Baaghi TV

Tag: شہباز شریف

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کودل کی گہرائیوں سے مبارکباد،شہباز شریف

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کودل کی گہرائیوں سے مبارکباد،شہباز شریف

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو برادر ممالک سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعلقات مظبوط بنانے کی کاوشوں کے اعتراف میں کنگ عبدالعزیز میڈل تفویض ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی کو ہم پاکستان کی سلامتی تصور کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان بہترین دفاعی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

    قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو سعودی عرب کے ’کنگ عبد العزیز میڈل آف ایکسیلینٹ کلاس‘کے اعزاز سے نواز دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق آرمی چیف نے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں انہیں باہمی تعلقات کے فروغ کی کاوشوں کے اعتراف پر ’کنگ عبد العزیز میڈل آف ایکسیلینٹ کلاس‘ سے نوازا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات کے دوران سعودی وزیر دفاع اور سعودی چیف آف جنرل اسٹاف بھی موجود تھے جب کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مشترکہ تربیت، فضائی دفاع، انسداد دہشتگردی، مواصلات، انفارمیشن ڈومین کے شعبوں میں دفاعی تعاون سمیت دوستانہ تعلقات اور پائیداراسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسلامی دنیا میں سعودی عرب کے منفرد مقام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سےتاریخی اوربرادرانہ تعلقات کو قدرکی نگاہ سےدیکھتا ہے۔

  • منشیات کےخلاف اجتماعی طور پر کام کرنا چاہیے،صدر اور وزیراعظم کا پیغام

    منشیات کےخلاف اجتماعی طور پر کام کرنا چاہیے،صدر اور وزیراعظم کا پیغام

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں منشیات کے استعمال اور اس کی اسمگلنگ سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور اپنے نوجوانوں کو غیر قانونی منشیات کے خطرے سے بچانے کے لیے مضبوط عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے،بین الاقوامی تعاون سے نوجوان نسل میں نئے قسم کی نفسیاتی منشیات کے پھیلاؤ کو محدود کرنے میں مدد ملی ہے،ہم منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کو نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک مثالی ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن منشیات سے پاک دنیا کے حصول کے لیے کاوشوں اور تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے ہر سال 26 جون کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد دنیا بھر میں منشیات کے استعمال کو روکنے اور اس سے معاشرے بالخصوص نوجوانوں کو لاحق خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔

    اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم (یو این او ڈی سی) کی طرف سے شائع ہونے والی ورلڈ ڈرگ رپورٹ 2021، اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ منشیات سے متعلق بیماریوں کی وجہ سے ہونے والی اموات پچھلی دہائی کے دوران تقریباً دو گنا ہو چکی ہیں۔ نوجوان پاکستان کی کل آبادی کا تقریباً 60 فیصد ہیں اور انہیں منشیات کے استعمال سے خاص طور پر خطرات لاحق ہیں۔ہمیں منشیات کے استعمال اور اس کی اسمگلنگ سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور اپنے نوجوانوں کو غیر قانونی منشیات کے خطرے سے بچانے کے لیے مضبوط عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں میڈیا، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کی مدد سے ورکشاپس اور سیمینارز کے ذریعے طلباء اور والدین میں اِس حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔

    اس مقصد کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کا کردار نہایت اہم ہے اور اسے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے سخت پالیسی نافذ کرنے کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔آج، ہم پاکستان کی جانب سے منشیات کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر کی گئی زبردست کوششوں کا بھی اعتراف کرتے ہیں۔ بین الاقوامی تعاون سے نوجوان نسل میں نئے قسم کی نفسیاتی منشیات کے پھیلاؤ کو محدود کرنے میں مدد ملی ہے۔

    میں معاشرے میں منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے اور منشیات کے استعمال کے مضر اثرات کو کم کرنے کے لیے وزارت انسدادِ منشیات کے اقدامات کو بھی سراہتا ہوں۔ پاکستان پوست سے پاک ریاست کا درجہ بھی حاصل کر چکا ہے جو کہ وزارت نارکوٹکس کنٹرول/اینٹی نارکوٹکس فورس کے فعال کردار کا عکاس ہے۔صرف تعاون اور اجتماعی عزم کے ساتھ ہی اس لعنت سے پاک دنیا کے وژن کا حصول ممکن ہے۔ ہم منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کو نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک مثالی ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر ہم منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کو فعال طور پر محدود کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،ہمیں نوجوانوں کو منشیات کے استعمال کے خطرات سے بچانے اور ان کی صحت اور تندرستی کے تحفظ کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنا چاہیے۔

    منشیات کے خاتمہ کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر، غیر قانونی اسمگلنگ اور منشیات کا استعمال عوام کی حفاظت، صحت اور فلاح و بہبود کے لیے سنگین خطرات کا باعث ہے۔صحت اور انسانی بحران کے وقت منشیات کے استعمال کے خلاف کارروائی کو مضبوط بنانا اور معاشرے کے تمام طبقات پر اس کے اثرات کو کم کرنا ضروری ہے۔

    غیر قانونی اسمگلنگ اور مجرمانہ نیٹ ورک قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچاتے ہیں اور معاشرے کے تانے بانے کو خراب کرتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع اور اسمگلنگ کے راستوں کی قربت غیر قانونی منشیات سے لاحق خطرات میں اضافہ کرتی ہے۔مصنوعی ادویات کی آسانی سے دستیابی عام لوگوں خاص طور پر نوجوانوں کے لیے خطرات کا باعث بنتی ہے،جو پاکستان کی آبادی کے 60 فیصد سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کو منشیات کے استعمال کے خطرات سے بچانے اور ان کی صحت اور تندرستی کے تحفظ کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنا چاہیے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے غیر قانونی منشیات سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے غیر متزلزل عزم ظاہر کیا ہے اور ہم اس مقصد کے لیے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ میری رائے میں بین الاقوامی تعاون اور رابطہ جان لیوا غیر قانونی منشیات کے پھیلاؤ کو محدود کرنے میں مدد کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق تمام عالمی کنونشنز اور پروٹوکول پر دستخط کر رکھے ہیں اور اس نے منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے معاملے پر تقریباً چالیس ممالک کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں،ہم اپنے عالمی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ خاندانوں، معاشرے اور ملک پر منشیات کے استعمال کے سماجی و اقتصادی اثرات بہت زیادہ ہیں،یہ موجودہ صحت کی خدمات پر بھی بوجھ بڑھاتا ہے، جو نہ صرف منشیات پر انحصار کرنے والوں کے علاج سے متعلق ہے بلکہ منشیات سے منسلک بیماریوں جیسے کہ ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس بی اور سی سے بھی متعلق ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ میری رائے میں منشیات کے استعمال کو شروع ہونے سے پہلے روکنا محفوظ اور صحت مند قوم کو فروغ دینے کے لیے سب سے زیادہ سرمایہ کاری مؤثراور عام فہم طریقہ ہے۔نوجوان اپنی بھرپور صلاحیتوں کا ادراک کرنے کے ہر اعتبار سے مستحق ہیں اور یہ حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں ایسا کرنے کا موقع دیں۔

    انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر ہم منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کو فعال طور پر محدود کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔میں وزارت انسداد منشیات کو ہدایت کروں گا کہ وہ محفوظ، منشیات سے پاک عوام کو فروغ دینے اور غیر قانونی منشیات کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے میڈیا اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کا اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں بہت بڑا کردار ہے۔ ہمیں مل کر منشیات سے پاک پاکستان کے حصول کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کا نئی توشہ خانہ پالیسی بنانے کا فیصلہ

    وزیراعظم شہباز شریف کا نئی توشہ خانہ پالیسی بنانے کا فیصلہ

    وزیراعظم شہباز شریف نے نئی توشہ خانہ پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا ہے

    وزیراعظم شہباز شریف نے پالیسی بنانے سے متعلق 12 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی کمیٹی تحائف کی قبولیت، ڈسپوزل پروسیجر 2018 پر نظرثانی کر کے نیا ڈرافٹ تیار کرے گی کابینہ ڈویژن کی جانب سے بین الوزارتی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری ،وزیر دفاع کنو ینئر ہوں گے کمیٹی میں وفاقی وزیر تجارت، قانون اور معاون خصوصی طارق فاطمی کو بھی شامل کیا گیا سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری خزانہ اور سیکرٹیری اطلاعات بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے سابق ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان، گریڈ 22 کے افسر خواجہ ظہیر احمد بھی کمیٹی کاحصہ ہوں گے ایڈیشنل سیکریٹری کابینہ کو کمیٹی کا سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے کمیٹی ایک ماہ میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی

    واضح رہے کہ توشہ خانہ کے حوالہ سے سابق وزیراعظم عمران خان پر بھی الزامات لگائے گئے ہیں کہ انہوں نے توشہ خانہ کے تحائف بیچ دیئے، اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف، سید یوسف رضا گیلانی پر بھی توشہ خانہ کیس چل رہا ہے

    سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ سے وصول تحائف پر بحث جاری ہے اور حکومت میں آنے والی جماعتیں توشہ خانہ کے معاملے کو زیادہ نمایاں کر کے پیش کر رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف بھی توشہ خانہ کے تحائف کے بارے میں بولے ہیں تو مریم نواز بھی چپ نہیں ہیں، توشہ خانہ کے تحائف کے حوالہ سے آئے روز نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں

    مقامی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو حکومت کے دوران عالمی رہنماﺅں نے 14 کروڑ روپے مالیت کے 58 تحفے دیئے جسے انہوں نے معمولی رقم ادا کرنے کے بعد یا کوئی ادائیگی کیے بغیر ہی اپنے پاس رکھ لیے

    توشہ خانہ کیس، کون سا بیش قیمت تحفہ کتنے میں اور کس نے خریدا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

    نواز شریف کی بیماری کا علاج جیل میں نہیں ہو سکتا، ڈاکٹر کا انکشاف

    توشہ خانہ کے سرکاری تحائف کی خفیہ نیلامی،عدالت نے بڑا حکم دے دیا

    وفاقی حکومت نے تیسری مرتبہ توشہ خانہ تحائف کیس میں مہلت مانگ لی

    پیسہ حقداروں تک پہنچنا چاہئے، حکومت نے یہ کام نہ کیا تو توہین عدالت لگے گی، سپریم کورٹ

    مبینہ طور پر کرپٹ لوگوں کو مشیر رکھا گیا، از خود نوٹس کیس، چیف جسٹس برہم، ظفر مرزا کی کارکردگی پر پھر اٹھایا سوال

    ماسک سمگلنگ کے الزامات، ڈاکٹر ظفر مرزا خود میدان میں آ گئے ،بڑا اعلان کر دیا

  • سعودی سرمایہ کار پاکستان کی افرادی قوت سے فائدہ اٹھائیں،شہباز شریف

    سعودی سرمایہ کار پاکستان کی افرادی قوت سے فائدہ اٹھائیں،شہباز شریف

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی بھائیوں کا دوسرا گھر ہے، سعودی سرمایہ کار پاکستان کی افرادت قوت سے فائدہ اٹھائیں، تمام سہولیات دی جائیں گی۔

    وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والےکاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی . ملاقات میں وفاقی براے اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت نوید قمر، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود، وفاقی وزیر سرمایاکاری بورڈ چودھری سالک حسین وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود , وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر، کمرشل اتاشی ، پاکستانی کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے تاجران اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی .

    ملاقات میں سعودی عرب کی کاروباری برادری، تاجران اور صنعت کاروں کے لیے پاکستان میں موجود سرمایاکاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی . ملاقات میں بریفنگ دی گئی کہ پاکستان سرمایہ کاری استعداد کے حوالے سے ایک ابھرتا ہوا ملک ہے جہاں کاروبار کرنے حوالے سے بہت سی آسانیاں موجود ہیں اور جہاں پر محفوظ سرمایہ کاری کے لیے ماحول موجود ہے. پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ، زراعت، لائیو اسٹاک ، آلات جراحی، فوڈ پروسیسسنگ ، توانائی. سیاحت، معدنیات ،ٹیکسٹائل، لیدر اور دیگر شعبہ جات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں.

    علاوہ ازیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوادر میں آئل ریفائنری انڈسٹری کے حوالے سے سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے جس میں سعودی سرمایہ کاروں نے دلچسپی بھی ظاہر کی ہے . ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے پیش رفت تیز کریںگے اور اس سلسلے میں پاکستان -سعودی عرب جائنٹ ورکنگ گروپ کو بھی فعال کیا جائےگا.

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پچھلے 75سالوں میں مثالی رہے ہیں اور سعودی عرب نے سیاسی، سفارتی اور معاشی محازوں پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے پاکستان اور سعودی عرب یک جان ،دو قالب ہیں. وزیراعظم نے کہا کہ مجھے سعودی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے . وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ انتہائی مفید رہا جس کے دوران سعودی لیڈرشپ نے اس عزم کو دہرایا کہ سعودی عرب ہر سطح پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا. ہمیں مختلف امور پر گفتگو کا بھرپور موقع ملا .

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے دورے کے دوران ہمیں پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کا موقع ملااور سعودی عرب نے پاکستان میں ایک ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری پر رضامندی ظاہر کی ہے اس اعتماد پرہم سعودی لیڈرشپ کے شکر گزار ہیں . وزیراعظم نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت بڑھانے اور معاشی تعلقات مزید بہتر بنانے کے لیے روڈ میپ بنایا جائے. وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہر شعبے میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں .وزیراعظم نے مزید کہا سعودی عرب نے حالیہ سالوں میں بہت ترقی کی ہے اور سعودی عرب نے اپنے اسلامی تشخص اور کلچر کو برقرار رکھتے ہوئےماڈرنائزیشن کو اپنایا ہے.

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستان میں سعودی کمپنیوں اور تاجران کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کے جایئں .وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی کاروباری برادری تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتی ہیں .سعودی وفد نے پاکستان میں صنعت و تجارت کے مختلف شعبوں میں جیسا کہ کان کنی، سیاحت سمیت دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا .

    قبل ازیں پاک سعودی بزنس کونسل کے چیئرمین فہد بن محمد الباش نے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ، پاکستان میں کاروبار کے بے شمار مواقع موجود ہیں ، انہوں نے ان خیالات کا اظہار اعلیٰ سطحی تجارتی وفد کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا ۔ وفد میں خوردنی تیل، فوڈ پروسیسنگ، تجارت، تعمیراتی مواد، سیاحت ، مینوفیکچرنگ، طبی سامان و آلات، فنٹیک، فارماسیوٹیکل اور انفراسٹرکچر سروسز سمیت دیگر شعبوں کے نمائندگان شامل تھے۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی حکومتی تعلقات کی طرز پر مضبوط تجارتی تعلقات قائم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے آپس میں مضبوط روابط قائم کر کےکاروباری مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔ پاک سعودی بزنس کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ سعودی عرب میں 20 فیصد افرادی قوت پاکستان سے ہے اور ان کا ملک پاکستان سے مزید تربیت یافتہ ورکرز درآمد کرنا چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی معیشت کے کئی شعبوں بشمول کیمیکل انڈسٹری، رئیل اسٹیٹ اور سیاحت میں پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے بھی پرکشش مواقع موجود ہیں جن سے وہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروبار کیلئے ایک پرکشش مارکیٹ ہے اور وہ دونوں ممالک کے سفارتخانوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ دونوں ممالک میں پائے جانے والے کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سعودی مصنوعات اور سعودی عرب میں پاکستانی مصنوعات کی نمائشیں منعقد کی جائیں گی تاکہ دونوں ممالک کی مصنوعات کو ایک دوسرے کی مارکیٹ میں متعارف کرایا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب کے تجارتی وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

    وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ کان کنی و معدنیات، تیل و گیس، ہاؤسنگ و تعمیرات، انفراسٹرکچر کی ترقی، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ پروسیسنگ، خوردنی تیل، لاجسٹکس، کھیل، رینیوایبل انرجی، سیاحت سمیت پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع موجودہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا وفد پاکستان میں ٹیکسٹائل، زراعت، تعمیراتی سامان، طبی آلات، فارماسوٹیکلز، پھل و سبزیاں، خشک میوہ جات، اشیائے صرف، زرعی پروسیسنگ ٹیکنالوجی، مشینری اور آلات سمیت دیگر شعبوں کی بھی کاروبار کے مواقع تلاش کرے۔

    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کے لیے یہی مناسب وقت ہے کہ وہ پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری پر توجہ دے کر منافع بخش نتائج حاصل کریں۔فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک نے سعودی وفد کو سی پیک میں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور اس بات پر زور دیا کہ وہ کاروبارکی ترقی کے لیے ان سے استفادہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے گوادر میں اربوں ڈالر کی لاگت سے ریفائنری کمپلیکس کے قیام پر اصولی طور پر اتفاق کیا تھا لہذا اس کو عملی شکل دینے کی کوشش کی جائے۔

    آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد فہیم خان نے سعودی تجارتی وفد کے دورہ پاکستان پر اظہار تشکر کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی

  • خوردنی تیل کی درآمد سےتیل کی قیمتوں میں کمی آئےگی،شہباز شریف

    خوردنی تیل کی درآمد سےتیل کی قیمتوں میں کمی آئےگی،شہباز شریف

    وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وزیرِ صنعت و پیداوار کا خوردنی تیل کی درآمد کیلئے ذاتی خرچے پر انڈونیشیاء کا دورہ قابلِ ستائش ہے. بروقت درآمد سے ملک میں خوردنی تیل کے متوقع بحران کے خطرے کا سد باب ہوا. خوردنی تیل کے کارگو کی آمد سے تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوگی. وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار اور سیکٹری کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں.

    وزیرِاعظم نے وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار مخدوم مرتضی محمود کی اندونیشیاء سے خوردنی تیل کی درآمد کیلئے خصوصی کوششوں کو سراہا. وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ صنعت و پیداوار مخدوم مرتضی محمود اور سیکٹری امداد اللہ بوسال نے اسلام آباد میں ملاقات کی.

    وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیرِ صنعت مخدوم مرتضی محمود نے خوردنی تیل کی درآمد کیلئے ذاتی خرچے پر اندونیشیاء کا دورہ کیا.دورے کا مقصد ملک میں خوردنی تیل کی درآمد سے متوقع بحران کا سد باب کرنا تھا. وزیرِ صنعت کی کوششوں کی بدولت انڈونیشیاء سے اڑھائی لاکھ میٹرک ٹن (10 بحری جہاز) پاکستان کو فراہم کئے جا رہے ہیں. بحری جہازوں کی پہلی کھیپ وزیرِ صنعت و پیداوار کی انڈونیشیاء میں موجودگی کے دوران ہی پاکستان روانہ کر دی گئی تھی.

    قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی 10 جون کو انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستانی وفد کا انڈونیشیا کا دورہ اور انڈونیشیا کی وزارت تجارت سے مذاکرات کامیاب ہوئے.خوردنی تیل سے بھرے 10 بحری جہاز آئندہ دو ہفتے میں انڈونیشیا اور ملائشیا سے پاکستان پہنچیں گے

    انڈونیشیا سے کل اڑھائی لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل پاکستان کو فراہم کیا جا رہا ہے . وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود نے انڈونیشیا کے ہم منصب سے معاملات طے کئے

    پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشیا کی وزارت تجارت نے تمام متعلقہ امور کو تیزی سے نمٹایا. انڈونیشیا کا دورہ کرنے والے وفد میں پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چئیرمن طارق اللہ صوفی اور تنظیم کے رکن رشید جان محمد بھی شامل تھے.

  • سابق حکومت نے ترقی کا سفر مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں روکا،شہباز شریف

    سابق حکومت نے ترقی کا سفر مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں روکا،شہباز شریف

    سابق حکومت نے ترقی کا سفر مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں روکا،شہباز شریف

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سکھر حیدر آباد موٹروے منصوبے کو جلد شروع کرنے کی ہدایت کردی. وزیرِ اعظم نے قراقرم ہائی وے (تھاہ کوٹ رائے کوٹ سیکشن)، بابوسر ٹنل اور خضدار کچلاک روڈ پر بھی کام جلد شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں.

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں ترقی کا سفر مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں روکا گیا،ملک ترقیاتی منصوبوں میں مزید تعطل کا متحمل نہیں ہو سکتا. وزیرِ اعظم شہبازکا کہنا تھا کہ منصوبوں کیلئے کنٹریکٹ دینے کے طریقہ کار کو مزید شفاف بنایا جائے.وزیرِ اعظم نے پروکیورمنٹ کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کیلئے کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی.

    وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیوں کی تصدیق کیلئے پاکستانی سفارتخانوں سے معاونت حاصل کریں.متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ملک و قوم کا وقت اور پیسہ بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں.وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جاری شاہراہوں کے تعمیراتی منصوبوں پر پیش رفت پر جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا.

    اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، مولانا اسد محمود، وزیر اعظم کے مشیر احد چیمہ، چیئرمین این ایچ اے اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.وزیرِ اعظم کو سکھر حیدر آباد موٹروے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی.

    اجلاس کو بتایا گیا کہ M-6 سکھر حیدر آباد موٹروے کراچی پشاور موٹروے کا اہم سیکشن ہے جس پر کام گزشتہ حکومت کی سست روی کی وجہ سے تعطل کا شکار رہا. 306 کلومیٹر لمبا چھ رویہ موٹروے 15 انٹرچینجز کے ساتھ 6 اضلاع میں سے گزرے گا. موٹروے کے قیام سے سفر کا وقت کم ہونے کے ساتھ ساتھ ایندھن کی بچت اور پورے پاکستان سے برآمدات کی کراچی بندرگاہوں تک رسائی میں آسانی پیدا ہوگی. منصوبے پر کام چھ ماہ کے اندر شروع کردیا جائے گا جس کی تکمیل 2.5 سال میں ہوگی.

    250 کلومیٹر قراقرم ہائی وے (تھاہ کوٹ رائے کوٹ سیکشن) کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ اس کی فیضیبلٹی رپورٹ پر کام جاری ہے جسے 7 ماہ کے دوران مکمل کر لیا جائے گا جس سے پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی، اور داسو اور دیامر بھاشا ڈیمز کی تعمیر کی وجہ سے متبادل راستہ میسر ہوگا.

    بابوسر ٹنل کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹنل کے علاوہ 66 کلومیٹر روڈ کا مکمل سیکشن تعمیر اور موجودہ روڈ کی بحالی کا کام کیا جائے گا. شاہراہ کے اس حصے میں موسمِ سرما کی برفباری کے دوران ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے سنو گیلیریز بھی تعمیر کی جائیں گی. وزیرِ اعظم نے اس منصوبے کو شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی معیار کے مطابق منصوبے کی تکمیل کی ہدایات جاری کیں.

    وزیرِ اعظم کو پروکیورمنٹ کے طریقہ کار کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا. وزیرِ اعظم نے پروکیورمنٹ کے طریقہ کار کو بہتر اور مؤثر بنانے کیلئے جامع تجاویز مرتب کرنے کیلئے 9 رکنی کمیٹی تشکیل کردی. کمیٹی میں وفاقی وزیرِ مواصلات، ہاوسنگ منسٹر، ایم ڈی PPRA، چیئرمین PEC شامل ہونگے. وزیرِ اعظم نے کمیٹی کو ایک ماہ کے اندر لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں.

  • شہباز شریف کا چینی صدرکی سالگرہ پر کیک اور پھولوں کا تحفہ

    شہباز شریف کا چینی صدرکی سالگرہ پر کیک اور پھولوں کا تحفہ

    وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے چین کے صدر شی جن پنگ کی سالگرہ پر کیک اور پھولوں کا تحفہ

    وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کیک اور پھولوں کا گلدستہ اسلام آباد میں چینی سفارت خانے پہنچایا گیاوفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ عنبرین جان نے وزیراعظم کی طرف سے کیک اور پھولوں کا گلدستہ چینی سفارت خانے کے حکام کے حوالے کیا.

    چینی حکام نے وزیراعظم کی جانب سے تحائف پر شکریہ ادا کیا اور جوابی نیک تمناؤں کا اظہار کیا.

    چین پاکستان کا دیرینہ دوست ملک ہےاور پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر ہے.حال ہی میں چین نے پاکستان کی بھرپور مدد کرنے کے عزم کا اظہار کر دیا اور پاکستان کویقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مشکل وقت میں پہلے سے زیادہ عزم اور سرگرمی کے ساتھ پاکستان کا ساتھ دے گا۔ چین نے پاکستان کوکم شرح پردو ارب ڈالرز کے قرضے کی پیشکش بھی کی ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چین میں پاکستانی سفیر کے توسط سے موصول ہونے والی سفارتی رابطے میں پاکستان کوبتایا گیا ہے کہ چینی حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے معاشی اور اسٹریٹجک تعلقات کو وسیع اور مضبوط کرنا چاہتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سفارتی رابظے میں مزیدیہ بھی کہا گیا ہے کہ چین ، پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے بلکہ پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ موجودہ وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

    زرائع کے مطابق سفارتی رابطےمیں چین کی حکومت نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ شہباز شریف ’’اپنے گورننس کے فلسفے‘‘ کی بنیاد پر اُن چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہوں جائیں گے جو اس وقت پاکستان کو درپیش ہیں۔

    چین نے پاکستان کو معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دو ارب ڈالرز کا قرضہ دینے کی تصدیق کی ہے جو کم شرح پر دیا جائے گا اور یہ شرح اس شرح سے بھی کم ہوگی جس پر چین نے اپنے دیگر قریبی دوست ممالک کو قرضہ جات دیئے ہیں۔

  • مراد سعید کے پاس گھر نہیں، شہباز شریف بیٹے کے مقروض،بلاول کے اثاثے بھی سامنے آ گئے

    مراد سعید کے پاس گھر نہیں، شہباز شریف بیٹے کے مقروض،بلاول کے اثاثے بھی سامنے آ گئے

    مراد سعید کے پاس گھر نہیں، شہباز شریف بیٹے کے مقروض،بلاول کے اثاثے بھی سامنے آ گئے

    الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کے 2021 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں

    وزیراعظم شہباز شریف 24 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، وزیراعظم شہباز شریف 14 کروڑ روپے سے زائد کے مقروض ہیں شہباز شریف نے سلمان شہباز سے 6 کروڑ روپےسے زائد کا قرض لے رکھا ہے، شہباز شریف کے پاس 2گاڑیاں، بینک بیلنس 2 کروڑروپے سے زائد کا ہے،شہباز شریف بیرون ملک 13 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اثاثوں کے بھی مالک ہیں

    شہباز شریف نے بیویوں نصرت شہباز اور تہمینہ درانی کے اثاثے بھی ڈکلیئر کر دیئے، شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز 23 کروڑ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کے اثاثوں کی ملکیت 57 لاکھ 60 ہزار ہےشہباز شریف کے اثاثوں میں 2020 کی نسبت 2021 میں 3 لاکھ روپے کی کمی آ ئی ،

    الیکشن کمیشن نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں وزیرخارجہ بلاول بھٹو ایک ارب 60 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، بلاول بھٹو کے ذمہ 3 لاکھ 34 ہزارروپے واجب الادا ہیں بلاول بھٹو نے بیرون ملک اپنے کاروبار بھی ظاہر کیے بلاول بھٹو کا بینک بیلنس 12 کروڑ روپے سے زائد کا ہے،

    آصف علی زرداری 71 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں آصف زرداری کا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں ہے،

    پی ٹی آئی کے مراد سعید کا کوئی اپنا گھر نہیں، مراد سعید کے پاس ایک گاڑی اور 15 تولہ سونا ہے،مراد سعید کے اکاونٹس میں 29 لاکھ 63 ہزار سے زائد رقم ہے، عمر ایوب ایک ارب 19 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں عمر ایوب کے ذمہ 11 لاکھ 55 ہزار روپے واجب الادا ہیں عمر ایوب نے بیرون ملک بزنس کی تفصیلات بھی جمع کرائیں،اسد قیصر ساڑھے 8 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک، ایک کروڑ 17 لاکھ سے زائد کے مقروض ہیں،سابق اسپیکر اسد قیصر کے پاس 6 کروڑ 72 لاکھ سے زائد کی جائیداد ہے اسد قیصر نے 58 لاکھ روپے کا بزنس ظاہر کیا ہے،اسد قیصر ایک گاڑی کے مالک، 96 لاکھ سے زائد رقم بینک بیلنس کے مالک ہیں

    پرویز خٹک 16 کروڑ 71 لاکھ کے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں،پرویز خٹک3 کروڑ روپے بینک بیلنس اور 2 کروڑ 56 لاکھ روپے کے مقروض ہیں

    لانگ مارچ، عمران خان سمیت تحریک انصاف کے رہنماؤں پر مقدمہ درج

    کارکن تپتی دھوپ میں سڑکوں پرخوار،موصوف ہیلی کاپٹر پرسوار،مریم کا عمران خان پر طنز

    پولیس پہنچی تو میاں محمود الرشید گرفتاری کے ڈر سے سٹور میں چھپ گئے

    لانگ مارچ میں فیاض الحسن چوہان کتنے بندے لے کر نکلے،ویڈیو وائرل

    الیکشن کمیشن نے عمران خان کے 2021 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں

  • شہباز شریف کی کاوشیں رنگ لانے لگیں،انڈونیشیا پام آئل کی  فوری فراہمی پر رضامند

    شہباز شریف کی کاوشیں رنگ لانے لگیں،انڈونیشیا پام آئل کی فوری فراہمی پر رضامند

    وزیراعظم شہباز شریف کی عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی کے لئے بڑی پیش رفت، برادر ملک انڈونیشیا پاکستان کو پام آئل فوری فراہم کرے گا.وزیراعظم شہباز شریف کی 10 جون کو انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی

    وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستانی وفد کا انڈونیشیا کا دورہ اور انڈونیشیا کی وزارت تجارت سے مذاکرات کامیاب ہو گئے.خوردنی تیل سے بھرے 10 بحری جہاز آئندہ دو ہفتے میں انڈونیشیا اور ملائشیا سے پاکستان پہنچیں گے

    انڈونیشیا سے کل اڑھائی لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل پاکستان کو فراہم کیا جا رہا ہے . وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود نے انڈونیشیا کے ہم منصب سے معاملات طے کئے

    پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشیا کی وزارت تجارت نے تمام متعلقہ امور کو تیزی سے نمٹایا. 30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا بحری جہاز آج پاکستان روانہ ہو گا . انڈونیشیا کا دورہ کرنے والے وفد میں پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چئیرمن طارق اللہ صوفی اور تنظیم کے رکن رشید جان محمد بھی شامل تھے.

  • ضمنی انتخابات،وزیراعظم شہباز شریف نے مریم نواز کواہم ہدایت دے دی

    ضمنی انتخابات،وزیراعظم شہباز شریف نے مریم نواز کواہم ہدایت دے دی

    ضمنی انتخابات،وزیراعظم شہباز شریف نے مریم نواز کواہم ہدایت دے دی
    وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا اہم اجلاس ہوا

    اجلاس میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز، وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ، سردار ایاز صادق شریک تھے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی اجلاس میں شریک ہوئے اجلاس میں ملکی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو کی گئی اجلاس میں شرکا نے بجٹ کو بہترین قرار دیتے ہوئے وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم کو سراہا وزیراعلی ٰپنجاب حمزہ شہباز نے سوموار کو پیش ہونے والے صوبائی بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی

    اجلاس میں ضمنی انتخابات والے حلقوں میں مریم نواز کو ریلیاں اور جلسے کرنے کی ہدایت کی گئی ،وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کا احساس ہے لیکن نیک نیتی سے عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کام کررہے ہیں، منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کی سیاست خودبخود دم توڑ رہی ہے،لوڈ شیڈنگ کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، لوڈشیڈنگ کا مقابلہ کرنے کیلئے وفاقی بجٹ میں سولر پینلز پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا

    کارکن تپتی دھوپ میں سڑکوں پرخوار،موصوف ہیلی کاپٹر پرسوار،مریم کا عمران خان پر طنز

    پولیس پہنچی تو میاں محمود الرشید گرفتاری کے ڈر سے سٹور میں چھپ گئے

    لانگ مارچ میں فیاض الحسن چوہان کتنے بندے لے کر نکلے،ویڈیو وائرل

    پی ٹی آئی کے 25 ارکان پنجاب اسمبلی کا پارٹی پالیسی سے انحراف ثابت ہونے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو پارٹی پالیسی سے انحراف پر آرٹیکل 63 اے کے تحت نا اہل قرار دیدیا تھا ، ان بیس سیٹوں پر ضمنی الیکشن 17 جولائی کو ہو رہے ہیں،