Baaghi TV

فیفا ورلڈ کپ2026 : فاتح اور رنر اپ ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

sports

فیفا ورلڈ کپ2026 کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر جبکہ رنر اپ ٹیم کو3 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم ملے گی۔

امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو 4-6 سے شکست دی اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملے گی، جبکہ چوتھی پوزیشن پر رہنے والی فرانس کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

فیفا کی جانب سے دسمبر 2025 میں اعلان کیا گیا تھا کہ 48 ٹیموں پر مشتمل تاریخ کے سب سے بڑے ورلڈ کپ کے لیے انعامی رقم کا مجموعی فنڈ بھی ریکارڈ 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رکھا گیا ہے، اس رقم کو تمام شریک 48 ٹیموں میں ان کی کارکردگی کے مطابق تقسیم کیا جائے گا، اب ٹورنامنٹ میں صرف فائنل میچ باقی ہے، جہاں اسپین اور دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر جبکہ رنر اپ کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی انعا می رقم ملے گی۔

sports

کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ناروے، بیلجیئم، مراکش اور سوئٹزرلینڈ کو ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر فی ٹیم دیے جائیں گے9ویں سے 16ویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں، جن میں میکسیکو، کولمبیا، برازیل، امریکا، پرتگال، کینیڈا، مصر اور پیراگوئے شامل ہیں، کو ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر فی ٹیم ملیں گے،17ویں سے 32ویں پوزیشن تک رہنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر جبکہ33ویں سے 48ویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کو 90 لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا،جبکہ ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم کو مقابلوں کے آغاز سے قبل تیاریوں کے اخراجات کے لیے اضافی 15 لاکھ ڈالر بھی فراہم کیے گئے۔

واضح رہے کہ 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا نے چیمپئن بننے پر 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر حاصل کیے تھے، جبکہ 2018 میں فرانس کو عالمی چیمپئن بننے پر 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملی تھی، 2026 میں فاتح ٹیم کے لیے مقرر کردہ 5 کروڑ ڈالر ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے، جو فیفا کی بڑ ھتی ہوئی مالی استعداد اور ٹورنامنٹ کی عالمی مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے-

More posts