Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: گیس لیکیج سے گھر میں آگ، دو خواتین جھلس گئیں

    سیالکوٹ: گیس لیکیج سے گھر میں آگ، دو خواتین جھلس گئیں

    سیالکوٹَ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) مسلم کالونی نزد ڈاکٹر حفیظ کلینک میں ایک گھر میں آگ لگ گئی۔ کچن میں گیس لیکیج کی وجہ سے بجلی کا بٹن دبانے پر آگ پورے کچن میں بھڑک اٹھی، جس نے ساتھ والے کمرے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    ریسکیو 1122 نے بروقت پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ آگ لگنے سے دو خواتین متاثر ہوئیں، جن میں 40 سالہ آمنہ اور 33 سالہ طاہرہ شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 نے انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔

    گھر کے مالک ذوالفقار کے مطابق آگ لگنے سے 3 لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان کا نقصان ہوا، جبکہ ریسکیو کی بروقت کارروائی سے 30 لاکھ روپے مالیت کا سامان اور گھر کو بچا لیا گیا۔

  • سیالکوٹ: خصوصی افراد کیلئے 3 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ افضل سکھیرا

    سیالکوٹ: خصوصی افراد کیلئے 3 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ افضل سکھیرا

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض) اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر افضل سکھیرا نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق سرکاری اور نجی اداروں میں خصوصی افراد (جسمانی معذوری کا شکار) کے لیے 3 فیصد کوٹہ لازمی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران خصوصی مہم شروع کریں اور مختلف صنعتی و کمرشل یونٹس میں کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کی دیکھ بھال اور ضروریات کا خیال رکھنا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی بہبود و بحالی یونٹ برائے معاونت معذور افراد سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال سیالکوٹ چوہدری شریف گھمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ابرار عبداللہ ساہی، عدنان سرور راٹھور، سدرہ سلطانہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر افتخار گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر وسیم مرزا، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد نواز، نمائندہ سول سوسائٹی اشفاق نذر، انجئینیر وقاص لودھی، محمد جمیل اور زبیدہ کوثر سمیت مختلف محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

    افضل سکھیرا نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ معذور افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ہنر مند بنائیں تاکہ خصوصی افراد ہنر مند بن کر ملکی و قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کر سکیں۔

  • سیالکوٹ:انسانی اسمگلنگ، گداگری،بجلی چوری اور ٹریفک قوانین کیخلاف کی ورزی پر کریک ڈاؤن کا حکم

    سیالکوٹ:انسانی اسمگلنگ، گداگری،بجلی چوری اور ٹریفک قوانین کیخلاف کی ورزی پر کریک ڈاؤن کا حکم

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا دوسرا اجلاس ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں لیفٹیننٹ کرنل محمد عمیر، ایس پی انویسٹیگیشن عثمان سیفی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر کے علاوہ ایف آئی اے، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ٹریفک پولیس، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، کسٹمز، گیپکو، سول ڈیفنس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مقامی حکام اور نمائندگان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ایف آئی اے کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ ضلع سیالکوٹ سے غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے اور انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ کالجز میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو ٹریفک قوانین کے بارے میں جامع آگاہی فراہم کی جائے اور انہیں اوور سپیڈ سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کم عمر اور بغیر لائسنس کے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ضلع سیالکوٹ میں گداگری کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس، اسپیشل برانچ اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ مل کر اس مہم کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 300 بھکاریوں کو ویگرنسی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 25 کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتاری کے بعد بھی بھیک مانگنے سے باز نہ آنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور ہاٹ سپاٹس کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن/کمیٹیوں کو گیپکو کے بلوں کی فوری ادائیگی کے لیے اپنے واجبات کی ریکوری تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیلف جنریشن ریسورسز سے پیمنٹ کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے جبکہ گیپکو بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کے لائن لاسسز 5 فیصد سے کم ہیں اور جون تک ریکوریوں کی بدولت یہ شرح مزید کم ہوگی۔ انہوں نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے گیپکو سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کے 100 فیصد اندراج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ محمد انعم بابر کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن/کمیٹیوں کے واٹر سپلائی، ڈسپوزل اسٹیشنز اور اسٹریٹ لائٹس کے بجلی کی ادائیگی کے لیے متعلقہ مقامی حکام سے مل کر لائحہ عمل مرتب کریں۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری نے ضلع سیالکوٹ میں نان کسٹمز گاڑیوں کو پکڑنے، انٹی نارکوٹکس کارروائیوں، مدارس کی رجسٹریشن، منی پٹرول پمپس اور گیس کی ڈی کنڈنگ کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں کمیٹی کے اراکین کو بریفنگ دی۔

  • سیالکوٹ: رمضان سہولت بازار: اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    سیالکوٹ: رمضان سہولت بازار: اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    سیالکوٹ ، باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ اس سال رمضان المبارک میں آلو، پیاز، ٹماٹر اور لیموں سمیت بیشتر اشیاء خوردونوش گزشتہ سال کی نسبت کم قیمت میں مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ سیالکوٹ میں عوام کے لیے رمضان سہولت بازار میں بازار سے بھی رعایتی داموں اشیائے ضروریہ دستیاب ہیں، جہاں چکن پر 25 روپے فی کلو گرام خصوصی ڈسکاؤنٹ دیا جا رہا ہے۔

    یہ بات انہوں نے آج رمضان ماڈل بازار کے دورے کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لینے کے دوران خریداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ملک عبداللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ضلع سیالکوٹ کے 1 لاکھ 12 ہزار سے زائد گھرانوں کو 10 ہزار 500 روپے کے حساب سے نگہبان رمضان پیکج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہولت رمضان بازار مارکیٹ کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کی کاوش ہے جہاں چینی 130 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے اور اسی طرح آٹا، گھی، مشروبات، سبزیوں اور پھلوں پر رعایتی داموں اشیائے خوردونوش کی فروخت جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں گراں فروشی کا سدباب ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے 37 پرائس مجسٹریٹس اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی مسلسل چیکنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ 582 ناجائز منافع خوروں کو 21 لاکھ 15 ہزار 500 روپے جرمانے کیے گئے۔

  • سیالکوٹ میں فوڈ اتھارٹی کا آپریشن: 4 سویٹس یونٹس جرمانے، مضر اجزاء تلف

    سیالکوٹ میں فوڈ اتھارٹی کا آپریشن: 4 سویٹس یونٹس جرمانے، مضر اجزاء تلف

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض ) رمضان المبارک میں شہریوں کو غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کے مشن کے تحت ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا۔ کارروائیوں کے دوران 4 سویٹس یونٹس کو 1 لاکھ 20 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے اور بھاری مقدار میں ممنوعہ اجزاء تلف کیے گئے۔

    ممنوعہ اجزاء برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سٹوریج ایریا میں حشرات کی بھرمار اور بدبودار ماحول پایا گیا۔ واشنگ ایریا میں فنگس لگی ہوئی پائی گئی۔ انتہائی لازم ریکارڈ عدم موجود تھا اور تیار اشیاء کھلی موجود پائی گئیں۔ اشیاء کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں۔ تلف کیے گئے اجزاء میں نان ٹریس ایبل کھلے رنگ، ممنوعہ امونیا اور رنگ کاٹ شامل ہیں۔

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ غیر معیاری، ناقص اور ممنوعہ اشیاء کا استعمال متعدد موذی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ افسران اور فوڈ سیفٹی ٹیمیں 3 شفٹوں میں 24 گھنٹے فیلڈ میں موجود رہیں گی۔ سحر و افطار میں فوڈ پوائنٹس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ملاوٹ اور جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔ زیادہ منافع کی لالچ میں صحت دشمنی کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو پنجاب بھر سے نکال بھگائیں گے۔

    یہ کارروائیاں شہاب پورہ اور حاجی پورہ میں کی گئیں۔

  • سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا سبزی منڈی کا دورہ، قیمتوں کا جائزہ لیا

    سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا سبزی منڈی کا دورہ، قیمتوں کا جائزہ لیا

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض ) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے علی الصبح نیو سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سبزیوں کی نیلامی کے عمل اور طلب و رسد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اپنی نگرانی میں سبزیوں کے نرخ مقرر کروائے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں میں قائم سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس مجسٹریٹس کر رہے ہیں۔ اس کا مقصد شفاف طریقے سے سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کروانا اور پرچون قیمتوں کا تعین کر کے پرائس لسٹ کا بروقت اجراء کرنا اور ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ایڈمنسٹریٹر اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ پرائس لسٹ کی فوری ترسیل کو یقینی بنائیں تاکہ ہر دکاندار واضح جگہ پر پرائس لسٹ آویزاں کر سکے اور صارفین کو مقررہ داموں اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ گراں فروشوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ناجائز منافع خوروں کی دکانیں سیل کی جارہی ہیں، پرائس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کروانے کے علاوہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور دکانداروں اور خوانچہ فروشوں سے مقررہ داموں پر خریداری پر اصرار کریں۔ اضافی دام ہرگز ادا نہ کریں اور شکایت کی صورت میں کنٹرول روم 9250011 پر کال کریں یا پنجاب قیمت ایپ پر اپنی شکایات درج کروائیں۔

    بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل رنگپورہ کا دورہ کیا اور ایس ڈبلیو ایم سی کے عملے کی حاضری چیک کی اور صفائی کے لیے جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔ سی او ایس ڈبلیو ایم سی کاشف رندھاوا بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ایس ڈبلیو ایم سی کے آپریشن ونگ کو ہدایت کی کہ بارشوں کے نئے سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے، چوکنگ پوائنٹس پر ایمرجنسی رین اسکورڈ تشکیل دیئے جائیں جو بارش کے آغاز سے ڈیوٹی پر موجود ہوں اور نشیبی علاقوں میں بارشی پانی کا فوری نکاس ممکن ہو سکے۔

  • کینیڈا میں پاکستانیوں کا وقار بلند، میئر برمپٹن کا افطار ڈنر، مذہبی ہم آہنگی کی مثال

    کینیڈا میں پاکستانیوں کا وقار بلند، میئر برمپٹن کا افطار ڈنر، مذہبی ہم آہنگی کی مثال

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) کینیڈا میں مقیم ممتاز پاکستانی بزنس مین اور ڈائریکٹر سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ لمیٹڈ محمد جاوید چودھری نے کینیڈا کے معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو سراہا۔ انہوں نے یہ بات میئر برمپٹن مسٹر پیٹرک براؤن کی طرف سے پاکستانی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کے اعزاز میں دیئے جانے والے افطار ڈنر کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    افطار ڈنر میں ممبر پارلیمنٹ شفقت علی، ایم پی سونیا سدھو، ندیم، طاہر چودھری، طارق چودھری، طاہر خاں، انور چٹھہ، عبدالرشید بھائی، قمر علی، میاں توحید، میاں وقاص، چودھری جاوید اقبال، محمد آصف، میاں زاہد، غلام نبی، حسن جاوید چودھری، شہروز جاوید چودھری، میاں ندیم، عمیر خاں، رانا حسیب، مرتضی جوئیہ اور بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ علاقائی کونسلر نجوت کور برار بھی میزبانوں میں شامل تھیں۔

    محمد جاوید چودھری نے میئر برمپٹن مسٹر پیٹرک براؤن کی مسلمانوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی روایت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اتحاد و اتفاق کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر پیٹرک براؤن نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور الیکشن میں مسلمانوں کے بھرپور تعاون کا ذکر کیا۔ انہوں نے مسلمان کمیونٹی کے مسائل حل کرانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    ممبر پارلیمنٹ شفقت علی اور سونیا سدھو نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ مسجد ابراہیمی کے انور چٹھہ کی طرف سے برمپٹن سٹی ہال میں مغرب کی اذان نے روحانی ماحول پیدا کیا۔ ہال میں اذان اور باجماعت نماز نے برمپٹن کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا۔

  • سیالکوٹ میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ متحرک

    سیالکوٹ میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ متحرک

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلع سیالکوٹ کے چینی، دالوں، گھی اور چکن سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کے ہول سیل ڈیلروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے اور صارفین کو اشیائے خوردونوش کی کنٹرول ریٹ پر بلا تعطل فراہمی ضلعی انتظامیہ اور ہول سیل ڈیلروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر صوبہ اور ضلع کی سطح پر نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاکسٹ کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مصنوعی قلت یا بحران پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے ہول سیل ڈیلروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دالوں کی امپورٹ سے لے کر مین منڈیوں تک پہنچ اور وہاں سے ڈیلروں اور پرچون فروشوں کے ہاتھوں سے ہوتے ہوئے صارفین تک پہنچنے تک قیمتوں کے تعین تک ہر مرحلے میں انتظامیہ نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب منڈیوں میں طلب و رسد کے نظام کو فول پروف بنانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے جا رہی ہیں، جس سے طلب کے مطابق بروقت امپورٹ اور ضرورت سے زائد اجناس کی ایکسپورٹ کے لیے درست اعداد و شمار اور بروقت پالیسیاں مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔

  • سیالکوٹ:موٹرویز پر تیز رفتاری، مقدمات کا اندراج شروع

    سیالکوٹ:موٹرویز پر تیز رفتاری، مقدمات کا اندراج شروع

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض): سیالکوٹ لاہور موٹروے (M-11) سمیت دیگر موٹرویز پر اوور اسپیڈ گاڑی چلانے والوں پر مقدمات کا اندراج شروع کر دیا گیا ہے۔

    لاہور سیالکوٹ موٹروے پر 150 کلومیٹر سے زائد تیز رفتاری سے گاڑیاں چلانے والے 4 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ موٹرویز ایم 2، ایم 3، ایم 4 اور ایم 5 پر بھی تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والے 16 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    موٹروے پولیس کے مطابق 3 لین والی موٹروے پر حد رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، جبکہ پبلک گاڑیوں کے لیے رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ موٹروے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی ڈرائیور 150 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زائد رفتار سے گاڑی چلائے گا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • ڈسکہ میں تنظیم الااخوان کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع

    ڈسکہ میں تنظیم الااخوان کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ تنظیم الااخوان ضلع سیالکوٹ کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع دارالعرفان ڈسکہ مرکز میں منعقد ہوا۔ اجتماع میں خواتین سمیت ضلع بھر سے سالکین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    شیخ سلسلہ سربراہ تنظیم الااخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے سالکین سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ اس موقع پر صاحب مجاز عبدالحمید چھینہ ایڈووکیٹ نے نئے آنے والے ساتھیوں کو طریقہ ذکر سکھایا۔ ضلعی جنرل سیکرٹری عارف رفیق نے بھی ضلع بھر کے ذمہ داران سے خطاب کیا۔

    اجتماع کے اختتام پر ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔