Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ:چوہدری آصف علی باجوہ کا اکاش کمرشل سینٹر کا دورہ، تعمیراتی معیار بہتر بنانے کی ہدایت

    سیالکوٹ:چوہدری آصف علی باجوہ کا اکاش کمرشل سینٹر کا دورہ، تعمیراتی معیار بہتر بنانے کی ہدایت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)سابق امیدوار قومی اسمبلی اور معروف سماجی رہنما چوہدری آصف علی باجوہ نے بھاگووال میں زیرِ تعمیر اکاش کمرشل سینٹر کا دورہ کیا اور جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تعمیراتی ٹیم کو ہدایت کی کہ معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔

    چوہدری آصف علی باجوہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکاش کمرشل سینٹر کی تکمیل سے علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید طرز پر تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ مستقبل میں بھاگووال کی شناخت ثابت ہوگا۔

    انہوں نے شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو اپنی اولین ترجیحات قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی عمل طے شدہ معیار کے مطابق تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مختلف بلاکس کا جائزہ لیا، حفاظتی انتظامات چیک کیے اور مزدوروں و انجینئرنگ اسٹاف کی محنت کو سراہا۔

    دورے کے اختتام پر چوہدری آصف علی باجوہ نے امید ظاہر کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل سے مقامی معیشت کو تقویت ملے گی اور یہ کمرشل سینٹر تاجروں کے لیے ایک اہم کاروباری مرکز ثابت ہوگا۔

  • پسرور: تیزرفتار ٹویوٹا الٹ گئی، 7 افراد زخمی، کوئی جانی نقصان نہیں

    پسرور: تیزرفتار ٹویوٹا الٹ گئی، 7 افراد زخمی، کوئی جانی نقصان نہیں

    پسرور (باغی ٹی وی،وقاص اسلم) تحصیل پسرور میں ڈسکہ روڈ پر ٹوریاں والا اسٹاپ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹویوٹا گاڑی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان پیش نہ آیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 25 سالہ زاہد، 15 سالہ عمیر، 4 سالہ زائشاہ، 47 سالہ راشد، 7 سالہ موسیٰ، 24 سالہ نمرہ اور 5 سالہ حسین شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ریسکیو 1122 نے اسپتال منتقل کر دیا۔

    ریسکیو نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

  • سیالکوٹ: سینٹر آف ایکسی لینس میں تین روزہ سالانہ اسپورٹس فیسٹیول 2025 کامیابی سے اختتام پذیر

    سیالکوٹ: سینٹر آف ایکسی لینس میں تین روزہ سالانہ اسپورٹس فیسٹیول 2025 کامیابی سے اختتام پذیر

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، مدثر رتو) سینٹر آف ایکسی لینس بوائز سیالکوٹ میں تین روزہ سالانہ اسپورٹس فیسٹیول 2025 کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔ تقریب میں ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن سیالکوٹ مجاہد علوی، بورڈ آف گورنرز کے ممبران، پرنسپل شہباز حسن اور گرلز کیمپس کی پرنسپل میڈم ارم شیرازی نے خصوصی شرکت کی۔ کھلاڑیوں کے مارچ پاسٹ نے شرکا کی توجہ کا مرکز بنا کر فیسٹیول کو یادگار بنا دیا۔

    فیسٹیول میں کرکٹ، والی بال، فٹبال اور بیڈمنٹن کے مقابلے منعقد ہوئے جبکہ ایتھلیٹکس میں 100 میٹر، 200 میٹر، 400 میٹر دوڑ، رَسّہ کشی اور لانگ جمپ نے ماحول کو جوش و خروش سے بھر دیا۔ بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں کو مہمانِ خصوصی نے ٹرافیاں اور میڈلز سے نوازا۔

    سی ای او ایجوکیشن سیالکوٹ مجاہد علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ طلبہ کی شخصیت اور کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میدانِ کھیل بچوں کو ٹیم ورک، برداشت، محنت، خود اعتمادی اور مقابلہ بازی جیسے اوصاف سکھاتے ہیں، جو زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کی بنیاد بنتے ہیں۔

    انہوں نے اسپورٹس فیسٹیول کے بہترین انتظامات پر سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نصابی سرگرمیوں کے ساتھ طلبہ کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔ مجاہد علوی نے اعلان کیا کہ ضلعی سطح پر کھیلوں کے مواقع کو مزید وسیع کیا جائے گا اور کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومتی سطح پر جامع حکمتِ عملی جاری ہے۔

    آخر میں پرنسپل شہباز حسن نے تمام مہمانوں، اساتذہ، کھلاڑیوں اور آرگنائزنگ کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس فیسٹیول جیسے ایونٹس طلبہ میں اعتماد، نظم و ضبط اور صحت مند مقابلے کی روح پیدا کرتے ہیں۔

  • سیالکوٹ: کم سن بچوں سے مشقت روکنے اور اجرت کے قانون پر عمل درآمد کے اقدامات جاری

    سیالکوٹ: کم سن بچوں سے مشقت روکنے اور اجرت کے قانون پر عمل درآمد کے اقدامات جاری

    پسرور (باغی ٹی وی، نامہ نگاروقاص اسلم) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ شاہد عباس نے کہا ہے کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ سیالکوٹ کم سے کم اجرت کے قانون پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے اور کم سن بچوں سے مشقت لینے والے خلاف سخت کارروائی کرے۔ انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی برائے انسداد جبری مشقت اور اینٹی ہیومین ٹریفکنگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    شاہد عباس نے مزید کہا کہ لیبر کورٹ کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کے لیے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت کارروائی کرے گی تاکہ کسی قسم کی خلاف ورزی نہ ہو۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر طیب ورک، صدر بھٹہ ایسوسی ایشن میاں اکرام، سول سوسائٹی کے ممبران اشفاق نذر گھمن اور مرزا عبدالشکور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسی ساجد علی، اور لٹریسی و چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مقامی حکام بھی موجود تھے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں بھٹہ مزدور بچوں کے لیے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے قائم غیر رسمی اسکولوں کے معائنہ کے لیے سول سوسائٹی اور بھٹہ ایسوسی ایشن کے عہدیداران مشترکہ وزٹ کر کے رپورٹس پیش کریں گے تاکہ بچوں کی تعلیم اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • اے این ایف پنجاب کا آل پاکستان میڈیا ہاؤس رجسٹرڈ کو ایوارڈ 2025 سے نوازا گیا

    اے این ایف پنجاب کا آل پاکستان میڈیا ہاؤس رجسٹرڈ کو ایوارڈ 2025 سے نوازا گیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)آل پاکستان میڈیا ہاؤس رجسٹرڈ کو منشیات جیسی لعنت کے خاتمے کے لیے مستقل بنیادوں پر انٹرنیشنل کبڈی ایونٹس کے انعقاد پر اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب کی جانب سے ایوارڈ 2025 سے نوازا گیا ہے۔ برگئیڈئیر سکندر حیات چوہدری، کمانڈنٹ آفیسر اے این ایف لاہور ریجن، نے لاہور ریجنل آفس میں تنظیم کے مرکزی بانی و صدر ڈاکٹر محمد زمان ہنجرا (گولڈ میڈلسٹ) کو یہ اعزاز پیش کیا۔

    تقریب میں آل پاکستان میڈیا ہاؤس رجسٹرڈ کے مرکزی چیئرمین مشاورت کمیٹی شاہد محمود وڑائچ، چیئرمین انفارمیشن میاں تنویر احمد، چیئرمین شمالی پنجاب محمد آصف شیراز، جنرل سیکرٹری پنجاب حسن بلال اور آئی ٹی انچارج محمد ذوہیب امجد نے خصوصی شرکت کی۔

    اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے آل پاکستان میڈیا ہاؤس رجسٹرڈ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے معاشرتی بہتری کا ایک مثالی کردار قرار دیا۔

    تنظیم کا بنیادی منشور ہے:”نشہ سے انکار، زندگی سے پیار”
    جبکہ تنظیم کا عزم ہے:”ہمارا عزم— منشیات سے پاک معاشرہ”

    تقریب کے اختتام پر شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) اور کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے ساتھ مل کر ملک بھر میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم اور مثبت سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

  • سیالکوٹ، بھکر، چارسدہ اور صوابی میں حادثات، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    سیالکوٹ، بھکر، چارسدہ اور صوابی میں حادثات، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے علیحدہ علیحدہ ٹریفک حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    سیالکوٹ میں بڈیانہ روڈ پر دو تیز رفتار کاروں نے مبینہ طور پر ریس کے دوران رکشے کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی اور ان کا کزن شامل ہے، جبکہ حادثے کے بعد دونوں کاروں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے۔

    چارسدہ کے ترنگزئی بائی پاس پر اسکول وین اور ٹرک میں تصادم ہوا جس میں دو طالب علم جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے۔ زخمی بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    بھکر میں ایم ایم روڈ پر مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔

    صوابی کے شیوہ اڈہ چوک میں دو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق اوور اسپیڈنگ اور لاپرواہ ڈرائیونگ حادثات کی بنیادی وجوہات ہیں۔

  • سیالکوٹ:ریسکیو 1122 کا دی ویژن پبلک ہائی سکول اینڈ کالج درمان میں تربیتی سیشن کا انعقاد

    سیالکوٹ:ریسکیو 1122 کا دی ویژن پبلک ہائی سکول اینڈ کالج درمان میں تربیتی سیشن کا انعقاد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) ریسکیو 1122 کی جانب سے دی ویژن پبلک ہائی اسکول اینڈ کالج درمان میں طلباء و طالبات کے لیے ایمرجنسی ریسپانس اور ابتدائی طبی امداد سے متعلق ایک روزہ تربیتی سیشن منعقد کیا گیا۔

    تربیتی سیشن کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے طلباء کو مختلف ہنگامی صورتحال—جس میں ٹریفک حادثات، آگ لگنے کے واقعات اور طبی ایمرجنسی شامل ہیں جس میں فوری، درست اور مؤثر اقدامات سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔ اس موقع پر سی پی آر (CPR)، زخمیوں کو محفوظ طریقے سے منتقل کرنے کے اصول، اور ریسکیو سروسز کو بروقت اطلاع دینے کا طریقہ کار باقاعدہ عملی مظاہروں کے ساتھ سمجھایا گیا۔

    طلباء و طالبات نے تربیتی پروگرام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ریسکیو ٹیم سے مختلف سوالات بھی پوچھے۔ اسکول انتظامیہ نے ریسکیو 1122 کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے تربیتی سیشنز نوجوانوں میں ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کی آگاہی اور ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    آخر میں ادارے کے مینجنگ ڈائریکٹر حمزہ چوہان نے ریسکیو ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ریسکیو 1122 نے بھی مستقبل میں ادارے میں اسی نوعیت کے مزید تربیتی پروگرام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • سیالکوٹ:  بغیر رجسٹریشن رکشوں، ٹریفک خلاف ورزیوں،گداگروں کے خلاف جامع آپریشن کا حکم

    سیالکوٹ: بغیر رجسٹریشن رکشوں، ٹریفک خلاف ورزیوں،گداگروں کے خلاف جامع آپریشن کا حکم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ضلعی سطح پر گداگری، ٹریفک خلاف ورزیوں اور حادثات میں اضافے کے پیشِ نظر سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کرنل محمد عمیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے گداگروں اور ان کے گینگز کے خلاف ایک جامع اور مؤثر آپریشن شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس، ٹریفک پولیس اور محکمہ سماجی بہبود مشترکہ کارروائیاں کریں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ماہ اکتوبر میں 142 بھکاری گرفتار ہوئے جبکہ 19 مقدمات درج کیے گئے، لیکن اصل نتائج رنگ لیڈرز کو پکڑے بغیر ممکن نہیں۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ بھکاریوں کے روپ میں شرپسند عناصر دہشتگردی جیسی کارروائیاں بھی کر سکتے ہیں، اس لیے بھکاری مافیا کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق اکتوبر میں 15 بچے مختلف مقامات سے بھیک مانگتے ہوئے پکڑے گئے، جن میں سے 9 کو ان کے خاندانوں اور 6 کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک پولیس کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکل رکشوں کے خلاف بلا تاخیر کارروائی کریں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ رکشے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے کے ساتھ ساتھ پھل و سبزی فروخت کر کے سڑکوں پر تجاوزات بھی پیدا کر رہے ہیں۔

    انہوں نے میونسپل کارپوریشن کو احکام جاری کیے کہ ان رکشوں کو رکھنے کے لیے الگ جگہ مختص کی جائے اور رجسٹریشن کے بغیر کسی رکشے کو سڑک پر نہ چھوڑا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ صرف اکتوبر میں 14 ٹریفک حادثات میں 14 موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوئے، جبکہ اُن میں سے 13 افراد بغیر لائسنس کے موٹر سائیکل چلا رہے تھے۔
    انہوں نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر بھیک مانگنے کی حوصلہ شکنی کریں اور مستحق افراد تک امداد پہنچانے کے لیے محکمہ سماجی بہبود سے رہنمائی حاصل کریں۔

  • سمبڑیال : تجاوزات کے خلاف آپریشن، متعدد تھڑے مسمار، بھاری جرمانے عائد

    سمبڑیال : تجاوزات کے خلاف آپریشن، متعدد تھڑے مسمار، بھاری جرمانے عائد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال کی سربراہی میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی خصوصی ہدایت پر کیے گئے اس آپریشن کے دوران پانچ دکانوں کے سامنے قائم ناجائز تھڑے گرا دیے گئے جبکہ مختلف سڑکوں پر تجاوزات میں ملوث 20 افراد کا سامان موقع پر قبضے میں لے لیا گیا۔

    انتظامیہ نے کارروائی کے دوران آٹھ تجاوز کنندگان پر مجموعی طور پر 32 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے۔ متعدد افراد کو آئندہ کے لیے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ سرکاری راستوں پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    اسسٹنٹ کمشنر غلام فاطمہ بندیال نے کہا کہ تجاوزات شہریوں کے لیے مشکلات اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنتی ہیں، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور ہموار آمد و رفت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

  • سیالکوٹ: 13 سالہ بچی اغوا،افغانستان منتقل، 50 لاکھ تاوان طلب

    سیالکوٹ: 13 سالہ بچی اغوا،افغانستان منتقل، 50 لاکھ تاوان طلب

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹرمدثررتو کی رپورٹ)13 سالہ بچی اغوا کرکے افغانستان منتقل، 50 لاکھ تاوان طلب،نامزد ملزمان کی رہائی پر سوالات، والد کا وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں 13 سالہ کم سن بچی کو اغوا کرکے افغانستان منتقل کر دیا گیا، جہاں سے اغوا کاروں نے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر دیا۔ والد کی مدعیت میں درج مقدمے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے جبکہ 22 روز گزرنے کے باوجود مغویہ بازیاب نہیں ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالحق نامی شخص نے اپنی 13 سالہ بیٹی ثمینہ کے اغوا کا مقدمہ تھانہ کوتوالی میں درج کروایا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد سامنے آنے والی معلومات کے مطابق بچی کو سرحد پار افغانستان منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں سے اغوا کاروں نے رابطہ کرکے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔

    متاثرہ والد کا کہنا ہے کہ پولیس تعاون نہیں کر رہی اور نامزد ملزمان کو پکڑ کر دوبارہ چھوڑ دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پولیس کی اس مبینہ غفلت نے بچی کی بازیابی کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ عبدالحق نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور بچی کو واپس لانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

    ایس ایچ او کوتوالی الطاف گھمن کا کہنا ہے کہ مغویہ کی بازیابی کے لیے ’’ییلو وارنٹ‘‘ جاری کروائے جا رہے ہیں اور افغانستان انٹرپول سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب ترجمان پولیس سیالکوٹ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، بچی کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے اور جلد اہم پیش رفت متوقع ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈی پی او فیصل شہزاد نے بھی واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔