Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی پی آئی اے خریدنےکی پیشکش

    فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی پی آئی اے خریدنےکی پیشکش

    لاہور: تاجروں اور صنعت کاروں کی سب سے بڑی تنظیم فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے پی آئی اے خریدنےکی پیشکش کردی۔

    باغی ٹی وی : لاہور میں صنعت کاروں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق نگران وفاقی وزیرگوہر اعجاز نےکہا کہ ایک اعشاریہ ایک ٹریلین روپے ہر سال آئی پی پیز کو دیے جاتے ہیں، 35 روپے کی بجلی میں 12 روپے کپیسٹی پیمنٹ ہے، ان پاور پلانٹس نے 14 سال پاکستان کا خون چُوسا ، معیشت ٹھیک چل رہی ہے، مگر بیشتر پالیسیاں ٹھیک نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل جاری رہنا چاہیے، ایس آئی ایف سی پانچوں بڈرز کو بلائے اور ان کے اعتراضات سنے، اگر کوئی پی آئی اے نہیں خریدتا تو ایف پی سی سی آئی اسے خریدنے کے لیے کنسورشیم کا اعلان کرتی ہے۔

    اسرائیل پر حملہ،امریکا نے ایران کو خبردار کر دیا

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا امریکا سے لندن واپس پہنچنے پر میڈیا سےگفتگو میں کہنا تھا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے پی آئی اے خریداری پر غور کی جو بات کی اس پر مزید کام کا ارادہ ہے ا گر ایسا ہو جائے تو ملک کو ایک اچھی ائیر لائن میسر آئےگی مرکز اور پنجاب میں اچھا کام ہو رہا ہے، پاکستان ٹریک پر واپس آرہا ہے، معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں،مریم نوازپنجاب میں اچھاکام کر رہی ہیں، مریم کو دن رات ایک فکر ہے کہ غریب آسانی سے زندگی گزار سکیں۔

    آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کیلئے پلئینگ الیون کا اعلان

    اس سے قبل نواز شریف نے امریکا میں کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پی آئی اے کی خریداری سے متعلق غور کر رہی ہیں، مریم نواز نے اس سلسلے میں اُن سے صلاح مشورہ بھی کیا ہے، مریم نےکہا ہے کہ اُس ائیرلائن کا نام ائیر پنجاب رکھا جاسکتا ہے انہوں نے مریم نواز سےکہا ہےکہ آپ پی آئی اے کو خرید بھی سکتی ہیں اور نئی ائیرلائن بھی بنا سکتی ہیں، پی آئی اے کو پی ٹی آئی دور میں تباہ کیا گیا، پی آئی اے کے پائلٹس کو جعلی کہنے والا پی ٹی آئی دور کا وزیر آج چھپا بیٹھا ہے۔

    آج بھی دنیا کے تین آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر

  • ہانگ کانگ  ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ: آسٹریلیا کو شکست، پاکستان فائنل میں پہنچ گیا

    ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ: آسٹریلیا کو شکست، پاکستان فائنل میں پہنچ گیا

    مونگ کوک: ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

    باغی ٹی وی : ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کیلئے 108 رنز کا ہدف دیا تھانمونگ کوک میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، مقررہ 6 اوورز میں آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف 107 رنز بنائے آسٹریلیا کی جانب سے ڈینبیل کرسچن نے 8 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جیک ووڈ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،جبکہ پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ کپتان فہیم اشرف نے حاصل کی۔

    پاکستان نے ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ، آصف علی نے 8 گیندوں پر 32 جبکہ محمد اخلاق نے 10 گیندوں پر 32 رنز بنائے ، عامر یامین 24 اور فہیم اشرف 19 رنزبنا کر ناقابل شکست رہے۔

    واضح رہے کہ ہانگ کانگ سپر سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا،پاکستان نے کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقا کو 17 رنز سے شکست دی تھی،قبل ازیں روایتی حریف بھارت کو بھی شکست دے کر کواٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی-

  • آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بھارتی ٹیم پربڑا الزام عائد

    آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بھارتی ٹیم پربڑا الزام عائد

    میلبرن: بھارتی اے کرکٹ ٹیم پر آسٹریلیا اے کے خلاف میچ میں بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کر دیا گیا۔

    باغی ٹی وی : آسٹریلوی میڈیا کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا اے کی ٹیموں کے درمیان میچ کے آخری روز گیند تبدیل کی گئی، آخری روز آسٹریلیا اے کو جیت کے لیے 86 رنز درکار تھے، بال ٹیمپرنگ کے الزام پر گیند تبدیل کی گئی۔

    بھارتی کھلاڑی امپائر شان کریگ کے گرد جمع ہو کر گیند تبدیل کرنے پر سوال کرنے لگے اور امپائر سے بہت بحث کی جبکہ امپائر شان کریگ کو اسٹمپ مائیک سے یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ جب آپ گیند کھرچو گے تو ہم گیند تبدیل کریں گے، اب اور بحث نہیں ہو گی، کھیل کا آغاز کریں، اس پر بات نہیں ہو گی، اگر آپ نے کھیلنا ہے تو جو گیند آپ کے ہاتھ میں دی گئی ہے اس سے کھیلنا ہے، گیند تبدیل کرنے کے معاملے پر بھارتی کھلاڑی نے امپائر سے تلخ جملے بولے۔

    آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کیلئے پلئینگ الیون کا اعلان

    بھارتی وکٹ کیپر ایشن کیشن نے کہا کہ یہ ایک احماقانہ فیصلہ ہے،امپائر نے ایشن کیشن کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایکسکیوز می، آپ کے رویے پر آپ کو رپورٹ کیا جائے، آپ کا رویہ غیر مناسب ہے، آپ کی ٹیم کے عمل کی وجہ سے گیند تبدیل کی گئی۔

    واضح رہے کہ اس میچ میں آسٹریلیا اے نے بھارت اے کو 7 وکٹوں سے ہرایا۔

    اسرائیل پر حملہ،امریکا نے ایران کو خبردار کر دیا

  • آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کیلئے  پلئینگ الیون کا اعلان

    آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کیلئے پلئینگ الیون کا اعلان

    لاہور: آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کیلئے پلئینگ الیون کا اعلان کردیا گیا-

    باغی ٹی وی :پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے پاکستان پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے،پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے 4 نومبر کو کھیلا جائےگا۔

    آسٹریلیا کے خلاف میلبرن میں شیڈول سیریز کے پہلے ون ڈے میچ کیلئے بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کی واپسی ہوئی ہے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بطور کپتان ٹیم کی قیادت کے فرائض نبھائیں جبکہ آغا سلمان نائب کپتان ہوں گے،میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے شروع ہوگا۔
    pak
    پلئینگ الیون میں کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابراعظم، کامران غلام، سلمان آغا، محمد عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔

  • اسرائیل پر حملہ،امریکا نے ایران کو خبردار کر دیا

    اسرائیل پر حملہ،امریکا نے ایران کو خبردار کر دیا

    امریکا نےزور دیتے ہوئے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگرایران نے تل ابیب پر حملہ کیا تو امریکہ اسرائیلیوں کو نہیں روک سکے گا۔

    باغی ٹی وی : امریکی حکام نے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیل کو جوابی کارروائی سے نہیں روک سکیں گے، امریکی میڈیا نے چند روز قبل اطلاع دی تھی کہ 5 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی الیکشن سے قبل ایران اسرائیل کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

    گزشتہ روز بھی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف اقدامات پر امریکا و اسرائیل کو سخت جواب ملے گا تہران میں ایک تقریب میں ان کا کہنا ہے کہ امریکا اور صیہونی حکومت سمیت دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ بلاشبہ وہ ایران اور مزاحمتی محاذ کے خلاف جو کچھ کریں گے، اس کا انہیں منہ توڑ جواب ملے گا۔

    ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ تہران کا ردعمل اس وقت تک نہیں آئے گا جب تک 5 نومبر کو ہونے والے انتخابات نہ ہوجائیں، حالانکہ دیگر خبر رساں اداروں نے ایران کا ردعمل ووٹنگ سے پہلے آنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران پر حالیہ حملوں کے بعد ایران میں کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانا ممکن ہے۔

    ایک امریکی اہلکار نے کہا کہ ہم نے ایرانیوں سے کہا ہےکہ ہم اسرائیل کو روک نہیں سکیں گے ہم اس بات کو یقینی نہیں بنا سکیں گے کہ اگلا حملہ پچھلے حملے کی طرح نپا تلا اور ہدف پر ہوگا، یہ پیغام براہ راست ایرانیوں تک پہنچایا گیا تھا، ویسےاس طرح کے براہ راست مواصلات کا شاذ و نادر ہی انکشاف کیا جاتا ہے،سوئس حکومت کے ذریعے واشنگٹن سے تہران کو ایک پیغام پہنچایا گیا۔

  • آج بھی دنیا کے تین آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر

    آج بھی دنیا کے تین آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر

    لاہور میں آلودگی اور اسموگ کی صورتحال برقرار ہے، آج بھی دنیا کے تین آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے-

    باغی ٹی وی :لاہور میں اسموگ کی اوسط شرح خطرناک حد بھی پار کر گئی، لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 650 تک پہنچ گیا ہے،جو کہ انسانی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے گرد آلود ہواؤں سے سانس دل کے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہےآنکھوں کی جلن گلے کی خراش اور نزلہ زکام بخار میں شہری مبتلا ہونے لگے ہیں،طبی ماہرین نےلاہور کےشہریوں کو خبردار کیا ہےکہ وہ ماسک اور عینک کا استعمال کریں اور بےجا گھروں سے مت نکلیں۔

    شہر میں گرین لاک ڈاؤن جاری ہے جبکہ دھواں پھیلانے والوں پر جرمانے عائد کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے،پولیس نے تجاوزات اور باربی کیو لگانے والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے سامان ضبط کر لیا ہے،ضلع انتظامیہ کی جانب سے گرد و غبار سے شہریوں کو بچانے کے لیے پانی کے چھڑکاؤ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    اس کے علاوہ ملتان اور پشاور میں بھی اسموگ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو سانس کے مسائل، آنکھوں میں جلن کی شکایات عام ہیں۔

    فضائی آلودگی کے اعتبار سے بھارتی شہر دہلی کا دوسرا نمبر ہے، دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 429 کی حد کو چھو گیا ہے، بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے سے اٹھنے والا شدید دھواں پاکستان میں داخل ہو رہا ہے امریکی خلائی ادارے ناسا نے بھی فضائی امیج جاری کر دیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر فصل کی باقیات جلانے سے سموگ میں شدت آئی-

    دوسری جانب سیکرٹری محمکہ تحفظ ماحولیات پنجاب راجہ جہانگیر انورنے کہا ہے کہ بھارت میں کثرت سے فصلوں کی باقیات کو جلانے سے آٸندہ 24 گھنٹوں میں لاہور کے ایئرکوالٹی انڈیکس میں اضافے کا احتمال ہے، ان آلودہ مشرقی ہواؤں سے لاہور کے مختلف علاقوں میں ایئرکوالٹی انڈیکس میں غیرمعمولی طور پر اضافہ ہوسکتا ہے۔

  • اغوا کار عمران خان کے مغوی وکیل انتظار پنجوتھا کو چھوڑ کر فرار

    اغوا کار عمران خان کے مغوی وکیل انتظار پنجوتھا کو چھوڑ کر فرار

    اسلام آباد: حسن ابدال میں پولیس مقابلے کے بعد مبینہ اغوا کار عمران خان کے مغوی وکیل انتظار پنجوتھا کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    باغی ٹی وی : ترجمان پولیس کے مطابق اٹک پولیس نے حسن ابدال میں ناکہ بندی پر مشکوک گاڑی کو روکا تو گاڑی میں سوار اغوا کاروں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی گاڑی میں اغوا کار گینگ ایک شخص کو اغوا کر کے لے جا رہے تھے، پولیس کی جوابی فائرنگ پر اغوا کار مغوی اور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے پولیس نے مغوی کو بخیریت تحویل میں لے لیا اور بازیاب مغوی کی شناخت انتظار پنجوتھا کے نام سے ہوئی ہے مغوی انتظار پنجوتھا بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل بھی ہیں، سرچ آپریشن کا اغاز کر دیا ہے

    سوشل میڈیا پر انتطار پنجوتھہ کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں جس میں سے ایک ویڈیو میں وہ ایک گاڑی میں بیٹھے ہیں انکے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے ہیں اور پولیس اہلکار ان سے بات کر رہے ہیں، جبکہ دوسری ویڈیو میں وہ کسی تھانے میں بیٹھے ہوئے نظر آ رہے ہیں، اس میں بھی انتظار سے بات چیت کی جار ہی ہے،ڈی پی او اٹک کا کہنا تھا کہ انتظار حسین پنجوتھہ کو تھانے منتقل کرکے بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا ہے۔انتظار حسین پنجوتھہ نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ ملزمان میرے اہل خانہ سے دو کروڑ روپے تاوان مانگ رہے تھے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے وکیل انتظار پنجوتھا 8 اکتوبر سے لاپتہ تھے، ان کی بازیابی کیلئے کیس بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت تھایکم نومبر کو اٹارنی جنرل کی اسلام آباد ہائیکورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ عمران خان کے فوکل پرسن انتظار پنجوتھا 24گھنٹے میں بازیاب ہو جائیں گے۔

    اٹک میں تھانہ صدر حسن ابدال میں پی ٹی آئی رہنما انتظار پنجھوتھا کے اغوا کاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ سی ٹی ڈی اہلکار آصف اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا،درج مقدمہ کے مطابق دوران گشت بغیر نمبر پلیٹ گاڑی کوپولیس نے رکنے کا اشارہ کیا گیا گاڑی نہ رکنے پر پولیس نے مشکوک گاڑی کا تعاقب کیا اور اغوا کار خوفزدہ ہوکر گاڑی چھوڑ گئے،مغوی نے پولیس کو اپنا نام انتظار پنجھوتھا بتایا، اور کہا کہ اغوا کاروں نے مجھے 8 اکتوبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر سے اغوا کیا تھا،اغوا کاروں نے میرے گھر والوں سے 2 کروڑروپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، اغوا کار مجھے آج رات کو خیبرپختونخوا کے علاقے چمکنی لے جارہے تھے،پولیس نے مختلف دفعات کے تحت اغوا کاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، بازیاب مغوی انتظار پنجھوتھا کو رات گئے تھانہ کوہسار اسلام آباد پولیس اپنے ساتھ لے گئی۔

  • جنوبی غزہ  میں  2 اسرائیلی فوجی ہلاک،1 شدید زخمی

    جنوبی غزہ میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک،1 شدید زخمی

    جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوج کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

    باغی ٹی وی: اسرائیلی فوج کی جانب سے تصدیق کی گئی ہےکہ ہلاک ہونے والے دونوں فوجیوں کا تعلق گیواتی بریگیڈکی شیکڈ بٹالین سے تھا فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں شیکڈ بٹالین سے تعلق رکھنے والا ایک فوجی شدید زخمی بھی ہوا ہے گزشتہ ایک سال سے جاری غزہ جنگ میں مجموعی طور پر780 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل میں ہونے والے جانی نقصان کے حوالے سے اکتوبر کا مہینہ رواں سال کا سب سے زیادہ مہلک مہینہ رہا ہے جنوبی لبنان میں جاری زمینی آپریشن میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 37 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے غزہ میں جاری جنگ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں مجموعی طور پر 19 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ ایک اسرائیلی فوجی حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہوا۔ اس کے علاوہ غزہ میں ایک اسرائیلی قیدی کی ہلاکت کی بھی تصدیق ہوئی۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں اسرائیل کے اندر فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں 9 اسرائیلی شہری اور 2 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ان میں سے سب سے زیادہ مہلک حملہ یکم اکتوبر کو تل ابیب کے قریب ہوا جس میں 7 اسرائیلی ہلاک ہوئے اکتوبر میں اسرائیل پر ہونے والے ڈرون اور میزائل حملوں میں مجموعی طور پر 13 شہری ہلاک ہوئے جبکہ ڈرون حملوں کے نتیجے میں 6 اسرا ئیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے، غزہ اور لبنان میں ہونے والی زمینی جنگ، ڈرون اور راکٹ حملوں اور اسرائیل کے اندر فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائیوں کے نتیجے میں اکتوبر کے مہینے میں فوج اور پولیس کے اہلکاروں اور شہریوں سمیت 88 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔

  • آزاد اور محفوظ صحافت کسی بھی جمہوریت کا بنیادی ستون ہے،بلاول بھٹو

    آزاد اور محفوظ صحافت کسی بھی جمہوریت کا بنیادی ستون ہے،بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی میراث کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان اور دنیا بھر میں صحافت کی آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

    باغی ٹی وی : صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے دنیا بھر بالخصوص مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں صحافیوں کے خلاف ہراسانی، تشدد اور ٹارگٹ کلنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ متاثرین کے لیے فوری انصاف کو یقینی بنا کر ایک ایسا ماحول پیدا کیا جائے جس میں سچائی اور دیانتداری کی قدر کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ آزاد اور محفوظ صحافت کسی بھی جمہوریت کا بنیادی ستون ہے، صحافت صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ معاشرے اور جمہوریت کی خدمت ہے، صحافیوں کے خلاف دھونس دھمکی اور تشدد بلاشبہ آزادیِ اظہار اور عوام کے حقِ معلومات پر براہ راست حملہ ہیں، آزاد صحافت ہماری اقدار کا مرکز ہے اور صحافیوں کا تحفظ غیر متنازع ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے صحافت کی آزادی کی حامی رہی ہے اور ہر قسم کی سینسر شپ اور جبر کے خلاف کھڑی رہے گی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایک آزاد اور ترقی پسند پاکستان کی بنیاد رکھی اور آزاد صحافت کو جمہوریت کے لیے ضروری قرار دیا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث مشعلِ راہ ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی صحافت کا دفاع کیا جائے، صدر مملکت آصف علی زرداری بدترین میڈیا ٹرائل کا شکارہونے کے باوجود ہمیشہ صحافت کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم رہتے ہیں۔

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حق سچ کی آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم و تشدد بند ہونا چاہیےمقبوضہ جموں و کشمیر، فلسطین سمیت ہر ملک میں صحافیوں پر تشدد قابل مذمت ہے۔ احساس ذمہ داری کے ساتھ آزادی صحافت جمہوریت کی اساس ہے۔

    وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مضبوط جمہوری معاشرے کے لیے صحافت کا آزاد ہونا نہایت ضروری ہےصحافی معاشرتی انصاف کے محافظ اور عوام کی آواز ہیں، ظلم، ناانصافی اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے والے صحافی قابل تحسین ہیں بحیثیت وزیر اعلیٰ آزادی صحافت کے تحفظ کی ضامن وداعی ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدام حکومت کا فرض ہے۔ بے گھر صحافیوں کے لئے اپنی چھت کا خواب پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ سچ اور حق کی راہ پر چلنے والے ذمہ دار اور باوقار صحافیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔

  • قومی ترانہ پڑھتے وقت امریکی گلوکارہ کے منہ سے گالی نکل گئی

    قومی ترانہ پڑھتے وقت امریکی گلوکارہ کے منہ سے گالی نکل گئی

    قومی ترانہ پڑھتے وقت امریکی گلوکارہ کے منہ سے گالی نکل گئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی اور گلوکارہ کو معافی مانگنی پڑ گئی۔

    باغی ٹی وی : امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریپر لومس نے صدارتی امیدواروں کے مباحثے سے قبل ٹی وی پر براہ راست نشریات کے دوران قومی ترانہ پڑھا لیکن اس دوران وہ بیچ میں کچھ الفاظ شاید بھول گئیں ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکارہ ترانہ پڑھتے پڑھتے گالی دیتی ہیں۔

    گلوکارہ کی جانب سے گالی دئیے جانے کے بعد وہ منتظمین سے قومی ترانہ دوبارہ شروع کرنے کی اجازت لیتی ہیں۔ لیکن گلوکارہ کو وہاں موجود افراد بتاتے ہیں کہ ان کی پرفارمنس براہ راست دکھائی جا رہی ہے، اس لیے وہ دوبارہ قومی ترانہ نہیں پڑھ سکتیں اور اسی کو جاری رکھیں۔
    https://youtu.be/8wbhnBomZik
    گلوکارہ معذرت کرکے قومی ترانے کو پڑھنا شروع کرتی ہیں لیکن کچھ دیر بعد وہ مزید غلطی کرتی ہیں اور ترانہ پڑھنے کے دوران ہی کہتی ہیں کہ وہ پریشان ہوگئی تھیں نوجوان گلوکارہ کی جانب سے قومی ترانہ پڑھنے کے دوران گالی نکالنے اور پھر دوبارہ غلطی کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان کا مذاق بھی اڑایا گیا،جس پر اداکارہ نے معافی مانگی-