Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • گرفتار فتنہ الخوارج دہشتگرد کے تہلکہ خیز انکشافات

    سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتار فتنہ الخوارج کے دہشتگرد عمر دین عرف جذبہ نے اپنے اعترافی بیان میں تنظیم کے ڈھانچے، مالی معاونت، تربیتی مراکز اور دہشتگرد کارروائیوں سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔

    سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتار فتنہ الخوارج کے دہشتگرد عمر دین عرف جذبہ نے اپنے اعترافی بیان میں انکشاف کیا ہے کہ خوارجی نیٹ ورک کو افغانستان سے تربیت اور مالی مدد حاصل ہوتی ہے جبکہ تنظیم کے ارکان بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم میں بھی ملوث ہیں اس نے 12 جنوری 2025 کو اپنے والد کے ساتھ جھگڑے کے بعد ٹی ٹی پی (فتنہ الخوارج) میں شمولیت اختیار کی تھی۔

    عمر دین کے مطابق تنظیم کے تمام اہم کمانڈروں کے ساتھ 60 سے 70 افغان جنگجو موجود ہیں جنہوں نے افغانستان میں تربیت حاصل کی ہے اس نے اعتراف کیا کہ خوارجی نیٹ ورک مختلف دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے، جن میں شادی خیل بیس پر حملہ اور کوٹہ خواہ روڈ پر دھماکا بھی شامل ہے کوٹہ خواہ روڈ پر ہونے والے دھماکے میں ماہ رمضان کے دوران 7 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔

    عمر دین عرف جذبہ دعویٰ کیا کہ تنظیم کے ارکان منشیات کے عادی ہیں اور اپنے مراکز کے اندر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہتے ہیں خوارجی کمانڈر لڑکوں کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات میں بھی ملوث ہیں فتنہ الخوارج کو افغانستان میں موجود کمانڈروں سے مالی معاونت حاصل ہوتی ہے اور تنظیم مختلف غیر قانونی سرگرمیوں کے ذریعے بھی اپنے اخراجات پورے کرتی ہے خوارجی گروہ بھتہ خوری، گاڑیاں چھیننے اور اغوا برائے تاوان جیسی وارداتوں میں بھی ملوث ہے، جبکہ تنظیمی کمانڈر شریعت کے نفاذ اور جہاد کے نام پر نوجوانوں کو ورغلا کر اپنے ساتھ شامل کرتے ہیں۔

    عمر دین عرف جذبہ نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوارج کے جھوٹے دعوؤں اور گمراہ کن پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں اور ایسے عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں۔

  • جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے، عاصم افتخار احمد

    جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے، عاصم افتخار احمد

    پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل عالمی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے جنرل اسمبلی میں سلامتی کونسل کی سالانہ رپورٹ 2025 پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹ عالمی امن و سلامتی کے حوالے سے سلامتی کونسل کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا ایک اہم ذریعہ ہے اور اس سے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو کونسل کی سرگرمیوں اور فیصلوں کا جائزہ لینے کا موقع ملتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ جولائی 2025 میں سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران پاکستان کو سالانہ رپورٹ کے ابتدائی حصے کی تیاری اور رابطہ کاری کی ذمہ دار ی سونپی گئی تھی، پاکستان نے اس عمل میں کھلے، تعمیری اور جامع انداز کو اپنایا اور مختلف رکن ممالک کی آرا کو رپورٹ میں شامل کرنے کی کوشش کی تاکہ ایک جامع اور تجزیاتی دستاویز تیار کی جا سکے رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2025 کے دوران سلامتی کونسل نے افریقہ، مشرق وسطیٰ، مغربی ایشیا، جنوبی ایشیا، یورپ اور لاطینی امریکا سمیت مختلف خطوں میں امن و سلامتی کو درپیش چیلنجز پر فعال کردار ادا کیا، کونسل نے شہریوں کے تحفظ، تنازعات کے پرامن حل، اقوام متحدہ کے ا من مشنز، خواتین، امن اور سلامتی جیسے موضوعات پر بھی خصوصی توجہ دی۔

    انہوں نے کہا کہ شدید جغرافیائی سیاسی اختلافات کے باوجود سلامتی کونسل عالمی استحکام اور امن کے فروغ کے لیے مرکزی کردار ادا کرتی رہی، پاکستان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد 2788 کی متفقہ منظوری اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ عالمی برادری تنازعات کے پرامن حل اور اقوام متحدہ کے منشور کے تحت تنازعات کی روک تھام کے طریقہ کار کو مؤثر بنانے کے لیے متفق ہے سلامتی کونسل کی رپورٹ نے ایک بار پھر فلسطین اور جموں و کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کی مسلسل اہمیت کو اجاگر کیا ہے یہ دونو ں تنازعات نہ صرف علاقائی بلکہ بین الاقوامی امن و سلامتی پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں اور انہیں بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطا بق حل کیا جانا چاہیے۔

    انہوں نے نشاندہی کی کہ 2025 کے دوران بھارت اور پاکستان سے متعلق 20 سے زائد مراسلات سلامتی کونسل کے سامنے لائے گئے جبکہ مئی 2025 میں اس ایجنڈے پر بند کمرہ مشاورت بھی ہوئی یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود جموں و کشمیر تنازع آج بھی عالمی توجہ کا مرکز ہےپاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے، جو سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے، جس کا وعدہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے ان سے کر رکھا ہے۔

    عاصم افتخار احمد نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں، خصوصاً غزہ، کی صورتحال سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر نمایاں رہی انہوں نے غزہ امن منصوبے کی توثیق کرنے والی قرارداد 2803 کو امید کی ایک کرن قرار دیتے ہوئے اس پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت، 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت بنانے کے مؤقف کا اعادہ کیا۔

    پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی امن مشنز کو مزید مؤثر، وسائل سے لیس اور جدید چیلنجز سے ہم آہنگ بنانے کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا سلامتی کونسل کے ذیلی اداروں کے سربراہان اور نائب سربراہان کی تقرری میں تاخیر سے کونسل کی کارکردگی متاثر ہوئی ہے ان کے مطابق کونسل کے طریقہ کار کو زیادہ شفاف، مؤثر اور قابلِ پیش گوئی بنانے کی ضرورت ہے۔

    عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں اصلاحات کے موضوع پر بھی پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ دنیا کو زیادہ جمہوری، نمائندہ اور جوابدہ عالمی نظام کی ضرورت ہے ویٹو پاور کے استعمال پر رکن ممالک میں تشویش پائی جاتی ہے اور سلامتی کونسل میں اصلاحات شفافیت، مساوات، شمولیت اور اتفاقِ رائے کے اصولوں کے مطابق ہونی چاہییں۔

    انہوں نے مستقل نشستوں اور ویٹو کے دائرہ کار میں توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایسی جامع اصلاحات کا حامی ہے جو چند ممالک نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے بیشتر رکن ممالک کے مفادات کی عکاسی کریں، اصلاحات سب کے لیے، خصوصی مراعات کسی کے لیے نہیں۔

  • فیفا نے پانی کی بوتلوں پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا

    فیفا نے پانی کی بوتلوں پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا

    فٹبال کی عالمی تنظیم ’فیفا‘ نے شائقینِ فٹبال کو ورلڈ کپ 2026 کے میچوں کے دوران اسٹیڈیم میں ڈسپوزایبل پانی کی بوتل لانے کی مشروط اجازت دے دی ہے-

    فیفا کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیمو شرگی نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ‘ایکس‘ پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں اس پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اب تمام شائقین کو امریکا اور کینیڈا میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کسی بھی میچ کے دوران اپنے ساتھ فیکٹری سے سیل شدہ، نرم پلاسٹک کی 20 اونس (590 ملی لیٹر) کی ایک ڈسپوزایبل پانی کی بوتل اندر لے جانے کی اجازت ہوگی۔

    رپورٹس کے مطابق فیفا نے اس سے قبل سیکیورٹی اور کھلاڑیوں و شائقین کو کسی بھی ممکنہ چوٹ یا خطرے سے محفوظ رکھنے کے نام پر باہر سے لائی جانے والی بوتلوں پر پابندی کا دفاع کیا تھا، اور ادارے کا کہنا ہے کہ یہ سیکیورٹی خدشات اب بھی برقرار ہیں ہیمو شرگی نے ویڈیو میں واضح کیا کہ سخت باڈی والی یا دھاتی ری یوزایبل بوتلیں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اب بھی مکمل طور پر ممنوع ہوں گی۔

    یہ تنازع ایک ایسے وقت میں شدت اختیار کر گیا تھا جب محکمہ موسمیات اور ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں اوپن ائیر اسٹیڈیمز کے اندر شائقین کو شدید ترین گرمی کے باعث صحت کے سنگین خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،ایک حالیہ تحقیقی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ کے 104 میچوں میں سے کم و بیش 26 میچز ایسے موسمی حالات میں کھیلے جائیں گے جہاں انسانی جسم پر گرمی اور حبس کے اثرات کو ناپنے والا پیمانہ مقررہ حد سے تجاوز کرجائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال امریکا ہی میں منعقدہ فیفا کلب ورلڈ کپ کے دوران بھی شدید گرمی کے باوجود شائقین کو اسٹیڈیم میں پانی کی بوتلیں لے جانے سے روک دیا گیا تھاجس پر بڑے پیمانے پر شکایات سامنے آئی تھیں اس بار عوامی ردِعمل کو دیکھتے ہوئے فیفا نے اسٹیڈیم کے اطراف میں مسٹنگ اسٹیشنز (پانی کی بوندیں برسانے والے نظام)، کولنگ ٹینٹس، پنکھے اور ہائیڈریشن اسٹیشنز قائم کرنے کا اعلان کیا ہےفیفا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اسٹیڈیم کے اندر فروخت ہونے والے پانی کی قیمتیں عام دنوں کی طرح معمول کے مطابق ہی رکھی جائیں گی تاکہ شائقین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    یہ اہم اعلان فیفا کے اس فیصلے کے محض دو دن بعد سامنے آیا ہے جس میں اسٹیڈیمز کے اندر دوبارہ استعمال ہونے والی پانی کی بوتلوں پر مکمل پابندی عائد کردی گئی تھی، جس پر شائقین نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا-

  • ریاض ایئر کو بوئنگ طیاروں کی پہلی کھیپ موصول

    ریاض ایئر کو بوئنگ طیاروں کی پہلی کھیپ موصول

    سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن ‘ریاض ایئر’ نے اپنے بیڑے میں پہلے 2 کسٹم بلٹ بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے شامل کر کے اپنی تجارتی پروازوں کے آغاز کی جانب ایک بہت بڑا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

    سعودی پریس ایجنسیکی رپورٹ کے مطابق یہ دونوں جدید ترین طیارے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، جہاں روایتی طور پر انہیں پانی کی توپوں سے سلامی دی گئی یہ طیارے ریاض ایئر کی جانب سے دیے گئے مجموعی 72 طیاروں کے آرڈر کی پہلی کھیپ ہیں، جو سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت ہے اور یہ مملکت کے ‘ویژن 2030’ کے تحت معیشت کو متنوع بنانے اور سیاحت و ہوا بازی کے شعبے کو مضبوط کرنے کی حکمتِ عمل کا ایک اہم حصہ ہے۔

    ریاض ایئر کے چیف ایگزیکٹو ٹونی ڈگلس نے اس موقع پر کہا کہ وہ صرف ایک ایئرلائن ہی نہیں بنا رہے، بلکہ مملکت کے دل سے دنیا کے لیے ایک نیا راستہ کھول رہے ہیں ایئرلائن کا ہدف ہے کہ وہ 2030 تک اپنے بیڑے کو 180 سے زائد طیاروں تک وسیع کرے اور ریاض کو دنیا بھر کے 100 سے زیادہ مقامات سے جوڑ دے۔

    توقع ہے کہ ایشیا، افریقہ اور یورپ کے سنگم پر واقع سعودی عرب کی جغرافیائی پوزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریاض ایئر رواں سال کے آخر تک تقریباً 20 مقامات کے لیے اپنی سروسز کا آغاز کر دے گی کچھ ہی ہفتے قبل کمپنی نے اپنے نئے ڈریم لائنرز کے ذریعے ‘ریاض تا لندن’ روٹ کے لیے ٹکٹوں کی عمومی فروخت شروع کی ہے، جس کی باقاعدہ پروازیں یکم جولائی سے شروع ہوں گی۔

    لندن ہیتھرو کی یہ سروس ریاض ایئر کے بین الاقوامی نیٹ ورک کا سنگِ بنیاد ثابت ہوگیان نئے طیاروں کے اندرونی حصے کو 4 مختلف کیبن کیٹیگریز (بزنس الیٹ، بزنس، پریمیم اکانومی اور اکانومی) میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں جدید ترین ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم، بلوٹوتھ کنیکٹیویٹی اور تیز رابطہ کاری فراہم کی گئی ہے تاکہ ایئرلائن کے ٹیکنالوجی پر مبنی بزنس ماڈل کو سپورٹ کیا جا سکے۔

    واضح رہے کہ ریاض ایئر کو پی آئی ایف نے 2023 میں لانچ کیا تھا اور اسے اپریل 2025 میں جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن سے آپریٹر سرٹیفکیٹ ملا تھا سعودی حکام کے مطابق ریاض ایئر مستقبل میں مملکت کی غیر تیل ملکی معیشت میں تقریباً 20 ارب ڈالرز کا حصہ ڈالے گی اور 2 لاکھ سے زائد براہِ راست اور بالواسطہ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گی اس وقت ایئرلائن کے چیئرمین پی آئی ایف کے گورنر یاسر الرمیان ہیں، جبکہ اس کی قیادت اتحاد ایئرویز کے سابق چیف ایگزیکٹو ٹونی ڈگلس کر رہے ہیں۔

  • انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن آکسیجن لیکیج سے ہنگامہ،اسٹیشن پر اچانک ہنگامی صورتحال

    انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن آکسیجن لیکیج سے ہنگامہ،اسٹیشن پر اچانک ہنگامی صورتحال

    انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کے روسی ماڈیول میں ہوا کے اخراج کی رفتار اچانک دگنی ہونے اور روس کی جانب سے مرمت کے متنازع طریقہ کار کے باعث اسٹیشن پر اچانک ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔

    امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے احتیاطی تدابیر کے طور پر پانچ خلابازوں کو فوری طور پر اسٹیشن خالی کرنے کی تیاری اور ’سیف ہیون‘ پروٹوکول کے تحت خلائی جہاز میں پناہ لینے کی ہدایت جاری کر دی تاہم، تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے والے اس ہنگامی الرٹ کو بعد میں واپس لے لیا گیا ہنگامی صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب روسی خلائی ایجنسی روسکوسموس کے خلابازوں نے ’زویزدا سروس ماڈیول‘ میں موجود دراڑ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ایک ’آری‘ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔

    ناسا کے اعلیٰ حکام نے روس کے اس خطرناک طریقہ کار سے شدید اختلاف کیا، جس کے بعد ناسا نے فوری طور پر خلابازوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا ایک سینیئر ناسا عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ گزشتہ چند ماہ سے یہ لیکج معمولی تھی، لیکن جمعہ کے روز ہوا کے اخراج کی رفتار اچانک 1 پاؤنڈ روزانہ سے بڑھ کر 2 پاؤنڈ روزانہ تک پہنچ گئی، جس نے تشویش میں اضافہ کیا۔

    دوسری جانب روسی خلائی ایجنسی روسکوسموس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے اسٹیشن پر دو مختلف جگہوں پر معمولی لیکج کا پتا لگایا تھا، جن میں سے پہلی کو فوری طور پر سِیل کر دیا گیا جبکہ دوسری پر کام جاری ہے۔ روسی حکام کا مؤقف ہے کہ اس سے عملے یا اسٹیشن کے سسٹمز کو کوئی فوری خطرہ لاحق نہیں تھا۔

    ناسا کی ترجمان کے مطابق، جیسے ہی روسی عملے نے آری کی مدد سے مرمت کا کام عارضی طور پر روکا، ناسا نے اپنا ہنگامی الرٹ منسوخ کر دیا اور خلابازوں کو دوبارہ اسٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت دے دی وہ اب اس مسئلے کے مستقل اور محفوظ حل کے لیے روسی خلائی ایجنسی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کی 27 سالہ تاریخ میں آج تک کبھی ایسی نوبت نہیں آئی کہ خلابازوں کو واقعی اسٹیشن چھوڑ کر زمین پر بھاگنا پڑا ہوخلائی ملبےکے ٹکراؤ کے خطرے یا ہوا کے دباؤ میں تبدیلی کے باعث ایسے الرٹس ماضی میں بھی انتہائی کم مواقع پر جاری کیے جاتے رہے ہیں یہ خلابازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے طے شدہ بین الاقوامی قوانین کا حصہ ہیں۔

  • ٹرمپ حکومت کی  27 لاکھ زندہ افراد کو مردہ قرار دینے کی تجویز

    ٹرمپ حکومت کی 27 لاکھ زندہ افراد کو مردہ قرار دینے کی تجویز

    امریکا میں ٹرمپ حکومت کی جانب سے 27 لاکھ زندہ افراد کو مردہ قرار دینے کی تجویز سامنے آگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سینیٹ کمیٹیوں میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا میں مہاجرین کو نکالنے کیلئے شہریوں کو مردہ ظاہر کرنےکا مبینہ منصوبہ سامنے آیا ہے یہ مبینہ منصوبہ ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی کے تحت تیار کیا گیا تھا جس کی قیادت ایلون مسک کر رہے تھے۔

    دوسری جانب سوشل سکیورٹی ایڈمنسٹریشن نے یہ دعوے رد کردیے ہیں جب کہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے معلومات کے تبادلے کو قومی سلامتی سے جوڑ دیا ہے۔

  • لبنان کارڈ استعمال کرنا ہوتا تو معاہدہ کافی پہلے ہو چکا ہوتا، ایران کا لبنانی صدر کو جواب

    لبنان کارڈ استعمال کرنا ہوتا تو معاہدہ کافی پہلے ہو چکا ہوتا، ایران کا لبنانی صدر کو جواب

    ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے ایران پر لبنان کے معاملات میں مداخلت کرنے کے لبنانی صدر جوزف عون کے بیان پر سخت ردعمل دیا ہے-

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا ہے کہ صدر عون کے بیانات سن کر ایسا لگتا ہے جیسے لبنان کے پانچویں حصے پر ایران نے قبضہ کر رکھا ہو، چوتھائی لبنانی آبادی کو ایران نے بے گھر کیا ہو اور روزانہ بمباری بھی ایران ہی کر رہا ہوایرانی وزیرِ خارجہ نے لبنانی صدر جوزف عون کو مخاطب کر کے کہا کہ جنابِ صدر! لبنان کو اصل دشمن سے بچائیں، امریکا کے ساتھ لبنان کارڈ استعمال کرنا ہوتا تو معاہدہ کافی پہلے ہو چکا ہوتا۔

    واضح رہے کہ لبنانی صدر جوزف عون نے سی این این کو حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ ایران امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے جاری مذاکرات میں لبنان کو سودے بازی کے مہرے کے طور پر استعمال کر رہا ہے، ایران کو لبنان کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

  • ملک کے بیشتر علاقوں میں  گرمی کی شدت میں اضافہ

    ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی جبکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک اور شدید گرم موسم کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے-

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان اور مالاکنڈ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔

    سوات، چترال اور دیر کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، چارسدہ، مردان اور دیگر میدانی اضلاع کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے ہری پور، وزیرستان اور کرم کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے مقامی سطح پر موسم خوشگوار ہو سکتا ہے۔

    دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر میدانی علاقوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،جبکہ لاہور میں اس وقت درجہ حرارت تقریباً 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کے بعد زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    ماہرین کے مطابق دن کے ساتھ ساتھ اب راتوں میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا، اور کم سے کم درجہ حرارت 26 سے بڑھ کر 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جس سے حبس اور گرمی مزید محسوس ہوگی محکمہ موسمیات پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایک سے دو روز کے دوران گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے، جبکہ کل درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہےشہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

  • پیٹرول کی قیمت میں کمی کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ

    پیٹرول کی قیمت میں کمی کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ

    پیٹرول کی قیمت میں کمی کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ ہو گیا۔

    اوگرا نے مٹی کا تیل 8روپے70پیسےفی لیٹر مہنگا کردیا جس کانوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت280 روپے70پیسےفی لیٹر ہوگئی ہے نئی قیمت کا اطلاق آج سے ہی ہو گا اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت272روپےفی لیٹر تھی دوسری جانب حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی 20 روپے چھتیس پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے، تاہم مٹی کا تیل مزید مہنگا کر دیا گیا ہے دوسری جانب حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹرپر برقرار رکھی ہے۔

  • ایشین گیمز: عائشہ بلوچ نے بھارتی حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا

    ایشین گیمز: عائشہ بلوچ نے بھارتی حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا

    ایشین گیمز کے ریسلنگ فائنل میں پاکستانی کھلاڑی عائشہ بلوچ نے بھارتی حریف کو ہرا کر گولڈ میڈل جیت لیا۔

    عائشہ بلوچ نے سری لنکا میں جاری ایشین گیمز 2026کے ریسلنگ فائنل میں بھارتی حریف کو شکست دی، عائشہ بلوچ نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران غیر معمولی اعتماد، بہترین داؤ پیچ اور اعلیٰ تکنیکی مہارت کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث ایشیا بھر سے آنے والی حریف کھلاڑی ان کا مقابلہ نہ کر سکیں۔

    فائنل مقابلے میں عائشہ بلوچ کی تکنیکی برتری نمایاں رہی اور بھارتی ریسلر ان کے مؤثرکھیل کا مقابلہ نہ کرسکی بھارتی حریف کیخلاف فیصلہ کن فتح کے بعد عائشہ بلوچ نے سجدۂ شکر بھی ادا کیاوکٹری پوڈیم پر پاکستان کاسبز ہلالی پرچم لہرا کر عائشہ بلوچ نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، ان کی اس تاریخی کامیابی پر ملک بھر، خصوصاً بلوچستان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جبکہ عوام اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کی جانب سے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

    عائشہ بلوچ کی یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے بلکہ ملک بھر خصوصاً بلوچستان کی نوجوان لڑکیوں کے لیے حوصلے، عزم اور امید کا روشن پیغام بھی ہے۔