Baaghi TV

Author: +9251

  • ضمنی انتخابات :پی ٹی آئی 18سیٹیں جیتے گی:ان شااللہ ::فواد چوہدری

    ضمنی انتخابات :پی ٹی آئی 18سیٹیں جیتے گی:ان شااللہ ::فواد چوہدری

    جہلم :پاکستان تحریک انصاف نے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب کی 20 سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف 16سے 18سیٹیں جیتے گییہ بات انہوں نے جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ اب ن لیگ کا کوئی ووٹ بینک نہیں وہ الیکشن سےمکمل آؤٹ ہوجائے گی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جس طرح ن لیگ حکومت کر رہی ہے اس کے طرز عمل سے لوگوں کو نفرت ہوگئی ہے، شہباز شریف مہم چلا کر دیکھ لیں اب الیکشن میں ان کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

    سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ نے الیکشن کمیشن کو استعمال کیا، ضمنی انتخابات میں تمام باتوں کے باوجود ان کی دال نہیں گل رہی۔
    پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، عمران ریاض کیس میں حکومت کو سبکی اٹھانی پڑی ہے۔

    ادھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انتخابات شفاف نہ ہوئے تو صورتحال سنگین ہوجائے گی۔

    ملتان میں نماز عید الاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ17جولائی کو ضمنی انتخابات شفاف ہونے چاہئیں، اگر گڑبڑ ہوئی تو سری لنکا جیسے حالات پیدا ہوسکتے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جبکہ گھی، آئل اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی آسمان پر پہنچ چکی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی بے یقینی کی صورتحال مزید خراب ہوئی تو معیشت متاثر ہوگی، ملک میں مہنگائی کی ذمہ دارحکومت ہے اور حکمران اپنی سمت درست کریں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ زین قریشی کی شکایت پر آر او نے تفتیش کی۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار سرکاری اہلکاروں کی موجودگی میں میٹنگ کر رہے تھے۔ اس وقت پوری قوم کی نظریں الیکشن کمیشن پر لگی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت اس وقت شدید دباؤ میں ہے اور ٹیکسٹائل شعبے کو بند کر دیا گیا ہے جس سے مہنگائی کا مزید طوفان پیدا ہوگا۔

    سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج ریٹ آف انٹرسٹ 15 فیصد ہوگیا ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر نے عید کے بعد انڈسٹری بند کرنے کا کہا ہے، ذرا سی چنگاری پورے ملک کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

  • یوکرین:رہائشی عمارت پر روسی فضائی حملے میں 15 افراد ہلاک

    یوکرین:رہائشی عمارت پر روسی فضائی حملے میں 15 افراد ہلاک

    کیف :یوکرین میں ایک اور رہائشی عمارت پر روسی فضائی حملے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے،اطلاعات کے مطابق مشرقی یوکرینی ریجن دانیسک کے شہر چاسیویار کی ایک 5 منزلہ رہائشی عمارت پر روسی فضائی حملے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 20 سے زائد افراد کے ملبے میں دبے ہونےکا خدشہ ہے۔

     

     

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوکرینی ریجن دانیسک خاص طور پر روس کی نظروں کا مرکز بنی ہوئی ہے جہاں روسی راکیٹ حملے میں 5 منزلہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہو کرملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے۔

     

     

    یوکرینی امدادی ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ رہائشی عمارت پر روسی راکیٹ حملے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ملبے سے 5 افراد کو زندہ حالت میں ریسکیو کر لیا گیا ہے اور اب بھی 20 سے زائد افراد کا ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

     

     

    روسی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ روسی افواج نے سے یوکرینی شہر چاسیویار کے علاقے میں حملہ کرکے چھپائی گئی امریکی ساختہ ایم-777 توپوں (Howitzer) کے ایک ہینگر کو تباہ کردیا ہے۔

     

    یوکرینی امدادی ایجنسی کے حکام کے مطابق حملے سے متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا کام کیا جا رہا ہے۔

  • احسن اقبال کیساتھ بدتمیزی کرنے والی فیملی نے معذرت کر لی

    احسن اقبال کیساتھ بدتمیزی کرنے والی فیملی نے معذرت کر لی

    لاہور:موٹروے پر بدتمیزی کرنے والی فیملی نے وفاقی وزیر احسن اقبال کےگھر جا کر اُن سے معذرت کر لی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے لکھا کہ بھیرہ واقعہ میں ملوث فیملی نے نارووال آ کر ملاقات میں اپنے عمل پر معذرت کی،پچھتاوے اور شرمندگی کا اظہار کیا۔

    انہوں نے مزید لکھا کہ میں پہلے ہی ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی نہ کرنے کا اعلان کر چکا تھا۔ ہم سب پاکستانی ہیں، ایک دوسرے سے اختلاف کے حق کو نفرت میں تبدیل نہیں کرنا اور باہمی احترام قائم رکھنا ہے۔

     

     

    یاد رہے کہ پنجاب کے شہر بھیرہ میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو ایک ریسٹورنٹ میں دیکھ کر وہاں موجود سابق وزیر اعظم عمران خان کے کچھ حامیوں نے لیگی رہنما کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ احسن اقبال ریسٹورنٹ کے کاؤنٹر پر کھڑے ہیں،اچانک انہیں دیکھ کر بظاہر پہلے ایک خاندان کی خواتین نے ان کے خلاف چور،چور کے نعرے لگانا شروع کردیے اور بعد ازاں اس میں دیگر افراد بھی شامل ہوگئے۔

    اس دوران ریسٹورنٹ میں موجود شہری ویڈیو ریکارڈ کرتے رہے۔ تاہم کچھ منٹ بعد نعرے لگانی والی خواتین اور دیگر افراد باہر چلے گئے۔
    بعد ازاں احسن اقبال نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلات بتائیں۔

  • پٹرول کی قیمت جلد کم ہوگی: وزیراعظم شہباز شریف

    پٹرول کی قیمت جلد کم ہوگی: وزیراعظم شہباز شریف

    لاہور:وزیراعظم شہباز شریف نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت جلد کم ہوگی عوام مسائل حل ہونگے۔ دو ہفتوں بعد پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت مزید مضبوط ہوجائے گی۔

     

     

    وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے عید الاضحیٰ کے پہلے روز لاہور میں ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے ملاقات کے دوران ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

     

     

    وزیراعظم نے کہا کہ دو ہفتوں بعد پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت مزید مضبوط ہوجائے گی، پنجاب پہلے بھی مسلم لیگ ن کا گڑھ تھا اب بھی مسلم لیگ کی پوزیشن مضبوط ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو مفت ادویات کیں کینسر کی ادویات فری ملنا شروع ہوچکی ہیں جو پی ٹی آئی کے دور میں بند کردی گئی تھیں۔

     

     

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ چند ماہ سے شدید قانونی و آئینی بحران رہا اس کے باوجود پنجاب میں ن لیگ کی حکومت نے، محنت کرکے معاملات کو سنبھالے ہیں۔ سابقہ حکومت نے ہمارے ساتھ بہت ناانصافیاں کیں غلط کیسز بنائے گئے لیکن ہم کچھ ایسا نہیں کریں گے بعد میں شرمندگی ہو۔

     

     

    شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو جس برے طریقے سے برباد کیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ اگر ہم بڑے ایکشن نہ لیتے اور عوام کےلئے سر جوڑ کر نہ بیٹھتے تو ملک دیوالیہ ہوسکتا تھا۔ قائد نوازشریف کی قیادت میں ان کی ہدایات پر چلتے ہوئے ملک کو سنبھالا ہے۔ پٹرول کی قیمت جلد کم ہوگی عوام مسائل حل ہونگے۔

  • عالمی پابندیاں بھی روس کی صنعتی ترقی میں رکاوٹ نہ ڈال سکیں:ترقی کا سفرجاری

    عالمی پابندیاں بھی روس کی صنعتی ترقی میں رکاوٹ نہ ڈال سکیں:ترقی کا سفرجاری

    ماسکو :عالمی پابندیاں بھی روس کی صنعتی ترقی میں رکاوٹ نہ ڈال سکیں:ترقی کا سفرجاری ہے اور اس سلسلے میں روس کی ترقی کے سفر کے بارے میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ قومی ماہی گیری کا شعبہ بیرونی پابندیوں کے باوجود پائیدار ترقی جاری رکھے گا۔

    ماسکو میں میڈیا سے بات چشیت کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھا کہ میں آبی حیاتیاتی وسائل کی پیداوار کے حجم کے اچھے نتائج سے متعلق بات کرنا چاہوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ آج بین الاقوامی منڈی میں ہماری سمندری خوراک کی سپلائی بڑھ رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ روسی ماہی گیری کی صنعت پائیدار ترقی کرتی رہے گی اور اپنی مسابقت کو بڑھاتی رہے گی۔

    پابندیوں کے باوجود روسی ماہی گیری صنعت کی ترقی جاری ہے اسی سلسلے میں روسی صدر نے مزید کہا کہ ریاست یقینی طور پر کمپنیوں اور لیبر ٹیموں کو ترجیحی کاموں کے حل کے لیے مطلوبہ اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

    روس کے سربراہ نے کہا کہ یہ گھریلو پیداوار کے وسائل کی بنیادی ترقی ہے اور اس کی وجہ سے اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی ایک وسیع رینج کے ذریعے مقامی مارکیٹ کی کامیابی ہے۔ ایسی مصنوعات “مختلف درجے کی آمدنی والے شہریوں کے لیے سستی ہونی چاہئیں۔

  • حجاج کرام کے لیے الوداعی طواف کی تاریخوں کا اعلان ہوگیا

    حجاج کرام کے لیے الوداعی طواف کی تاریخوں کا اعلان ہوگیا

    مکہ:سعودی وزارت حج وعمرہ کے سرکاری ترجمان انجینئر ہشام سعید نے حج کے ایک اہم مرحلے کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عرفات سے مزدلفہ تک حج کا مرحلہ طے کر لیا گیا ہے جس میں مختلف گروپوں میں منقسم حجاج کو جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور مشاعر ٹرین کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ اس عمل میں 4 گھنٹے کے اندر نقل وحمل کے نظام کی تکمیل کے ذریعے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا۔حجاج کرام کی طواف وداع کے لیے منتقلی بغیر بھیڑ کے عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حجاج کرام منیٰ میں اُنہیں فراہم کی جانے والی تمام خدمات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

    انہوں نے اس سال کے حج سیزن کے لیے روزانہ کی پریس کانفرنس کے دوران حجاج کی گروپ بندی کا عمل رمی جمرات کے لیے جدید نظام کے ساتھ تکنیکی اور ٹائم ٹیبل کو استعمال کرتے ہوئے کیا گیا تاکہ رمی کرنے والوں کو گروپ کی شکل میں منظم رکھا جا سکے۔ حجاج کرام نے سب سے پہلے جمرہ عقبہ میں رمی مکمل کی۔ پھر منیٰ سے المسجد الحرام کی طرف روانگی کا عمل پانچ مختلف ٹریکس سے شروع کیا گیا ہے۔

    انہوں نے طواف وداع کے لیے گروپ بندی کے عمل کے لیے انتظامی منصوبوں اور طریقہ کار کو فعال کرنے کے عمل کے آغاز کا اشارہ دیا جو کہ مملکت کے اندر اور حجاج کرام کے لیے ذی الحجہ کے مہینے کی 12 اور 13 تاریخ کو مقرر کیا گیا تھا۔ بیرون ملک سے آنے والے عازمین کے لیے طواف کرنے اور اپنے پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے 14ذی ذی الحج کی تاریخ مقرر ہے، اس کے بعد وہ چاہیں تو مدینہ منورہ جا سکتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ وزارت حج وعمرہ کے سماجی رابطوں کے اکاؤنٹس پر مختلف قومیتوں اور زبانوں کے عازمین کی طرف سے معلومات کے حصول کے لیے دو لاکھ سے زیادہ کالیں موصول ہوئی ہیں

    عمومی صحت کی حالت تسلی بخش ہے۔ محکمہ صحت کامیابی کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈاکٹر العبد العالی نے انکشاف کیا کہ مقدس مقامات میں صحت کی تمام سہولیات میں فراہم کی جانے والی صحت کی خدمات سے مستفید ہونے والوں کی تعداد 87,000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس دوران 155 کارڈیک کیتھیٹرائزیشن آپریشن کیے گئے، 345 ڈائیلاسز سیشنز کیے گئے، 230 سرجریز اورحجاج کے 10 اینڈوسکوپک آپریشن کیے گئے۔

  • جرمنی میں دو سال بعد نمازعید کی ادائیگی، مسلمانوں میں خوشی کی لہر

    جرمنی میں دو سال بعد نمازعید کی ادائیگی، مسلمانوں میں خوشی کی لہر

    فرینکفرٹ : جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستان جرمن سول فورم کے زیراہتمام مرکزی نمازعیدالضحٰی کا اجتماع منعقد کیا گیا جس میں پاکستانیوں سمیت مختلف ممالک کی مسلم برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    اس اجتماع کی اہم بات یہ تھی کہ یہاں گزشتہ دو سال سے کورونا وائرس کی وبا کے باعث لگنے والی پابندیوں کی وجہ سے عیدین کی نمازوں کا اجتماع منعقد نہیں ہوتا تھا۔

    فرینکفرٹ اور گرد و نواح میں آباد مسلمان بالخصوص پاکستانی کمیونٹی کے لئے عیدین کی خوشیاں ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنے کیلئے سینئر صحافی و سماجی شخصیت شبیر احمد کھوکھر کی جانب سے اجتماعی نماز عید کا بڑے ہال میں اہتمام کیا گیا۔

    کوورنا پابندیوں کے خاتمے اور دوسالہ وقفے کے بعد جرمنی میں مقیم پاکستانیوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ سالباؤ ٹیٹوز فورم کے بڑے ہال میں نمازعیدالضحٰی ادا کی۔

    حاضرین نے شبیر احمد کھوکھر اور ان کی ٹیم کی طرف سے بہترین انتظام اور باہمی ہم آہنگی کا موقع فراہم کرنے پر بہت سراہا، ان کا کہنا تھا کہ ہال میں آکر عید کی خوشیاں اور رونقیں دوبالا ہوجاتی ہیں۔

    علامہ محمد صدیق مصطفائی نے سنت ابراہیمی اور عیدالضحٰی کے حوالے سے تفصیلی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں آباد مختلف مملکوں کے مسلمانوں سمیت پاکستانیوں کو آپس میں مضبوط بھائی چارے اور اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔

    آخر میں عالم اسلام بالخصوص وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئی۔

  • لاہور:قربانی کے جانوروں کی الائشوں اٹھانے کا عارضی سلسلہ جاری

    لاہور:قربانی کے جانوروں کی الائشوں اٹھانے کا عارضی سلسلہ جاری

    لاہور:لاہور میں صفائی اپریشن کے تحت 6ہزار ٹن الائشوں کو گھروں سے عارضی ٹرانسفر اسٹیشن پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔

    عارضی ٹرانسفر اسٹیشن سے لکھو ڈیر لینڈ فل سائیٹ پر ٹھکانے لگانے کا عمل بھی ساتھ ساتھ جاری ہے، 1 ہزار گاڑیاں اور 12سو پک اپس الائشوں کو تھکانے لگانے کے اپریشن میں مصروف عمل ہیں جبکہ عید کے پہلے روز تقریبا 18ہزار ٹن الائشوں کو ٹھکانے لگانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔

    ایل ڈبلیو ایم سی نے آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے شہر بھر میں 110 کولیکشن پوائنٹ اپریشنل کئے ہیں۔ عید کے پہلے دن 1243 پک اپس، 155 ٹرالیاں، 106 ایکسکویٹر ، 45 لوڈر اور 353 ڈمپرزفعال ہیں۔ 11 ہزار سے زائد سینٹری ورکرز تینوں شفٹوں میں ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی کی مشینری اور صفائی عملہ تینوں شفٹوں میں فیلڈ میں متحرک ہے۔ سی ای او رافعہ حیدر نے تمام افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایات دی ہیں۔

  • عید الاضحی آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائیگی

    عید الاضحی آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائیگی

    اسلام آباد:حضرت ابراہیم اور حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں عید الاضحی اتوار کو مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔

    دِن کا آغاز مساجد میں ملک کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائوں سے ہو گا۔ نمازِ عید تمام بڑے شہروں اورقصبوں کی مساجد اور عید گاہوں میں ادا کی جائے گی۔

    علماء کرام عید کے خطبوں میں حضرت ابراہیم اور حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالیں گے ۔ سنت ابراہیمی کی پیروی میں لوگ جانوروں کی قربانی کریں گے۔

    دوسری طرفوزیراعظم محمد شہبا ز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید کے دنوں میں صفائی کی مشینری کو شفٹوں میں 24گھنٹے فعال رکھیں اور عوام کی دہلیز سے آلائشیں اٹھانے کے عمل کو یقینی بنائیں،مون سون کی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کی جائے، عید الاضحیٰ کے دنوں میں مری میں سیاحوں کی آمد پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لئے مناسب حکمت عملی ترتیب دی جائے ۔

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت عید الاضحیٰ کے حوالے سے عوام کی سہولت کے لئے اقدامات اور عید کے دنوں میں صفائی کے نظام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب پولیس، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، سیکرٹری سیاحت پنجاب، سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب ، سیکرٹری صحت پنجاب،چیئرمین اور ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ، صوبائی و ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران اور پنجاب پولیس کے دیگر سینئر افسران جبکہ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو پنجاب میں عید الاضحیٰ کے دوران صفائی کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ عید کے دنوں میں صفائی کی مشینری کو شفٹوں میں 24گھنٹے فعال رکھیں اور عوام کی دہلیز سے آلائشیں اٹھانے کے عمل کو یقینی بنائیں۔وزیراعظم نے واسا حکام کو سخت ہدایت جاری کی کہ مون سون کی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عید الاضحیٰ کے دنوں میں مری میں سیاحوں کی آمد پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لئے مناسب حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ انہوں مزید ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں میں بہارہ کہو سے مری تک فیملیز کے لئے فری شٹل سروس چلائی جائے۔

    وزیراعظم نے حکام کو غیر قانونی مویشی منڈیوں کی روک تھام کے لئے مناسب حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مویشی منڈیوں تک عوام کی سہولت کے لئے شٹل سروس کو یقینی بنایا جائے ۔ مزید برآں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں میں دفعہ 144 کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عید کے بعد محکموں کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے ،جس محکمے کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہوئی اس کی سرزنش کی جائے گی۔

    انہوں پاکستانیوں سمیت تمام امت مسلمہ کو عیدالاضحٰی کی مبارک اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آللہ تعالیٰ نے اپنے خلیل حضرت ابراہیم (ع) اور ان کے عظیم فرزند حضرت اسماعیل(ع) کی فرمانبرداری کو انتہائی پسند فرماتے ہوئے قربانی کی عظیم روایت بنا دی، قربانی کا اصل مفہوم اللہ رب العزت کی اطاعت و فرمانبرداری ہے، اللہ تعالیٰ اپنے اطاعت گزار بندوں کی نیت دیکھتا ہے اور اسی کی بنیاد پر اجر عطا فرماتا ہے، حضرت ابراہیم (ع) اور ان کے عظیم فرزند حضرت اسماعیل(ع) کی سیرت پاک کی پیروی میں ہی ہم سب کی نجات ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ یتیموں، بیوائوں، بے کسوں اور ناداروں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کر سکتے ہیں عیدالاضحیٰ کے موقعے پر مشکلات و مصائب کے شکار بھائیوں بہنوں کی مدد پر خصوصی توجہ دی جائے مہنگائی کی عالمی لہر کے اثرات کی وجہ سے اپنے ارد گرد موجود ضرورت مندوں اور سفید پوشوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کو نہ بھولیں، ان کی بھرپور مدد کریں، مشکل کی اس گھڑی میں ان کی غم گساری ہمارا فرض ہے، نوجوان نسل عید قربان کے اصل مفہوم سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہے، نوجوان معاشرے میں تحمل، برداشت، ایثار وقربانی کی عملی مثال بنیں، معاشرے میں اپنے اخلاق و اقدار سے حقیقی تبدیلی لائیں، عیدالاضحیٰ کے موقعے پر عوام سے کورونا وبا کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی اپیل کرتا ہوں، آلائیشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کے لئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مستعدی سے فرائض انجام دیں۔

  • سیاست میں گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو ختم کرنا ہوگا:سراج الحق

    سیاست میں گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو ختم کرنا ہوگا:سراج الحق

    سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاست میں گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو ختم کرنا ہوگا۔،اطلاعات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قوم کو عید قربان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان سنت ابراہیمؑ ادا کرتے ہوئے عہد کریں کہ رضائے الہٰی کے لیے وہ ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صاحب حیثیت غربا و مساکین، بے سہارا لوگوں کا خیال رکھیں اور یتیموں، بیواؤں کو قربانی کا گوشت دیں تاکہ ان کے گھروں میں بھی خوشی کا اہتمام ہوسکے۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سیاسی لیڈرز کو سیاسی ماحول کی تنزلی پر حقیقی معنوں میں فکر مند اور پریشان ہونا چاہیے۔سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ دن بدن ملک شدید پولرائزیشن کی جانب بڑھ رہا ہے، آئیے نفرت، عدم برداشت، بد تہذیبی اور الزامات کی سیاست سے ایک قدم پیچھے ہٹیں۔

    امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو ختم کرنا ہوگا، پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر وجود میں آیا، اسلامی نظام کا نفاذ ہی اس کی حقیقی منزل ہے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں حضرت ابراہیمؑ کی عظیم قربانی کی یاد میں عیدا الاضحیٰ کل مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائے گی۔

    کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات کی مساجد، عیدگاہوں اورکھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہونگے جس میں علمائے کرام فلسفہ قربانی کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔

    نماز عید کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ کی یکجہتی، وطن کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور کورونا وباء کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے الله کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی جائے گی۔