Baaghi TV

Tag: مریم نواز

  • مریم نواز نے مالی دباؤ کے باوجود سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں کو مؤخر نہیں کیا، خواجہ آصف

    مریم نواز نے مالی دباؤ کے باوجود سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں کو مؤخر نہیں کیا، خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے،علاقے کی تقدیر بدلنے کا عمل شروع ہو چکا ہے-

    سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ مختلف ترقیاتی منصوبوں سے شہر کی متعدد یونین کونسلیں براہِ راست مستفید ہوں گی اور علاقے کی تقدیر بدلنے کا عمل شروع ہو چکا ہے،سیالکوٹ رنگ روڈ کے پہلے مرحلے پر جلد کام کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ پہلے سے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں بروقت مکمل کیا جا سکے،کھاریاں سے راولپنڈی تک موٹرو ے منصوبے کا تقریباً 205 ارب روپے کا ٹھیکہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کو دیا جا چکا ہے، جبکہ دریائے چناب پر پل کی تکمیل بھی آخری مراحل میں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیالکوٹ کو جی ٹی روڈ سے منسلک نہ ہونے کی وجہ سے نظر انداز کیا جاتا تھا، تاہم سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے شہر کو موٹر وے سے جوڑ کر اس محرومی کا ازالہ کیا۔ ان کے بقول رنگ روڈ کے پہلے مرحلے میں وزیرآباد روڈ، ڈسکہ روڈ، پسرور روڈ اور کشمیر روڈ سمیت اہم شاہراہوں کو آپس میں منسلک کیا جائے گا، جس سے ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مالی دباؤ کے باوجود سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں کو مؤخر نہیں کیا، جس پر وہ اور اہلِ سیالکوٹ ان کے شکر گزار ہیں انہوں نے وفاقی حکومت اور وزیراعظم کا بھی موٹروے منصوبے کی منظوری اور پیش رفت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے شہر میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ کھاریاں۔راولپنڈی موٹروے منصوبے کی منظوری اور فنڈز کی فراہمی میں عسکری قیادت نے بھی اہم کردار ادا کیا، کیونکہ یہ منصوبہ نہ صرف خطے کی معاشی ترقی بلکہ قومی دفاع کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہےرنگ روڈ شہر کی صنعت، برآمدی شعبے، ایئرپورٹ اور موٹروے کو آپس میں جوڑے گا، جبکہ ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں بہتری آئے گی، شہر میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں کو بھی مشترکہ کوششوں سے جلد مکمل کیا جائے گا۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ رنگ روڈ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو اس انداز میں مکمل کیا جائے گا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت ملے اور ٹریفک کے مسائل کا مستقل حل نکلے،سیالکوٹ کے عوام نے گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کیا ہے، جس کا قرض مکمل تو نہیں اتارا جا سکتا، تاہم عوام کی خدمت کے ذریعے اس اعتماد کا حق ادا کرنے کی کوشش جاری رہے گی۔

    انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ کے عظیم شاعر فیض احمد فیض کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک اہم شاہراہ ان کے نام سے منسوب کی گئی ہے تاکہ نئی نسل اپنے قومی محسنوں سے آگاہ رہے، جو قومیں اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں، وہی تاریخ میں باوقار مقام حاصل کرتی ہیں۔

  • ہیلمٹ نہ پہننے والوں کی موٹرسائیکلیں بند کرنے کا فیصلہ

    ہیلمٹ نہ پہننے والوں کی موٹرسائیکلیں بند کرنے کا فیصلہ

    پنجاب حکومت نےہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور میں ہیلمٹ کے استعمال کو سو فیصد یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پولیس نے باضابطہ کارروائیاں شروع کر دی ہیں ٹریفک حکام کے مطابق شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر موٹرسائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے جو افراد بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلاتے ہوئے پکڑے جائیں گے، ان کے خلاف چالان کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی موٹرسائیکل بھی ایک دن کے لیے بند کر دی جائے گی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ کی پابندی کے علاوہ لین لائن کی خلاف ورزی کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور ان کی موٹرسائیکلیں بھی بند کی جا رہی ہیں گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر 20 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں بند کی جا چکی ہیں۔

    حکام نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی جانوں کا تحفظ اور ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا ہے انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں۔

  • پنجاب کی تمام تحصیلوں میں الیکٹرک بسیں مہیا کی جائیں گی،وزیر اعلیٰ پنجاب

    پنجاب کی تمام تحصیلوں میں الیکٹرک بسیں مہیا کی جائیں گی،وزیر اعلیٰ پنجاب

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا ہدف پنجاب کی تمام تحصیلوں تک ماحول دوست، جدید اور کم کرائے والی سفری سہولتیں پہنچانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس سے مستفید ہو سکیں۔

    لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری اور سستی سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہےمزید 1500 الیکٹرک بسوں کی شمولیت کے بعد پنجاب میں مجموعی طور پر تقریباً 3 ہزار بسیں عوام کی خدمت کے لیے دستیاب ہوں گی۔

    مریم نواز نے کہا کہ مختلف اضلاع اور تحصیلوں میں بسوں کی ضرورت اور طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے بعض علاقوں کو 10، 15 یا اس سے زیادہ بسیں فراہم کی گئی ہیں، تاہم جہاں مزید ضرورت ہوگی وہاں بھی مرحلہ وار بسیں فراہم کی جائیں گی،انہوں نے صوبائی اسمبلی کے ارکان سے کہا کہ اگر ان کے حلقوں میں مزید بسوں کی ضرورت ہے تو وہ حکومت کو آگاہ کریں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے جیسے نئی بسیں موصول ہوتی جائیں گی، انہیں پنجاب کی تمام 147 یا 148 تحصیلوں تک پہنچایا جائے گا اور ہر علاقے کی ضرورت کے مطابق بسوں کی تعداد بھی پوری کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب ملک کا وہ صوبہ بن چکا ہے جس نے اپنے شہریوں کو ماحول دوست، جدید، اقتصادی اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ الیکٹرک ٹرانسپورٹ فراہم کی ہے ان بسوں سے نہ صرف عوام کو کم کرائے میں بہترین سفری سہولتیں مل رہی ہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے میں بھی مدد مل رہی ہے خوشی ہے کہ عوام اس منصو بے سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں، اللہ تعالیٰ سب کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے محکمہ ٹرانسپورٹ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور پورے محکمے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہایت محنت، ذمہ داری اور بہترین انداز میں اس منصوبے کو آگے بڑھایا ہے انہوں نے متعلقہ حکام کو شاباش دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور محنت سے عوامی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔

    قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت ایک اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز کی 91 تحصیلوں میں 1500 بسیں چلائی جائیں گی۔ پہلے فیز میں پنجاب کی 91 تحصیلوں میں 1500 بسیں چلائی جائیں گی اجلاس میں تحصیل لیول پر 1500 الیکٹرک بسوں کی خریداری کے لیے پی سی ون منظور دی گئی، اجلاس میں الیکٹرک بسوں، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ، ای ٹیکسیز، لاہور SRT، الیکٹرک بائیکس، کمانڈ کنٹرول سینٹر اور مری گلاس ٹرین پر بر یفنگ دی گئی۔

    فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں شاہکار ماس ٹرانزٹ سسٹم پر کام تیزی سے جاری ہے۔ گوجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ کے بارے میں تفصیلی پراگریس رپورٹ پیش کی گئی پنجاب کے اضلاع میں 400 فعال بسیں جلد الیکٹرک ہوں گی۔ اضلاع میں مزید 212 بسیں، 28 اضلاع میں مزید 100 بسیں، 10 جولائی کو افتتاح کے لیے تیار، جبکہ 61 بسیں فوراً لانچ کرنے کا حکم دیا گیا۔

    جھنگ میں 15، کبیر والا 9، بھکر 9، اٹک 9، مانڈی 9، حافظ آباد 9، چنیوٹ 9، لیہ 9، اوکاڑہ 9 اور سیالکوٹ 9 بسیں بھی فوراً فنکشنل کرنے کا حکم دیا گیا۔ مختلف اضلاع میں نئی 189 الیکٹرک بسیں سافٹ لانچنگ کے لیے تیار، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آن لائن افتتاح کا عندیہ دے دیا۔ مزید 112 بسیں گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، ملتان، مری، وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ اور نارووال پہنچ گئیں، 25 جولائی سے چلنا شروع ہوں گی۔

    مزید 488 بسیں 20 جولائی کو چینی بندرگاہ سے پنجاب بھیجی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کوٹ ادو، تلہ گنگ اور تونسہ شریف میں الیکٹرک بس لانچ کو بھی فوری بھیجنے کا حکم دیا۔ وہاڑی اور لودھراں میں بھی بس چلانے کا حکم، جبکہ وہاڑی، لودھراں اور ننکانہ میں الیکٹرک بسوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی گئی جہاں جہاں 15 بسوں سے کم ہیں وہاں مزید بسیں بھیجی جائیں، کم از کم 15، 15 بسیں ہونی چاہئیں، مریم نواز شریف۔ پنجاب میں الیکٹرک بسیں بھی لائے ہیں، مینوفیکچرنگ انڈسٹری بھی لائے ہیں۔

  • نواز شریف کا ٹیوشن سینٹر سانحہ میں 14 بچوں کی موت پردلی رنج کا اظہار

    نواز شریف کا ٹیوشن سینٹر سانحہ میں 14 بچوں کی موت پردلی رنج کا اظہار

    سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے لاہور میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج کا اظہار کیا ہے۔

    ایکس پر جاری بیان میں نواز شریف نے کہا کہ یہ ننھے پھول قوم کا مستقبل تھے، دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں،مریم نواز شریف نے مجھے بتایا ہےکہ وہ مصمم ارادے کےساتھ اس افسوسناک واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کروا کر مجرمان کو قرار واقعی سزا دلوائیں گی،اور اس بات کو یقینی بنایا جائےگا کہ اس سانحے کے ذمہ داروں کو مثالی سزا ملے، اللہ تعالیٰ بچوں کو جوارِ رحمت میں جگہ، زخمیوں کو کامل شفا اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین

    واضح رہے گزشتہ روز لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ابتدائی رپورٹ طلب کر لی تھی۔

  • پنجاب حکومت کا خواتین کے معاشی استحکام کے لیے’سحر‘ منصوبہ

    پنجاب حکومت کا خواتین کے معاشی استحکام کے لیے’سحر‘ منصوبہ

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کی خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے ’اسکل اینہانسمنٹ تھرو ہوم ریچ پروگرام‘ (سحر) کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت پنجاب بھر کی 5 ہزار 365 خواتین کو گھر بیٹھے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔

    وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت شروع کیے گئے اس منصوبے پر 97 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی، جبکہ اس کا مقصد ہنرمند لیبر فورس میں خواتین کے تناسب میں اضافہ اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے پروگرام کے تحت دور دراز، نیم شہری اور شہری علاقوں کی خواتین کو بیوٹیفکیشن سروسز، ہاسپٹیلٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔

    پنجاب ڈویلپمنٹ کونسل فار پلاننگ کے ذیلی ادارے آئی تھم کے اشتراک سےایک ہزار 260 خواتین کے لیے ہاسپٹیلٹی کورسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے،جن میں کلنری آرٹس، بیکنگ گیسٹ ریلیشنز، فرنٹ ڈیسک مینجمنٹ اور ایئر لائن مینجمنٹ کی تربیت شامل ہےلاہور،فیصل آباد،راولپنڈی، ملتان اور گوجرانوالہ میں ہاسپٹیلٹی ٹریننگ کورس کےپہلے بیچ کی تربیت مکمل ہو چکی ہے۔

    اسی طرح نیل بار کے تعاون سے 4 اضلاع میں 2 ہزار 65 خواتین کے لیے بیوٹیفکیشن کورسز کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں ہیر اسٹائلنگ، سکن کیئر، میک اپ اور نیل آرٹ کی تربیت دی جا رہی ہے،پروگرام کے تحت 2 ہزار 40 خواتین کو پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے اشتراک سے 6 ماہ پر مشتمل ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ دی جائے گی تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ڈیوائس، ڈیٹا پیکج اور ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گاکورس میں دراز اور شوپی فائی سمیت ای کامرس، انگلش لینگویج، پراڈکٹ ریسرچ اور فنانشل لٹریسی کی تعلیم بھی شامل ہے۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی عورت معاشی طور پر مضبوط ہوگی تو نہ صرف صوبہ بلکہ پورا ملک ترقی کرے گا صوبے کی خواتین آبادی کو ایک قابلِ قدر اثاثہ بنایا جا رہا ہے اور پروگرام کا مقصد انہیں ترقی اور خود انحصاری کے مواقع فراہم کرنا ہے بیوہ، طلاق یافتہ اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین کو پروگرام میں ترجیح دی جائے گی خواتین کے لیے پہلی مرتبہ گھر کی دہلیز پر ووکیشنل تربیت کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئیں گے اور تربیت مکمل کرنے والی خواتین آسانی سے روزگار حاصل کر کے معاشرے کا فعال اور مفید حصہ بن سکیں گی حکومت پنجاب ’سحر‘ پروگرام کے تحت تربیت یافتہ خواتین کے لیے جاب پلیسمنٹ کے مواقع بھی فراہم کرے گی، جبکہ اس اقدام کا ایک اہم مقصد صوبے میں صنفی مساوات کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

  • پنجاب :ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف  کریک ڈاؤن جاری

    پنجاب :ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں غیر قانونی فیٹ میلٹنگ، بون کرشنگ اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    سینئر صوبائی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق ڈرون سرویلنس ٹیمیں چوبیس گھنٹے فعال ہیں اور کسی بھی غیر قانونی یونٹ کو دوبارہ کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،11 اور 12 جون کے دوران مجموعی طور پر 263 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا، جن میں متعدد خلاف ورزی کرنے والے یونٹس کو سیل کیا گیا جبکہ ایک یونٹ کو مسمار بھی کیا گیا ، اس دوران ایف آئی آرز درج کی گئیں اور بھاری جرمانے عائد کیے گئے پنجاب میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جا رہی اور قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سنگل یوز پلاسٹک کے خاتمے کے لیے بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جس کے دوران 929 کلوگرام ممنوعہ پلاسٹک بیگز ضبط کیے گئے مزید برآں 16 کاروبار ی اداروں نے رضاکارانہ طور پر سنگل یوز پلاسٹک یعنی ایس یو پی سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے خود کو ’ایس یو پی فری زون‘ قرار دے دیا ہے ادھر پنجاب انوائرمنٹل ریفر نس لیبارٹری نے بین الاقوامی معیار آئی ایس او 17025 کے تحت پروفیشنسی ٹیسٹنگ کامیابی سے مکمل کر لی ہے،لیبارٹری نے 19 تجزیاتی پیرامیٹرز، بشمول ہیوی میٹلز، کی جانچ میں شاندار کارکردگی دکھائی اور 5 پیرامیٹرز میں پرائم زیڈ اسکور حاصل کیا، جسے پنجاب کے ماحولیاتی گورننس نظام پر عالمی اعتماد کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر جدید، ماحول دوست اور بین الاقوامی معیار کے سلاٹر ہاؤسز کا مؤثر آپریشن بھی یقینی بنایا جا رہا ہے غیر قانونی اور غیر معیاری ذبح خانوں کے خاتمے، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل جاری ہے جبکہ مریم اورنگزیب نے سلاٹر ہاؤسز کے جامع سروے، میپنگ اور فیلڈ وزٹس فوری مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ صوبے کو صاف، سرسبز، صحت مند اور پائیدار ماحول کی جانب لے جانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

  • خشک سالی کے خطرات سے نمٹنے کے لیےجدید ٹیکنالوجی اور مؤثر پالیسی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں،مریم نواز

    خشک سالی کے خطرات سے نمٹنے کے لیےجدید ٹیکنالوجی اور مؤثر پالیسی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں،مریم نواز

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحرائی اور خشک سالی سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنا پیغام جاری کیاہے-

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ اس دن کا مقصد خشک سالی اور زمین کے بنجر ہونے کے تباہ کن اثرات کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنا ہے پنجاب حکومت خشک سالی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے زراعت، پانی کے مؤثر انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے،زمین کی زرخیزی میں کمی، بنجر پن اور خشک سالی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر پالیسی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

    مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبے میں چھوٹے ڈیموں اور تالابوں کی تعمیر جاری ہے جبکہ چولستان اور تھل جیسے علاقوں میں بنجر زمینوں کو قابلِ کاشت بنانے کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں،صحرائی علاقوں میں ’پلانٹ فار پاکستان‘ شجرکاری مہم کے تحت درخت لگانے اور زیتون جیسی فصلوں کی کاشت کو فروغ دیا جا رہا ہے، خشک سالی زراعت اور غذائی تحفظ کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے، اس لیے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور بنجر زمینوں کو دوبارہ سرسبز بنانے کے لیے شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرنا ضروری ہے جنگلات کے تحفظ اور جنگلی حیات کی نگرانی کے لیے تھرمل سینسر سمیت جدید آلات استعمال کیے جا رہے ہیں۔

    مریم نواز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور انسانی سرگرمیوں کے باعث دنیا بھر میں زرخیز زمینیں صحراؤں میں تبدیل ہو رہی ہیں، لہٰذا بنجر زمینوں کی بحالی اور پانی کی کمی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے، پنجاب حکومت پی آر آئی اے ٹی منصوبے کے تحت پانی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنا رہی ہے جبکہ شمسی توانائی سے چلنے والے جدید اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل آبپاشی نظام بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کی   محرم الحرام کے دوران بہترین سے بھی بہتر کارکردگی  کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی محرم الحرام کے دوران بہترین سے بھی بہتر کارکردگی کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران گزشتہ انتظامات کو پیچھے چھوڑ کر بہترین سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فول پروف سیکیورٹی اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں-

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت لاہور میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا،مریم نواز نے کہا کہ ہمیں ہر روز پہلے سے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرنی چاہیے یہ احساس نہیں آنا چاہیے کہ ہم نے بہت اچھا کام کر لیا ہے اور اب یہی کافی ہے جس طرح گزشتہ عید کے مقابلے میں اس عید پر بہتر انتظامات کیے گئے، اسی طرح گزشتہ محرم الحرام کے مقابلے میں کل سے شروع ہونے والا محرم بھی مزید بہتر ہونا چاہیے حساس مقامات پر خصوصی نگرانی انتہائی اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے انتظامی امور میں نیا معیار قائم کر دیا، عیدالاضحیٰ کے بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیمیں شاباش کی مستحق ہیں، کامیابی پر اکتفا نہیں بلکہ مسلسل بہتری ہماری پالیسی ہےانہوں نے نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر میں صفائی اور سیکیورٹی کے شاندار انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ نے انتہائی محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے ایک مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

    انہوں نے آر پی اوز، ڈی پی اوز، سیکرٹری ہوم اور دیگر متعلقہ حکام کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کی ٹیم اور پنجاب بھر کی سترہ فیلڈ فارمیشنز نے عید کے دنوں میں مثالی خدمات انجام دیں، جس کے باعث قربانی کے بعد صفائی آپریشن بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل ہوا جبکہ عیدگاہوں اور مساجد کی صفائی کے انتظامات بھی انتہائی قابلِ ستائش رہے۔

    مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ تمام اداروں نے ایک مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کام کیا ہے اور انتظامی امور کے لیے ایک جامع اور مؤثر بلو پرنٹ تیار کیا گیا ہے کیونکہ پہلی بار معاملات کو رسمی انداز کے بجائے گہرائی، سنجیدگی اور عملی بنیادوں پر دیکھا جا رہا ہے اور ہر پہلو کا تفصیلی جائزہ لے کر انتظامی امور میں شفافیت اور کارکردگی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے کامیابی پر اکتفا کرنا ہماری پالیسی نہیں بلکہ ہمارا ہدف ہر آنے والے مرحلے کو پچھلے انتظامات سے بہتر بنانا ہے، اس لیے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور عوامی تحفظ کو اولین ترجیح بناتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کارکردگی کی ایک نئی مثال قائم کی جاسکے۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ حساس اور اہم علاقوں میں خصوصی سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور ضرورت پڑنے پر اضافی نفری کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے جبکہ مجالس اور جلوسوں کی مؤثر نگرانی کا سلسلہ مسلسل جاری رہنا چاہیے اور محرم الحرام کے حوالے سے علمائے کرام اور مذہبی قیادت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام علمائے کرام اور رائے ساز شخصیات انتظامیہ سے بھرپور تعاون کر رہی ہیں اور علاقائی حالات کے پیشِ نظر امن و امان برقرار رکھنا ہماری سب سے بڑی ترجیح ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ محرم میں عزاداروں کو ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ انہیں یہ احساس ہو کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے انہوں نے شدید گرمی کے پیشِ نظر تمام افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں پر ٹھنڈے پانی اور شربت کی سبیلیں یقینی بنائی جائیں اور حکومتِ پنجاب کی جانب سے مفت پانی اور شربت کی فراہمی کو مسلسل جاری رکھا جائے،اس کے علاوہ جلوسوں کے روٹس پر پانی کا چھڑکاؤ، صفائی کے انتظا ما ت، واضح سائن ایج کی تنصیب اور راستوں سے تمام رکاوٹیں اور تعمیراتی ملبہ فوری ہٹانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

    مریم نواز شریف نے خاص طور پر تاکید کی کہ صوبے میں کسی بھی مقام پر کھلا مین ہول یا خطرناک جگہ نظر نہیں آنی چاہیے اور تمام کھلے مین ہولز اور سیوریج پوائنٹس کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے انہوں نے ریسکیو، میڈیکل اور ایمرجنسی سروسز کو چوبیس گھنٹے الرٹ رکھنے اور فیلڈ ہسپتالوں سمیت طبی کیمپوں کی مؤثر تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی ، محرم کے دوران قائم کیے جانے والے تمام معلوماتی اور سیکیورٹی کیمپوں کا ڈیزائن اور شناخت یکساں ہونی چاہیے کیونکہ شہریوں کی سہولت، تحفظ اور فلاح و بہبود پنجاب حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

  • پنجاب بھر میں تاریخ کا سب سے بڑا کلین اپ آپریشن شروع،وزیراعلیٰ کی براہِ راست نگرانی

    پنجاب بھر میں تاریخ کا سب سے بڑا کلین اپ آپریشن شروع،وزیراعلیٰ کی براہِ راست نگرانی

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر تاریخ کا سب سے بڑا خصوصی آپریشن کلین اپ شروع کردیا گیا، جس کی وزیراعلیٰ خود براہِ راست نگرانی کررہی ہیں۔

    صوبہ بھر میں جاری صفائی آپریشن کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ پہلی مرتبہ 8 مختلف ذرائع اور اداروں سے صفائی کی براہِ راست رپورٹنگ کا مؤثر نظام بھی فعال کر دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرز اور سسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں اور صفائی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں ،لاہور، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، راولپنڈی، بہاولپور اور ساہیوال سمیت پنجاب بھر کے اضلاع میں ستھرا پنجاب ٹیمیں گلی محلوں میں پہنچ چکی ہیں اور صفائی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    علی الصبح مساجد، عیدگاہوں، قبرستانوں، بازاروں، سڑکوں اور گلیوں کی خصوصی صفائی کی گئی جبکہ مساجد اور عیدگاہوں کے راستوں کو دھو کر چونے سے مار کنگ بھی کی گئی تحصیل اور ضلعی اسپتالوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ انتظامی افسران مختلف علاقوں کے دورے کررہے ہیں قربانی کی آلائشیں اور باقیات مناسب مقامات پر تلف کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

    حکومت نے خبردار کیا ہے کہ گلیوں اور بازاروں میں آلائشیں پھینکنے پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ ہوسکتا ہے، صفائی کے بعد علاقوں کو فنائل سے دھویا جا ئے گا اور عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا پنجاب کی 4 ہزار یونین کونسلز میں ستھرا پنجاب کیمپ قائم کیے گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد ور کرز خصوصی صفائی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، مزید 8 ہزار ورکرز اور 12 ہزار لوڈر رکشے بھی آپریشن میں شامل کیے گئے ہیں۔

    حکام کے مطابق صوبے بھر میں سوا کروڑ ماحول دوست بیگز گھروں تک پہنچائے جاچکے ہیں تاکہ قربانی کی آلائشوں کو محفوظ انداز میں ٹھکانے لگایا جاسکے شہری صفائی سے متعلق شکایات کے فوری اندراج اور ازالے کے لیے 1139 ہیلپ لائن پر رابطہ کرسکتے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام شکایات کے فوری حل کی ہدایت جاری کی ہے۔

  • اولین ترجیح خواتین کے لیے ایک محفوظ صوبہ بنانا ہے،مریم نواز

    اولین ترجیح خواتین کے لیے ایک محفوظ صوبہ بنانا ہے،مریم نواز

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈگری حاصل کرنا سفر کا اختتام نہیں بلکہ اصل زندگی کا آغاز ہے اور معاشرہ خواتین کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔

    لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کا تعلق بھی اسی تعلیمی ادارے سے ہے جو ان کے لیے فخر کی بات ہے، کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ سیاست میں آئیں گی،مسلم لیگ (ن) میں چند سال قبل تک خواتین فرنٹ لائن میں نظر نہیں آتیں تھیں تاہم آج صورتحال بدل چکی ہے اور وہ خود بطور وزیراعلیٰ اس تبدیلی کی مثال ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری سمیت متعدد خواتین آج سیاست اور حکومت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ صوبے کے کئی اداروں کی قیادت بھی خواتین کے پاس ہے،لاہور کالج یونیورسٹی سے ان کی کئی یادیں وابستہ ہیں انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈگری حاصل کرنا سفر کا اختتام نہیں بلکہ اصل زندگی کا آغاز ہے اور معاشرہ خواتین کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔

    مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ لکھی ہوئی تقریر کرنے کے بجائے عوام سے دل کی بات کرنا پسند کرتی ہیں اور انہیں نوجوانوں کو درپیش چیلنجز کا بخوبی علم ہے، انہیں معلوم ہے کہ نوجوان مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں تاہم حکومت ان مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے ان کی اولین ترجیح خواتین کے لیے ایک محفوظ صوبہ بنانا ہے جہاں کوئی بھی خاتون جب چاہے بااعتماد اور محفوظ ماحول میں گھر سے باہر نکل سکے اور اسے کسی قسم کی ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑے،اور اگر کسی خاتون کے ساتھ ہراسانی، چھیڑ چھاڑ، زیادتی یا کسی قسم کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آئے تو وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گی جب تک ذمہ دار قانون کے کٹہرے میں نہ آ جائیں۔