Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے کی  مذمت کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

    کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے کی مذمت کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

    لاہور: کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے اور جانوں کے ضیاع کی بھرپور مذمت کے لیے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔

    باغی ٹی وی : قرارداد آئی پی پی کے صوبائی جنرل سیکریٹری اور پی پی 149 سے ایم پی اے شعیب صدیقی نے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی جس میں غیر ملکی ایجنسیوں کی پاکستان میں مداخلت اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی مذمت کی گئی، شعیب صدیقی کی قرارداد میں 27 ہلاکتوں پر اظہار افسوس اور 50 سے زائد زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی ہے۔

    قرارداد کے متن کے مطابق پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان ملک کی تمام صوبائی اکائیوں کو یک جان سمجھتا ہے اور یہ ایوان اعادہ کرتا ہے کہ ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،یقین ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر ملک میں امن و امان قائم کریں گے۔

    شعیب صدیقی نے قرارداد میں کہا کہ صدر استحکامِ پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی قیادت میں ملکی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں، ظلم کی رات جلد ہی امن کے اجالوں میں ڈھل جائے گی۔ شہداء کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے، قرارداد کا مقصد ایوان میں دہشت گردی کے خلاف موقف کو اجاگر اور قومی اتحاد کا اظہار کرنا ہے۔

  • نو منتخب صدر ٹرمپ  صدر جوبائیڈن سے بدھ کو ملاقات کریں گے

    نو منتخب صدر ٹرمپ صدر جوبائیڈن سے بدھ کو ملاقات کریں گے

    واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن اور نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کو وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔

    باغی ٹی وی :امریکا میں روایتی طور پر سبکدوش صدر نئے منتخب صدر سے ملاقات کرتا ہے، 2020 میں انتخابات ہارنے پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس روایت کو توڑ دیا تھا اور نومنتخب صدر جوبائیڈن سے ملاقات نہیں کی تھی، تاہم اب وائٹ ہاؤس کے مطابق نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بائیڈن کی دعوت کو قبول کر لیا، ملاقات بدھ کی صبح 11 بجے اوول آفس میں ہو گی۔

    واضح رہے کہ 5 نومبرکو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈٹرمپ موجودہ نائب صدرکملا ہیرس کوشکست دینے کے بعد 20 جنوری کو عہدہ سنبھالیں گے۔

    دوسری جانب نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیرس ماحولیاتی معاہدے سے علیحدگی کی تیاریاں جاری ہیں ، ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم نے ایگزیکٹو آرڈرز اور اعلانات تیار کرلیے ہیں، معاہدے سے علیحدگی کے بعد مغربی زمین کو کان کنی کے لیے کھول دیا جائے گا، ٹرمپ نے اپنی پہلی مدت میں بھی پیرس معاہدے کو غیر موثر قرار دے کر علیحدگی اختیار کرلی تھی،ماحولیاتی تبدیلی پرکاپ انتیس کا سربراہی اجلاس آذربائیجان میں 11 سے 22 نومبر کو ہوگا-

  • چیمپئینز ٹرافی:ایونٹ کی منسوخی کی اطلاعات پر  پی سی بی کا موقف سامنے آ گیا

    چیمپئینز ٹرافی:ایونٹ کی منسوخی کی اطلاعات پر پی سی بی کا موقف سامنے آ گیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کا آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کا شیڈول جاری کرنے کے بارے میں ایونٹ کی منسوخی کی اطلاعات پر موقف سامنے آیا ہے-

    باغی ٹی وی : پی سی بی حکام کا موقف ہے کہ 11 نومبر کو لاہور میں حتمی شیڈول کے اعلان کا کوئی پروگرام تھا ہی نہیں اور ہی اس کا کوئی اعلان کیا گیا تھا، ایونٹ کا پلان ہی نہیں تھا تو منسوخ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، میڈیا میں آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان کی منسوخی پر ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر واضح کیا کہ آئی سی سی کی جانب سے ایسا کوئی ایونٹ ترتیب ہی نہیں دیا گیا تھا۔

    بورڈ کی جانب ذرائع نے مزید کہا کہ اگر ایسا کوئی پروگرام فائنل ہوتا تو پی سی بی سے ضرور مشاورت کی جاتی اور پی سی بی ہی اس کا انتظام کرتا، ہوسکتا ہے کہ کسی موقع پر ایسی کوئی بات زیر غور لائی گئی ہو لیکن ایسا کوئی ایونٹ فائنل نہیں ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی فروری 2025 میں پاکستان میں شیڈول ہے تاہم ابھی تک بھارتی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جبکہ میڈیا رپورٹس سے خبریں پھیلائی جارہی ہیں کہ انڈین ٹیم پاکستان نہیں آئے گی۔

  • چیمپئنزٹرافی: بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بیان سامنے آگیا

    چیمپئنزٹرافی: بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بیان سامنے آگیا

    ممبئی: آئندہ برس فروری 2025 میں پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنزٹرافی سے متعلق بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بیان سامنے آگیا۔

    باغی ٹی وی: چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی عدم شرکت کے حوالے سے خبریں سامنے آ رہی ہیں تاہم ابھی تک اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان سامنے نہیں آیا،دو روز قبل بھارتی میڈیا پر یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی اور ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہو گا، بھارت کے میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

    پاکستان میں چیمئنز ٹرافی سے متعلق بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بیان سامنے آیا ہے،میڈیا سے گفتگو کے دوران جب روہت شرما سے سوال پوچھا گیا کہ کیا بھارتی ٹیم پاکستان جائے گی تو اس پر روہت شرما کا کہنا تھا یہ فیصلہ دونوں کرکٹ بورڈز نے کرنا ہے، ہمارے ہاتھ میں تو ہے نہیں، ہم تو ٹورنامنٹ کے لیے آگے کی طرف دیکھ رہے ہوتے ہیں، ہمیں تو بورڈ جہاں بھیجتا ہے ہم کھیلنے کے لیے پہنچ جاتے ہیں، اگر بورڈ نے پاکستان بھیجا تو ہمیں وہاں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

  • اسٹیج ڈرامہ کے معروف پروڈیوسر اور ہدایتکار سید فرقان حیدر رضوی  انتقال کر گئے

    اسٹیج ڈرامہ کے معروف پروڈیوسر اور ہدایتکار سید فرقان حیدر رضوی انتقال کر گئے

    ڈیلاس: اسٹیج ڈرامہ کے معروف پروڈیوسر اور ہدایتکار سید فرقان حیدر رضوی امریکا میں انتقال کر گئے۔

    باغی ٹی وی : اہل خانہ نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سید فرقان حیدر رضوی گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، سید فرقان حیدر کی نماز جنازہ آج ڈیلاس کے مومن سینٹر میں ادا کی جائے گی، جبکہ ان کی تدفین ڈینٹن مسلم قبرستان میں ہوگی، ان کے اہل خانہ نے تمام احباب سے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی درخواست کی ہے۔

    فرقان حیدر نے اسٹیج ڈراموں کی دنیا میں معین اختر اور عمر شریف جیسے فنکاروں کو روشناس کرایا، ان کے ڈرامے ’بکرا قسطوں پر‘، ‘مصیبت در مصیبت’، اور ‘بچاؤ معین اختر’ نے پاکستانی اسٹیج ڈراموں کو عالمی سطح پر پذیرائی دلائی، انہوں نے اپنے دور میں 250 سے زائد اسٹیج ڈرامے پیش کیے، جن میں معاشرتی پیغامات اور حالات حاضرہ کو مرکزی حیثیت دی گئی، انہوں نے حال ہی میں دو ہفتہ قبل ڈیلاس میں اپنا آخری اسٹیج تھیڑ ’‘ دلہا آن لائن’’ پروڈیوس کیا تھا جس میں پاکستان سے انہوں نے کئی فنکاروں کو ڈیلاس مدعو کیا تھا۔

  • ریلوے اسٹیشن پر دھماکہ:پشاور اور کراچی جانے والی 2 ٹرینوں کو بند کرنے کا فیصلہ

    ریلوے اسٹیشن پر دھماکہ:پشاور اور کراچی جانے والی 2 ٹرینوں کو بند کرنے کا فیصلہ

    کوئٹہ: بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے بعد کوئٹہ سے پشاور کے لیے چلنے والی جعفر ایکسپریس اور کراچی کے لیے چلنے والی بولان میل کو 4 روز کے لیے بند کرنے فیصلہ کرلیا گیا۔

    باغی ٹی وی : میڈیا رپورٹس کے مطابق جعفر ایکسپریس اور بولان میل کو 11 نومبر سے 4 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، یہ فیصلہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔

    واضح رہے گزشتہ روز کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ دھماکا ہو گیا، دھماکا ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا جبکہ دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کےخلاف سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا، آٹھ دس کلو بارودی مواد کا بیگ اٹھائے خودکش حملہ آور نے جعفر ایکسپریس کا انتظار کرتے مسافروں کے درمیان پہنچ کر خود کو دھماکے سے اُڑالیا تھا۔

  • کوئٹہ خود کش حملہ:دہشتگرد کی  تفصیلات اور تصویر  جاری

    کوئٹہ خود کش حملہ:دہشتگرد کی تفصیلات اور تصویر جاری

    کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خود کُش حملہ کرنے والے بی ایل اے کے دہشت گرد محمد رفیق بزنجو عرف وشین بلوچ کی تفصیلات اور تصویر بی ایل اے نے سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

    باغی ٹی وی: بی ایل اے کے دہشت گرد کی اس تصویر کا فورنزک آڈٹ کرنے پر پتہ چلتا ہے کے یہ دہشت گرد سر سے پاؤں تک غیر ملکی اسلحہ اور سامان سے لدا ہوا ہےتصویر میں دہشت گرد محمد رفیق نے امریکی ساخت کی ایم فور رائفل اٹھائی ہوئی ہے جو صرف افغانستان میں ڈالروں سے خریدی جا سکتی ہے،جبکہ دہشت گرد رفیق نے جو یونیفارم پہنا ہوا ہے وہ بھی یو ایس میرین کور کا ہے، ایمو نیشن میگزین جیکٹ اور ٹوپی بھی امریکی ساخت کی ہے
    https://x.com/IntelPk_/status/1855487020505661947
    را کی طرف سے مہیا کئے جانے والے ڈالروں سے بی ایل اے یہ سازو سامان افغانستان سے خرید کر معصوم پاکستانیوں کا قتل عام کر رہی ہےپوری قوم کو ان فارن فنڈڈ دہشت گردوں کے قلع قمع کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ ملکر چلنا ہوگا تاکہ ان ملک دشمنوں کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے-

    واضح رہے گزشتہ روز کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے، جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ دھماکا ہو گیا، دھماکا ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا جبکہ دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کےخلاف سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا،آٹھ دس کلو بارودی مواد کا بیگ اٹھائے خودکش حملہ آور نے جعفر ایکسپریس کا انتظار کرتے مسافروں کے درمیان پہنچ کر خود کو دھماکے سے اُڑالیا تھا۔

    واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ خودکش حملہ آور کے اعضا فرانزک لیب لاہور بھیجے جائیں گے اور نادرا سے اس کی شناخت کی تصدیق میں مدد لی جائے گی کوئٹہ کے تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کیا تھا مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی اور دیگر دفعات شامل ہیں۔

    کوئٹہ میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ کوئٹہ گیریژن میں ادا کی گئی تھی نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی تھی

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ نماز جنازہ میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سمیت صوبائی وزرا اور فوجی اور سویلین حکام نے شرکت کی آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردی کوکبھی برداشت نہیں کیا جائے گا، آرمی چیف نےدہشت گردی کی لعنت کےخاتمےکےلیےقوم کےعزم کااعادہ کیا دہشت گردی کےخاتمےکےمشن کواجتماعی عزم کےساتھ آگےبڑھایاجائیگا، دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئےقوم کی مستقل حمایت کی ضرورت ہے دہشت گردی کیخلاف قوم کاعزم مضبوط ہے،دہشت گردی کاخاتمہ یقینی بنایاجائیگا، دہشت گردی کےخلاف جنگ کومنطقی انجام تک پہنچایاجائےگا، پرامن اورخوشحال مستقبل کیلئےقوم کی حمایت کی ضرورت ہے۔

    وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ دہشت گردی بڑھانے والے عوامل پر حکومت کی نظر ہے۔ بہت سے واقعات کی بروقت روک تھام بھی کی گئی ہے۔ ایک ہفتے میں چار پانچ دہشت گرد پکڑے گئے ہیں۔

    کوئٹہ میں بلوچستان کے وزیرِاعلیٰ سرفراز بگٹی کے ساتھ میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا تھا کہ ہم نے حکمتِ عملی تبدیل کی ہے دہشت گردی ختم کرکے دکھائیں گے انسانی حقوق کے چیمپین بننے والے ایسے واقعات کی مذمت کیوں نہیں کرتے سوچنا ہوگا کہ بلوچستان میں خون کا بازار کب تک گرم رہے گا یہ جنگ کی صورتِ حال ہے، عام حالات نہیں۔

    سرفراز بگٹی نے کہا کہ ناراض بلوچ کہہ کر کنفیوژن پیدا کی جاتی ہے دہشت گردوں کو دہشت گرد کہنا چاہیے ان کا کوئی مذہب ہوتا ہے نہ رنگ و نسل۔

    امریکی سفارت خانہ نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں. ہم شہریوں اور فوجیوں کے خلاف دہشت گردی کی ایسی کارروائیوں کو روکنے میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

    کوئٹہ ریلوے اسٹیشن میں دھماکے کے بعد ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز میں سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کئے گئے لیکن کراچی کینٹ اسٹیشن میں سیکیورٹی نہ ہونے کے برابر ہے۔

    اس سے قبل ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ محمود بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ دھماکا خود کش معلوم ہوتا ہے۔ دھماکے کے وقت پلیٹ فارم پر 100 سے زائد افراد موجود تھے دھماکا اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس سے جانے کے لیے مسافروں کی بڑی تعداد پلیٹ فارم پر موجود تھی۔

  • وفاقی وزیر داخلہ اور  وزیراعلیٰ بلوچستان  کا کوئٹہ دھماکے کے زخمی افراد کی عیادت

    وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کا کوئٹہ دھماکے کے زخمی افراد کی عیادت

    کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سول اسپتال کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن دھماکے کے زخمی افراد کی عیادت کی۔

    باغی ٹی وی: وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ فرداً فرداً تمام زخمیوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور ڈاکٹرز سے معلومات لیں، محسن نقوی نے زخمی افراد سے افسوسناک واقعے کی تفصیلات معلوم کیں، وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ایک زخمی شخص کو فوری طور پر کراچی شفٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کے حوالے سے ڈاکٹرز کو ہدایات دیں، وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قوم آپ کے ساتھ ہے اور جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہے، آپ کے علاج معالجے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے تھے،جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ دھماکا ہو گیا، دھماکا ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا جبکہ دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کےخلاف سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا، آٹھ دس کلو بارودی مواد کا بیگ اٹھائے خودکش حملہ آور نے جعفر ایکسپریس کا انتظار کرتے مسافروں کے درمیان پہنچ کر خود کو دھماکے سے اُڑالیا تھا۔

  • بھارتی ہٹ دھرمی: چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول میں مزید تاخیر کا امکان

    بھارتی ہٹ دھرمی: چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول میں مزید تاخیر کا امکان

    دبئی: چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول پر ڈیڈ لاک برقرار ہے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیپئینز ٹرافی کے شیڈول میں تاخیر کا اشارہ دیدیا،جبکہ چیمپئینز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے انکار پر سابق کرکٹرز نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سخت ردعمل دینے کا مشورہ دیا ہے-

    باغی ٹی وی : میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں شیڈول چیمپئینز ٹرافی 2025 میں بھارتی ٹیم کے میچز کی شیڈولنگ کے باعث ایونٹ کے شیڈول کے اعلان میں تاخیر کرنے کا اعلان کیا ہے،قبل ازیں چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان رواں ماہ 11 نومبر کو ایک تقریب میں کیا جانا تھا۔

    کرکٹ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ بھارت کے میچز کا فیصلہ نہ ہونے کی وجہ سے ایونٹ ختم کیا گیا، آئی سی سی نے 11 نومبر کو لاہور میں باضابطہ شیڈول کا اعلان کرنے کا پلان کیا تھا۔

    آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کے شیڈول تاحال کنفرم نہیں ہے البتہ میزبان اور ایونٹ میں شریک ممالک کیساتھ بات چیت جاری ہے، بھارتی ٹیم کے پاکستان سفر نہ کرنے پر چیمپئینز ٹرافی منسوخ کرنے کے حوالے سے کوئی واضح جواب نہیں ملا۔

    ایونٹ کے آغاز میں محض 100 دن سے کم وقت رہ گیا ہے، چیمپئینز ٹرافی کے میچز 19 فروری سے 19 مارچ 2025 تک شیڈول ہیں تاہم ابتک شیڈول فائنل نہیں ہوسکا ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے پیر کو کوئی تقریب شیڈول نہیں ہے۔

    بھارتی بورڈ نے گزشتہ روز زبانی طور پر آئی سی سی کو پاکستان سفر نہ کرنے سے متعلق آگاہ کیا تھاقبل ازیں چیئرمین پی سی بی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا واضح موقف ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ کو کوئی مسئلہ ہے تو وہ ہمیں تحریری طور پر بتائیں، انہوں نے ہائبرڈ ماڈل کی نفی کی تھی،کہا تھا کہ ابھی تک کسی ہائبرڈ ماڈل کے بارے میں بات نہیں ہوئی،اب اگر بھارتی میڈیا یہ رپورٹ کر رہا ہے تو آئی سی سی ہمیں کوئی خط ضرور دے گا یا بھارتی بورڈ نے یہ کہیں لکھا ہو گا، ابھی تک ایسا کوئی خط میرے پاس یا پی سی بی تک نہیں پہنچا۔

    واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں دنیا کے سرفہرست 8 ٹیمیں حصہ لیں گے، جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ٹیموں میں میزبان پاکستان، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ شامل ہے۔

    دوسری جانب چیمپئینز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے انکار پر سابق کرکٹر راشد لطیف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سخت ردعمل دینے کا مشورہ دیا –

    سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان میں ہونے والے فکسچر میں شرکت سے انکار کیا تو پاکستان ممکنہ طور پر مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس کا بائیکاٹ کرسکتا ہے،اگر یہ دو طرفہ سیریز ہو یا ایشیا کپ، تو ٹیموں سے پوچھا جاتا ہے کہ بھارت کھیلنا چاہتا ہے یا نہیں؟ یہ آئی سی سی کا ایونٹ ہے، 8 سال پہلے سے ٹیموں کو ایونٹس کے شیڈول کا معلوم تھا، اسی طرح 2024 سے 2031 کے ایونٹس کی میزبانی سے متعلق رکن ممالک سمیت براڈکاسٹرز اور اسپانسرز نے دستخط کیے ہیں، جس میں ٹیموں کو شرکت کرنی ہے۔

    راشد لطیف نے 1996 کے ورلڈکپ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے سری لنکا کھیلنے نہیں گئے تھے جہاں فائنل کا تنازع ہوا لیکن سری لنکا نے وہ ایونٹ اپنے نام کیا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارت کے مطالبات کو ایک بار پھر ایڈجسٹ کرنے یا ہائبرڈ ماڈل کو اپنایا تو شدید مایوسی ہوگی۔

  • شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 خوارج ہلاک،6 زخمی

    شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 خوارج ہلاک،6 زخمی

    راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں 9 نومبر کو سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 6 خوارج کو ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے،وزیراعظم شہبازشریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔

    باغی ٹی وی : آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا اور آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا،ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، یہ خوارج سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، علاقے میں کسی بھی باقی خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپر یشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    وزیراعظم شہبازشریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے، انہوں نے 6 خارجیوں کو ہلاک اور 6 کو گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کی تعریف کی، کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشت گردی اور انتشار پھیلانے والوں کے خاتمے کے لیے قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔

    صدر آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں خوارج کے خلاف آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے انہوں نے کامیاب کارروائی میں 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل اور 6 کو زخمی کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعر یف کی،صدرِ مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ 6 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا،قوم کو بہادر سیکیورٹی فورسز پر ناز ہے، دہشت گردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے، قوم کی حمایت سے دہشتگردوں کا صفایا کریں گے۔