Baaghi TV

Author: +9251

  • یہ ملک ہے تو ہم ہیں سیاستدان ذاتی اور سیاسی اختلافات میں فرق رکھیں فضیلہ قاضی

    یہ ملک ہے تو ہم ہیں سیاستدان ذاتی اور سیاسی اختلافات میں فرق رکھیں فضیلہ قاضی

    جشن آزادی کے موقع پر ٹی وی اداکارہ فضیلہ قاضی نے کہا ہے کہ خوش نصیب ہوتی ہیں وہ قومیں جو آزاد ہوتی ہیں اپنی مرضی اور عقائد کے مطابق اپنی زندگیاں گزارتی ہیں۔ہمارا شمار بھی یسے ہی خوش نصیبوں میں ہوتا ہے جو ایک آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں لیکن افسوس ہوتا ہے جب ہم اپنے اردگرد کی صورتحال دیکھتے ہیں ہر کوئی سیاستدانوں اور سیاست کے پیچھے لگا ہوا ہے عدم برداشت پروان چڑ ھ رہی ہے ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ میرا نقطہ نظر ٹھیک ہے دوسرے کا غلط ہے یہ رویہ ہمیں کہیں کا نہیں چھوڑے گا ایسے میں سیاستدانوں کو

    چاہیے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس تفریق کو ختم کریں ۔ فضیلہ قاضی نے کہا کہ لڑائی جھگڑوں سے نکل کر اس ملک کا سوچا جائے۔ اس دن ہمیں نفرتوں کو ختم کرکے آگے بڑھنے کا عزم کرنا چاہیے۔ایک دوسرے کو برداشت کریں ایک دوسرے کی رائے کا احترام کریں اور ملکی ترقی اور اس کی سربلندی کا سوچیں، کیوں ہم کسی کو موقع دیں کہ وہ ہمارے آپسی اختلافات کا فائدہ اٹھائیں۔ہم سب کو س ملک کا سوچنا چاہیے۔ اس وقت ملک میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس پر دل بالکل بھی خوش نہیں ہے اللہ ہمیں اپنے حفظ و امان میں رکھے.امین

  • دعا ہے یہ ملک ایسا بن جائے کہ یہاں رہنا دنیا کے ہر بندے کا خواب ہو سید جبران

    دعا ہے یہ ملک ایسا بن جائے کہ یہاں رہنا دنیا کے ہر بندے کا خواب ہو سید جبران

    فلم گھبرانا نہیں ہے سے فلمی کیرئیر کی شروعات کرنے والے سید جبران نے جشن آزادی کے موقع پر کہا ہے کہ اس دن اور اس موقع پر میری دعا ہے کہ یہ ملک امن کا گہوارہ بن جائے اور ہر آفت ، دشمن کے ہر وار اور غداروں کی سازش سے محفوظ رہے۔ اس ملک کو میرا خدا ایسا بنا دے کہ یہاں رہنا دنیا کے ہر بندے کی خواہش ہو۔ کہتے ہیں کہ جب بھی دعا کرو یا خواہش کرو بڑی کرو کیونکہ دینے والے کے پاس کمی نہیں ہے اس کے کرم کی کوئی حد نہیں

    ہے۔ اس سے جتنا مانگووہ اتنا ہی دیتا ہے لیکن صدق دل سے مانگنا چاہیے۔ سید جبران نے مزید کہا کہ میری دعا ہے کہ ہم سب مل جل کر رہیں اور پیار محبت بانٹیں اس وقت جو ملکی صورتحال ہے اس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے ہم بٹ گئے ہیں ایسا نہیں ہونا چاہیے سیاستدانوں کو بھی چاہیے کہ وہ ملک کو جوڑ کر رکھیں عوام کو جوڑ کر رکھیں۔ سید جبران نے کہا کہ میں کسی بھی سیاسی جماعت کا سپورٹر نہیں ہوں نہ ہی دیوانہ وار کسی کی باتوں پر یقین کرتا ہوں مجھے صرف پاکستانی کی ترقی سے مطلب ہے جو اقتدار میں آئے اسے ترقی کی راہوں پر لیکر جائے میں اسی کا بن جائوں گا اسی کے گیت گائوں گا. پاکستان زندہ باد ۔

  • ہمیں دیکھنا چاہیے کہ پچھتر برسوں میں کیا کھویا کیا پایا قیصر نظامانی

    ہمیں دیکھنا چاہیے کہ پچھتر برسوں میں کیا کھویا کیا پایا قیصر نظامانی

    اداکار قیصر خان نظامانی نے کہا کہ اس ملک کو بنے ہوئے پچھتر سال ہو گئے ہیں لیکن آج بھی ایسا لگتا ہے کہ ہم وہیں کے وہیں کھڑے ہیں جہاں 1947 میں تھے۔ ہمیں یہ دیکھنا اور سوچنا چاہیے کہ آزادی کے اتنے برسوں کے بعد ہم نے کیا کھویا کیا پایا۔ اگر ہم صدق دل سے بیٹھیں اور سوچیں تو محسوس ہو گا کہ ہم نے کیا کیا کھویا ہے۔ ہم آج کے دن ہی یہ طے کر لیں کہ ہم نے ماضی میں جو غلطیاں کی تھیں انہیں نہیں دہرائیں گے تو یقینا ہم بہتری کی طرف ہی جائیں گے۔

    اس ملک میں ہر نسل کا انسان بستا ہے یہ ہم سب کا ملک ہے ہم اس کے وارث ہیں ہمیں اپنے بچوں کو بتانا چاہیے کہ پاکستان سے محبت کتنی ضروری ہے ۔ قیصر خان نظامانی نے کہا کہ اس روز میں اپنی گاڑی پر خاص طور پر پاکستان کا جھنڈا لگا کر باہر نکلتا ہوں اور فخر مھسوس کرتا ہوں کہ میں پاکستانی ہوں۔ یاد رہے کہ اداکار قیصر خان نظامانی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن اب وہ الگ ہو چکے ہیں اور خود کو سیاست سے ہی الگ کر لیا ہے ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی جماعت کو سپورٹ کریں لیکن مقصد پاکستان کی بہتری ہی ہونا چاہیے.

  • میرا پاکستان میری پہچان ہے عارف لوہار

    میرا پاکستان میری پہچان ہے عارف لوہار

    جشن آزادی کے موقع پر فوک گلوکار عارف لوہار کہتے ہیں کہ میرا ملک پاکستان میری پہچان ہے میں دنیا میں کہیں بھی جاتا ہوں تو پاکستانی ہی کہلایا جاتا ہوں جس پر مجھے فخر ہے میرے والد نے بھی ساری دنیا میں پاکستان کی نمائندگی کی میں بھی کررہا ہوں اور میرے بچے بھی کررہے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ پاکستانی لباس پہنا میرے والد بھی پاکستانی لباس پہنتے تھے میں بھی پہنتا ہوں اور میرے بچے بھی پاکستانی لباس زیب تن کرتے ہیں۔ عارف لوہار نے

    کہا کہ اس ملک کو ہم نے بہت قربانیوں کے بعد حاصل کیا تھا ہمیں اس چیز کا ہر دم احساس رہنا چاہیے۔ سیاستدانوں کو آپسی اختلافات بھلا کر ملک و قوم کا سوچنا چاہیے،سیاسی اختلافات ہونے چاہیں ذاتی نہیں۔ اس ملک میں ہر طرح کا موسم ہے ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم اس ملک کے باسی ہیں پاکستانی ہیں۔ مجھے اپنے وطن کی مٹی سے محبت ہے اس کی خوشبو میرے رگ رگ میں بستی ہے۔ہمیں اس ملک کی ترقی کے لئے اپنا حصہ ڈالنا چاہیے آو اس موقع پر عزم کریں کہ ملک کی سربلندی کے لئے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔ میری دعا ہے کہ میرا ملک ہنستا رہے بستا رہے اور ہماری قوم متحد رہے.

  • اس ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے حمیرا ارشد

    اس ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے حمیرا ارشد

    گلوکارہ حمیرا ارشد نے جشن آزادی کے موقع پر کہا ہے کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ ایک آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں۔اس ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے ہماری بھی ذمہ داری ہیں کہ اس کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ میں نے اپنے ملک کی دنیا بھر میں نمائندگی کی ہے اور میرا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے جب کوئی کہتا ہے کہ حمیرا ارشد پاکستانی گلوکارہ ہیں۔ میرے کیرئیر میں اب تک کئی بار ایسا ہو چکا ہے کہ بیرون ملک جشن آزادی منائی۔اس بار بھی میں بیرون ملک

    جشن آزادی منارہی ہوں۔ میں امریکہ میں ہوں۔اور باہر کے ملکوں کی سر زمین پر پاکستان کی آزادی منانا اور پاکستان کا جھنڈا لہرانے کا جو مزہ ہے اسکو کیسے بیان کروں میرے پاس الفاظ نہیں ہے۔ ہمارے ملک میں ہر چیز ہے ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔ حمیرا ارشد نے کہا کہ اس موقع پر میں سب سے کہنا چاہوں گی کہ نفرتوں کو بھلا کر ایک دوسرے کےلئے دل صاف کریں اور اس ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں۔میں دل کی گہرائیوں سے تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دینا چاہوں گی اور دعا کروں گی کہ ہمارا ملک ہر قسم کی آفت اور پریشانی سے محفوظ رہے.

  • سپریم کورٹ میں زیر سماعت مقدمات کیلئے بینچ تشکیل

    سپریم کورٹ میں زیر سماعت مقدمات کیلئے بینچ تشکیل

    چیف جسٹس اف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے عدالتی ہفتہ 15 اگست سے 19 اگست تک مختلف اہم اور عام نوعیت کے مقدمات کی سماعت کیلئے 3 ریگولر اور 1 سپیشل بینچ تشکیل دیا ہے ۔

    15 اگست کوسپریم کورٹ میں سماعت ہونے والے اہم مقدمات میں گندم پالیسی کی خلاف ورزی ،اختیارات کا ناجائز استعمال اور مجرمانہ غفلت کے مرتکب نیب کیس میں گرفتار محمد اقبال میمن کی درخواست ضمانت پر سماعت ہو گی،کورٹ نمبر ایک میں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال دو رکنی بینچ سیریل نمبر 1 سماعت کریگا.

    پنجاب پولیس افسران کی سروس سینیارٹی سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت
    کورٹ نمبر ایک چیف جسٹس عمر عطاء بندیال دو رکنی بینچ سیریل نمبر 2 کرے گا، مبینہ طور پر غیر قانونی کاروبار کے زریعے سادہ لوح عوام کو خطیر رقم سے محروم کرنے کے ملزم دولت خان کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب کی دائر کردہ درخواست پر سماعت بھی کورٹ نمبر ایک چیف جسٹس عمر عطاء بندیال دو رکنی بینچ سیریل نمبر 3 کے گا.ایم کیو ایم اور پاکستان تحریک انصاف کی سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق دائر کردہ درخواستوں پرسماعت دن ایک بجے کورٹ نمبر ایک میں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ کرے گا.

    5- احسان الرحمان مزاری بنام فیڈریشن کیس کی سماعت جو قومی اسمبلی کی انتخابی عذرداری سے متعلق ہے یہ سماعت دن ایک بجے کورٹ نمبر ایک میں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ کرے گا. آفتاب احمد بنام الیکشن کمیشن آف پاکستان کیس کی سماعت جو قومی اسمبلی کے حلقہ جات 99 اور 100 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ جات 93 تا 96 کی حد بندی سے متعلق ہے یہ سماعت دن ایک بجے کورٹ نمبر ایک میں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ کرے گا.

    16 اگست کو سپریم کورٹ میں سماعت ہونے والے اہم مقدمات میں روز مرہ دیوانی ، فوجداری ، سروس ، ٹیکس ، فیملی اور بینکنگ سے متعلقہ کیسز زیر سماعت آئیں گے جبکہ 17 اگست سپریم کورٹ میں سماعت ہونے والے اہم مقدمات میں روز مرہ دیوانی ، فوجداری ، سروس ، ٹیکس ، فیملی اور بینکنگ سے متعلقہ کیسز زیر سماعت آئیں گے.

    18 اگست کو سپریم کورٹ میں سماعت ہونے والے اہم مقدمات میں نثار احمد بنام الیکشن اپیلٹ ٹریبونل سکھر کیس کی سماعت جو کاغذات نامزدگی سے متعلق ہے،کورٹ نمبر ایک میں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال تین رکنی بینچ سیریل نمبر 1 سماعے کرے گا، روبینہ فاروق بنام سٹیٹ بزریعہ نیب کیس کی سماعت جو مجرمانہ بد عنوانی پر تفتیشی افسر کیخلاف انکوائری سے متعلق ہے کی سماعت کورٹ نمبر ایک چیف جسٹس عمر عطاء بندیال تین رکنی بینچ سیریل نمبر 10 ہو گی.

    19 اگست کو سپریم کورٹ میں سماعت ہونے والے اہم مقدمات میں روز مرہ دیوانی ، فوجداری ، سروس ، ٹیکس ، فیملی اور بینکنگ سے متعلقہ کیسز زیر سماعت آئیں گے،تاہم سپیریم کورت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس عدالتی ہفتہ کے دوران مزید اہم کیس کے مقرر ہونے پر فی الفور آگاہ کیا جائے گا ۔

  • مذہبی اور سیاسی رہنماوں کی قوم کو جشن آزادی پر مبارکباد

    مذہبی اور سیاسی رہنماوں کی قوم کو جشن آزادی پر مبارکباد

    امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تاریخی ہے، پاکستان کی صورت میں ہمیں انعام سے نوازا گیا ،اس عظیم ملک کے لیے مسلمان آگ و خون کے دریاوں سے گزرے ،پاکستان کی خاطر لڑنا، جدوجہد کرنا اور بہتری کے لیے کوشش عظیم جہاد ہے .پاکستان زمین کا ٹکرا نہیں، ایک نظریہ ہے.جدوجہد کرکے ملک میں اسلامی نظام لائیں گے ،پاکستان کا بننا معجزہ ہے،65 فیصد پاکستانی نوجوان ہیں ، اعتراف کرنا ہوگا کہ پاکستان میں بہنے والے خون کے ساتھ انصاف نہیں کرسکے ،آج پنجابی، پٹھان یا بلوچی ملے گا لیکن پاکستان چاہتا ہے میرا بھی وجود ہو ،زبان کی بنیاد پر پاکستان کو توڑا گیا،بنگالی قوم نے پاکستان بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا،مغربی پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ، بیوروکریسی نے بنگلہ دیش بنانے میں کردارادا کیا،یہاں انصاف بکتا ہے، مظلوم پستا ہے
    ہمارا فیصلہ آئی ایم ایف کرتا ہے، ہم آزاد نہیں،ہماری قوم نے آنکھیں بند کرکے کشمیریوں کو انڈیا کے رحم و کرم پر چھوڑا ہے،عمران خان کا مطالبہ ہے کہ الیکشن ہو، کس نے روکا ہے
    کےپی کے اور پنجاب کی اسمبلی تحلیل کریں ابھی الیکشن ہوجائے گا ،پی ٹی آئی کی حکومت مسلم لیگ کی حکومت کا تسلسل ہے،سابق وزیراعظم نے محمد بن سلمان کے تحفے کو پہننے کی بجائے فروخت کردیا،ایسے چھوٹے کردار اور کمزور حوصلوں کے لوگ 22 کروڑ عوام کی قیادت کے قابل نہیں.

    ڈاکٹر طاہر القادری کی 75 ویں یوم آزادی پر اہل پاکستان کو مبارکباد دی،ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ پاکستان کوفلاحی ریاست بنانے کا خواب آج بھی تشنہ تعبیر ہے،ذات اور جماعت کے مفاد سے بالا ہو کر آزادی کی نعمت کی حفاظت کریں،آزادی اللہ کی نعمتوں میں سے ایک بیش قدر نعمت ہے.

    پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام 75ویں یوم آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے مرکزی دفتر میں قومی پرچم لہرایا.راہنما عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ کوئی منفی قوت پاکستان کا بال بیکا نہیں کرسکتی، پرچم کشائی کی تقریب میں قومی ترانہ پڑھا گیا، پودے لگائے گئے ،بریگیڈئیر اقبال احمد خان، نور اللہ صدیقی، جواد حامد، سہیل رضا، الطاف حسین شاہ ،مظہر محمود علوی، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، محسن اقبال و دیگر نے شرکت کی. تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لئے دعائیں کی گئی .

  • گوگل کی پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد

    گوگل کی پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد

    پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر گوگل نے بھی اپنے انداز میں پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کر دی۔

    جہاں پاکستان میں 75 واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے وہیں گوگل نے اپنے ڈوڈل پر پاکستانی پرچم اور کراچی میں واقع فریئر ہال کی تصویر سجا کر پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے۔

    اس گوگل ڈوڈل پر کلک کرتے ہی سیکڑوں پاکستانی پرچم کے رنگ کی سبز و سفید جھنڈیوں کی بارش ہوتی نظر آتی ہے۔

    واضح رہے کہ2011ء سے یومِ آزادی کے موقع پر گوگل ہر سال نیا ڈوڈل پیش کر کے پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارک باد پیش کرتا آ رہا ہے۔

  • مسلح افواج کی جانب سے عظیم پاکستانیوں کو ڈائمنڈ جوبلی خوشیاں مبارک

    مسلح افواج کی جانب سے عظیم پاکستانیوں کو ڈائمنڈ جوبلی خوشیاں مبارک

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقات (آئی ایس پی آر) کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کی جانب سے عظیم پاکستانیوں کو ڈائمنڈ جوبلی خوشیاں مبارک ہوں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹوئٹر پر پاکستان کے 75 ویں جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عزم عالی شان۔ شاد رہے پاکستان۔

    پاکستان کی آزادی کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر جی ایچ کیو اور پاکستان آرمی کی مختلف فارمیشنز میں قومی پرچم لہرایا گیا اور ملک و قوم کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔پاکستان کے پچھترویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی، قومی پرچم فضا میں بلند کیا گیا، اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کیلیے خصوصی دعا کی گئی۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں آج 75 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی، اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی۔

    نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔


    جشن آزادی پر مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔

  • 75 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے،وزیراعظم نے پرچم کشائی کی

    75 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے،وزیراعظم نے پرچم کشائی کی

    ملک بھر میں آج 75 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

    جشن آزادی پر مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔تقریب میں کموڈور پاکستان نیول اکیڈمی محمد خالد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی.لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس کے دوران پاک فوج کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

    اسلام آباد میں جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف مہمانِ خصوصی ہیں، جنہوں نے قومی پرچم بلند کیا.قریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں، اللّٰہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے، قوم اور سمندر پار پاکستانیوں کو 75 واں یومِ آزادی مبارک ہو۔ان کا کہنا ہے کہ حقیقی آزادی ضرورتوں، بھوک، افلاس اور پسماندگی سے آزادی کا نام ہے، حالیہ بارشوں میں ملک بھر بالخصوص بلوچستان میں بہت نقصانات ہوئے۔
    وزیرِ اعظم نے کہا کہ شرپسند قوتوں کو ملی وحدت و باہمی اتفاق سے کچل دیں گے، کسی بھی قوم کے لیے اندرونی خلفشار، تقسیم اور انتشار سے بڑھ کر کوئی چیز خطرناک نہیں۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔وزیرِاعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ عبدالستار ایدھی اور ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے یوم آزادی پراپنے پیغام میں قوم کومبارکباد دی اور کہا کہ
    الحمداللہ آج پاکستان کو آزاد ہوئے 75 برس ہو گئے. یہ مملکت خداداد پاکستان اللہ تعالیٰ کا عظیم انعام اورتحفہ ہے. قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت کی بدولت علامہ اقبال کے اس خواب اور مسلمانان ہند کی خواہش کی تکمیل ممکن ہوئی. یاد رکھیے کہ اس حقیقت کو پانے کے لیے خون کے دریاوں اور لاشوں کے انبار سے گزرنا پڑا تھا. اب یہ عہد کریں کہ ہمیں ایک عظیم تر قوم بننا ہے. اللہ تعالٰی نے ہمیں بہت سے خوبیوں سے نوازا ہے.جس میں جذبہ ایثار، حب الوطنی اور سرفروشی سر فہرست ہے.

    وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر قوم کودلی مبارکباد دی،چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان لاکھوں شہیدوں کی قربانیوں کا ثمر ہے۔تحریک پاکستان کے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یہ دن دھرتی کے ان تمام بہادربیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کاموقع ہے،جنہوں نے مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع اورحفاظت کرتے ہوئے جانیں قربان کیں۔ آزاد وطن کا حصول قائداعظمؒ کی شب و روز محنت اور علامہ اقبالؒ کے خواب کی تکمیل ہے۔

    چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ یوم آزادی پربھارتی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔آزادی کی نعمت کے تحفظ کیلئے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیر سگالی کو فروغ دینا ہوگا۔آج ہم اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم ثابت قدم رہیں گے اورقائداعظم ؒکے بتائے ہوئے ”اتحاد،ایمان اورنظم و ضبط کی مشعل کو تھامے ہوئے ہر چیلنج کو قبول کریں گے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وطن عزیز کو بانیان پاکستان کے نظریے کے مطابق تعمیر نو کی ہماری کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔ یوم آزادی کا پیغام ہے کہ ذاتی اختلافات ختم کرکے سب وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک ہوں۔ آئیے! مل کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا عہد کریں۔

    وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے75ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن ، محبت اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہوا تھا۔وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے قوم کو 75ویں یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ ہم سب کو ملک کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے ۔ پاکستان کی 75ویں یوم آزادی کیا ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ گذشتہ 75سال کے دوران ملک نے کئی اتار چڑھائو دیکھے اور مختلف مراحل سے گزرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی بجائے اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہئے اور پاکستان کو ایک جدید اور خوشحال ملک بنانے کیلئے سخت محنت کرنی چاہئے۔

    وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے قوم کو 75ویں یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کی دعا کی ہے۔

    سعودی عرب سے موصولہ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کا بیج بونے والے اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے.

    وزارت خارجہ کے افسران نے پاکستان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر وطن عزیز کو شاندار موسیقی کا خراج تحسین پیش کیا ۔ افسران نے کلیم عثمانی کے لکھے ہوئے اور مہدی حسن کے گائے ہوئے مشہور ملی نغمہ ”یہ وطن تمہارا ہے ”کو دوبارہ ریکارڈ کیا۔

    اس مشہور ملی نغمے کا انتخاب اس کے طاقتور پیغام کے لیے کیا گیا تھا جو تمام پاکستانیوں کو اس وطن کے اثاثے کی حفاظت کی یاد دلاتا ہے جو قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ہمارے آبا اجداد کی جدوجہد آزادی کی بدولت معرض وجود میں آیا اور اس میں شہدا کا خون بھی شامل ہے ۔

    اس میں پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک طاقتور پیغام ہے کہ وہ اپنی شناخت کی قدر کریں اور یاد رکھیں کہ یہ ان کی محنت اور عزم اس ملک کو آگے لے جائے گا۔ اس گیت کی روح کے مطابق جس میں لوگوں کو اس موقع پر اٹھنے اور اپنے وطن کے محافظ کے طور پر اپنے فرض کو پہچاننے کی دعوت دی گئی ہے

    اس سے قبل رات گئے مختلف شہروں میں آتش بازی، ملی نغموں اور سبز ہلالی پرچموں کے ساتھ یوم آزادی کی شروعات ہوئی۔کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، حیدرآباد، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں یوم آزادی شروع ہوتے ہی آسمان پر رنگ ونور کی برسات ہوئی۔نوجوان سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیاں لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ گلیوں، شاہراہوں، چوراہوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا جبکہ سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔