Baaghi TV

Author: +9251

  • چین نے افغانستان میں بھاری سرمایہ کاری کی حامی بھرلی

    چین نے افغانستان میں بھاری سرمایہ کاری کی حامی بھرلی

    کابل :چین نے افغانستان میں بھاری سرمایہ کاری کی حامی بھرلی،اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہدکا کہنا ہے کہ افغانستان کی ترقی کا مستقبل چین کے ہاتھوں میں ہے، چین نے افغانستان میں بھاری سرمایہ کاری کی حامی بھری ہے۔

    اطالوی اخبارکو انٹرویو میں ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ چین افغانستان کا پڑوسی بلکہ سب سے اہم شراکت دار سمجھا جاتا ہے، نیا افغانستان اپنی معیشت کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے چین کی مدد لےگا۔

    ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ ون بیلٹ ون روڈ خطے سےگزرنے والے سلک روڈ کی بحالی کا سنگ میل ہے، افغانستان میں تانبےکے وافر ذخائر ہیں، تانبےکے ذخائرکو چینی دوستوں کی مدد سے افغانستان کی ترقی کے لیے استعمال کیاجائےگا، ہم چین کو عالمی منڈی تک رسائی کا پاسپورٹ سمجھتے ہیں۔

    ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ طالبان روس کے ساتھ بھی مضبوط سفارتی اور تجارتی تعلقات قائم کرنےکے خواہاں ہیں، روس نے عالمی امن کے قیام کے لیے طالبان کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔

    پنجشیرکے حوالے سے ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل کرنےکی کوشش کی لیکن احمد مسعود کی ملیشیا نے دو بار حملہ کرکے منفی پیغام دیا، پنجشیر میں مسلح مزاحمت نے افغان امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے جسے کچلنا ناگزیر ہوگیا ہے۔

    افغانستان میں خواتین کے کردار کے حوالے سے ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغان خواتین تمام شعبہ ہائے زندگی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں، خواتین کے جامعات میں تعلیم حاصل کرنے پرکوئی روک ٹوک نہیں ہوگی،

    افغانستان میں خواتین کے کردار کے حوالے سے ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ خواتین افغان سوسائٹی کی ناقابل تسخیر ہیرو ہیں، قرآن کریم اور شریعت کی رو سے خواتین سرکاری محکموں میں کردار اداکرسکیں گی، تاہم آئندہ حکومت میں خواتین کی بطور وزیر تقرری خارج از امکان ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں افغانستان کی تمام دولت جنگوں پر خرچ کی گئی، اب افغانستان میں تعمیر نو کا آغاز ہونے جا رہا ہے، طالبان عالمی برادری سے تعلقات کی بہتری کے لیے پوری کوشش کریں گے، ہمیں بین الاقوامی برادری کا اعتماد حاصل کرنا ہوگا۔

    فضائی آپریشن کی بحالی سے متعلق ترجمان طالبان نے بتایا کہ قطر اور ترکی کی مدد سےکابل سمیت افغانستان کے تمام ہوائی اڈوں کو فعال کیاجائےگا، افغانستان میں اندرون ملک پروازوں کا آغاز چند دنوں میں ہوجائے گا تاہم بین الاقوامی پروازوں کی بحالی میں وقت درکار ہے۔

  • قطرمیں‌ اہم ملاقات کے بعد برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب آج پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: قطرمیں‌ اہم ملاقات کے بعد برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب آج پاکستان پہنچیں گے ،اطلاعات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب آج پاکستان پہنچیں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، برطانوی وزیر خارجہ دو روز پاکستان میں قیام کریں گے۔

    اس سے قبل برطانیہ کے سیکرٹری خارجہ ڈومینک راب نے کہا ہے کہ برطانیہ کی حکومت متوقع مستقبل میں طالبان کو تسلیم نہیں کرے گی۔

    دوحہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ کو اب ’اس نئی حقیقت سے ہم آہنگ ہونا ہو گا۔‘ طالبان پر ’معتدل اثرورسوخ ڈالنے کے لیے‘ ایک گروپ بنانے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک ایسے ہیں جو افغانستان کی صورتحال سے برا راست متاثر ہوئے ہیں جبکہ بہت سے ملک ایسے بھی ہیں جو انسانی خطرے اور حالت زار سے متاثر ہوں گے۔ ہم یقینی طور پر انھیں دیکھ رہے ہوں گے اور سب سے اہم بات کہ جو یقین دہانی انھوں نے کرائی ہے وہ اس کے بارے میں کیا کرتے ہیں۔

    ادھر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی وزیرخارجہ امر یکی پلان پرعمل کرتے ہوئے قطر پہنچے ہیں اوریہ بھی کہا جارہا ہےکہ اس دورے کا مقصد افغان طالبان کو قطرکے ذریعے سے اس بات پر قائل کرنا ہے کہ جتنے بھی باقی امریکی اوربرطانوی افغانستان میں پیچھے رہ گئے ہیں ان کو پہلے قطر لایا جائے اورپھربعد ازاں ان کے ملکوں‌کو بھیج دیا جائے

  • تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ کچاجھمرہ میں سرچ آپریشن  سرچ آپریشن کے دوران پولیسں پارٹی پر فائرنگ

    تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ کچاجھمرہ میں سرچ آپریشن سرچ آپریشن کے دوران پولیسں پارٹی پر فائرنگ

    ٕتھانہ چک جھمرہ کے علاقہ کچاجھمرہ میں سرچ آپریشن

    تفصیلات :

    (شان رسول نُماٸندہ باغی ٹی وی)

    سرچ آپریشن کے دوران پولیسں پارٹی پر فائرنگ

    پولیس نے دوہرے قتل کے ملزمان گرفتارکرنے کیلئے کچا جھمرہ میں چھاپہ مارا تھا

    ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل حق نواز گولی
    لگنے سے زخمی

    سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر محمد عابدخان نے علاقہ بھر میں سرچ آپریشن کا حکم دیا

    شاہ گروپ اور رجوکہ گروپ کے ممبران کے خلاف آپریشن کیا گیا

    پولیس ٹیموں نے گھر گھر تلاشی کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا

    برآمد شدہ اسلحہ ناجائز ہونے پر متعدد افراد کو گرفتاربھی کیا گیا

    گرفتارشدگان کے خلاف قانونی کارروائی کاآغاز کردیا گیا

    سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر محمد عابد خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے موقعہ کا دورہ کیا

    سٹی پولیس آفیسر نے شر پسند عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا حکم دیا

    فیصل آباد میں قانون کی بالادستی کے لیے پولیس ہمہ وقت تیار ہے:سی پی او

    قانون شکنی پر سخت کارروائی کی جائے گی
    :سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر محمد عابد خان

  • کابل ائیرپورٹ دوبارہ کھلے گا یا کہ نہیں:قطری وزیرخارجہ نے سچ سچ بتادیا

    دوحہ :کابل ائیرپورٹ دوبارہ کھلے گا یا کہ نہیں:قطری وزیرخارجہ نے سچ سچ بتادیا،اطلاعات کے مطابق قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نےکہا ہےکہ قطر طالبان کے ساتھ مل کر جلد ازجلدکابل ائیرپورٹ کو دوبارہ کھولنےکے لیےکام کررہا ہے۔

    قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق شیخ محمد بن عبدالرحمان کا کہنا ہےکہ کابل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن کی بحالی کے لیے ترکی سے بھی مدد لینے پر غورکررہے ہیں۔

    برطانوی وزیرخارجہ ڈومینک راب کے ہمراہ دوحہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قطری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کابل ائیرپورٹ کو دوبارہ فعال کرنے لیے ہم بہت محنت کررہے ہیں اور امید ہےکہ ہم جلد ہی اسے چلانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    دوسری جانب افغان سول ایوی ایشن کے ایک عہدیدار نے بتایا ہےکہ کابل ائیرپورٹ سےاندرون ملک پروازیں کل (جمعہ) سے شروع کی جائیں گی جب کہ بین الاقوامی پروازیں شروع کرنےمیں وقت لگےگا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز ہی قطرکاطیارہ تکنیکی ٹیم کولےکرکابل ائیرپورٹ پہنچا تھا تاکہ کابل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن کی بحالی کے لیے طالبان سے بات چیت کی جاسکے۔

    قطر سے آنے والی ٹیم دیگر فریقین کی درخواست پر کابل ائیرپورٹ کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے آئی ہے تاکہ کابل ائیرپورٹ پر انسانی بنیادوں پر فضائی آپریشن بحال ہوسکے اور انخلا کا آپریشن دوبارہ شروع کیا جاسکے ۔

    دوسری طرف باغی ٹی وی ذرائع کے مطابق قطر کی ان کوششوں کے پیچھے امریکی حمایت اورکوشش بھی شامل ہے، باغی ٹی وی کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ امریکہ افغانستان اور انسانی امداد بھیجنے کے لیے کابل ایئر پورٹ سے سویلین پروازیں بحال کرنے کے لیے اپنے اہم شراکت دار ترکی اور قطر کے ساتھ رابطے میں ہے۔

    امریکی صدر کے دفتر وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے کہا کہ قطر ایسا کرنے کے لیے تیار ہے

  • کراچی بارش، انتظامی دعوے دھرے، قبرستان کے اطراف نالے کا پانی جمع

    کراچی بارش، انتظامی دعوے دھرے، قبرستان کے اطراف نالے کا پانی جمع

    شہر قائد میں ہونے والی مون سون بارش نے انتظامی اقدامات اور دعوؤں کی قلعی کھول دی۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں آج کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی، اعداد و شمار کے مطابق شہر میں آج سب سےزیادہ بارش سرجانی میں 18 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اورنگی ٹاؤن میں 10.6 ملی میٹر اور پی اے ایف بیس مسرور میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ علاقہ ازیں ناظم آباد میں 5.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد مقامی انتظامیہ نے بارش کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ہنگامی اقدامات کیے تھے، جس کی چند گھنٹوں کی بارش نے قلعی کھول دی۔

    انتظامیہ کی جانب سے نالوں کی صفائی کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے کیونکہ شادمان ٹاؤن کا نالہ تھوڑی سی بارش برداشت نہ کرسکا اور ابل پڑا جس کا پانی اطراف کی سڑکوں پر جمع ہوگیا۔

    نالے میں طغیانی کے باعث شادمان کے علاقے 14 نمبر، سخی حسن قبرستان کے اطراف سیوریج کا پانی بھر گیا، سڑک پر غلاظت اور گندگی کے ڈھیر اور نالے کے پانی کی وجہ سے روانی کی روانی بری طرح سے متاثر ہوئی۔

  • کراچی سے گرفتار ایس آر اے دہشت گردوں کو جرمنی سے بھی ہدایات ملنے کا انکشاف

    کراچی سے گرفتار ایس آر اے دہشت گردوں کو جرمنی سے بھی ہدایات ملنے کا انکشاف

    شہر قائد سے گرفتار ایس آر اے دہشت گردوں کو جرمنی سے بھی ہدایات ملنے کا انکشاف سامنے آیا ،ملزمان نے بتایا کراچی میں لسانی بنیادوں پرخود و ہراس پھیلانے کے لیے احکامات ملتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی سےگرفتارایس آر اے دہشت گردوں نے تفتیش کےدوران چونکا دینے والے انکشافات کئے ، ملزمان نے بتایا کہ جرمنی سےشاہنوازبھٹو، افغانستان سےاصغرشاہ کےاحکامات ملتے ہیں اور شاہنواز بھٹو،اصغرشاہ کےاحکامات پر ایس آر اے کو عاقب چانڈیو چلا رہا ہے۔

    ملزمان نے بیان میں کہا کہ کراچی میں لسانی بنیادوں پر خود و ہراس پھیلانے کے لیے احکامات اور غیر سندھیوں کو قتل کرنے کے احکامات ملتے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ محمدیونس اورسراج کو کورنگی پولیس نے 14 اگست کوگرفتارکیاتھا ، ملزمان کوایک شہری کوشدیدزخمی کرنے کےالزام میں گرفتار کیا گیا جبکہ اسی گروپ کےارکان نےلاڑکانہ میں بھی قتل کی وارداتیں کیں۔

    حکام نے کہا ہے کہ ستاراورسہیل لاشاری کی تلاش میں پولیس چھاپوں کاسلسلہ جاری ہے۔

    یاد رہے گزشتہ سال سندھ پولیس کے انسداد دہشت گردی کے محکمے نے کراچی اور گھوٹکی میں رینجرز کے موبائلوں اور چوکیوں پر گرینیڈ اور کریکر حملوں میں ملوث کالعدم سندھ انقلاب آرمی (ایس آر اے) سے منسلک چار ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

    سی ٹی ڈی کے ڈی آئی جی عمر شاہد حامد نے کہا تھا کہ پولیس نے وفاقی خفیہ ایجنسی کے ساتھ مل کر ملزمان کو گرفتار کیا ، ان سے دستی بم اور پستول برآمد ہوئے۔

  • کراچی میں غیرمعیاری دودھ کی فروخت کیخلاف آپریشن کا حکم

    کراچی میں غیرمعیاری دودھ کی فروخت کیخلاف آپریشن کا حکم

    سندھ ہائی کورٹ نے غیرمعیاری دودھ کی فروخت کیخلاف آپریشن کاحکم دیتے ہوئے کمشنر کراچی کو 2ہفتےمیں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں دودھ کی قیمتوں کے تعین کے معاملے پر سماعت ہوئی ، انتظامیہ کی کارکردگی پرجسٹس اقبال کلہوڑو نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کے نمائندے کو جھاڑ پلادی اور کہا آپ کچھ نہیں کررہے،شہریوں کےٹیکسزسےتنخواہیں دی جاتی ہیں، فوڈاتھارٹی سورہی ہے،شہری کیمیکل ملادودھ پینےپرمجبورہیں۔

    عدالت نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے وکیل سے استفسار کیا آپ کو پتہ ہے شہر میں دودھ کا کیا نرخ ہے؟ وکیل نے اعتراف کیا شہربھر میں دودھ 160روپے کلو فروخت ہو رہا ہے،اےسی نے بتایا کہ اکتوبرمیں رپورٹ پیش کی تھی، قیمت 110روپے کلو مقرر کی گئی تھی۔

    جس پر عدالت نے کہا آپ نوٹیفکیشن نکال کر سو جاتے ہیں،نوٹیفکیشن نکالنا مسئلے کا حل نہیں، 160 روپے کلو بھی خالص دودھ مل جائے تو غنیمت ہے، کیمیکل ملے دودھ کی وجہ سے عوام ڈبے کا دودھ استعمال کررہی ہے۔

    جسٹس اقبال کلہوڑو کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ سے تو اطلاعات آتی ہیں کارروائی ہورہی ہے، کراچی کےشہریوں کومافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جس پر وکیل فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ گزشتہ دنوں سو سے زائد چھاپے مارے،جرمانے کیے گئے۔

    جس پر عدالت نے پوچھا چھاپوں کےنتائج کیاہیں،عوام کو کیا فائدہ پہنچا، نتائج چاہتےہیں ، عدالت نے غیرمعیاری دودھ کی فروخت کیخلاف آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کمشنرکراچی آپریشن کی نگرانی کریں اور 2 ہفتے میں رپورٹ جمع کرائیں۔

    سندھ ہائی کورٹ نے کمشنر کراچی کو ایک ماہ میں دودھ کی قیمتوں کے تعین کا حکم دیتے ہوئے کہا قیمتوں کے تعین کیلئے از سر نو طریقہ کاربنایا جائے، تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت سے طریقہ کاراور قیمت کاتعین کریں۔

  • بھارت سن لے ! کشمیری مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنیکا حق رکھتے ہیں: طالبان ترجمان

    بھارت سن لے ! کشمیری مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنیکا حق رکھتے ہیں: طالبان ترجمان

    کابل: بھارت سن لے ! کشمیری مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنیکا حق رکھتے ہیں:اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ افغان طالبان مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

    بی بی سی کے ساتھ زوم انٹرویو میں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے امریکا کے ساتھ ہونے والے دوحہ معاہدے کی شرائط کو یاد کرواتے ہوئے کہا کہ ان کی کسی بھی ملک کے خلاف مسلح آپریشن کرنے کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔

    دوحہ سے بات کرتے ہوئے سہیل شاہین نے کہا کہ مسلمان ہونے کے ناطے یہ ان کا حق ہے کہ کشمیر، بھارت اور کسی بھی دوسرے ملک میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے آواز اٹھائیں۔ ہم اپنی آواز بلند کریں گے اور یہ کہیں گے مسلمان آپ کے اپنے لوگ ہیں، آپ کے اپنے شہری ہیں۔ آپ کے قانون کے تحت وہ برابری کے حقوق کے مستحق ہیں۔ بھارت پر دنیا کی نظریں مرکوز ہیں۔

    ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارت میں 2014ء سے وزیر اعظم نریندرا مودی کے دور حکومت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تاہم بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتیں اس الزام کی تردید کرتی ہیں۔ تین پڑوسی ممالک سے غیر قانونی طور پر آئے ہوئے غیر مسلم پناہ گزینوں کو شہریت دینے کے متنازع قانون کو بھی مسلمانوں کو ہدف بنانے کے طور پر دیکھا گیا ہے۔

    1999ء میں اغواء ہونے والے جہاز کے الزام پر جواب دیتے ہوئے سہیل شاہین نے دعویٰ کیا کہ طالبان نے طیارے کے اغوا میں کوئی کردار ادا نہیں کیا اور اس حوالے جو مدد فراہم کی اس پر بھارتی حکومت کو شکرگزار ہونا چائیے۔

    بھارت نے ہمیں درخواست کی کہ طیارے میں فیول کم رہ گیا ہے اور اس کے بعد پھر ہم نے محصور مسافروں کی رہائی کے لیے مدد فراہم کی۔سہیل شاہین نے طالبان مخالف پروپیگنڈے کا الزام بھارتی میڈیا پر عائد کیا ہے۔

    سہیل شاہین نے حقانی نیٹ ورک سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ حقانیوں کے خلاف پروپیگنڈہ محض دعوؤں پر مبنی ہے۔ حقانی کوئی گروپ نہیں ہے۔ وہ افغانستان کی اسلامی امارت کا حصہ ہیں۔ وہ اسلامی امارت افغانستان ہیں۔

  • پی ٹی آئی نے انتخابات میں  فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کرکے سب کوحیران کردیا

    پی ٹی آئی نے انتخابات میں فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کرکے سب کوحیران کردیا

    اسلام آباد:ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے آزادانہ و شفاف انعقاد کے لئے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے انتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کردیا۔

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہاگیاہے کہ ملک بھر سے ذیلی تنظیمیں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے حوالے سے جاری انتخابی مہم کی جزئیات سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں،

    ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی عدم موجودگی دھاندلی کے راستے کھلے ہیں، مقامی سیاسی کھلاڑی جعلی ووٹوں سے لیکر نتائج میں خرد برد تک انتخابات میں دھاندلی کا سہارا لے سکتے ہیں، ہماری سوچی سمجھی رائے یہی ہے کہ انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انعقاد کیلئے فوج سے معاونت حاصل کی جائے۔

    چیف آرگنائزر پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ امن و امان کا ماحول قائم رکھنے کیلئے فوج کے جوانوں کو پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کیا جائے، موجودہ حالات میں جمہوریت کو دھاندلی اور تشدد سے پاک رکھنا اور بھی زیادہ ضروری اور اہم ہے۔

  • پاکستان سمیت آدھی دنیا میں انسٹا گرام ڈاؤن:صارفین پریشان،ٹرینڈ بن گیا

    پاکستان سمیت آدھی دنیا میں انسٹا گرام ڈاؤن:صارفین پریشان،ٹرینڈ بن گیا

    لاہور:پاکستان سمیت آدھی دنیا میں انسٹا گرام ڈاؤن:صارفین پریشان،ٹرینڈ بن گیا ،اطلاعات کے مطابق دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی مقبول ترین فوٹو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام تقریباً دو سے زائد گھنٹوں سے دنیا بھر میں ڈاؤن ہے۔

     

     

     

    دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروسز پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق انسٹاگرام کی بندش کے حوالے سے اب تک 6000 سے زائد صارفین شکایت کرچکے ہیں۔لیکن اس کے باوجود انسٹاگرام مینجمنٹ کو کوئی پرواہ تک نہیں اور نہ ہی کوئی طفل تسلّی ابھی تک دی ہے

    اس حوالے سے انسٹاگرام کا کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

    ادھر اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ویب سائٹ کے مطابق انسٹاگرام کئی افریقی ممالک میں ڈاون ہونے کے ساتھ ساتھ برطانیہ اور دیگر یورپین ملکوں میں بھی بندش کا شکار ہے۔

    انسٹا گرام کی سروس ڈآون ہونے پرصارفین کی شکایات صارفین کے دل کی آوازبن گئی ، یہی آوازاب ٹویٹرپرٹاپ ٹرینڈ ہے،پاکستان اور انڈیا میں بھی سینکڑوں افراد کی جانب سے انسٹاگرام ڈاؤن ہونے کی شکایت کی جا رہی ہے۔

    فوٹو شئیرنگ ایپلیکیشن کی بندش پر ٹوئٹر پر بھی صارفین بات کرتے نظر آرہے ہیں اور میمز شئیر کررہے ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام بند ہونے سے ٹوئٹر کی قدر میں اضافہ ہوا کیونکہ لوگ انسٹاگرام کی خبر لینے کے لیے ٹوئٹر چیک کررہے ہیں۔