی تک مکمل کر لیے جائیں گے، جن پر مجموعی طور پر تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔

    یہ بات انہوں نے گوہد پور میں نئی سڑک کی تعمیر کے جاری منصوبے کے معائنے کے دوران کہی۔ اس موقع پر میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر بلال قیصر، سب انجینئر استفانس سمیت علاقہ کے معززین بھی موجود تھے۔

    منشاء اللہ بٹ نے بتایا کہ پیسپ (PESP) پروگرام کے تحت علاقے میں سیوریج کی نئی لائنیں بچھائی جا چکی ہیں، جن کے بعد سڑکوں کی بحالی کا کام ٹف ٹائلز کی تنصیب کے ذریعے تیزی سے جاری ہے اور یہ منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی فلاحی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات میسر آ سکیں۔