Baaghi TV

Tag: مریم نواز

  • مریم نواز کی بیٹی ماہ نور کی شادی کی تصاویر کے سوشل میڈیا پر  چرچے

    مریم نواز کی بیٹی ماہ نور کی شادی کی تصاویر کے سوشل میڈیا پر چرچے

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں-

    ماہ نور صفدر کا معروف صنعت کار کے بیٹے اذان جبار کے ساتھ نکاح ہفتہ کو جاتی امرا میں ایک پروقار مگر محدود خاندانی تقریب میں ہوا، جس میں شریف خاندان کے افراد، قریبی رشتہ داروں اور اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی،وزیر اعظم شہباز شریف خصوصی طور پر نکاح میں شرکت کے لیے جاتی امرا پہنچے، جبکہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، ماہ نور کے والد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر، حسن نواز اور حسین نواز بھی تقریب میں موجود تھے، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی-

    تقریب میں سادگی کو ترجیح دی گئی اور تقریب کو انتہائی محدود رکھا گیا ماہ نور صفدر کی شادی کی تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ شادی کی تقریب اور دلہا دلہن کے لباس سے متعلق تصاویر اور تبصرے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شئیر کئے جا رہے ہیں-

    ماہ نور صفدر کے جیون ساتھی اذان جبار کا تعلق معروف کاروباری اور تجارتی خاندان سے ہے۔ ان کے والد جبار خالد ملک کے نمایاں صنعت کار ہیں اور ان کا خاندان فلور ملز کے وسیع کاروبار سے وابستہ ہے۔

  • مخالفین مریم نواز کے بیان کو توڑ مروڑ کر نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں،مریم اورنگزیب

    مخالفین مریم نواز کے بیان کو توڑ مروڑ کر نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں،مریم اورنگزیب

    مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نجی لندن دورے کے لیے سرکاری جہاز استعمال کرنے اور دہشتگردی سے متعلق بیان کو مخالفین مریم نواز کے بیان کو توڑ مروڑ کر نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ایکس پر ایک پوسٹ میں سینیئر وزیر نے کہا کہ اصل مسئلہ نہ تو جہاز کے استعمال کا ہے اور نہ ہی وزیراعلیٰ کے بیان کا بلکہ اصل مسئلہ ان کی کارکردگی اور بڑھتی ہوئی مقبولیت ہے،مریم نواز اس دورے کے تمام اخراجات خود برداشت کریں گی اور یہ واضح طور پر بتا دیا گیا ہے کہ لندن کے سفر کے اخراجات مریم نواز کو خود ادا کرنے ہوں گے۔

    مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا کہ جو لوگ وزیراعلیٰ کے بیان کو صوبوں کے درمیان نفرت پھیلانے اور ملک میں تفریق پیدا کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں انہیں عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پر گزشتہ ہفتے اپنے لندن دورے کے دوران مبینہ طور پر سرکاری جہاز استعمال کرنے پر تنقید کی جا رہی ہے جو ان کی سب سے چھوٹی صاحبزادی ماہ نور صفدر کی سواس یونیورسٹی لندن سے انتھروپولوجی میں گریجویشن کی تقریب کے سلسلے میں کیا گیا تھا،یہ بیان اس تنقید کے جواب میں سامنے آیا جو وزیراعلیٰ کے اس ریمارکس پر کی جا رہی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب کو ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں ہمسایہ صوبوں سے زیادہ سیکیورٹی خطرات کا سامنا ہے۔

    جس کے بعد اس سے قبل جمعے کے روز خیبر پختونخوا اسمبلی نے اکثریتی رائے سے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں صوبوں سے متعلق مریم نواز کے ’جانبدارانہ‘ بیان کی مذمت کی گئی تھی۔خیبر پختونخوا کے وزیرِ قانون آفتاب عالم کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد میں ایوان نے مریم نواز، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنا اللہ اور پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری کی جانب سے خیبر پختونخوا اور دیگر صوبوں کو پنجاب میں دہشتگردی سے جوڑنے اور غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے کی مذمت کی۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان کا خیال ہے کہ اس نوعیت کے بیانات نہ صرف حقائق کے برخلاف اور غیر ذمہ دارانہ ہیں بلکہ سیاسی مفادات پر مبنی بھی ہیں اور یہ صوبے کے پولیس اہلکاروں اور سکیورٹی فورسز کی توہین کے مترادف بھی ہیں، جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی جیسے قومی اور حساس معاملے کو سیاسی رنگ دینا اور ایک صوبے کو دوسرے کے مقابل کھڑا کرنا قومی یکجہتی اور وفاقی جذبے کے خلاف ہے، دہشتگردی کسی ایک صوبے یا خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری ریاست اور قوم کے لیے ایک چیلنج ہے جس سے صرف قومی یکجہتی، باہمی اعتماد اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ہی نمٹا جا سکتا ہے۔

  • جاتی امرا میں مریم نواز کی صاحبزادی کی نکاح کی تقریب

    جاتی امرا میں مریم نواز کی صاحبزادی کی نکاح کی تقریب

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدرکے نکاح کی پروقار تقریب جاتی امرا میں جاری ہے،ماہ نور صفدر کے نکاح کی تقریب میں صرف شریف فیملی اور قریبی عزیز و اقارب کو مدعو کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جاتی امرا میں ہونے والی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور دیگر اہم سیاسی و خاندانی شخصیات نے شرکت کی، اس خوشی کے موقع پر سادگی کو ترجیح دی گئی اور تقریب کو انتہائی محدود رکھا گیا جس میں صرف شریف خاندان کے افراد، قریبی رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کو ہی مدعو کیا گیا تھا،وزیر اعظم شہباز شریف خصوصی طور پر نکاح میں شرکت کے لیے جاتی امرا پہنچے،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سینئر وزیر مریم اورنگزیب بھی تقریب میں شریک ہیں۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق ماہ نور صفدر کے جیون ساتھی اذان جبار کا تعلق ایک معروف کاروباری اور تجارتی گھرانے سے ہے، ان کے والد جبار خالد ملک کے نامور صنعت کار ہیں اور ان کا خاندان فلور ملز کی وسیع صنعت سے وابستہ ہے۔

    واضح رہے کہ ماہ نور صفدر حال ہی میں لندن کی ایس او اے ایس یونیورسٹی سے اپنی اعلیٰ تعلیم اور گریجویشن مکمل کر کے وطن واپس لوٹی ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی حال ہی میں اپنی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن کے نجی دورے پر گئی تھیں۔

    لندن میں بیٹی کی گریجویشن کے موقع پر مریم نواز نے اپنی کامیابی اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ان کے تینوں بچوں نے اپنی اعلیٰ تعلیم مکمل کر لی ہے، بیٹی کی گریجویشن ان کے اور ان کے خاندان کے لیے خوشی کا موقع ہے۔

    مریم نواز اور ماہ نور صفدر کی لندن سے وطن واپسی کے فوراً بعد ہی خاندانی مشاورت سے اس نکاح کی تاریخ کو حتمی شکل دی گئی۔

  • کرپشن معاشرے کا ناسور بن چکی ہے ،اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے،عظمیٰ بخاری

    کرپشن معاشرے کا ناسور بن چکی ہے ،اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے،عظمیٰ بخاری

    وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کر رکھا ہے اور پنجاب کے تمام محکموں سے بدعنوانی کا خاتمہ ان کا مشن ہے،کرپشن معاشرے کا ناسور بن چکی ہے اور اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے-

    اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 54 افسران اور اہلکار معطل یا ملازمت سے برخاست کیے جاچکے ہیں، صرف محکمہ خوراک میں 48 افسران و اہلکار گرفتار کیے گئے، جبکہ 6 ملازمین کو ملازمت سے برخاست کیا گیا اور 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف تادیبی کارروائی جاری ہے۔

    عظمیٰ بخاری کے مطابق وکٹوریہ اسپتال بہاولپور کی پارکنگ میں اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کو گرفتار کیا گیا، جبکہ چیچہ وطنی ٹی ایچ کیو اسپتال میں اوور چارجنگ کا ٹھیکہ منسوخ کردیا گیا ہے،کرپشن معاشرے کا ناسور بن چکی ہے اور اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے، کسی کو بھی سیاسی یا ذاتی بنیاد پر نشانہ نہیں بنایا جائے گا،عوام کرپشن کے خاتمے کے لیے مریم نواز کے ساتھ ہیں اور پنجاب میں جاری کریک ڈاؤن کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

    عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے جو بھی فیصلہ کیا، اس پر عمل درآمد یقینی بنایا ہے، انہوں نے کبھی تنقید اور منفی پروپیگنڈے کی پرواہ نہیں کی،جھوٹے پروپیگنڈے اور ذاتی تنقید نے مریم نواز کو کمزور کرنے کے بجائے چٹان کی طرح مزید مضبوط کیا ہے۔

  • اللہ کے فضل سے آج پاکستان مضبوط ہے اور اس کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے،مریم نواز

    اللہ کے فضل سے آج پاکستان مضبوط ہے اور اس کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے،مریم نواز

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم دفاع کے موقع پر پاک فوج کے ہر افسر، جوان، شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے-

    اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جبکہ آپریشن ردالفساد میں پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت کے نئے معیار قائم کیے، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی سلامتی کے لیے دعا گو ہے،پاک فوج نے ثابت کیا ہے کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان، یقین، عزم اور حوصلے سے جیتی جاتی ہیں،پوری قوم کو اپنی بہادر پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاکستان نیوی پر فخر ہے۔

    مریم نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج پاکستان مضبوط ہے اور اس کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، پاکستان آج ایک ایٹمی طاقت ہے اور عوام پہلے سے بھی زیادہ پراعتماد ہیں،دھرتی کے دفاع کے لیے سرحدوں پر سینہ سپر رہنے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں، عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجز قومی اتحاد اور یکجہتی کا تقاضا کرتے ہیں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والی دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو پوری قوت، اتحاد اور عزم کے ساتھ ناکام بنانا ہوگا۔

  • وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ناقدین حقائق سے بے خبرہیں،عظمیٰ بخاری کا سہیل آفریدی کے ٹوئٹ پر جواب

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ناقدین حقائق سے بے خبرہیں،عظمیٰ بخاری کا سہیل آفریدی کے ٹوئٹ پر جواب

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ایک ٹوئٹ کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہاکہ کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر بے جا تنقید کرنے والے حقائق سے بے خبر ہیں-

    انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ زیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اے آئی انٹیلی جنس ہب کے افتتاح پر واویلا کرنے والوں کو پہلے یہ سمجھنا چاہیے کہ جدید گورننس صرف سڑکیں اور عمارتیں بنانے کا نام نہیں، امن، قانون، ٹیکنالوجی اور عوام کے تحفظ کے لیے جدید نظام کھڑا کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے-

    عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج پنجاب میں اے آئی ہب، پیفٹک، پولیس کی ٹیکنالوجی، CTD کی استعداد، باڈی کیمز، تھرمل اور نائٹ ویژن کیمرے، جوائنٹ چیک پوسٹس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے پر کام ہو رہا ہے،مریم نواز کا واضح مؤقف ہے کہ جرم ہونے کے بعد کارروائی کافی نہیں، ٹیکنالوجی کے ذریعے خطرے اور جرم کو پہلے سے شناخت کرکے روکنا اصل کامیابی ہے اور یہی فرق ہے حکومت کرنے اور صرف سیاست کرنے میں۔

    انہوں نے مزید کہا ک خارجہ امور اور بیرونی خطرات وفاقی دائرۂ اختیار میں ہیں، جبکہ پنجاب حکومت کی ذمہ داری گورننس اور داخلی سلامتی ہے، مریم نواز اسی سمت میں کام کر رہی ہیں: CTD کی استعداد میں اضافہ، سیکیورٹی اداروں کی مضبوطی، عدالتوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعما ل۔

    عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ صوبائی انٹیلیجنس فیوژن سینٹر کا افتتاح اسی پالیسی کا عملی قدم ہے مقصد انٹیلیجنس، پولیسنگ اور بروقت ردعمل کو جدید ٹیکنالوجی سے مؤثر بنانا ہے دوسری طرف خیبرپختونخوا جیسے دہشت گردی سے متاثرہ صوبے میں ترجیح پولیس، CTD اور انسدادِ دہشت گردی ہونی چاہیے، نہ کہ وفاقی خارجہ امور میں مداخلت، دوسرے صوبوں میں سیاسی سرگرمیاں اور احتجاجی سیاست۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کی اصل پہچان بیانات نہیں، کارکردگی ہے پنجاب کا راستہ واضح ہے: اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرو، ادارے مضبوط کرو اور عوام کو محفوظ بناؤ،جو اپنی کارکردگی کا جواب نہیں دے سکتے، وہ دوسروں پر بیان بازی سے اپنی کمزوریاں نہیں چھپا سکتے-

    عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے ناقدین سے سوال کیا کہ اگر اے آئی، جدید پولیسنگ، سی ٹی ڈی، سیکیورٹی ٹیکنالوجی اور جرائم کی روک تھام پر سرمایہ کاری غلط ہے تو اس کا بہتر متبادل کیا ہے؟ کیا صرف تنقید، صرف پریس کانفرنسیں یا صرف احتجاجی سیاست ہی متبادل ہے؟-

  • استحکام پاکستان پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کی مریم نواز سے ملاقات

    استحکام پاکستان پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کی مریم نواز سے ملاقات

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے استحکام پاکستان پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز و رکن قومی اسمبلی عون چوہدری، گل اصغر خان اور منزہ حسن شامل تھے,ملاقات میں ملکی ترقی، استحکام اور سیاسی امور میں مل کر چلنے پر اتفاق کیا گیا استحکام پاکستان پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے فلاحی اقدامات کو شاندار قرار دیتے ہوئے پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں اور عوامی منصوبوں کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

    ارکان قومی اسمبلی نے کھارے پانی والے اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کی بھی تعریف کی,اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کے ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کی گونج پنجاب سمیت آزاد کشمیر تک پہنچ رہی ہے۔

    عون چوہدری، منزہ حسن اور گل اصغر خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ملکی و سیاسی مفاد میں مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا,وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کی خدمت اور ترقی کے سفر میں مل کر چلنے کے عزم کا خیرمقدم کیا۔

  • نواز شریف کی سیاسی میراث اور مریم نواز کا ابھرتا ہوا قومی کردار،تجزیہ :شہزاد قریشی

    نواز شریف کی سیاسی میراث اور مریم نواز کا ابھرتا ہوا قومی کردار،تجزیہ :شہزاد قریشی

    نواز شریف کی سیاسی میراث اور مریم نواز کا ابھرتا ہوا قومی کردار

    آزاد کشمیر کے نتائج اور پنجاب کی کارکردگی مریم نواز کی بڑھتی ہوئی سیاسی طاقت

    میرپور سے پنجاب تک، عوامی اعتماد نے مریم نواز کی سیاسی حیثیت مستحکم کر دی

    تجزیہ شہزاد قریشی

    پاکستان کی سیاسی تاریخ میں چند شخصیات ایسی ہیں جو وقت کے سخت ترین امتحانات سے گزرنے کے باوجود عوامی سیاست میں اپنی اہمیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہتی ہیں۔ نواز شریف کا شمار بھی انہی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں اقتدار کے عروج بھی دیکھے، جیلوں کی صعوبتیں بھی برداشت کیں، جلاوطنی کے کٹھن مراحل سے بھی گزرے، مگر اس کے باوجود وہ آج بھی پاکستان کی سیاست کے ایک مؤثر اور مرکزی کردار کے طور پر موجود ہیں۔

    آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات، خصوصاً میرپور ڈویژن کے نتائج، اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاسی جڑیں آج بھی مضبوط ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ان نتائج کے پیچھے ایک جانب نواز شریف کی سیاسی بصیرت اور عوامی مقبولیت کارفرما ہے تو دوسری جانب پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور ترقیاتی اقدامات نے بھی ووٹرز کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔

    اسی تناظر میں مریم نواز کی سیاسی شخصیت بھی تیزی سے ابھر کر سامنے آئی ہے۔ اگرچہ عملی سیاست میں ان کا عرصہ دیگر سینئر سیاست دانوں کے مقابلے میں زیادہ طویل نہیں، لیکن مختصر مدت میں انہوں نے اپنی سیاسی صلاحیتوں، عوامی رابطے اور انتظامی انداز سے اپنی ایک الگ شناخت قائم کی ہے۔ عوامی اجتماعات میں ان کی موجودگی، کارکنوں کا جوش و خروش اور بڑی تعداد میں عوام کی شرکت اس بات کا اظہار ہے کہ وہ ملک کی سیاست میں ایک نمایاں مقام حاصل کر چکی ہیں۔

    مریم نواز کی سیاسی کامیابی کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ انہوں نے اپنے والد کے سیاسی ورثے کو صرف برقرار رکھنے کی کوشش نہیں کی بلکہ اپنی طرزِ قیادت کے ذریعے اسے ایک نئی جہت دینے کی کوشش کی ہے۔ عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے ان کی سرگرمیوں نے انہیں نوجوان اور متحرک قیادت کے طور پر متعارف کرایا ہے۔

    اگر موجودہ سیاسی رجحانات اور عوامی پذیرائی کو مدنظر رکھا جائے تو یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ مریم نواز مستقبل کی پاکستانی سیاست میں ایک اہم اور مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ان کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت اور سیاسی سرگرمیاں اس امر کی غمازی کرتی ہیں کہ آنے والے برسوں میں ان کا شمار پاکستان کی نمایاں اور کامیاب سیاسی شخصیات میں ہو سکتا ہے۔

    پاکستان کی سیاست میں قیادت کا تسلسل ہمیشہ ایک اہم موضوع رہا ہے، اور موجودہ حالات میں یہ تاثر مضبوط ہوتا دکھائی دیتا ہے کہ نواز شریف کے بعد مریم نواز مسلم لیگ (ن) کی سیاست کو آگے بڑھانے والی ایک مؤثر اور مضبوط سیاسی قوت کے طور پر اپنی جگہ بنا رہی ہیں۔

  • وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر 10 الیکٹرک بسیں مظفر آباد روانہ

    وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر 10 الیکٹرک بسیں مظفر آباد روانہ

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر 10 الیکٹرک بسیں مری پہنچ گئی ہیں،مری سے بسوں کو آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد منتقل کیا جا رہا ہے-

    حکام کے مطابق چند گھنٹوں میں یہ الیکٹرک بسیں مظفرآباد میں عوام کو سفری سہولتیں فراہم کرنا شروع کر دیں گی،اسلام آباد سے جدید الیکٹرک بسوں کا قافلہ آزاد کشمیر کی جانب روانہ ہوا۔ بسوں پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی تصویر کے ساتھ ’آزاد کشمیر کے لیے تحفہ‘ درج ہے۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ الیکٹرک بسیں آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے لیے اہلِ پنجاب کا تحفہ ہیں، بسوں کے ساتھ تربیت یافتہ عملہ اور ڈرائیور بھی مظفرآباد پہنچ رہے ہیں تاکہ جدید ٹرانسپورٹ سروس کو مؤثر انداز میں چلایا جاسکے،پنجاب میں الیکٹرک بس سسٹم کے تحت خواتین، طلبہ اور بزرگ شہریوں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، اور وہ چاہتی ہیں کہ آزاد جموں و کشمیر کے شہری بھی انہی جدید اور معیاری سفری سہولتوں سے مستفید ہوں۔

    مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے لاکھوں شہری روزانہ الیکٹرک بس سروس استعمال کر رہے ہیں اور آزاد جموں و کشمیر میں بھی اس جدید، ماحول دوست اور آرام دہ ٹرانسپورٹ نظام سے عوام کو بہتر سفری سہولتیں میسر آئیں گی، آزاد کشمیر کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا گیا ہے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے آزاد جموں و کشمیر میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ’کلینک آن ویلز‘ منصوبے کی 15 موبائل طبی گاڑیاں بھی ادویات، طبی آلات اور میڈیکل اسٹاف سمیت روانہ کی تھیں۔

  • مسلم لیگ کا منشور یہی ہے کہ جو ترقی پنجاب میں ہورہی ہے وہ آزاد کشمیر میں ہو، مریم نواز

    مسلم لیگ کا منشور یہی ہے کہ جو ترقی پنجاب میں ہورہی ہے وہ آزاد کشمیر میں ہو، مریم نواز

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا مسلم لیگ کا منشور یہی ہے کہ جو ترقی پنجاب میں ہورہی ہے وہ آزاد کشمیر میں ہو، آزاد کشمیر جھوٹے وعدے کرنے والوں کا نہیں وعدے نبھانے والوں کا ہے-

    مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ن لیگ کی حکومت آئی تو آزادکشمیر کے ہر گاؤں میں سڑکیں بنائیں گے، مسلم لیگ (ن) کی سیاست ترقی، تعلیم اور عوامی خدمت کی سیاست ہے، ہم کشمیری نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے نہیں بلکہ لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتے ہیں، اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا تو آزاد کشمیر کی قسمت بدل جائے گی اور ریاست میں بھی پنجاب طرز کے ترقیاتی اور فلاحی منصوبے شروع کیے جا ئیں گے۔

    مریم نواز نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ لازوال ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی،انہوں نے کسی جماعت کا نام لیے بغیر سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ آزاد کشمیر آ کر صرف تقریریں کرتے ہیں، دوسروں پر الزامات عائد کرتے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں، لیکن وہ یہ بھی بتائیں کہ ریاست میں حکومت کس کی ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے انہوں نے کیا اقدامات کیے۔

    مریم نواز نے اپناگھر اپنی چھت اسکیم کے تحت آزاد کشمیر میں 5 لاکھ تک گھر بنانے کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ آزاد کشمیر میں دھی رانی پروگرام شروع کریں گے، نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلا سود قرض دیں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور الیکٹرک بائیک بھی فراہم کریں گے، آزاد کشمیر کے 2 ہزار طلباء کو ہونہار اسکالرشپ دیں گے، آزاد کشمیر کے 400 بچوں کا لاہور میں مفت علاج کیا گیا، پنجاب کے فلاحی منصوبے آزاد کشمیر میں بھی شروع کریں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے مظفرآباد کے لیے 10 گرین بسوں کا تحفہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ بسیں جلد آزاد کشمیر پہنچ جائیں گی تاکہ شہریوں کو جدید سفری سہولیات میسر آ سکیں،15 موبائل اسپتال بھی جلد اپنی خدمات کا آغاز کریں گے، جس سے دور دراز علاقوں کے عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولت حاصل ہوگی۔

    مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ کا منشور یہی ہے کہ جو ترقی پنجاب میں ہورہی ہے وہ آزاد کشمیر میں ہو، آزاد کشمیر جھوٹے وعدے کرنے والوں کا نہیں وعدے نبھانے والوں کا ہے، صرف وعدے نہیں پنجاب کی کارکردگی لے کر آپ کے پاس آئی ہوں، جتنا مضبوط پاکستان ہوگا اتنا ہی مضبوط آزاد کشمیر بھی ہوگامیں مظفرآباد مہمان بن کر نہیں آئی یہ آزاد جموں کشمیر میرا ہے، میں خون سے بھی کشمیری ہوں دل اور دماغ سے بھی کشمیری ہوں، میں روح سے اور نسلوں سے بھی کشمیری ہوں۔

    انہوں نے کہاکہ 2021 کے انتخابی مہم میں جتنی محبتیں اور دعائیں ملی تھیں وہ بھول نہیں سکتی، اس الیکشن میں آزاد کشمیر میں ہماری 17 نشستیں اور اس وقت کے وزیراعظم کی 3 نشستیں تھی، اس وقت کے وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نتائج الٹ دو، اس لیے آج یہاں مسائل ہیں، انہوں نے مجھے نوازشریف کے سامنے گرفتار کیا تاکہ میں کشمیر نہ جاسکوں، آج وہی نواز شریف اور مریم نواز یہاں آزاد کشمیر میں کھڑے ہیں۔

    مریم نواز نے کہا کہ وہ یہاں ووٹ مانگنے نہیں آئے لیکن اگر آپ نے ن لیگ کو منتخب کیا تو یہ وعدہ ہے کہ آزاد کشمیر کی قسمت بدل جائیگی، انہوں نے کہا جہاں ن لیگ کی حکومت ہے وہاں کے حالات اور دیگر جگہوں کی حالات دیکھ لیں، حالات میں یہ فرق کیوں ہے، یہ فرق نواز شریف اور ن لیگ ہے، پنجا ب کے چپے چپے پر ترقی ہے، جب تک آزادکشمیر کے ہر بچے کو مفت تعلیم نہیں ملے گی، ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے دعویٰ کیا کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی محنت کی وجہ سے پنجاب میں جرائم نہ ہونے کے برابر ہیں، پنجاب میں صوبائی وزیر تعلیم کا بیٹا سرکاری اسکول میں پڑھتا ہے،کل ایک ویڈیو دیکھی جس میں بابا جی جلسہ گاہ میں بیٹھے ہوئے تھے، لوگوں نے پوچھا تو بابا جی نے کہا کہ نوازشریف کا جلسہ ہے، بابا جی کو بتایا گیا کہ جلسہ تو کل ہے باباجی نے کہا میں شوق میں آج آگیا، بابا جی نے کہا کہ جلسے میں ہماری بیٹی مریم نواز آرہی ہیں۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کریں تاکہ آزاد کشمیر میں ترقی، خوشحالی، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جا سکےمیں وزیراعظم پاکستان سے کہوں گی کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلاسود قرضہ دیا جائے، جبکہ اسپیشل افراد کو ہمت کارڈ دیے جائیں گے۔