Baaghi TV

Category: کھیل

  • بسمہ معروف ورلڈکپ میں پہلی مرتبہ گرین شرٹس کی قیادت کرنے جا رہیں

    بسمہ معروف ورلڈکپ میں پہلی مرتبہ گرین شرٹس کی قیادت کرنے جا رہیں

    بسمہ معروف ورلڈکپ میں پہلی مرتبہ پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کریں گی

    باغی ٹی وی :آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی قومی خواتین اسکواڈ کی قیادت بسمہ معروف کررہی ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ کسی بھی ورلڈکپ میں بسمہ معروف قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کریں گی۔

    اٹھائیس سالہ کرکٹر 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا میں جاری رہنے والے ایونٹ میں یہ بھاری ذمہ داری ادا کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔بسمہ معروف اب تک 36 ٹی ٹونٹی میچوں میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرچکی ہیں۔

    بسمہ معروف ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں 2000 سے زائد رنز بنانے والی واحد پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں۔ وہ محدود طرز کے اس فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ مرتبہ ،11، نصف سنچریاں بھی اسکور کرچکی ہیں۔

    میگا ایونٹ میں بسمہ معروف کو جویریہ خان اور ندا ڈار کی صورت میں تجربہ کار خواتین کھلاڑیوں کا ساتھ میسر ہوگا۔ دونوں کرکٹرز محدود فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والی خواتین کھلاڑیوں کی فہرست میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

    دو تجربہ کار کرکٹرز سمیت باصلاحیت کرکٹرز منیبہ علی ، عمیمہ سہیل اور عائشہ نسیم کی 15 رکنی اسکواڈ میں شمولیت سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ مضبوط ہوا ہے جو کپتان کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنے گا۔

    منیبہ علی نے آخری مرتبہ نومبر 2018 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ بائیں ہاتھ کی بیٹر نے چند روز قبل کراچی میں کھیلے گئے قومی ٹی ٹونٹی ویمنز ٹورنامنٹ کی 5 اننگز میں 58 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 292 رنزبنائے تھے۔ ایونٹ میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں اسکور کرنے والی منیبہ علی کو ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنیادپر قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

    قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ ڈیپارٹمنٹ پر نظر ڈالی جائی تو سب سے پہلے انعم امین کا نام سامنے آتا ہے۔ نئی بال کی اسپیشلسٹ باؤلر انعم امین یکم جنوری 2019 سے اب تک قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سب سے کامیاب باؤلر ہیں۔ وہ گذشتہ 8 میچوں میں 16 کی اوسط اور ساڑھے چھ کے اکانومی ریٹ سے 13 وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔

    انعم امین کے علاوہ لیگ اسپنر سیدہ عروب شاہ اور بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے والی سعدیہ اقبال سمیت تجربہ کار ندا ڈار، عالیہ ریاض اور ڈیانا بیگ پر مشتمل باؤلنگ اٹیک ایونٹ میں متاثر کن کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتا ہے۔

    بسمہ معروف، کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم:

    قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کرنے کو اعزاز سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقیناََ میگا ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنا ایک بڑی ذمہ داری ہے مگر وہ اب تک اس کردار میں کرکٹ کو انجوائے کررہی ہیں۔


    بسمہ معروف نے واضح کیا کہ وہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل تجربہ کار ویمنز کرکٹرز جویریہ خان اور ندا ڈار اس سے قبل بھی میگا ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں جس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

    کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے کہا کہ دائیں ہاتھ کی بیٹر جویریہ خان کی کارکردگی میں تسلسل اور ندا ڈار کی ویمنز بگ بیش لیگ میں شرکت کا فائدہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمیمہ سہیل کی صورت میں باصلاحیت مڈل آرڈر بیٹر کے ساتھ ساتھ عالیہ ریاض اور ارم جاوید کی صور ت میں جارح مزاج بیٹرز میگا ایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

    کپتان کا کہنا ہے کہ چند روز قبل کراچی میں کھیلے گئے ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں سنچری اسکور کرنے والی منیبہ علی کی اسکواڈ میں شمولیت بھی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ عائشہ نسیم کی ہارڈ ہٹنگ صلاحیت سمیت مجموعی طور پر قومی خواتین اسکواڈ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کی مضبوطی کا سبب ہوگا۔

    بسمہ معروف نے کہا کہ ڈیانا بیگ تجربہ کار فاسٹ باؤلر ہیں تاہم ایمن انور بھی نئی گیند سے اچھی باؤلنگ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والی فاطمہ ثناء، سیدہ عروب شاہ اور سعدیہ اقبال کی اسکواڈ میں شمولیت باؤلنگ ڈیپارٹمنٹ کے لیے مفید ثابت ہوگی۔

    بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ گذشتہ 2 سالوں میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں واضح بہتری دیکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کے لیے منتخب کردہ اسکواڈ بہتر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو میگا ایونٹ میں مثبت نتائج دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    15 رکنی اسکواڈ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے 31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف تین وارم اپ میچز 7، 9 اور 11 فروری کو کھیلے گی تاہم روانگی سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا آٹھ روزہ تربیتی کیمپ 23 سے 30 جنوری تک کراچی میں جاری رہے گا۔

    قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔ گروپ میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔

    پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 28 فروری کو انگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔

    اسکواڈ:

    بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء ، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ۔

    آفیشلز:

    سید اقبال امام (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (باؤلنگ کوچ)، عامر اقبال (فیلڈنگ کوچ)، جمال حسین ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، ڈاکٹر رفعت اصغر گل (فزیو)، عائشہ جلیل (منیجر) اور زبیر احمد (اینالسٹ)۔

  • بنگلہ دیش ٹی20 کرکٹ ٹیم کی آج پاکستان  آمد

    بنگلہ دیش ٹی20 کرکٹ ٹیم کی آج پاکستان آمد

    بنگلہ دیش کی ٹی20 کرکٹ ٹیم آج پاکستان آمد

    باغی ٹی وی : پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی آمد شروع ، ذرائع کے مطابق مہمان ٹیم کے ہمراہ بنگلہ دیش انٹیلیجنس کے افسران بھی موجود ہوں گے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 24، دوسرا 25 اور تیسرا 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

    پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیمیں 23 جنوری دوپہر 1 سے شام 4 بجے تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کریں۔ 23 جنوری دوپہر 12:45بجے دونوں ٹیموں کے کپتان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پری سیریز میڈیا کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    پری سیریز پریس کانفرنس کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتان ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کریں گے۔پی سی بی ترجمان کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والی ٹی20 سیریز میں شامل تمام میچز دوپہر دو بجے شروع ہوں گے۔جبکہ اس سے پہلے میچ آفیشلز کا اعلان ہو گیا ہے .

  • پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز،میچ آفیشلز کا ہوا اعلان

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز،میچ آفیشلز کا ہوا اعلان

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز،میچ آفیشلز کا ہوا اعلان

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے۔ آئی سی سی میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل میں شامل سینئر رکن رنجن مدوگالے سیریز میں شامل تینوں میچز میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

    قومی امپائرز احسن رضا اور شوزب رضا کو آن فیلڈ امپائرز جبکہ احمد شہاب کو تھرڈ امپائر اور طارق رشید کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے تین میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    رنجن مدوگالے سے قبل ڈیوڈ بون(ویسٹ انڈیز ٹی ٹونٹی سیریز ، سری لنکا ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ سیریز)، جیف کرو (سری لنکا کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ)، اینڈی پائی کرافٹ (سری لنکا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ) اور رچی رچرڈسن (ورلڈ الیون) نے حالیہ چند ماہ میں آئی سی سی میچ ریفری کی حیثیت سے پاکستان میں فرائض انجام دئیے۔

    رنجن مدوگالے اس سے قبل بطور ریفری آخری مرتبہ جنوری 2006 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ذمہ داریاں نبھانے پاکستان آئے تھے۔

    102 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں ریفری کے فرائض انجام دینے والے 60 سالہ رنجن مدوگالے نے بطور ریفری27 سال قبل پاکستان میں ہی ڈیبیو کیا تھا۔ دسمبر 1993 میں پاکستان اور زمباوے کے درمیان ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ ریفری کی ذمہ داریاں نبھانے والے رنجن مدوگالے نے ایک روزہ ڈیبیو بھی اسی ماہ کیا تھا۔

    مدوگالے نے اس سے قبل پاکستان میں کسی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں ذمہ داری کے فرائض انجام نہیں دئیے تاہم وہ پاکستان میں کھیلی گئی 5 سیریز کے 15 ٹیسٹ اور آئی سی سی ورلڈکپ 1996 کے 6 میچز سمیت کل 20 ایک روزہ میچوں میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں۔

    میچ ریفری کی حیثیت سے تعیناتی سے قبل رنجن مدوگالے سری لنکا کی جانب سے 21 ٹیسٹ اور 63 ایک روزہ میچوں میں شرکت کرچکے ہیں۔ اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران رنجن مدوگالے 2 ٹیسٹ اور 13 ایک روزہ میچز میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کی کپتانی بھی کرچکے ہیں۔

    میچ آفیشلز:

    پہلا ٹی ٹونٹی میچ بتاریخ 24 جنوری 2020بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور بوقت دوپہر 2 بجے آغاز: احسن رضا اور شوزب رضا(آن فیلڈ امپائر)، احمد شہاب (تھرڈ امپائر)، طارق رشید(فورتھ امپائر) اور رنجن مدوگالے (میچ ریفری)

    ‏دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بتاریخ 25 جنوری 2020بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور بوقت دوپہر 2 بجے آغاز: احسن رضا اور شوزب رضا(آن فیلڈ امپائر)، احمد شہاب (تھرڈ امپائر)، طارق رشید(فورتھ امپائر) اور رنجن مدوگالے (میچ ریفری)

    تیسراٹی ٹونٹی میچ بتاریخ 27 جنوری 2020بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور بوقت دوپہر 2 بجے آغاز: احسن رضا اور شوزب رضا(آن فیلڈ امپائر)، احمد شہاب (تھرڈ امپائر)، طارق رشید(فورتھ امپائر) اور رنجن مدوگالے (میچ ریفری)

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلےٹیسٹ میچ کے لیے آئی سی سی کی جانب سے امپائرز اور میچ ریفری کی تعیناتی بعد میں کی جائے گی۔

    شیڈول:24جنوری بروز جمعہ: پہلا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور،25 جنوری بروز ہفتہ: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور،27 جنوری بروزپیر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور،7تا 11 فروری: پہلا ٹیسٹ میچ بمقام راولپنڈی،3اپریل بروز جمعہ: واحد ایک روزہ میچ بمقام کراچی،5تا 9اپریل: دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام کراچی

  • حارث رؤف بنے حسن علی کے مہمان

    حارث رؤف بنے حسن علی کے مہمان

    حارث رؤف بنے حسن علی کے مہمان

    باغی ٹی وی : ساتھی کرکٹرز "ون ففٹی” کے نام سے پکارتے ہیں، تیز رفتار باؤلنگ کی غرض سے روزانہ آدھا درجن انڈے کھاتا تھا،
    حال ہی میں آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حارث رؤف کو پہلی مرتبہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے تین میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    سیریز سے قبل راولپنڈی کے معروف ٹیپ بال کرکٹر حارث رؤف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری قومی اسکواڈ کے تربیتی کیمپ کے دوران ٹیسٹ کرکٹر حسن علی کے ساتھ ایک منفرد نشست میں حصہ لیا۔ خصوصی بیٹھک میں انکشاف ہوا ہے کہ حارث رؤف ساتھی کرکٹرز میں "ون ففٹی (150)” کے نام سے مشہور ہیں۔

    سینئر کرکٹر حسن علی کو انٹرویو دیتے ہوئے نوجوان فاسٹ باؤلر نے کہا کہ تیز رفتار باؤلنگ کے باعث ساتھی کرکٹر انہیں "حارث رؤف” کی بجائے "ون ففٹی” کے نام سے پکارتے ہیں۔ 26 سالہ فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مداحوں کو دستخط دیتے وقت بھی "150” کا ہندسہ درج کرنا نہیں بھولتے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم میں شمولیت سے متعلق حسن علی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے بتایا کہ وہ 2 سال قبل ٹیپ بال کرکٹ کھیلنے کی غرض سے گوجرانوالہ میں موجود تھے، انہوں نے شہر میں جاری لاہور قلندرز کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں قسمت آزمائی اور خوش قسمتی سے منتخب ہوگئے۔

    ٹرائلز میں کامیابی کے بعد حارث رؤف نے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید کی زیرنگرانی باؤلنگ اور فٹنس میں بہتری کے لیے بھرپور ٹریننگ شروع کردی۔ نوجوان فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ ٹیپ بال کرکٹ سے ہارڈ بال کرکٹ تک کا سفر کٹھن تھا اور اس دوران وہ تیز رفتار باؤلنگ کی غرض سے ایک روز میں آدھا درجن انڈے کھایا کرتے تھے۔

    بگ بیش لیگ 20-2019 میں ملیبرن اسٹارز کی نمائندگی کرنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایونٹ میں شرکت سے قبل ہی عمدہ کارکردگی دکھانے کا عزم کررکھا تھا۔ فاسٹ باؤلر نے کہا کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کے آسٹریلیا میں انعقاد کے باعث وہ پرامید تھے کہ ایونٹ میں اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر وہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں۔ فاسٹ باؤلر نے واضح کیا کہ بگ بیش لیگ کے دوران وہ قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔

    قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے 26 سالہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے آسٹریلیا میں جاری بگ بیش ٹی ٹونٹی لیگ کے 7 میچوں میں 16 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

    نوجوان فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ کسی بھی فاسٹ باؤلر کے لیے جارحانہ مزاجی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں بھی وکٹ لینے کے بعد اپنا مخصوص سلیبریشن اسٹائل ضرور اپنائیں گے۔ 26 سالہ نوجوان کرکٹر نے کہا کہ وہ ہوم کراؤڈ کے سامنے ڈیبیو کرنے کے لیے بیتاب ہیں۔

    شیڈول:

    24جنوری بروز جمعہ: پہلا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
    25 جنوری بروز ہفتہ: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
    27 جنوری بروزپیر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
    7تا 11 فروری: پہلا ٹیسٹ میچ بمقام راولپنڈی
    3اپریل بروز جمعہ: واحد ایک روزہ میچ بمقام کراچی
    5تا 9اپریل: دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام کراچی

  • بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم  کب  پاکستان پہنچے گی، شائقین  ہو جائیں تیار

    بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کب پاکستان پہنچے گی، شائقین ہو جائیں تیار

    بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کب پاکستان پہنچے گی، شائقین کرکٹ ہو جائیں تیار

    باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق :آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود پاکستان کی ٹیم 24 جنوری بروز جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں مدمقابل آئے گی۔ تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی جیت کا تناسب 80 فیصد ہے۔ اب تک 10 میچوں میں ایک دوسرے کے مدمقابل آنے والی ٹیموں میں 8 میچز پاکستان اور 2 بنگلہ دیش نے جیتے۔

    پاکستان 2008 میں بھی بنگلہ دیش ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرچکا ہے۔ 20 اپریل 2008 کو کراچی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 102 رنز سے ہرایا تھا۔

    دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2016 میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں تھیں۔ 16 مارچ 2016 کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 55 رنز سے شکست سے دوچار کیا تھا۔

    اسی طرح دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ 2 ستمبر 2007 کو کینیا کے شہر نیروبی میں آمنے سامنے آئیں تھیں، جہاں پاکستان نے 30 رنز سے کامیابی اپنے نام کی۔ میچ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے شعیب ملک حالیہ سیریز میں قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا حصہ ہیں تاہم جمعہ سے شروع ہونے والی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کررہے ہیں۔

    سیریز میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 22 جنوری کی رات لاہور پہنچے گی۔ مہمان ٹیم 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچز کھیلے گی۔

    شیڈول کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیمیں 23 جنوری دوپہر 1 سے شام 4 بجے تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کریں گی۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان تینوں ٹی ٹونٹی میچز دن کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔ میچز کے لیے ٹاس ڈیڑھ بجے ہوگا جبکہ تینوں روز میچ میں کھیل کا باقاعدہ آغاز دوپہر 2 بجے ہوگا۔

    دونوں ٹیمیں دوسرے اور تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے درمیان 26 جنوری بروز اتوار کو بھی پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گی۔ 27 جنوری کو آخری ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کے بعد مہمان ٹیم 28 جنوری کو وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔

    آئندہ چند روز کے لیے لاہور میں شیڈول میڈیا کوریج کی تفصیلات:

    22 جنوری بروز بدھ:

    • بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد(مہمان ٹیم کی پاکستان آمد کی ویڈیوز اور تصاویر پی سی بی فراہم کرے گا)۔

    23جنوری بروزجمعرات:

    • دوپہر 12:45بجے:دونوں ٹیموں کے کپتان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں واقع فار اینڈ بلڈنگ میں پری سیریز میڈیا کانفرنس میں شرکت کریں گے
    • پری سیریز پریس کانفرنس کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتان ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کریں گے
    • دوپہر 1 بجے: دونوں ٹیمیں ٹریننگ کا آغاز کریں گی

    24جنوری بروزجمعہ:

    • دوپہر 1:30 بجے: ٹاس
    • دوپہر 2 بجے: میچ کا آغاز
    • میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے نمائندگان پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے
    • پی سی بی پوسٹ میچ پریس کانفرنس کی مکمل ویڈیو فراہم کرے گا

    25جنوری بروزہفتہ:

    • دوپہر 1:30 بجے: ٹاس
    • دوپہر 2 بجے: میچ کا آغاز
    • میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے نمائندگان پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے
    • پی سی بی پوسٹ میچ پریس کانفرنس کی مکمل ویڈیو فراہم کرے گا

    26جنوری بروز اتوار:

    • دونوں ٹیموں کا ٹریننگ سیشن

    27جنوری بروز پیر:

    • دوپہر 1:30 بجے: ٹاس
    • دوپہر 2 بجے: میچ کا آغاز
    • میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے نمائندگان پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے
    • پی سی بی پوسٹ میچ پریس کانفرنس کی مکمل ویڈیو فراہم کرے گا

    شیڈول:

    24جنوری بروز جمعہ: پہلا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
    25 جنوری بروز ہفتہ: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
    27 جنوری بروزپیر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
    7تا 11 فروری: پہلا ٹیسٹ میچ بمقام راولپنڈی
    3اپریل بروز جمعہ: واحد ایک روزہ میچ بمقام کراچی
    5تا 9اپریل: دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام کراچی

  • راولپنڈی میں عالمی معیار کا ہاکی سٹیڈیم تیار،افتتاحی میچ، آرمی چیف تھے مہمان خصوصی

    راولپنڈی میں عالمی معیار کا ہاکی سٹیڈیم تیار،افتتاحی میچ، آرمی چیف تھے مہمان خصوصی

    راولپنڈی میں عالمی معیار کا ہاکی سٹیڈیم تیار،افتتاح میچ، آرمی چیف تھے مہمان خصوصی
    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایوب نیشنل پارک راولپنڈی میں آسٹروٹرف اسٹیڈیم تیار ہو گیا ہے، اسٹیڈیم میں کھیلوں کیلئے جدید سہولتیں دستیاب ہیں.

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی کے مطابق پاکستان گرینزاوروائٹ کے درمیان افتتاحی ہاکی میچ ہوا،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےبھی ہاکی میچ دیکھا،آرمی چیف نے ہاکی کی ترویج کیلئے کوششوں کوسراہا،

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اسٹیڈیم پٹرولیم کمپنی،آرمی ہیریٹج فاؤنڈیشن نے تیارکیا،اسٹیڈیم بنانےکامقصد کھیلوں کی اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولتوں کی فراہمی ہے،آرمی چیف نے ہاکی کے کھیل کی بحالی کے لیےکوششوں پر ماڑی پٹرولیم کمپنی کی کوششوں کوسراہا

  • پاکستان سپر لیگ:ٹکٹ کی قیمتوں اور خریداری کے طريقہ کار کا اعلان کردیا گیا

    پاکستان سپر لیگ:ٹکٹ کی قیمتوں اور خریداری کے طريقہ کار کا اعلان کردیا گیا

    لاہور:پاکستان سپر لیگ:ٹکٹ کی قیمتوں اور خریداری کے طريقہ کار کا اعلان کردیا گیا ،اطلاعات کےمطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پاکستانی میدانوں میں واپسی سے تيس روز پہلے ہي پی سی بی نے ٹکٹ کی قیمتوں اور خریداری کے طريقہ کار کا اعلان کرديا ہے۔

    باغی ٹی وی کےمطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے تمام 34 میچز پاکستان کے چار مقامات پر کھيلے جاہيں گے ، لاہور ميں چودہ میچز ، ملتان ميں تین اور راولپنڈی ميں آٹھ میچيز 20 فروری سے 22 مارچ تک کھیلے جائیں گے۔

    باغی ٹی وی کےمطابق ٹکٹوں کی آن لائين فروخت 8 بجے رات سے شروع ہوگی۔ www.yayvo.com کے ذریعے بک کروائے جاسکيں گے ۔ 28 جنوري سے ملک کے 38 شہروں میں ٹی سی ایس ایکسپریس مراکز کے ذریعے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگی۔ ہر کسٹمر ایک قومی شناختی کارڈ پر فی میچ سات ٹکٹ خرید سکتا ہے۔ جبکہ شکايت کے ليے ایک چوبيس گھنٹے ہیلپ لائن کام کرے گي ۔

    اس کے علاوہ ایک ویب کسٹمر سپورٹ ڈیسک (www.tcsexpress.com) کام کرے گا ۔ 20 فروری کو کراچی میں ہونے والي افتتاحی تقریب اور میچ کے لئے ، ٹکٹوں کی قیمت ايک ہزار سے چھ ہزار کے درمیان رکھی گئی ہے۔ 22 مارچ کے فائنل کے لاہور میں فائنل میچ کیلئے ٹکٹ کی قیمت کی پانچ سو سے پانچ ہزار تک رکھي گئي ہے ۔

    کراچی میں 17 مارچ سے ہونے والے کوالیفائرز کے ليے ٹکٹ کي قيمت پانچ سو سے چار ہزار روپے جبکہ دو 18 اور 20 کو لاہور ميں ہونے والے ایلیمینیٹرز ميچيز کے ليے ٹکٹ کي قيمت پانچ سو سے چار ہزار روپے مقرر کي گئي ہے ۔

  • نیشنل اور نیشنل جونئیر بیڈمنٹن چیمپین شپ کب شروع ہوگی ، تاریخ آگئی

    نیشنل اور نیشنل جونئیر بیڈمنٹن چیمپین شپ کب شروع ہوگی ، تاریخ آگئی

    نیشنل اور نیشنل جونئیر بیڈمنٹن چیمپین شپ کب شروع ہو گی ، تاریخ آگئی

    باغی ٹی وی : نیشنل بیڈمنٹن چیمپین شپ چھبيس سے اکتيس جنوری تک لاہور میں ہو گی۔ يہ بات پاکستان بيڈمنٹن فيڈريشن کے سيکرٹري واجد علي نے پريس کانفرنس ميں بتائي ۔ انہوں نے کہا جونئیر چیمپین شپ میں سات کیٹگریز ميں مقابلے ہونگے۔ اس کے ليے ايک سو پچاس کھلاڑیوں نے رجسٹريشن کروائي ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل بیڈمنٹن چیمپین شپ میں خواتین اور ٹیم ایونٹ سمیت سات مقابلے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سنئير چیمپین شپ میں دوسو کھلاڑی شرکت کرینگے۔ چیمپین شپ کے تمام مقابلے واپڈا سپورٹس کمپلیکس جمنزيم ہال لاہور میں ہوں گے ۔

  • کرکٹ کی دنیا سے اہم خبر:ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان، ثناء میر ڈراپ

    کرکٹ کی دنیا سے اہم خبر:ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان، ثناء میر ڈراپ

    لاہور: کرکٹ کی دنیا سے اہم خبر:ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان، ثناء میر ڈراپ،اطلاعات کےمطابق ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا، بسمہ معروف کپتان مقرر جبکہ سابق کپتان ثناء میر کو ڈراپ کردیا گیا۔

    قومی ویمنز ٹیم کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے کپتان بسمعہ معروف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کیا۔عروج ممتاز نے کہا کہ ٹیم کی سلیکشن میں حالیہ پرفارمنس کو مد نظر رکھا گیا ہے، ثناء میر کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔وہ بہت تجربہ کار کھلاڑی ہیں لیکن ان کی حالیہ پرفارمنس کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈراپ کیا گیا ہے۔

    چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دیگر پلیئرز جو نیچے سے آر ہی ہیں اور پرفارم کر رہی ہیں ہم نے انہیں بہت پرکھا ہے، سب پرفارمنگ پلیئرز کو موقع ملنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ انعم امین بھی نئے بال سے بالنگ کرتی ہیں اور ان کا بنگلہ دیش کے خلاف اچھا ریکارڈ ہے۔

    عروج ممتاز نے کہا کہ جو نئی لڑکیاں ٹیم میں شامل کی گئی ہیں وہ بہت اچھی کھلاڑی ہیں۔ہمارا ٹیم کامبی نیشن اچھا ہے،ٹیم گراف میں وقت کے ساتھ ساتھ بہتری آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مینز کرکٹ ٹیم کا ویمن کرکٹ سے موازنہ نہیں کرسکتے۔مینز کرکٹ میں مواقع بہت زیادہ ہوتے ہیں جبکہ ویمن کرکٹ میں محدود مواقع ہوتے ہیں۔

    چیف سلیکٹر نے کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ویمن ورلڈ کپ بہت بڑا ایونٹ ہے اور وہاں پریکٹس میچز بھی کھیلیں گے۔تمام ڈومیسٹک و انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیم بنائی ہےعروج ممتاز نے کہا کہ ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتل ہے۔ٹیم کی تمام لڑکیوں کی اوسط عمر 24 سال ہے۔

    قومی ویمنز ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:بسمعہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانہ بیگ، فاطمہ ثناء، ارم جاوید، جویریہ وددو، عمیمہ سہیل، سدرہ نواز،عمیمہ سہیل،سیدہ عروب شاہ، سعدیہ اقبال اور ندہ ڈار ۔ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

  • نوجوان بلے باز احسان علی نے پسندیدہ خوراک کھانا کیوں‌ ترک کر دی؟ شان مسعود کو انٹرویو میں بتا دیا

    نوجوان بلے باز احسان علی نے پسندیدہ خوراک کھانا کیوں‌ ترک کر دی؟ شان مسعود کو انٹرویو میں بتا دیا

    نوجوان بلے باز احسان علی نے پسندیدہ خوراک کھانا کیوں‌ ترک کر دی؟ شان مسعود کو انٹرویو میں بتا دیا

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے آغاز میں صرف 3 روز باقی رہ گئے ہیں۔ اس موقع پر قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا حصہ بننے والے دو نوجوان کرکٹرز احسان علی اور عماد بٹ بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔

    سیریز کے آغاز سے قبل دونوں کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود کو خصوصی انٹرویو دیا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ نوجوان بلے باز احسان علی نے اس خصوصی بیٹھک میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی پسندیدہ خوراک "بریانی”کھانا ترک کردی ہے۔ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود کو انٹرویو دیتے ہوئے نوجوان کرکٹر کا کہنا تھا کہ وہ گذشتہ 31 روز سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سخت فزیکل ٹریننگ کرنے میں مصروف ہیں اور اس دوران ان کی فٹنس میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ احسان علی نے کہا کہ این سی اے میں ٹریننگ کے دوران ان کے ڈائیٹ پلان اور روٹین میں واضح نظم و ضبط دیکھا جاسکتا ہے۔

    کلب کرکٹ کے اپنے پرانے اوپننگ پارٹنر شان مسعود کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے نوجوان کرکٹر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم، شعیب ملک اور محمد حفیظ جیسے نامور کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا ایک خواب کی مانند ہے۔ احسان علی نے کہا کہ وہ فارغ اوقات میں فلم دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

    قومی ٹی ٹونٹی کپ میں سندھ کی نمائندگی کرنے والے 26 سالہ کرکٹر احسان علی نے 5 میچوں میں 148.86 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 131 رنز بنائے تھے۔ نوجوان کرکٹر احسان علی نے بنگلہ دیش کے خلاف”21″ نمبر کی شرٹ پہن کر میدان میں اترنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ و ہ اپنی والدہ کی خواہش پر شروع سے "21” نمبر کی شرٹ پہننے کو ترجیح دیتے ہیں۔

    2008 میں پاکستان انڈر 15 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے احسان علی آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2010 میں پاکستان کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔41 ٹی ٹونٹی میچوں میں 129 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 949 رنز بنانے والے احسان علی اپنے لسٹ اے کیرئیر میں 38 میچ کھیل کر 1045 رنز بناچکے ہیں۔ ان کے لسٹ اے کیرئیر میں 4 نصف سنچریاں اور 1 سنچری شامل ہے۔

    سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ آلراؤنڈر عماد بٹ کا کہنا ہے کہ سبز ستارے والی شرٹ زیب تن کرنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ ہوگا۔ شان مسعود سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے آلراؤنڈر نے واضح کیا کہ وہ کسی مخصوص نمبر کی شرٹ لینے کے خواہشمند تو نہیں ہیں مگر وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ڈیبیو کرنے کے لیے بیتاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آف سیزن میں بھی اپنی فٹنس کا خاص خیال رکھتے ہیں۔

    عماد بٹ نے کہا کہ شعیب ملک ان کے پسندیدہ کرکٹر ہیں اور وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ان کی موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ آلراؤنڈر کا کہنا ہے کہ وہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ڈیبیو کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہوم کراؤڈ کے سامنے ڈیبیو کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔

    نوجوان آلراؤنڈر نے بتایا کہ گذشتہ سال اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف میچ جتوانا اب تک ان کے کیرئیر کا یادگار لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روایتی حریف کے خلاف آخری اوور میں 8 رنز کا دفاع کرنے سے ان میں خوداعتمادی بڑھی ہے۔

    24 سالہ آلراؤنڈر عماد بٹ نے چند ماہ قبل نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2019 میں دس وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 170 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 80 رنز بھی اسکور کیے تھے۔

    2013-14 میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے آلراؤنڈر عماد بٹ اب تک 36 ٹی ٹونٹی میچوں میں 167 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 49 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔ 52 لسٹ اے میچز میں 611 رنزبنانے والے عماد بٹ 71 وکٹیں بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔

    شیڈول کے مطابق 24جنوری بروز جمعہ پہلا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور،25 جنوری بروز ہفتہ دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور،27 جنوری بروزپیر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہورہو گا

    7تا 11 فروری پہلا ٹیسٹ میچ بمقام راولپنڈی،3اپریل بروز جمعہ واحد ایک روزہ میچ بمقام کراچی ،5تا 9اپریل دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام کراچی ہو گا