Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ پولیس کی ماہ فروری میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں

    سیالکوٹ پولیس کی ماہ فروری میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) پولیس نے ماہ فروری 2025 کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری ملزمان، ناجائز اسلحہ، منشیات فروشوں، گداگروں اور ڈکیت گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور برآمدگیوں کو یقینی بنایا۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیالکوٹ پولیس دن رات متحرک ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔

    اشتہاری ملزمان کی گرفتاری
    جرائم کی بیخ کنی کے لیے کی جانے والی کارروائیوں میں قتل، ڈکیتی، رابری، اور اغوا برائے تاوان جیسے سنگین مقدمات میں ملوث کیٹگری A کے 439 اور کیٹگری B کے 551 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 230 ریکارڈ یافتہ ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔

    ناجائز اسلحہ کی برآمدگی

    ضلع بھر میں 206 مقدمات درج کر کے مختلف کارروائیوں میں 1 کلاشنکوف، 27 رائفلز، 186 پسٹلز، اور 797 زندہ کارتوس برآمد کیے گئے، جو کہ امن و امان کے قیام میں اہم پیش رفت ہے۔

    منشیات کے خلاف کارروائی

    منشیات فروشوں کے خلاف سخت اقدامات کے نتیجے میں 210 مقدمات درج ہوئے اور ملزمان کے قبضے سے 146 کلو 700 گرام چرس، 11 کلو 640 گرام ہیروئن، 1249 گرام آئس، 1337 لیٹر شراب اور ایک چالو بھٹی برآمد کی گئی۔

    پتنگ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن
    پولیس نے 96 ملزمان کو گرفتار کر کے 1260 پتنگیں اور 349 کیمیکل ڈوریں برآمد کیں، جبکہ ملزمان کو جوڈیشل حوالات بھجوا دیا گیا۔

    ڈکیت گینگز کی گرفتاری اور مسروقہ سامان کی برآمدگی
    سیالکوٹ پولیس نے 19 ڈکیت گینگز کے 58 ارکان گرفتار کر کے 203 مقدمات ٹریس کیے اور 13 کروڑ سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا، جس میں نقدی، ایک کیری ڈبہ، 48 موٹر سائیکلیں، 21 موبائل فون، طلائی زیورات، مویشی اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں۔

    گمشدہ بچوں کی بازیابی
    پولیس نے 10 گمشدہ یا لاوارث بچوں کو بازیاب کر کے ان کے والدین کے حوالے کیا، جو پولیس کی عوام دوست پالیسی کا ثبوت ہے۔

    گداگری کے خلاف کارروائی
    گداگری میں ملوث 84 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن میں 58 مرد اور 26 خواتین شامل ہیں۔

    E-Gadget ایپ کے ذریعے موبائل فونز کی برآمدگی
    پولیس نے E-Gadget موبائل ایپلیکیشن کی مدد سے 104 چوری و گمشدہ قیمتی سمارٹ فونز برآمد کر کے اصل مالکان کو واپس کیے۔

    کھلی کچہریوں کا انعقاد اور عوامی خدمت
    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کہا کہ پولیس اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ شہریوں کے مسائل سنتی ہے اور کسی کو سفارش کی ضرورت نہیں۔ عوام کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اپنی جان کی پروا کیے بغیر اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی۔

  • سیالکوٹ: پٹرولنگ پولیس کی بڑی کارروائی، کار چھیننے والے تین ڈاکو گرفتار

    سیالکوٹ: پٹرولنگ پولیس کی بڑی کارروائی، کار چھیننے والے تین ڈاکو گرفتار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے) سیالکوٹ کے علاقے گلوٹیاں موڑ پر پٹرولنگ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی واردات میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی کار اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، پٹرولنگ پولیس پوسٹ گلوٹیاں موڑ کو ہیلپ لائن 15 سے اطلاع ملی کہ تین مسلح ملزمان نے تھانہ سبز پیر کے علاقے ڈھینگے سٹاپ سے ایک شخص وجاہت سے نقدی، موبائل فون اور کرولا الٹس گرانڈی کار چھین لی ہے۔ اطلاع ملتے ہی انچارج پٹرولنگ پوسٹ گلوٹیاں موڑ سب انسپکٹر یاسر محبوب اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔

    گرفتار ملزمان کے قبضے سے ڈکیتی شدہ رقم، موبائل فون اور 50 لاکھ روپے مالیت کی کرولا الٹس گرانڈی کار برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور ان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    ریجنل آفیسر ایس پی فاروق احمد بھٹہ نے پٹرولنگ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ٹیم گلوٹیاں موڑ کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات کی سفارش کی ہے۔

  • سیالکوٹ ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائیاں، دو مسافر گرفتار

    سیالکوٹ ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائیاں، دو مسافر گرفتار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی اور ٹیمپرڈ دستاویزات پر سفر کرنے والے دو مسافروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار مسافروں کی شناخت مزمل حسین اور محمد طیب شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، مزمل حسین نامی مسافر فلائٹ نمبر G9-552 کے ذریعے عراق سے پاکستان پہنچا، جس کے پاسپورٹ کی جانچ پڑتال کرنے پر معلوم ہوا کہ پاسپورٹ ٹیمپرڈ شدہ ہے اور اس سے متعدد صفحات غائب ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مزمل حسین سال 2020 سے عراق میں ملازمت کے سلسلے میں مقیم تھا۔

    دوسری جانب، محمد طیب شہزاد نامی مسافر فلائٹ نمبر QR630 کے ذریعے جنوبی افریقہ سے پاکستان پہنچا، جس کے پاسپورٹ پر لگا جنوبی افریقی ویزہ مشکوک پایا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے علی چیمہ نامی ایجنٹ سے 50 ہزار رینڈ کے عوض مذکورہ ویزہ حاصل کیا۔

    ایف آئی اے حکام نے دونوں مسافروں کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل گجرات منتقل کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • سیالکوٹ:روزہ تزکیہ نفس ہے، جس سےظاہر اور باطن پاک ہو جاتا ہے. ارشد جاوید وڑائچ

    سیالکوٹ:روزہ تزکیہ نفس ہے، جس سےظاہر اور باطن پاک ہو جاتا ہے. ارشد جاوید وڑائچ

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض) پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ نے کہا ہے کہ روزہ تزکیہ نفس ہے، روزہ رکھنے سے انسان کا ظاہر اور باطن پاک و صاف ہو جاتا ہے۔ یہ مہینہ اس لحاظ سے بھی باعث برکت ہے کہ اسی ماہ مقدس میں قرآن کریم کا نزول بھی ہوا۔

    انہوں نے یہ بات علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں سحری و افطاری کے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    چوہدری ارشد جاوید وڑائچ نے کہا کہ اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہی دونوں جہانوں کی کامیابی مضمر ہے۔ اگر ہم اپنی زندگیاں اللہ تعالیٰ کے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں کے مطابق گزاریں تو دنیا و آخرت میں کامیابی ہمارا مقدر ٹھہرے گی اور ہمارا شمار اللہ تعالیٰ کے انعام یافتہ بندوں میں ہو جائے گا۔

    پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ماہ صیام نیکیوں کی لوٹ سیل کا مہینہ ہے جس میں نفل کا ثواب فرض اور فرض کا ثواب ستر گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور نیک اعمال کے ساتھ ساتھ اپنے ارد گرد غریب اور مستحق لوگوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔

  • سیالکوٹ: گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 15 دکانداروں پر بھاری جرمانے

    سیالکوٹ: گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 15 دکانداروں پر بھاری جرمانے

    سیالکوٹ ِ,باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری کی قیادت میں گراں فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن، ناجائز منافع خوری پر 22 مقدمات درج کرلیے گئے۔ مقررہ نرخوں سے زائد وصولی پر 15 دکانداروں کو مجموعی طور پر 3 لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ 3 دکانیں سیل اور 4 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے۔

    کریک ڈاؤن کے دوران اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر، پرائس مجسٹریٹس عدنان اور ڈاکٹر تنویر، ڈی او انڈسٹریز تنویر احمد، نائب تحصیلدار حسنین طارق اور مقامی پولیس افسران بھی موجود تھے۔

    اے ڈی سی جنرل ایوب بخاری نے خبردار کیا کہ دکاندار ماہِ صیام میں منافع خوری سے باز رہیں، ورنہ سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

  • سیالکوٹ: ٹریفک قوانین کی آگاہی، شہریوں میں 300 سے زائد مفت ہیلمٹ تقسیم

    سیالکوٹ: ٹریفک قوانین کی آگاہی، شہریوں میں 300 سے زائد مفت ہیلمٹ تقسیم

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) الیکٹرانکس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام فیصل بھٹی اور جنرل سیکرٹری سید آشعر گیلانی کی صدارت میں وزیرآباد روڈ اگوکی موڑ پر شہریوں میں 300 سے زائد مفت ہیلمٹ تقسیم کیے گئے۔

    تقریب میں ڈی ایس پی ٹریفک مدثر احمد اور ایس ایچ او تھانہ اگوکی انسپکٹر نعمان بٹر نے خصوصی شرکت کی۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ڈی ایس پی مدثر احمد کا شاندار استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔ دوران تقریب 300 سے زائد موٹر سائیکل سواروں کے لائسنس چیک کیے گئے اور انہیں ہیلمٹ دیے گئے۔

    اس موقع پر ڈی ایس پی مدثر احمد، انسپکٹر نعمان بٹر، صدر فیصل بھٹی اور جنرل سیکرٹری سید آشعر گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوراہوں پر سیف سٹی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں اور ان کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

    ہیلمٹ نہ پہننے والوں پر بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ اپنی حفاظت کے لیے ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ حادثات کی صورت میں جان محفوظ رہے اور ای چالان کے جرمانے سے بھی بچا جا سکے، بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • سیالکوٹ: پولیس کا  کریک ڈاؤن، 502 بوتلیں ولائتی شراب برآمد،ملزم گرفتار

    سیالکوٹ: پولیس کا کریک ڈاؤن، 502 بوتلیں ولائتی شراب برآمد،ملزم گرفتار

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض ) پولیس کا کریک ڈاؤن، 502 بوتلیں ولائتی شراب برآمد،ملزم گرفتار

    تفصیل کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی ایک بڑی چین کو توڑ دیا اور 502 بوتلیں ولائتی شراب برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق سیالکوٹ میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران یہ بڑی کامیابی حاصل کی گئی۔

    ترجمان پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ صدر سیالکوٹ انسپکٹر میاں عبدالرزاق اور سب انسپکٹر محمد یاسر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے رنگپور کے رہائشی ملزم مبشر ولد پرویز کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 502 بوتلیں ولائتی شراب برآمد کی گئیں۔

    پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزم مبشر نے اعتراف کیا کہ وہ ضلع سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث دیگر افراد تک پہنچا جا سکے۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ پولیس شہر کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے صرف چھوٹے موٹے نشئیوں کے بجائے اس مکروہ دھندے میں ملوث بڑے نیٹ ورکس اور منشیات کے اصل سرغنہ کو پکڑنے پر توجہ دے رہی ہے۔ شہر سے منشیات کے مکمل خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی۔

  • سیالکوٹ: تھانہ سٹی سمبڑیال کے قریب موٹرسائیکل اور گدھا گاڑی میں تصادم، کمسن بچہ جاں بحق

    سیالکوٹ: تھانہ سٹی سمبڑیال کے قریب موٹرسائیکل اور گدھا گاڑی میں تصادم، کمسن بچہ جاں بحق

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) تھانہ سٹی سمبڑیال کے قریب ریسکیو اسٹیشن کے سامنے موٹرسائیکل اور گدھا گاڑی میں افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے نتیجے میں 5 سالہ مہد سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے والد افتخار شدید زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو 1122 نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی۔ شہریوں نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے سڑکوں پر احتیاطی تدابیر سخت کرنے کا مطالبہ کیا۔

  • ڈسکہ: تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز، بھاری جرمانے عائد

    ڈسکہ: تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز، بھاری جرمانے عائد

    ڈسکہ (نامہ نگار ملک عمران) اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ عثمان غنی کی زیر نگرانی شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم میں تیزی لائی گئی ہے۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ نے میونسپل آفیسر ریگولیشن کے ہمراہ پرانی کچہری روڈ، معراج چوک، فوارہ چوک اور کالج روڈ کا دورہ کیا۔

    دوران دورہ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا معائنہ کیا اور موقع پر قائم عارضی تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے کے احکامات جاری کیے۔ اس کے ساتھ ہی، تجاوزات کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے اور سامان کو تحویل میں لے لیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ عثمان غنی نے کہا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے یہ مہم جاری رہے گی اور کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ تجاوزات سے گریز کریں اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔

  • سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا نیو سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ،قیمتوں کاجائزہ

    سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا نیو سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ،قیمتوں کاجائزہ

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے علی الصبح نیو سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا، جہاں سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے عمل اور طلب و رسد کا جائزہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کی تمام سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس مجسٹریٹس کر رہے ہیں تاکہ قیمتوں کا تعین شفاف طریقے سے ہو اور پرائس لسٹ بروقت جاری کی جا سکے۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت دی کہ پرائس لسٹ فوری دکانداروں تک پہنچائی جائے اور ہر دکان پر نمایاں جگہ آویزاں کی جائے تاکہ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء مل سکیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، جو بھی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرے گا اسے جیل بھیجا جائے گا۔ عوام کو ہدایت دی گئی کہ وہ زائد قیمت ادا نہ کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم 9250011 یا پنجاب قیمت ایپ پر رپورٹ درج کرائیں۔

    اس سے قبل ڈپٹی کمشنر نے شہر میں صفائی آپریشن کا جائزہ لیا اور عملے کی حاضری چیک کی۔ سی او ایس ڈبلیو ایم سی کاشف رندھاوا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے صفائی عملے کو ہدایت دی کہ بارشوں کے پیش نظر چوکنگ پوائنٹس پر ایمرجنسی رین اسکواڈ تعینات کیے جائیں تاکہ پانی کے نکاس کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔