Baaghi TV

Tag: ٌاتازہ ترین

  • پشاور اور دیر میں پولیس پر حملوں میں 5 اہلکار شہید،8 زخمی

    پشاور اور دیر میں پولیس پر حملوں میں 5 اہلکار شہید،8 زخمی

    پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پولیس چوکیوں پر دہشت گردوں کے حملے میں 5 اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے۔

    پشاور کےنواحی علاقے متنی میں ناصر باغ پولیس چوکی اورحسن خیل تھانے پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا، پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے چوکی متنی ادیزئی اور ناصر باغ سخی پل کا حملہ پسپا کر دیا جبکہ تھانہ حسن خیل میں پولیس کا دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ ہوا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا۔

    جمعرات کو پاراچنار کے نستی کوٹ گاؤں میں مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ چھاپہ مارا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایڈیشنل ایس ایچ او روضہ سٹیشن قیصر حسین جام شہادت نوش کر گئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں بھاری نفری موجود تھی، تاہم ڈی پی او کرم یا کسی دیگر اعلیٰ افسر کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بریفنگ جاری نہیں کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں گزشتہ دو دنوں میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں دو افراد قتل ہوئے تھے۔

    دوسری جانب ڈی پی او کے مطابق لوئر دیر میں دہشت گردوں کی جانب میدان میں پولیس کی 2 مختلف چیک پوسٹوں لاجبوک اور شداس پر حملہ کیا گیا، حملے میں ایک پولیس کانسٹیبل شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا،دیربالا میں دہشت گردوں نے کوئیک رسپانس فورس (کیو ار ایف) کی موبائل پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں3 پولیس اہلکار شہید اور 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔

    دریں اثنا، تھانہ حسن خیل حملہ میں شہید پولیس اہلکار جہانگیر خان کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزازکی ساتھ ادا کردی گئی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی،نماز جنازہ میں آئی جی کے پی ذوالفقارحمید، سی سی پی او پشاور قاسم علی خان،پولیس افسران اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔

    آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ پشاور کے ناصر باغ میں پولیس پوسٹ سخی پل، بنوں میں خوجڑی اور مزنگا پولیس پوسٹس، اور چارسدہ و ٹانک میں پولیس چوکیوں پر حملے سیکیورٹی فورسز اور عوام کے تعاون سے پسپا کر دیے گئے،دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا گیا اور بہادر جوانوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس ہر وقت الرٹ ہے۔ آئی جی نے مقامی عوام کے تعاون اور پولیس جوانوں کے حوصلے کو اصل طاقت قرار دیتے ہوئے بروقت کارروائیوں پر فورس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

  • اٹلی کے قریب تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 26 افراد ہلاک

    اٹلی کے قریب تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 26 افراد ہلاک

    اٹلی کے جزیرے لمپیڈوزا کے نزدیک تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 26 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق تارکین وطن کی کشتی جزیرے لمپیڈوزا کے قریب الٹ گئی جس میں 90 سے زائد افراد سفر کر رہے تھے، کشتی ڈوبنے سے 26 افراد ہلاک ہوگئے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم لوگوں کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈوبنے والے 60 افراد کو ریسکیو بھی کیا گیا ہے جن میں 56 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں،کشتی میں سوار افراد نے لیبیا سے سفر کا آغاز کیا تھا تاہم ان کا تعلق کن کن ممالک سے تھا اس بارے میں تاحال کچھ واضح نہیں ہے۔

    کراچی: یوم آزادی پر ہوائی فائرنگ سے بچی سمیت 3 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی

    سرحدوں کی حفاظت کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،عاصم منیر

    حکومت نے عام شہری کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے، وزیر اعظم

  • کراچی: یوم آزادی پر ہوائی فائرنگ سے  بچی سمیت 3 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی

    کراچی: یوم آزادی پر ہوائی فائرنگ سے بچی سمیت 3 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی

    کراچی میں یومِ آزادی کی شب ہوائی فائرنگ کے واقعات میں،بچی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    یومِ آزادی اور نئے سال کی تقریبات کے موقع پر ماضی میں پابندیوں کے باوجود ہوائی فائرنگ کے واقعات معمول بن چکے ہیں، جن میں اکثر درجنوں لوگ زخمی ہو جاتے ہیں،پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے ہوائی فائرنگ میں گولی لگنے سے زخمی 109 افراد کو 3 بڑے ہسپتالوں میں لایا گیا، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

    عزیز آباد بلاک 8 میں 7 سالہ بچی اپنے گھر کی دوسری منزل کی گیلری سے یومِ آزادی کی آتش بازی دیکھ رہی تھی کہ ایک گولی اس کے سر میں جا لگی، اس کے ماموں نے اسے قریبی نجی اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا، بعد ازاں لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں اس کے سر سے گولی نکالی گئی، پولیس نے ہوائی فائرنگ میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے دو 9 ایم ایم پستول برآمد کر لی ہیں، جنہیں فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھیجا جائے گا تاکہ پتہ چل سکے کہ آیا یہ ہتھیار قتل میں استعمال ہوئے تھے یا نہیں۔

    دوسری جانب، عوامی کالونی پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ کورنگی نمبر 3 کے ماڈل فیملی پارک میں ایک 35 سالہ شخص کو اندھی گولی لگی جس سے وہ ہلاک ہو گیا، لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دی گئی، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    تیسرا واقعہ کلری کے علاقے میں ابراہیم مسجد کے قریب آگرہ تاج کالونی میں پیش آیا، جہاں ضلع جنوبی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سید اسد رضا کے مطابق 70 سالہ شخص اپنے گھر کے باہر بیٹھا تھا کہ اسے اندھی گولی لگ گئی، انہوں نے بتایا کہ زخمی کو سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا، مگر وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

  • سرحدوں کی حفاظت کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،عاصم منیر

    سرحدوں کی حفاظت کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،عاصم منیر

    فیلڈمارشل عاصم منیر نے یوم آزادی پر تمام اہل پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت،جنگی تیاری پر مکمل اعتماد ہے، سرحدوں کی حفاظت کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاک فوج خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار، اپنی آزادی وخودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یوم آزادی پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اپنے بزرگوں، برصغیرکےمسلمانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مذہبی اقلیتیں آج بھی ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہیں، دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے انتہائی بھاری جانی ومالی قیمت ادا کی۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ جدوجہد آزادی سمیت معرکہ حق کے شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں، شہدا کی جرات و بہادری، عزم و جذبہ ایمانی کو سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا ہے، کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا مسئلے کا واحد حل، منصفانہ، پائیدارحل ہے، عالمی برادری فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔

    فیلڈمارشل نے یوم آزادی پر تمام اہل پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری پر مکمل اعتماد ہے، سرحدوں کی حفاظت کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، بھارتی سرکار نے روایتی ہٹ دھرمی دکھائی، پاکستان کی شہری آبادی پر حملہ کیا، قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کیا، جو تاریخ میں افواج پاکستان کی بہادری،ولولہ انگیز جذے کی علامت بن چکاہے۔

    فیلڈمارشل نے کہاکہ پاک فوج، روایتی، غیرروایتی، ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اپنی آزادی،خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے، ہم خطے مین امن ،ترقی اور خوشحالی کےمتمنی ہیں،پہلگام واقعے کی پاکستان نے نہ صرف مذمت کی،بلکہ شفاف عالمی تحقیقات کی پیش کی ۔

    دریں اثنا، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے قوم کو پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے، یہ دن اتحاد، استقامت اور روشن مستقبل کے لیے مشترکہ وژن پر غیر متزلزل عزم کی فتح کی علامت ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان نے بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے ناقابلِ تسخیر جذبے، پُرعزم عزم اور قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت میں دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ قربانیاں جنہوں نے آزادی کی راہ ہموار کی، آزادی کے مقصد پر ان کا حوصلہ، دور اندیشی اور غیر متزلزل یقین آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا ایک لازوال مینار ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج اُن عظیم رہنماؤں، مدبر سیاستدانوں اور جان نثار سپاہیوں کو گہری عقیدت و احترام کے ساتھ سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے وطنِ عزیز کی بنیادیں رکھیں، اور ان کے ورثے کو ہمیشہ سنبھالے رکھنے کے عزم کا اظہار کرتی ہیں، بطور محافظِ وطن ہم پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، آئین کی پاسداری، اور ان اقدار کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں جو ہماری قومی شناخت کا حصہ ہیں۔

    مسلح افواج کی قیادت نے کہاکہ مسلح افواج اور عوام کے درمیان اٹوٹ رشتہ ہماری اجتماعی قوت کا سنگِ بنیاد ہے، یومِ آزادی کے اس موقع پر آئیے ہم اس عزم کو پھر سے تازہ کریں کہ امن، ترقی اور اتحاد کے لیے مسلسل کوشش کریں گے، اور ایمان، اتحاد اور قربانی کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔

  • حکومت نے عام شہری کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے،  وزیر اعظم

    حکومت نے عام شہری کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے، وزیر اعظم

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے عام شہری کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے، برسوں کے مسلسل بوجھ کے بعد بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی گئی ہے جس سے عوام اور صنعتوں کو یکساں طور پر ریلیف مل رہا ہے-

    وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ آج کے دن اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہوئے پاکستان کے 78 سال مکمل ہونے پر قوم کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ سمیت تحریک آزادی کے بلند ہمت، دور اندیش قائدین اور کارکنوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بکھری ہوئی قوم کو ایک فکر، ایک مشن اورایک نصب العین پر نہ صرف متحد کیا بلکہ اپنی ولولہ انگیز سیاسی جدوجہد کے ذریعے تاریخ کا دھارا موڑ کر ایک الگ نظریاتی ریاست کے قیام کے ناممکن سمجھے جانے والے خواب کو شرمندہ تعبیر کردکھایا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ گزرے 78 سال آزمائش آمیز سفر، اللہ پر کامل یقین اور تابناک مستقبل کی امید کی کہانی ہے جس میں ہمیں بطور قوم کئی مشکل مراحل سے گزرنا پڑا، لیکن اس سب کے باوجود پاکستان نے ہر شعبے میں کامیابیوں اور کامرانیوں کے کئی سنگ میل عبور کئے ہیں، معیشت سے کھیل کے میدانوں اور دفاع سے آئی ٹی تک، ہر شعبے میں، پاکستانیوں نے اپنی بے مثال عزم وہمت اور علم وہنر کے باب رقم کئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی مسلط کردہ جنگ، 6 سے 10 مئی 2025 کے دوران، معرکہ حق میں پاکستان کی عظیم فتح نے 79ویں یوم آزادی کی نہ صرف اہمیت میں اضافہ کر دیا ہے بلکہ پاکستانیوں کے دل میں ایک نئی امنگ اور جذبہ بھی بیدار کردیا ہے جس سے جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل سے بھارت کے اس حملے میں اپنی تابندہ روایات دہراتے ہوئے ہماری بہادر مسلح افواج نے بنیان مرصوص بن کر دشمن کے غرور کا بت پاش پاش کر دیا، ہمارے شیروں اور شاہینوں کی عسکری مہارت، بہادری اور جذبہ ایمانی نے دشمن کو چند گھنٹوں میں ہی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا، آزادی کی ٹھنڈی چھائوں فراہم کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ صرف عسکری فتح نہیں تھی بلکہ دوقومی نظریے کی صداقت کی بھی جیت تھی جو وطن عزیز کی اساس ہے، ہم اپنے دفاع اور آبی وسائل سمیت قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اسی جذبے سے آگے بڑھتے رہیں گے،پاکستان کی سالمیت، دفاع اور تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امن پسند قوم کے طورپر یہ بھی دہراتے ہیں کہ ہم خطے اور دنیا میں پرامن بقائے باہمی اور بات چیت کے سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں، بھارت کو بھی اسی جذبے سے جموں وکشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کی طرف آنا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عام شہری کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے، برسوں کے مسلسل بوجھ کے بعد بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی گئی ہے جس سے عوام اور صنعتوں کو یکساں طور پر ریلیف مل رہا ہے، آج میں بطور وزیراعظم بالخصوص اس عزم کا بھی اعادہ کرتا ہوں کہ حکومت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی اور عصر حاضر کے نئے معاشی و صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام پالیسیوں اور پروگراموں سے قطع نظر پاکستان کے عروج کے پیچھے اصل قوت ہمارا اتحاد ہے، دفاع کی طرح معاشی طورپر ناقابل تسخیر ہونا قومی دفاع اور سالمیت کی ایک بہت بڑی ضرورت ہے جس کے لیے ہم سب کو معرکہ حق اور تحریک پاکستان جیسے پرخلوص جذبے کی ضرورت ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں اور تمام طبقات کو آج کے دن پرخلوص پیشکش کرنا چاہتا ہوں کہ اتحاد و اتفاق سے قومی مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لیے اشتراک عمل کی راہ اپنائیں تاکہ ہم بحیثیت مجموعی قوم کو ترقی و خوشحالی کی اس منزل سے ہمکنار کریں جس کا خواب قیام پاکستان کی صورت ہمارے اسلاف اور شہیدوں نے دیکھا تھا۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا امکان

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا امکان

    اسلام آباد: بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر 16 اگست سے اگلے 15 دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا امکان ہے۔

    متعلقہ حکام نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11.75 روپے فی لیٹر کمی کا تخمینہ لگایا ہے،جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 1.32 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6.25 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7.11 روپے فی لیٹر کی کمی متوقع ہے۔

    عالمی توانائی ایجنسی کی جانب سے اس سال اور اگلے سال تیل کی بڑھتی ہوئی اضافی مقدار کی پیشگوئی کے بعد خام تیل کے فیوچرز 2 ماہ کی کم ترین سطح 62.7 ڈالر فی بیرل تک گر گئے،اگر ان تجاویز کو منظور کر لیا جاتا ہے، تو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 282.83 روپے سے کم ہو کر 274.08 روپے فی لیٹر ہو سکتی ہے۔

  • پاکستان کے یومِ آزادی پر گوگل نے اپنا ڈوڈل تبدیل کردیا

    پاکستان کے یومِ آزادی پر گوگل نے اپنا ڈوڈل تبدیل کردیا

    دنیا کے معروف ترین سرچ انجن گوگل نےپاکستان کے یوم آزادی 14 اگست کے موقع پر اپنا ڈوڈل تبدیل تبدیل کردیا ہے۔

    پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے گوگل نے اپنے ڈوڈل کے ڈیزائن میں تبدیلی کرتے ہوئے سبز ہلالی پرچم کو آسمان پر لہراتے ہوئے دکھایا ہے جس کے پس منظر میں بادلوں کی صورت میں گوگل کا نام نظر آرہا ہے، گوگل اس سے قبل بھی پاکستان کے قومی دنوں پر خوبصورت اور منفرد ڈوڈل تبدیل کرتا رہا ہے۔

    ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے عالمی سطح پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والے سرچ انجن گوگل پر دنیا بھر کے اہم مواقع، تہواروں، ایونٹس اور بین الاقوامی سطح پر ریکارڈز بنانے والی شخصیات کی مناسبت سے اکثر ڈوڈل تبدیل کیا جاتا ہے،اہم مواقع پرڈوڈل تبدیل کرنے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی گوگل نے 14 اگست کے موقع پر اپنا ڈوڈل یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ڈیزائن کیا ہے۔

    گوگل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 14 اگست 1947ء کو پاکستان نے آزادی حاصل کی اور ایک خودمختار ریاست بن گیا، یہ دن بانیانِ پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کو یاد کرنے کا بھی موقع ہے۔

  • مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد

    مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد

    جشن آزادی پر سروسز چیفس فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر ، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قوم کو مبارکباد دی ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دن اتحاد، ثابت قدمی اور روشن مستقبل کے مشترکہ وژن سے وابستگی کا نشان ہے، ہم بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں،قائداعظم کی بصیرت افروز قیادت میں بے مثال قربانیاں دی گئیں ، مسلح افواج ان رہنماؤں کو گہری عقیدت کے ساتھ خراج تحسین پیش کرتی ہیں، بطور محافظین ملکی سلامتی، پاکستان کی خودمختاری کی حفاظت کاعزم کرتے ہیں۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج علاقائی سالمیت کے تحفظ، آئین کی پاسداری کے عزم کااعادہ کرتی ہیں، مسلح افواج اور عوام کے درمیان اٹوٹ رشتہ ہماری اجتماعی قوت کی بنیاد ہے،آئیں یوم آزادی پر اس عزم کی تجدید کریں کہ امن، ترقی اور اتحاد کیلئے کوشاں رہیں گے۔

  • یوم آزادی پر امریکی وزیرخارجہ کی پاکستان کو مبارکباد

    یوم آزادی پر امریکی وزیرخارجہ کی پاکستان کو مبارکباد

    واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے 78 ویں یوم آزادی پر پاکستان کو مبارکباد پیش کی ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی عوام یوم آزادی منا رہےہیں، انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں، امریکا انسداد دہشت گردی اور تجارت پرپاکستان کے اقدامات کو سراہتا ہے،ہم اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش کے منتظر ہیں، ان میں اہم معدنیات، ہائیڈروکاربن،کاروباری شراکت داری شامل ہیں اور اس سےامریکیوں اورپاکستانیوں کے لیے ایک خوشحال مستقبل کو فروغ ملےگا۔

    مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب، پاک فوج کے دستے نے چارج سنبھال لیا

    یوم آزادی کے موقع پر امریکی کانگریس کے رہنماؤں کی جانب سے بھی پاکستان کے لیے خیرسگالی کے پیغامات بھیجے گئے ہیں۔ پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر Riina Kionka کی جانب سے بھی پاکستان کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی گئی۔

    رکن کانگریس جوڈی چو نے کہا کہ انھیں یوم آزادی کی تقریب کا حصہ بننے پر فخرہے، امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی موجودگی باعثِ فخر ہے،رکن کانگریس زولوف گرن نے کہا کہ سیلیکون ویلی پاکستانی امریکیوں کی بڑی اور متحرک کمیونٹی کا گھر ہے، پاکستانی امریکی ہمارے ملک کی فلاح و بہبود میں بہت زیادہ حصہ ڈالتے ہیں۔

    پاکستان کا 78 واں یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے،پتوکی میں بہت بڑی کانفرنس

  • غزہ میں صہیونی فوج کے وحشیانہ حملے،مزید123 فلسطینی شہید

    غزہ میں صہیونی فوج کے وحشیانہ حملے،مزید123 فلسطینی شہید

    غزہ میں صہیونی فوج کے وحشیانہ حملوں میں آج صبح سے اب تک 55 اور 24 گھنٹوں میں 123 فلسطینی شہید ہوگئے، جبکہ اس دوران بھوک سے تین بچوں سمیت مزید 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    الجزیرہ نے غزہ کی وزارت صحت کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں کم از کم 123 فلسطینی شہید اور 437 زخمی ہوئے ہیں، جن میں 22 امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں،اسی مدت کے دوران تین بچوں سمیت کم از کم 8افراد بھوک کی وجہ سے شہید ہوگئے، جس کے بعد بھوک سے ہونے والی شہادتوں کی مجموعی تعداد 235 ہو گئی ہے، جن میں 106 بچے شامل ہیں،صبح سے اب تک اسرائیلی فورسز کے حملوں میں غزہ بھر میں کم از کم 55 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

    پی ٹی ٰآئی سینیٹر اعجاز چوہدری کی جیل میں طبیعت بگڑ گئی،اسپتال منتقل

    نصیر میڈیکل کمپلیکس کے ذرائع کے مطابق شہید ہونے والوں میں 22 افراد امداد کی تلاش میں تھے، جن میں سے 13 کو رفح کے شمال میں ایک امدادی مرکز کے قریب اسرائیلی فورسز نے شہید کیا گیا۔

    ادھر،اسرائیلی فوج نے چند امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت دی تاکہ یہ تاثر پیدا ہو کہ خوراک آرہی ہے، لیکن اس کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں، لوگ اب بھی روزانہ کی بنیاد پر جبری بھوک سے شہید ہو رہے ہیں۔

    لکی مروت : دہشتگردوں نے پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا، پنجاب کو گیس کی فراہمی معطل