Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، جعلی دستاویزات پر مسافر گرفتار

    سیالکوٹ: ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، جعلی دستاویزات پر مسافر گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے کی کوشش کرنے والے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت زبیر حسین کے نام سے ہوئی ہے جو یونان جانے کی کوشش میں تھا۔ امیگریشن کلئیرنس کے دوران ملزم کو مشکوک پایا گیا اور ابتدائی تفتیش میں اس کے پاس یونان کا جعلی ریزیڈنٹ پرمٹ کارڈ برآمد ہوا۔

    ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ وہ سال 1997 سے یونان میں مقیم ہے اور اس کے پاس یونان کا ووک (vvoc) ہے۔ اس نے یونان سے اٹلی اور پھر وہاں سے پاکستان کا سفر کیا، لیکن اپنے ووک کے لیے اوکے ٹو بورڈ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ پاکستان پہنچ کر اس نے قیصر نامی ایجنٹ سے رابطہ کیا اور 500 یورو میں یونان کا جعلی ریزیڈنٹ پرمٹ کارڈ حاصل کیا۔

    ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • سیالکوٹ: ڈی پی او رانا عمر فاروق کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

    سیالکوٹ: ڈی پی او رانا عمر فاروق کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر کے صدر اکرام الحق، سینئر نائب صدر وسیم شہباز لودھی اور نائب صدر عمر خالد نے ڈی پی او کا پرتپاک استقبال کیا۔

    دورے کے دوران ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ سیالکوٹ پولیس عوام کے تحفظ اور خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے، جو شہریوں کے تحفظ کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ فیکٹریوں کے مین دروازوں پر نصب کیمرے انٹرنیٹ کے ذریعے ڈی پی او دفتر سے منسلک کیے جائیں تاکہ صنعت کاروں اور ان کی املاک کے تحفظ کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

    ڈی پی او نے مزید کہا کہ کینٹ چوک سمیت اہم چوراہوں کی خوبصورتی اور ٹریفک اشاروں کی تنصیب کے لیے سیالکوٹ چیمبر کا مالی تعاون درکار ہے، اور انہیں یقین ہے کہ چیمبر ہمیشہ کی طرح اس مقصد میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے سیالکوٹ کے تھانہ کوتوالی کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا بھی ذکر کیا اور تاجر برادری سے بھرپور تعاون کی درخواست کی۔

    اس موقع پر تاجر برادری کے رہنما ریاض الدین شیخ، سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے چیئرمین حسن علی بھٹی، وائس چیئرمین ملک فراز اعوان، فوکل پرسن عامر مجید شیخ اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

  • سیالکوٹ: ڈی پی او نے کاشف بٹ کو تھانہ کوتوالی میں ایس ایچ او تعینات کر دیا

    سیالکوٹ: ڈی پی او نے کاشف بٹ کو تھانہ کوتوالی میں ایس ایچ او تعینات کر دیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف، شاہد ریاض) ڈی پی او سیالکوٹ نے تھانہ ہیڈ مرالہ کے ایس ایچ او کاشف بٹ کو تبدیل کرکے تھانہ کوتوالی میں بطور ایس ایچ او تعینات کر دیا ہے۔ کاشف بٹ نے اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ کاشف بٹ اپنی بہترین کارکردگی، محنت، اور لگن کے لیے مشہور ہیں۔ انہوں نے تھانہ ہیڈ مرالہ میں عوام کے مسائل کو حل کرنے اور جرائم کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے۔

    کاشف بٹ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے فرائض بڑی دیانت داری اور خلوص سے انجام دیتے ہیں۔ ان کی تعیناتی کو تھانہ کوتوالی میں جرائم کے خلاف مزید مؤثر اقدامات کی امید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ علاقے کے لوگوں نے ان کے عزم اور خلوص کو سراہتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ انہیں مزید کامیابیاں عطا کرے اور اپنے فرائض کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کی توفیق دے۔

  • سیالکوٹ: شکیلہ آرتھر کی دیوالی تقریب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی

    سیالکوٹ: شکیلہ آرتھر کی دیوالی تقریب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی شکیلہ آرتھر نے دیوالی کے موقع پر ہندو فیملیز میں رقوم کی تقسیم کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا قابل تحسین عمل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے واضح طور پر پیغام دیا ہے کہ اگر اقلیتوں کے ساتھ ظلم و زیادتی ہوئی تو مریم نواز اور ان کی حکومت مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

    انہوں نے یہ بات جگت ناتھ مندر، پیرس روڈ سیالکوٹ میں 40 ہندو خاندانوں میں 15 ہزار روپے فی کس کی تقسیم اور سماجی تنظیموں کی جانب سے سوٹس اور کیک کی تقسیم کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شکیلہ آرتھر نے کہا کہ اقلیتیں اپنے آپ کو پاکستان میں محفوظ اور آزاد محسوس کر رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم سب بلا تفریق و امتیاز دیوالی کی تقریب میں شریک ہیں۔ انہوں نے دیوالی کو امن، آشتی اور محبت کا چراغ قرار دیا۔

    اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے راہنما خواجہ سلطان ٹیپو، اے سی ہیڈ کوارٹر محمد افضل سیکھیرا، ہندو کمیونٹی کے رہنما شادی لال، رتن لال بھگت، سماجی رہنما اشفاق نذر، میاں فیصل شہزاد، جسکرن سنگھ، اور ارشد پوری بھی موجود تھے۔

    اے سی ہیڈ کوارٹر محمد افضل سیکھیرا نے کہا کہ آئین پاکستان تمام مذاہب کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پنجاب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے اور دیوالی کے چراغ کو محبت اور روشنی کا علامت قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بیساکھی، گرو جنم دن، ہولی، دیوالی، کرسمس یا ایسٹر ہم ہمیشہ اقلیتوں کے ساتھ مل کر منائیں گے۔

  • سیالکوٹ: ترقیاتی منصوبوں کی تیزی اور معیار یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت

    سیالکوٹ: ترقیاتی منصوبوں کی تیزی اور معیار یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض) رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سیالکوٹ کا اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال، قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین علی زاہد، سیدہ نوشین افتخار، محمد منشاء اللہ بٹ، چودھری فیصل اکرام، اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات دی گئیں۔

    چیئرمین کمیٹی چودھری ارمغان سبحانی نے سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کا مسئلہ اٹھایا اور اس کا سبب نکاس آب کی کمی اور اوور لوڈنگ کو قرار دیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو سڑکوں کی پائیداری اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کے کناروں پر تعمیر نالوں کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔ مزید برآں، گوجرانوالہ-پسرور روڈ کی کارپٹ تعمیر اور پسرور روڈ کی جلد مرمت کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اوور لوڈنگ پر قابو پانے کے اقدامات کے حوالے سے بتایا کہ ڈمپروں کی لوڈنگ پوائنٹس پر چیک لگا دیا گیا ہے اور ہدایات دی کہ معیار اور تیزی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تاخیر کا شکار یا نااہل کنٹریکٹرز کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہوگی اور انہیں بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو اولین ترجیح دی جائے گی اور کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔

  • سیالکوٹ: سرکاری سکول کے گراؤنڈ پر ناجائز قبضے کی کوشش ناکام

    سیالکوٹ: سرکاری سکول کے گراؤنڈ پر ناجائز قبضے کی کوشش ناکام

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیوروچیف، شاہد ریاض) گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول چپراڑ کی گراؤنڈ پر ناجائز تجاوز کی کوشش ناکام، اہل علاقہ اور اسکول انتظامیہ کی بروقت کارروائی

    تفصیل کے مطابق گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول چپراڑ کی گراؤنڈ پر ناجائز قبضے کی کوشش کو اسکول انتظامیہ اور اہل علاقہ کے معززین نے مشترکہ کوشش سے ناکام بنا دیا۔ واقعہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران پیش آیا جب گاؤں چپراڑ کے چند بااثر افراد نے محکمہ مال کے ملازمین کے تعاون سے اسکول گراؤنڈ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم اسکول انتظامیہ، اہل علاقہ اور علاقے کی سرکردہ شخصیات کی فوری کارروائی سے اس تجاوز کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

    اس کارروائی میں سابق ناظم یونین کونسل چپراڑ، چیئرمین یونین کونسل محمد اعجاز، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر محمد الیاس، ٹیچر سر آصف محمود، اسکول کے پرنسپل محمد احسن نزیر، اور چپراڑ بالا کے نمبردار محمد سلیم نے اہم کردار ادا کیا۔ ان کی بروقت مداخلت نے ممکنہ قبضے کو روکتے ہوئے اسکول کی حدود کو بچا لیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انم بابر کی ہدایت پر تحصیل دار سیالکوٹ محمد سلیم راں نے علاقے کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں کی موجودگی میں اسکول کی حدود کی نشاندہی کی۔ اس کارروائی میں اسکول کی گراؤنڈ کو موجودہ حالت میں درست پایا گیا، جس پر علاقہ مکینوں نے انم بابر اور تحصیل دار کا شکریہ ادا کیا۔

    علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا کہ اس نشاندہی کے بعد اسکول کی حدود کی مکمل رپورٹ تیار کی جائے تاکہ آئندہ ایسی کسی بھی غیر قانونی کوشش کا سدباب کیا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: سرکاری اسکولوں کی نجکاری کے خلاف ٹیچرز یونین کا احتجاجی جلوس

    سیالکوٹ: سرکاری اسکولوں کی نجکاری کے خلاف ٹیچرز یونین کا احتجاجی جلوس

    سیالکوٹ (بیوروچیف باغی ٹی وی، شاہد ریاض)پنجاب ٹیچرز یونین کی جانب سے سرکاری اسکولوں کی نجکاری کے خلاف زبردست احتجاجی جلوس نکالا گیا، جس میں ہزاروں اساتذہ نے شرکت کی۔ احتجاجی ریلی جناح اسٹیڈیم سے شروع ہو کر علامہ اقبال چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ اساتذہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے فیصلے کے خلاف نعرے درج تھے۔

    ریلی کی قیادت پنجاب ٹیچرز یونین ضلع سیالکوٹ کے صدر رانا حفیظ، تحصیل ڈسکہ کے صدر محمد زاہد نور ساہی، وومن ونگ کی صدر محترمہ سونیا نیک محمد، ضلع سیالکوٹ کی صدر افشاں زریں، اور جی ٹی اے پنجاب کے سیکرٹری نشر و اشاعت امتیاز طاہر نے کی۔ ان کے علاوہ محمود غوث، عمر خالد، محمد فیصل نظیر، گوہر ایوب، اور دیگر رہنماؤں نے بھی جلوس میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    امتیاز طاہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت اساتذہ کے احترام اور ان کے معاشی تحفظ کو بالکل نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، "اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور بچوں کے روحانی والدین بھی ہیں۔ جب استاد کو معاشی دباؤ کا سامنا ہوگا، تو وہ اپنی پوری توجہ اور محنت سے طلبا کی تعلیم اور کردار سازی میں کیسے لگا سکے گا؟” انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی قومیں جو اپنے اساتذہ کو معاشی تحفظ نہیں دیتیں، ہمیشہ پیچھے رہ جاتی ہیں۔

    رانا حفیظ نے بھی اپنے خطاب میں حکومت کو خبردار کیا کہ اگر نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "مہنگائی کے اس دور میں ایک استاد جو پورے لگن اور ایمانداری کے ساتھ بچوں کو تعلیم دے رہا ہے، اس کا روزگار ختم کرنے سے اس کے لیے اپنی زندگی گزارنا مشکل ہو جائے گا۔”

    محترمہ سونیا نیک محمد نے خواتین اساتذہ کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خواتین اساتذہ اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہیں اور اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ ہر مشکل کا سامنا کر کے بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کی نجکاری خواتین اساتذہ کے روزگار کو خطرے میں ڈال سکتی ہے اور اس سے پورے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

    افشاں زریں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر حکومت نے اساتذہ کے تحفظات کو نظرانداز کیا اور نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اسے وزیراعلیٰ ہاؤس تک لے جایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ اپنے حقوق کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

    مظاہرے کے دوران اساتذہ نے پرجوش نعرے لگائے اور حکومت کو خبردار کیا کہ ان کے مطالبات کو جلد از جلد تسلیم کیا جائے۔ اساتذہ نے اعلان کیا کہ اگر حکومت نجکاری کے فیصلے پر نظرثانی نہیں کرتی تو وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکنہ اقدام اٹھائیں گے۔

    جلوس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی، اور جلوس کے راستے کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے تھے۔

  • سیالکوٹ: پروفیسر کے قتل پر دو ملزمان کو عمر قید کی سزا

    سیالکوٹ: پروفیسر کے قتل پر دو ملزمان کو عمر قید کی سزا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ میں نجی کالج کے پروفیسر کے قتل کیس میں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی گئی۔ یہ واقعہ گزشتہ سال پیش آیا تھا جب کچہری کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پروفیسر فیصل ظفر کو قتل اور 11 سالہ احمد کو زخمی کر دیا تھا، جس کے باعث احمد زندگی بھر کے لیے معذور ہوگیا۔

    واقعے کے بعد اس وقت کے ڈی پی او حسن اقبال نے فوری طور پر نوٹس لیا اور ڈی ایس پی سٹی طارق محمود ڈھڈی اور انچارج ہومی سائیڈ انسپکٹر غازی عرفان اشرف سمیت دیگر افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے تفتیش میں ملزمان کو ٹوپی اور عینک کی مدد سے شناخت کرتے ہوئے لاہور سے گرفتار کرلیا۔

    ملزم صغیر بٹ نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ اس کی بہن نے فیصل ظفر سے شادی کی تھی، جس پر اسے رنج تھا۔ اس نے اپنے بہنوئی کو قتل کرنے کا ارادہ کیا لیکن فائرنگ میں اس کا سوتیلہ بھانجا فیصل جاں بحق ہوگیا اور خریداری کے لیے آئی ہوئی خاتون کا 11 سالہ بیٹا احمد بھی زخمی ہوگیا۔

    پولیس نے واقعے کا چالان عدالت میں جمع کیا جہاں ایڈیشنل سیشن جج سیالکوٹ شہزادہ مسعود صادق نے پولیس تحقیقات اور وکیل کے دلائل کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر ملزمان صغیر بٹ اور اس کے ساتھی وشال کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔

  • سیالکوٹ: ہندو برادری نے دیوالی تہوار عقیدت و جوش کے ساتھ منایا

    سیالکوٹ: ہندو برادری نے دیوالی تہوار عقیدت و جوش کے ساتھ منایا

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹر مدثررتو) ہندو برادری کا دیوالی تہوار عقیدت و احترام سے منایا گیا، مندر میں روشنیاں کی گئیں اور کیک بھی کاٹا گیا

    تفصیل کے مطابق سیالکوٹ میں پیرس روڈ پر واقع مندر میں ہندو برادری نے دیوالی کا تہوار عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ مندر کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجایا گیا جبکہ روایتی ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے، جس سے تہوار کی رونق میں اضافہ ہوا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر محمد افضل سکھیرا، امن کمیٹی کے ضلعی کوآرڈینیٹر حافظ اصغر علی چیمہ اور مختلف مذاہب کے رہنما شریک ہوئے اور ہندو برادری کے ساتھ دیوالی کی خوشیاں بانٹتے ہوئے کیک کاٹا۔

    سردار جسکرن سنگھ نے اپنے قائد سردار رمیش سنگھ اروڑہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اقلیتی برادری کے لیے مثبت اقدامات کیے ہیں۔ ان کے تعاون سے دیوالی کے موقع پر سیالکوٹ کے لیے 70 امدادی چیک بھی تقسیم کیے گئے۔

    سردار جسکرن سنگھ نے کونسلر موتی لال کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ساروپہ پہنایا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب میں ملک و قوم کی امن اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

  • سیالکوٹ: نوکرانی کے بھیس میں چوری کرنے والا 3 رکنی گروہ گرفتار

    سیالکوٹ: نوکرانی کے بھیس میں چوری کرنے والا 3 رکنی گروہ گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) نوکرانی کے بھیس میں چوری کرنے والا 3 رکنی گینگ گرفتار، 52 لاکھ روپے اور زیورات برآمد

    تفصیل کے مطابق تھانہ اگوکی کے علاقے کھوکھر ٹاؤن میں شہری علاؤالدین کے گھر سے نوکرانی کے بھیس میں کام کرنے والی دو خواتین نے چوری کی واردات انجام دی۔ شہری کی درخواست کے مطابق 11 ستمبر 2024 کو دو نامعلوم خواتین نے صفائی کے کام کے بہانے اس کے گھر میں ملازمت اختیار کی۔ یہ خواتین تقریباً 6 دن کام کرتی رہیں لیکن پھر اچانک بغیر اطلاع کے غائب ہوگئیں۔ جب 21 ستمبر کو شہری کی بیوی نے اپنی الماری چیک کی تو زیورات اور نقدی غائب تھی۔ پولیس نے چوری کی واردات کا مقدمہ درج کر لیا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ رانا عمر فاروق کی خصوصی ہدایت پر ایس پی انویسٹی گیشن اور ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور محکمانہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے چوری میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شدہ خواتین میں نبیلہ عرف رضیہ اور فاطمہ عرف سونیا شامل ہیں جبکہ ملزمہ نبیلہ کا بیٹا عمر فاروق موٹر سائیکل پر ان کے ساتھ واردات میں شامل تھا۔

    تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ گھروں میں صفائی کے کام کا بہانہ بنا کر سیف اور لاکر وغیرہ سے زیورات اور نقدی چرا کر فرار ہو جاتے تھے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے مسروقہ مال، جن میں چار طلائی چوڑیاں اور 52 لاکھ روپے شامل تھے، برآمد کر لیے۔