Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • معاشی بحران سے متاثرہ سری لنکا اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے

    معاشی بحران سے متاثرہ سری لنکا اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے

    کولمبو: شدید معاشی بحران میں گھرے سری لنکا اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا۔

    باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا اورآئی ایم ایف حکام کے درمیان قرض کی فراہمی کے لیے مذاکرات گزشتہ ہفتے سے جاری تھے جس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سری لنکن حکام اور آئی ایم ایف کے نمائندے اسٹاف لیول معاہدے پر اتفاق کرچکے ہیں جس کا باضابطہ اعلان جمعرات کے روز کیا جائے گا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید معاشی بحران کا شکار سری لنکا نے آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کے قرض کی درخواست کی ہے جس پر مذاکرات کے لیے عالمی مالیاتی ادارے کی ٹیم سری لنکا میں موجود ہے-

    آئی ایم ایف کے حکام جمعرات کے روز اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے کا اعلان کریں گے جس کے بعد عالمی مالیاتی ادارے کا ایگزیکٹو بورڈ اس معاہدے کی منظوری دے گا۔

    عملے کی سطح کے معاہدے عام طور پر آئی ایم ایف انتظامیہ اور اس کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہوتے ہیں، جس کے بعد وصول کنندہ ممالک کو فنڈز تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی ایک دورہ کرنے والی ٹیم نے سیاسی محاذ پر خدشات کو دور کرنے کے لیے منگل کی رات دیر گئے سری لنکا کے حکومتی عہدیداروں بشمول ٹریژری سیکریٹری کے ساتھ بات چیت کی۔ زیادہ تر تکنیکی تفصیلات پر پہلے ہی اتفاق کیا گیا تھا۔

    سوویت یونین کے سابق صدر میخائل گورباچوف انتقال کر گئے

    سری لنکن سینٹرل بینک کے گورنر نندالال ویر سنگھے نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں بہت مثبت پیشرفت ہوئی ہے اورہم پر امید ہیں کہ بہت جلد عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے سنگ میل کو عبورکرلیں گے۔

    گورنر سینٹرل بینک کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے سے اہم اصلاحاتی پالیسی لائی جائے گی جس سے ملک کی معیشت میں بہتری آئے گی قوم کے لیے موجودہ بحران سے باہر نکلنا ایک مشکل عمل ہے لیکن ہم اس سے جلد باہر نکلنے کے لیے پرامید ہیں۔

    واضح رہے کہ 22 ملین کا ملک گزشتہ ماہ سیاسی بحران میں ڈوب گیا تھا جب اس وقت کے صدر گوتابایا راجا پاکسے بنیادی اشیا کی شدید قلت اور آسمانی قیمتوں کے خلاف عوامی بغاوت کے بعد فرار ہو گئے تھے راجا پاکسے کی جگہ 6 بار وزیر اعظم رہنے والے رانیل وکرما سنگھے نے لے لی، جو محکمہ خزانہ کے بھی سربراہ ہیں اور آئی ایم ایف کی ٹیم کے ساتھ کئی دور کی بات چیت کی۔

    آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرض کے اجراء کی منظوری دے دی

  • فیٹف کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی جو دو ستمبر تک پاکستان میں قیام کرے گی

    فیٹف کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی جو دو ستمبر تک پاکستان میں قیام کرے گی

    فنانشل ايکشن ٹاسک فورس کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے جو دو ستمبر تک پاکستان میں قیام کرے گی۔

    فنانشل ايکشن ٹاسک فورس کے ماہرین کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے۔ فیٹف کے ماہرین 2 ستمبر تک پاکستان میں قیام کریں گے۔ فنانشل ايکشن ٹاسک فورس کا وفد فیٹف ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لے گا، اور ان دورے کا مقصد منی لانڈرنگ،ٹیرر فنانسنگ کیخلاف اقدامات کی آن سائٹ تصدیق ہے۔

    پاکستان فیٹف ایکشن پلان پر پہلے ہی عمل کر چکا ہے۔ اور فیٹف ٹیم دورے کے بعد پاکستان کے بارے میں رپورٹ پیش کرے گی۔

    واضح‌ رہے کہ 17 جون کو اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس کے دوران فیٹف کے سربراہ مارکس پلیئا نے کہا تھا کہ ’فیٹف نے پاکستان کے دورے کی سفارش کی ہے تاکہ دیکھا جائے کہ پاکستان کی اصلاحات اپنی جگہ پر موجود ہیں اور مستقبل کے لیے دیرپا ہیں۔

    ان کے بقول: ’پاکستان کو گرے لسٹ سے تب نکالا جائے گا جب (فیٹف ٹیم کا) دورہ کامیاب ہو جائے گا۔‘ فیٹف جب بھی کسی ملک کو گرے لسٹ میں ڈالتا ہے اس کے بعد اس ملک کے ساتھ مل کر منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی فنڈنگ سے متعلق نظام میں اصلاحات کے لیے کام شروع کیا جاتا ہے۔

    فیٹف ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے فیٹف کے ترجمان نے انڈیپنڈنٹ کو بتایا تھا کہ: ’کسی بھی ملک کو فیٹف مانیٹرنگ سے نکلنے کے لیے ایکشن پلان کے تمام یا تقریباً تمام نکات پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ جب فیٹف یہ تعین کر لیتا ہے کہ ایک ملک نے تمام اصلاحات کر لیں ہیں تو پھر اس ملک کا دورہ کیا جاتا ہے جس میں قانونی، ریگولیٹری اور آپریشنل اصلاحات کے نفاذ کی تصدیق کی جاتی ہے اور یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ کیا ان اصلاحات کے دیرپا عمل درآمد کے حوالے سے ضروری سیاسی عزم اور ادارہ جاتی صلاحیت موجود ہے یا نہیں۔ اگر دورے کا نتیجہ مثبت ہوتا ہے تو فیٹف اپنے اگلے اجلاس میں اس ملک کو گرے لسٹ سے نکال دے گا۔‘

  • 700 سیاح اب بھی کالام میں پھنسے ہوئے ہیں،حکام کی وزیراعظم کو دورہ کے پی پر بریفنگ

    700 سیاح اب بھی کالام میں پھنسے ہوئے ہیں،حکام کی وزیراعظم کو دورہ کے پی پر بریفنگ

    وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف آج بروز بدھ 31 اگست کو خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے دورے پر کالام پہنچ گئے، جہاں حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ مزید 700 سیاح کالام میں پھنسے ہوئے ہیں۔

    خیبر پختونخوا آمد پر وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کالام میں سیلاب سے متاثرہ افراد اور کالام میں پھنسے سیاحوں سے ملاقات کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کو بھرپور مدد کی یقین دہانی کروائی۔

    کالام میں موجود متاثرہ خواتین نے وزیر اعظم شہباز شریف سے شکوے بھی کیے۔ وزیر اعظم نے کالام پہنچتے ہی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کالام میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کا کام شروع کر دیا گیا ۔ وزیراعظم نے ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ متاثرین فکر نہ کریں ،ہم بھر پور اقدامات کررہےہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، حکومت سارے مسائل حل کرنے گی۔ وزیراعظم نے حکام اور دیگر انتظامیہ کو ریلیف کاموں میں تیزی لانے اور لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    وزیر اعظم نے کالام پہنچتے ہی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کالام میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کا کام شروع کر دیا گیا ۔ وزیراعظم نے ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ دورے کے دوران انجینیر امیر مقام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کاموں، فنڈز کی منتقلی، متاثرین کی بحالی اور امداد کے کاموں کی خود نگرانی کروں گا۔
    انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے تباہی ہوئی کیونکہ لوگوں نے دریا کے اوپر اور اندر تعمیرات کر رکھی تھیں۔ آرمی چیف نے سیاحوں کو منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹرز فراہم کیے ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دریا بپھر گئے اور سندھ میں دیہات مکمل تباہ جبکہ فصلیں متاثر ہوئیں۔ 7 لاکھ جانور پانی میں ڈوب گئے اور لاکھوں متاثرین کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، صوبائی حکومتوں اور افواج پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر داد دیتا ہوں۔ سیلاب اور بارشوں سے بہت زیادہ تباہی بڑی ہے۔ وفاقی حکومت نے این ڈی ایم اے اور بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 28 ارب روپے جاری کیے ہیں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرہ فی خاندان کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

    حکام کی بریفنگ

    کے پی میں موجود پاک فوج کی جانب سے وزیراعظم کو ریلیف آپریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس وقت 7 ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پھسنے ہوئے اور متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، 6 پاکستان آرمی اور ایک سول ہیلی کاپٹر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہے۔ کالام میں تیز بارشوں کے باعث 165گھر تباہ ہوئے۔

    بریفنگ کے دوران وزیراعظم نے سڑکوں کی ہنگامی بنیادوں پر بحالی کا ٹاسک فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حوالے کردیا۔ کانجو آمد پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سیلاب سے پلوں، شاہراہوں، ہوٹلوں اور گھروں کو نقصان پہنچا۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ کانجو میں سیلاب سے22افراد جاں بحق ہوئے، زیر آب زمین اور راستوں کی بحالی کیلئے بھاری مشینری کے ذریعے شاہراہوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔

    دوسری جانب ن لیگی رہنما مریم نواز شریف بھی آج راجن پور اور جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔ مریم نواز امدادی دورے میں متاثرین سے ملاقات بھی کریں گی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل 30 اگست کو سوات کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمراٹ اور کالام سے آرمی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ریسکیو کیے گئے افراد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بچوں، خواتین اور بزرگ افراد نے محفوظ انخلا پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کالام، بحرین، خوازہ خیلہ اور مٹہ میں سیلابی صورت حال کا فضائی جائزہ لیا، انہوں نے آرمی دستوں کی فضائی نگرانی بھی کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ریسکیو سرگرمیوں میں کور کمانڈر پشاور کے کام کو سراہا۔

    کانجو کینٹ ہیلی پیڈ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہناتھا کہ سیلاب کے شدید نقصانات کا درست اندازہ لگانا ابھی باقی ہے، نقصانات کا اندازہ لگانے کیلئے سروے ضلعی انتظامیہ، صوبائی حکومتیں اور فوج مل کر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2010 میں بھی یہاں ایسی ہی تباہی ہوئی تھی، انہی جگہوں پر دوبارہ تعمیرات کی اجازت دے کر غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

    آرمی چیف نے کہاکہ کالام میں کافی نقصان ہوا ہے، بہت سے ہوٹل اور پل تباہ ہوئے ہیں، اس وقت سب سے ضروری کالام روڈ کو کھولنا ہے، امید ہے کہ چھ سے سات روز میں سڑک کھول دیں گے۔ کالام میں پھنسے لوگوں کو نکال رہے ہیں، اب وہاں بحرانی صورت حال نہیں ہے۔

  • دبئی سے آنیوالا طیارہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پرخوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    دبئی سے آنیوالا طیارہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پرخوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    سیالکوٹ: دبئی سے آنے والا غیر ملکی طیارہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر گیا-

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق ا دبئی سےآنے والا مسافر بردار طیارہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پرخوفناک حادثے سےبال بال بچ گیا، سیالکوٹ ایئرپورٹ پر طیارہ لینڈنگ کے دوران بے قابو ہوکر رن وے سے اتر کر شولڈر ایریا میں چلا گیا۔

    دوران پرواز کاک پٹ میں پائلٹ اورمعاون کے درمیان ہاتھا پائی,دونوں معطل

    ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ایئرلائن کا بوئنگ 777 طیارے نے شولڈر ایریا میں گھسنے کے ساتھ ساتھ رن وے کی دونوں لائٹوں کو بھی توڑ دیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق طیارے کے شولڈر ایریا اترنے کے بعد مکمل معائنہ اور کپتان کا الکحل ٹیسٹ کرانا لازمی ہوتا ہے لیکن سول ایوی ایشن نے بھی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو گراونڈ کئے بغیر واپس دبئی کیلئے روانہ کردیا ہے-

    پی آئی اے کی پیرس سے پاکستان کیلئے انٹرنیشنل فلائٹ بند کرنے کی تیاریاں

    قبل ازیں دوران پرواز طیارے کے پائلٹ اور اس کے معاون کے درمیان ہاتھا پائی کے واقعے کے بعد ایئر فرانس نے دونوں پائلٹس کو معطل کر دیا تھا ہ پائلٹ اوراس کےساتھی معاون پائلٹ کےدرمیان جھگڑا طیارہ کے ٹیک آف کےفوراً بعد ہاتھا پائی میں بدل گیا کیبن کریو نے مداخلت کی اور عملے کے ایک رکن نے پائلٹس کے ساتھ کاک پٹ میں پرواز گزاری۔

    درایں اثنا ایئر فرانس کے ترجمان نے وضاحت کی کہ کیبن کے ارکان نے کاک پٹ میں شور سنا اور پائلٹ اور اس کے شریک پائلٹ کے درمیان جھگڑے کوحل کرنے کے لیے مداخلت کی یہ واقعہ گذشتہ جون میں پیش آیا تھا مگر اس کا انکشاف روان ہفتے کیا گیا-

    ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں،انٹونی بلنکن

  • جو بھی فورم کسی کو بلاتا ہے تو احتراما جانا چاہیے،عدالت

    جو بھی فورم کسی کو بلاتا ہے تو احتراما جانا چاہیے،عدالت

    جو بھی فورم کسی کو بلاتا ہے تو احتراما جانا چاہیے،عدالت

    اسلام آباد ہائیکورٹ میں اعظم خان کا نام اسٹاپ لسٹ سے نکلوانے کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی

    اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اعظم خان کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے کی ہدایت کی تھی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جب یہ عدالت کوئی غیرقانونی کام نہیں کر سکتی تو کوئی بھی نہیں کر سکتا،پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اعظم خان کا نام اسٹاپ لسٹ میں کیسے ڈال سکتی ہے؟ یہ عدالت پہلے بھی کہہ چکی کہ ا سٹاپ لسٹ کے پیچھے کوئی قانون موجود نہیں، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ا سٹاپ لسٹ (پی آئی این ایل) بنائی گئی تھی،

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے کسی قانون کے تحت بنانے کا حکم دیا ہو گا، اعظم خان سرکاری افسر ہیں وہ کونسا بھاگ کر جا رہے ہیں، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ اعظم خان کو کئی بار بلانے کے باوجود پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے، عدالت نے استفسار کیا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا مخصوص اختیار ہے کیا وہ اس میں جا سکتی ہے؟ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اعظم خان کو کس معاملے میں طلب کیا تھا؟ وکیل نے کہا کہ اعظم خان کو طیبہ گل کیس میں طلب کیا گیا تھا،

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کہ کیا طیبہ گل کیس کے دیگر ملزمان کا نام بھی اسٹاپ لسٹ میں ڈالا گیا؟ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے مالم جبہ کیس میں اعظم خان کو طلب کیا، عدالت نے کہا کہ اس عدالت سمیت ہر ایک قانون کا پابند ہے، جو بھی فورم کسی کو بلاتا ہے تو احتراما جانا چاہیے، وکیل نے کہا کہ اعظم خان کی بیرون ملک سے واپسی کے بعد بلانے پر پیش ہو سکتے ہیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہرمن اللہ نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ خود کو شرمندہ نہ کریں، پی این آئی ایل کا کوئی لیگل ا سٹیٹس نہیں،ایسی کوئی وجہ نہیں کہ نام پی این آئی ایل میں شامل کیا جائے، وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اعظم خان کی 8 ستمبر کو روانگی اور 25 ستمبر سے پہلے واپسی ہے،اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں اس سے پہلے بھی پیش ہو سکتے ہیں، عدالت نے کہا کہ اگر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اعظم خان کو 8 ستمبر سے پہلے بلاتی ہے تو وہ پیش ہو جائیں،اعظم خان کی آزادی پر کوئی قدغن نہیں لگائی جا سکتی، وکیل اعظم خان نے کہا کہ کیا ان کو بلانا صرف شرمندہ کرنا ہے یا واقعی کچھ پوچھنا ہے؟

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اعظم خان کو اگر پارلیمنٹ میں طلب کیا گیا تھا تو انہیں جانا چاہیے تھا، عدالت نےعمران خان کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا،عدالت نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بلائے تو اعظم خان پیش ہو جائیں،

    چیئرمین نیب کی ویڈیو لیک کرنیوالوں کے خلاف ریفرنس دائر

    چیئرمین نیب کے خلاف خبر پر پیمرا ان ایکشن، نیوز ون کو نوٹس جاری، جواب مانگ لیا

    چیئرمین نیب کے استعفیٰ کے مطالبے پر مسلم لیگ ن میں اختلافات

    عمران خان نے ویڈیو کے ذریعے چیئرمین نیب کو کیسے بلیک میل کیا؟ سلیم صافی کے ساتھ طیبہ کا بڑا انکشاف

  • یکم ستمبر سے پٹرول سستا ہونے کا امکان

    یکم ستمبر سے پٹرول سستا ہونے کا امکان

    یکم ستمبر سے پٹرول 2 روپے 98 پیسے سستا ہونے کا امکان ہے.

    یکم ستمبر سے پیٹرول سستا جبکہ ڈیزل اور مٹی کا تیل مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ آئل کمپنیز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی سفارشات اوگرا کو بھیج دیں۔اس حوالے سے اعلان آج ہوگا۔
    رپورٹ کے مطابق آئل کمپنیز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی سفارشات اوگرا کو بھیج دیں، جس میں پیٹرول 2.98 روپے فی لیٹر سستا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ آئل کمپنیز نے اپنی سفارش میں ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 88 پیسے، مٹی کا تیل 16 روپے 65 پیسے اور لائٹ ڈیزل 12 روپے 93 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی۔

    اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیلئے سمری حکومت کو بھیجی جائے گی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کی حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے جس کے بعد نئی قیتموں کا اعلان ہوگا۔

    پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ماہانہ 2 بار (یکم اور 16 تاریخ کو) رد و بدل کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ نئی قیمتوں کا اعلان 31 اگست کی رات ہوگا۔
    اوگرا نے واضح کیا کہ قیمتوں میں رد و بدل کی اطلاعات جھوٹی اور من گھڑت ہیں، غیر تصدیق شدہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے یکم ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق سمری کی ورکنگ شروع کردی ہے۔

    بتایا گیا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت سے متعلق 2 تجاویز حکومت کو بھیجی جائیں گی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ یکم ستمبر سے پیٹرول اورڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز زیرغور ہے۔ جبکہ دوسری جانب ملک میں ایل پی جی کی قیمت میں ستمبر کے آغاز سے قبل ہی اضافہ ہو گیا ہے۔ آل پاکستان ایل پی جی ایسویسن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق پہاڑی اور دور دراز دیہاتی علاقوں میں 50 روپے فی کلو بلاجواز اضافہ کر دیا گیا اوردیہاتی علاقوں میں ایل پی جی 270 روپے فی کلو فرخت ہو رہی ہے ۔

    بڑے شہروں ایل پی جی 20روپے اضافے سے240 فی کلو میں فروخت کی جارہی ہے ۔عرفان کھوکھر نے کہا کہ ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر پہنچ گئی ہے،حکومت سے اپیل ہے کہ فوری کاروائی کرے -ملک بھر میں ایل پی جی وافر مقدار میں موجود ہے ،راستوں کی بندش کو جواز بنا کر بلا جواز قیمت میں اضافہ کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اگست 2022 کے لئے اوگرا کی مقر کر دہ قیمت 218 روپے فی کلو ہے تاہم مارکیٹ میں قیمت کہیں زیادہ ہے۔

  • پاک فوج کا ریلیف آپریشن،ہیلی کاپٹر کی 140 پروازیں، 550 سے زائد پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا

    پاک فوج کا ریلیف آپریشن،ہیلی کاپٹر کی 140 پروازیں، 550 سے زائد پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا

    پاک فوج کا ریلیف آپریشن ،ہیلی کاپٹر کی 140 پروازیں، 550 سے زائد پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا
    ملک بھرمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری ہے

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھرمیں ریلیف آپریشن کے لیے ہیلی کاپٹر کی 140 پروازیں چلائی گئیں، سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے 550 سے زائد پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا، فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران راشن اور امدادی سامان پہنچایا گیا،گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سیلاب متاثرین میں 6140 راشن کے پیکٹ اور 325 خیمے کی تقسیم کی مختلف میڈیکل کیمپوں میں 5ہزار 213مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے ،

    سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری ہے، پاک فوج بلوچستان بھر میں اپنی بساط سے بڑھ کر دن رات لوگوں کی جانیں بچانے میں مصروف ہےپاکستان آرمی اور ایف سی بلوچستان سیلاب زدہ علاقوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر دن رات کام کر رہی ہے اور بلوچستان میں سیلاب میں پھنسے اپنے بلوچی بھائیوں کے ریلیف اور رسکیو آپریشن میں مصروف ہیں

    وزیراعظم شہباز شریف نے چارسدہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا

    متحدہ عرب امارات کے حکام کا آرمی چیف سے رابطہ،سیلاب زدگان کیلیے امداد بھجوانے کا اعلان

    کمراٹ میں پھنسے سیاحوں کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹر نے ریسکیو کر لیا ہے

    سیلاب سے متاثرہ آخری آدمی کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، آرمی چیف

    پاک فوج نے فلڈ ریلیف ہیلپ لائن قائم کر دی،

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانجو اور سوات کا دورہ کیا

  • افغانستان قحط کے دہانے پر پہنچ گیا، بدترین حالات پیدا ہونے کا خدشہ ہے،اقوام متحدہ کا انتباہ

    افغانستان قحط کے دہانے پر پہنچ گیا، بدترین حالات پیدا ہونے کا خدشہ ہے،اقوام متحدہ کا انتباہ

    اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان قحط کے دہانے پر پہنچ گیا ہے-

    باغی ٹی وی : عالمی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس( اے پی) اقوام متحدہ کے شعبہ انسانی امداد کے سربراہ مارٹن گریفتھ کا کہنا ہے کہ ملک کی 60 لاکھ آبادی انتہائی مفلسی کی حالت میں ہے، موسم سرما کے دوران بدترین حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔

    یورپ میں توانائی بحران:سردیوں میں ٹھٹھرکر مرجائیں گے:یورپی عوام دہائی دینے لگی

    مارٹن کے مطابق موسم سرما شروع ہونے والا ہےاوراس سےقبل گھروں کی مرمت وغیرہ بہت ضروری ہےاورگرم کپڑوں اورکمبلوں سمیت دوسرے سامان کی فراہمی بھی ضروری ہےاسی طرح ان علاقوں میں ابھی سے خوراک کا سامان پہنچانےکی ضرورت ہے جو موسم سرما کے دوران برفباری کی وجہ سے ملک سے کٹ جاتے ہیں۔

    مارٹن گریفتھ کے مطابق موسم سرما گزارنے کے لیے افغانستان کے عوام کو 77کروڑ ڈالر کی ضرورت ہےانہوں نے ڈونرز پر زور دیتے ہوئے کہا افغانستان کی فنڈنگ بحال کی جائے۔

    مارٹن گریفتھ نےسلامتی کونسل کو بتایا کہ اس وقت افغانستان کوکئی بحرانوں کاسامنا ہےجن میں انسانی، معاشی، موسماتی، بھوک اور غربت جیسے مسائل شامل ہیں تنازعات، غربت کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں نے طویل عرصہ سے افغانستان کو مشکلات میں ڈالا ہوا ہے تاہم اس وقت سب سے معاملہ اس امداد کا ہے جو ایک سال طالبان کی حکومت آنے کے بعد ممالک نے روک دی تھی۔

    امریکا میں منجمد اثاثے افغان عوام کی امانت ہیں اس پر نائن الیون کے متاثرین کا کوئی…

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان کی آدھی سے زیادہ آبادی جو دو کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ بنتی ہے جو مدد کی شدید ضرورت ہے جبکہ ایک کروڑ90 لاکھ خوراک کی کمی کا شکار ہیں طالبان کے پاس ملک کےمستقبل کےلیے کوئی بجٹ نہیں ہے اور یہ بات واضح ہے کہ وہاں امدادی اور ترقیاتی کام شروع کرنا ضروری ہے۔

    انہوں نے متنبہ کیا کہ سات کروڑ سے زائد افغان دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں اور اگر زراعت اور مویشیوں کو تحفظ نہ دیا گیا تو لاکھوں کی تعداد میں زندگیاں داؤ پر لگ جائیں گی کیونکہ خوراک پیدا کرنے کی صلاحیت کم ہو جائے گی۔

    خیال رہے پچھلے سال 15 اگست کو طالبان نے امریکہ اور اتحادی افواج کے ملک سے نکلنے کے بعد اقتدار سنبھالا تھا جس کے بعد کئی ممالک نے وہاں کے لیے امدادی فنڈز روک دیے تھے۔

    ایشیا کپ، افغانستان نے بنگلہ دیش کو بھی شکست دے دی

  • سوویت یونین کے سابق صدر میخائل گورباچوف انتقال کر گئے

    سوویت یونین کے سابق صدر میخائل گورباچوف انتقال کر گئے

    سابق سوویت یونین کے پہلے اورآخری صدر میخائل گورباچوف 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ سینٹرل کلینیکل اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    باغی ٹی وی : بی بی سی کے مطابق گورباچوف نے 1985 میں اقتدار سنبھالا، وہ اصلاحات متعارف کروانے اور مغرب سے تعلقات بحال کرنے کے لیے جانے جاتے تھے لیکن وہ 1991 میں سوویت یونین کو بکھرنے سے روک نہیں سکے۔

    ارجینٹینا کی نائب صدرکومبینہ بدعنوانی کے الزام میں 12 سال کی سزا

    گوربا چوف کی بدولت سوویت یونین میں نجی کاروبار کو قانونی حیثیت ملی اورانہوں نے نئی خارجہ پالیسی ترتیب دی سوویت یونین ٹوٹنے کے معاہدے پردستخط کے بعد گوربا چوف صدارت سے مستعفی ہوگئے تھے۔

    کئی روسی شہری آج بھی ان کو اور ان کی اصلاحات کو ملک کے بکھرنے پر مورد الزام ٹھہراتے ہیں، میخائل گوربا چوف کا شمار 20ویں صدی کی سب سے اہم ترین سیاسی شخصیات میں کیا جاتا ہے۔

    اگرچہ وہ سات سال سے بھی کم عرصہ اقتدار میں رہے لیکن گورباچوف نے تبدیلیوں کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا۔ مگر یہ تبدیلیاں بہت جلد ناکافی ثابت ہوئیں جس کے باعث آمرانہ سوویت یونین کا خاتمہ ہو گیا اور مغرب اور مشرق کے درمیان جوہری تصادم بھی اختتام کو پہنچا۔ اس کے ساتھ ساتھ مشرقی یورپی ممالک بھی روسی تسلط سے نکل گئے۔

    امریکا میں منجمد اثاثے افغان عوام کی امانت ہیں اس پر نائن الیون کے متاثرین کا کوئی…

    اگست 1991 میں ان کے خلاف بغاوت کی کوشش ہوئی جس سے ان کی طاقت کو شدید دھچکا پہنچا۔ انہوں نے اپنے اقتدار کے آخری مہینے دفتر میں ایک کے بعد ایک ریاست کو سوویت یونین سے علیحدگی لیتے دیکھا اور بالآخر وہ 25 دسمبر 1991 کو مستعفی ہو گئے۔ اور اس کے ٹھیک ایک دن بعد سوویت یونین کا بھی خاتمہ ہو گیا۔

    انھوں نے 70 سال تک قائم رہنے والے سوویت یونین کی باگ دوڑ ایک ایسے وقت میں سنبھالی جب ایشیا اور مشرقی یورپ پر کسی زمانے میں راج کرنے والا ملک بکھرنے والا تھا1990 میں گوربا چوف کو مشرق اور مغرب کے تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے پر نوبیل امن انعام سے نوازا گیاا ور آنے والے برسوں میں دنیا کے کونے کونے سے تعریفیں اور انعامات وصول کیے۔ اس کے باوجود انہیں اپنے ملک میں حقیر سمجھا جاتا تھا ان کا 1996 میں صدر کا انتخاب لڑنا ایک قومی مذاق ثابت ہوا اور انہیں ایک فیصد سے بھی کم ووٹ پڑے۔

    عہدہ چھوڑنے کے بعد گوربا چوف قومی اورعالمی امورپرلیکچردیتے تھے، گوربا چوف کے انتقال پر عالمی رہنماؤں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان میں سابق سوویت رہنما کی موت پر اظہار افسوس کیا گیا ہے بیان میں کہا گیا کہ میخائل گوربا چوف ایک قابل ذکر بصیرت والے انسان تھے۔ ہم ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ تعزیت کرتے ہیں۔

    یورپی یونین کے متعدد رہنماؤں نے میخائل گورباچوف کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

    یوکرین کے بعد امریکا تائیوان کی مدد کو پہنچ گیا،دوجنگی بحری جہازآبنائے تائیوان…

  • ذوالفقاربھٹو جونیئر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے سرگرم

    ذوالفقاربھٹو جونیئر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے سرگرم

    پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے اور مرتضیٰ بھٹو کے بیٹے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں-

    باغی ٹی وی : ذوالفقارعلی بھٹو جونئیر ان دنوں کراچی میں مقیم ہیں، وہ آرٹ اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں سرگرم ہیں۔

    مشرقی بلوچستان میں پھرسےبارش کاسلسلہ شروع،کراچی سمیت سندھ کےساحلی علا قوں میں ہلکی بارش کا امکان


    ذوالفقار علی بھٹو جونیئر اور ان کی بہن فاطمہ بھٹو نے اپنی دوست منال منشی کیساتھ مل کر عالمی سطح پر سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کا منصوبہ شروع کردیا ہے –


    فاطمہ اور ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنی دوست کے ہمراہ مل کر ’انڈس ریلیف 2022‘ کے تحت فنڈریزنگ مہم شروع کی ہے۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں ذوالفقار بھٹو جونیئر دادو، لاڑکانہ، سکھر اور سیہون سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے نظر آرہے ہیں ذوالفقار جونیئر، ایدھی فاونڈیشن کے ساتھ مل کر سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے چندہ اکھٹا کررہے ہیں۔

    لوگوں کو متحرک کرنے کیلئے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی کئی پیغامات اور وڈیوز شیئر کرچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ ملک بھرمیں بارشوں اور سیلاب کے باعث مزید 36 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 162 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 3 ہزار 554 افراد زخمی ہوئے۔

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث بلوچستان میں 249افراد جاں بحق ہوئے، سندھ میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 405، پنجاب میں 187افراد خیبر پختونخوا میں 257 ، آزاد کشمیر میں 41افراد ،گلگت بلتستان میں 22 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 7 لاکھ 30 ہزار483 مویشی ہلاک ہوئے، بلوچستان میں ایک ہزارکلومیٹر شاہراہیں متاثر ہوئیں ، 18 پلوں کو بھی نقصان پہنچا سندھ میں 2 ہزار 328 کلو میٹر شاہراہیں متاثر ہوئیں،60 پلوں کو نقصان پہنچا، پنجاب 130، خیبر پختونخوا 1 ہزار 589 کلومیٹر سڑکیں متاثر،84 پلوں کو نقصان پہنچا جبکہ گلگت بلتستان میں 16 کلومیٹر شاہراہ اور 65 پل متاثر ہوئے۔