Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: ماں کی سفاکی، تین بچوں کو زہر دیا، ایک بیٹی جاں بحق

    سیالکوٹ: ماں کی سفاکی، تین بچوں کو زہر دیا، ایک بیٹی جاں بحق

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہدریاض) کوٹلی لوہاراں کے علاقہ میہموجوئیہ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ایک ماں نے مبینہ طور پر اپنے تین بچوں کو زہر دے دیا۔ زہر دینے کی وجہ سے سات سالہ بیٹی ام عمارہ جاں بحق ہو گئی، جبکہ دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق، خاتون سدرہ محسن کا بیرون ملک مقیم شوہر سے فون پر جھگڑا ہوا جس کے بعد اس نے اپنے تین بچوں ام عمارہ (7 سال)، محمد غازی (9 سال) اور محمد حمزہ (3 سال) کو زہر دے دیا۔

    ام عمارہ زہر کے اثر سے جان کی بازی ہار گئی، جبکہ محمد غازی اور محمد حمزہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ایک بچے کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔

    پولیس نے بچوں کے چچا کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ملزمہ سدرہ محسن واقعے کے بعد فرار ہو گئی ہے۔ پولیس ملزمہ کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے اور جلد گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: قصابوں کی لوٹ مار، عوام مہنگائی کا شکار، انتظامیہ خاموش

    سیالکوٹ: قصابوں کی لوٹ مار، عوام مہنگائی کا شکار، انتظامیہ خاموش

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) قصابوں کی لوٹ مار، عوام مہنگائی کا شکار، انتظامیہ خاموش

    تفصیل کے مطابق  ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں پسرور ڈسکہ سمبڑیال  سیالکوٹ اور مضافات جن میں گھوئینکی ، آڈھا موترہ ،جامکی چیمہ ،آدمکے چیمہ ، جیسروالہ ،رنجھائی  منڈیکی گورائیہ سمیت  دیگر علاقوں میی قصائیوں نے  کھلے عام انتظامیہ کو آنکھیں دیکھادیں.

    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی طرف سے جاری کردہ ریٹ لسٹ کو  جوتے کی نوک پر رکھتے ہوۓ سرکاری ریٹ کی بجاۓ من مرضی کے ریٹ پر گوشت کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے،  مٹن گوشت 1800 روپے کی بجاۓ 2600 اور بڑاگوشت 800 کی بجاۓ 1500 سو روپے، مرغی کا گوشت 750 روپے کی بجاۓ 950 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے،

    پرائس کنٹرول مجسٹريٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل چشم پوشی سےشہری مذہبی تہوار عیدالفطر کے موقع پر ناجائزمنافع خور قصابوں کے ہاتھوں مہنگے داموں گوشت خریدنے پر مجبور ہوگئے، شہریوں نے  ارباب اختیار سے نوٹس کا مطالبہ کیا کہ ناجائز  منافع خوروں کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے اور سرکاری ریٹ پر گوشت کی فروخت کو یقینی بنایاجائے.

  • سیالکوٹ : ڈپٹی کمشنر نے عید کے موقع پر جیل، دارالامان اور ہسپتال کا دورہ کیا

    سیالکوٹ : ڈپٹی کمشنر نے عید کے موقع پر جیل، دارالامان اور ہسپتال کا دورہ کیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ڈسٹرکٹ جیل اور دیگر مختلف سرکاری اداروں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اسیران، بے سہارا بچوں اور خواتین اور مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے سب سے پہلے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا، جہاں قیدیوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی، تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ اس کے بعد انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بے سہارا بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان میں مٹھائی تقسیم کی۔

    دارالامان (سوشل ویلفیئر کمپلیکس) میں مقیم خواتین کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے مٹھائی پیش کی گئی۔ اسی طرح علامہ اقبال میموریل ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو مٹھائی دی گئی تاکہ وہ بھی عید کی مسرتیں محسوس کر سکیں۔

    انہوں نے علامہ اقبال میموریل ہسپتال میں عید کے موقع پر ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کی حاضری بھی چیک کی اور کہا کہ اس پر مسرت موقع پر اپنے گھر والوں سے دور رہ کر سرکاری امور نبھانے والے ڈاکٹرز، افسران اور عملہ ستائش کے مستحق ہیں۔

    آخر میں ڈپٹی کمشنر نے ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا اور وہاں کے بچوں کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارے اور انہیں مٹھائی دی۔

    ان مواقع پر گفتگو کرتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر ذولقرنین لنگڑیال نے کہا کہ یہ اقدامات حکومت پنجاب کی عوامی فلاح و بہبود کے جذبے کی عکاسی کرتے ہیں اور ان کا مقصد ان افراد کے ساتھ خوشیاں بانٹنا تھا جو مختلف وجوہات کی بنا پر اپنے گھروں سے دور ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عید الفطر خوشیاں تقسیم کرنے کا موقع ہے اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد خصوصاً بزنس کمیونٹی اور سٹوڈنٹس کو اس موقع پر مجبور اور بے سہارا لوگوں کو یاد رکھنا چاہیے اور انکے ساتھ وقت گزارنا چاہیے۔

  • سیالکوٹ: ریسکیو 1122 کا عید الفطر کے لیے ہائی الرٹ پلان

    سیالکوٹ: ریسکیو 1122 کا عید الفطر کے لیے ہائی الرٹ پلان

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض) ریسکیو 1122 نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک جامع ایمرجنسی کوریج پلان ترتیب دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے اعلان کیا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران تمام ریسکیورز کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے اور کسی بھی ریسکیور کی چھٹی منظور نہیں کی جائے گی۔

    اس سلسلے میں سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کی۔ اجلاس میں ایمرجنسی آفیسر عرفان یعقوب کے علاوہ تمام تحصیل انچارجز اور دیگر اہم افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت پر عید کے دوران اہم مقامات، مساجد اور عید گاہوں پر میڈیکل کوریج فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    چاند رات کے موقع پر بھی ریسکیو 1122 کی گاڑیاں شہر کے اہم اور رش والے مقامات پر موجود رہیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی قیادت میں ریسکیو محافظین بھی ہائی الرٹ رہیں گے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے تمام انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی گاڑیاں ہر وقت تیار رہیں اور ان میں ادویات کی وافر مقدار موجود ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی مشکل پیش آنے پر فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔

  • سیالکوٹ: محنتی سرکاری ملازمین اداروں کا قیمتی اثاثہ ہیں، منشاء اللہ بٹ

    سیالکوٹ: محنتی سرکاری ملازمین اداروں کا قیمتی اثاثہ ہیں، منشاء اللہ بٹ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ فرض شناس اور محنتی سرکاری اہلکار اداروں کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے مطابق دفاتر میں آنے والے سائلین کے مسائل کو خندہ پیشانی سے سن کر ان کے حل کے لیے اقدامات کرنا سرکاری اہلکاروں کا اولین فرض ہونا چاہیے، جس سے معاشرے میں بے چینی اور بے یقینی ختم ہوگی اور بدعنوانی کا بھی خاتمہ ممکن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنمنٹ اسلامیہ کالج سیالکوٹ کے ایڈمنسٹریشن آفیس اور کلاس فور کے محنتی ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا۔

    محمد منشاء اللہ بٹ نے مزید کہا کہ کوئی بھی معاشرہ جزا اور سزا کے نظام کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا، ہر ذمہ دار شخص اپنی ذمہ داری کا جوابدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بدعنوان اور فرائض کی انجام دہی میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کا محاسبہ ضروری ہے، وہیں فرض کی ادائیگی میں اپنا خون پسینہ بہانے والے اہلکاروں کی ستائش بھی انتہائی ضروری ہے، جس سے وہ پہلے سے زیادہ محنت اور دلجمعی سے کام کریں گے اور ادارے کی نیک نامی کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے شیلڈز اور نقد انعامات حاصل کرنے والے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کی اور آئندہ بھی اسی طرح کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی امید ظاہر کی۔ اس موقع پر پرنسپل منیر قادری اور سابق ڈی ڈی کالجز ارشد بٹ بھی موجود تھے۔

  • ظفروال بلڈ سوسائٹی کا سالانہ افطار پروگرام، سینکڑوں افراد کی شرکت

    ظفروال بلڈ سوسائٹی کا سالانہ افطار پروگرام، سینکڑوں افراد کی شرکت

    سیالکوٹ, باغی ٹی وی( نامہ نگار مہر مصطفیٰ )ظفروال بلڈ سوسائٹی بلڈ بینک کی سالانہ تقریب اور افطار پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے سینکڑوں بلڈ ڈونرز، سیاسی و سماجی شخصیات، وکلاء برادری، ڈاکٹر حضرات، پروفیسرز، علماء اکرام، پرنسپلز، تنظیمی عہدیداران، صحافی برادری، طلباء، نوجوانوں، افسران اور علاقے کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔

    بانی و چیئرمین ظفروال بلڈ سوسائٹی حمزہ چوہان نے رب العالمین کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی یہ تقریب منعقد کی گئی، جو ان کے رب کی کرم نوازی ہے۔ انہوں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

    تقریب کے اختتام پر، ظفروال بلڈ سوسائٹی کے فعال ڈونرز کو اعزازی شیلڈز دی گئیں اور ان کی خدمت خلق کے جذبے کو سراہا گیا۔ حمزہ چوہان نے کہا کہ ظفروال بلڈ سوسائٹی ہمیشہ انسانیت کی خدمت میں حاضر رہے گی۔

    تقریب کے آخر میں، ظفروال بلڈ سوسائٹی کے تمام ممبران اور ڈونرز نے فلسطین کے مسلمانوں کے لیے دعائے خیر کی کہ اللہ پاک پوری دنیا میں موجود تمام مسلمان بھائیوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ان کی مدد فرمائے۔

  • سیالکوٹ:سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم کی طرف لانے کی کوششیں تیز

    سیالکوٹ:سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم کی طرف لانے کی کوششیں تیز

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو )انسانی حقوق کی تنظیم روز ویلفیئر آرگنائزیشن کے بانی و صدر محمد اشفاق نذر نے کہا ہے کہ سکولوں سے بھاگے ہوئے اور سکولوں میں نہ جانے والے بچوں کو سکولوں میں لانے کے لیے حکومت، محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ تاہم، والدین اور معاشرے کو بھی چاہیے کہ وہ بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ کیونکہ دنیا کا کوئی بھی ملک اور معاشرہ تعلیم حاصل کیے بغیر ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن نہیں ہو سکتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کوآرڈینیٹر زاہد علی، موبلائزر محمد رفیق، حاجی ناصر مغل، حاجی عبدالرشید، چوہدری آفاق، ملک محمد زاہد، قاری محمد سعید کے ہمراہ لٹریسی سکول میں زیر تعلیم ہونہار طلبہ و طالبات میں کاپیاں گفٹ تقسیم کرنے کے موقع پر کیا۔

    محمد اشفاق نذر نے کہا کہ ان کی تنظیم "پانی مدد آپ” کے تحت عرصہ دراز سے تعلیم کے فروغ اور تعلیم کی اہمیت اور افادیت کے بارے میں دیہی اور شہری علاقوں میں آگاہی دے رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری مہم کا حصہ بن کر بچوں کو سکولوں تک لانے میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کے لیے پاکستان کے ہر بچے کو تعلیم حاصل کرنا ہوگی۔

  • سپارکونے بھی عید کے چاند کی پیش گوئی کر دی

    سپارکونے بھی عید کے چاند کی پیش گوئی کر دی

    سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض) پاکستان کے سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے بھی شوال کے چاند کی رویت سے متعلق پیش گوئی کر دی ہے۔

    سپارکو کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رمضان کا مہینہ 29 دن کا ہونے کی توقع ہے جبکہ عید الفطر 31 مارچ کو ہوگی۔

    سپارکو کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شوال کا نیا چاند 29 مارچ کو دوپہر 3 بج کر 58 منٹ پر تشکیل پائے گا اور 30 مارچ کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 27 گھنٹے ہوگی۔

    اعلامیے کے مطابق، 30 مارچ کو چاند اور سورج کا زاویائی فاصلہ تقریباً 16 ڈگری اور غروب آفتاب کے وقت چاند کی بلندی تقریباً 14 ڈگری ہوگی۔ لہٰذا 30 مارچ کو چاند انسانی آنکھ سے آسانی سے نظر آئے گا۔ تاہم، عید الفطر کی حتمی رویت کا فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔

  • سیالکوٹ: رکن صوبائی اسمبلی منشاء اللہ بٹ کی جانب سے شجرکاری مہم کا آغاز

    سیالکوٹ: رکن صوبائی اسمبلی منشاء اللہ بٹ کی جانب سے شجرکاری مہم کا آغاز

    سیالکوٹ(بیورورپورٹ) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ درخت لگانا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے، اور رمضان کے بابرکت مہینے میں درخت لگانا عظیم صدقہ جاریہ ہے۔ انہوں نے یہ بات آج گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج سیالکوٹ کے سبزہ زار میں پودے لگاتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پرنسپل محمد منیر قادری، ارشد بٹ، اور کامران بٹ بھی موجود تھے۔

    منشاء اللہ بٹ نے پلانٹ فار پاکستان پروگرام کو ماحول دوست منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تغیرات کا واحد حل بھرپور شجرکاری میں مضمر ہے۔ انہوں نے پاکستان میں جنگلات کی کمی اور درختوں کی بے تحاشا کٹائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہر فرد پر زور دیا کہ وہ اپنے حصے کے درخت لگائے اور ان کی حفاظت بھی کرے۔

    اس موقع پر منشاء اللہ بٹ نے گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج کے ملازمین میں حسن کارکردگی شیلڈ اور نقد انعامات بھی تقسیم کیے اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی محنت اور ایمانداری سے انجام دیں گے۔

  • سیالکوٹ : گداگروں کے خلاف انوکھا اقدام، صفائی ستھرائی کا کام سونپ دیا گیا

    سیالکوٹ : گداگروں کے خلاف انوکھا اقدام، صفائی ستھرائی کا کام سونپ دیا گیا

    سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض)ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سیالکوٹ نے ایک انوکھا اقدام کرتے ہوئے پیشہ ور گداگروں کو اسپیشل سینیٹری ورکر بنا کر ان سے قبرستانوں اور شہر کے چوکوں اور چوراہوں کی صفائی کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ایوب بخاری کے مطابق، ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر محکمہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ متعدد بار پکڑے جانے کے باوجود بھیک مانگنے سے باز نہ آنے والے بھکاریوں سے اب اسپیشل سینیٹری ورکرز کا کام لیا جائے گا۔

    آج دو درجن سے زائد پیشہ ور بھکاریوں، جن میں سے اکثریت دوسرے اضلاع سے تعلق رکھتی ہے، کو پکڑ کر بابل شہید قبرستان میں صفائی ستھرائی کے کام پر لگا دیا گیا ہے۔

    ایوب بخاری نے کہا کہ گداگری جرم ہے اور عید کے ایام میں پیشہ ور بھکاریوں نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ اس کے پیش نظر ان کی پکڑ دھکڑ کے لیے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ان کو پکڑ کر ان سے صفائی ستھرائی کا کام لیا جائے گا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر اسلم سکھیرا بھی ان کے ہمراہ تھے۔