Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: اپریل کے آخر میں فلڈ پروٹیکشن موک ایکسرسائز کا انعقاد ہوگا

    سیالکوٹ: اپریل کے آخر میں فلڈ پروٹیکشن موک ایکسرسائز کا انعقاد ہوگا

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(سٹی مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اعلان کیا کہ اپریل کے آخر میں شہری و دیہی علاقوں میں فلڈ پروٹیکشن ماک ایکسرسائز منعقد ہوگی۔ اس کا مقصد محکموں کی سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ اور رابطوں کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 19 اپریل تک تمام اسسٹنٹ کمشنرز ندیوں اور نالوں کے حفاظتی بندوں کی معائنہ رپورٹ جمع کرائیں۔

    ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس میں ڈی سی نے کہا کہ متعلقہ ادارے، بشمول سول ڈیفنس، میونسپل کارپوریشن اور ریسکیو 1122، فلڈ فائٹنگ آلات اور تیاریوں کے سرٹیفکیٹس پیش کریں گے۔ انہوں نے ریسکیو 1122 پر جعلی کالز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وسائل کے ضیاع اور جان و مال کے نقصان کا باعث بنتی ہیں۔ انہوں نے والدین و اساتذہ سے بچوں کو پرینک کالز سے روکنے کی اپیل کی۔

    مزید برآں، ڈی سی نے انڈر ایج موٹرسائیکل ڈرائیونگ کی 70 فیصد سے زائد حادثاتی شرح کو قانونی و اخلاقی جرم قرار دیتے ہوئے معاشرے سے اس کے تدارک کا مطالبہ کیا۔

  • سیالکوٹ: پکی کوٹلی میں ایک خواجہ سرا کا قتل، دو شدید زخمی

    سیالکوٹ: پکی کوٹلی میں ایک خواجہ سرا کا قتل، دو شدید زخمی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ صدر کے علاقہ پکی کوٹلی میں خواجہ سراؤں کے ڈیرے پر پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں دو مسلح ملزمان نے تیز دھار آلے سے حملہ کر کے ایک خواجہ سرا کو قتل کر دیا جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔

    اطلاعات کے مطابق پکی کوٹلی کے علاقے میں خواجہ سرا بلال عرف بیلو کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔ مزاحمت کرنے پر دو اور خواجہ سرا بھی شدید زخمی ہو گئے۔

    واردات کے بعد ملزمان اپنا اسلحہ اور آلہ قتل موقع پر ہی چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مقتول خواجہ سرا کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ ایس ایچ او صدر میاں عبدالرزاق نے ابتدائی بیان میں واقعے کو دیرینہ رنجش کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔

    تھانہ صدر پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ایس ایچ او میاں عبدالرزاق نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پولیس بہت جلد ملزمان کو گرفتار کر لے گی۔ علاقے میں اس اندوہناک واقعے سے خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

  • سیالکوٹ: خواجہ آصف کا چوہدری ارشد وڑائچ مرحوم کو خراج تحسین

    سیالکوٹ: خواجہ آصف کا چوہدری ارشد وڑائچ مرحوم کو خراج تحسین

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر بیت المال پنجاب چوہدری ارشد جاوید وڑائچ (مرحوم) کے ایصال ثواب و بلندی درجات کے لیے منعقدہ ختم قل شریف و اجتماعی دعا کے موقع پر اپنے خطاب میں مرحوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری ارشد جاوید وڑائچ (مرحوم) جیسے مخلص دوست زندگی کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی غریب اور نادار افراد کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی، جو یقیناً ان کی بخشش و مغفرت کا باعث بنے گا۔ انہوں نے مرحوم کو ایک خدا ترس انسان، بہترین دوست اور منجھے ہوئے سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی علاقے اور جماعت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اگرچہ چوہدری ارشد جاوید وڑائچ اب اس دنیا میں نہیں رہے، لیکن وہ اپنے عوام اور ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انہوں نے مرحوم کے انتقال سے پیدا ہونے والے خلاء کو ناقابل تلافی قرار دیا۔

    خواجہ آصف نے حاضرین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی آخروی زندگی کی تیاری کریں اور نیک اعمال بجا لائیں، بالکل اسی طرح غریب و نادار افراد کی مدد کریں جس طرح مرحوم ارشد جاوید وڑائچ کیا کرتے تھے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مرحوم ہر سال رمضان المبارک میں ہزاروں افراد کے لیے سحری و افطاری کا اہتمام کرتے تھے اور انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق کی خدمت کے بدلے مرحوم کی کامل بخشش و مغفرت فرمائے اور ان کے تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

    واضح رہے کہ چوہدری ارشد جاوید وڑائچ (مرحوم) مورخہ 7 اپریل بروز پیر حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ ایصال ثواب کی اس تقریب میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، حنا ارشد وڑائچ، چودھری فیصل اکرام، رانا محمد فیاض، رانا شمیم احمد خان، رانا عبدالستار خان، رانا سعید احمد خان، خرم ورک، نوید اشرف، رانا عارف ہرناہ، رانا لیاقت، سابق ناظم چودھری محمد اکمل چیمہ، حسن اقبال، فاروق گھمن، رانا وحید، رفیق مغل، افضل منشاء، محمد ارسلان خان، آفتاب ناگرہ، محمد خالد وسیم ایڈووکیٹ، عصمت اللہ وریاہ، عبدالشکور مرزا سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مرحوم کی بخشش و مغفرت کے لیے دعا کی۔

  • سیالکوٹ: کاشی گینگ کے 3 ڈاکو گرفتار، لاکھوں کا مال برآمد

    سیالکوٹ: کاشی گینگ کے 3 ڈاکو گرفتار، لاکھوں کا مال برآمد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث کاشی گینگ کے گرد اپنا گھیرا تنگ کرتے ہوئے گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ، نقدی، قیمتی موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔

    ترجمان پولیس کے مطابق، ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کے پیش نظر ڈی ایس پی صدر سرکل کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ اگوکی انسپکٹر نعمان احمد نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں کاشف عرف کاشی گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزمان اسلحہ کے زور پر شہریوں سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ دوران تفتیش ملزمان سے 25 مقدمات ٹریس ہوئے ہیں اور ان کے قبضے سے لاکھوں روپے کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا ہے، جس میں 1 لاکھ 75 ہزار روپے نقدی، 4 عدد قیمتی سمارٹ موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ (3 عدد پسٹل 30 بور معہ متعدد گولیاں) شامل ہیں۔

    گرفتار گینگ کے ملزمان کی شناخت کاشف عرف کاشی ولد محمد اسلم، سکنہ عدالت گڑھا،امیر حمزہ ولد غلام حسین، سکنہ کھنہ چک،دالدار ولد عبدالستار، سکنہ رتیاں سیداں کے ناموں سے ہوئی ہے

    پولیس نے گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری رکھی ہوئی ہے، اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان سے مزید برآمدگیاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • سیالکوٹ: ماحولیاتی چیلنج، شجرکاری ہی واحد حل ہے. ایوب بخاری

    سیالکوٹ: ماحولیاتی چیلنج، شجرکاری ہی واحد حل ہے. ایوب بخاری

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سیالکوٹ ایوب بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی آلودگی جیسے سنگین مسائل کا شکار ہے، ان چیلنجز سے نمٹنے کا واحد حل زیادہ سے زیادہ شجرکاری ہے۔

    سی ٹی آئی ہائی سکول میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت طلباء اور اساتذہ کے ساتھ پودے لگاتے ہوئے ایوب بخاری نے کہا کہ ہر شہری، خصوصاً نوجوان نسل کو اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور کھلی جگہوں پر درخت لگانے چاہئیں اور ان کی حفاظت بھی کرنی چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کا موسم اور زمین شجرکاری کے لیے انتہائی موزوں ہے، یہاں زیادہ بارشیں ہوتی ہیں، اس لیے زیادہ درخت اگائے جا سکتے ہیں۔

    ایوب بخاری نے کہا کہ جنگلات کی کمی کی وجہ سے بارشوں میں کمی اور خشک سالی جیسے خطرات بڑھ چکے ہیں، اگر ہر فرد اپنے حصے کا درخت لگا لے تو موسمیاتی چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

    تقریب میں ڈی او ایمرجنسی نوید اقبال، کلین گرین چیمپئن اشفاق نذر، پرنسپل فاران گل، میڈم ربیقہ گل، اساتذہ، طلباء اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

  • سیالکوٹ: آئین، قانون اور جمہوریت یرغمال ہیں. عمر فاروق ڈار

    سیالکوٹ: آئین، قانون اور جمہوریت یرغمال ہیں. عمر فاروق ڈار

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر فاروق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں آئین، قانون اور جمہوریت یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ گولی اور لاٹھی کی سرکار نے ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ ارباب اختیار کی ناقص پالیسیوں اور غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک انتشار اور افراتفری کا شکار ہے۔ جب تک ملک کو نقصان پہنچانے والے مکروہ چہرے بے نقاب نہیں ہوتے، تب تک امن و خوشحالی کا حصول ممکن نہیں اور عوام کے حقوق اور آزادی کا تحفظ محض ایک خواب بن چکا ہے۔

    اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمر فاروق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں نے غیر معمولی حالات میں ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا اور ریاستی جبر و حکومتی انتقامی کارروائیوں کا ڈٹ کر سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نظریہ پاکستان کے محافظ اور آئین کی بالادستی و قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑ رہے ہیں، جس میں پوری پاکستانی قوم ہمارے ساتھ ہے۔ آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر پاکستان کا مستقبل روشن و تابناک بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ادارے اگر اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں گے تو ملکی مسائل کے حل ہونے میں دیر نہیں لگے گی۔

    اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سٹی صدر میاں اعجاز جاوید، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد الطاف کے علاوہ کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

    عمر ڈار نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے ہمیشہ عوام کو پورا سچ بتایا اور پاکستان کے اندرونی امور میں غیر ملکی مداخلت کے خلاف آواز بلند کی، جس کا مقصد پاکستان کی خود مختاری کا تحفظ اور اندرونی سیاسی امور میں بیرونی مداخلت کا راستہ روکنا تھا، جسے پوری پاکستانی قوم نے پذیرائی دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی آج بھی اپنے موقف پر قائم ہیں۔ پی ٹی آئی پاکستان کی خود مختاری کا تحفظ چاہتی ہے اور بیرونی مداخلت ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکمرانوں کو اپنے غیر ملکی آقاؤں کی خوشنودی کے لیے پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی روش کا حساب دینا پڑے گا۔

  • سیالکوٹ: ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد غیر قانونی افغان شہریوں کی واپسی جاری

    سیالکوٹ: ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد غیر قانونی افغان شہریوں کی واپسی جاری

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز افغان شہریوں کی رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپسی کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ان کی واپسی کا عمل یکم اپریل سے شروع ہو چکا ہے۔ اب تک 1 ہزار 701 افغان شہریوں کو قائم کیمپ میں لایا گیا اور انہیں ان کے ملک روانہ کر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے یہ بات پسرور روڈ سپورٹس کمپلیکس میں قائم افغان کیمپ کے دورے کے موقع پر کیمپ میں سہولیات، حفاظتی و انتظامی امور کا جائزہ لینے کے دوران بتائی۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے میں افغان سٹیزن شپ کارڈ (اے سی سی) رکھنے والے 464 افغان شہری رضاکارانہ طور پر واپس جا چکے ہیں اور 658 افغان شہریوں کو ڈیڈ لائن گزرنے پر کارروائیوں کے بعد بھجوایا گیا ہے، جبکہ 579 افغان شہری اس وقت کیمپ میں موجود ہیں جنہیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ان کے اپنے وطن روانہ کر دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کیمپ میں افغان شہریوں کی سہولت کے لیے بہترین رہائشی و کھانے پینے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں اے سی سی ہولڈرز افغان شہریوں کی کل تعداد 5 ہزار 124 ہے، جبکہ حکومتی ڈیٹا کے مطابق 738 غیر قانونی اور 227 کمپلیکس کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔

  • سیالکوٹ:ریسکیو 1122 کی خواجہ صفدر میڈیکل کالج میں فرضی مشق

    سیالکوٹ:ریسکیو 1122 کی خواجہ صفدر میڈیکل کالج میں فرضی مشق

    سیالکوٹ (سٹی رپورٹرمدثر رتو) خواجہ صفدر میڈیکل کالج میں ریسکیو 1122 نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فرضی مشق کا انعقاد کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر نگرانی یہ مشق کسی بھی ناگہانی صورتحال جیسے آگ لگنے یا زلزلے کی صورت میں فوری ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی۔

    مشق کا بنیادی مقصد کالج کے طلباء، اساتذہ اور دیگر عملے کو تربیت دینا تھا تاکہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اپنی جانیں بچا سکیں۔ فرضی مشق کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے آگ لگنے کی صورت میں عمارت کے اندر پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالنے، بلند عمارت سے لوگوں کو نیچے اتارنے اور فوری طور پر آگ پر قابو پانے کا عملی مظاہرہ کیا۔

    ریسکیو 1122 نے ریسکیو، واٹر ریسکیو اور فائر فائٹنگ کے جدید آلات کے سٹال بھی لگائے اور ان آلات کو ہنگامی حالات میں استعمال کرنے کا طریقہ بھی دکھایا۔ اس فرضی مشق کی مجموعی کمانڈ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے سنبھالی، جبکہ آپریشنل کمانڈ تحصیل انچارج سیالکوٹ محمد رضا، انسیڈنٹ کمانڈ کنٹرول روم انچارج عمران سلیمی، فیلڈ ہسپتال انچارج محمد عمران اور فائر سیکٹر کمانڈر ندیم اختر نے اپنے فرائض سرانجام دیے۔ ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی قیادت میں ریسکیو محافظین نے بھی اس مشق میں حصہ لیا۔

    فرضی مشق کے موقع پر سوشل ورکر روز ویلفیئر کے صدر اشفاق نظر، ڈاکٹر عثمان (کوارڈینیٹر فائر سیفٹی خواجہ محمد صفدر کالج) اور فوکل پرسن سپریڈنٹنٹ ارسل بٹ بھی موجود تھے۔ کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ہما کیانی نے اس فرضی مشق کا جائزہ لیا اور ریسکیو 1122 کی اس کاوش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی فرضی مشقوں کا مقصد ہمیں مستقبل میں پیش آنے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار کرنا ہے اور یہ جاننا ہے کہ ایسی صورت میں ہمارا اگلا قدم کیا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کامیاب فرضی مشق کے انعقاد پر ریسکیو ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے اس موقع پر کہا کہ ریسکیو 1122 عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہے اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کے وژن کے تحت معاشرے کو محفوظ اور صحت مند بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں کمیونٹی ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ہم سب مل کر ہی ایک محفوظ معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

  • سیالکوٹ: جی آر ڈی گھوئنیکی کا سی ای او ہیلتھ کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا گیا

    سیالکوٹ: جی آر ڈی گھوئنیکی کا سی ای او ہیلتھ کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا گیا

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب چوہدری ارشد جاوید وڑائچ اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال کے حکم پر سی ای او ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے جی آر ڈی گھوئنیکی کا اچانک دورہ کیا۔

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما محمد ارسلان خان اور ڈیوٹی پر موجود عملے نے انہیں ہسپتال کا دورہ کروایا۔ سی ای او ہیلتھ نے اپنی مدد آپ کے تحت جاری کاموں اور صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے یقین دہانی کرائی کہ ہسپتال کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق مریضوں کے لیے مفت ڈلیوری، مفت ادویات کی سو فیصد فراہمی اور دیگر سہولیات کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

    انہوں نے پارلیمانی سیکرٹری چوہدری ارشد جاوید وڑائچ اور محمد ارسلان خان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اہلیان علاقہ کی معاونت سے جی آر ڈی گھوئنیکی کو اپ گریڈ کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

  • سیالکوٹ: پولیس میں پروموشن تقریب، ڈی پی او نے افسران کو رینک لگائے

    سیالکوٹ: پولیس میں پروموشن تقریب، ڈی پی او نے افسران کو رینک لگائے

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ڈسٹرکٹ پولیس آفس سیالکوٹ میں نئے ترقی پانے والے پولیس افسران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر سے سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی پانے والے 37 افسران کو رینک لگائے گئے۔

    تقریب میں ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ کے ہمراہ انہیں نئے عہدے کے رینک لگائے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے افسران کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

    اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کہا کہ پولیس سروس میں محکمانہ پروموشن درحقیقت ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے پروموٹ ہونے والے افسران کو ہدایت کی کہ وہ قانون کے یکساں نفاذ، میرٹ کی پاسداری اور بہترین سروس ڈلیوری سے شہریوں کی خدمت اور تحفظ کو شعار بنائیں۔