Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین کا عالمی دن،ریسکیو 1122 کی آگاہی مہم

    سیالکوٹ: روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین کا عالمی دن،ریسکیو 1122 کی آگاہی مہم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر صدارت روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے سلسلے میں ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں میں سیمینارز اور آگاہی واکس کا انعقاد کیا گیا۔ ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر شہریوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی پرچہ جات بھی تقسیم کیے۔

    سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ پر منعقدہ مرکزی سیمینار میں ایم این اے نوشین افتخار نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹریفک حادثات میں اموات کا بڑھتا ہوا رجحان تشویش ناک ہے۔ ریسکیو 1122 کی بروقت رسپانس نے بے شمار قیمتی جانیں بچائی ہیں، تاہم حادثات کی روک تھام کیلئے اجتماعی کوشش ضروری ہے۔ انہوں نے حکومتی تعاون کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر حادثات میں کمی لانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کہا کہ حادثات سے بچاؤ کیلئے ٹریفک قوانین کی پابندی ناگزیر ہے۔ چھوٹے بچوں کو موٹر سائیکل نہ دیں، بائیک کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے میں جانی و مالی نقصان سے بچا جاسکے۔ تقریب کے اختتام پر آگاہی واک بھی نکالی گئی جس میں ریسکیورز اور ریسکیو اسکاؤٹس نے بھرپور شرکت کی۔

  • سیالکوٹ: ڈینگی کی روک تھام کیلئے کمیونٹی موبلائزیشن اہم، ایوب بخاری

    سیالکوٹ: ڈینگی کی روک تھام کیلئے کمیونٹی موبلائزیشن اہم، ایوب بخاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری نے کہا ہے کہ ڈینگی فیور کی روک تھام کیلئے مچھروں کی افزائش گاہوں کا خاتمہ اور کمیونٹی موبلائزیشن نہایت ضروری ہے۔ تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے دفاتر کو بھی مچھروں سے پاک رکھیں اور عوام میں شعور اجاگر کریں تاکہ صاف اور خشک ماحول کے ذریعے ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

    وہ ڈسٹرکٹ انسدادِ ڈینگی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر احمد ناصر، سی ای او ایجوکیشن مجاہد حسین علوی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال 4 ہزار 695 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے، جن میں سے 24 کیسز مثبت سامنے آئے۔

    ایوب بخاری کا کہنا تھا کہ مثبت ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی کی جائے اور ایس او پیز کے مطابق سپرے و لاروا سائیڈنگ یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے 17 نومبر سے شروع ہونے والی 12 روزہ خسرہ و روبیلا مہم کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے دوران 6 ماہ سے 5 سال تک عمر کے 5 لاکھ 99 ہزار 193 بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے 136 فکسڈ اور 358 آؤٹ ریچ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

  • سیالکوٹ: علامہ اقبال میموریل ہسپتال میں 10 نئی ڈائیلاسز مشینیں اور آر او پلانٹس کا افتتاح

    سیالکوٹ: علامہ اقبال میموریل ہسپتال میں 10 نئی ڈائیلاسز مشینیں اور آر او پلانٹس کا افتتاح

    سیالکوٹ (محمد جمال، سٹی رپورٹر) علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں 10 نئی ڈائیلاسز مشینوں کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں پرنسپل خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج محترمہ ہما کیانی سہگل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ہسپتال نے شرکت کی۔

    اس موقع پر ہسپتال میں دو نئے آر او پلانٹس بھی نصب کیے گئے۔ یہ تمام مشینیں اور پلانٹس معروف ادارے افضل الیکٹرونکس کی جانب سے عطیہ کیے گئے ہیں۔

    تقریب میں ڈاکٹر شہزاد شوکت (نیفرالوجسٹ)، ڈاکٹر فاطمہ، محمد راحت بٹ (نمائندہ افضل الیکٹرونکس، انچارج ڈائیلاسز یونٹ) اور سلمان علی بٹ بھی موجود تھے۔

    افضل الیکٹرونکس کی جانب سے عطیہ کی گئی جدید ڈائیلاسز مشینیں گردوں کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کریں گی۔ اس اقدام کو عوام، ہسپتال کے عملے اور شریک مہمانوں کی جانب سے زبردست سراہا گیا۔

    شرکاء نے افضل الیکٹرونکس کے سی ای او وسیم افضل کی فلاحی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام معاشرے میں خدمتِ انسانیت کی بہترین مثال ہے۔

  • سیالکوٹ: یونین کونسل ریسکیو ٹیموں کے درمیان مقابلہ جات، عملی تربیت پر زور

    سیالکوٹ: یونین کونسل ریسکیو ٹیموں کے درمیان مقابلہ جات، عملی تربیت پر زور

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ پر ضلع بھر کی مختلف یونین کونسلز کی ریسکیو سکاؤٹس ٹیموں کے درمیان مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ معاشرے کو محفوظ بنانے کے لیے عام لوگوں کو تربیت دینا ضروری ہے تاکہ حادثات کی صورت میں ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل مریضوں کی جان بچائی جا سکے۔

    ریسکیو1122 نے سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات کے مطابق، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی سربراہی میں ضلع کی چاروں تحصیلوں کی تربیت یافتہ رضاکاروں کی CERT ٹیموں کے درمیان CADRE چیلنج منعقد کروایا۔ پہلے ہر تحصیل میں مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا تھا اور بہترین کارکردگی دکھانے والی یونین کونسل ٹیم نے ضلع سطح کے مقابلہ میں حصہ لیا۔

    اس کے علاوہ میٹل انڈسٹری ادارہ، ووکیشنل ٹریننگ ادارہ، سیالکوٹ کالج آف فزیوتھیرپی اور سیالکوٹ وارڈن کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔ سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر اشفاق نذر، سوشل ورکر میاں اعجاز، ریسکیو ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ، اور دیگر تربیتی اساتذہ بطور مہمان شریک ہوئے اور سکاؤٹس کی حوصلہ افزائی کی۔

    مقابلہ جات میں ٹیموں نے ہنگامی حالات میں مریضوں کی درجہ بندی، ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانا، بلڈنگ گرنے کی صورت میں بچاؤ اور پانی میں پھنسے افراد کو نکالنا جیسے عملی مظاہرے کیے۔

    ٹیموں کی درجہ بندی ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد احسان، محمد عاصم، اسٹیشن کوآرڈینیٹرز محمد نعیم، محمد رضا، ٹریننگ کوآرڈینیٹر محمد وسیم اور ٹرینر علی رضا نے کی۔
    مقابلہ جات میں جیتنے والی ٹیم لاہور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ہونے والے رضاکاروں کے مقابلوں میں سیالکوٹ کی نمائندگی کرے گی۔

  • عالم اسلام متحد نہ ہوا تو سب کی حالت غزہ اور کشمیر جیسی ہو گی، خواجہ آصف

    عالم اسلام متحد نہ ہوا تو سب کی حالت غزہ اور کشمیر جیسی ہو گی، خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر مسلم ممالک نے اپنی اپنی مملکتوں تک محدود رہ کر اجتماعی جدوجہد نہ کی تو سب باری باری مشکلات میں گھر جائیں گے، اور عالمِ اسلام متحد نہ ہوا تو انجام غزہ اور کشمیر جیسا ہو سکتا ہے۔

    سیالکوٹ میں علامہ اقبال کے یومِ پیدائش پر منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں اقبال کے افکار پر چلتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ امتِ مسلمہ اس وقت انتشار کا شکار ہے، غزہ سے کشمیر تک ظلم جاری ہے، ہمیں ہمت اور اتحاد کے ساتھ مظلوموں کی مدد اور ان کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ہم متحد نہ ہوئے تو ایک ایک کر کے سب مشکلات میں مبتلا ہوں گے۔ عالم اسلام کو چاہیے کہ مشترکہ طور پر چیلنجز کا مقابلہ کرے۔

    خواجہ آصف نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کے اردو و فارسی کلام کو ہمیشہ زندہ رکھنا چاہیے، ہم بدقسمتی سے ان کے اصل پیغام سے دور ہوتے جا رہے ہیں، حالانکہ انہوں نے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا خواب دیکھا اور اپنی زندگی اسی مقصد کے لیے وقف کی

    جاپان میں 6.7 شدت کا زلزلہ، سونامی ایڈوائزری جاری

    جنرل ساحر مرزا کا سعودی عرب کا دورہ، کنگ عبدالعزیز میڈل آف آنر سے نوازا گیا

    سعودی عرب کے اسرائیل سے تعلقات فلسطینی ریاست کے قیام سے مشروط

  • سیالکوٹ :مسیحی کمیونٹی کا ایک روزہ پرئیر فیسٹیول،قومی اتحاد، امن اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

    سیالکوٹ :مسیحی کمیونٹی کا ایک روزہ پرئیر فیسٹیول،قومی اتحاد، امن اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)سیالکوٹ میں مسیحی کمیونٹی کی جانب سے ایک روزہ پرئیر فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نیلسن عظیم نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی قیادت معروف مذہبی رہنما پاسٹر انور فضل نے کی۔

    فیسٹیول کے دوران شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر قومی اتحاد اور یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

    وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں مسیحی برادری کی پاکستان کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب اور عقائد کا مشترکہ وطن ہے، اور ہماری قومی یکجہتی ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے ہمیشہ خدمتِ انسانیت، ترقی اور دفاعِ وطن میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

    ڈاکٹر نیلسن عظیم نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کے وقار اور استحکام کی علامت ہے، ہم سب ایک قوم ہیں اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    پاسٹر انور فضل نے اپنے روح پرور خطاب میں کہا کہ پاکستان ہم سب کا وطن ہے، اور ہماری وفاداریاں صرف اپنے ملک کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں پاکستان ایک مضبوط اور متحد قوم کے طور پر ابھرا ہے۔

    پاسٹر انور فضل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کو بھی سراہا، کہا کہ ان کی قیادت میں پنجاب میں ہر مذہب کے پیروکاروں کو برابری، آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔

    انہوں نے بابا گرو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن پر سکھ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا پیغام امن، رواداری اور محبت کا ہے، جو پاکستان کی اصل پہچان ہے۔

    تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، پاک فوج کی کامیابی، شہداء کے درجات کی بلندی، دہشت گردی کے خاتمے، بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

    تقریب میں ضلعی انتظامیہ، مختلف بشپ، پاسٹرز، اور مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

  • سیالکوٹ: یومِ اقبال پر منشاء اللہ بٹ کا خطاب، نئی نسل میں اقبال شناسی کے لیے خصوصی پروگرام کا اعلان

    سیالکوٹ: یومِ اقبال پر منشاء اللہ بٹ کا خطاب، نئی نسل میں اقبال شناسی کے لیے خصوصی پروگرام کا اعلان

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو،نامہ نگار محمد طلحہ کی رپورٹ) یومِ اقبال کے موقع پر سٹی پبلک سکول گرلز کیمپس، جیل روڈ سیالکوٹ میں سٹی ایجوکیشن بورڈ کے زیر اہتمام پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب اور چیئرمین گورننگ باڈی سٹی ایجوکیشن بورڈ محمد منشاء اللہ بٹ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔

    تقریب میں انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب کے 74 ورکرز ویلفیئر سکولز میں اقبال شناسی کے لیے ایک خصوصی پروگرام متعارف کروایا جائے گا، جس کے تحت علامہ اقبال کو بطور مضمون نصاب میں شامل کیا جائے گا تاکہ نئی نسل اقبال کے آفاقی پیغام کو سمجھ سکے اور دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لیے خودی، لگن، محنت اور ایمانداری کو اپنا شعار بنا سکے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، اور نئی نسل کو چاہیے کہ وہ فلسفۂ خودی اور عمل کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں اپنائیں تاکہ وطنِ عزیز حقیقی معنوں میں ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقبال نے نوجوانوں کو بلند حوصلہ، خود اعتمادی اور کردار کی مضبوطی کا درس دیا، اور یہی تعلیمات پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

    تقریب میں گورننگ باڈی کے اراکین حافظ اکبر مانڈہ، عثمان عارف شیخ، طاہر بٹ، پرنسپل تسنیم افضل بٹ، مقبول احمد کے علاوہ معزز مہمان، اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یومِ اقبال کے موقع پر طالبات کے درمیان اردو و انگریزی تقریری مقابلے، کوئز پروگرام اور کلامِ اقبال پر خوبصورت ٹیبلو پیش کیے گئے، جنہیں شرکاء نے بھرپور داد دی۔

    آخر میں مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ تقریب کا اختتام دعا اور قومی ترانے پر ہوا۔

  • سیالکوٹ:کلاسک سکول سسٹم نے آل پاکستان انٹر سکول چیمپئن شپ جیت لی

    سیالکوٹ:کلاسک سکول سسٹم نے آل پاکستان انٹر سکول چیمپئن شپ جیت لی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) کلاسک اسکول سسٹم نے آل پاکستان انٹر اسکول چیمپئن شپ جیت کر ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔

    اسکول کے ہونہار طلبہ و طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اساتذہ، والدین اور ادارے کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ یہ کامیابی اس بات کی عکاس ہے کہ کلاسک اسکول سسٹم نہ صرف تعلیم بلکہ کھیلوں کے میدان میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔

    ادارے کے سربراہ نے تمام کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسکول آئندہ بھی تعلیم و کھیل دونوں شعبوں میں اپنی بہترین روایت برقرار رکھے گا۔

  • سیالکوٹ: سلیم بٹ میموریل والی بال ٹورنامنٹ، اسد کلب چٹی شیخاں کی شاندار فتح

    سیالکوٹ: سلیم بٹ میموریل والی بال ٹورنامنٹ، اسد کلب چٹی شیخاں کی شاندار فتح

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر محمد جمال) سیالکوٹ کے تاریخی گاؤں چٹی شیخاں میں سلیم بٹ میموریل والی بال ٹورنامنٹ کا فائنل شاندار انداز میں منعقد ہوا، جس میں اسد والی بال کلب چٹی شیخاں سیالکوٹ اور اتحاد والی بال کلب سیالکوٹ کی ٹیموں نے شرکت کی۔

    فائنل میں اسد والی بال کلب چٹی شیخاں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-3 سے کامیابی حاصل کی اور ٹرافی اپنے نام کر لی۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق کپتان پاکستان والی بال ٹیم اور نائب صدر پاکستان والی بال فیڈریشن محمد عرفان نواز بٹ تھے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقین نے شرکت کی۔

    اسد والی بال کلب چٹی شیخاں کی شاندار کارکردگی پر عرفان نواز بٹ نے فاتح ٹیم کو 50 ہزار روپے نقد انعام سے نوازا، جبکہ رنر اپ ٹیم اتحاد والی بال کلب سیالکوٹ کو 30 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔

    مزید برآں، ٹورنامنٹ کی انتظامیہ اسد کلب والی بال سیالکوٹ کو بھی 50 ہزار روپے بطور کیش انعام دیا گیا۔بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حیدر عباس کو جبکہ بہترین بوسٹر کا ایوارڈ فیضان فیضی کو دیا گیا، دونوں کو 10،10 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔

    مہمانِ خصوصی عرفان نواز بٹ نے اپنے خطاب میں کہا:”سیالکوٹ میں والی بال کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ نوجوان کھلاڑی ہمارا فخر ہیں۔”

    تقریب سے قبل نائب صدر پاکستان والی بال فیڈریشن عرفان نواز بٹ کی زیر صدارت والی بال کے فروغ کے حوالے سے اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں سابق کپتان پاکستان والی بال ٹیم زمان بٹ، نصرت بٹ، فاروق بٹ، محمد ارشد بٹ، شاہد بٹ، استاد منصب، اسد بٹ، عرفان بٹ، سلطان گجر، استاد حنیف، علی بھٹی، حاجی توقیر قریشی، توصیف قریشی، اللہ دتہ خالد قریشی، ڈاکٹر رستم عاطف گجر، صدیق گجر، استحار گجر سمیت دیگر کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

    اجلاس میں سیالکوٹ میں والی بال کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور کلب سطح پر سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

  • سیالکوٹ: گیپکو اہلکاروں کی تربیتی ورکشاپ، سیفٹی اور کارکردگی میں بہتری کے اقدامات

    سیالکوٹ: گیپکو اہلکاروں کی تربیتی ورکشاپ، سیفٹی اور کارکردگی میں بہتری کے اقدامات

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)گیپکو سیالکوٹ کے اہلکاروں کے لیے جدید حفاظتی اصولوں اور فیلڈ میں مؤثر کارکردگی بڑھانے کے حوالے سے ایک خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں لائن سپرنٹنڈنٹ، فیلڈ اسٹاف اور سب ڈویژن نیکا پورہ کے اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔

    تربیتی سیشن کے دوران افسران نے اہلکاروں کو بجلی کے نظام کی مرمت، سیفٹی کٹس کے مؤثر استعمال، اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

    ورکشاپ کا مقصد عملے میں پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینا اور بجلی سے متعلق حادثات میں ممکنہ حد تک کمی لانا تھا۔

    پروگرام "سیفٹی سیمینار” سب ڈویژن نیکا پورہ سیالکوٹ میں منعقد ہوا، جس میں ایکسین سٹی نمبر ون مدثر چیمہ، ایس ڈی او رانا کاشف، چیئرمین ارشد جاوید ملہی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

    گیپکو انتظامیہ کے مطابق اس طرح کی تربیتی سرگرمیوں سے عملے کی کارکردگی میں بہتری، سیفٹی کلچر کے فروغ اور صارفین کو بہتر سروس کی فراہمی میں مدد ملے گی۔