Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: بھارتی پسپائی کے بعد ایمرجنسی سائرن ڈرلز منسوخ، اسکولوں میں مشقیں جاری

    سیالکوٹ: بھارتی پسپائی کے بعد ایمرجنسی سائرن ڈرلز منسوخ، اسکولوں میں مشقیں جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)افواجِ پاکستان اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جانب سے دشمن بھارت کو دندان شکن جواب دینے کے بعد، اس کی شکست و پسپائی اور جنگ بندی پر آمادگی کے پیش نظر محکمہ سول ڈیفنس سیالکوٹ نے شہر میں جاری تمام ایمرجنسی سائرن ڈرلز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس کنٹرولر صباء اصغر علی کے مطابق اگرچہ سائرن ڈرلز منسوخ کر دی گئی ہیں، تاہم شہر کے تعلیمی اداروں میں جاری آزمائشی اور تربیتی مشقیں بدستور شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔ ان مشقوں کا مقصد نئی نسل کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہے تاکہ وہ ہر سطح پر اپنی حفاظت اور قومی سلامتی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔

    محکمہ سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ حالات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

  • سیالکوٹ: اجتماعی زیادتی کے کیس میں دو ملزمان کو عمر قید، 10 لاکھ روپے جرمانہ

    سیالکوٹ: اجتماعی زیادتی کے کیس میں دو ملزمان کو عمر قید، 10 لاکھ روپے جرمانہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ پولیس کی مؤثر تفتیش اور بھرپور پیروی کے نتیجے میں گینگ ریپ کے ایک افسوسناک کیس میں عدالت نے دو ملزمان کو عمر قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقے کوٹ کوڑا کے رہائشی ملزمان عمیر ارشد اور اسامہ ذوالفقار نے ایک 13 سالہ کم عمر محنت کش لڑکی کو ڈیڑھ ماہ تک اپنی درندگی کا نشانہ بنایا، جس کے باعث متاثرہ لڑکی حاملہ ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد محمد عارف کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کیا۔

    تفتیش کی ذمہ داری ایس ایس آئی او یو سیل کی انچارج خاتون افسر انسپکٹر رضیہ صابر کو سونپی گئی، جنہوں نے سائنسی بنیادوں پر شواہد اکٹھے کیے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں چالان پیش کیا۔ پولیس کی محنت اور قانونی پیروی کے نتیجے میں عدالت نے دونوں مجرمان کو عمر قید، پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانہ اور متاثرہ لڑکی کو آٹھ لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے انسپکٹر رضیہ صابر کی شاندار کارکردگی پر انہیں تعریفی سرٹیفیکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے سے جرائم کے خاتمے اور قانون کی بالادستی کے لیے مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دلوانا ناگزیر ہے۔ سیالکوٹ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتی رہے گی۔

  • قوم کے اتحاد  کیلئے حکومت اے پی سی بلائے: عثمان ڈار

    قوم کے اتحاد کیلئے حکومت اے پی سی بلائے: عثمان ڈار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) سابق مشیر برائے وزیراعظم امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر حکومت کو فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہیے اور سابق وزیراعظم عمران خان کو رہا کر کے قومی مشاورت میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر قوم اپنے رہنماؤں کو متحد دیکھے تو وہ دشمن کے مقابلے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ جوش اور ولولے کے ساتھ افواج پاکستان کے پیچھے اور دشمن کے سامنے کھڑی ہوگی۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ پاکستان اس وقت جن نازک حالات سے گزر رہا ہے، وہ قومی یکجہتی کا متقاضی ہے، لیکن افسوس ہے کہ موجودہ حکومت کسی قومی اتفاق رائے کی طرف قدم نہیں بڑھا رہی۔ اس کی ایک ہی وجہ ہے کہ قومی اتحاد کی کنجی اڈیالہ جیل میں ایک بے گناہ قیدی کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن سے جنگ صرف ٹینکوں اور میزائلوں سے نہیں، بلکہ جذبۂ اتحاد سے بھی جیتی جاتی ہے۔

    انہوں نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کے اوچھے ہتھکنڈے پاکستانی قوم کو مرعوب نہیں کر سکتے۔ پی ٹی آئی کا ہر کارکن وطن عزیز کے دفاع کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار ہے۔ پوری قوم متحد ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: گورنر پنجاب سے میاں محمد عظیم کے صاحبزادے محمد عالیان عظیم کی ملاقات

    سیالکوٹ: گورنر پنجاب سے میاں محمد عظیم کے صاحبزادے محمد عالیان عظیم کی ملاقات

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے فنانس سیکرٹری میاں محمد عظیم کے صاحبزادے محمد عالیان عظیم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر محمد عالیان عظیم نے گورنر پنجاب کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ گورنر سردار سلیم حیدر خان نے ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے انہیں گورنر ہاؤس آنے کی باقاعدہ دعوت دی۔

    محمد عالیان عظیم کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب سے ملاقات ان کے لیے باعثِ مسرت ہے، ان شاء اللہ جلد اپنے والد میاں محمد عظیم کے ہمراہ گورنر ہاؤس کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کی مہمان نوازی اور خلوص پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • سیالکوٹ:بھارت کی حیوانیت، پاک فضائیہ کا منہ توڑ جواب .مجسم زرخیزانورخان

    سیالکوٹ:بھارت کی حیوانیت، پاک فضائیہ کا منہ توڑ جواب .مجسم زرخیزانورخان

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) انصاف لائرز فورم کے سابق ضلعی صدر مجسم زرخیز انور خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے نہتے پاکستانی شہریوں اور مساجد پر حملے حیوانیت اور بزدلی کی بدترین مثال ہیں۔ بھارت نے رات کے اندھیرے میں معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، جو اس کی مکاری اور خوفزدہ ذہنیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اب تک بھارت کے 5 جنگی طیارے اور 20 سے زائد ڈرونز مار گرائے ہیں، جو ہماری دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ ہے۔

    انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان کی سویلین آبادی پر بلا جواز حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی بارڈر کی صریح خلاف ورزی اور خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ بھارت اشتعال انگیزی کے ذریعے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔ نہتے شہریوں پر ڈرون، میزائل اور فائرنگ سے حملے ناقابل معافی جرم ہیں۔

    مجسم زرخیز انور خان ایڈووکیٹ نے افواجِ پاکستان کے تحمل، معاملہ فہمی اور ذمہ دارانہ ردعمل کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج نے دنیا کو امن پسندی کا پیغام دیا، لیکن پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کر کے بہت بڑی غلطی کی ہے، اب وقت ہے کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرے کیونکہ موجودہ حالات میں پاکستان کو ایک بہادر، نڈر اور جرات مند قیادت کی ضرورت ہے، اور وہ قیادت صرف عمران خان فراہم کر سکتے ہیں۔

  • ڈسکہ: مرکزی جمعیت اہلحدیث کی پاک فوج سے یکجہتی ریلی، بھارتی جارحیت کی مذمت

    ڈسکہ: مرکزی جمعیت اہلحدیث کی پاک فوج سے یکجہتی ریلی، بھارتی جارحیت کی مذمت

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مرکزی جمعیت اہلحدیث کی جانب سے ریلی نکالی گئی، جو جامعہ عزیزیہ اہلحدیث سے نماز جمعہ کے بعد شروع ہو کر کچہری چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔

    ریلی کی قیادت نائب صوبائی امیر حافظ عبدالغفار نے کی، جنہوں نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں بھارتی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے جہاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ریلی کے اختتام پر کچہری چوک میں مرکزی امیر سینیٹر علامہ ساجد میر کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔

  • سیالکوٹ: افواجِ پاکستان سے یکجہتی کیلئے ریلی، شمعیں روشن، “بھارت مردہ باد” کے نعرے

    سیالکوٹ: افواجِ پاکستان سے یکجہتی کیلئے ریلی، شمعیں روشن، “بھارت مردہ باد” کے نعرے

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی کی زیر صدارت افواجِ پاکستان سے یکجہتی کے اظہار کے لیے سیالکوٹ میں ریلی نکالی گئی جس میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ صباء اصغر علی نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ پاک فوج جرات و بہادری سے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے اور دشمن کے حملوں کا مؤثر انداز میں جواب دے رہی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا کہ فوجی تنصیبات یا نقل و حرکت کی تصاویر یا ویڈیوز بنانا اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنا وطن سے غداری تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیالکوٹ میں ڈرون حملوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پاکستانی فوج نے تمام ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا ہے۔ ورکنگ باؤنڈری کے قریب رہنے والوں کے لیے ریلیف کیمپوں کی تیاری مکمل ہے، تاہم فی الحال عوام کو منتقل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔

    دوسری جانب سیالکوٹ کینٹ میں گزشتہ رات ڈرون حملے میں شہید ہونے والوں کی یاد میں شمع روشن کی تقریب منعقد ہوئی۔ سی ای او انکروچمنٹ و تجاوزات ملک اعجاز کی زیر قیادت تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے “بھارت مردہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے اور افواجِ پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

    ملک اعجاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان “لا الہ الا اللہ” کے نام پر بنا اور ان شاء اللہ تا قیامت قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتا، پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور بھارتی بزدلانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    تقریبات میں ملک کی سلامتی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

  • سیالکوٹ میں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم دلفریب

    سیالکوٹ میں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم دلفریب

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)سیالکوٹ اور گرد و نواح میں ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم دلفریب ہو گیا۔ شہرِ اقبال کے علاقوں ڈسکہ، پسرور، سمبڑیال اور مضافات میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے، اور شہریوں کے چہروں پر خوشی جھلکنے لگی ہے۔

    بارش کے باعث درجہ حرارت میں واضح کمی آئی ہے جبکہ بادلوں نے آسمان پر مکمل قبضہ جما رکھا ہے۔ شہریوں نے موسم کی تبدیلی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی کے بعد یہ بارش کسی نعمت سے کم نہیں۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، جبکہ بالائی سندھ، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

    سیالکوٹ سمیت گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، منڈی بہاؤالدین، جہلم، مری اور گلیات میں بھی گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ادھر سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم عمرکوٹ، تھرپارکر، دادو اور لاڑکانہ میں بارش کی نوید ہے، جبکہ بلوچستان کے زیارت، کوئٹہ، خضدار اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی ابر آلود موسم اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

  • سیالکوٹ: سرحدی کشیدگی پر فوری ردعمل کیلئے پولیس کا ہنگامی اجلاس

    سیالکوٹ: سرحدی کشیدگی پر فوری ردعمل کیلئے پولیس کا ہنگامی اجلاس

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیورو چیف شاہد ریاض)ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی سربراہی میں پولیس لائنز کے کانفرنس روم میں موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ، تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پاک بھارت حالیہ سرحدی کشیدگی کے تناظر میں بھارتی جنگی جنون کا منہ توڑ جواب دینے، پاک افواج کے شانہ بشانہ کسی بھی بزدلانہ کارروائی کا فوری ردعمل دینے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

    ڈی پی او سیالکوٹ نے اجلاس کے دوران اہم تنصیبات کی حفاظت، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ممکنہ جنگ زدہ علاقوں سے متاثرہ افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور تمام افسران کو واضح اور مؤثر ہدایات جاری کیں۔

    اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی، چاہے اس کے لیے جانوں کا نذرانہ ہی کیوں نہ دینا پڑے۔

  • ڈسکہ:بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی، پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

    ڈسکہ:بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی، پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) بھارت کے بزدلانہ حملے کے خلاف اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ڈسکہ کے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ صوبائی وزیر بلدیات پنجاب کے کیمپ آفس سے افواج پاکستان کے حق میں زبردست ریلی نکالی گئی۔

    ریلی کی قیادت مسلم لیگ ن سٹی صدر اور چیئرمین مرکزی انجمن تاجراں محمد افضل منشاء نے کی، جبکہ علمائے کرام، تاجر تنظیموں، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے "پاک فوج زندہ باد”، "قدم بڑھاؤ پاک فوج ہم تمہارے ساتھ ہیں”، "مودی مردہ باد” اور "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے، جس سے شہر کی فضا گونج اُٹھی۔

    ریلی ریسٹ ہاؤس سے شروع ہو کر میلاد چوک تک پرامن انداز میں نکالی گئی، جہاں ملک کی سلامتی، استحکام اور افواجِ پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔