Baaghi TV

Author: +9251

  • مانیٹری پالیسی جاری، شرح سود میں 1.25 فیصد اضافہ

    مانیٹری پالیسی جاری، شرح سود میں 1.25 فیصد اضافہ

    کراچی: اسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی جاری کرتے ہوئے شرح سود میں 1 اعشاریہ 25 فیصد کا اضافہ کردیا۔

    ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا جس میں شرح سود میں 1 اعشاریہ 25 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد بنیادی شرح سود 14 فیصد ہوگئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ عمومی مہنگائی غیر متوقع طور پر اپریل میں دو سال کی بلند ترین سطح 15 فیصد تک پہنچ گئی، مہنگائی دیہی اور شہری علاقوں میں مزید بڑھ کر بالترتیب 11.5 فیصد اور 11.1 فیصد ہوگئی، جب کہ زری پالیسی کمیٹی مہنگائی، مالی استحکام، اور نمو کے وسط مدتی امکانات پر اثر انداز ہونے والی تبدیلیوں کی محتاط نگرانی برقرار رکھے گی۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مانیٹری اور اقتصادی پالیسی سے طلب کو پائیدار کرنا ہوگا، مہنگائی کی توقعات اور بیرونی خدشات کم کرنے کی ضرورت ہے، مہنگائی کی صورتحال بیرونی اور اندرونی حالات سے متاثر ہوئی ہے، رواں مالی سال کی اقتصادی پالیسی، انرجی سبسڈی پیکیج سے طلب بڑھی۔

  • اپنا سب کچھ چھوڑکرعمران خان کا ساتھ دے رہے ہیں، چودھری حسین الٰہی

    اپنا سب کچھ چھوڑکرعمران خان کا ساتھ دے رہے ہیں، چودھری حسین الٰہی

    رکن قومی اسمبلی چودھری حسین الٰہی کی زیرصدارت ضمنی الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں تحریک انصاف کے ایم پی اے ندیم بارا، سٹی نائب صدر عبیدالرحمن، ارشد حسین بھٹی، ملک اعجاز، ملک نواز اعوان، عثمان بھٹی اور عرفان بھٹی سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
    الیکشن پربات کرنے کو تیارتحریک انصاف کے دروازے کھلے ہیں, عمران خان

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری حسین الٰہی نے کہا کہ ہم اپنا سب کچھ چھوڑکر سابق وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دے رہے ہیں، عمران خان اور چودھری پرویزالٰہی کا منشور ہے کہ نااہل حکمرانوں سے قوم کی جان چھڑائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے چودھری پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ کا مشترکہ امیدوار نامزد کیا ہے، ہمارا بھی فرض ہے کہ ہم پی ٹی آئی کے امیدواروں کی جیت میں اپنا کردار ادا کریں اور اس نااہل امپورٹڈ حکومت کو ہٹا کر عوام کو ریلیف دلوائیں۔

     

    مخصوص نشستوں پر ارکان کا حلف، پنجاب اسمبلی میں پارٹی پوزیشن تبدیل

    انہوں نے کہا کہ میں شروع میں عمران خان کے ہیلتھ کارڈ کے حق میں نہیں تھا لیکن جب اس کا استعمال شروع ہوا اور لوگوں کا مہنگا علاج بالکل مفت ہونے لگا تو میں اس کا قائل ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے کارکن اور عہدیدار ضمنی علاقوں میں گھر گھر جا کر الیکشن مہم میں حصہ لے رہے ہیں، اس مشکل وقت میں ہم پی ٹی آئی کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

     

    ضمنی انتخابات 2018 کے ووٹر لسٹوں کے مطابق ہوں گے، الیکشن کمیشن کا عدالت میں بیان

     

    پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی ندیم بارا نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے 1122 سروس شروع کر کے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں، شہبازشریف نے اس سروس کی فنڈنگ روکے رکھی اور اس کو بند کرنے کی کوششیں کی، ن لیگ صرف عوامی خدمت کے نام پر سیاست کرتی ہے لیکن خدمت سے ن لیگ کا کوئی تعلق نہیں

  • عید الاضحیٰ پرسیکڑوں قیدی رہاکردیئےگئے،ہرطرف خوشیاں ہی خوشیاں

    عید الاضحیٰ پرسیکڑوں قیدی رہاکردیئےگئے،ہرطرف خوشیاں ہی خوشیاں

    دبئی :متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں عید الاضحیٰ کے موقع پر 1500 قیدی رہا کرنے کا اعلان کے بعد اب عملدرآمد بھی شروع ہوگیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر ابوظبی شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے عید الاضحیٰ سے قبل 737 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔اس حکم کے بعد جیلوں سے قیدیوں کی رہائی شروع ہوگئی ہے اور یہ موقع قیدیوں کے لیے دہری عید سے کم نہیں ہے

     

     

     

    امارات کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق شیخ محمد بن زاید نے رہائی پانے والے قیدیوں کے مالی جرمانے ادا کیے گئے ہیں ، یاد رہے کہ معاف کیے گئے قیدیوں کو مختلف جرائم پر قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

     

     

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور ریاست دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے عید الاضحیٰ کے موقع کی مناسبت سے دبئی بھر سے 505 قیدیوں کو جیل سے رہا کردیا گیا ہے

     

     

    اس کے علاوہ ریاست راس الخیمہ کے حاکم شیخ سعود قاسمی نے بھی عید کے موقع پر 251 قیدیوں کی رہائی کے احکامات جاری کئے ہیں۔

    دبئی کے اٹارنی جنرل نے اعلان کیا ہے کہ دبئی میں شیخ محمد نے عید کے موقع پر قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کیا ہے تاکہ وہ ایک نئے سرے سے اپنی زندگی کا آغاز کریں اور اپنے گھر والوں کےساتھ پرسکون زندگی گزاریں۔

     

    اٹارنی جنرل کا مزید کہنا تھا کہ شیخ محمد کے حکم کی پاسداری کرتے ہوئے جلد از جلد ان قیدیوں کی رہائی کا عمل مکمل کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں عید 9 جولائی کو منائی جائے گی، عید کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں پانچ روز کی چھٹیاں دی گئی ہیں۔

  • بجلی کی قیمت میں 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافہ منظوری دے دی گئی

    نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7 روپے 90 پیسے اضافے کی منظوری دیدی۔

    نجی ٹی وی کےمطابق: نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مئی کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ہے.

    اعلامیے مں کہا گیا ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے 7 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی تھی، اتھارٹی نے 27 جون 2022 کو فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) پر عوامی سماعت کی تھی۔

    نیپرا اعلامیے کے مطابق اپریل کا ایف سی اے صارفین سے 3 روپے 99 پیسے چارج کیا گیا تھا جبکہ مئی کا فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ اپریل کی نسبت 3 روپے 91 پیسے ہے جو جولائی میں زیادہ چارج ہو گا۔

    اعلامیے میں بتایا گیا کہ ایف سی اے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین کے علاوہ ڈسکوزکے تمام صارفین پر ہو گا۔

    مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی و شعبہ خواتین پنجاب کی صدر خدیجہ عمر فاروقی نے حکومت کی طرف سے بجلی 3مرحلوں میں مہنگی کرنے اور 7.90روپے فی یونٹ اضافہ کی منظوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی 7.90 روپے فی یونٹ مہنگی کرکے عوام پر اربوں روپے کا بوجھ ڈالنا حکومتی نااہلی ہے۔ایک طرف بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف پنجاب میں مفت بجلی کا اعلان دوغلی پالیسی ہے۔

    یہ اعلان پنجاب بھر میں 20ضمنی حلقوں میں ہونے والے انتخابات پر اثرانداز ہونے اور اپنی وزارت اعلیٰ بچانے کی بھونڈی کوشش ہے۔پنجاب میں 100یونٹ بجلی مفت دینا ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی کوشش ہے۔سپریم کورٹ کورٹ اپنے فیصلہ میں قرار دے چکی ہے کہ پنجاب حکومت ایسے کوئی اقدامات نہیں کرے گی جو الیکشن میں اثرانداز ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ شعبہ خواتین کی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ ایک طرف قومی خزانہ خالی ہونے کا واویلا کیا جارہا ہے اور عوام پر بجلی، پٹرولیم مصنوعا ت مہنگی کرنے کے ساتھ ساتھ اربوں روپے کے سپر ٹیکسز ڈالے جارہے ہیں جس سے صوبہ بھر میں ہوشربا مہنگائی برپا ہے غریب اور سفید پوش افراد کا جینا دوبھر ہوگیا ہے جبکہ حکومتی اخراجات کم کرنے کی بجائے56رکنی کابینہ تشکیل دی جارہی ہے جس میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے وسیع و عریض کابینہ کا سارا بوجھ عوام کی خون پسینے اور ٹیکسوں کی رقم سے پورا کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ کے قائد چوہدری پرویز الہٰی کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کروایا جائے گا اور مسلم لیگ شعبہ خواتین کے عہدیداران کو ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں لاہور میں چاروں حلقوں میں مسلم لیگ شعبہ خواتین کی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو علاقہ میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے کام کررہی ہیں۔انشاء اللہ پنجاب بھر میں تحریک انصاف کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرینگے

  • رانا ثناءاللہ کیخلاف ہیروئین کا کیس جھوٹ تھا۔ فواد چودھری

    رانا ثناءاللہ کیخلاف ہیروئین کا کیس جھوٹ تھا۔ فواد چودھری

    سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چودھری نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کے خلاف بنایا گیا ہیروئین کا کیس بے بنیاد اور جھوٹا تھا اور اس میں کوئی صداقت نہیں تھی۔

    سابق وزیر اطلاعات نے اینکرپرسن جاوید چودھری کے پروگرام کل تک میں تحریک انصاف کے دور میں مسلم لیگ ن کے رہنماء کے خلاف بنائے گئے کیس بارے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ: لیگی رہنما کے خلاف یہ کیس تحریک انصاف نے نہیں بنایا بلکہ کسی اور نے بنایا اس اینکر پرسن نے ان سے وضاحت طلب کی تو ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اسمبلی میں بڑا کھل بولتے ہیں آپ ان سے کیس بنانے والوں کا نام پوچھ لیں۔

    جاوید چودھری نے فواد چودھری سے سوال کیا کہ اس وقت کے وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی جو تحریک انصاف ہی کے ایک متحرک رہنماء ہیں اپنی تقاریر میں بار قسمیں کھا کر کہتے تھے جان اللہ کو دینی ہے رانا ثناءاللہ سے اتنے کلو ہیروئین برآمد ہوئی تھی۔

    اس پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا: انہوں غلط کیا تھا اور جب کابینہ میں یہ معاملہ آیا تو میں نے اس وقت اے این ایف کے جو مقرر کردہ آفیسر تھے ان سے سوال کیئے تو وہ کابینہ چھوڑ کر چلے گئے اور پھر مجھے اس سے اندازہ ہوگیا تھا کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں اور یہ کیس بالکل فضول ہے لہذا پھر میں نے روکا کیونکہ وہ کبھی بھی نہیں کرنا چاہئے تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اگر میرے خلاف پندرہ کلو ہیروئین کا کیس ثابت ہوجائے تو میں ہر قسم کی سزا کیلئے تیار ہوں۔علاوہ ازیں انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپنے اس منشیات کے کیس کا سو مو ٹو لینے کی بھی درخواست کی تھی۔

    دوسری جانب اینکر اقرار الحسن نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یار کوئی مذاق ہے؟ پی ٹی آئی دورِ حکومت کے وزیرِ داخلہ شہر یار آفریدی حلف اُٹھا کر کہتے رہے کہ رانا ثناء اللہ سے ہیروئن برآمد ہوئی ہے اب پی ٹی آئی دور حکومت کے وزیر اطلاعات کہتے ہیں شہریار آفریدی کا حلف جھوٹا تھا، ایسا کچھ نہیں ہوا۔ تو بس پھر ن لیگ بھی جو کرے اس پر چیخنا بنتا نہیں

    جاوید بدر کہتے ہیں کہ جان اللہ کو دینی ہے لَا إِلٰهَ إِلَّا الله مُحَمَّدٌ رَسُولُ الله میرے پاس وڈیو موجود ہے رانا ثنااللہ کی گاڑی سے 15 کلو منشیات برآمد ہوئی
    شہر یار آفریدی نے یہ کیس جھوٹا بنایا تھا فواد چوہدری
    قوم خود اندازہ کرلیں کہ یہ کتنے ایماندار ہیں یہ کیس بھی عمران خان کے کہنے پر بنا تھا

    راجہ کبیر لکھتے ہیں کہ سابق ادوار میں بنائے گئے تمام مقدمات سے آہستہ آہستہ اعلان لاتعلقی کی جارہی ہے لیکن آج کے دن اس شہریار آفریدی پر لعنت ضرور بھیجئے گا جس نے اللہ کی قسم اٹھا کر رانا ثناءاللہ پر درج ہوئے مقدمہ کی گواہی دی تھی

    بنی گالہ میں کتے سے کھیلنے والی فرح کا اصل نام کیا؟ بھاگنے کی تصویر بھی وائرل

    بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح نے خاموشی توڑ دی

    عمران ریاض کو واقعی خطرہ ہے ؟ عارف علوی شہباز شریف پر بم گرانے والے ہیں

    الیکشن کیلیے تیار،تحریک انصاف کا مستقبل تاریک،حافظ سعد رضوی کا مبشر لقمان کوتہلکہ خیز انٹرویو

  • اپنے موبائل کو سائبر حملوں سے کیسے بچا سکتے ہیں؟

    اپنے موبائل کو سائبر حملوں سے کیسے بچا سکتے ہیں؟

    اپنے موبائل کو سائبر حملوں سے کیسے بچا سکتے ہیں؟
    کسی موبائل ایپ کو اپنے فون میں انسٹال کرتے وقت کچھ system approvals دینا لازم ہوجاتے ہیں جن کے بغیر ایپ کام نہیں کرتی۔ یہی وہ لمحہ ہے جب آپ اپنا ڈیٹا کسی بھی انجان شخص یا کمپنی کے سپرد کر دیتے ہیں۔

    آپکے MailBox میں ہزاروں emails ایسے آتے ہیں جن میں کسی بھی ویب سائٹ کے لنکس دئیے گئے ہوتے ہیں، جن پر کلک کے بعد آپکی موبائل فون یا کمپیوٹر کسی سرور سے لنکڈ ہوجاتا ہے اور آپکا ڈیٹا ٹرانسفر ہوسکتا ہے۔

    ایسے ہی کئی طریقے آپکے ڈیٹا کو ہیکرز کا آسان شکار بنا دیتے ہیں اور آپ انجانے میں اپنی حساس معلومات تک کھو دیتے ہیں۔موبائل فون پرائیویسی کے متعلق بڑھتے خدشات کے باعث تمام صارفین سیکورٹی کے بارے میں کافی محتاط رہتے ہیں تاہم موبائل فون انٹرنیٹ سے connected ہوتے ہی ایسے تمام حملوں کا شکار بن سکتے ہیں۔

    آپ اپنے موبائل کو ایسے حملوں سے کیسے بچا سکتے ہیں؟
    بڑھتے ہوئے سائبر حملوں کے پیش نظر حکومتی اداروں اور سافٹ وئیر کمپنیوں نے اپنی پالیسیوں کو گاہے بگاہے تبدیل کیا ہے اور پہلے سے زیادہ محفوظ بنایا ہے تاہم ہر صارف کیلئے اپنے ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔

    1۔ ہمیشہ پلے سٹور اور ایپ سٹور کی ویریفائڈ ایپس ہی انسٹال کریں۔

    2۔ ای۔ میل، ٹیکسٹ میسج یا سوشل میڈیا پر کسی بھی لنک کو کھولنے سے پہلے اس بات کی تصدیق کر لیں کہ یہ لنک آپکو محفوظ سائٹ تک ہی لے کر جائے گا۔

    3۔ موبائل فون کا سیکورٹی ساوفٹ وئیر آپ ڈیٹ رکھیں۔

    4۔ موبائل پورٹس استعمال کے بعد کھلے نہ رکھیں، موبائل پورٹس میں وائی فائی، بلو ٹوتھ، NFC، شامل ہیں۔ ان کا استعمال کے بغیر آن رہنا ہیکرز کے حملے کو مزید آسان بنا دیتا ہے۔

    5۔ کسی بھی ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر اپنا ڈیٹا دیتے وقت اس بات کی تصدیق کر لیں کہ یہ ایک مستند ویب سائٹ ہے اور آپکا ڈیٹا محفوظ رہے گا۔

    6۔ کریڈٹ کارڈ اور دیگر حساس معلومات استعمال کے بعد ڈیلٹ کر دیں۔

  • ایمبر ہرڈ نے عدالتی فیصلے کو چیلنج کر دیا

    ایمبر ہرڈ نے عدالتی فیصلے کو چیلنج کر دیا

    جونی ڈیپ کی سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ جو اپنے سابق شوہر سے ہتک عزت کا دعوی ہار چکی ہیں، عدالتی حکم کے مطابق انہیں جونی ڈیپ کو جرمانہ بھی ادا کرنا ہے.ایمبر پہلے دن سے ہی اس فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں ان کا کہنا ہے کہ جونی ڈیپ اس فیصلے پر اثر انداز ہوئے ہیں اور ججز نے ان سے متاثر ہو کر فیصلہ دیا ہے.لہذا ایمبرہرڈ نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ اس فیصلے کو چیلنج کریں گی. ا نہوں نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ جو فیصلہ ان کے خلاف دیا گیا ہے اسکو کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ یہ فیصلہ جن بنیادوں پر کیا گیا ہے وہ درست نہیں ہیں.ایمبر ہرڈ جن کو اس فیصلے کے بعد ایک کروڑ

    پچاس لاکھ ڈالر جرمانہ جونی ڈیپ کو دینا تھا اس جرمانے کو دینے کے ھوالے سے ایمبر نے کہا تھا کہ میرے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں ان کے اس بیان کے بعد ان پر تنقید بھی ہوئی تھی کہ اگر ان کے پاس پیسے نہیں ہیں تو یہ اپنے جہاز میں کیسے سفر کررہی ہیں. ایمبر ہرڈ کے وکیل اس فیصلے کے خلاد اپیل دائر کر چکے ہیں اور ایمبر توقع کررہی ہیں کہ اب کی بار فیصلہ ان کے حق میں آئے گا. ایمبر ہرڈ کے وکلا نے 43 صفحات پر مشتمل اپنی درخواست میں ریاست ورجینیا کی عدالت سے استدعا کی ہے کہ اداکارہ کے خلاف دیے گئے جیوری کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔سوشل میڈیا پر بہت سارے لوگ ایمبر کے اس فیصلے کو ان کی ایک اور غلطی قرار دے رہے ہیں.

  • پہلی ملاقات سے ہی ہم فیملی بڑھانے کی باتیں کررہے ہیں رنبیر کپور

    پہلی ملاقات سے ہی ہم فیملی بڑھانے کی باتیں کررہے ہیں رنبیر کپور

    اداکار رنبیر کپور جو والد بننے پر نہایت ہی خوش ہیں ان کی خوشی دیدنی ہے.انہوں نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا اس میں انہوں نے بتایا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ وہ باپ بننے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ میرے لئے انتظار کرنا مشکل ہے. رنبیر کپور نے مزید کہا کہ میں اور عالیہ جب سے ملے ہیں ہم تب سے ہی اپنی فیملی بڑھانے کی باتیں کر رہے ہیں. مجھے اور عالیہ ہم دونوں کو ہی بچے بہت پسند ہیں اور ہم چاہتے بھی تھے کہ ہمارے گھر یہ خوشخبری جلد سے جلد آئے. دوسری طرف عالیہ بھٹ

    کی بھی اتنی ہی خوش ہیں جتنے رنبیر کپور ہیں.. یاد رہے کہ عالیہ بھٹ پچھلے ڈیڑھ مہینہ سے لندن میں موجود ہیں وہاں وہ اپنی پہلی ہالی وڈ فلم کی شوٹنگ کروا رہی ہیں.عالیہ بھٹ نے بہت کوشش کی کہ وہ کرن جوہر کی سالگرہ کے لئے ایک دن کے لئے ممبئی آجائیں لیکن ایسا ممکن نہ ہوسکا. لیکن عالیہ انسٹاگرام پر مسلسل متحرک ہیں اور وہ دنیا بھر سے مبارکبادیں وصول کرنے کے ساتھ ساتھ جوابات بھی دے رہی ہیں. عالیہ بھٹ کی ساس اور نند بھی عالیہ سے بہت خوش ہیں.عالیہ کی نند کا کہنا ہے کہ عالیہ بیسٹ بھابھی ہیں جبکہ ساس کا کہنا ہے کہ عالیہ بیسٹ بہو ہیں. نیتو کہتی ہیں کہ عالیہ مجھے اس لئے زیادہ اچھی لگتی ہے کیونکہ اس نے ان کے بیٹے کی زندگی میں رنگ بھر دئیے ہیں .

  • کمیٹی کسی بھی معاملے کا نوٹس لے سکتی ہے. چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی

    کمیٹی کسی بھی معاملے کا نوٹس لے سکتی ہے. چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی

    چیئرمین نورعالم خان کی زیر صدارت آج ایک بار پھر پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نیب آڈٹ اعتراضات اور ریکوریز سمیت مختلف معاملات زیرغور رہے.

    جبکہ کمیٹی کی جانب سےطلبی کے باوجود سابق چیئرمین نیب اور سابق ڈی جی نیب اجلاس میں تاحال حاضر نہ ہوئے۔

    سیکریٹری خزانہ کے گزشتہ روز پی اے سی اجلاس میں نہ آنے پر چیئرمین نور عالم خان نے کی تنبیہ کی کہ آپ گزشتہ روز وزیر اعظم سے ملاقات میں تھے لہذا اب آپ پی اے سی کو سنجیدہ لیں۔

    سینیٹر ہلال الرحمان کی درخواست پر سینیٹر شبلی فراز نے اعتراض کیا کہ یہ کیا طریقہ کار ہے کہ درخواست فوری آئے اور پھر کارروائی بھی شروع ہوجائے ۔

    شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ: درخواست آئی تو اسے پہلے ارکان کو دیا جائے وہ پڑھیں پھر بات کریں، رولز بتائیں کہ کیسے ایک پبلک پٹیشن ارکان کو دیئے بغیر سنی جائے۔

    شبلی فراز کو جواب دیتے ہوئے چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو رولز اجازت دیتے ہیں کہ وہ پبلک پٹیشن لے سکتی ہے۔اور کمیٹی کسی بھی ایسے معاملے کا نوٹس لے سکتی ہے جس میں پیسہ اور کرپشن کا معاملہ ہو۔

    نور عالم نے شبلی فراز کو کہا کہ چیخیں مارنے سے کچھ نہیں ہوتا، بطور چیئرمین کچھ اختیار ہے.

    شبلی فراز نے اس پر جواب دیا کہ: آپ سے رولز کا پوچھنا جرم ہے تو معافی مانگتا ہوں.

    سینیٹر شبلی فراز نے کہا: یہاں سیاسی بیان بازی نہ کی جائے ایجنڈے پر رہا جائے، اگر چار سال میں کرپشن ہوئی ہے تو پچھلے 3 سال میں کیا ہوتا رہا.

    شبلی فراز نے کہا کہ: میں کرپشن کے خلاف کھڑا ہوں اس پر منحرف رکن پی ٹی آئی احمد حسین دیہڑ نے کہا: چار سال میں جتنی کرپشن ہوئی کبھی نہیں ہوئی، ‏پچھلے چندسال میں مافیا کرپشن کررہا تھا اور چھپا رہا تھا.

    سینیٹر ہلال الرحمان نے کمیٹی ممبران کو بتایا کہ: وفاقی حکومت نے 76کروڑ روپے سابق فاٹا کے اضلاع کے لیے دیئے، مہمند، خیبر، باجوڑ وغیرہ کے لیے 2روزمیں کروڑوں روپے جاری کردیئے گئے، یہ رقم بی ایس سی کے ایک طالبعلم کے اکاونٹ میں منتقل کی گئی، جب کام ذرا سا بھی نہیں ہوا تو ٹھیکیداروں کو رقم کیسے منتقل ہوگئی؟

    چیئرمین نور عالم نے کہا کہ: نیب اور ایف آئی اے ایک ماہ میں تحقیقات مکمل کریں، آڈیئٹر جنرل بھی ایک ماہ میں ایس ڈی جیز میں ہوئی کرپشن پر رپورٹ مکمل کریں، جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوں گی خیبرپختونخوامیں ایس ڈی جیز کی رقم منجمد رہے گی.

  • دنیا خشک سالی کا شکارہوگئی: اٹلی میں پانی کا سنگین بحران

    دنیا خشک سالی کا شکارہوگئی: اٹلی میں پانی کا سنگین بحران

    اٹلی :دنیا کوخشک سالی کا سامنا ہے یہ خشک سالی ان ملکوں میں بھی بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے جہاں کبھی پانی کے کم ہونے کا تصور بھی نہیں تھا ، دنیا بھر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں کہیں بارشیں بہت زیادہ یا کم اور موسم میں نمایاں فرق آیا ہے جس کے سبب کچھ علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے تو دوسری جانب خشک سالی کا مسئلہ درپیش ہے۔

    عالمی اداروں نے خبردارکیا ہے کہ دنیا بھرمیں موسمیاتی تبدیلیوں نے گہرے اثرات چھوڑے ہیں‌، ادھر اس حوالے سے غیرمعمولی طور پر گرم موسم، موسمیاتی تبدیلیوں نے اٹلی کے شمالی حصے کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے جہاں 70سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    شمالی اٹلی میں انتہائی کم بارشوں کے سبب 5 علاقے بری طرح خشک سالی کا شکار ہوگئے، حکومت کی جانب سے آرائشی فواروں کو بند، گاڑیاں دھونے اور پودوں کو غیرضروری پانی نہ دینے کی ہدایات کی گئی ہے۔

    اٹلی کے شمال میں واقع امیلیا، روماگرا، فریوللی ونیزیا، لومبرڈی، پیڈمونٹ، وینٹو ودیگر علاقوں میں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، خشک سالی سے نمٹنے کے لئے حکومت کی جانب سے 36 ملین یورو کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یورپی ملک اٹلی کو ستر برس میں سب سے زیادہ موجودہ وقت میں قحط اور خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس خشک سالی کے باعث خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اٹلی کی30 فیصد سے زائد زرعی پیداوار کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ روزقبل شدید موسمی تبدیلیوں کے باعث اٹلی کے انتہائی شمال میں ایلپس پہاڑی سلسلے میں گلیشیئر ٹوٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔