Baaghi TV

Tag: بھارت

  • بھارتی تربیتی طیارہ گر کرتباہ، انسٹرکٹر اور زیرِ تربیت پائلٹ جاں بحق

    بھارتی تربیتی طیارہ گر کرتباہ، انسٹرکٹر اور زیرِ تربیت پائلٹ جاں بحق

    بھارت کے شہر کانپور میں جمعرات کو 4 نشستوں پر مشتمل 2 انجنوں والے تربیتی طیارے کے کھیت میں گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں انسٹرکٹر اور زیرِ تربیت پائلٹ دونوں جاں بحق ہوگئے۔

    کانپور پولیس کمشنر رگھو ویر لال نے جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت گجرات سے تعلق رکھنے والے انسٹرکٹر پائلٹ سچن بھاٹیا اور کرناٹک کے رہائشی زیرِ تربیت پائلٹ ابھیشیک پجاری کے نام سے کی ہے-

    پولیس کمشنر کے مطابق دونوں پائلٹس نے مقامی گارگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر سے صبح تقریباً 11 بج کر 30 منٹ پر پرواز کی تھی،طیارہ تقریباً 20 منٹ بعد تربیتی مرکز واپس آتے ہوئے 11 بج کر 50 منٹ کے قریب ایک کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا،حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 4 نشستوں والا 2 انجنوں کا ٹیکنام طیارہ تھا، انسٹرکٹر پائلٹ سچن بھاٹیا کو تقریباً 3 ہزار گھنٹے پرواز کا تجربہ حاصل تھا۔

    پولیس کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا گیا اور لاشوں کو نکال لیا گیا ہے،حادثے کی اطلاع ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کو دے دی گئی ہے، جس کی ٹیم واقعے کی تفصیلی تحقیقات کرے گی۔

    پولیس کمشنر کے مطابق ٹیکنام طیارہ 2023 میں تربیتی مقاصد کے لیے گارگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر لایا گیا تھا،حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ طیارے سے متعلق تکنیکی تحقیقات ڈی جی سی اے کرے گا۔

  • بھیک مانگنے والی خاتون کی موت کے بعد گھر سے لاکھوں روپے برآمد

    بھیک مانگنے والی خاتون کی موت کے بعد گھر سے لاکھوں روپے برآمد

    بھارت کی ریاست کرناٹک کے منڈیا شہر میں ایک بزرگ خاتون کے انتقال کے بعد گھر سے ملنے والی خطیر رقم نے اہل علاقہ کو حیران کردیا۔

    خاتون کی شناخت حور کے نام سے ہوئی ہے جو منڈیا شہر کے گٹالو لے آؤٹ میں رہائش پذیر تھی اور کئی برسوں سے ایک مقامی مسجد کے باہر بیٹھ کر بھیک مانگ کر گزر بسر کر رہی تھی،حور لوگوں سے اکثر یہ شکوہ کرتی تھی کہ اس کے گھر والے اس کی مناسب دیکھ بھال نہیں کرتے اسی لیے اسے اپنا خرچ چلانے کے لیے لوگوں سے مدد مانگنا پڑتی ہے۔

    خاتون کے انتقال کے بعد جب اس کے گھر کی تلاشی لی گئی تو وہاں نوٹوں اور سکوں سے بھری بوریاں دیکھ کر سب دنگ رہ گئےرقم گننے پر 30 لاکھ بھارتی روپے سے زائد رقم سامنے آئی جو پاکستانی روپوں میں 87 لاکھ سے زائد کی رقم بنتی ہے جبکہ مقامی افراد کے مطابق مجموعی رقم 30 سے 40 لاکھ بھارتی ر و پے کے درمیان ہوسکتی ہے-

  • بھارت: الٰہ آباد ہائیکورٹ نے طالبہ کی حجاب پہننے کی درخواست مسترد کردی

    بھارت: الٰہ آباد ہائیکورٹ نے طالبہ کی حجاب پہننے کی درخواست مسترد کردی

    بھارتی شہر الہ آباد ہائی کورٹ نے ایک مسلمان طالبہ کی جانب سے دائر درخواست مسترد کر دی ہے، جس میں اس نے اسکول کے مقررہ یونیفارم کے ساتھ حجاب پہننے کی اجازت طلب کی تھی۔

    بھارتی خبر رساں ادارے انڈیا ٹوڈے کے مطابق جسٹس جے جے منیر اور جسٹس اندرجیت شکلا پر مشتمل ڈویژن بینچ نے پریاگ راج (الہ آباد) کے ایک اسکول کی گیارہویں جماعت کی طالبہ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ حجاب پہننے کو بھارتی آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت تحفظ یافتہ لازمی مذہبی عمل قرار نہیں دیا جا سکتا۔

    طالبہ نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ اسے اسکول یونیفارم کے ساتھ سر پر اسکارف پہننے کی اجازت دی جائے، کیونکہ اس کا مؤقف تھا کہ یہ اس کے مذہبی عمل کا حصہ ہے،طالبہ کا اپنی درخواست میں مؤقف تھا کہ وہ چھٹی جماعت سے دسویں جماعت تک حجاب پہن کر اسکول آتی رہی اور اسکول نے اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

    ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اسکولوں میں حجاب پر پابندی سے متعلق کرناٹک ہائی کورٹ کا فیصلہ اب بھی نافذ العمل ہے، کیونکہ سپریم کورٹ اس معاملے پر منقسم فیصلہ دینے کے بعد تاحال حتمی فیصلہ نہیں دے سکی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اسکول انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ادارہ نجی اور خود مالیاتی بنیادوں پر چلتا ہے جہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے بچے زیرِ تعلیم ہیں، کسی ایک طالبہ کو یونیفارم سے متعلق خصوصی رعایت دینے سے نظم و ضبط اور یکساں لباس کے اصول کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    بعد ازاں عدالت نے طالبہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسکول کو اپنی مقررہ یونیفارم پالیسی پر عمل درآمد جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔

  • امریکی سفیر کی بھارتی میڈیا اور نریندر مودی  پر سخت تنقید

    امریکی سفیر کی بھارتی میڈیا اور نریندر مودی پر سخت تنقید

    بھارت میں امریکی سفیر نے بھارتی میڈیا پر سخت تنقید کی، کہا کہ بھارتی میڈیا میں سنسنی خیزی کی انتہا ہے ، خبر، تجزیے اور حقیقت کا فرق مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے.

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سفیر سرجیو گور نے کہا کہ شام 6 بجے 8 اور رات 10 بجے 12 افراد بیک وقت چیختے ہیں، یہ نیوز شو ہے یا شور شرابا بھارتی ٹاک شوز کی چیخ و پکار میں گفتگو سمجھنا بالکل ناممکن ہوچکا ہے، مداخلت اور روکنے کے باوجود مہمانوں کو مسلسل چیخنے کی تربیت کہاں سے ملتی ہے؟ امریکا میں فیک نیوز کو بڑا مسئلہ سمجھتا تھا لیکن بھارتی میڈیا سب سے آگے نکل گیا.

    ایک اور بیان میں امریکی سفیر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیا ہےان کے نشانہ بنانے کی وجہ بھارتی وزیراعظم کی صحافیوں کا سامنا کرنے اور ان کے سوالات کے جوابات دینے سے مسلسل ہچکچاہٹ ہے۔

    سفیر سرجیو گور نے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جی-7 اجلاس کے دوران ہونے والی ملاقات سے قبل، بھارتی وزارتِ خارجہ (MEA) نے امریکی حکام سے درخواست کی تھی کہ میڈیا کو صرف کوریج کی اجازت دی جائے اور کسی باقا عدہ پریس کانفرنس یا سوال و جواب کے سیشن کا اہتمام نہ کیا جائے۔

    اطلاعات کے مطابق، صدر ٹرمپ نے ابتدائی طور پر اس درخواست سے اتفاق کیا، لیکن بعد میں ملاقات کے دوران انہوں نے غیر متوقع طور پر فلور صحافیوں کے لیے کھول دیا اس کے نتیجے میں ایک 45 منٹ طویل غیر اسکرپٹ شدہ نشست منعقد ہوئی جس میں صحافیوں نے گوناگوں اور اہم مسائل پر تفصیلی سوالات کیے۔

    اس پیشرفت نے ایک بار پھر یہ سنگین سوال اٹھا دیا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت صحافیوں کے غیر اسکرپٹ شدہ اور آزادانہ سوالات سے اپنے آپ کو اتنی غیر محفوظ کیوں سمجھتی ہے اور بے چینی کیوں محسوس کرتی ہے؟تجزیہ کاروں اور ناقدین کا کہنا ہے کہ ایک ایسے رہنما کا ہونا انتہائی شرمندگی کا باعث ہے جو ٹیلی پرامپٹر کی مدد کے بغیر ایک لفظ بھی ادا نہیں کر سکتا، جس کی وجہ سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والے ملک کو عالمی سطح پر سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی سفیر کے تبصروں نے بھارتی ذرائع ابلاغ میں گمراہ کن رپورٹنگ اور فیک نیوز کے بڑھتے رجحان کو بے نقاب کر دیا. امریکی بیانیے، سنسنی خیزی اور غیرمصدقہ دعوؤں سے بھارتی میڈیا اپنی عالمی ساکھ مسلسل کھو رہا ہےبھارتی میڈیا سچائی کے بجائے صرف حکومتی بیانیے اور سیاسی پروپیگنڈے کا ذریعہ بن چکا ہے، ذرائع ابلاغ پر بڑھتا ہوا سخت حکومتی اثر و رسوخ بھارت میں غیراعلانیہ ایمرجنسی کے تاثر کو تقویت دیتا ہے-

  • وزارتِ اطلاعات نے خواجہ آصف کی بھارت سے متعلق ویڈیو کو فیک قرار دیدیا

    وزارتِ اطلاعات نے خواجہ آصف کی بھارت سے متعلق ویڈیو کو فیک قرار دیدیا

    وزارت اطلاعات و نشریات نےپاکستان اور بھارت کے درمیان موازنے کی وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف سے منسوب ایک ویڈیو کو فیک قرار دیتے ہوئے “خبر شیئر کرنے سے قبل آفیشل سورسز سے ویری فائی” کرنے کی تلقین کی ہے۔

    وزارت اطلاعات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی ویڈیو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں خواجہ آصف کو بظاہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے،ویڈیو میں خواجہ آصف درخواست کرتے ہوئے دکھائے گئے ہیں کہ میرے عزیز ہم وطنو آج ذرا اپنے ملک کے حالات پر نظر ڈالیے۔

    ویڈیو کے مطابق وہ کہہ رہے تھے کہ پاکستان اور بھارت نے ایک ہی وقت میں آزادی حاصل کی، تاہم دونوں ممالک کی ترقی میں واضح فرق نظر آتا ہے،
    بلوچستان ہمارے ہاتھوں سے نکل گیا ہے، خیبر پختونخوا میں عوام پریشان ہے، اور آزاد کشمیر کے لوگ اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر اتر چکے ہیں،دوسری جانب بھارت ٹیکنالوجی، انفرا اسٹرکچر اور معیشت کے شعبوں میں ترقی کر رہا ہے۔

    ویڈیو میں ان سے یہ بھی منسوب کیا گیا کہ آج ہمیں خود سے پوچھنا ہوگا کہ کیا میں سچ میں ایک ڈیموکریسی ہیں، اور دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے حکومت اور اپنی پالیسیوں پر سوال اٹھانے چاہئیں۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے ساتھ بھارتی میڈیا میں بھی رپورٹ ہوئی۔

    تاہم وزارت اطلاعات نے ویڈیو کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر جعلی ہے اور ویڈیو میں استعمال ہونے والی آواز مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ہے خواجہ آصف نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا، وزارت نے عوام پر زور دیا کہ خبریں شیئر کرنے سے قبل ان کی تصدیق سرکاری ذرائع سے کی جائے۔

  • خاتون کے 8 سال میں جوڑے 12 لاکھ روپے  کی رقم چوہوں نے کتر کر تباہ کردی

    خاتون کے 8 سال میں جوڑے 12 لاکھ روپے کی رقم چوہوں نے کتر کر تباہ کردی

    اتر پردیش کے ضلع گونڈا میں ایک خاتون کی کئی سالوں سے جمع کی گئی تقریباً 12 لاکھ روپے کی رقم چوہوں نے کتر کر تباہ کردی، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع گونڈا میں ایک خاتون کو اس وقت شدید صدمے کا سامنا کرنا پڑا جب اس کی کئی سالوں سے جمع کی گئی تقریباً 12 لاکھ بھارتی روپے کی رقم چوہوں نے کتر کر تباہ کردی۔

    رپورٹ کے مطابق خاتون 2019 سے اپنے شوہر کو بتائے بغیر تھوڑی تھوڑی رقم جمع کر رہی تھی۔ اس کا مقصد مستقبل میں اس رقم سے زیورات خریدنا تھا۔ خاتون نے اپنی جمع پونجی گھر میں موجود ایک ٹرنک میں محفوظ کر رکھی تھی اور کئی برس تک اسے کھول کر چیک نہیں کیا۔

    کئی سال بعد جب خاتون نے ٹرنک کھولا تو اندر موجود کرنسی نوٹوں کی حالت دیکھ کر اس کے ہوش اڑ گئے، چوہوں نے بڑی تعداد میں نوٹ کتر کر پھاڑ دیے تھے اور رقم کے ٹکڑے ٹرنک میں بکھرے ہوئے تھے،خاتون اور اس کے شوہر نے ٹرنک سے باقی ماندہ نوٹ اور کرنسی کے ٹکڑے نکالے اور نسبتاً محفوظ نوٹوں کو شدید متاثرہ نوٹوں سے الگ کرنے کی کوشش کی، رپورٹ کے مطابق جمع شدہ رقم کا ایک بڑا حصہ چوہوں کے باعث ضائع ہوگیا۔

    واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، جس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے بھی کیے گئے۔ بعض صارفین نے خاتون کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ کچھ نے سوال اٹھایا کہ اتنی بڑی رقم گھر میں رکھنے کے بجائے بینک میں کیوں جمع نہیں کرائی گئی۔

  • بھارت میں شوہر کا لرزہ خیز قتل: اہلیہ پر لاش کو کاٹنے اور جسم سے بعض اعضا نکالنے کا الزام

    بھارت میں شوہر کا لرزہ خیز قتل: اہلیہ پر لاش کو کاٹنے اور جسم سے بعض اعضا نکالنے کا الزام

    بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر کروکشیتر میں ایک شخص کے لرزہ خیز قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں پولیس نے اس کی اہلیہ پر قتل کے بعد لاش کو کاٹنے اور جسم سے بعض اعضا نکالنے کا الزام عائد کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راجیش اور اس کی اہلیہ وِملا دیوی کروکشیتر میں ایک کرائے کے مکان میں رہتے تھے واقعے کے روز مکان کے مالک رِنکو نے شام کے وقت دونوں کے درمیان جھگڑے کی آوازیں سنیں اور چھت کی جانب گیا،مکان مالک کے مطابق وہاں راجیش خون میں لت پت پڑا تھا جبکہ وِملا مبینہ طور پر اس کے جسم سے باہر آنے والی آنتوں کو ایک تھیلے میں رکھنے کی کوشش کر رہی تھی مالک کو دیکھ کر خاتون نے مبینہ طور پر چھت سے چھلا نگ لگا دی۔

    پولیس کے مطابق خاتون چھت سے گرنے کے باعث زخمی ہوئی اور اسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس اس کا بیان ریکارڈ کرنے کی کوشش کر رہی ہے،پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق راجیش کے پیٹ پر تقریباً 35 سینٹی میٹر گہرا زخم تھا، جو کسی تیز دھار آلے سے لگایا گیا، رپور ٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس کے پیٹ سے آنتیں باہر آگئی تھیں، جبکہ جگر کا ایک بڑا حصہ اور دایاں گردہ بھی موجود نہیں تھا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے مختلف سائز کے تین چاقو برآمد کیے ہیں اور فرانزک ٹیم نے شواہد جمع کرلیے ہیں حکام لاش سے مبینہ طور پر غائب اعضا کے معاملے کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں،پولیس کے مطابق راجیش کا تعلق اتر پردیش کے ضلع سیتاپور کے دھام پور گاؤں سے تھا اور وہ تقریباً ایک سال سے اپنی اہلیہ کے ساتھ کروکشیتر میں مقیم تھا۔ وہ پانی کی ایک کمپنی کے سپلائی ڈیپارٹمنٹ میں کام کرتا تھا۔

    مکان مالک کے مطابق وِملا مبینہ طور پر روایتی علاج اور جھاڑ پھونک سے متعلق سرگرمیوں میں بھی ملوث تھی، جبکہ میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے تھے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی اصل وجہ ابھی سامنے نہیں آسکی،راجیش اور وِملا کی شادی کئی سال قبل ہوئی تھی تاہم ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ پولیس میاں بیوی کے تعلقات، سابقہ جھگڑوں اور قتل سے پہلے پیش آنے والے واقعات کا جائزہ لے رہی ہے۔

    حکام کے مطابق کیس کی تحقیقات خاتون کے بیان، فرانزک شواہد اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں آگے بڑھائی جائیں گی۔

  • بھارت کے قریب مال بردار بحری جہاز ڈوب گیا، 24 افراد لاپتا

    بھارت کے قریب مال بردار بحری جہاز ڈوب گیا، 24 افراد لاپتا

    بھارت کے مشرقی ساحل کے قریب پاناما کا پرچم بردار مال بردار بحری جہاز ڈوب گیا، بھارتی کوسٹ گارڈ کا عملہ جہاز میں سوار 24 افراد کی تلاش اور ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔

    بھارتی کوسٹ گارڈ کے مطابق گزشتہ روز سمندر میں ڈوبنے والے بحری جہاز سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا، جہاز پر 24 افراد کا عملہ موجود تھا، جن میں 20 چینی شہری، 3 میانمار اور ایک بنگلا دیشی شہری شامل تھا،کوسٹ گارڈ کے ترجمان کمانڈنٹ امیت یونیال کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد سری وجے پورم، جسے ماضی میں پورٹ بلیئر کہا جاتا تھا، سے دو بحری جہاز سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے روانہ کیے گئے۔

    بھارتی کوسٹ گارڈ کا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیموں نے لائف رافٹس سے 2 افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے، جبکہ دیگر لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے ’’اوشن ونر‘‘ نامی بحری جہاز جمعرات کو بھارت کی مشرقی بندرگاہ پارادیپ سے سنگاپور کے لیے روانہ ہوا تھاجہاز پر لوہے کی کچ دھات لدی ہوئی تھی اور یہ بندرگاہ سے تقریباً 240 ناٹیکل میل دور سمندر میں ڈوب گیا، تاحال جہاز کے ڈوبنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

    پارادیپ پورٹ اتھارٹی کے ڈپٹی کنزرویٹر کیپٹن الیکھا چرن ساہو نے جہاز کے عملے کی سلامتی کے لیے دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مزید افراد کو بھی بحفاظت تلاش کرلیا جائے گا،لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سمندر میں سرچ آپریشن جاری ہے اور ریسکیو ٹیمیں مختلف مقامات پر کارروائی کررہی ہیں،آپریشن کے دوران سمندری حالات اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے لاپتا افراد کی تلاش کا دائرہ بڑھایا جاسکتا ہے۔

  • بھارت : شادی کے نام پردرجنوں نوجوانوں کے ساتھ فراڈ،اجتماعی شادی سے دلہنیں غائب

    بھارت : شادی کے نام پردرجنوں نوجوانوں کے ساتھ فراڈ،اجتماعی شادی سے دلہنیں غائب

    بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں شادی کے نام پر درجنوں نوجوانوں کے ساتھ فراڈ کا انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 40 سے زائد دولہے دلہنوں کا انتظار کرتے رہے لیکن کوئی دلہن شادی کے لیے نہیں پہنچی۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مدھیہ پردیش کے رہائشی ابھیشیک ورما کے والدین اپنے بیٹے کی شادی کے لیے پریشان تھے، اسی دوران قریبی گاؤں کے ایک شخص نے خود کو میرج میچ میکر ظاہر کرتے ہوئے رشتہ کرانے کی پیشکش کی مبینہ طور پر اس نے دولہوں کے خاندانوں کو بتایا کہ انہیں صرف تصویروں کے البم سے یتیم لڑکی کا انتخاب کرنا ہوگا اور اجتماعی شادی میں شرکت کے لیے تقریباً 200 ڈالر ادا کرنا ہوں گےمئی کے آخر میں شادی کے روز ورما سمیت تقریباً 40 دولہے صبح 8 بجے شادی کے لباس میں تقریب میں پہنچے، دلہے کئی گھنٹے دلہنوں کا انتظار کرتے رہے، تاہم شام تک انہیں احساس ہوا کہ وہ فراڈ کا شکار ہوچکے ہیں۔

    پولیس افسر پریتی کٹارے کے مطابق فراڈ کا شکار ہونے والے افراد دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے 20 سے 40 سال کی عمر کے مرد ہیں، شرمندگی کے باعث ممکنہ طور پر درجنوں دیگر متاثرین نے پولیس سے رابطہ نہیں کیاپولیس نے رشتے کروانے والے شخص اور اس کے ساتھیوں کے خلاف دھوکہ دہی کے مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے پر پاکستان کا امریکا سے شدید احتجاج، امریکی ناظم الامورکی طلبی

    جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے پر پاکستان کا امریکا سے شدید احتجاج، امریکی ناظم الامورکی طلبی

    پاکستان نے امریکی سفیر برائے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے پر امریکا سے شدید احتجاج کرتے ہوئے سخت ڈیمارش جاری کر دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور امریکی سفیر برائے بھارت سرجیو گور کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے اور وہاں جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق دیے گئے بیان پر پاکستان کی شدید تشویش سے آگاہ کیا گیا،پاکستان نے امریکی سفیر کے بیان کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے کی سختی سے مذمت اور اسے واضح طور پر مسترد کیا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے امریکی فریق پر واضح کیا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، جس کے حتمی تصفیے کا فیصلہ متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا ہے، امریکی سفیر کا غیر ذمہ دارانہ بیان جموں و کشمیر تنازع پر امریکا کے دیرینہ اور دستاویزی مؤقف کے منافی ہے،پاکستان نے یہ بھی واضح کیا کہ مذکورہ بیان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بالادستی سے متعلق امریکی عزم سے بھی مطابقت نہیں رکھتا،جبکہ امریکی سفیر کا حالیہ بیان امریکا کے ماضی کے دستاویزی مؤقف سے بھی مطابقت نہیں رکھتا۔

    یہ تنازع اس لیے بھی حساس ہے کہ امریکا ماضی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر سمیت باہمی تنازعات کے پرامن حل اور مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتا رہا ہے۔دوسری جانب حالیہ برسوں میں واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان دفاعی اور تزویراتی تعلقات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، فروری 2026 میں بھی گور اور امریکی انڈو پیسفک کمانڈ کے سربراہ نے بھارت کی ویسٹرن کمانڈ کا دورہ کیا تھا جو پاکستان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ نے اپنے احتجاج میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان اور بھارت کے درمیان جموں و کشمیر تنازع پر ثالثی کی پیشکش کا بھی حوالہ دیا اور اسے سراہاپاکستان نے امریکا پر زور دیا ہے کہ ایک طرف اگر واشنگٹن تنازع کے حل میں ثالثی یا سفارتی کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتا ہے تو دوسری جانب اس کے اعلیٰ حکام کے عوامی بیانات بھی جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کے بارے میں اس سفارتی کردار سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں،پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے کے مؤقف کو قبول نہیں کرے گا۔

    واضح رہے کہ یہ معاملہ امریکی سفیر برائے بھارت سرجیو گور کے 19 اگست 2026 کو جموں و کشمیر کے دورے کے بعد سامنے آیا، بھارتی میڈیا کے مطابق یہ گور کا بطور امریکی سفیر جموں و کشمیر کا پہلا دورہ تھا انہوں نے سری نگر میں بھارتی زیرانتظام جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور علاقے کو بھارت کا ’’اہم حصہ‘‘ قرار دیا، گور نے خطے کی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں امریکی سفری ہدایات پر نظرثانی کا بھی عندیہ دیا۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان جموں و کشمیر کا تنازع 1947 سے چلا آ رہا ہے دونوں ممالک علاقے کے مختلف حصوں پر انتظام رکھتے ہیں اور دونوں کا کشمیر پر اپنا الگ مؤقف ہے پاکستان مسلسل مؤقف اختیار کرتا ہے کہ تنازع کا حتمی حل اقوام متحدہ کی متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے، جبکہ بھارت پورے جموں و کشمیر پر اپنی خودمختاری کا دعویٰ کرتا ہے۔

    اگست 2019 میں بھارت نے اپنے زیرانتظام جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے بھارتی آئین کی دفعہ 370 سے متعلق خصوصی انتظام ختم کیا اور سابق ریاست کو دو وفاقی اکائیوں، جموں و کشمیر اور لداخ، میں تقسیم کیا، اس اقدام کے بعد پاکستان نے بھارت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی تنازع قرار دیا۔