Baaghi TV

Tag: پاکستان

  • سندھ طاس معاہدہ: پاکستان نےعالمی ثالثی عدالت میں بھارت کے خلاف اعتراضات جمع کرادیے

    سندھ طاس معاہدہ: پاکستان نےعالمی ثالثی عدالت میں بھارت کے خلاف اعتراضات جمع کرادیے

    سندھ طاس معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت عالمی ثالثی عدالت میں جاری ہے-

    انڈس واٹرز آربیٹریشن کیس کے دوسرے مرحلے کی سماعت مکمل ہو چکی ہے، جس دوران پاکستان نے بھارتی پن بجلی منصوبوں کے ڈیزائن، پانی کے بہاؤ اور تکنیکی پہلوؤں پر تفصیلی تحفظات پیش کیےعالمی عدالت برائے ثالثی میں پاکستان کی نمائندگی اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ انڈس واٹر ٹریٹی کمشنر مہر علی شاہ اور مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفرا بھی موجود تھے۔

    پاکستانی وفد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بھارت دریائے سندھ، جہلم اور چناب پر منصوبے تعمیر کرتے وقت سندھ طاس معاہدے میں طے شدہ حدود سے تجاوز کر رہا ہے، جو معاہدے کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

    پاکستان نے عدالت سے درخواست کی کہ بھارت کو معاہدے کے تحت ان تین دریاؤں پر پن بجلی منصوبوں کی اجازت، ان کی نوعیت اور دائرہ کار سے متعلق واضح وضاحت فراہم کرنے کا پابند بنایا جائے وفد کا مؤقف تھا کہ بھارتی منصوبوں کی نصب شدہ صلاحیت اور متوقع پانی کے بہاؤ کا درست اور شفاف تعین نہایت اہم ہے تاکہ سندھ طاس معاہدے کی روح کے مطابق فیصلے کیے جا سکیں،ادھر بھارت نے سماعت میں شرکت کی دعوت کا کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی عدالت کے روبرو پیش ہوا۔

    ثالثی عدالت کے بینچ کی قیادت امریکا سے تعلق رکھنے والے پروفیسر شان ڈی مرفی نے کی، جبکہ دیگر بین الاقوامی ججز بھی کارروائی کا حصہ تھے، یہ عالمی فورم 127 رکن ممالک پر مشتمل ہے اور بین الاقوامی تنازعات کے حل میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔

  • پاکستان نے  بہترین ڈپلومیسی سے کھیل بچا لیا، بھارتی میڈیا کا بڑا اعتراف

    پاکستان نے بہترین ڈپلومیسی سے کھیل بچا لیا، بھارتی میڈیا کا بڑا اعتراف

    پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف کھیلنے کے فیصلے کو جہاں دنیا بھر کے کرکٹ شائقین نے خوش آئند قرار دیا، وہیں بھارتی میڈیا بھی پاکستان کی کامیاب سفارتی حکمتِ عملی کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے ایک بار پھر کرکٹ کو سیاست سے بالاتر رکھتے ہوئے دانشمندانہ اور موثر ڈپلومیسی کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے باعث عالمی توجہ پاکستان پر مرکوز ہو گئی ہے، بھارتی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے اس فیصلے نے بھارت کو بھی ایک مشکل سفارتی صورتحال میں لا کھڑا کیا ہے۔

    بھارتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان نے نہ صرف کرکٹ کے عالمی مفاد کو ترجیح دی بلکہ ایک مثبت پیغام بھی دیا کہ کھیل کو کشیدگی کی نذر نہیں ہونا چاہیے بعض بھارتی میڈیا ادارے اپنی ہی حکومت کی سخت پالیسیوں پر تنقید کرتے دکھائی دیے اور کہا کہ ‘پاکستان کے بغیر کرکٹ واقعی ادھوری رہتی ہے’ اور پاکستان کا یہ فیصلہ کرکٹ کے لیے خوش آئند ہے۔

    دوسری جانب ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج میچ کے اعلان نے شائقینِ کرکٹ کو جوش و خروش میں مبتلا کر دیا ہے میچ کے اعلان کے فوری بعد ممبئی سے کولمبو جانے والی پروازوں کے ایئر ٹکٹس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے کرایوں میں دو لاکھ پاکستانی رو پے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ متعدد پروازیں پہلے ہی فل ہو چکی ہیں۔

    پاکستان حکومت کی جانب سے میچ کھیلنے کے فیصلے کے بعد کولمبو کی ہوٹل انڈسٹری میں بھی جان پڑ گئی، ہزاروں شائقینِ کرکٹ نے فوری طور پر ہوٹلز کی بکنگ شروع کر دی، جس کے باعث کئی بڑے ہوٹلز مکمل طور پر بک ہو چکے ہیں۔

    کولمبو کی ہوٹل انڈسٹری کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میچ کے دوران ہر سطح پر معیاری سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ شہر میں سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور سہولیات کے حوالے سے بھی جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اس موقع پر ٹورزم، ایئر لائنز اور ٹریول انڈسٹری بھی مکمل طور پر فعال ہو چکی ہے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے کرکٹ شائقین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    ماہرین کے مطابق یہ میچ نہ صرف کرکٹ بلکہ سفارتی، معاشی اور سیاحتی حوالے سے بھی خطے کے لیے ایک اہم ایونٹ ثابت ہو سکتا ہے۔

  • پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اقتصادی و سرمایہ کاری تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق

    پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اقتصادی و سرمایہ کاری تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق

    نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے انڈونیشیا کے وزیر برائے سرمایہ کاری و ڈاؤن اسٹریم انڈسٹری اور خودمختار ویلتھ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو روزان روزلانی سے وفد کی سطح پر ملاقات کی۔

    ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مضبوط بنانے، ممکنہ مشترکہ منصوبوں اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا گیا صحت سمیت ترجیحی شعبوں میں بہترین تجربات کے تبادلے اور تعاون پر بھی گفتگو ہوئی-

    اجلاس کے دوران وزارتِ خزانہ، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے پاکستان کے سرمایہ کاری ماحول، ترجیحی شعبوں اور سہولت کاری کے نظام پر بریفنگ دی گئی، جبکہ انڈونیشیا کے خودمختار ویلتھ فنڈ اور ڈاؤن اسٹریم سرمایہ کاری کے تجربے سے استفادے پر بھی بات چیت کی گئی۔

    نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان اور انڈونیشیا کے دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو باہمی احترام اور تعاون پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ باہمی سرمایہ کاری دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

    ملاقات میں وزیر صحت، معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق باجوہ، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ، نیشنل کوآرڈینیٹر SIFC، سیکریٹری خزانہ، قائم مقام سیکریٹری خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

  • بھارت کیخلاف میچ کیلئے پاکستان کی ہامی، اب ورلڈکپ ایک بڑی کامیابی کی کہانی ثابت ہوگا،راجیو شکلا

    بھارت کیخلاف میچ کیلئے پاکستان کی ہامی، اب ورلڈکپ ایک بڑی کامیابی کی کہانی ثابت ہوگا،راجیو شکلا

    راجیو شکلا نےپاک بھارت میچ کو سب کے لیے خوش آئند خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ورلڈکپ ایک بڑی کامیابی کی کہانی ثابت ہوگا۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی کی کوششوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20 ورلڈکپ کا شیڈول میچ 15 فروری کو کولمبو میں کھیلا جائے گا وہ آئی سی سی کے نمائندے کی جانب سے شروع کی گئی مشاورت کے نتائج پر خوش ہیں، جس کی نگرانی آئی سی سی چیئرمین نے کی۔

    انہوں نے بتایا کہ نمائندہ وفد لاہور گیا تھا جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام سے بات چیت کی گئی،یہ ایک خوشگوار اور قابلِ قبول حل ہے جس میں کھیل کی اہمیت کو ترجیح دی گئی آئی سی سی نے مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے معاملے کو حل کیا اور کرکٹ کو دوبارہ مرکزِ نگاہ بنایا، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔

    راجیو شکلا نے کہا کہ آئی سی سی پاکستان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کامیاب رہی اور بالآخر پاکستان کے کولمبو میں میچ کھیلنے کا فیصلہ ہوا۔ انہوں نے اسے سب کے لیے خوش آئند خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ورلڈکپ ایک بڑی کامیابی کی کہانی ثابت ہوگا ان مذاکرات کے نتیجے میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے تحفظات بھی دور ہوئے اور انہیں بھی اطمینان حاصل ہوا ہے یہ سب کے لیے فائدہ مند صورتحال ہے اور انہیں خوشی ہے کہ میچ شیڈول کے مطابق ہوگا اور ایونٹ کامیاب رہے گا۔

  • پاکستان کو ماحولیاتی دہشتگردی کے خلاف بھی جہاد کرنا ہوگا،مصدق ملک

    پاکستان کو ماحولیاتی دہشتگردی کے خلاف بھی جہاد کرنا ہوگا،مصدق ملک

    چوتھی پاکستان کلائمیٹ کانفرنس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں ملک کے لیے ایک سنگین قومی سلامتی کا مسئلہ بن چکی ہیں۔

    مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی دہشتگردی کے خلاف بھی جہاد کرنا ہوگا، کیونکہ موسمیاتی تبدیلیاں ملک کے لیے ایک سنگین قومی سلامتی کا مسئلہ بن چکی ہیں،انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 4 بڑے سیلابوں کے نتیجے میں 19 ہزار افراد مستقل معذوری کا شکار ہوچکے ہیں، جبکہ یہ نقصان معاشی اور اقتصادی خسارے کے علاوہ ہے-

    انہوں نے کہا کہ ان سیلابوں کے باعث 4 کروڑ افراد بے گھر ہوئے، جن میں سے 50 فیصد اسکول جانے کی عمر کے بچے ہیں، جو تعلیم اور مستقبل دونوں کے لیے خطرناک صورتحال ہے، ایک بڑے سیلاب سے ایک پوری نسل غربت کے دلدل میں دھکیل دی جاتی ہے، جس کے اثرات دہائیوں تک رہتے ہیں۔

    انہوں نے عالمی سطح پر عدم مساوات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 10 بڑے ممالک 70 سے 75 فیصد کاربن کا اخراج کر رہے ہیں، جبکہ یہی ممالک دنیا کی 80 فیصد گرین فنانسنگ بھی حاصل کر رہے ہیں موسمیاتی انصاف کے بغیر عالمی ماحولیاتی نظام کو محفوظ بنانا ممکن نہیں، اور ترقی پذیر ممالک کو اس بحران کی قیمت نہیں چکانی چاہیے جو انہوں نے پیدا نہیں کیا۔

  • ازبکستان کے سفیر کی صدر مملکت سے ملاقات،ازبک صدر کا خط بھی پیش کیا

    ازبکستان کے سفیر کی صدر مملکت سے ملاقات،ازبک صدر کا خط بھی پیش کیا

    صدرِ مملکت آصف زرداری سے ازبکستان کے پاکستان میں سفیرعلیشر تُختایوف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی اور صدرِ پاکستان کو ازبک صدر شوکت مرزیایوف کا خط بھی پیش کیا۔

    ملاقات کے دوراھن صدرِ مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان، ازبکستان کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کو غیرمعمولی اہمیت دیتا ہے اور حالیہ تاریخی اور نتیجہ خیز سرکاری دورۂ پاکستان کے ثمرات پر مؤثر عملدرآمد کو ناگزیر قرار دیتا ہے۔

    اپنے خط میں ازبک صدر نے دورۂ پاکستان کے دوران غیرمعمولی مہمان نوازی اور پرتپاک استقبال پر صدر زرداری، حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان سے نوازے جانے اور اعزازی پروفیسرشپ و ڈاکٹریٹ عطا کیے جانے پر بھی دلی مسرت اور قدردانی کا اظہار کیا۔

    صدرِ مملکت آصف زرداری نے ازبکستان کے ساتھ خوراک و زراعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، صحت اور بینکاری سمیت اہم شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    انہوں نے ازبکستان کی جانب سے پاکستان سے حلال گوشت، پھل اور آلو درآمد کرنے میں دلچسپی کو دوطرفہ تجارت کے فروغ کی جانب مثبت قدم قرار دیا۔

    ازبک صدر شوکت مرزیایوف نے صدر زرداری کو دورۂ ازبکستان کی اپنی دعوت کا اعادہ کیا، جو اس سے قبل دونوں رہنماؤں کی بالمشافہ ملاقات کے دوران دی گئی تھی صدرِ پاکستان نے یہ دعوت قبول کرتے ہوئے متعلقہ پاکستانی حکام کو ہدایت کی کہ وہ ازبک ہم منصبوں سے رابطہ کر کے رواں سال کے دوران اس دورے کو حتمی شکل دیں۔

    صدرِ مملکت نے حالیہ اسلام آباد میں ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد یکجہتی اور تعاون کے پیغام پر ازبک صدر کا شکریہ اداکرتے ہوئے امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ سفر کو جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

    اس موقع پر ازبک سفیر علیشر تُختایوف نے صدرِ پاکستان کو آگاہ کیا کہ ازبکستان اسلام آباد کے ایف 7 سیکٹر میں واقع بابر پارک کی تعمیر و ترقی میں دلچسپی رکھتا ہے اس سلسلے میں ایک متعلقہ ازبک وزیرپاکستانی حکام سے مشاورت کی غرض سے آئندہ ہفتے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔

  • پاک بھارت میچ: سری لنکا پاکستان کے فیصلے پر مشکور

    پاک بھارت میچ: سری لنکا پاکستان کے فیصلے پر مشکور

    سری لنکا کے وزیر خارجہ، امورِ بیرونِ ملک روزگار اور سیاحت وجیتھا ہیراتھ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، حکومتِ پاکستان اور دفترِ خارجہ کا سری لنکا کی درخواست پر مثبت غور کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وجیتھا ہیراتھ نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان کے اسپورٹس حکام کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قدم اسپورٹس مین اسپرٹ، دوستی اور پاکستان و سری لنکا کے مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان اور صدرِ سری لنکا کے درمیان حال ہی میں ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے یاد دلایا کہ مشکل حالات میں پاکستان اور سری لنکا ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

    صدرِ سری لنکا نے وزیراعظم پاکستان سے موجودہ صورتِ حال کو دوستانہ اور خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے سنجیدہ غور و فکر کی درخواست کی تھی،بین الاقوامی برادری اور دوست ممالک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتِ پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

  • پاک -انڈونیشیا کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری تعاون کا فروغ ،انڈونیشین وزیر اسلام آباد پہنچ گئے

    پاک -انڈونیشیا کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری تعاون کا فروغ ،انڈونیشین وزیر اسلام آباد پہنچ گئے

    پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطحی رابطوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

    نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر انڈونیشیا کے وزیر برائے سرمایہ کاری و ڈاؤن اسٹریم انڈسٹری اور انڈونیشین سوورن ویلتھ فنڈ دانانتارا کے چیف ایگزیکٹو آفیسرروزان روزلانی گزشتہ شام اسلام آباد پہنچ گئے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق انڈونیشین وزیرکو اسلام آباد ایئرپورٹ پر وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل (ایسٹ ایشیا پیسیفک) اور پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر نے استقبال کیا،اپنے دورے کے دوران روزان روزلانی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے جامع ملاقات کریں گے۔

    مجوزہ ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا،یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی جہت دینے اور باہمی مفاد کے منصوبوں کو آگے بڑھانے میں اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

  • پاکستان نے آئی سی سی سے اپنی شرائط منوا لیں، بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ

    پاکستان نے آئی سی سی سے اپنی شرائط منوا لیں، بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ

    پاکستان نے آئی سی سی سے اپنی شرائط منوا لی ہیں اور اب بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی سطح پر بار بار درخواست کے باعث پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا پاکستان نے سری لنکن صدر کی درخواست پر بھارت کے ساتھ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیم 15 فروری کو شیڈول کے مطابق میچ کھیلیں گی

    قبل ازیں سری لنکن صدر نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفون پر درخواست کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں منعقدہ یہ میچ کھیلنا چاہیے سری لنکن صدر نے اس موقع پر یاد دلایا کہ دہشتگردی کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ سری لنکن کرکٹ کو بھرپور سپورٹ فراہم کی اور پاکستانی ٹیم نے بھی مشکل حالات میں سری لنکا میں کرکٹ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ڈسانائیکے کے جذبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں بھی مشکل ادوار کے دوران سری لنکا نے بھرپور ساتھ دیا اور پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے کرکٹ کو جاری رکھا وزیراعظم نے حال ہی میں سری لنکن ٹیم کے پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کرنے کے فیصلے کو بھی ایک قابل تعریف اور ناقابل فراموش اقدام قرار دیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کو ٹی20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے حوالے سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کرنے کا کہا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر کی ملاقات ہوئی، جس میں اس اہم ایشو پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • ماضی کی غلطیوں کا اعتراف کیے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے ،خواجہ آصف

    ماضی کی غلطیوں کا اعتراف کیے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے ،خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان باشندوں کو کئی دہائیوں تک پناہ دی، لیکن اس کا مناسب اعتراف نہیں کیا گیا۔

    قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئےخواجہ آصف نے کہاکہ دہشتگردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اسے ہر حال میں مسترد کیا جانا چاہیے پا کستان نے افغان باشندوں کو کئی دہائیوں تک پناہ دی، لیکن اس کا مناسب اعتراف نہیں کیا گیا، بھارت افغانستان کے پیچھے چھپ کر پاکستان پر حملے کررہا ہے، جبکہ پاکستان نے کبھی بھی افغانستان کے خلاف جارحیت نہیں کی،اپنی مٹی کے ساتھ تعلق کو مضبوط بنانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے بھار ت کو جس طرح ماضی کی جنگوں میں شکست ہوئی، وہ دوبارہ حملے کی سوچ بھی نہیں سکتا۔

    وزیر دفاع نے واضح کیاکہ پاکستان افغانستان میں دو جنگوں میں فریق رہا اور آزادی کے فوراً بعد افغانستان کی جانب سے پاکستان پر دوبارہ حملہ ہوایہ جنگیں کوئی جہاد نہیں تھیں اور ہمیں ماضی کے اسباق سے سبق سیکھنا چاہیے نائن الیون کے ذمہ دار کا آج تک پتا نہیں چل سکا، اور افغانستان نے اس واقعے میں کوئی کردار نہیں ادا کیا۔

    خواجہ آصف نے تاریخی ہیروز کو یاد رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے وطن کی جنگ لڑی، ہمیشہ ہمارے لیے مشعل راہ رہیں گے۔ پاکستان کی شناخت اور وراثت پر فخر کرنا چاہیے، اور سڑکیں، عمارات اور یادگاریں اپنے ہیروز کے نام کرنی چاہییں تاکہ نئی نسل اپنی ثقافت اور تاریخ سے واقف ہوختلافات اپنی جگہ، لیکن دہشتگردی کے خلاف متحد ہونا ہر شہری کا فرض ہے افسوس کہ آج بھی بعض حلقے دہشتگردی کی واضح مذمت نہیں کرتے ماضی کی غلطیوں کا اعتراف کیے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے اور پاکستان کو تاریخ کے اسباق سے سبق سیکھنا ہوگا۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کبھی ویزا نظام نہیں تھا اور لوگ اجازت نامے پر جا سکتے تھے خود بھی انہوں نے بغیر ویزا افغانستان کا دورہ کیا،روس کے خلاف افغانستان میں لڑنے والی جنگ بھی کوئی جہاد نہیں تھی، اور امریکیوں کی مدد کے باوجود ہمیں اس سے کوئی درس حا صل نہیں ہوا،جب تک ہم ماضی کی غلطیوں اور تاریخی حقائق کا اعتراف نہیں کریں گے، ملک ترقی اور مضبوطی کی راہ پر آگے نہیں بڑھ سکتا۔