Baaghi TV

معروف بھارتی اداکار کو شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، حالت تشویشناک

bollywood

معروف بھارتی اداکار راجیش شرما کو مبینہ طور پر زہریلے کیڑے کے کاٹنے کے بعد کولکتہ کے ایک نجی اسپتال میں داخل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔

راجیش شرما کے اہلِ خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اداکار حیدرآباد کے راموجی فلم سٹی میں اداکار پربھاس کی فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعدجھاڑیوں کے قریب فلمی عملے سے گفتگو کر رہے تھے، اسی دوران انہیں محسوس ہوا کہ کسی کیڑے نے کاٹ لیا ہے ابتدائی طور پر تکلیف معمو لی محسوس ہونے کے باعث راجیش شرما نے فوری طور پر طبی امداد حاصل نہیں کی، تاہم تقریباً چھ گھنٹے بعد ان کی دائیں ٹانگ میں شدید درد شروع ہوگیا اور حا لت تیزی سے بگڑنے لگی۔

اہلِ خانہ کے مطابق طبیعت خراب ہونے کے باوجود وہ کولکتہ جانے والی پرواز میں سوار ہوئے لیکن سفر کے دوران انہیں تیز بخار ہوگیا اگلے روز انہیں ڈھاکوریا کے منی پال اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ اب بھی زیرِ علاج ہیں راجیش شرما اس وقت شدید بخار، سانس لینے میں دشواری اور دائیں ٹانگ میں تیزی سے پھیلنے والے انفیکشن کا شکار ہیں انفیکشن ان کے پاؤں کی انگلیوں سے گھٹنے تک پھیل چکا ہے جب کہ متاثرہ حصے پر بڑے بڑے چھالے بھی بن گئے ہیں۔

راجیش شرما کا علاج کرنے والے ایک سینئر ڈاکٹر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ اس مرحلے پر ان کی حالت کے بارے میں کوئی حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا ادا کار ابھی خطرے سے باہر نہیں ہیں اور مسلسل نگرانی میں رکھے گئے ہیں راجیش شرما کی حالت پر چوبیس گھنٹے نظر رکھی جا رہی ہے کیونکہ خون کا لو تھڑا بننے کا خدشہ موجود ہے، جو اگر پھیپھڑوں تک پہنچ جائے تو جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

راجیش شرما بنگالی اور ہندی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ہیں اور متعدد کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں ان کی نمایاں فلموں میں “کھوسلا کا گھوسلا” (2006)، “عشقیہ” (2010)، “نو ون کلڈ جیسیکا” (2011)، “بجرنگی بھائی جان” (2015) اور “ایم ایس دھونی: دی اَن ٹولڈ اسٹوری” (2016) شامل ہیں۔

دوسری جانب آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، تنظیم کا کہنا ہے کہ فلمی سیٹوں پر فنکاروں اور عملے کی حفاظت کے لیے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں اور واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

More posts