Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • ایف آئی اے کا فرح گوگی کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لانے کا فیصلہ

    ایف آئی اے کا فرح گوگی کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لانے کا فیصلہ

    ایف آئی اے نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی دوست فرح گوگی کو پاکستان لانے کے لئے انٹر پول سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔

    باغی ٹی وی : ایف آئی اے نے وزارت داخلہ سے اجازت مانگ لی ۔ ذرائع کے مطابق فرح گوگی کو اشتہاری قرار دینے کے لئے عدالت سے ریڈ وارنٹ حاصل کئے جائیں گے۔

    فرح گوگی کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیاہے۔ اسٹیٹ بنک کی ہدایت پر یہ مقدمہ درج کیا گیا تھا فرح گوگی کے اکاؤنٹس میں غیر معمولی ٹرانزیکشنز ہوئیں تھیں۔

    واضح رہے کہ ایف آئی اے لاہور نے فرح گوگی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے پنجاب اینٹی کرپشن لاہور کی طرف سے فرح گوگی کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے خلاف بھیجی گئی درخواست پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    فرح گوگی گزشتہ دورِ حکومت میں آر پی اوز، کمشنرز، ڈی پی اوز اور ڈی سی وغیرہ کے تبادلوں کے عوض اربوں روپے بطور رشوت لیتی رہیں۔ فرح گوگی نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں سال 2021 میں 60 کروڑ روپے مالیت کی 10 ایکڑ اراضی اپنی کمپنی المعیز ڈیریز اینڈ فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام پر غیر قانونی طور پر صرف 8 کروڑ میں الاٹ کروائی۔

    ایف آئی آر کے مطابق اس کے علاوہ فرح گوگی نے سرکاری افسران پر دباؤ کے ذریعے ٹھیکہ جات کے ٹینڈرز غیر قانونی طور پر ایوارڈ کروانے کی مد میں بھی کروڑوں روپے بطور رشوت لیے۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ فرح گوگی کے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں گزشتہ دور حکومت کے پچھلے تین سالوں میں تقریباً 84 کروڑ روپے جمع کروائے گئے جو اس کے ذرائع آمدن سے مماثلت نہیں رکھتے ہیں۔

    فرح گوگی کے تمام بینک اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر گزشتہ دور حکومت میں تقریباً ایک ارب روپے سے زائد بذریعہ کیش جمع کروائے گئے۔ صرف سال 2019 اور 2020 میں فرح گوگی کے بینک اکاؤنٹس میں تقریباَ41 کروڑ روپے بذریعہ کیش جمع کروایا گیا۔ فرح گوگی کے بینک اکاؤنٹس میں 50 سے زائد کیش رائیڈرز نے جمع کروایا جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

    تحقیقات کے دوران فرح گوگی کے اربوں روپے کے مزید بے نامی بینک اکاؤنٹس ملنے کا امکان ہے۔ گزشتہ دور حکومت میں فرح گوگی کے نام پر بننے والے تقریباً 52 کروڑ روپے مالیت کے اثاثہ جات بشمول لاہور اور اسلام آباد میں کمرشل و رہائشی پلاٹ، پلازے اور گھر سامنے آئے ہیں۔

    فرح گوگی نے کرپشن، رشوت اور غیر قانونی سیاسی اثر و رسوخ و دباؤ کے ذریعے اربوں روپے کمائے اور پھر منی لانڈرنگ کے ذریعے اثاثہ جات بنائے۔ ایف آئی اے لاہور نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے سیکشن 3 اور 4 کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا۔

    آئندہ فرح گوگی کے کمائے گئے کالے دھن سے جڑے اور بڑے بڑے سیاسی و سرکاری نام بھی سامنے آنے کے امکانات ہیں۔

  • عمران خان کی نااہلی کی درخواست،اسحاق ڈار کے حلف سے متعلق فیصلہ پیش کرنیکا حکم

    عمران خان کی نااہلی کی درخواست،اسحاق ڈار کے حلف سے متعلق فیصلہ پیش کرنیکا حکم

    اسلام آباد ہائیکورٹ ،عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر لارجر بینچ نے سماعت کی

    جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر لارجر بینچ میں شامل تھے،وکیل نے کہا کہ عمران خان نے متفرق درخواست دائر کی ہے جس پر اعتراض عائد کیا گیا، نادرا نے بائیومیٹرک تصدیق سے انکار کر دیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کسی د کان پر چلے جائیں وہاں بائیومیٹرک ہو جائے گا،عمران خان کے وکیل نے گزشتہ سماعت پر اعتراض اٹھایا تھا،عمران خان کے وکیل کا موقف ہے کہ قومی اسمبلی کے رکن نہیں ہیں، وکیل سلمان اکرم نے کہا کہ عمران خان کے رکن قومی اسمبلی نہ ہونے پر درخواست قابل سماعت نہیں، وکیل حامد علی نے کہا کہ ہماری استدعا ہے کہ عمران خان کو نااہل قرار دیا جائے عمران خان حلف نہ اٹھا کر بھی ممبر قومی اسمبلی ہیں،

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا حلف اٹھانے کیلئے کوئی مدت متعین ہے؟ وکیل حامد علی نے کہا کہ قانون حلف لینے کیلئے کوئی مدت مقرر نہیں کرتا،چودھری نثار حلف نہ اٹھا کر بھی ممبر صوبائی اسمبلی ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار کے حلف سے متعلق معاملہ بھی الیکشن کمیشن کے سامنے آیا تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کو اسحاق ڈار کے حلف سے متعلق ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا،اور کہا کہ اسحاق ڈار کے حلف سے متعلق فیصلہ عدالت کے سامنے پیش کریں،وکیل حامد علی شاہ نے کہا کہ چودھری نثار حلف نہ اٹھا کر بھی ممبر صوبائی اسمبلی رہے،

    حامد علی شاہ نے دوران سماعت اپنے ہی لکھے پرانے فیصلے کا حوالہ دیا،جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ تو آپ کا ہی فیصلہ ہے، چیف جسٹس کی نشاندہی پر کمرہ عدالت میں قہقہے گونج اٹھے،عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں امیدوار کیلئے بیان حلفی جمع کرانے کی شرط رکھی تھی، وکیل نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل کے پاس غلط معلومات ملنے پر الیکشن کالعدم قرار دینے کا اختیار ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیس میں ایسا نہیں ہوا، اس الیکشن کو تو کسی نے چیلنج ہی نہیں کیا،فیصلے کیمطابق اہلیت دیکھنے کا اختیار ہائیکورٹس اور عدالتوں کا ہے، اس فیصلے کو بھی دیکھ لیں گے، حبیب اکرم کیس میں سپریم کورٹ نے بیان حلفی کاغذات کا حصہ بنایا،فیصلے کے مطابق زیر کفالت بچوں کی تفصیلات بتانا لازم تھیں،وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق یہ تفصیلات لازم نہیں ہیں،وکیل نے کہا کہ اثاثوں کی فہرست میں بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات بتانی ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ اگر تفصیلات غلط جمع کرائی گئی ہوں تو الیکشن ایکٹ کیا کہتا ہے؟ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگر تفصیلات غلط ہوں تو یہ کرپٹ پریکٹس میں آئے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ غلط تفصیلات پر الیکشن کمیشن نے 120 دن کے اندر ایکشن لینا ہوتا ہے، اگر الیکشن کمیشن نے ایکشن نہیں لیا تو پھر بس نہیں لیا،

    وکیل نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کے مطابق پارٹی سربراہ کو پبلک آفس ہولڈر تصور کیا جائے گا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے وکیل سلمان اکرم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ تحمل کریں، انکی بات بھی سن لیں کوئی جلدی نہیں ہے، کیا یہ معاملہ الیکشن ٹربیونل میں تو نہیں گیا؟ وکیل نے کہا کہ معاملہ ٹربیونل میں گیا لیکن وہاں میرٹ پر فیصلہ نہیں ہوا، عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن عمران خان کے خلاف 2 ریفرنسز مسترد کر چکا ہے؟ وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف ریفرنس تکنیکی بنیادوں پر خارج کیے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ اگر بیان حلفی غلط ثابت ہوتا ہے تو اسکے کیا نتائج ہونگے؟ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ غلط بیان حلفی پر 62 ون ایف لگتا ہے،عدالت نے کہا کہ ہمارے سامنے فیصل واوڈا کیس موجود ہے، اسکو دیکھ لیجئے گا،

  • مریم نواز کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ملتوی

    مریم نواز کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ملتوی

    لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواستوں کو یکجا کر دیا، سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی گئی

    مریم نواز کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی ، عدالت نے کہا کہ اسی نوعیت کے کیسز کو 6 مارچ کیلئے رکھا ہے ،اس کیس کو بھی اسی دن سنیں گے ،عدالت نے اسی نوعیت کی تمام درخواستوں کو اکٹھا کر دیا

    عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے پاس کس طرح براہ راست توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار ہے،کیا یہ عدالت سپریم کورٹ کے جج کی توہین کے بیان پر کارروائی کا اختیار رکھتی ہے؟کس آرڈر کی توہین ہوئی،کس قانون کے تحت آپ نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی ؟

    دوسری جانب پی ٹی آئی نے شہباز شریف اور مریم نواز کی بریت سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی ، تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور مریم نواز کی بریت کیخلاف درخواست دائر کر دی ہے،درخواست میں شہباز شریف اور مریم نواز کی بریت کے فیصلےکو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ، درخواست سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اعظم سواتی نے سپریم کورٹ میں دائر کی نیب بریت کے خلاف اپیل فائل نہیں کررہا اس لیے پی ٹی آئی اپیل فائل کررہی ہے،

  • سپیکر قومی اسمبلی کی تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی دعوت

    سپیکر قومی اسمبلی کی تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی دعوت

    سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں موجودہ حالات میں مایوس ہونے کی ضروت نہیں یقین دلاتا ہوں پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے تحت بزنس رول ماڈل ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پیپلز پارٹی کے رہنما ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد چیمبر ملک کے تمام چیمبرز میں سے خوبصورت ہے چیمبر کو یقین دلاتا ہوں کہ مل بیٹھ کر تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کروں گا بزنس کمیونٹی کے بغیر کوئی معاشرہ مکمل نہیں ہو سکتا،معاشی نظام پر بزنس مینوں کی گہری نظر ہوتی ہے، اسمبلی جب تک تاجر برادری معاشی نظام کا حصہ نہیں بنتی مسائل حل نہیں ہو سکتے جب تک سیاسی استحکام نہیں آ تا،معاشی استحکام نہیں آ سکتا جن ملکوں نے ترقی کی وہاں پہلے سیاسی استحکام آیا گزشتہ روز اپوزیشن کے وفد کو بھی کہا کہ بات چیت کے بغیر مسئلہ حل نہیں ہو سکتا، پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو بات چیت کی دعوت دیتا ہوں سیاستدان ایک دوسرے کی عزت کر کے رول ماڈل بنیں موجودہ حالات میں مایوس ہونے کی ضروت نہیں امید ہے چند دنوں میں معاشی استحکام کی طرف گامزن ہو جائیں گے

    اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ بزنس کے شعبے میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو رول ماڈل بنایا جانا چاہیے، اسلام آباد چیمبر آف کامرس کو سی ڈی اے بورڈ میں نمائندگی دی جانی چاہیے، اسلام آباد کے مسائل کو مقامی بزنس میں بہتر انداز میں سمجھتے ہیں، سی ڈی بورڈ میں نمائندگی ملنے پر اسلام آباد کے مسائل بہتر انداز میں حل کیے جا سکتے ہیں، چیمبر کے نمائندوں کو پارلیمان کی بزنس سے متعلقہ کمیٹیوں میں مدعو کیا جانا چاہیے،

  • جیل بھرو تحریک ختم،انتخابی مہم کا کیا عمران خان نے اعلان

    جیل بھرو تحریک ختم،انتخابی مہم کا کیا عمران خان نے اعلان

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کا پنجاب اور خیبر پختونخوا کے صوبائی الیکشن کے حوالہ سے فیصلہ آنے کے بعد تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک معطل کر دی ہے اور مزید گرفتاریاں نہ دینے کا اعلان کیا ہے

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک معطل کررہے ہیں ،عمران خان نے انتخابی مہم کے آغاز کا اعلان کردیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ آئین کی پاسداری سپریم کورٹ کی ذمہ داری تھی، سپریم کورٹ نے بہادری سے اپنا کردار نبھایا

    تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے فوکل پرسن اعجاز چودھری کا کہنا ہے کہ اللہ کریم کا شکرہے کہ پاکستان میں آئین بحال ہے،الیکشن نوے روز میں ہونگے آج فیصل آباد میں گرفتاریوں کی بجائے اللہ کا شکر ادا کیا جائے گا،بھرپور جلسہ ہوگا مگر گرفتاریاں نہیں دی جائیں گی۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے، پی ٹی آئی کارکنان الیکشن کی تیاری کریں۔ آئین کی بالادستی کیلئے 90 دن میں الیکشن کرانا ضروری ہے، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت صاف شفاف انتخابات کو یقینی بنائے

    واضح رہے کہ تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کر رکھا تھا، لاہور سے کچھ گرفتاریاں ہوئی تھیں جس کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں کی رہائی کے لئے اگلے روز درخواستیں دائر کر دی گئی تھیں، جیل بھرو تحریک کا آج پانچواں روز تھا، آج فیصل آباد سے گرفتاریاں ہونی تھیں تا ہم تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک روک دی ہے

  • صوبائی الیکشن، سپریم کورٹ کے فیصلے پر وفاقی وزیر قانون کا ردعمل

    صوبائی الیکشن، سپریم کورٹ کے فیصلے پر وفاقی وزیر قانون کا ردعمل

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کے خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے حوالہ سے فیصلے پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا ردعمل سامنے آیا ہے

    وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ بطور وکیل کہہ رہا ہوں کہ یہ پٹیشن چار، تین کے تناسب سے خارج ہوگئی ہےانتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا ٹی وی کے ذریعے مجھ تک پہنچا ہے تحریری فیصلہ پڑھنے تک اور کابینہ میں اس پر بحث کرنے تک میں بطور وزیر قانون اس پر بات نہیں کرسکتا ،اس سے قبل جسٹس یحییٰ اور جسٹس اطہر من اللہ نے بھی ازخود نوٹس پر اختلاف کیا تھا آج فیصلے میں 2 جج صاحبان نے مزید کہہ دیا ہے کہ یہ قابل سماعت نہیں میں وزیر کی حیثیت سے نہیں بطور وکیل کہہ رہا ہوں کہ یہ پٹیشن چار، تین کے تناسب سے خارج ہوگئی ہے اور اس پر فیصلہ لاہور ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ میں ہونا چاہیے جہاں اس حوالے سے درخواستیں دائر ہیں

    دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخواسے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن نے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے ،اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا

  • عمران خان نے جو بھی روش اپنائی اس نے ملک تباہ کردیا،شرجیل میمن

    عمران خان نے جو بھی روش اپنائی اس نے ملک تباہ کردیا،شرجیل میمن

    وزیرٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے پنک بس کے نئے روٹ کا افتتاح کردیا

    اس موقع پر وزیر سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پنک بس کی تعداد بڑھائی جارہی ہے،پنک بسز کے روٹس بھی بڑھائے گئے ہیں پنک بس سروس صرف خواتین کے لیے ہے، خواتین کو اختیار دینے کے حوالے سے پہلا قدم ہے،خواتین اچھی سہولت سے اسکول ،کالجز اور دیگر مقامات جاسکتی ہیں،خواتین اپنے کام باآسانی بس سروس کے ذریعے انجام دے سکتی ہیں پوری دنیا میں10 سے 12ممالک ہیں جہاں ایسی بس سروسز ہیں ہم سکھر، لاڑکانہ اور باقی اضلاع میں بھی ایسی بس سروس شروع کرنا چاہتے ہیں،یہی ہمارا مقصد ہے اور پیپلزپارٹی کا یہی منشور رہا ہے،سپریم کورٹ فیصلے پر 4ججز نے اعتراض کیا ہے دو سے زائد ججز نے کہا کہ معاملہ سوموٹو نہیں بنتا،پیپلز پارٹی انصاف کی حامی ہے آج تک ذوالفقار علی بھٹو کیس کا فیصلہ نہیں ہوا،ملک میں انصاف کے 2نظام نہیں چل سکتے

    شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کا فیصلہ اب تک التو ا میں کیوں ہے ؟خواتین کو اختیار دینے کے حوالے سے پہلا قدم ہے،انتخابات وقت پر ہونے چاہییں مگر صورتحال کومد نظر رکھنا ضروری ہے،عدالتوں میں گارڈز کے ساتھ اسلحہ کے ساتھ جارہا ہے،جو مولا جٹ بنا ہوا ہے ،کوئی اس پر بات نہیں کررہا ہے،ہم نے بھی جیلیں دیکھی ہیں ،ہمیں تو رعایت نہیں ملی،ججز نے کلیئر کہہ دیا کہ کیس کو سننا سپریم کورٹ کا دائرہ کار ہی نہیں انتخابات جب بھی ہوں گے عمران خان نتائج تسلیم نہیں کریں گے عمران خان نے جو بھی روش اپنائی اس نے ملک تباہ کردیا عمران خان کو گرفتار کرنا چاہیے ،عمران خان نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں،

  • ملک کے بیشترعلا قوں میں بارش کا امکان

    ملک کے بیشترعلا قوں میں بارش کا امکان

    لاہور: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلا قوں میں مطلع ابر آلود رہےگا-

    باغی ٹی وی: محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر میں بارش متوقع ہے،پنجاب، خطۂ پوٹھو ہار میں گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے،اسلام آباد میں بارش اور بعض مقا مات پر ژالہ باری کا امکان ہے-

    محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ،ژوب ، زیارت ، چمن، سبی، خضدار، قلات میں بارش متوقع ہے،دالبندین ،نوکنڈی ، خاران اور پنجگور میں بارش کا امکان ہے ،گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا میں ژالہ باری کا امکان ہے-
    ،
    محکمہ موسمیات کے مطابق میانوالی اوربھکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ،مری، گلیات اور گردو نواح میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے،ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اوربہاولنگر میں بوندا باندی کا امکان ہے-

    محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کا امکان ہے،چترال، کرم، وزیرستان ،دیر، سوات، بالاکوٹ، کوہستان میں بارش متوقع ہے،کوہاٹ، پشاور، مردان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کا امکان ہے-

  • ایران کے پاس بم گریڈ تک افزودہ یورینیم کے ذرات کی موجودگی کا انکشاف

    ایران کے پاس بم گریڈ تک افزودہ یورینیم کے ذرات کی موجودگی کا انکشاف

    ویانا: ایران کے پاس جوہری بم کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والی افزودہ یورینیم موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    باغی ٹی وی:غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے کے معائنہ کاروں نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے پاس لگ بھگ بم گریڈ تک افزودہ یورینیم کے ذرات موجود ہیں یہ انکشاف ممکنہ طور پر ایران اور مغرب کے درمیان جوہری پروگرام پر تناؤ میں اوراضافہ کرے گا۔

    ویانا کی بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے)کی جانب سے رکن ممالک کو فراہم کردہ خفیہ سہ ماہی رپورٹ میں اس افزودہ یورینیم کا انکشاف کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ایران میں 83 فیصد سے زائد یورینیم کے افزودہ ذرات ملے ہیں تاہم ان کے ماخذ کا ابھی تک تعین نہیں ہوسکا ہے ایران کے پاس موجود یہ یورینیم افزودگی 2015 کی ڈیل میں طے شدہ ہدف سے 18 فیصد زیادہ ہے۔

    دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے یورینیم افزودگی کے دوران ایسا غیر ارادی طور پر ہوگیا ہو جب کہ اس حوالے سے ایجنسی اور ایران کے اعلیٰ حکام کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 21 جنوری کوانسپکٹروں کو پتاچلا تھاکہ فردومیں آئی آر-6 سینٹری فیوجز کے دوکیس کیڈزکو اس سے مختلف انداز میں ترتیب دیا گیا تھا جس کا پہلے سے اعلان کیا گیا تھا۔معائنہ کاروں نے اس سے اگلے دن نمونے لیے،ان میں افزودہ یورینیم کے 83.7 فی صد تک خالص ذرّات دیکھے گئے تھے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران نے ایجنسی کو آگاہ کیا ہے کہ منتقلی کے دور میں افزودگی کی سطح میں ‘غیرمتوقع اتارچڑھاؤ’ ہوسکتا ہے۔تاہم ایجنسی اور ایران کے درمیان اس معاملے کی وضاحت کے لیے بات چیت جاری ہے۔

    ایرانی حکام سے فوری طور پر اس رپورٹ کے بارے میں تبصرہ کے لیے رابطہ نہیں کیا جا سکا۔اس کی تفصیل گذشتہ ایک ہفتے سے گردش کررہی تھی۔

    "العربیہ” کے مطابق ایران کے سویلین جوہری پروگرام کے ترجمان بہروز کمال آفندی نے گذشتہ ہفتے یہ کوشش کی تھی کہ اس سطح تک افزودہ یورینیم کے ذرّات کی نشان دہی کی کسی طرح پردہ پوشی کی جاسکے اور اس کو 60 فی صد خالص پیداوار تک پہنچنے کی کوشش کے عارضی ضمنی اثرات کے طور پر پیش کیا جائے۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ جوہری سطح پر بھی مصفا یورینیم میں اتنا بڑا فرق معائنہ کاروں کے نزدیک مشکوک نظر آئے گا۔

    واضح رہے کہ ایران 2015 کے جوہری معاہدے کے تحت یورینیم کو صرف3.67 فی صد تک افزودہ کرسکتا تھا اور یہ حد کسی جوہری پاور پلانٹ کو ایندھن مہیاکرنے کے لیے کافی ہے۔سنہ 2018 میں سابق امریکی صدر ڈولنڈ ٹرمپ کی اس معاہدے سے یک طرفہ دستبرداری کے بعد ایران نے زیادہ اعلیٰ سطح پرافزودہ یورینیم کی تیاری شروع کردی تھی۔

    اس وقت ایران 60 فی صد خالص افزودہ یورینیم تیار کررہا ہے۔اس کے بارے میں جوہری عدم پھیلاؤ کے ماہرین پہلے ہی کَہ چکے ہیں کہ تہران کا کوئی سویلین استعمال نہیں ہے۔84فی صد یورینیم 90 فی صد کی سطح کے قریب ہے۔اس کا مطلب ہے کہ اگر ایران چاہے تو اس مواد کے کسی بھی ذخیرے کو ایٹم بم بنانے کے لیے فوری طور پراستعمال کرسکتا ہے۔

  • اٹلی کے بعد لیبیا میں بھی تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی،3 پاکستانی جاں بحق

    اٹلی کے بعد لیبیا میں بھی تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی،3 پاکستانی جاں بحق

    اٹلی کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے بعد لیبیا میں بھی تاترکین وطن کی کشتی ڈوب گئی،جس میں متعدد پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں-

    باغی ٹی وی: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق اٹلی کے بعد لیبیا کے شہر بن غازی کے قریب کشتی کو حادثہ پیش آیا ہے، لیبیا کشتی حادثے میں 3 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، طرابلس میں پاکستانی سفارتخانہ لاشیں پاکستان منتقل کرنے میں مدد کر رہاہے، اٹلی اور لیبیا میں کشتیاں ڈوبنے کے علیحدہ علیحدہ حادثات ہوئے ہیں۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں بدقسمت کشتیوں میں سوار پاکستانی غیر قانونی طور پر لیبیا سے اٹلی جا رہے تھے۔

    واضح رہے کہ اتوار کے روز اٹلی میں بھی کشتی ڈوبنے کے حادثے میں 4 پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے ترکیہ سے اٹلی جانے والے غیرقانونی مہاجرین کی کشتی سمندر میں چٹان سے ٹکرا کر ڈوب گئی تھی جس کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت 59 افراد ہلاک ہوئے اور کئی لاپتہ ہیں۔

    ہلاک ہونیوالوں میں پاکستان ،افغانستان ،صومالیہ،شام ،عراق اور ایران کے باشندے شامل ہیں کوسٹ گارڈز کی بروقت امدادی کارروائیوں سے 81 افراد کوز ندہ بچا لیا گیا۔ کشتی پر خواتین اور بچوں سمیت 200 سے زیادہ افراد شامل تھے ۔

    اٹلی کی وزیر اعظم جیارجیا میلونی نے یورپی یونین کے اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ کشتی کے ذریعے پناہ گزینوں کی نقل وحرکت پر پابندی عائد کریں ۔۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے غیرقانونی طور پر آنیوالوں کے خلاف سخت اقداما ت کرنے ہوں گے ۔

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتھونیو گتریس نے کہا کہ تمام ملکوں سے اپیل کی کہ وہ تارکین وطن اور پناہ گزینوں کی مدد کریں پناہ گزینوں کے راستوں کو محفوظ بنانا ہوگا-