Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: ائیرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، قطر جانے والے 6 مسافر گرفتار، یورپ اسمگلنگ کا نیا روٹ بے نقاب

    سیالکوٹ: ائیرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، قطر جانے والے 6 مسافر گرفتار، یورپ اسمگلنگ کا نیا روٹ بے نقاب

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹرمدثررتو) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے قطر جانے والے 6 مشتبہ مسافروں کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سے ہے، جن کے پاسپورٹ پر قطر کے ورک پرمٹ ویزے درج تھے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق یہ افراد قطر کے راستے لیبیا اور پھر سمندری راستے سے اٹلی جانے کی کوشش میں تھے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ قطر کے ذریعے یورپ اسمگلنگ کا یہ ایک نیا روٹ سامنے آیا ہے۔ گرفتار افراد نے مبینہ طور پر ایجنٹوں کو فی کس 32 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔

    ادھر جنوبی پنجاب میں بھی ایف آئی اے ملتان نے کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ادارے کے مطابق ملزمان نے سادہ لوح شہریوں کو بیرونِ ملک روزگار کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیائے اور بعد میں نہ ویزے فراہم کیے اور نہ ہی رقم واپس کی۔

    ایف آئی اے کے مطابق تمام گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

  • سیالکوٹ: سموگ ایمرجنسی نافذ، ماحول کو پاک رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنر

    سیالکوٹ: سموگ ایمرجنسی نافذ، ماحول کو پاک رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنر

    سیالکوٹ (ڈسٹرکٹر رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کو سموگ سے پاک اور صحت مند شہر بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں سموگ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ عوام کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ وہ آج ڈی سی آفس سے نکالی گئی سموگ آگاہی واک کے شرکاء سے خطاب کر رہی تھیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں انسدادِ سموگ سیل قائم کر دیا گیا ہے، جہاں شہری ماحولیاتی آلودگی سے متعلق شکایات کے لیے ہیلپ لائن 1718 پر کسی بھی وقت کال کر سکتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ شکایات کے فوری ازالے کے لیے متحرک رہے گی۔

    ڈی سی صبا اصغر علی نے کہا کہ سیالکوٹ کی فضاء کی ایئر کوالٹی مانیٹرنگ باقاعدگی سے کی جا رہی ہے اور حکومت کے ساتھ ساتھ ہر شہری پر فرض ہے کہ وہ ماحولیاتی بہتری میں اپنا کردار ادا کرے۔ فصلوں کے باقیات اور کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے سے گریز کیا جائے کیونکہ یہ عمل سموگ میں اضافے کا سبب بنتا ہے، اس پر مکمل پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ شجر کاری، بالخصوص گھروں اور عمارتوں کی چھتوں پر پودے لگانے کو فروغ دیا جائے تاکہ آلودگی کے اثرات کم ہوں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ تعمیراتی سامان، ریت اور مٹی سڑک کنارے جمع نہ کریں اور انہیں ڈھانپ کر رکھیں تاکہ فضا میں گردوغبار کم ہو اور سیوریج سسٹم متاثر نہ ہو۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ کالا دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں، رکشوں، فیکٹریوں اور بھٹوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ سیالکوٹ میں سموگ کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔

    سموگ آگاہی واک میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن عباس ذوالقرنین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس شاہد عباس، اسسٹنٹ کمشنر صفدر شبیر، سی او میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو اور سی او ضلع کونسل فیصل شہزاد سمیت مختلف سرکاری و سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔
    تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز بھی کیا۔

  • سیالکوٹ: خواتین کیلئے پِنک موبائل پولیس اسٹیشن کا آغاز

    سیالکوٹ: خواتین کیلئے پِنک موبائل پولیس اسٹیشن کا آغاز

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر محمد جمال) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے خواتین کے تحفظ و خودمختاری کے عزم کے تحت سیالکوٹ پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی نگرانی میں خواتین کے لیے ایک منفرد اور جدید سہولت پِنک موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنس یونٹ کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سہولت کا افتتاح گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ میں ہوا جہاں طالبات اور اساتذہ نے اس اقدام کو خواتین کی بااختیاری کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔

    ڈی ایس پی مدثر صدیق نے تقریب میں شرکاء کو موبائل یونٹ کی افادیت، خدمات اور دائرہ کار سے آگاہ کیا۔ جدید پِنک موبائل پولیس اسٹیشن میں خواتین کو ایف آئی آر کے اندراج، ڈرائیونگ لائسنس (لرنر، تجدید، ڈپلیکیٹ، انٹرنیشنل)، کریکٹر سرٹیفیکیٹ، گاڑی کی تصدیق، گمشدگی رپورٹ اور پولیس خدمت مرکز کی 14 سے زائد دیگر خدمات موقع پر فراہم کی جائیں گی۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ سیالکوٹ پولیس خواتین کے تحفظ، خودمختاری اور باوقار سروس ڈیلیوری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ پِنک موبائل پولیس اسٹیشن کا آغاز خواتین کو محفوظ، بااعتماد اور باسہولت پولیس خدمات فراہم کرنے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق سیالکوٹ میں اس سروس کا کامیاب آغاز پنجاب پولیس کے اس عزم کی تجدید ہے کہ وہ ہر شہری تک جدید، شفاف اور عوام دوست پولیس خدمات پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔

  • سیالکوٹ: نمبر پلیٹس ٹیمپر کرنے والے 5 دکاندار گرفتار، مقدمات درج

    سیالکوٹ: نمبر پلیٹس ٹیمپر کرنے والے 5 دکاندار گرفتار، مقدمات درج

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی ہدایت پر سیالکوٹ پولیس نے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹس میں ٹیمپرنگ اور شناخت چھپانے میں ملوث دکانداروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ دکاندار شہریوں کی گاڑیوں کی شناخت چھپانے اور سیف سٹی کیمروں کے چالان سے بچانے کے لیے نمبر پلیٹس پر بلیک پیپر، ٹیپ یا دیگر غیر قانونی مواد لگاتے تھے۔

    ایسی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث پائی گئیں بلکہ انہیں مختلف جرائم میں بھی استعمال کیا جا رہا تھا۔ ٹریفک پولیس نے بغیر نمبر پلیٹ یا غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف بھی خصوصی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ اس آپریشن کا مقصد جرائم کی روک تھام، ٹریفک قوانین کے مؤثر نفاذ اور حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کا بلا امتیاز نفاذ یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر نمونہ کے مطابق نمبر پلیٹس لگائیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع پولیس کو دیں تاکہ معاشرے میں قانون کی بالادستی برقرار رکھی جا سکے۔

  • سیالکوٹ: نالہ ایک پر گرینڈ آپریشن، 5 کروڑ مالیت کی زمین واگذار

    سیالکوٹ: نالہ ایک پر گرینڈ آپریشن، 5 کروڑ مالیت کی زمین واگذار

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹرمدثررتو)سیالکوٹ میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی ہدایت پر نالہ ایک پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر رانا صفدر شبیر کی سربراہی میں موضع کاکےوالی اور لنگڑیالی کے علاقوں میں کی گئی، جہاں نالہ ایک کے حفاظتی بندھ کے ساتھ تعمیر کی گئی بائیس پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا۔ اس دوران دو کلومیٹر ایریا کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک کر لیا گیا۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں تقریباً 43 مرلے سرکاری زمین، جس کی مالیت پانچ کروڑ روپے سے زائد ہے، واگذار کروا لی گئی۔ انسداد تجاوزات آپریشن میں ضلع کونسل، پولیس، آبپاشی، ریونیو اور گیپکو کے افسران و عملہ شریک تھا۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے، اور نالہ ایک کو مکمل طور پر کلیئر کرنے تک کارروائی جاری رہے گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی نالہ ایک نیکاپورہ تا بن پھاٹک تلواڑہ تک تجاوزات ختم کی جا چکی ہیں۔

  • سیالکوٹ: 4 ارب 85 کروڑ کے ترقیاتی منصوبے، دیہی سڑکوں کی بحالی اور اسموگ کنٹرول پلان منظور

    سیالکوٹ: 4 ارب 85 کروڑ کے ترقیاتی منصوبے، دیہی سڑکوں کی بحالی اور اسموگ کنٹرول پلان منظور

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد طلحہ) وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے "سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال پروگرام” کے تحت ضلع سیالکوٹ کے دیہی علاقوں میں 4 ارب 85 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ یہ بات ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت وزیرِ مملکت برائے منصوبہ بندی چوہدری ارمغان سبحانی نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، چوہدری طارق سبحانی، چوہدری نوید اشرف اور رانا عبد الستار نے شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات، ترجیحات اور عملدرآمد کے امور پر غور کیا گیا، جبکہ بتایا گیا کہ ان منصوبوں سے دیہی آمد و رفت بہتر ہوگی، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی معیشت مستحکم ہوگی۔

    بعد ازاں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیرِ صدارت ماحولیاتی تحفظ اور اسموگ کے سدباب سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی یا کوئی ادارہ کوڑا کرکٹ یا فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگائے، بصورتِ دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ایئر کوالٹی انڈیکس کی روزانہ مانیٹرنگ، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر پابندی اور بلڈنگ میٹریل کی ترسیل کے دوران گردوغبار سے بچاؤ کی ہدایات بھی دیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ زیرِ تعمیر عمارتوں پر ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ماحولیاتی آلودگی کم سے کم رہے۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو، ایم ڈی ایس ڈبلیو ایم سی کاشف نواز، سیکرٹری آر ٹی اے مظفر حیات، انسپکٹر ماحولیات شاہد ڈوگر اور دیگر افسران شریک تھے۔

    اسی دوران ورلڈ اسٹیٹسٹکس ڈے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی قیادت میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جو ڈی سی آفس کمپلیکس سے کچہری چوک تک نکالی گئی۔ واک میں سٹیٹسٹکس آفیسر بتول فاطمہ، ملک امتیاز، محمد نیامت سمیت محکمہ شماریات کے افسران، ضلعی افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ درست اور بروقت شماریاتی معلومات کے بغیر مؤثر منصوبہ بندی ممکن نہیں۔ حکومت پاکستان اعداد و شمار کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں اور سماجی اصلاحات کے لیے مستند ڈیٹا فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، ماحولیاتی تحفظ اور عوامی آگاہی مہمات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ سیالکوٹ کو صاف، سرسبز اور ترقی یافتہ ضلع بنایا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: ساہووالی سکول کرکٹ گراؤنڈ کی بحالی فارورڈ اسپورٹس کے تعاون سے شروع

    سیالکوٹ: ساہووالی سکول کرکٹ گراؤنڈ کی بحالی فارورڈ اسپورٹس کے تعاون سے شروع

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)گورنمنٹ ہائی سکول ساہووالی، سیالکوٹ میں کرکٹ گراؤنڈ کی صفائی اور بحالی کے کام کا آغاز ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ کے تعاون سے کر دیا گیا ہے۔ گراؤنڈ سے کباڑ اور کوڑے کی صفائی جاری ہے جبکہ اس کی تزئین و آرائش کا منصوبہ کارپوریٹ سماجی بہبود کے تحت فارورڈ اسپورٹس کے اشتراک سے شروع کیا جا رہا ہے۔

    چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ نے موقع پر صفائی کے کام کا جائزہ لیا اور کہا کہ طلبہ کو صاف ستھرا اور معیاری کھیلوں کا میدان فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گراؤنڈ کی بحالی میں فارورڈ اسپورٹس کلیدی کردار ادا کرے گا، جس کے تحت اعلیٰ معیار کی گھاس اگائی جائے گی، چار دیواری کی مرمت کی جائے گی اور میدان کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ طلبہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ صحت مند تفریحی مشغولیات سے بھی لطف اندوز ہو سکیں۔

  • سیالکوٹ نیا سیاحتی مرکز بنے گا، ڈاکٹر احسان بھٹہ

    سیالکوٹ نیا سیاحتی مرکز بنے گا، ڈاکٹر احسان بھٹہ

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)“شاندار پنجاب انیشی ایٹو” کے تحت سیالکوٹ نیا سیاحتی مرکز بنے گا، سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر احسان بھٹہ
    تفصیلات کے مطابق سیکرٹری سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کو ’’شاندار پنجاب انیشی ایٹو‘‘ کے تحت ایک نئے سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے، کیونکہ یہ شہر علامہ اقبال کی جائے پیدائش ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی صنعتی عظمت اور عالمی شہرت کی وجہ سے منفرد پہچان رکھتا ہے۔

    ڈاکٹر احسان بھٹہ نے یہ بات اپنے دورہ ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ کے موقع پر کہی، جہاں انہوں نے سیالکوٹ میوزیم کے قیام سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی، ڈائریکٹر کنزرویشن، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمنسٹریشن، ریجنل منیجر پی ایس آئی سی اور کنسلٹنٹ فرم کے نمائندگان شریک تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی وژنری قیادت اور سینئر وزیر برائے سیاحت و ثقافت محترمہ مریم اورنگزیب کی متحرک رہنمائی میں محکمہ سیاحت پنجاب صوبے کے ثقافتی اور تاریخی ورثے کے فروغ کے لیے جامع اقدامات کر رہا ہے۔

    ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ مجوزہ سیالکوٹ میوزیم شہر کے تابناک ماضی اور تخلیقی شناخت کو اجاگر کرے گا۔ میوزیم میں تین خصوصی گیلریاں — آرکیالوجی گیلری، آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری، اور ہیروز آف سیالکوٹ گیلری — قائم کی جائیں گی تاکہ شہر کی تاریخی عظمت، فنی مہارت اور صنعتی کامیابیوں کو نمایاں انداز میں پیش کیا جا سکے۔

    اجلاس کے بعد سیکرٹری سیاحت نے مجوزہ میوزیم سائٹ کا معائنہ کیا اور عمارت کی موجودہ حالت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عمارت کو ایک ہفتے کے اندر سفید رنگ (وائٹ واش) اور تزئین و آرائش کے بعد محکمہ کے حوالے کیا جائے تاکہ میوزیم کے قیام کے عملی مراحل کا آغاز کیا جا سکے۔

    ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی اور ضلعی اداروں کے باہمی اشتراک سے پنجاب کے ثقافتی ورثے کی بحالی اور سیاحتی فروغ میں نئی راہیں کھلیں گی۔

    انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “شاندار پنجاب انیشی ایٹو” کے تحت حکومتِ پنجاب ایک پائیدار، جامع اور جدید سیاحتی ڈھانچہ تشکیل دے رہی ہے، جو نہ صرف ورثے کے تحفظ کو یقینی بنائے گا بلکہ ثقافت کے فروغ اور صوبے کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

  • سیالکوٹ: 235 کسانوں کو 60 فیصد سبسڈی پر سپر سیڈرز دینے کا اعلان

    سیالکوٹ: 235 کسانوں کو 60 فیصد سبسڈی پر سپر سیڈرز دینے کا اعلان

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین کی زیر نگرانی پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت ضلع سیالکوٹ میں سپر سیڈرز / پاک سیڈرز کی فراہمی کے لیے قرعہ اندازی کی تقریب جناح ہال قلعہ سیالکوٹ میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کسانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ قرعہ اندازی کے ذریعے 235 خوش نصیب کسانوں کے نام منتخب کیے گئے جنہیں سپر سیڈرز 60 فیصد سبسڈی پر فراہم کیے جائیں گے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ پنجاب کلین ایئر پروگرام نہ صرف ماحول کو صاف رکھنے میں معاون ہے بلکہ اس کے ذریعے فصلوں کی باقیات کو جلانے کے بجائے کارآمد طریقے سے تلف کیا جا سکتا ہے، جس سے فضائی آلودگی میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ سپر سیڈرز کی فراہمی سے کسانوں کے اخراجات میں کمی، زمین کی زرخیزی میں بہتری اور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا۔ عباس ذوالقرنین نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کسانوں کی تربیت، رہنمائی اور سہولت کاری کے عمل کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ پروگرام کے ثمرات زیادہ سے زیادہ کسانوں تک پہنچ سکیں۔

    انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب ماحولیاتی تحفظ، زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے ایسے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھے گی تاکہ صاف فضا، صحت مند فصلیں اور خوشحال کسان پنجاب کی پہچان بن سکیں۔

  • سیالکوٹ: کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن  کا گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ، سہولیات کا جائزہ

    سیالکوٹ: کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کا گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ، سہولیات کا جائزہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد طلحہ)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین اور ایم ایس ڈاکٹر سہیل انجم بٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

    کمشنر نے او پی ڈی، ٹراما سینٹر، ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ اور مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج و معالجے کی سہولیات، دواؤں کی دستیابی اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔

    اس موقع پر سید نوید حیدر شیرازی نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور انہیں بروقت و معیاری علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں صحت عامہ کے نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ہسپتالوں میں بہتر سہولیات اور معیاری علاج میسر آ سکے۔

    بعد ازاں کمشنر گوجرانوالہ نے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت 500 بستروں پر مشتمل مجوزہ نئے ہسپتال کی اراضی کا بھی معائنہ کیا۔ یہ منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25 کا حصہ ہے، جس کا پی سی ون تکمیل کے مراحل میں ہے اور اس کی لاگت کا تخمینہ تقریباً 7 ارب روپے لگایا گیا ہے۔