Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: بوائز ہائی سکول کوٹلی لوہاراں کا گراونڈ ایک سال سے تالاب میں تبدیل

    سیالکوٹ: بوائز ہائی سکول کوٹلی لوہاراں کا گراونڈ ایک سال سے تالاب میں تبدیل

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کوٹلی لوہاراں کی گراونڈ ایک سال سے تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے، جس کی وجہ سے نوجوان کھیلوں سے دور ہو کر اخلاقی برائیوں کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحصیل سیالکوٹ کی واحد ٹاؤن کمیٹی کوٹلی لوہاراں کی نااہلی کے باعث ٹی ایم اے ایک سال گزرنے کے باوجود گراونڈ سے نکاسی آب کے مسئلے کو حل نہیں کر سکا۔ کرکٹ، فٹبال، دوڑ اور کبڈی سمیت دیگر کھیلیں مکمل طور پر معطل ہیں، جس سے علاقے کے نوجوان شدید مایوسی کا شکار ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، اسسٹنٹ کمشنر، اور چیف آفیسر کی کارکردگی پر مایوس کھلاڑیوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ گراونڈ کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ اس گراونڈ نے پاکستان کو اعجاز احمد، شعیب ملک اور زاہد فضل جیسے بین الاقوامی کھلاڑی دیے ہیں، لیکن اب یہ بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔

    نوجوانوں کا کہنا ہے کہ اگر گراونڈ کو آباد نہ کیا گیا تو علاقے میں کھیلوں کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ خدارا گراونڈ پر رحم کریں اور کھیلوں کے میدان کو ایک بار پھر زندگی بخشیں۔

  • سیالکوٹ :ڈی سی آفس کا سابق کلرک  80 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار

    سیالکوٹ :ڈی سی آفس کا سابق کلرک 80 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)ڈی سی آفس سیالکوٹ کے سابق کلرک کو 80 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے سرکل آفیسر ملک ندیم منور نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا اور مقدمہ درج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابقہ کلرک انیل بابر بھٹی پر الزام تھا کہ اس نے عرفان نامی شہری سے اسلحہ لائسنس جاری کرنے کے عوض 80 ہزار روپے رشوت لی تھی۔ متاثرہ شہری کی درخواست پر اینٹی کرپشن سیالکوٹ نے مقدمہ درج کیا، تاہم ملزم فرار ہو گیا تھا۔ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    سرکل آفیسر اینٹی کرپشن ملک ندیم منور نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن کا خاتمہ اور انصاف کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیحات ہیں۔

  • ڈسکہ: شیخ کمیونٹی کنونشن میں عمرے کے ٹکٹ بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم

    ڈسکہ: شیخ کمیونٹی کنونشن میں عمرے کے ٹکٹ بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم

    ڈسکہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک عمران)انجمن تاجران کی جانب سے عظیم الشان شیخ کمیونٹی کنونشن، عمرے کے ٹکٹ بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم

    تفصیل کے مطابق صدر مرکزی انجمن تاجران ڈسکہ، شیخ عابد حسین نے قائدین بین الاقوامی شیخ کمیونٹی پاکستان کے اعزاز میں ایک شاندار کنونشن کا انعقاد کیا۔

    کنونشن کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر ایئر سیال شیخ شاہد اسلم (ناروے) تھے، جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں شیخ جاوید حیدر (سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی شیخ کمیونٹی پاکستان)، حاجی شیخ حبیب اللہ، شیخ طاہر دانش (صدر مرکزی انجمن تاجران سمبڑیال)، اور شیخ شاءاللہ سمیت کئی اہم شخصیات شامل تھیں۔

    اس تقریب میں بانی شیخ کمیونٹی پاکستان شیخ انور نعیم، شیخ عثمان، شیخ الطاف، اور شیخ ثاقب حمید ایڈووکیٹ نے بھی شرکت کی۔ کنونشن کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے قرعہ اندازی کے ذریعے خوش نصیب شرکاء کو عمرے کے ٹکٹ تقسیم کیے، جن میں ٹکٹ شیخ ثاقب حمید ایڈووکیٹ کے نام نکلا۔

    کنونشن میں شریک معززین نے شیخ کمیونٹی کے اتحاد اور فلاحی اقدامات کو سراہا اور اس طرح کے مزید اجتماعات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔

  • سمبڑیال: پتنگ فروش گرفتار، سینکڑوں پتنگیں اور ڈور برآمد

    سمبڑیال: پتنگ فروش گرفتار، سینکڑوں پتنگیں اور ڈور برآمد

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض)سمبڑیال میں پتنگ فروش گرفتار، سینکڑوں پتنگیں اور ڈور برآمد، سمبڑیال پولیس نے پتنگ فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

    مخبر خاص کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے حسنین نامی پتنگ فروش کو گرفتار کر لیا گیا۔

    گرفتار ملزم کے قبضے سے 200 پلاسٹک ڈور کی پھرکیاں اور 300 مختلف اقسام کی پتنگیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے حوالات میں بند کر دیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق پتنگ بازی کے خلاف مہم کو مزید سخت کیا جائے گا تاکہ شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: خواتین اساتذہ کے کھیلوں کا انعقاد، علامہ اقبال کالج کی شاندار کامیابی

    سیالکوٹ: خواتین اساتذہ کے کھیلوں کا انعقاد، علامہ اقبال کالج کی شاندار کامیابی

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) خواتین اساتذہ کے لیے پہلی بار کھیلوں کا انعقاد، گورنمنٹ علامہ اقبال گریجویٹ کالج کی نمایاں کامیابی

    تفصیل کے مطابق سیالکوٹ میں ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام "سپورٹس ایونٹ فار ٹیچرز 2025ء” کا کامیاب انعقاد ہوا، جس میں خواتین اساتذہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پہلی مرتبہ اساتذہ کے لیے کھیلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، کرکٹ، ٹگ آف وار اور شطرنج جیسے کھیل شامل تھے۔

    گورنمنٹ علامہ اقبال گریجویٹ کالج برائے خواتین کی اساتذہ نے تمام مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ شطرنج کے مقابلے میں مس عدیلہ فاروق، بیڈمنٹن میں مس حمیرا اور مس سمرا محسن، جبکہ کرکٹ، ٹیگ آف وار اور ٹیبل ٹینس میں بھی کالج کی ٹیم نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔

    اساتذہ اور پرنسپلز نے ان مقابلوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایکٹویٹی نہ صرف اساتذہ کے ٹیلنٹ کو ابھارنے کا موقع فراہم کرتی ہے بلکہ تعلیمی معیار میں بھی بہتری کا سبب بنے گی۔

    پرنسپل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس پروفیسر طاہرہ فتح محمد، پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین حاجی پورہ پروفیسر ریحانہ کامران، اور پرنسپل گورنمنٹ نواز شریف کالج پسرور روڈ پروفیسر گلزیب وقاص اعوان نے گورنمنٹ علامہ اقبال گریجویٹ کالج کی پرنسپل پروفیسر زیبا ظہور کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

  • سیالکوٹ:وزیر اعلیٰ پنجاب کی کاوشوں سے ترقی کی رفتار تیز.منشاء اللہ بٹ

    سیالکوٹ:وزیر اعلیٰ پنجاب کی کاوشوں سے ترقی کی رفتار تیز.منشاء اللہ بٹ

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹ مدثر رتو) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی انتھک محنت سے صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ مسلم لیگ ن نے ترقیاتی سفر وہیں سے شروع کیا ہے جہاں پچھلی حکومت کے دوران چھوڑا گیا تھا۔ یہ بات انہوں نے یونین کونسل بونکن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر کہی۔

    اس موقع پر موجود شخصیات میں چودھری عمر ایوب، سابق یوسی چیئرمین میاں شاہد پرویز، میاں منیر احمد، میاں جمیل، میاں شہباز محمد، مہر عارف، ڈاکٹر اسد، راجہ شاہد (دی راج ہوٹل)، عبدالحمید قاسم اور سب انجینئر حافظ اقبال شامل تھے۔

    محمد منشاء اللہ بٹ نے جاری ترقیاتی اسکیموں کے معیار کا معائنہ کیا اور میونسپل کارپوریشن کے انجینئرنگ ونگ کو ہدایت کی کہ گلیوں اور سڑکوں کے لیول کو مدنظر رکھا جائے تاکہ سیوریج کے مسائل کو حل کیا جاسکے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 11 ماہ کی مختصر مدت میں ترقیاتی منصوبوں کے انبار لگا دیے ہیں، جن میں ہونہار اسکالرشپ، ستھرا پنجاب، اور چیف منسٹر ڈسٹرکٹ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز پروگرام 2024-25 شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا دائرہ کار عوام کی دہلیز تک پہنچا دیا گیا ہے۔

    منشاء اللہ بٹ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے، اور موجودہ حکومت معاشی چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے مہنگائی کو بتدریج کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

  • سیالکوٹ: انڈر 16 فٹبال چیمپئن شپ، سیالکوٹ کی شاندار فتح، فاتح ٹیم کو 2 لاکھ روپے انعام

    سیالکوٹ: انڈر 16 فٹبال چیمپئن شپ، سیالکوٹ کی شاندار فتح، فاتح ٹیم کو 2 لاکھ روپے انعام

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(سٹی مدثر رتو) انٹر تحصیل انڈر 16 فٹبال چیمپئن شپ کا فائنل سیالکوٹ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سمبڑیال کو 1 کے مقابلے میں 3 گولز سے شکست دے کر جیت لیا۔ فائنل کنٹونمنٹ فٹبال گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جہاں سیالکوٹ کے وہاج، ہیزل لیو اور رونی عمران نے شاندار گولز کرکے ٹیم کو فتح دلائی۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے فاتح ٹیم کو 2 لاکھ روپے نقد انعام اور ونر ٹرافی، جبکہ رنر اپ ٹیم سمبڑیال کو 1 لاکھ روپے اور ٹرافی دی۔

    چیمپئن شپ کے دوران ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ سیالکوٹ نے ڈسکہ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ سمبڑیال نے پسرور کو زیر کیا۔ فائنل میچ کے پہلے ہاف میں سمبڑیال کے عبداللہ نے پہلا گول کیا، لیکن دوسرے ہاف میں سیالکوٹ کی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے تین گولز سے بازی پلٹ دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر افتخار گوندل کو ہدایت کی کہ میرٹ پر کھلاڑی منتخب کرکے انڈر 16 ٹیم تیار کی جائے تاکہ یہ ٹیم ڈویژن، صوبائی اور قومی سطح پر سیالکوٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے کامیابیاں سمیٹے۔

  • سیالکوٹ: محسن مرے کالج شیخ بشارت اقبال کا تاریخی مولوی میر حسن ہال کی بحالی کا منصوبہ

    سیالکوٹ: محسن مرے کالج شیخ بشارت اقبال کا تاریخی مولوی میر حسن ہال کی بحالی کا منصوبہ

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) محسن مرے کالج شیخ بشارت اقبال کا تاریخی مولوی میر حسن ہال کی بحالی کا منصوبہ

    امریکہ میں مقیم ممتاز پاکستانی بزنس مین شیخ بشارت اقبال نے سیالکوٹ کے گورنمنٹ مرے کالج میں تاریخی مولوی میر حسن ہال کی بحالی کا کام مکمل کرکے اسے دوبارہ کھول دیا۔ یہ ہال مفکر پاکستان حضرت علامہ اقبالؒ کے استاد محترم مولوی میر حسن سے منسوب ہے اور اس کی بحالی پر 35 ملین روپے خرچ کیے گئے ہیں۔

    مولوی میر حسن ہال کی بحالی کے بعد منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن رضوان الحق تھے، جبکہ دیگر نمایاں شخصیات میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر، ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر امان اللہ راٹھور، اور پروجیکٹ ڈائریکٹر سید عابد شیرازی شامل تھے۔ تقریب میں شیخ بشارت اقبال اور ان کی اہلیہ نے خصوصی شرکت کی۔

    شیخ بشارت اقبال نے کہا کہ وہ اپنی دولت عوام اور اپنے مادر علمی پر خرچ کرکے سکون محسوس کرتے ہیں۔ ان کا مقصد سیالکوٹ کی تاریخی اہمیت کو محفوظ کرنا اور نوجوان نسل کو بہترین سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

    یہ ہال وہی جگہ ہے جہاں 30 اپریل 1944 کو قائداعظم محمد علی جناحؒ نے طلبہ سے خطاب کیا تھا۔ منصوبے کے نگران سید عابد شیرازی کے مطابق ہال کو اس کی اصلی حالت میں بحال کیا گیا ہے۔

    تقریب کے اختتام پر شیخ بشارت اقبال کو خصوصی شیلڈ پیش کی گئی، جبکہ دیگر معزز مہمانوں کو بھی یادگاری شیلڈز دی گئیں۔ منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی بھی کی گئی۔ اس تقریب میں شہر کی نمایاں شخصیات اور کالج کے اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    شیخ بشارت اقبال نے مرے کالج کے لیے مزید فلاحی منصوبے شروع کرنے کا عندیہ دیا تاکہ طلبہ کو اعلیٰ معیار کی تعلیم اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

  • سیالکوٹ: نامور کالم نگار حامد علی خان کی صد سالہ یوم پیدائش پر چیمبر آف کامرس میں تقریب

    سیالکوٹ: نامور کالم نگار حامد علی خان کی صد سالہ یوم پیدائش پر چیمبر آف کامرس میں تقریب

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) نامور کالم نگار حامد علی خان کی صد سالہ یوم پیدائش پر چیمبر آف کامرس میں تقریب

    تفصیل کے مطابق روزنامہ نوائے وقت کے معروف کالم نگار حامد علی خان کی صد سالہ یوم پیدائش کے موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی اور ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

    تقریب کے شرکاء میں صدر چیمبر آف کامرس محمد اکرام الحق، سینئر نائب صدر وسیم شہباز لودھی، سابق صدور میاں محمد ریاض، ملک محمد اشرف اعوان، خاور انور خواجہ، ڈاکٹر خرم انور خواجہ، اور دیگر معززین شامل تھے۔ حامد علی خان کے اہل خانہ، جن میں ان کے صاحبزادگان زاہد علی خان، عابد علی خان، اور بیٹی مریم خاتون شامل تھیں، نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

    مقررین نے حامد علی خان کی دبنگ صحافت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیالکوٹ کے مسائل اور عوامی حقوق کے لیے بے خوف ہو کر قلم کا استعمال کیا۔ ان کے بے باک اندازِ تحریر نے حکمرانوں کو تنقید کے نشتر کا سامنا کرنے پر مجبور کیا۔ ان کی خدمات پر بات کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ سیالکوٹ نامہ اور کرکٹ نامہ جیسے مقبول کالمز کے ذریعے عوام کی آواز بنے۔

    مقررین نے مزید کہا کہ حامد علی خان کو علامہ اقبال سے خاص لگاؤ تھا اور وہ اپنے کالمز میں اقبال کے اشعار کا حوالہ ضرور دیتے تھے، جس سے ان کی فکر اور ادبی شغف کا اندازہ ہوتا ہے۔

    تقریب کے اختتام پر حامد علی خان کی یاد میں صدسالہ یوم پیدائش کا کیک کاٹا گیا اور ان کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے دعائیہ کلمات کہے گئے۔ یہ تقریب سیالکوٹ کے ادبی اور سماجی حلقوں کے لیے ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی۔

  • سیالکوٹ: تجاوزات کے خلاف آپریشن، 50 بازاروں کو کلیئر، 9 ریڑھی مارکیٹ قائم

    سیالکوٹ: تجاوزات کے خلاف آپریشن، 50 بازاروں کو کلیئر، 9 ریڑھی مارکیٹ قائم

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) تجاوزات کے خلاف آپریشن، 50 بازاروں کو کلیئر، 9 ریڑھی مارکیٹ قائم

    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے بتایا ہے کہ ضلع میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ رواں ماہ 50 بازاروں اور اہم سڑکوں کو تجاوزات سے پاک کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید 31 بازاروں کو کلیئر کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق، چاروں تحصیلوں میں 9 اینٹی انکروچمنٹ اسکواڈز تشکیل دیے گئے ہیں جو اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران کی نگرانی میں کام کر رہے ہیں۔ تجاوزات کے خاتمے کے لیے 22 ٹریکٹر ٹرالیاں، ایکسکویٹرز، اور دیگر مشینری استعمال کی جا رہی ہیں۔

    آپریشن کے دوران 4 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، 3 لاکھ 7 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 6 املاک سر بمہر کی گئیں، اور 726 اشیاء ضبط کر لی گئیں۔ تجاوزات ہٹانے کے ساتھ بے ترتیب ریڑھی بانوں کو منظم کرنے کے لیے 9 ریڑھی مارکیٹیں قائم کی جا چکی ہیں، اور مزید 3 پر کام جاری ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں 319 مستقل تجاوزات کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سے 210 کو مسمار کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی 100 تجاوزات آئندہ چند دنوں میں گرا دی جائیں گی۔