Baaghi TV

Tag: بالی ووڈ

  • سوشانت سنگھ کا پوسٹ مارٹم کرنیوالی ٹیم کے رکن کے تہلکہ خیز دعوے

    سوشانت سنگھ کا پوسٹ مارٹم کرنیوالی ٹیم کے رکن کے تہلکہ خیز دعوے

    بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے کیس میں ایک بار پھر نئے دعوے سامنے آ گئے-

    سوشانت سنگھ راجپوت کے پوسٹ مارٹم میں شامل رہنے والے روپ کمار شاہ نے ایک گفتگو کے دوران ایسے انکشافات کا دعویٰ کیا ہے جنہوں نے اداکار کی موت سے متعلق پرانے سوالات کو دوبارہ نمایاں کردیا ہےروپ کمار شاہ کے مطابق سوشانت سنگھ راجپوت کو پھانسی دینے سے قبل مبینہ طور پر 2 سے 3 مرتبہ گلا دبایا گیا تھا، سوشانت کے جسم پر گلا گھونٹے جانے کے واضح نشانات موجود نہیں تھے، تاہم آنکھوں پر پائے جانے والے زخم بھی اس با ت کی جانب اشارہ کرتے ہیں کہ معاملہ محض خودکشی تک محدود نہیں تھا۔

    پوسٹ مارٹم ٹیم کے رکن نے مزید دعویٰ کیا کہ سوشانت کی گردن کے بائیں جانب کسی آلے کے ذریعے 3 سے 4 مرتبہ زخم پہنچائے گئے تھے ان زخموں کی گہرائی تقریباً 2 سے 3 ملی میٹر تھی،روپ کمار شاہ نے اپنے دعوے کی بنیاد پر سوال اٹھایا کہ اگر یہ محض خودکشی کا واقعہ تھا تو گردن پر ایسے زخم کیسے آئے۔

    روپ کمار شاہ نے پوسٹ مارٹم کے طریقہ کار سے متعلق بھی سنگین دعویٰ کیا،ان کے مطابق سوشانت کا پوسٹ مارٹم رات کے وقت کرنے کے لیے ٹیم پر دباؤ ڈالا گیا، جبکہ سابق ممبئی پولیس افسرسچن وازے نے انہیں اگلی صبح پوسٹ مارٹم کرنے کے بجائے اسی رات کارروائی مکمل کرنے پر مجبور کیا۔

    ان کا دعویٰ ہے کہ واقعے کے بعد انہیں تقریباً 15 روز تک حراست میں رکھا گیا اور مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا،انہیں ٹائر کے اندر ڈال کر بھی مارا جاتا تھا، جبکہ ماسک پہنے متعدد افراد ان کے پاس آتے اور انہیں دھمکیاں دیتے تھے-

    روپ کمار شاہ نے اداکارکی سابق منیجر دیشا سالیان کی موت سے متعلق بھی بعض دعوے کیے ان کے مطابق دیشا سالیان کے پوسٹ مارٹم میں شامل ایک ساتھی نے انہیں بتایا تھا کہ دیشا کے جسم پر متعدد زخم اور نشانات موجود تھے جبکہ ہونٹوں، کانوں اور سینے پر بھی کٹ کے نشانات پائے گئے تھے، دیشا سالیان کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اوراس مبینہ واقعے میں 5 سے 6 افراد ملوث تھے تاہم یہ تمام دعوے روپ کمار شاہ کی جانب سے کیے گئے ہیں اور ان کی آزادانہ طور پر تصدیق اس متن میں موجود نہیں۔

    سوشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو ممبئی میں اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے تھے، ان کی موت کے بعد خودکشی، قتل اور دیگر پہلوؤں کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں، اداکار کی موت نے بھارت بھر میں بڑے پیمانے پر بحث کو جنم دیا تھا اور معاملے کی تحقیقات مختلف اداروں نے بھی کی تھیں۔

    واضح رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020ء کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے تھے، 34 سالہ اداکارکی موت نے بھارت میں مختلف سوالات کو جنم دیا،اس سے قبل 8 جون 2020ء کو سوشانت کی سابق منیجردیشا سالیان بھی ممبئی کے علاقے مالاد میں ایک عمار ت کی 14ویں منزل سے گرنے کے بعد ہلاک ہوئی تھیں۔

  • سنیتا آہوجا نے گووندا سے طلاق کا مقدمہ واپس لے لیا

    سنیتا آہوجا نے گووندا سے طلاق کا مقدمہ واپس لے لیا

    بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے طلاق کا مقدمہ واپس لے لیا، اداکار کی ٹیم نے تصدیق کردی۔

    بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان 40 سالہ ازدواجی زندگی کو درپیش بحران بظاہر ختم ہوگیا ہےاداکار کے منیجر ششی سنہا کے مطابق سنیتا آہوجا نے اپنے شوہر کے خلاف دائر کی گئی طلاق کی درخواست باضابطہ طور پر واپس لے لی ہے جس کے بعد کئی ہفتوں سے جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سنیتا آہوجا فیملی کورٹ میں بیٹے یشوردھن آہوجا کے ہمراہ دیکھی گئیں، جس کے بعد اُن کی شادی شدہ زندگی سے متعلق نئی قیاس آرائیاں سامنے آئیں اس معاملے پر پاپارازی نے سنیتا آہوجا سے عدالت آمد کی وجہ سے متعلق دریافت کیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا برتھ ڈے منانے آئی تھی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تاحال تشویش کی کوئی بات نہیں، گووندا کے منیجر ششی سنہا نے کہا کہ سب لوگ ڈر کیوں رہے ہیں؟ سنیتا جی نے اپنا کیس واپس لے لیا ہے، یہ خوشی کی بات ہے،عدالت میں سنیتا کے سخت رویے پر ششی نے جواب دیا کہ ’وہ اتنے غصے میں نظر آئیں تو سب نے سمجھا ہوگا کہ کوئی مسئلہ ہوا ہے لیکن اب جوڑے کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے۔

    ششی سنہا نے بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان علیحدگی نہیں ہو رہی، سنیتا نے اس وقت کے جذبات کے تحت طلاق کا فیصلہ کیا تھا تاہم بعد میں حالات کو دیکھتے ہوئے صلح کا راستہ اختیار کیا،گووندا اور ان کے بچوں نے سنیتا کے فیصلے پر غیر جانب دارانہ مؤقف اختیار کیا ہے یہ معاملہ صرف ایسا ہے کہ کسی شخص کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور اس نے گھر واپس آنے کا فیصلہ کیا جو ایک مثبت بات ہے۔

    ششی سنہا نے کہا کہ ان کا واحد افسوس یہ ہے کہ یہ معاملہ عوامی سطح پر بہت زیادہ زیرِبحث آگیا تاہم رشتوں میں ایسے حالات پیش آجاتے ہیں،سنیتا جی نے گووندا کے خلاف طلاق کا مقدمہ واپس لے لیا ہے کوئی علیحدگی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے جو کچھ کہا وہ اس وقت کے جذبات تھے اور اب انہوں نے در خو است واپس لے لی ہے یہ خوشی کی خبر ہے جو کچھ ہوا وہ اچھا نہیں تھا لیکن اب وہ ماضی کا حصہ ہے۔

    سنیتا آہوجا نے دسمبر 2024 کے آغاز میں باندرہ فیملی کورٹ سے رجوع کیا تھا انہوں نے ہندو میرج ایکٹ کی ان دفعات کے تحت طلاق کی درخواست دائر کی تھی جن میں مبینہ ظلم، علیحدگی اور بے وفائی کو شادی ختم کرنے کی بنیادوں میں شامل کیا جاتا ہے،گووندا اور سنیتا کے درمیان اختلافات اس وقت زیادہ نمایاں ہوئے جب سنیتا نے فلم ’روپا‘ کی تشہیری مہم کے دوران اپنے شوہر کی ساتھی اداکارہ کومل رانی سوارنکر کے ساتھ قربت پر اعتراض کیا۔

    فوٹوگرافرز سے گفتگو کرتے ہوئے سنیتا نے اشارہ دیا کہ گووندا کا رویہ غیر معمولی ہے ماضی میں جب انہوں نے شوہر پر بے وفائی کے الزامات لگائے تھے تو ان پر تنقید کرنے والے مداح اب خاموش کیوں ہیں،سنیتا نے گووندا اور ان کی ساتھی اداکارہ کے درمیان عمر کے فرق پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ گووندا کو اپنے تاثر اور عوامی ردعمل کا زیادہ خیال رکھنا چاہیے۔

    اس کے جواب میں گووندا نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سنیتا کے عوامی بیانات مناسب نہیں تھے اور یہ نوجوانوں کے لیے اچھا پیغام نہیں دیتے کہ کسی ذاتی معاملے کو کس طرح عوام کے سامنے پیش کیا جائےانہوں نے ماضی میں سنیتا کے کئی کاموں میں ان کی حمایت کی جن میں کھانا پکانے کے شو میں شرکت اور ریئلٹی پروگرام ’لاک اپ‘ میں ان کی موجودگی شامل ہے سنیتا کو بھی ان کے موجودہ فلمی منصوبوں کے لیے اسی طرح تعاو ن کرنا چاہیے تھا نہ کہ انہیں نقصان پہنچانے والے بیانات دینے چاہییں۔

    انہوں نے عمر کے فرق پر ہونے والی تنقید کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلمی صنعت میں سینئر اداکار طویل عرصے سے کم عمر ساتھی اداکاروں کے ساتھ کام کرتے آئے ہیں اور یہ کوئی نئی بات نہیں، انہوں نے سنیتا سے اپنے پوڈکاسٹ پر سخت بیانات دینے سے گریز کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔

    دونوں کے درمیان صلح کے اشارے چند ماہ پہلے ہی سامنے آنا شروع ہوگئے تھے،جون میں جب سنیتا آہوجا ریئلٹی شو ’لاک اپ: سچ یا سزا‘ سے باہر ہوئیں تو گووندا انہیں لینے کے لیے موجود تھے اس موقعے پر انہوں نے مشکل دور سے گزرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ دونوں نے ایک سخت مرحلہ دیکھا ہے،وہ اب بھی سنیتا کے ساتھ اپنے رشتے کے لیے پرعزم ہیں اور تفریحی صنعت میں عوامی تنازعات کو زندگی کا ایک حصہ قرار دیا تھا۔

    گووندا اور سنیتا آہوجا 1987ء میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، اُن کے 2 بچے 37 سالہ ٹینا آہوجا اور 29 سالہ ریشوردھن ہیں۔

  • شتروگھن سنہا بیٹی پر تنقید کرنے والوں پر برس پڑے

    شتروگھن سنہا بیٹی پر تنقید کرنے والوں پر برس پڑے

    بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کودہلی میں طلباء کے مظاہروں کی حمایت کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامناہے، اس معاملے پر اب ان کے والد اداکار شتروگھن سنہا نےبی جے پی کے آئی ٹی سیل پر کڑی تنقید کی ہے۔

    ایک حالیہ انٹرویو کے دوران شتروگھن سنہا سے جب یہ پوچھا گیا کہ سوناکشی کو دہلی کے مظاہروں کی حمایت کرنے پر نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے، تو انہوں نے اپنی بیٹی کا دفاع کرتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ یہ ٹرولنگ نیچرل نہیں بلکہ مصنوعی ہےمیری بیٹی کے خلاف جو بھی شور شرابا کیا جا رہا ہے وہ سب پیسے دے کر کروایا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا آئی ٹی سیل اور جو لوگ ان کی پالیسیوں کو مانتے ہیں، وہ یہ سب کروا رہے ہیں یہ سب ٹرولنگ تیار شدہ ہے، انہیں جو لکھ کر دیا جاتا ہے وہ وہی بولتے ہیں اور انہیں خود بھی معلوم نہیں ہوتا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں، سوناکشی بہت مضبوط ہے اور اس نے بالکل درست کیا ہے کہ وہ ایسی فضول ٹرولنگ پر دھیان ہی نہیں دیتی، سوناکشی نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ ٹرولنگ پر توجہ نہیں دیتیں اور اپنی بات پُرامن انداز میں رکھنے کو ترجیح دیتی ہیں۔

    شتروگھن سنہا سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا سوناکشی مستقبل میں سیاست میں قدم رکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں، تو انہوں نے کوئی حتمی جواب نہیں دیا،کہا کہ پہلے میں ان سے یہ سوال پوچھ لیا کرتا تھا، لیکن اب میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ ایک قابل باپ کی سب سے قابل بیٹی ہے۔

    سوناکشی کے سیاسی خیالات کے بارے میں انہوں نے اشارہ دیا کہ ان کی رائے اکثر ان کی اپنی رائے سے بھی زیادہ مضبوط اور دو ٹوک ہوتی ہے۔

  • سہیل خان کا بچپن میں جنسی ہراسانی کا نشانہ بننے کا انکشاف

    سہیل خان کا بچپن میں جنسی ہراسانی کا نشانہ بننے کا انکشاف

    بالی ووڈ کے معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر سہیل خان نے پہلی بار انکشاف کیا ہے کہ وہ بچپن میں جنسی ہراسانی کا شکار ہوئے تھے، تاہم اس تکلیف دہ واقعے کو انہوں نے کئی برس تک چھپائے رکھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سہیل خان نے یہ انکشاف ریئلٹی شو “الائنس” میں گفتگو کے دوران کیا انہوں نے بتایا کہ بچپن میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد وہ طویل عرصے تک خاموش رہے اور شرمندگی و خوف کے باعث کسی کو کچھ نہ بتا سکے وقت گزرنے کے بعد جب وہ بالغ ہوئے تو انہوں نے اپنے والد، معروف فلمی مصنف سلیم خان، کو اس واقعے سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    اداکار کے مطابق جب انہوں نے اپنے والد(سلیم خان) سے کہا، “ڈیڈی، میرے ساتھ یہ ہوا تھا”، تو وہ یہ سن کر بے حد افسردہ ہوگئے، سہیل خان نے بتایا کہ ان کے والد کو اس بات کا زیادہ دکھ تھا کہ وہ اتنے برس تک یہ بوجھ تنہا اٹھائے رہے اور ان سے اس بارے میں بات نہ کر سکے ایسے واقعات کے بعد متاثرہ افراد اکثر خود کو قصوروار سمجھنے لگتے ہیں، حالانکہ ان کا کوئی قصور نہیں ہوتا، لیکن شرمندگی اور خوف کے باعث وہ خاموش رہتے ہیں۔

    سہیل خان کا کہنا تھا کہ اس تجربے نے انہیں ایک باپ کے طور پر بھی بدل کر رکھ دیا انہوں نے بتایا کہ اب وہ اپنے بچوں کو ہمیشہ یہ تلقین کرتے ہیں کہ اگر اسکول یا کسی اور جگہ ان کے ساتھ بدسلوکی، ہراسانی، دھونس یا کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے تو فوراً انہیں آگاہ کریں ، وہ اپنے بچوں سے کہتے ہیں کہ کسی بھی معاملے کو دل میں نہ رکھیں بلکہ ہر بات بلا جھجھک والدین کے ساتھ شیئر کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

    سہیل خان نے یہ بھی کہا کہ ریئلٹی شو میں شرکت ان کے لیے ایک منفرد تجربہ تھا، جس نے انہیں نہ صرف اپنی شخصیت کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرایا بلکہ زندگی کے کئی نئے سبق بھی سکھائے۔

    اداکار کے اس جذباتی اعتراف کو سوشل میڈیا پر بھی بڑی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔ متعدد صارفین نے ان کی ہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات پر خاموشی توڑنا ضروری ہے تاکہ متاثرہ افراد کو حوصلہ ملے اور خاندانوں میں کھل کر بات کرنے کا رجحان فروغ پائے۔

  • عامر خان کا پورے خاندان کو ایک جگہ رکھنے کیلئے  بڑا فیصلہ

    عامر خان کا پورے خاندان کو ایک جگہ رکھنے کیلئے بڑا فیصلہ

    بالی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنے خاندان کے تمام افراد کیلئے ایک بڑی رہائش گاہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان نے ممبئی کے مہنگے ترین علاقے پالی ہل کے نزدیک بیلا وسٹا اور مرینا اپارٹمنٹس میں 2 رہائشی منصوبےکی از سر نو تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ان تمام اپارٹمنٹس کو ملا کر ایک بڑی اسکائی ولا تعمیر کی جائے گی،عامر خان پہلے ہی بیلا وسٹا میں متعدد اپارٹمنٹس کے مالک ہیں اور نئے رہائشی منصوبے کیلئے وہ تقریباً 100 کروڑ کی منصوبہ بندی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس نئی رہائش گاہ میں خاندانی تقریبات کیلئے وسیع وعریض ایریا سمیت ضرورت کے تحت رہائشی مقامات بھی تعمیر کیے جائیں گے،ایک فلور انٹرٹینٹمنٹ زون کے طور پر تیار کیا جائےگا ، دوسرا فلور عامر کے بیٹے جنید خان کے لیے مختص کیاگیا ہے، توقع ہے کہ عامر خود اپنی نئی نویلی دلہن گوری اسپرٹ اور ان کے بیٹے کے ساتھ دو فلور پر مقیم ہوں گے خاندان کے دیگر افراد کے پاس ایک ہی رہائشی کمپلیکس میں منفرد اپارٹمنٹس ہوں گے۔

    ان اپارٹمنٹس میں عامر خان کی والدہ زینت حسین، ان کی بہنیں، نگہت خان اور فرحت خان دتہ کے ساتھ ساتھ ان کی سابقہ بیوی کرن راؤ اور ان کے بیٹے آزاد کے لیے بھی اسی رہائشی منصوبے میں ایک اپارٹمنٹ مختص کیے جانے کی اطلاعات ہیں،نئے رہائشی منصوبے کی تکمیل تک عامر عارضی طور پر پالی ہل کے نزدیک واقع ایک اپارٹمنٹ میں منتقل ہوگئے ہیں۔

    واضح رہے کہ عامر خان نے حال ہی میں ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ایک سادہ اور نجی تقریب میں گوری اسپرٹ سے شادی کی ہے۔

  • معروف بھارتی اداکار کو شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، حالت تشویشناک

    معروف بھارتی اداکار کو شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، حالت تشویشناک

    معروف بھارتی اداکار راجیش شرما کو مبینہ طور پر زہریلے کیڑے کے کاٹنے کے بعد کولکتہ کے ایک نجی اسپتال میں داخل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔

    راجیش شرما کے اہلِ خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اداکار حیدرآباد کے راموجی فلم سٹی میں اداکار پربھاس کی فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعدجھاڑیوں کے قریب فلمی عملے سے گفتگو کر رہے تھے، اسی دوران انہیں محسوس ہوا کہ کسی کیڑے نے کاٹ لیا ہے ابتدائی طور پر تکلیف معمو لی محسوس ہونے کے باعث راجیش شرما نے فوری طور پر طبی امداد حاصل نہیں کی، تاہم تقریباً چھ گھنٹے بعد ان کی دائیں ٹانگ میں شدید درد شروع ہوگیا اور حا لت تیزی سے بگڑنے لگی۔

    اہلِ خانہ کے مطابق طبیعت خراب ہونے کے باوجود وہ کولکتہ جانے والی پرواز میں سوار ہوئے لیکن سفر کے دوران انہیں تیز بخار ہوگیا اگلے روز انہیں ڈھاکوریا کے منی پال اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ اب بھی زیرِ علاج ہیں راجیش شرما اس وقت شدید بخار، سانس لینے میں دشواری اور دائیں ٹانگ میں تیزی سے پھیلنے والے انفیکشن کا شکار ہیں انفیکشن ان کے پاؤں کی انگلیوں سے گھٹنے تک پھیل چکا ہے جب کہ متاثرہ حصے پر بڑے بڑے چھالے بھی بن گئے ہیں۔

    راجیش شرما کا علاج کرنے والے ایک سینئر ڈاکٹر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ اس مرحلے پر ان کی حالت کے بارے میں کوئی حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا ادا کار ابھی خطرے سے باہر نہیں ہیں اور مسلسل نگرانی میں رکھے گئے ہیں راجیش شرما کی حالت پر چوبیس گھنٹے نظر رکھی جا رہی ہے کیونکہ خون کا لو تھڑا بننے کا خدشہ موجود ہے، جو اگر پھیپھڑوں تک پہنچ جائے تو جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

    راجیش شرما بنگالی اور ہندی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ہیں اور متعدد کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں ان کی نمایاں فلموں میں “کھوسلا کا گھوسلا” (2006)، “عشقیہ” (2010)، “نو ون کلڈ جیسیکا” (2011)، “بجرنگی بھائی جان” (2015) اور “ایم ایس دھونی: دی اَن ٹولڈ اسٹوری” (2016) شامل ہیں۔

    دوسری جانب آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، تنظیم کا کہنا ہے کہ فلمی سیٹوں پر فنکاروں اور عملے کی حفاظت کے لیے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں اور واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

  • نامناسب انداز میں تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر نیہا دھوپیا  بھی پاپارازی پر برس پڑیں

    نامناسب انداز میں تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر نیہا دھوپیا بھی پاپارازی پر برس پڑیں

    بھارتی اداکارہ نیہا دھوپیا نے پاپارازی کی جانب سے نامناسب انداز میں تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے-

    ممبئی میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران نیہا دھوپیا براہِ راست فوٹوگرافروں کے پاس گئیں اور کہا کہ بدتمیزی سے بیک شاٹ کون لیتا ہے؟ یہ مت کیا کریں، نہ میرے ساتھ اور نہ ہی کسی اور کے ساتھ، ہم یہ بات بار بار کہہ کر تھک گئے ہیں، ہم باہر آتے ہیں اور آپ لوگ اس طرح کی ویڈیوز بناتے ہیں،اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھی نیہا کی حمایت کرتے ہوئے وائرل ویڈیو کے کمنٹس میں لکھا ویل ڈن نیہا۔

    نیہا کا یہ ردِعمل ان کی حالیہ ایک وائرل ویڈیو کے بعد سامنے آیا، جس میں انہیں ٹریک پر دوڑتے ہوئے فلمایا گیا تھا-

    چند روز قبل سوناکشی سنہا بھی ممبئی کے ایک ریسٹورنٹ کے باہر پاپارازی کے رویے سے نالاں دکھائی دی تھیں، وہ اپنے شوہر ظہیر اقبال اور والد کے ہمراہ موجود تھیں، جہاں انہوں نے ہاتھ جوڑ کر کہا تھا کہ بس، گائز شکریہ، گڈ نائٹ! تاہم اس کے باوجود کیمرے ان کا تعاقب کرتے رہے۔

    یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی بھارتی اداکار نے پاپارازی کی جانب سے نجی زندگی میں مداخلت یا نامناسب زاویوں سے تصاویر لینے پر اعتراض کیا ہو، اس سے قبل سلمان خان، جھانوی کپور، پلک تیواری اور زرین خان بھی اس معاملے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کر چکے ہیں۔

  • اجے دیوگن کی فلم چوہان کا ٹیزر جاری ہونے کے بعد شدید تنازع کھڑا ہوگیا

    اجے دیوگن کی فلم چوہان کا ٹیزر جاری ہونے کے بعد شدید تنازع کھڑا ہوگیا

    بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کی آنے والی فلم چوہان کا ٹیزر جاری ہونے کے بعد شدید تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔

    ٹیزر میں ایک نوجوان کو احتجاج کے دوران آنکھوں میں پیلٹ لگتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ پس منظر میں اجے دیوگن کی آواز سنائی دیتی ہے، جس میں ان چوٹوں کو محدود نقصان (Limited Damage) قرار دیا جاتا ہے،یہ مکالمہ سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔

    سوشل میڈیا صارفین انسانی حقوق کے حامیوں اور کشمیر کی بعض سیاسی جماعتوں نے ٹیزر کو مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن متاثرین کے زخموں کو معمولی ظاہر کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے،ناقدین کا کہنا ہے کہ پیلٹ گن سے متاثر ہونے والے ہزاروں کشمیریوں کی تکالیف اور مستقل معذوری کو اس انداز میں پیش کرنا ناصرف حقائق کے منافی بلکہ متاثرین کی توہین کے مترادف ہے۔

    سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا ایک صارف نے لکھا پیلٹ گن کو محدود نقصان کہنا ان ہزاروں نوجوانوں کی تکلیف کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے جنہوں نے اپنی بینائی کھو دی کئی صارفین نے کہا کہ پیلٹ گن کے اثرات کو معمولی قرار دینا حقیقت کے برعکس ہےبعض صارفین نے فلم کو پروپیگنڈا فلم قرار دیتے ہوئے اس کے مقصد اور وقت پر بھی سوالات اٹھائے-

    رپورٹس کے مطابق 2010ء سے 2016ء کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں 10 ہزار سے زائد افراد پیلٹ گن سے زخمی ہوئے، جبکہ صرف جولائی سے اکتوبر 2016 کے دوران ہونے والے احتجاج میں تقریباً 6 ہزار افراد متاثر ہوئے۔ ان میں سے 782 افراد کی آنکھوں پر پیلٹ لگے اور متعدد افراد ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوگئے۔

  • شاہ رخ خان اور فرح خان کی مدد سے ممبئی میں گھر خریدسکا،اداکار شریاس تلپڑے

    شاہ رخ خان اور فرح خان کی مدد سے ممبئی میں گھر خریدسکا،اداکار شریاس تلپڑے

    بالی وڈ اداکار شریاس تلپڑے نے انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان اور فلمساز فرح خان نے ممبئی میں گھر خریدنے میں ان کی مدد کی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ فلمساز اور کوریوگرافر فرح خان نے حال ہی میں اپنے ایک کوکنگ وی لاگ کے لیے شریاس تلپڑے کے گھر کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ماضی کی یادیں تازہ کیں،اس دوران 50 سالہ اداکار شریاس نے انکشاف کیا کہ فلم ‘اوم شانتی اوم’ کی وجہ سے ہی وہ اپنا پہلا گھر خرید سکے تھے،یہ سن کر فرح خان حیران رہ گئیں اور کہا کہ انہیں یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی

    شریاس تلپڑے نے کہا کہ گھر کیلئے قرض لینے بینک گیا اور لون کی بات کی، لیکن میں ہوم لون کی رقم کے لیے کوالیفائی نہیں کر رہا تھا، بینک میں موجود خاتون نے مجھ سے سوال کیا کہ کون سی فلم کر رہے ہیں ؟جس پر میں نے کہا ‘اوم شانتی اوم’ اور پوچھا کون اداکار ہیں اور کس کی فلم ہے؟جس پر میں نے جواب دیا کہ فلم میں مرکزی کردار شاہ رخ خان کا ہے اور فرح خان اس فلم کی ڈائریکٹر ہیں بینک خاتون نے مجھے ایک تصدیقی خط لانے کا کہا، پھر میں نے فرح کو فون کیا اور اس نے مجھے 2 دن میں شاہ رخ خان سے خط لا کر دیا اور اسی شام بینک نے مجھے قرض کی منظوری دے دی-

    اس واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے فرح نے کہا مجھے بہت خوشی ہے، کیونکہ اوم شانتی اوم کے لیے ہم نے تمہیں ویسے بھی شاید بہت کم پیسے دیے تھے۔

    واضح رہے کہ فلم اوم شانتی اوم 2007 میں ریلیز ہوئی تھی جسے سال کی بہترین فلموں میں شمار کیا گیا تھا جبکہ اس فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور کئی اہم اداکار بھی شامل تھے اور اب شریاس 26 جون کو ریلیز ہدایت کار احمد خان کی فلم ویلکم ٹو دی جنگل میں نظر آ رہے ہیں، فلم میں اکشے کمار، روینہ ٹنڈن، دیشا پٹانی، سنیل شیٹی، پریش راول اور دیگر بھی شامل ہیں فلم نے باکس آفس پر شاندار آغاز کیا ہے۔

  • میرے بچے نماز پڑھیں گے، دوسرے مذاہب کی عبادات میں بھی شریک ہوں گے، سیف علی خان

    میرے بچے نماز پڑھیں گے، دوسرے مذاہب کی عبادات میں بھی شریک ہوں گے، سیف علی خان

    بالی وڈ اداکار سیف علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ میں اپنے بیٹوں تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان کو وہی سکھاتا ہوں جو مجھے میری ماں نے سکھایا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق لندن میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سیف علی خان نے بتایا کہ میں زیادہ مذہبی نہیں ہوں لیکن میری ماں نے جو مجھے سکھایا میں نے اپنے بچوں کو بھی وہی سکھایا ہے کہ خدا ایک ہے، میں نے ایسے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کی جہاں مختلف مذاہب کی تعلیمات اور تہواروں کا احترام کیا جاتا تھا، میں ایسے اسکولوں میں پڑھا جہاں دن کا آغاز چرچ میں عبادت سے ہوتا تھامیں نے ایک بار یہ کہہ کر بچنے کی کوشش کی کہ میرا مذہب مختلف ہے، لیکن پھر ہمارے لیے ایک مولوی صا حب کو بلا لیا گیا، اس لیے وہ بہانہ بھی کام نہ آیا،میرے بچے نماز پڑھیں گے، اسی طرح دوسرے مذاہب کی عبادات میں بھی شریک ہوں گے اور دیوالی کی طرح کرسمس بھی منائیں گے۔

    واضح رہے کہ سیف علی خان نے دو شادیاں کیں، سیف اور کرینہ کپور کی شادی 2012 میں ہوئی تھی، اداکار سیف علی خان کی عمر 53 برس جب کہ کرینہ 44 برس کی ہیں، جوڑے کے ہاں دو بچے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں اس سے قبل سیف نے 1991 میں اداکارہ امریتا سنگھ سے شادی کی تھی، امریتا سیف سے 13 سال بڑی تھیں، ان کے دو بچے اداکارہ سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان ہیں تاہم سیف اور امریتا سنگھ کے درمیان 2004 میں طلاق ہوگئی تھی۔