Baaghi TV

Tag: ٌاتازہ ترین

  • لڑکیوں کا روپ دھارنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

    لڑکیوں کا روپ دھارنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

    خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں سوشل میڈیا پر خواتین کا لباس پہن کر ویڈیوز بنانے والے نوجوان کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق، گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت عبدالمعیز کے نام سے ہوئی ہے، جو صوابی کے علاقے بامخیل کا رہائشی ہے عبدالمعیز مبینہ طور پر خواتین کا روپ دھار کر سوشل میڈیا پر نازیبا اور غیر اخلاقی ویڈیوز شیئر کر رہا تھا، جن میں وہ مختلف پوز اور انداز میں خود کو لڑکی ظاہر کرتا تھا، یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی تھیں اور عوامی حلقوں میں سخت تشویش اور بے چینی پیدا ہو رہی تھی مقامی لوگوں کی شکایات پر چوکی بامخیل کے انچارج عامر خان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عبدالمعیز کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ ایسی کسی بھی قسم کی غیر اخلاقی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوگا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے،سوشل میڈیا پر اخلاقیات اور مقامی روایات کے منافی مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی، اور ایسے افراد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    پولیس حکام نے والدین اور معاشرتی طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ نوجوانوں پر نظر رکھیں اور انہیں سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی طرف راغب کریں۔

  • وینزویلا سے کشیدگی: امریکا نے ایف 35 طیارے پورٹو ریکو بھیج دیے

    وینزویلا سے کشیدگی: امریکا نے ایف 35 طیارے پورٹو ریکو بھیج دیے

    امریکا نے وینزویلا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر 10 جدید ایف 35 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے کیریبین جزیرے پورٹو ریکو بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ طیارے ڈرگ کارٹلز کے خلاف امریکی بحری آپریشن کا حصہ ہوں گے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وینزویلا کے صدر خود منشیات کے ایک بڑے کارٹل کی قیادت کر رہے ہیں،دوسری جانب وینزویلا کے صدر نے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا دراصل وینزویلا کا تیل ہتھیانا چاہتا ہے۔

    کشیدگی اس وقت بڑھی جب امریکی فورسز نے وینزویلا کی ایک کشتی کو نشانہ بنایا۔ امریکا کا کہنا ہے کہ کشتی میں اسمگلرز امریکا کے لیے منشیات لے جا رہے تھے، حملے میں کشتی پر سوار تمام 11 افراد ہلاک ہو گئے، تاہم وینزویلا نے اس کارروائی کو ماورائے عدالت قتل قرار دیا ہے۔

  • پاک فضائیہ کا نیا نغمہ ’’شاہین‘‘ جاری

    پاک فضائیہ کا نیا نغمہ ’’شاہین‘‘ جاری

    یومِ دفاع کے موقع پر پاکستان ایئر فورس نے ’’شاہین‘‘ کے عنوان سے نیا ملی نغمہ ریلیز کر دیا۔

    نغمے میں فضائی سرحدوں کی محافظ پاک فضائیہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، نغمے کا آغاز ’’یہ غازی یہ تیرے پر اسرار بندے‘‘ کے لہو گرما دینے والے الفاظ سے کیا گیامعروف گلوکار شجاع حیدر کی آواز میں نغمہ، پاک فضائیہ کی یکجہتی اور وطن سے بے مثال وفا کی عظیم داستان ہے۔

    نغمے میں پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی شاندار عکاسی کی گئی ہے جبکہ نغمے میں خون کے آخری قطرے تک وطن کے لیے قربانیاں دینے اور آگے بڑھتے رہنے کا عزم کیا گیانغمے میں بہادری، قربانی اور وطن کے وقار کا دلکش امتزاج شامل ہے، آسمانوں کی نگہبان پاک فضائیہ کے جرأت مندانہ کردار کو اجاگر کیا گیا،یومِ دفاع کے موقع پر پاک فضائیہ کا جاری کردہ نیا ملی نغمہ قربانی اور تجدیدِ عہد وفا کا پیکر ہے۔

  • آج  پاکستان سمیت دنیا میں،رواں سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن دیکھا جا سکے گا

    آج پاکستان سمیت دنیا میں،رواں سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن دیکھا جا سکے گا

    پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج رات رواں سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن دیکھا جا سکے گا،امریکا، بھارت، بنگلہ دیش، چین، جاپان اور سعودی عرب میں بھی یہ فلکیاتی منظر نظر آئے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں یہ گرہن واضح طور پر دیکھا جا سکے گا، تاہم کراچی سمیت ملک کے جنوبی حصوں میں بادلوں کے باعث عوام کے لیے اس کا مشاہدہ مشکل ہوسکتا ہے،چاند کی روشنی آج رات 8 بجکر 28 منٹ پر مدھم ہونا شروع ہوگی، 9 بجکر 27 منٹ پر جزوی گرہن اور 10 بجکر 31 منٹ پر مکمل گرہن ہوگا،رات 11 بجکر 12 منٹ پر یہ نظارہ اپنے عروج پر ہوگا جبکہ 8 ستمبر کی رات ایک بجکر 55 منٹ پر گرہن ختم ہوجائے گا۔

    ماہرین کے مطابق مکمل گرہن کے دوران چاند سرخی مائل نظر آئے گا جسے ’بلڈ مون‘ کہا جاتا ہے، یہ منظر فلکیات کے شوقین افراد کے لیے یادگار لمحہ ثابت ہوگا،اس کے بعد 21 اور 22 ستمبر کو سال کا دوسرا اور آخری جزوی سورج گرہن ہوگا، تاہم پاکستان میں اس کا مشاہدہ ممکن نہیں ہوگا۔

    ٹرمپ نے مودی کو اپنا دوست قرار دے دیا

    وزیراعظم اور صدر مملکت کا یوم فضائیہ پر پیغام میں جوانوں کو خراج تحسین

    دریائے سندھ: گڈو بیراج پر آج بڑے سیلابی ریلے کی آمد متوقع

  • ٹرمپ نے مودی کو اپنا دوست قرار دے دیا

    ٹرمپ نے مودی کو اپنا دوست قرار دے دیا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر بار بار تنقید کے باوجود اچانک انہیں اپنا دوست قرار دے دیا۔

    صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ مودی ہمیشہ میرے دوست رہیں گے، بھارت اور امریکا کا ایک خاص رشتہ ہے، گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے صدر ٹرمپ کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کے جذبات اور تعلقات کے مثبت انداز کو سراہتے ہیں،بھارت اور امریکا کے درمیان انتہائی مثبت اور مستقبل کی جانب دیکھنے والی اسٹریٹجک شراکت داری ہے۔

    https://x.com/narendramodi/status/1964180697012228163

    واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ میں امریکا اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی دیکھنے کو ملی ہے۔ امریکا نے بھارتی درآمدات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا، جب کہ ٹرمپ نے بھارت پر روس سے سستا تیل خریدنے کا الزام بھی لگایا۔اس کے علاوہ ٹرمپ نے بھارت کے ساتھ تجارتی ڈیل فائنل نہ ہونے پر بھارت کا دورہ بھی منسوخ کر دیا تھا۔

    اس سے قبل ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر مودی، پیوٹن اور شی جن پنگ کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ "ایسا لگتا ہے بھارت اور روس چین کے قریب جا رہے ہیں،دوسری جانب، مودی نے حال ہی میں چین کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس میں شرکت کی یہ دورہ سات برس بعد ہوا جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں نرمی کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

  • وزیراعظم  اور صدر مملکت کا یوم فضائیہ پر پیغام میں  جوانوں کو خراج تحسین

    وزیراعظم اور صدر مملکت کا یوم فضائیہ پر پیغام میں جوانوں کو خراج تحسین

    1965 کی جنگ میں 7 ستمبر کو لڑے جانے والے فضائی معرکے کی یاد میں آج ملک بھر میں یومِ فضائیہ منایا جا رہا ہے،یوم فضائیہ 7 ستمبر کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

    اپنے خصوصی پیغام میں صدر نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا۔

    صدر زرداری نے 1965 کی جنگ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے اس تاریخی معرکے میں شجاعت اور بہادری کی ایسی داستان رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی،پاک فضائیہ نے نہ صرف جنگ کے دوران بلکہ ہر مشکل وقت میں پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور جرات کا مظاہرہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے معرکۂ حق، ’’بنیان المرصوص‘‘ میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے،پاک فضائیہ کی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے دنیا کو حیران کیا ہے اور اس کی جدید صلاحیتیں ملکی دفاع کی مضبوط ضمانت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملک کی فضائی حدود اور قومی سالمیت کا بھرپور دفاع کیا ہے، جس پر پوری قوم کو ناز ہے۔

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم فضائیہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں کوبے مثال کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،آج کا دن پی اے ایف اہلکاروں کی بہادری اور قربانیوں کی یادمیں منایاجاتا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شہداء کی لازوال قربانیاں تاریخ میں روشن ہیں،پاک فضائیہ پیشہ ورانہ مہارت میں دنیا کی کسی بھی فضائیہ سے کم نہیں، پاک فضائیہ نے معرکہ حق بنیان المرصوص میں فیصلہ کن کردار ادا کیا،پاک فضائیہ کی جنگی صلاحیتیں پاک فضائیہ کی جدت کا منہ بولتا ثبوت ہے،اس بات پرفخرہے پاک فضائیہ نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی، مجھے یقین ہے پاک فضائیہ ملک کی خود مختاری کا ہمیشہ بھرپور تحفظ کرتی رہے گی۔

    7 ستمبر 1965 کے دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جرات، بہادری کی تاریخ رقم کی۔ پاک فضائیہ کے جوانوں نے بہادری سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جس پر قوم فخر کرتی ہےیہ وہ یادگار دن ہے جب پاک فضائیہ کے شیر دل جوانوں کی مہارت اور جانبازی کی بدولت پاکستان نے 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں کامیابی اپنے نام کی۔

    1965 کی جنگ میں ایم ایم عالم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں شجاعت اور بہادری کی ایسی تاریخ رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی،اپنی ہوا بازی کے کارناموں سے اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے دشمنوں کو ناکوں چنے چبوا دیے اور دشمن بھارت کے 5 جنگی طیارے ایک منٹ میں زمین پر مار گرائے،ان کا یہ کارنامہ پاک فضائیہ کی تاریخ کا سنہرا باب ہے جسے ایک معجزہ تصور کیا جاتا ہے۔

  • دریائے سندھ: گڈو بیراج پر آج بڑے سیلابی ریلے کی آمد متوقع

    دریائے سندھ: گڈو بیراج پر آج بڑے سیلابی ریلے کی آمد متوقع

    دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر آج بڑے سیلابی ریلے کی آمد متوقع ہے جس کے باعث سندھ کے کچے کے علاقے زیرِ آب آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

    گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ بڑھ کر 3 لاکھ 90 ہزار کیوسک تک پہنچنے کے بعد درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ سکھر اور کوٹری بیراج پر بھی نچلے درجے کا سیلاب جاری ہےسیہون میں دریائی پٹی کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں جبکہ محکمہ آبپاشی کے حکام کا کہنا ہے کہ حفاظتی بندوں کی کمزور جگہوں پر کام جاری ہے،صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کے مطابق سیلابی ریلے سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    ادھر پنجاب کے مختلف اضلاع بھی شدید متاثر ہیں۔ ملتان میں شیرشاہ فلڈ بند پر پانی کا دباؤ برقرار ہے جبکہ جھنگ میں دریائے چناب پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 88 ہزار کیوسک تک جا پہنچا جس سے کئی بستیاں زیرِ آب آگئیں،دریائے راوی میں مائی صفوراں کے مقام سے نکلنے والے ریلے نے کبیروالا کے 40 دیہات ڈبو دیے۔ اس سیلاب کے نتیجے میں 80 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہوگئے بہاولنگر میں سیلاب نے 143 دیہات متاثر کیے ہیں اور ایک لاکھ سے زائد افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔

  • خیبرپختونخوا کے 9 جوڈیشل افسران نوکری سے برخاست

    خیبرپختونخوا کے 9 جوڈیشل افسران نوکری سے برخاست

    پشاور ہائی کورٹ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز سمیت 9 جوڈیشل افسران کو برخاست کردیا۔

    پشاور ہائی کورٹ کے اعلامیے کے مطابق ہائی کورٹ نے ججوں کے خلاف ضابط اخلاق کی خلاف ورزی پر انکوائری شروع کی تھی اور نوکری سے برخاست ہونے والوں میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز اور سول ججز شامل ہیں، انکوائری میں ججوں کے خلاف جرم ثابت ہوا اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے ججوں کو شو کاز جاری کرتے ہوئے صفائی کا موقع دیا، ججز اپنی صفائی ثابت کرنے میں ناکام ہوئے، جس پر چیف جسٹس نے 9 ججوں کو نوکری سے برخاست کیا گیا۔

    ملک میں مہنگائی میں اضافہ

    برطانوی شہزادی کیتھرین انتقال کرگئیں

    سیلاب متاثرہ علاقوں میں بہت تباہی نظرآرہی ہے،بلاول

  • ملک میں مہنگائی میں اضافہ

    ملک میں مہنگائی میں اضافہ

    ملک میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    وفاقی ادارہ شماریارت کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ،حالیہ ہفتے کے دوران ملک میں (ہفتہ وار) مہنگائی کی رفتار کی شرح میں1.29 فیصد اضافہ ہوا جب کہ اس سے پچھلے ہفتے ملک میں مہنگائی میں اضافے کی رفتار کی شرح 0.62 فیصد بڑھی تھی،اسی طرح سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی میں اضافے کی رفتار کی شرح3.57 فیصد سے بڑھ کر5.07 فیصدہو گئی ہے۔

    تازہ اعداد شمار کے مطابق حالیہ ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 4 کی قیمتوں میں کمی جب کہ24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہاحالیہ ہفتے پیاز، ٹماٹر، دال مونگ،آلو، لہسن، گندم کا آٹا سمیت دیگر اشیا مہنگی ہوئیں جبکہ چینی،سرسوں کا تیل اور ڈیزل آئل سستے ہوئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمتوں میں46.03 فیصد،گندم کے آٹے کی قیمتوں میں25.41 فیصد،پیازکی قیمتوں میں8.57 فیصد،آلو کی قیمتوں میں1.38 فیصد،باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں2.62فیصد،دال مونگ کی قیمتوں میں1.29 فیصد،ایل پی جی کی قیمتوں میں 0.88فیصد، لہسن کی قیمتوں میں2.04 فیصد،بریڈ کی قیمتوں میں1.19 فیصد اور لانگ کلاتھ کی قیمتوں میں0.17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    برطانوی شہزادی کیتھرین انتقال کرگئیں

    دریں اثنا کیلوں کی قیمتوں میں3.86 فیصد،ڈیزل کی قیمتوں میں0.91فیصد چینی کی قیمتوں میں0.13فیصد اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں0.10 فیصد کمی واقع ہوئی ہےحالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاروں کے مطابق سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار2.01فیصداضافے کے ساتھ 5.60فیصد رہی۔

    اسی طرح 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 1.90فیصداضافے کے ساتھ6.09فیصد اور 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار1.60فیصداضافے کے ساتھ6.03فیصد رہی۔

    بلاول بھٹو کا سیلاب متاثرہ کسانوں کیلئے زرعی ایمرجنسی اور خصوصی پیکج کا مطالبہ

    علاوہ ازیں 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار1.48فیصد اضافے کے ساتھ5.82فیصد رہی جب کہ44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.99فیصد اضافے کے ساتھ 3.78فیصدرہی ہے۔

  • برطانوی شہزادی کیتھرین انتقال کرگئیں

    برطانوی شہزادی کیتھرین انتقال کرگئیں

    برطانوی شاہی خاندان کی سب سے معمر رکن ڈچس آف کینٹ شہزادی کیتھرین 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

    بادشاہ چارلس نے ڈچس آف کینٹ کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی عزیزہ کو خراج عقیدت پیش کیا،جمعے کو برطانوی شاہی خاندان کے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ نے محترمہ کی وفات کی تصدیق کی،رائل خاندان کی سب سے بزرگ رکن کا انتقال جمعرات 4 ستمبر 2025 کو کینسنگٹن پیلس میں ہوا۔

    بکنگھم پیلس کی جانب سے کہا گیا کہ بادشاہ اور ملکہ اور شاہی خاندان کے تمام ارکان ڈیوک آف کینٹ پرنس ایڈورڈ (مرحومہ کے شوہر)، ان کے بچوں اور پوتوں کے اس نقصان پر غمگین ہیں اور ڈچس کی زندگی بھر تنظیموں کے لیے ان کی وابستگی، موسیقی کے شوق اور نوجوانوں کے لیے ہمدردی کو یاد کرتے ہیں شاہی محل پر یونین جھنڈا بھی ڈچس کی یاد میں سرنگوں کردیا گیا۔

    سیلاب متاثرہ علاقوں میں بہت تباہی نظرآرہی ہے،بلاول

    ڈچس آف کینٹ نے سنہ 1961 میں ڈیوک آف کینٹ پرنس ایڈورڈ سے شادی کی تھی جو کنگ چارلس سوم کی والدہ آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کے کزن تھے اس طرح شہزادی کیتھرین شاہی خاندان کا حصہ بنیں،اگرچہ وہ براہ راست کنگ چارلس کی قریبی رشتہ دار نہیں تھیں لیکن شاہی خاندان کے وسیع دائرے میں ان کا شمار ہوتا تھا، ملکہ الزبتھ کے انتقال کے بعد شہزادی کیتھرین شاہی خاندان کی سب سے عمر رسیدہ رکن بن گئی تھیں۔

    ڈچس آف کینٹ کی وفات کے بعد برطانوی شاہی خاندان کی سب سے عمر رسیدہ رکن اب ان کے شوہر پرنس ایڈورڈ ہیں جو 89 سال کے ہیں، پرنس ایڈورڈ کے بعد شاہ چارلس کی بڑی ہمشیرہ شہزادی این خاندان کی سب سے بزرگ رکن ہیں جن کی عمر 75 برس ہے۔

    بلاول بھٹو کا سیلاب متاثرہ کسانوں کیلئے زرعی ایمرجنسی اور خصوصی پیکج کا مطالبہ