Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

    سیالکوٹ: الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

    تفصیل کے مطابق نواحی علاقے میں الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا افتتاح ڈویژنل صدر و مجاز عبد الحمید چھینہ اور مجاز قاری محمد عبد الغفور صاحب نے کیا۔

    فری میڈیکل کیمپ میں جنرل فزیشن، چائلڈ سپیشلسٹ، اور فزیوتھراپسٹ کی ٹیم نے 300 مریضوں کا مفت معائنہ کیا، جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ یہ کیمپ صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک جاری رہا۔

    الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان، سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ذیلی تنظیم ہے، جو حضرت امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کی زیر نگرانی ملک بھر میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

  • سیالکوٹ:ایم این اے نوشین افتخار نے جامکے چیمہ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کردیا

    سیالکوٹ:ایم این اے نوشین افتخار نے جامکے چیمہ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کردیا

    سیالکوٹ( باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ایم این اے نوشین افتخار نے جامکے چیمہ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کردیا

    تفصیل کے مطابق ڈسکہ کے علاقے جامکے چیمہ میں ایم این اے سیدہ نوشین افتخار شاہ نے ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس تقریب میں خصوصی طور پر رانا عاشق حسین نمبردار اور سابقہ وائس چیئرمین عبدالمجید میر کی کاوشیں قابلِ ذکر رہیں۔ افتتاح کے موقع پر ایم این اے نوشین افتخار پر پھولوں کی بارش کی گئی اور پتیوں کا نچھاور کیا گیا۔ اس موقع پر میاں فیصل، مریم فیصل، اور مصطفی فیصل نے ایم این اے کو گلدستے اور تحائف پیش کیے۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے نوشین افتخار نے کہا کہ محلہ نئی آبادی آرائیاں، جامکے چیمہ کی سڑک گزشتہ 15 سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی، جس کی تعمیر کے لیے انہوں نے بے حد کوششیں کیں۔ اہلِ علاقہ نے ایم این اے نوشین افتخار اور رانا عاشق حسین کا شکریہ ادا کیا اور ڈھیروں دعاؤں سے نوازا۔

    ایم این اے نوشین افتخار نے مزید کہا کہ "جامکے چیمہ میرا گھر ہے، میں کل ہی مین روڈ جامکے چیمہ کا نوٹیفکیشن لے کر آؤں گی اور اس کا جلد کام شروع ہوگا۔” انہوں نے مین بازار جامکے چیمہ میں ٹف ٹائل لگوانے کی بھی ذمہ داری لی۔

    ایم این اے نے اس بات پر زور دیا کہ "جامکے چیمہ تحصیل ڈسکہ کا سب سے بڑا گاؤں ہے اور اس کی صفائی ستھرائی اور ترقیاتی کاموں پر پوری توجہ دی جائے گی۔ تمام ترقیاتی کام ہنگامی بنیادوں پر ہوں گے اور جب تک جامکے چیمہ کے مسائل حل نہیں ہوں گے، میں چین سے نہیں بیٹھوں گی۔”

    آخر میں ایم این اے نوشین افتخار نے رانا عاشق حسین نمبردار کو ایک شاندار جلسہ منعقد کرنے پر مبارکباد دی اور یقین دلایا کہ وہ جامکے چیمہ کے عوام کی شکرگزار ہیں جنہوں نے ان کا تاریخی استقبال کیا۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل حل کروا کر ان کی عزتِ نفس کا بھرپور خیال رکھا جائے گا۔

  • سیالکوٹ:تیز رفتار ٹریکٹرکی موٹرسائیکل کوٹکر،خاوند جاں بحق ،بیوی شدید زخمی

    سیالکوٹ:تیز رفتار ٹریکٹرکی موٹرسائیکل کوٹکر،خاوند جاں بحق ،بیوی شدید زخمی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) بڈیانہ موترہ روڈ پر ٹریکٹر اور موٹر سائیکل کے درمیان خطرناک حادثے میں 55 سالہ یعقوب موقع پر جانبحق جبکہ اس کی اہلیہ ساجدہ شدید زخمی ہوگئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ٹریکٹر نے موٹر سائیکل سوار یعقوب کو کچل دیا۔

    یہ افسوسناک واقعہ بھلوالی گاؤں کے قریب پیش آیا جہاں یعقوب اپنی اہلیہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سفر کر رہا تھا۔

    ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر یعقوب کی لاش اور اس کی شدید زخمی اہلیہ ساجدہ کو سول ہسپتال منتقل کیا، جہاں ساجدہ کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور علی زیب موقع سے فرار ہوگیا۔ تھانہ موترہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ٹریکٹر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

  • سیالکوٹ :پولیس کا موٹر سائیکل چوروں کے خلاف گھیرا تنگ، 9 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ :پولیس کا موٹر سائیکل چوروں کے خلاف گھیرا تنگ، 9 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) شہر میں موٹر سائیکل چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے کے بعد پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو خطرناک گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق کی ہدایت پر پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر طارق عرف طارا گینگ اور زوہیب عرف زیبی گینگ کے ارکان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 8 لاکھ روپے نقدی، 20 موٹر سائیکلیں اور 9 غیر قانونی پستول برآمد ہوئے ہیں۔

    ملزمان ماسٹر چابیوں کے ذریعے موٹر سائیکلیں چوری کرتے تھے اور لوگوں سے اسلحے کے زور پر نقدی چھینتے تھے۔ گرفتار ملزمان میں طارق ولد الیاس، دلاور ولد غلام قاسم، عمر عرف عمری ولد عباس، زوہیب عرف زیبی، عمران ولد نو از، شہزاد ولد محمد اشرف، علی رضا ولد عابد حسین، حسن علی ولد انصر عباس، اور حسام نعیم ولد محمد نعیم شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور ان سے مزید برآمدگی کا امکان ہے۔ اس کامیابی کے بعد شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی امید ہے۔

  • سیالکوٹ:43 دیہی یونین کونسلز میں صفائی مہم ، بڑے پیمانے پر کچرا اُٹھایا گیا

    سیالکوٹ:43 دیہی یونین کونسلز میں صفائی مہم ، بڑے پیمانے پر کچرا اُٹھایا گیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثررتو) سیالکوٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، رانا آصف علی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے "ستھرا پروگرام” کے تحت تحصیل سیالکوٹ کی 43 دیہی یونین کونسلز میں صفائی کے جاری منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کے تحت 430 سینٹری ورکرز اور 128 لوڈر رکشہ جات کی مدد سے دیہات میں گھر گھر جا کر کچرا جمع کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ زیرو ویسٹ پروگرام کے تحت 10 یونین کونسلز، جن میں ڈالوالی، رسولپور بھلیاں، وریو، ہندل، کھروٹہ سیداں، گوندل، موماں کلاں، بھگوال اعوان اور جوڑیاں کلاں شامل ہیں، سے 1133 میٹرک ٹن بلک ویسٹ اٹھایا گیا ہے، جس کے بعد ان علاقوں کو زیرو ویسٹ قرار دے دیا گیا ہے۔ مزید برآں، مچھرالہ، کور پور اور پڑتانوالی میں بھی زیرو ویسٹ کرنے کے لئے تیزی سے کام جاری ہے، اور آئندہ دو روز میں یہ علاقے بھی زیرو ویسٹ ہو جائیں گے۔

    رانا آصف علی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہر گاؤں سے بلک ویسٹ اٹھایا جا رہا ہے، اور دوبارہ کچرا جمع نہ ہو اس کے لئے گاؤں کے باہر عارضی ویسٹ کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جا رہے ہیں۔ ان پوائنٹس پر سینٹری ورکرز لوڈر رکشوں کی مدد سے گھر گھر سے کچرا جمع کرتے ہیں، جسے پھر ایکسیویٹرز اور ٹرالیوں کے ذریعے لینڈ فل سائٹ پر منتقل کیا جاتا ہے۔

    اس جدید نظام کی بدولت دیہات صاف اور ستھرے رہیں گے، اور بار بار کچرا جمع ہونے کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

  • سیالکوٹ : سیف سٹی پراجیکٹ تیزی سے مکمل ہونے کی جانب گامزن

    سیالکوٹ : سیف سٹی پراجیکٹ تیزی سے مکمل ہونے کی جانب گامزن

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو) سیف سٹیز پراجیکٹ کے ذریعے نہ صرف سیالکوٹ بلکہ صوبے کے دیگر 19 اضلاع میں بھی امن و امان اور شہری مسائل میں بہتری کی توقع ہے۔ یہ منصوبہ جس کی تکمیل آخری مراحل میں ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر شروع کیا گیا ہے اور اس کے ذریعے جرائم کی روک تھام، تجاوزات کا خاتمہ، صفائی کے نظام میں بہتری اور ٹریفک کے مسائل کی موثر نگرانی ممکن ہو گی۔

    چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف کمپلینٹ سیل پنجاب بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے ضلعی پولیس حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی عوام کے ساتھ رویے میں بہتری لانے اور تفتیشی نظام کو جدید بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیوفینسنگ اور سیف سٹیز جیسے جدید پروگرامز کی مدد سے پولیس جرائم کی روک تھام میں مؤثر ثابت ہو سکے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج کیلئے وقت مقرر کر دیا گیا ہے اور پیپر لیس آن لائن ایف آئی آر سسٹم سے شفافیت میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے ایف آئی آر میں ردو و بدل کی گنجائش ختم ہو گئی ہے۔

    بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے اجلاس میں ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ چنگ چی رکشے اور ریڑھی بانوں کو پابند کیا جائے کہ وہ ٹریفک کے بہاؤ کو متاثر نہ کریں اور مخصوص مقامات پر ہی اپنی گاڑیاں پارک کریں۔

    چیئرپرسن نے ڈی سی آفس سیالکوٹ میں پرائس میکنزم پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں انہوں نے ہدایت کی کہ مارکیٹ کمیٹی نیلامی کے عمل کو بہتر بنائے تاکہ سبزیوں اور پھلوں کی درست قیمتوں کا تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہول سیل مارکیٹوں کی موثر نگرانی کے بغیر خوردہ قیمتوں پر عملدرآمد ممکن نہیں۔

    چیئرپرسن نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو ہدایت کی کہ وہ پرانی سبزی منڈی کا معائنہ کرکے ایک منصوبہ تیار کریں جس کے تحت وہاں ماڈل ریڑھی بازار اور ماڈل مچھلی و چکن بازار قائم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانی سبزی منڈی کی پراپرٹی کو محکمانہ اور عوامی مفاد میں بہترین استعمال کیلئے ایک قابل عمل تجویز پیش کی جائے۔

    چیئرپرسن نے شہریوں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے آسان اور فوری اجراء پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف چالان کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے، ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

  • سیالکوٹ: ڈی پی  او کی تھانہ کوٹلی لوہاراں میں کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر  احکامات جاری

    سیالکوٹ: ڈی پی او کی تھانہ کوٹلی لوہاراں میں کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر احکامات جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے ویژن کے مطابق تھانہ کوٹلی لوہاراں میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

    نئے تعینات ہونے والے ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے مقدمات کے مدعیان اور شہریوں کی شکایات کو غور سے سنا اور موقع پر ہی ان کے مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہر سائل کی مکمل مدد اور انصاف فراہم کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر اپنے فرائض سرانجام دینے چاہئیں۔

    رانا عمر فاروق نے کھلی کچہری کے دوران پاکستان پریس کلب کوٹلی لوہاراں کے تمام صحافیوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کے تعاون کو سراہا۔

  • پنجاب میں سرکاری محکموں کی کارکردگی "کی پرفارمنس انڈیکیٹرز” کے ذریعے روزانہ  مانیٹرنگ، ڈائریکٹوریٹ قائم

    پنجاب میں سرکاری محکموں کی کارکردگی "کی پرفارمنس انڈیکیٹرز” کے ذریعے روزانہ مانیٹرنگ، ڈائریکٹوریٹ قائم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض ) چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ انسپکشنز اینڈ ویجیلینس پنجاب بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔ تمام سرکاری محکموں کی کارکردگی کی جانچ "کی پرفارمنس انڈیکیٹرز” کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے، اور اس مقصد کے لیے وزیر اعلیٰ کے دفتر میں ایک خصوصی ڈائریکٹوریٹ قائم کیا گیا ہے۔

    بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے ضلعی انتظامیہ اور سرکاری حکام کے ایک اجلاس میں کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سرکاری افسران کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر سیاسی اثر و رسوخ کو ختم کردیا ہے، اور اب تمام فیصلے میرٹ پر کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں اور عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مزدوروں کی کم سے کم اجرت 37 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کو اس پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے۔ فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو رجسٹرڈ کرکے ان کے سوشل بینیفٹس کا تحفظ کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کے "ستھرا پنجاب پروگرام” کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ایک انقلابی قدم ہے جس کے تحت صوبے کے تمام شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں صفائی کا نظام نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے لیے ای-ٹینڈرنگ متعارف کروائی گئی ہے، جس سے ترقیاتی کاموں کی لاگت میں 13 سے 18 فیصد کمی آئی ہے۔

    صوبے میں صحت کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا صحت کا بجٹ دیا ہے اور دیہی و بنیادی مراکز صحت کو ری ویمپ کیا جا رہا ہے۔ ہسپتالوں میں مفت علاج معالجے اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    اجلاس میں رکن قومی اسمبلی گلناز شجاعت، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین اور دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔

  • سیالکوٹ: جعلی دستاویزات پرغیرملک جانے والا شخص گرفتار

    سیالکوٹ: جعلی دستاویزات پرغیرملک جانے والا شخص گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا۔ مسافر کو بین الاقوامی پرواز کے ذریعے ساؤتھ افریقہ سفر کرنا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار ہونے والے مسافر کی شناخت شاہزیب علی شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جو ساؤتھ افریقہ کے پاسپورٹ پر سفر کر رہا تھا۔ امیگریشن کلیریئنس کے دوران مسافر کی دستاویزات مشکوک پائی گئیں اور مزید تفتیش میں اس کی ٹریول ہسٹری میں ساؤتھ افریقہ کے پاسپورٹ کا کوئی اندراج نہیں تھا۔ اس کے علاوہ، پاسپورٹ پر درج تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش مسافر کی فیملی ٹری سے مطابقت نہیں رکھتی تھیں۔

    ابتدائی تفتیش میں شاہزیب علی شاہ نے بتایا کہ اس نے سال 2018 میں پاکستانی پاسپورٹ پر ساؤتھ افریقہ کا سفر کیا تھا اور وہاں ایک مقامی ایجنٹ کے ذریعے 90 ہزار افریقی رانڈ کے عوض جعلی ساؤتھ افریقی پاسپورٹ حاصل کیا تھا۔

    ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • سیالکوٹ:  پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،عوام کوجعلی ڈرنکس پلانے کی کوشش ناکام

    سیالکوٹ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،عوام کوجعلی ڈرنکس پلانے کی کوشش ناکام

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،عوام کوجعلی ڈرنکس پلانے کی کوشش ناکام

    تفصیل کے مطابق شہر اقبال کے باسیوں کو جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس پلانے کی سازش کو ناکام بنا دیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پسرور میں واقع ایک ڈرنکس سٹور پر کامیاب چھاپہ مارا۔

    ایک گودام سے معروف برینڈز کی 538 لیٹر جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس برآمد کی گئیں، جو مضر صحت تھیں۔ ویجیلنس ونگ کی خفیہ اطلاع پر کی گئی اس کارروائی کے دوران موقع پر کیے گئے ٹیسٹ میں برکس کی مقدار کم پائی گئی، جو کہ مضر صحت ہونے کا ثبوت تھا۔ یہ جعلی بوتلیں سپلائی کے لیے تیار تھیں اور ان پر معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگے ہوئے تھے، جنہیں عام صارف کے لیے پہچاننا مشکل ہوتا ہے۔

    مضر صحت ڈرنکس کو قوانین کے برعکس تیار کیا گیا تھا اور انہیں دکان کے گودام میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔ ان بوتلوں کو پسرور کے مختلف دکانوں اور ریسٹورنٹس میں سپلائی کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق کاربونیٹڈ بیوریجز کا استعمال گردوں اور جگر کے عارضے کا سبب بنتا ہے۔

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ جعلی ڈرنکس کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس گھناؤنے دھندے کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔