Baaghi TV

اجے دیوگن کی فلم چوہان کا ٹیزر جاری ہونے کے بعد شدید تنازع کھڑا ہوگیا

showbiz

بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کی آنے والی فلم چوہان کا ٹیزر جاری ہونے کے بعد شدید تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔

ٹیزر میں ایک نوجوان کو احتجاج کے دوران آنکھوں میں پیلٹ لگتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ پس منظر میں اجے دیوگن کی آواز سنائی دیتی ہے، جس میں ان چوٹوں کو محدود نقصان (Limited Damage) قرار دیا جاتا ہے،یہ مکالمہ سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔

سوشل میڈیا صارفین انسانی حقوق کے حامیوں اور کشمیر کی بعض سیاسی جماعتوں نے ٹیزر کو مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن متاثرین کے زخموں کو معمولی ظاہر کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے،ناقدین کا کہنا ہے کہ پیلٹ گن سے متاثر ہونے والے ہزاروں کشمیریوں کی تکالیف اور مستقل معذوری کو اس انداز میں پیش کرنا ناصرف حقائق کے منافی بلکہ متاثرین کی توہین کے مترادف ہے۔

سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا ایک صارف نے لکھا پیلٹ گن کو محدود نقصان کہنا ان ہزاروں نوجوانوں کی تکلیف کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے جنہوں نے اپنی بینائی کھو دی کئی صارفین نے کہا کہ پیلٹ گن کے اثرات کو معمولی قرار دینا حقیقت کے برعکس ہےبعض صارفین نے فلم کو پروپیگنڈا فلم قرار دیتے ہوئے اس کے مقصد اور وقت پر بھی سوالات اٹھائے-

رپورٹس کے مطابق 2010ء سے 2016ء کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں 10 ہزار سے زائد افراد پیلٹ گن سے زخمی ہوئے، جبکہ صرف جولائی سے اکتوبر 2016 کے دوران ہونے والے احتجاج میں تقریباً 6 ہزار افراد متاثر ہوئے۔ ان میں سے 782 افراد کی آنکھوں پر پیلٹ لگے اور متعدد افراد ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوگئے۔

More posts