Baaghi TV

Tag: کھیل

  • نقوی صاحب،پی سی بی میں انقلاب لائیں، شائقین اس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں،خواجہ آصف

    نقوی صاحب،پی سی بی میں انقلاب لائیں، شائقین اس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں،خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نقوی صاحب، نظام میں مسلسل بہتری آتی رہنی چاہیے، پی سی بی میں انقلاب لائیں، شائقین اس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔

    ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ،قوی صاحب سسٹم ہر وقت بہتر ہو رہے ہوتے ہیں اور ہونے چاہییں ،نمونے کے طور پہ PCB میں کوئی انقلاب لائیں کرکٹ کے شائقین PCB کی پرفارمنس سے کوئی اتنے مطمئن نہیں پی سی بی میں مکمل اختیار آپ کے پاس ہے، نہ وزیراعظم ہے نہ پارلیمنٹ ہے اور نہ ہی کوئی فرسودہ سیاسی نظام رکاوٹ ہے۔

    گزشتہ روز خواجہ آصف نے کہا تھا کہ نقوی صاحب اس نظام کے انتہائی طاقتور عہدوں پر ساڑھے تین سال سے فائز ہیں، چاہتے تو نظام کی تبدیلی کی بات یا پیشرفت اس عرصے میں کر سکتے تھے، چلیں دیر آید درست آید،محسن نقوی نے سسٹم کی کسمپرسی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، ذاتی طور پر ان خیالات سے کم و بیش اتفاق کرتا ہوں، نقوی صاحب تو ماشاء اللہ خود ایک پاور ہاؤس ہیں، سسٹم مضبوط کرنا اور بنیادی تبدیلی لانی ہے تو اس کا فورم پارلیمنٹ ہے جس کے وہ رکن ہیں۔

  • انگلینڈ اور آئر لینڈ میں شکست، بھارتی کرکٹ ٹیم کے معاون کوچ مستعفی

    انگلینڈ اور آئر لینڈ میں شکست، بھارتی کرکٹ ٹیم کے معاون کوچ مستعفی

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹن ڈوشیٹے نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ریان ٹن ڈوشیٹے نے انگلینڈ میں قیام کے دوران بھارتی کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ،تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے تاحال اس استعفے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، ریان ٹن ڈوشیٹے جلد ہی انڈین پریمیئر لیگ یعنی آئی پی ایل کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہوں گےان کا بھارتی ٹیم کے ساتھ معاہدہ جولائی 2024 سے جولائی 2026 تک تھا، جو رواں ماہ اپنی مدت پوری کر چکا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق،ریان ٹن ڈوشیٹے نے راہول ڈریوڈ کی جگہ گوتم گمبھیر کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد بھارتی ٹیم کے معاون کوچنگ اسٹاف میں شمولیت اختیار کی تھی،اپنے دور میں وہ بیٹنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں کی ذمہ داریاں نبھاتے رہے، ان کی کوچنگ کے دوران بھارت نے 2025 کا ایشیا کپ اپنے نام کیا جبکہ 2026 میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع بھی کیا، تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ رہ سکی۔

    رپورٹس کے مطابق بھارت کو آسٹریلیا کے خلاف بارڈر-گواسکر ٹرافی میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 3-0 اور جنوبی افریقا کے خلاف 2-0 سے ٹیسٹ سیریز بھی گنوانا پڑی،ریان ٹن ڈوشیٹے ماضی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں اور 2012ء اور 2014ء میں آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے تھے۔

  • ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیے نئی فٹنس پالیسی جاری

    ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیے نئی فٹنس پالیسی جاری

    پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیے نئی فٹنس پالیسی جاری کر دی۔

    پی سی بی کے مطابق ریجنل، ڈیپارٹمنٹل، ضلعی اور زونل ٹیموں پر نئی فٹنس پالیسی کا اطلاق ہو گا ، تمام عمر کے کھلاڑیوں کے لیے فٹنس ٹیسٹنگ اور بہتری کا منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے۔

    پی سی بی کے مطابق ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن جاوید مغل نے فٹنس پلان تیار کیا ، نئی فٹنس پالیسی بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر مرتب کی گئی،پلان کے تحت ٹائر ون میں ریجنل، فرسٹ کلاس اور گریڈ ٹو ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں جبکہ ٹائر ٹو میں سینئر ڈسٹرکٹ، انڈر 19، 17 اور 15 ٹیموں کے کھلاڑی شامل ہوں گے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹائر ون کے کھلاڑی 11 مختلف ٹیسٹ اور ٹائر ٹو کے کھلاڑی مجموعی طور پر آٹھ مختلف ٹیسٹ سے گزریں گے ،ٹائر ون میں 8 یا اس سے زیادہ ریڈ اسکور حاصل کرنے والا کھلاڑی فیل قرار پائے گا ، ٹائر ٹو میں 6 یا اس سے زیادہ ریڈ اسکور پر بھی کھلاڑی فٹنس ٹیسٹ میں ناکام تصور ہو گا ،فٹنس ٹیسٹ میں ناکام کھلاڑیوں کو تمام ٹیسٹ دوبارہ دینا ہوں گے۔

    گزشتہ سال بھی پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے نئی فٹنس پالیسی متعارف کروا ئی تھی جس میں 26-2025ء کے سیزن سے پہلے تمام ریجنل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔

  • ارشدیپ سنگھ نے سمرین کور کے ساتھ تعلقات کی تصدیق کر دی

    ارشدیپ سنگھ نے سمرین کور کے ساتھ تعلقات کی تصدیق کر دی

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے اداکارہ اور ماڈل سمرین کور کے ساتھ اپنے تعلقات کی باضابطہ تصدیق کر دی۔

    ارشدیپ سنگھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سمرین کور کے ہمراہ دو تصاویر شیئر کرتے ہوئے مختصر کیپشن ’My Person‘ لکھ کر اپنے تعلقات کا باضابطہ اعلان کیا۔ جس پر مداح اور شوبز و کرکٹ شخصیات انہیں مبارک باد دے رہی ہیں۔

    دونوں کے درمیان تعلقات کی خبریں رواں سال اس وقت سامنے آئیں جب ارشدیپ سنگھ نے اسنیپ چیٹ پر ایک ایسی تصویر شیئر کی جس میں خاتون کا چہرہ واضح نہیں تھا،سوشل میڈیا صارفین نے تصویر میں موجود خاتون کے ٹیٹو اور نیل آرٹ کو سمرین کور سے جوڑتے ہوئے دونوں کے درمیان تعلق کا اندازہ لگایا، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں تیزی سے پھیلنے لگیں۔

    ارشدیپ سنگھ اور سمرین کور کے درمیان تعلقات کی افواہیں آئی پی ایل 2026 کے دوران اس وقت زور پکڑ گئیں جب ایک وائرل تصویر میں دونوں کو مبینہ طور پر ایک ساتھ دیکھا گیا بعد ازاں سمرین کو پنجاب کنگز کے متعدد میچز میں بھی اسٹیڈیم میں موجود دیکھا گیا جس سے ان افواہوں کو مزید تقویت ملی۔

    اس سے قبل سمرین کور کا نام یوٹیوبر آشیش چنچلانی کے ساتھ بھی جوڑا جاتا رہا، تاہم دونوں نے ہمیشہ ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے ایک دوسرے کو صرف قریبی دوست قرار دیا تھا۔

  • بین الاقوامی ٹیسٹ میچز:جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم آج پاکستان پہنچے گی

    بین الاقوامی ٹیسٹ میچز:جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم آج پاکستان پہنچے گی

    جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم 27 جولائی سے 8 اگست تک پاکستان کا تاریخی دورہ کرے گی، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 4 بین الاقوامی ٹیسٹ میچز اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

    وزارت بین الصوبائی رابطہ کے مطابق جنوبی کوریا کی ٹیم کے دورے سے پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کو نئی تقویت ملے گی اور قومی کھیل کے فروغ میں اہم پیشرفت ہوگی-

    وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جنوبی کوریا کی ٹیم کا دورہ پاکستان میں قومی کھیل کی بحالی کی جانب ایک تاریخی پیشرفت ہے اس دورے سے پاکستان کے پرامن اور محفوظ تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

    وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کے مطابق جنوبی کوریا کی ٹیم کا دورہ پاکستان کی اسپورٹس سفارتکاری اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، حکومت پاکستان کی جانب سے جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کو اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی، پروٹوکول اور دیگر انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ دورہ کامیاب اور خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔

    واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم 15 سے 30 اگست تک ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں روانگی سے قبل کوریا کے ساتھ 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی،عالمی درجہ بندی میں پاکستان 12ویں اور کوریا 20ویں نمبر پر ہے،انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ہاکی ورلڈکپ 2026 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کردیا ہے میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم 8 سال بعد شرکت کر رہی ہے۔

    شیڈول کے مطابق ہاکی کا عالمی کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز میں منعقد ہوگا۔ جس میں پاکستان اور بھارت سمیت ہاکی کی بہترین ٹیموں کے درمیان ایک ٹرافی کے لیے 15 روز تک میدانوں میں جنگ جاری رہے گی،گرین شرٹس ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کا آغاز ہفتہ 15 اگست کو انگلینڈ کے خلاف میچ سے کریں گے یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگا،قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ پیر 17 اگست کو ویلز کے خلاف کھیلے گی یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے 3 بجے شروع ہوگا،روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ بدھ 19 اگست کو کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا۔

  • ٹیسٹ سیریز: ویسٹ انڈیز نے اسکواڈ کا اعلان کردیا

    ٹیسٹ سیریز: ویسٹ انڈیز نے اسکواڈ کا اعلان کردیا

    ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ۔

    ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے مطابق ر وسٹن چئیز ویسٹ انڈیز کے کپتان برقرار رکھے گئے ہیں جبکہ جومیل واریکن نائب کپتان ہوں گے،دیگر کھلاڑیوں میں جوشعوا بشپ، ٹیگنارائن چندرپال، جوشعوا ڈی سلوا شامل ہیں ، جسٹن گریوز، کیوم ہوج، شے ہاپ، عامر جنگو، شیمار جوزف بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں برینڈن کنگ، کرک میکینزی، کیمو پال، کیمار روچ اور جیڈن سیلز بھی شامل ہیں،پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں 25 جولائی سے شروع ہوگا۔

    دوسری جانب قومی ٹیسٹ سکواڈ کا برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس سیشن ہوا،قومی کھلاڑیوں نے وارم اپ اور فیلڈنگ سیشن میں حصہ لیا ،کوچز نے کھلاڑیوں کو سلپ کیچز کی ڈرلز کروائیں،کوچز کے زیر نگرانی کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور باؤلنگ کی نیٹ پریکٹس بھی کی ۔

  • فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا

    فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا

    فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا –

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی، فرانس کے کپتان کیلیان امباپے اور ناروے کے اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ کو شامل کیا گیا ہے۔

    فیفا کے مطابق مڈفیلڈ میں اسپین کے کپتان اور گولڈن بال کے فاتح روڈری، انگلینڈ کے جوڈ بیلنگھم اور فرانس کے مائیکل اولیسے شامل ہیں دفاعی لائن میں کیپ وردے کے گول کیپر ووزینیا کے ساتھ اسپین کے عالمی چیمپئن مارک کوکوریلا اور پیڈرو پورو، فرانس کے ڈایو اوپامیکانو جبکہ ارجنٹائن کے لیساندرو مارٹینیز کو منتخب کیا گیا ہے۔

    فیفا کی جانب سے جاری کردہ یہ ٹیم ورلڈ کپ 2026 میں کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی، اثر انگیزی اور پورے ٹورنامنٹ میں مستقل بہترین کھیل کی بنیاد پر منتخب کی گئی ہے اس سے قبل فیفا نے ورلڈکپ کے اختتام پر نئی رینکنگ جاری کی نئی عالمی چیمپیئن اسپین ایک درجہ ترقی کے بعد پہلی پوزیشن پر آگئی جبکہ رنر اپ میسی کی ارجنٹائن ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلی گئی۔

    فرانس تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے، برازیل اور مراکش کی ٹیمیں ایک، ایک درجہ ترقی پا کر پانچویں اور چھٹے نمبر پر آگئیں کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال 2 درجہ تنزلی کے بعد 7ویں نمبر پر چلی گئی،میکسیکو ورلڈکپ میں شاندار پرفارمنس کے بعد 4 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئی فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی ناروے کی ٹیم نے لمبی چھلانگ لگائی ، 12 درجے ترقی پا کر 19ویں نمبر پر آگئی۔

  • اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر،مشترکہ کنسورشیم نےبولی جیت لی

    اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر،مشترکہ کنسورشیم نےبولی جیت لی

    جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد ً میں ​سی ڈی اے نے اسلام آباد میں ملک کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کی مالیاتی بولی اوپن کردی۔

    سی ڈی اے کے مطابق ​حبیب، زیڈ کے بی اور ای اے کا مشترکہ کنسورشیم کرکٹ اسٹیڈیم کا کامیاب بولی دہندہ قرار پایا، کامیاب کنسورشیم نے اسٹیڈیم کی تعمیر اور بیرونی کاموں کے لیے 8 ارب 90 کروڑ کی بولی دی،نیسپاک کی جانب سے بولی مناسب قرار دیے جانے کے بعد ٹھیکہ باضابطہ طور پر دیا جائے گا،​اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کا کام شروع ہونے کے بعد ایک سال میں مکمل کرنے کی کوشش ہوگی،​وفاقی وزیر داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے اور ممبر ماحولیات کرکٹ اسٹیڈیم منصوبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

    ​حبیب کنسورشیم کو قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر و تزئین کا کام کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے،​اسلام آباد میں نیا کرکٹ اسٹیڈیم سیکٹر ڈی 12 کے قریب مارگلہ ہلز کے دامن میں تعمیر ہوگا ​نیا کرکٹ اسٹیڈیم دبئی اسٹیڈیم کی طرز پر بنایا جائے گا، 35 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہوگی،​اسٹیڈیم کے ساتھ 3 کلومیٹر طویل 3 رویہ سڑکیں اور دیگر متعلقہ انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا جائے گا۔

    ​سی ڈی اے نے تمام قانونی اور پیپرا مراحل مکمل کرنے کے بعد حبیب کنسورشیم کی بولی اوپن کی،​حتمی منظوری سے قبل پیش کردہ نرخوں کی معقولیت کا جائزہ کنسلٹنٹ لے گا۔

  • فیفا ورلڈ کپ کی خصوصی کوریج پر عطا اللہ تارڑ کا پی ٹی وی کو خراج تحسین

    فیفا ورلڈ کپ کی خصوصی کوریج پر عطا اللہ تارڑ کا پی ٹی وی کو خراج تحسین

    وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی پاکستان میں کامیاب اور خصوصی نشریات پر پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اسپورٹس کی پوری ٹیم اور انتظامیہ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’پر جاری اپنے ایک خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ’الحمدللہ، پی ٹی وی اسپورٹس پاکستان میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کا واحد باضابطہ براڈکاسٹر رہا ہے اور اس نے ملک بھر کے فٹ بال شائقین کے دل جیت لیے ہیں،پی ٹی وی اسپورٹس کی انتظامیہ اور ٹیم نے انتہائی شاندار کام کا مظاہرہ کیا ہے، یہ عالمی ایونٹ نہ صرف عوامی سطح پر بے حد پسند کیا گیا بلکہ یہ ادارہ جاتی سطح پر بھی ایک انتہائی ’منافع بخش منصوبہ‘ ثا بت ہوا ہے،فٹ بال کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے قومی کھیلوں کے چینل نے پریمیم نشریات کے ذریعے ٹی وی ریٹنگز کے تمام پرانے ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور اشتہارات کی مد میں بھاری ریونیو حاصل کیا ہے۔

    عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی وی اسپورٹس کی آن اسکرین ٹیم، اینکرز اور تبصرہ نگاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک شاندار شو پیش کرنے پر آن اسکرین ٹیم کو داد دیتا ہوں، مجھے آپ سب پر فخر ہے! پاکستان کے عوام تک اس ورلڈ کپ کو اس خوبصورت انداز میں پہنچانے پر آپ کا شکریہ،ٹی وی اسکرینز کے ساتھ ساتھ اس بار پی ٹی وی اسپورٹس نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی ‘ڈیجیٹل انگیجمنٹ’ کے نئے اور جدید ترین بینچ مارکس (معیار) قائم کیے ہیں، جس کی وجہ سے کروڑوں نوجوانوں نے لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے میچز سے لطف اٹھایا، امید ہے کہ پی ٹی وی اسپورٹس مستقبل میں بھی اسی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کو برقرار رکھے گا-

    واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی پاکستان میں خصوصی لائیو کوریج قومی اسپورٹس چینل کے لیے ایک بہت بڑا تاریخی سنگ میل بن چکی ہےملک میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ فٹ بال کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے پی ٹی وی نے اس بار جدید ترین ایچ ڈی ٹیکنالوجی، بین الاقوامی معیار کے اسٹوڈیو سیٹ اپ اور ماہرانہ تجزیوں کا اہتمام کیا تھا۔

  • فیفا ورلڈ کپ2026 : فاتح اور رنر اپ ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

    فیفا ورلڈ کپ2026 : فاتح اور رنر اپ ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

    فیفا ورلڈ کپ2026 کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر جبکہ رنر اپ ٹیم کو3 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم ملے گی۔

    امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو 4-6 سے شکست دی اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملے گی، جبکہ چوتھی پوزیشن پر رہنے والی فرانس کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

    فیفا کی جانب سے دسمبر 2025 میں اعلان کیا گیا تھا کہ 48 ٹیموں پر مشتمل تاریخ کے سب سے بڑے ورلڈ کپ کے لیے انعامی رقم کا مجموعی فنڈ بھی ریکارڈ 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رکھا گیا ہے، اس رقم کو تمام شریک 48 ٹیموں میں ان کی کارکردگی کے مطابق تقسیم کیا جائے گا، اب ٹورنامنٹ میں صرف فائنل میچ باقی ہے، جہاں اسپین اور دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر جبکہ رنر اپ کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی انعا می رقم ملے گی۔

    sports

    کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ناروے، بیلجیئم، مراکش اور سوئٹزرلینڈ کو ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر فی ٹیم دیے جائیں گے9ویں سے 16ویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں، جن میں میکسیکو، کولمبیا، برازیل، امریکا، پرتگال، کینیڈا، مصر اور پیراگوئے شامل ہیں، کو ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر فی ٹیم ملیں گے،17ویں سے 32ویں پوزیشن تک رہنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر جبکہ33ویں سے 48ویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کو 90 لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا،جبکہ ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم کو مقابلوں کے آغاز سے قبل تیاریوں کے اخراجات کے لیے اضافی 15 لاکھ ڈالر بھی فراہم کیے گئے۔

    واضح رہے کہ 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا نے چیمپئن بننے پر 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر حاصل کیے تھے، جبکہ 2018 میں فرانس کو عالمی چیمپئن بننے پر 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملی تھی، 2026 میں فاتح ٹیم کے لیے مقرر کردہ 5 کروڑ ڈالر ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے، جو فیفا کی بڑ ھتی ہوئی مالی استعداد اور ٹورنامنٹ کی عالمی مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے-