Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • ڈسکہ: انجمن خدمت خلق کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری

    ڈسکہ: انجمن خدمت خلق کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری

    ڈسکہ،باغی ٹی وی(نامہ نگارملک عمران) انجمن خدمت خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کے نو منتخب عہدیداران برائے سال 2024-26 کی تقریب حلف برداری اور 750 واں ماہانہ اجلاس زچہ بچہ ہسپتال ڈسکہ میں زیر صدارت میاں سعید احمد صراف منعقد ہوا۔

    تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ عبدالغفار نے حاصل کی، جبکہ نعت رسول مقبولؐ انوار احمد سیال نے پیش کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی محمد شریف گھمن (ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سیالکوٹ) اور عدنان احمد راٹھور (اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر آفس ڈسکہ) نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

    محمد شریف گھمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کی شفافیت اور صفائی کے نظام کی تعریف کی اور اسے انسانیت کی خدمت کے لیے بہترین قرار دیا۔

    جنرل سیکرٹری محمد انور مغل نے نومبر کے اجلاس کی کارروائی پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ فنانس سیکرٹری انوار احمد سیال نے مالی گوشوارہ پیش کیا، جبکہ سیکرٹری نشر و اشاعت سہیل سلمان ٹھروہی نے گزشتہ ماہ کی شائع شدہ رپورٹس پیش کیں۔

    اجلاس میں ڈسکہ میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ تقریب کا اختتام مولانا محمد ایوب خان کی دعا اور میاں سعید احمد صراف کی تواضع سے ہوا۔

  • سیالکوٹ:ضلع کچہری میں بھیک مانگنے والے بچوں کا گرینڈ ریسکیو آپریشن

    سیالکوٹ:ضلع کچہری میں بھیک مانگنے والے بچوں کا گرینڈ ریسکیو آپریشن

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی ہدایت پر اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے تعاون سے چائلڈ پروٹیکشن و ویلفئیر بیورو نے ضلع کچہری میں ایک بڑے پیمانے پر آپریشن کرکے بھیک مانگنے والے بچوں اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔

    اس آپریشن میں ضلعی پولیس، سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ آپریشن کے دوران ایک درجن سے زائد بچوں کو بچایا گیا اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی، پیشہ ور بھکاریوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

    ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عرفان اللہ وڑائچ اور سیکرٹری افضال اسلم نے ضلع کچہری میں بھکاریوں کے خلاف کی جانے والی اس کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور وہ اس طرح کے آپریشنز میں ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

  • ڈسکہ : فٹبال میچ، سمبڑیال نے ڈسکہ کو شکست دے دی

    ڈسکہ : فٹبال میچ، سمبڑیال نے ڈسکہ کو شکست دے دی

    ڈسکہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک عمران)تحصیل فٹبال ایسوسی ایشن ڈسکہ کے زیر اہتمام ڈسکہ سٹیڈیم میں ایک شاندار فٹبال میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسکہ اور سمبڑیال کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ ایک دلچسپ مقابلے کے بعد سمبڑیال کی ٹیم نے ڈسکہ کو دو صفر سے شکست دے کر میچ جیت لیا۔

    اس موقع پر مہمان خصوصی طور پر ایم این اے سیدہ نوشین افتخار نے شرکت کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کا حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مرزا عرفان کی اس کوشش کو سراہا جس کے تحت نوجوان نسل کے لیے کھیلوں کے میدان فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ وہ گراؤنڈ کی بہتری اور بڑے سطح پر فٹبال میچز کروانے کے لیے کوششیں کریں گی۔

    فٹبال میچ کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین جمع تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ میچ کے اختتام پر جیتنے والی سمبڑیال کی ٹیم کو انعامات سے نوازا گیا جبکہ تحصیل فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے مہمان خصوصی کو شیلڈز پیش کی گئیں۔

  • سیالکوٹ: ایف آئی اے انٹرپول کی کارروائی، اقدام قتل کا اشتہاری ملزم عمان سے گرفتار

    سیالکوٹ: ایف آئی اے انٹرپول کی کارروائی، اقدام قتل کا اشتہاری ملزم عمان سے گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ایف آئی اے انٹرپول کی بڑی کارروائی، اقدام قتل کے اشتہاری ملزم کی عمان سے گرفتاری

    ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو عمان سے گرفتار کر کے سیالکوٹ ایئرپورٹ منتقل کر دیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول نے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ صدر پسرور، سیالکوٹ میں اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔

    ملزم گزشتہ ایک سال سے بیرون ملک فرار تھا۔ ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے گرفتار ملزم کو پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا ہے۔

    ایف آئی اے کی اس کامیاب کارروائی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

  • سیالکوٹ: جموں روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن، دکان داروں کو وارننگ جاری

    سیالکوٹ: جموں روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن، دکان داروں کو وارننگ جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر کی زیر نگرانی میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کا تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ جموں روڈ پر تجاوزات کی زد میں آنے والے ماربل پتھرز، تھڑوں، اور چھپروں کو مسمار کر دیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر نے بتایا کہ عارضی اور مستقل تجاوزات کے خاتمے کے لیے جامع مہم کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اعجاز حسین ملک کی نگرانی میں مستنصر حسین، انچارج تجاوزات، اور عمر شہزاد، انفورسمنٹ انسپکٹر، کے ہمراہ عملے نے آپریشن کے دوران تجاوزات کنندگان کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ اپنا سامان دکانوں کے اندر رکھیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ دکان داروں اور تجاوزات کنندگان کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ از خود اپنی تجاوزات ہٹا لیں، بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات مسمار کی جائیں گی اور مقدمات و جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

    شہریوں نے اس آپریشن کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ مہم سیالکوٹ میں ٹریفک اور عوامی گزرگاہوں کے مسائل کو حل کرنے میں مؤثر ثابت ہوگی۔

  • سیالکوٹ: یکم فروری سے مشترکہ کھیوٹ کی تقسیم مہم کا آغاز

    سیالکوٹ: یکم فروری سے مشترکہ کھیوٹ کی تقسیم مہم کا آغاز

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیورو چیف شاہد ریاض) یکم فروری سے مشترکہ کھیوٹ کی تقسیم مہم کا آغاز

    سیالکوٹ میں یکم فروری سے مشترکہ کھیوٹ کی تقسیم کی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہاسمنٹ (پلیس) کے تعاون سے محکمہ ریونیو سیالکوٹ اگلے تین ماہ کے دوران یہ مہم مکمل کرے گا۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا نے پلیس ٹیم اور ریونیو افسران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہم کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پلیس ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مہم کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    اجلاس میں پلیس ماہرین نے بتایا کہ وہ تمام اضلاع کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ مشترکہ کھیوٹ کی تقسیم کے عمل کو بروقت اور خوش اسلوبی سے مکمل کیا جا سکے۔

    یہ اقدام ضلع سیالکوٹ سمیت پنجاب بھر میں ریونیو نظام کی بہتری اور شفافیت کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

  • سیالکوٹ: معذور افراد کے لیے "ہمت کارڈ” کی تقسیم

    سیالکوٹ: معذور افراد کے لیے "ہمت کارڈ” کی تقسیم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) رکن صوبائی اسمبلی رانا عارف اقبال ہرناہ نے کہا کہ "ہمت کارڈ” کا اجراء وزیر اعلیٰ پنجاب کا تاریخی کارنامہ ہے، جو معذور افراد کی فلاح کے لیے ایک جامع اور مربوط پروگرام ہے۔

    انہوں نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں معذور افراد میں ہمت کارڈز کی تقسیم کی تقریب میں شرکت کی، جہاں 990 افراد کو پہلے مرحلے میں ہمت کارڈز جاری کیے گئے۔

    رانا عارف اقبال نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ حلقے کے تمام معذور افراد کو اس پروگرام سے فائدہ پہنچے اور ان کا حق ان تک پہنچایا جائے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شریف گھمن نے کہا کہ اس پروگرام کا پراسس مکمل طور پر شفاف رکھا گیا ہے، جس میں درخواست دہندگان کی فزیکل ویریفیکیشن اور اکاؤنٹ کھلوانا شامل ہے۔

  • ڈسکہ: انسانی اسمگلنگ کا شکار 18 سالہ ابوبکر مراکش کشتی حادثے میں جاں بحق

    ڈسکہ: انسانی اسمگلنگ کا شکار 18 سالہ ابوبکر مراکش کشتی حادثے میں جاں بحق

    ڈسکہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک عمران) مراکش سے اسپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار، 18 سالہ ابوبکر کی زندگی کا خواب چکنا چور

    ڈسکہ میں موضع دھرم کوٹ کے 18 سالہ ابوبکر کی اسپین پہنچنے کی آرزو، 34 لاکھ روپے ادا کر کے، حادثے کا شکار ہو کر دم توڑ گئی۔ ابوبکر کا تعلق ڈسکہ کے نواحی گاؤں دھرم کوٹ سے تھا اور وہ اپنے چار بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔ ایجنٹ اعجاز بٹ نے ابوبکر کو اسپین پہنچانے کے لیے 34 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔

    ابوبکر کے تایا اکرم گجر کے مطابق زندہ بچ جانے والوں نے اطلاع دی کہ ابوبکر کو مراکش کے قریب سمندر میں تشدد کا نشانہ بنا کر پھینک دیا گیا۔ ابوبکر کے والدین غم سے نڈھال ہیں اور گاؤں کی فضا سوگوار ہے۔

    ان کا مطالبہ ہے کہ انسانی اسمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور بیٹے کی میت کو واپس لانے کا انتظام کیا جائے تاکہ وہ اپنے ہاتھوں سے تدفین کر سکیں۔

  • سیالکوٹ: تھانہ اگوکی پولیس کی کارروائی، منشیات فروش گرفتار

    سیالکوٹ: تھانہ اگوکی پولیس کی کارروائی، منشیات فروش گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض سے) تھانہ اگوکی پولیس کی کارروائی، منشیات فروش گرفتار

    تھانہ اگوکی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔ ایس ایچ او تھانہ اگوکی، انسپکٹر سید فہد بن فدا کی قیادت میں پولیس ٹیم نے منشیات فروش جنید سکنہ ڈالوالی سے 120 لیٹر ڈرمی اور 120 بوتلیں ولایتی شراب کی برآمد کیں،

    جبکہ محمد رمضان سکنہ گنجیانوالی کلاں کے قبضہ سے 2220 گرام چر س ضبط کرلی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایت پر الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

  • ڈسکہ: مراکش کشتی حادثہ، 2 نوجوان زندہ بچ گئے، انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    ڈسکہ: مراکش کشتی حادثہ، 2 نوجوان زندہ بچ گئے، انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    ڈسکہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک عمران)مراکش میں کشتی حادثے کا شکار ہونے والے افراد میں ڈسکہ کے نواحی دیہات بڈھا گورائیہ اور بھروکی کے دو افراد زندہ بچ جانے والوں میں شامل ہیں۔ ان کے اہل خانہ غم سے نڈھال اپنے پیاروں کی واپسی کی منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بڈھا گورائیہ کے رہائشی ارسلان، جو تین بھائیوں اور پانچ بہنوں میں سے ایک ہیں، اس حادثے میں زندہ بچ گئے ہیں۔ ان کی ماں اپنے زخمی بیٹے کی راہ دیکھتے ہوئے صدمے سے دوچار ہیں۔ دوسری جانب ارسلان کے بہنوئی عرفان جو نواحی موضع بھروکی کے رہائشی ہیں، کا چار سالہ بیٹا اور اہلیہ ان کے انتظار میں ہیں۔

    اہل خانہ کے مطابق ارسلان اور عرفان کو انسانی اسمگلنگ کا شکار بنا کر مراکش لے جایا گیا تھا، جہاں انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ارسلان شدید زخمی حالت میں ہے۔

    اہل خانہ نے بتایا کہ انہوں نے بڈھا گورائیہ کے ایک ایجنٹ اصغر کو ارسلان اور عرفان کو ہوائی جہاز کے ذریعے اسپین پہنچانے کے لیے 80 لاکھ روپے دیے تھے۔ لیکن یہ خواب ایک بھیانک حقیقت میں تبدیل ہوگیا۔

    اہل خانہ نے وزیراعظم میاں شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ انسانی اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں نشان عبرت بنایا جائے تاکہ مزید خاندان ایسے سانحات کا شکار نہ ہوں۔

    شہریوں نے حکومت سے متاثرین کو انصاف دلانے اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔