Baaghi TV

Author: +9251

  • لاہور میں ڈکیتی راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ

    لاہور میں ڈکیتی راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ

    لاہور :لاہور میں پچھلے چار ماہ سے جرائم کی شرح میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور اس سلسلے میں سیکورٹی اداروں کی طرف سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ جرائم جولائی میں ہوئے جہاں ضلعی انتظامیہ بے بس نظرآئی

    اس حوالے سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں جرائم کی شرح میں 200 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوگیا۔

    پاکستان کے سب سے بڑی آبادی والے صوبے پنجاب میں سیاسی عدم استحکام اور پولیس میں غیر یقینی صورتحال کی قیمت عوام کو چکانا پڑ رہی ہے، کیوں کہ صوبے میں ہر نئے دن ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ہوشربا اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔

    صوبے کے دارالحکومت لاہور میں سیاسی اعتبار سے انتہائی گرم مہینے جولائی میں ڈکیتی، راہزنی اور اسٹریٹ کرائم کا درجہ حرارت بھی دو سو فیصد سے اوپر چلا گیا ہے۔

    پولیس ریکارڈ کے مطابق جولائی کو جرائم کے لحاظ سے بھی گرم ترین مہینہ قرار دیا گیا ہے کیوں کہ جولائی 2022 میں ڈکیتی راہزنی کی وارداتوں میں 209.57 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    لاہور جنسی جرائم کی آماجگاہ بن گیا، ایک اور خاتون کے ساتھ رکشہ ڈرائیور کی زیادتی

    پولیس ریکارڈ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں موبائل و پرس چھیننے کی وارداتوں میں 221.16 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، اوریہ موازنہ جولائی 2021 میں ہونے والے جرائم سے کیا گیا ہے۔

    یکم سے31جولائی 2022 میں ڈکیتی و راہزنی کی 1229 اور موبائل و پرس چھیننے کی 747 وارداتیں ہوئیں۔ جب کہ جولائی 2021 میں ڈکیتی کی 397 وارداتیں اور موبائل اور پرس چھیننے کی 533 وارداتیں ریکارڈ ہوئی تھیں۔

    لاہورمجرموں کی آماجگاہ بن گیا:سنگین نوعیت کے جرائم کے اعداد و شمار

    یاد رہے کہ اس سے پہلے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی (پی ایس سی اے) نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران لاہور میں ہونے والے اسٹریٹ کرائم کے تقابلی جائزے کی تفصیلات شیئر کی تھیں جس میں ‘لاہور-15 کالز’ کا سب سے زیادہ اور سب سے کم تناسب دکھایا گیا ہے۔

    لاہور میں جرائم بڑھنے لگے، معروف تجارتی سنٹر میں چوری کی واردات

    رپورٹ کے مطابق پی ایس سی اے کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ صوبائی دارالحکومت میں نومبر 2021 سے جنوری 2022 تک 3 ماہ کے دوران تمام کیٹیگریز کی کرائم کالز میں واضح کمی دیکھی گئی۔

  • تابش ہاشمی کااپنے شو میں چھچھورا پن، بنا تقید کا نشانہ

    تابش ہاشمی کااپنے شو میں چھچھورا پن، بنا تقید کا نشانہ

    بھارت کا معروف شو کپل شرما شو، کی طرز پر پاکستان میں ایک شو ترتیب دیا گیا ہے شو کا نام ہے” ہنسنا منع ہے” اس شو کی میزبانی تابش ہاشمی کررہے ہیں. کپل شرما شو کی طرز پر اسی طرح سے شو میں مہمانوں‌کو بلایا جاتا ہے اور ان سے ہلکی پھلکی چھیڑ چھاڑ کی جاتی ہے. تابش ہاشمی کپل شرما کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایسا کر تو رہےہیں لیکن اس انداز میں اپنے سٹائل کا تڑکہ نہیں لگا سکے. تابش ہاشمی نے حال ہی میں اپنے شو میں حنا الطاف اور آغا علی کو مدعو کیا. ان کے ساتھ تابش ہاشمی نے ہنسی مذاق کرتے کرتے اداکارہ منال خان کا کائلی جینر کی انسٹا اسٹوری کو بے دریغ چوری کرنے کا موضوع اٹھایا اوراداکارہ کا مذاق اڑانا شروع کر دیا.

    تابش ہاشمی کے اس مذاق کو حنا الطاف اور آغا علی نے تو آگے نہیں بڑھایا انہوں‌نے بلکہ خاموشی اختیار کی اور تابش خود ہی بول کر اگلی بات پر چلے گئے. تابش ہاشمی کا اداکارہ منال کا اپنے شو میں مذاق بنانے والا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو تابش ہاشمی کو آڑھے ہاتھوں لیا گیا کسی نے کہا کہ میزبان کو یہ سب کرنا زیب نہیں‌دیتا تو کسی نے کہا کہ کسی کا مذاق اڑانے کا حق کسی کو بھی نہیں ہے. ہر کسی نے تابش ہاشمی کو خود سنائیں لگتا ہے کہ سوشل میڈیا پر اتنی سننے کے بعد تابش ہاشمی یقینا آئندہ سے کسی کا مذاق بنانے کے حوالے سے احتیاط کریں گے.

  • جماعت اسلامی کی سندھ ہائی کورٹ میں‌درخواست،الیکشن سے فرار نہیں ہونے دیں گے:حافظ نعیم

    جماعت اسلامی کی سندھ ہائی کورٹ میں‌درخواست،الیکشن سے فرار نہیں ہونے دیں گے:حافظ نعیم

    کراچی :کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے‌حوالے سے جماعت اسلامی نے اپنا ردعمل پھر دے دیا ہے اور اس سلسلے میں امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نےجلد بلدیاتی انتخابات کیلئےسندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی ہے۔

    کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے‌حوالے سے جمعہ کو ہائیکورٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتےہوئےحافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومتی اور دیگر جماعتوں کو الیکشن سے فرار نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن نئےبیلٹ پیپرزچھاپے۔

    سندھ میں توانائی کے بحران کے متعلق بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ صورت حال بہت خراب ہے اور کراچی کے لوگ اپنا سب کچھ لٹا کے بھی کچھ نہیں پا رہے ، کےالیکٹرک سے متعلق حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ کےالیکٹرک بغیرمعاہدے کےگیس لینے کیلئے اچانک لوڈشیڈنگ بڑھا کرعوام کو تنگ کرنا شروع کردیتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اچانک لوڈشیڈنگ بڑھنےکامقصدکےالیکٹرک کوفائدہ پہنچاناہے اور وفاق،صوبہ مل کرکےالیکٹرک کوفائدہ پہنچاتا ہے۔

    کراچی میں بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہونگے۔ اس سے قبل بلدیاتی انتخابات پچھلے ماہ ہونے تھے تاہم خراب موسم کی وجہ سے ان کو ملتوی کردیا گیا۔یاد رہے کہ کل ایک پیغام میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا تھا کہ بہت جلد کراچی کے عوام جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع دیں اور پھر کراچی کے میئر کی سیٹ بھی جماعت اسلامی کے حصے میں آئے گی پھر کراچی کے مسائل کو حل کرکے دکھائیں گے

  • فلم جوائے لینڈ انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن میں پہنچ گئی

    فلم جوائے لینڈ انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن میں پہنچ گئی

    پاکستانی فلم ”جوائے لینڈ” نے دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کانز میں جیوری کے دل جیتتے ہوئے ایوارڈ اپنے نام کیا. کانز فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیتنا یقین اہمیت کا حامل ہے اور یہ اعزاز اس سے پہلے کسی پاکستانی فلم کے حصے میں نہیں آیا تھا. کانز فلم فیسٹیول کے بعد اس فلم کو انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن (IFFM) کی کیٹیگری بیسٹ فلم فرام دی سبکونٹی نینٹ میں نامزد کیا گیا ہے۔ یہ یقینا پاکستان کے لئے اور پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ایک اعزاز ہے. فلم جوائے لینڈ کے ہدایتکار صائم صادق اس موقع پر کہتے ہیں‌ کہ یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے اور میں اس فیسٹیول میں شرکت کے لیے بہت

    پرجوش ہوں۔یادرہے کہ فلم جوائے لینڈ کی کہانی ایک خواجہ سرا کی زندگی پر بنائی گئی ہے جس کو سرمد کھوسٹ اوراپوروا چرن نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں ثانیہ سعید، ثناء جعفری، علی جونیجو، علینہ خان، ثروت گیلانی، راستی فاروق سمیت دیگر اداکار شامل ہیں .جب سے فلم جوائے لینڈ نے کانز فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیتا ہے تب سے پاکستانیوں کی بھی خواہش ہے کہ اسے پاکستان میں بھی ریلیز کیا جائے، اس حوالے سے ہدایتکار صائم صادق کہہ چکے ہیں کہ پاکستان میں فلم موسم سرما میں ریلیز کی جائیگی ،پاکستانی شائقین فلم جوائے لینڈ کی ریلیز کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں.

  • بشری انصاری کا کشمیری بہن  بھائیوں کے لئے پیغام

    بشری انصاری کا کشمیری بہن بھائیوں کے لئے پیغام

    5 اگست 2019 کو ایک صدارتی حکم نامے میں، مودی حکومت نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35-A کی دفعات کو منسوخ کرنے کا اقدام کیا اس اقدام کے بعد کشمیری اور پاکستانی سراپا احتجاج ہیں.گزشتہ چار برس سے مقبوضہ وادی کے عوام آزادی اظہار، پر امن اجتماع سمیت تمام بنیادی حقوق سے محروم ہیں. آج چونکہ پانچ اگست ہے لہذا آج کا دن یوم استحسال کے طور پر منایا جا رہا ہے.اس موقع پر اداکارہ بشری انصاری نے کشمیر کے نام ایک پیغام جاری کیا انہوں نے کہا کہ
    کشمیر نام ہے اس چہچہاتے پرندے کا جس سے اس کی پرواز چھین لی گئی ہے ۔ ہم بطور پاکستانی اپنے تمام کشمیری بہن
    بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو اپنی آزادی کے حق کے لئے لڑ رہے ہیں کشمیر کی منزل آزادی ہے۔

    پاکستانیوں کے دل کشمیر کے ساتھ دھڑکتے ہیں اس لئےیوم استحصال کشمیر پر پاکستان نے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کرتے ہیں، اور مسلسل چار سال سے مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات ناقابل قبول قرار دے رہے ہیں۔یاد رہے کہ کشمیریوں پر ظلم و ستم گزشتہ ایک صدی سے جاری ہے ، لیکن آرٹیکل 370 اور 35 اے کے منسوخ ہونے کے بعد سے صورتحال خراب ہو گئی ہے۔

  • پاکستان کو پولیو فری بنانے کا مشن خطرات سے دوچار

    پاکستان کو پولیو فری بنانے کا مشن خطرات سے دوچار

    پاکستان کو پولیو فری بنانے کا مشن خطرات سے دوچار ہوگیا ہے۔پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے تمام علاقوں میں مرد ورکرز کو گھروں تک رسائی نہیں ملتی اور خواتین کو بھرتی کرنے میں مسائل درپیش ہیں۔

    اسلام آباد میں کوآرڈینیٹر انسداد پولیو پروگرام ڈاکٹر شہزاد بیگ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتےہوئے بتایا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کا پروگرام ابھی ادھورا نہیں ہے، پاکستان کو ماضی میں پولیو ختم کرنے کے 2 مواقع ملے مگر ناکامی ہوئی۔

    شہزاد بیگ نے عزم ظاہر کیا کہ ملک کو پولیو سے پاک بنانے کا تیسرا موقع ملا ہے جس کو ضائع نہیں کرینگے۔

    انھوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں خصوصاً وزیرستان کے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس موجود ہے۔ ملک میں مجموعی طور پر 14 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے13شمالی وزیرستان میں نکلے۔

    شہزاد بیگ نے مزید بتایا کہ پاکستان میں 75 ایسی جگہیں ہیں جہاں مہینے میں 2 دفعہ سیوریج کے نمونے لیتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس کو پھیلنے سے نہیں روک سکتے تاہم بچوں کا تحفظ ضرور کرسکتے ہیں، ویکسینیشن سے متعلق غلط فہمیاں،والدین کا انکار اور تحفظات بڑے مسائل ہیں۔

    پولیو پروگرام کے کوآرڈینیٹر کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحدی علاقوں میں دو طرفہ آمدورفت بھی وائرس پھیلنے کا سبب ہے اور جب انسداد پولیو کا مہم کا معیار گرتا ہےتوکیسز بڑھ جاتے ہیں۔

    یاد رہے کہ شمالی وزیرستان میں گزشتہ جولائی میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں رواں سال وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد 11 ہو گئی.

    جب کہ گزشتہ سال خطرناک وائرس کا ملک میں صرف ایک کیس سامنے آیا تھا۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے خور و نوش کے علاوہ دیگر سامان کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر برانڈڈ چائے،دودھ،مصالحہ جات،ٹوتھ پیسٹ،شہد ،شیمپو اور دیگر اشیا مہنگی کردی گئیں۔ اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کا اطلاق بھی فوری طور پر ہوگا۔

    قیمتوں میں رد و بدل کے مطابق 950 گرام برانڈڈ چائے کی قیمت میں 198 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد قیمت 697 روپے سے بڑھ کر 895 روپے ہوگئی۔ ایک لٹر برانڈڈ دودھ کی قیمت 20 روپے اضافے کے بعد 177 روپے سے 197 روپے کر دی گئی ہے۔

    260 گرام شہدجار 115 روپے مہنگا کردیا گیا، جس کے بعد قیمت 310 روپے سے بڑھ کر 425 روپے ہوگئی۔ علاوہ ازیں مختلف برانڈز کے شیمپو کی قیمتوں میں 30 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ بچوں کے خشک دودھ کے ڈبے کی قیمت میں 90 روپے تک اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد قیمت 1360 روپے سے 1450 روپے ہوگئی۔

    علاوہ ازیں یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف مصالحہ جات کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ مختلف برانڈز کی قیمتوں میں ردو بدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

  • شمیم آراء کی آج 6 ویں برسی

    شمیم آراء کی آج 6 ویں برسی

    پاکستان فلم انڈسٹری کی نامور فنکارہ شمیم آراء جن کی بے مثال اداکاری نے انہیں کم ہی عرصے میں نمبر ہیروئینز کی صف میں لا کھڑا کیا آج ان کی چھٹی برسی ہے. شمیم آراء نے ہدایتکاری بھی کی اور کافی اچھی فلمیں بنائیں نوے کی دہائی میں ان کی ہدایتکاری میں بنی فلموں نے شائقین کو سینما گھروں تک آنے پہ مجبور کر دیا. پتلی بائی سے شمیم آراء بننے والی اس اداکارہ نے فلم کنواری بیوہ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا.فلم سہیلی نے تو ان کے کیرئیر کی ڈگر ہی بدل ڈالی.1960 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں بہترین اداکاری پر شمیم آراء کو نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا. شمیم آراء کی فلم نائلہ کو کون بھول سکتا ہے، انہوں نے ایک کے بعد

    ایک سپر ہٹ فلم دی ان کی جوڑی ویسے تو ہر ہیرو کے ساتھ سراہی گئی لیکن وحید مراد کے ساتھ ان کی جوڑی کو بہت زیادہ مقبولیت ملی. وحید مراد شمیم آراء کو کزن سسٹر کہا کرتے تھے.شمیم آراء کی فلمیں اور ان کے کردار آج بھی شائقین کے دلوں پر نقش ہیں. فلم لاکھوں‌میں ایک بھی شمیم آراء کے کیرئیر میں بہت اہمیت کی حامل ہے. شمیم آراء نے بطور ہیروئین آخری بار پنجابی فلم تیس مار خان میں کام کیا. شمیم آرا ء نے نوے کی دہائی ریما ،صاھبہ ریمبو اور بابر علی کے ساتھ یادگار فلمیں بطور ہدایتکارہ بنائیں. شمیم آراء نے بھی کیرئیر میں اتار چڑھائو دیکھے انکی شروع کی فلمیں بہت کامیاب نہ رہیں لیکن کامیابی ملی تو پھر انہوں نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا.یاد رہے کہ شمیم آرا طویل علالت کے بعد 5 اگست 2016 میں لندن میں78 برس کی عمر انتقال کر گئیں تھیں.

  • سابق چیئرمین نیب کی تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات سینیٹ میں پیش

    سابق چیئرمین نیب کی تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات سینیٹ میں پیش

    سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کر دی گئیں۔

    وزارت قانون نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی بطور چیئرمین نیب تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات تحریری طور پر سینیٹ میں پیش کیں۔

    سینیٹ میں پیش کی گئی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ جاوید اقبال کو بطور چیئرمین نیب ماہانہ 12 لاکھ 39 ہزار بنیادی تنخواہ ملتی تھی، سابق چیئرمین نیب کو اپنی مدت کے دوران 7 کروڑ 45 لاکھ روپے بنیادی تنخواہ دی گئی۔

    وزارت قانون کے جمع کرائے گئے جواب میں بتایا گیا ہے کہ سابق چیئرمین نیب کو 6 ہزار روپے ماہانہ فون الاؤنس، 68 ہزار ہاؤس رینٹ دیا گیا، جاوید اقبال کو پوری مدت کے دوران 3 لاکھ 40 ہزار ٹیلی فون الاؤنس اور 38 لاکھ 58 ہزار ہاؤس الاونس دیا گیا۔

    تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ بطور ریٹائرڈ جج سپریم کورٹ جسٹس جاوید اقبال کی ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن، مراعات اور گریجویٹی کی تفصیلات نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ گزستہ دنوں سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نے ان پر عائد کیے گئے ہراسیت کے سنگین الزامات اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے انہیں لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی سے ہٹانے کی سفارش کے اقدامات کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔

    پیر کو دائر کی گئی درخواست میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی کارروائی کے میٹنگ منٹس کالعدم قرار دینے اور فیصلہ ہونے تک پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی کارروائی روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔
    سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی جانب سے بپلک اکاؤنٹس کمیٹی میں طلبی اور لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی سے ہٹائے جانے کی سفارش کے حوالے سے دو الگ الگ درخواستیں دائر کی گئی۔

  • بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار461 میگا واٹ ہوگیا

    بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار461 میگا واٹ ہوگیا

    ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار461 میگا واٹ ہوگیا ہے۔

    پاور ڈویژن نے بتایا ہے کہ ملک میں بجلی کی پیداوار20ہزار539 میگاواٹ اور طلب 28 ہزار میگا واٹ ہے۔

    شارٹ فال کے باعث مختلف علاقوں میں 8 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ پانی سے 6 ہزار 900 میگااواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ سرکاری تھرمل پلانٹس 990 میگاواٹ اور نجی بجلی گھر 8 ہزار550 میگا واٹ بجلی دے رہے ہیں۔

    ملک میں جوہری ایندھن سے 3 ہزارمیگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔

    واضح رہے گزشتہ دنوں ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگا واٹ کے قریب پہنچ گیا تھا۔

    جس کے بعد مختلف شہروں میں 6 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی.

    ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار989میگاواٹ رہا تھا۔

    ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار 511 میگاواٹ ہے۔

    بجلی کی کل طلب 27 ہزار5 سو میگاواٹ رہی, جبکہ پانی سے 7 ہزار 550 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی تھی۔

    سرکاری تھرمل پلانٹس 975 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے تھے۔ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9ہزار 500 میگا واٹ رہی۔

    گزشتہ دنوں ونڈ پاور پلانٹس ایک ہزار 11 میگا واٹ اور سولر پلانٹس سے پیداوار 99 ہے۔ بیگاس پاور پلانٹس سے 75 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ جوہری ایندھن 3 ہزار 301 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہےملک کے مختلف علاقوں میں6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔