Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: ویمن انٹرپینورشپ ڈے 19 نومبر کو منایا جائے گا

    سیالکوٹ: ویمن انٹرپینورشپ ڈے 19 نومبر کو منایا جائے گا

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ویمن انٹرپینورشپ ڈے 19 نومبر کو منایا جائے گا

    تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد کی ہدایت پر 19 نومبر کو بینک دولت پاکستان کے زیر اہتمام ویمن انٹرپینورشپ ڈے منایا جائے گا۔ اس دن کا مقصد ایسی خواتین کی حوصلہ افزائی اور انہیں اعانت فراہم کرنا ہے جو جدت پسند ہیں، روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہیں اور معاشی نمو میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

    اسٹیٹ بینک اور اس کے شراکت داروں کا مقصد یہ ہے کہ مزید خواتین انٹرپرینورشپ سے وابستہ ہوں اور آج کے مسابقتی ماحول میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔ حالانکہ خواتین کے کلیدی کردار کے باوجود، انہیں قرضوں اور کاروباری مواقع تک رسائی میں شدید مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

    بینک دولت پاکستان کی تمام شاخوں کے زیر اہتمام بینکوں اور نان بینک اداروں کے اعلیٰ حکام اور ورکنگ وومن ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں کو معیشت میں خاتون آجرین (entrepreneurs) کے اہم کردار پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بینکوں کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز بھی دیے جائیں گے۔ ان ایوارڈز کا مقصد خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباری اداروں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

    اس دن کی مناسبت سے پورے پاکستان میں آن گراؤنڈ اور ورچوئل دونوں قسم کی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ کمرشل بینک خواتین کی سرپرستی میں چلنے والے کاروباری اداروں سے ہم آہنگ مصنوعات کی پیشکش کریں گے۔ ان سرگرمیوں میں ورکشاپس، اسٹیٹ بینک کے ایس ایم ای قرضوں کے متعلق آگاہی مہمات اور مینٹورشپ کے پروگرام شامل ہوں گے، جنہیں ممکنہ کاروباری خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور ان کی قرض لینے کی اہلیت بڑھانے کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔

    یہ دن خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ایک موقع ہوگا، جس سے ملک کی معیشت میں ان کا کردار مزید مستحکم ہوگا۔

  • سیالکوٹ: پیٹرولنگ پولیس پر فائرنگ، ملزمان کارپر فرار

    سیالکوٹ: پیٹرولنگ پولیس پر فائرنگ، ملزمان کارپر فرار

    سیالکوٹ( باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)بڈیانہ میں پیٹرولنگ پولیس کی معمول کی چیکنگ کے دوران ایک مشکوک کار کو روکنے کی کوشش کے دوران ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔ گاڑی میں سوار افراد نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور موقع سے تیز رفتاری سے فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرولنگ پولیس کی ٹیم بڈیانہ میں ناکہ بندی کے دوران جب ایک مشکوک کار کو چیکنگ کے لیے روکا تو گاڑی میں سوار ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر براہ راست فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے باوجود پولیس پارٹی نے ملزمان کا پیچھا جاری رکھا۔

    ملزمان کی کار بڈیانہ ہائی اسکول کے قریب خراب ہوگئی جس کے بعد وہ گاڑی سے اتر کر کھیتوں کی جانب فرار ہوگئے۔ پولیس کی اضافی نفری بھی موقع پر پہنچی۔ واقعے کے بعد پولیس نے ایک ملزم کی شناخت محمد وقاص کے نام سے کی جبکہ دوسرے ملزم کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی۔

    یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملزمان نے پولیس اہلکاروں کو نقصان پہنچانے کی نیت سے فائرنگ کی اور کار سرکار میں مداخلت کی۔ اس حوالے سے ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے تاکہ باقی ماندہ ملزمان کو بھی جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔

  • ڈاکٹر شازیہ بشیر گورنمنٹ ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی وائس چانسلر مقرر

    ڈاکٹر شازیہ بشیر گورنمنٹ ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی وائس چانسلر مقرر

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹرمدثر رتو)پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر کو گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی چھٹی مستقل وائس چانسلر تعینات کر دیا گیا۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے نوٹیفیکیشن کے بعد انہوں نے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔

    ڈاکٹر شازیہ کو اس سے قبل گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی پہلی خاتون وائس چانسلر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے فزکس میں ماسٹرز، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) لاہور سے ایم فل اور ویانا (آسٹریا) کی ٹیکنیکل یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی مکمل کی۔ ان کے 150 تحقیقی مقالے عالمی سطح کے معروف جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔

    اس سے قبل، وہ جی سی یونیورسٹی لاہور میں فیکلٹی آف میتھمیٹیکل اینڈ فزیکل سائنسز کی ڈین کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں عہدہ سنبھالنے پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے ان کا استقبال کیا اور مبارکباد دی۔

    استقبالیہ تقریب میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر الیاس، ٹریژرر پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواز منج، کنٹرولر ملک گلشان اسلم، پروفیسر ڈاکٹر طارق، اور پروفیسر ڈاکٹر اشفاق بھی موجود تھے۔

  • سیالکوٹ: انسداد پولیو مہم جاری، لاکھوں بچوں کو قطرے پلائے گئے

    سیالکوٹ: انسداد پولیو مہم جاری، لاکھوں بچوں کو قطرے پلائے گئے

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، شاہد ریاض)ضلع سیالکوٹ میں انسداد پولیو مہم دوسرے روز میں داخل ہو چکی ہے۔ مہم کے پہلے روز 2 لاکھ 60 ہزار 230 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے گئے، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے بتایا۔

    مہم میں 2676 موبائل ٹیموں نے 82 ہزار 132 گھروں کا دورہ کرتے ہوئے 1 لاکھ 78 ہزار 158 بچوں کو قطرے پلائے، جبکہ 47 ہزار 278 بچے اسکولوں میں قطرے پینے سے مستفید ہوئے۔
    ٹرانزٹ ٹیموں نے 6447 اور 133 فکسڈ ٹیموں نے 3511 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے۔ دیگر اضلاع سے آئے 19 ہزار 943 بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

    مہم کی نگرانی چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ڈی ایچ اوز، اور سپروائزرز کر رہے ہیں۔ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے پولیو مہم کے حوالے سے ایک اجلاس میں ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور تسلی بخش نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔

  • سیالکوٹ:ڈی سی کادورہ سمبڑیال ، ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا معائنہ اور طبی سہولیات کا جائزہ

    سیالکوٹ:ڈی سی کادورہ سمبڑیال ، ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا معائنہ اور طبی سہولیات کا جائزہ

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے تحصیل سمبڑیال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹی ایچ کیو سمبڑیال اور آر ایچ سی بیگووالہ کی ری ویمپنگ کے جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی اور طبی سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے بلڈنگ ڈویژن کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کی اسکیم کو جلد مکمل کیا جائے اور اس میں معیار کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ یہ منصوبے عوام کے لیے دیرپا ثابت ہوں۔

    انہوں نے آر ایچ سی بیگووالہ کی عارضی شفٹنگ کا بھی معائنہ کیا اور ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی بھی قسم کی غفلت سے بچا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے سمبڑیال گرہن بیلٹس کا بھی معائنہ کیا اور اس کی تزئین و آرائش کے لیے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ائیر پورٹ چوک میں سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ اور پاکستان سرجیکل ایسوسی ایشن کے تعاون سے زیر تعمیر مانومنٹ کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

  • ڈسکہ: الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ، 450 مریضوں کا معائنہ

    ڈسکہ: الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ، 450 مریضوں کا معائنہ

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران)الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ، 450 مریضوں کا معائنہ

    تفصیلات کے مطابق شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کی زیر نگرانی الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام ڈسکہ کے موضع ہچڑ میں فری میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا۔ کیمپ میں مختلف امراض کے ماہرین، جن میں شوگر اسپیشلسٹ، ماہر امراض بچگان، سینئر گائناکالوجسٹ اور فزیوتھراپسٹ شامل تھے، نے مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور ادویات فراہم کیں۔

    کیمپ میں 450 مریضوں کا چیک اپ کیا گیا اور 50 ہزار روپے مالیت کی ادویات مفت تقسیم کی گئیں۔ کیمپ میں سیاسی و سماجی شخصیات اور معززین علاقہ نے بھی شرکت کی۔ مریضوں نے الفلاح فاؤنڈیشن اور شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    الفلاح فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے اس موقع پر کہا کہ شیخ سلسلہ عالیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان کی زیر نگرانی ایسے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری رہے گا تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ تنظیم عرصہ دراز سے ملک بھر میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

  • سیالکوٹ: ڈائریکٹر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ چودھری محمد اعجاز سپرد خاک

    سیالکوٹ: ڈائریکٹر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ چودھری محمد اعجاز سپرد خاک

    سیالکوٹ (باغی ٹی وینامہ نگار ) سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر اور پاکستان گلوز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین چودھری محمد اعجاز کو ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ میں رشتہ داروں، قریبی دوستوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    نمازِ جنازہ میں شریک نمایاں شخصیات میں سابق چیئرمین سیال غلام مصطفی چودھری، نعیم اختر، انجینئر خاور انور خواجہ، خواجہ مسعود اختر، سہیل سعید برلاس، سابق رکن صوبائی اسمبلی انجینئر عمران اشرف، موجودہ رکن اسمبلی چودھری فیصل اکرام، اور ممتاز صنعتکار عقیل ظفر بھٹی شامل تھے۔

    دیگر شرکت کرنے والوں میں سرفراز عقیل بھٹی، پروفیسر صہیب احمد، سابق چیئرمین اسپورٹس ایسوسی ایشن چودھری محمد ارشد، سابق وائس چیئرمین سیال نعیم یوسف، چودھری محمد افضل شاہین، چودھری رضا منیر، اور ڈائریکٹر سیال چودھری محمد جاوید شامل تھے۔

    مزید شرکت کرنے والی شخصیات میں میاں عتیق الرحمن، ڈاکٹر عطا اللہ طاہر خان، عبدالشکور مرزا، تجمل حسین، ڈاکٹر محمد ایوب، میاں احسن، عمران شاہد، شہزاد اسحاق، انجم اسحاق، وقاص اسحاق، محمد اعجاز خان نوری، محمد یونس چودھری، ظفر بٹ، احمد صابر شیخ، وقاص اکرم اعوان، اور نصیر اے ملک شامل تھے۔

    چیئرمین یونیورسٹی آف سیالکوٹ ملک فیصل ظہور بھی جنازے میں موجود تھے۔

    مرحوم چودھری محمد اعجاز کی وفات پر سیالکوٹ کی تاجر برادری اور صنعتکار حلقوں میں گہرا رنج و غم پایا جاتا ہے۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: ڈی پی او کی کھلی کچہری، عوامی شکایات کے فوری ازالے کا حکم

    سیالکوٹ: ڈی پی او کی کھلی کچہری، عوامی شکایات کے فوری ازالے کا حکم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،نامہ نگار ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے تھانہ بڈیانہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کچہری میں ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام معاملات کی شفاف اور میرٹ پر تفتیش کی جائے۔

    کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او نے خاص طور پر زمین کے تنازعات سے متعلق کئی دنوں سے زیرِ التوا مقدمات کو فوری نمٹانے کا حکم جاری کیا۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں اور جودھالہ میں دفعہ 324 کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔

    ڈی پی او رانا عمر فاروق نے کہا کہ علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور انہیں ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پسرور اور بڈیانہ میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے اضافی نفری اور پنجاب پولیس کی یوسی فورس تعینات کی جائے گی۔

    کھلی کچہری میں ایس ایچ او تھانہ بڈیانہ، ایس ایچ او سٹی، ایس ایچ او تھانہ صدر، اور ایس ایچ او تھانہ قلعہ کالر والا نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو ان کے مسائل کا فوری اور موثر حل فراہم کرنا ہے تاکہ انصاف ان کی دہلیز پر پہنچایا جا سکے۔

    سیالکوٹ پولیس عوام کی خدمت اور تحفظ کے لیے دن رات سرگرم عمل ہے اور شہریوں کی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔

  • سیالکوٹ میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

    سیالکوٹ میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ 28 اکتوبر سے ضلع سیالکوٹ میں 5 روزہ قومی انسداد پولیو مہم شروع ہو رہی ہے۔ اس مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے تقریباً 8 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے اور وٹامن اے کیپسول پلایا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس مقصد کے لیے 6 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اور سٹاف فرائض انجام دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ موبائل ٹیمیں گھروں، سکولوں اور مدارس میں جاکر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی جبکہ فکسڈ ٹیمیں دیہی و بنیادی مراکز صحت اور ہسپتالوں میں موجود رہیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مہم کی نگرانی کے لیے مختلف سطحوں پر افسران تعینات کیے گئے ہیں اور تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی ڈی ایچ اوز مہم کو سپروائز کریں گے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس مہم کے دوران ضلع سیالکوٹ میں کچی آبادیوں، خانہ بدوشوں اور مائیگرنٹ موبائل پاپولیشن کو بھی کور کیا جائے گا۔

    یہ مہم پولیو کے خاتمے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ورکرز سےا تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔

  • سیالکوٹ: صنعتی ترقی اور تاریخی خدمات ،8 ہزار صنعتی یونٹس سالانہ 3 بلین ڈالر کی برآمدات

    سیالکوٹ: صنعتی ترقی اور تاریخی خدمات ،8 ہزار صنعتی یونٹس سالانہ 3 بلین ڈالر کی برآمدات

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں آلات جراحی، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کے سامان اور میوزیکل انسٹرومنٹس سمیت دیگر اشیاء تیار کرنے والے 8 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے صنعتی یونٹس کام کر رہے ہیں۔ یہاں کی مصنوعات کی یورپ، افریقہ اور امریکہ سمیت دنیا بھر میں مانگ ہے۔ سیالکوٹ سالانہ 3 بلین ڈالر سے زائد کی برآمدات کے ذریعے ملک کے لیے قیمتی زر مبادلہ کما رہا ہے، جس کی بدولت سیالکوٹ کی فی کس آمدنی ملک بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ان خیالات کا اظہار نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، کوئٹہ کے زیر تربیت افسران کے 25 رکنی وفد کو سیالکوٹ کی انتظامی، تاریخی، جغرافیائی، سیاسی، سماجی، اور معاشی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت معراج انیس عارف اور ڈاکٹر سید علی رضا شاہ کر رہے تھے، جبکہ وفد کے دیگر اراکین میں عبد الحمید جاگیرانی، عبد الکبیر خان، عبدالقیوم، عبدالرشید، آفاق حیدر، علی احمد، عطاء اللہ شاہ، بتول اسدی، فصیح الدین، فیاض محمد، غلام مرتضیٰ، حبیب اللہ خان، کامران مغل، مولا داد، محمد انوار الحق، محمد علی شاہ، محمد سمیع ملک، محمد یوسف، ممتاز علی، منور علی دیو، ثاقب خان، شیر عالم خان، کیپٹن (ر) شیر علی، ظفر عباس اور کیپٹن (ر) زوہیب محسن شامل تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مظفر مختار اور اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر بھی موجود تھیں۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کی مردم خیز مٹی نے مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال، فیض احمد فیض، ظہیر عباس، امجد اسلام امجد، ظفر علی خان اور کلدیپ نیئر جیسے عظیم سپوتوں اور مشاہیر کو جنم دیا۔ انہوں نے چونڈہ کے محاذ پر پاک بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں پاک فوج اور سیالکوٹ کے بہادر شہریوں نے دشمن کو شکست فاش سے دوچار کیا، جس کے اعتراف میں سیالکوٹ کو ہلالِ استقلال کا اعزاز عطا کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کو اپنی مدد آپ کے تحت سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ڈرائی پورٹ اور ایئر لائن بنانے کا منفرد اعزاز حاصل ہے، اور یہ منصوبے نجی شعبے میں کامیابی سے چل رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، بزنس کمیونٹی نے 25 سال قبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شہر کی سڑکوں، سیوریج اور نالوں کی تعمیر کا کامیاب منصوبہ مکمل کیا، جو ملک کے کسی اور شہر میں مثال نہیں رکھتا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعتی اور اقتصادی ترقی ملک کے لیے فخر کا باعث ہے اور یہاں کی بزنس کمیونٹی کے اقدامات دیگر شہروں کے لیے ایک مثال ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر نیشنل اسمبلی سے پاس ہونے والی اسلامی ترامیم پر بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سیالکوٹ کا عوامی اور کاروباری ماڈل ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔