Baaghi TV

Author: +9251

  • امریکہ مشرق وسطیٰ میں مزید کتنی فوج تعینات کرے گا؟ اہم خبر آ گئی

    امریکہ مشرق وسطیٰ میں مزید کتنی فوج تعینات کرے گا؟ اہم خبر آ گئی

    امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں‌ مزید 1000 فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پینٹاگون کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی نائب وزیر دفاع پیٹرک شاناہن سے یہ بات منسوب کی گئی ہے کہ سینٹرل کمان کی درخواست پرعمل درآمد کرتے ہوئے مزید ایک ہزار فوجیوں کو مشرق وسطیٰ میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ خطے میں فضائی، بری اور بحری خطرات سے نمٹنے میں مدد لی جا سکے۔

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌ کےمطابق خلیج عمان میں‌ آبنائے ہرمز کے قریب تیل بردار جہازوں‌ پر کئے جانے والے حملوں‌ میں‌ امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے ایران کو ملوث‌ قرار دیا گیا ہے جبکہ سعودی عرب نے بین الاقوامی برادری سے خطہ کی آبی حدود کو محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا ہے.

    رپورٹ کے مطابق امریکی جنرل پیٹرک کا کہنا ہے کہ ان کا ملک جنگ نہیں چاہتا۔ ان کا پہلا مقصد خطے میں امریکی مفادات اور وہاں پر کام کرنے والے امریکی شہریوں کی جان ومال کا تحفظ ہے۔ ہم خطے میں اپنے مفادات اور شہریوں کے تحفظ کے پیش نظر انٹیلی جنس اداروں کی مصدقہ معلومات کی روشنی میں سیکورٹی پلان تیار کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل مختلف امریکی عہدیداروں نے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ مشرق وسطیٰ میں‌ مزید فوج بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے.

  • تیل بردار جہازوں‌ پرحملے، سعودی عرب کا عالمی برادری سے خطہ کی آبی گزرگاہیں محفوظ بنانے کا مطالبہ

    تیل بردار جہازوں‌ پرحملے، سعودی عرب کا عالمی برادری سے خطہ کی آبی گزرگاہیں محفوظ بنانے کا مطالبہ

    سعودی عرب کی کابینہ نے خلیج عمان میں تیل بردار جہازوں‌ پر حملوں کے بعد بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطہ میں آبی گزر گاہوں‌ کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی کابینہ نے توانائی کی مارکیٹ اور عالمی معیشت کو لاحق خطرات کے پیش نظر خطے میں آبی گذرگاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فیصلہ کن اقدام پر زور دیا ہے.

    خلیج عمان میں چند دن قبل دو تیل بردار جہازوں‌ کو میزائل حملوں‌ کو نشانہ بنایا گیا تھا. یہ حملے خلیج عمان میں آبنائے ہرمز کے نزدیک بین الاقوامی پانیوں میں‌ کئے گئے تھے جس پر ایک جہاز کے کچھ حصے میں‌ آگ بھڑک اٹھی تھی.

    خلیج عمان میں تیل بردار جہازوں‌ پر ہونےو الے حملوں کا ذمہ دار امریکہ اور برطانیہ نے ایران کو ٹھہرایا تھا جبکہ ایران نے اس الزام کی تردید کی تھی. واضح‌ رہے کہ گذشتہ ماہ بھی اسی علاقے میں چار تیل بردار بحری جہازوں پر حملہ کیا گیا تھا جن میں سے دو سعودی عرب کے تھے۔ ادھر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کو لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں‌ کریں‌ گے.

  • مقبوضہ کشمیر، لاپتہ تین نوجوانوں کی سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل، کشمیری مجاہدین کی صفوں‌ میں‌ شامل

    مقبوضہ کشمیر، لاپتہ تین نوجوانوں کی سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل، کشمیری مجاہدین کی صفوں‌ میں‌ شامل

    مقبوضہ کشمیر کے پلوامہ ضلع سے لاپتہ ہونے والے تین نوجوانوں کی ہتھیاروں سمیت تصاویر منگل کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں۔

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ان تینوں‌ نوجوانوں کے نام ناظم احمد، ارشاد احمد اور رفیق احمد بتائے گئے ہیں جو پلوامہ کے رہنے والے ہیں. مذکورہ نوجوانوں سے متعلق بتایا گیا ہے کہ یہ یکم جون کو کشمیری مجاہدین کی صفوں‌ میں شامل ہوئے تھے. کشمیری نوجوان ناظم سے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ گذشتہ چار روز سے جبکہ ارشاد اور رفیق گذشتہ ایک ماہ سے لاپتہ ہیں۔

    تینوں نوجوانوں کے گھروالوں نے پولیس کے پاس گمشدگی کی شکایات درج کرائی ہیں۔ ادھر بھارتی فورسز اہلکاروں‌کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تصاویر کی تحقیقات کی جارہی ہیں‌۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں‌ مقامی نوجوان بڑی تیزی سے تحریک آزادی میں شامل ہو رہے ہیں‌جس پر بھارتی عسکری حکام اور حکومت سخت پریشان ہے. مق

  • مقبوضہ کشمیر، پہلگام میں ریفٹنگ کشتی الٹنے سے 2 جاں بحق، 6 زخمی ہو گئے

    مقبوضہ کشمیر، پہلگام میں ریفٹنگ کشتی الٹنے سے 2 جاں بحق، 6 زخمی ہو گئے

    مقبوضہ کشمیر میں جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں منگل کو دریائے لدر میں ایک ریفٹنگ کشتی ڈوبنے سے دو افراد جاں بحق اورچھ زخمی ہوگئے ہیں ۔

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ریفٹنگ کشتی میں آٹھ افراد سوار تھے. کشتی دریائے لدر کی تیز لہروں کو برداشت نہ کرتے ہوئے اچانک اُلٹ گئی۔ اس حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کی گئں‌ تاہم دو افراد کو نہیں بچایا جاسکا اور وہ پانی کی تیز لہروں میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔ جاں بحق افراد کی شناخت سیاحتی محکمہ کے ایک ملازم رینکو راجہ پنڈتا اور ایک خاتون سنجانا جموں کے طور ہوئی ہے۔ دونوں کو ہسپتال پہنچایا گیا لیکن بلاک میڈیکل آفیسر سلر ڈاکٹر شکیل احمد کا کہنا تھا کہ انہیں مردہ حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق یہ بھی کہا کہ زخمیوں میں ایک کو سرینگر منتقل کیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ پانچ زخمیوں کا علاج وہیں کیا جارہا تھا۔ واضح رہے کہ دریائے لدر میں پہلے بھی ایسے واقعات پیش آتے رہتے ہیں‌ اور کئی مرتبہ سیاحوں‌ کو نقصان پہنچا ہے. پہلگام جنوبی کشمیر کا بہت خوبصورت سیاحتی مقام ہے اور یہاں‌ سیاحوں‌کی آنے والی بڑی تعداد دریائے لدر میں کشتی پر بھی سوار ہونے کا شوق رکھتی ہے.

  • ’مجھے تم سے لیموں جتنی محبت ہے‘ مصر میں لیموں ناپید مگر لیموں کا ذکرہر زبان پر جاری

    ’مجھے تم سے لیموں جتنی محبت ہے‘ مصر میں لیموں ناپید مگر لیموں کا ذکرہر زبان پر جاری

    مصر میں لیموں کا استعمال بہت زیادہ ہے۔ لیموں سے اس قوم کی محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ مصر میں نوجوان لڑکے، لڑکیوں سے کہا کرتے ہیں کہ ’مجھے تم سے لیموں جتنا پیار ہے۔‘مگر اب مصر میں غیر معمولی طور پر لیموں کا بحران پیدا ہوگیا ہے اور مقامی مارکیٹ میں لیموں کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی ہے۔لیموں کا ایک تھیلا جو عام طور پر 30، 40 پاؤنڈ میں فروخت ہوتا تھا، اب ایک سو پاؤنڈ میں ملنے لگا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا ہے کہ لیموں کی قیمت کا سن کر لگا کہ میری جیب کو نچوڑا جا رہا ہے۔

    ٹوئٹر پر مصری صارفین نے لیموں کے بحران پر تبصرے کرتے ہوئے لطیفہ بازی شروع کی ہے۔ ایک صارف نے لیموں کے بحران سے تاجروں کی چاندی کا تاثر دینے کے لئے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں مقامی لباس میں ملبوس ایک تاجر مہنگا کتا لے کر جا رہا ہے۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ’لیموں کے تاجروں کا آج کل یہ حال ہے،‘

    مصری وزارت زراعت کے تحت کام کرنے والے ریسرچ سینٹر کے سربراہ محمد عبد السلام نے ٹوئٹر پر کہا کہ ’لیموں کے بحران پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس بحران کی وجہ خراب موسم تھا جس کی وجہ سے اچھی فصل نہ ہوسکی۔‘
    عبد العزیز نامی ایک صارف نے جوابی ٹویٹ میں کہا ’لیموں کے بحران کی وجہ خراب موسم نہیں بلکہ غیر ملکی کرنسی کمانے کے لئے بڑی مقدار میں لیموں کی برآمدات ہیں۔‘مصر میں یہ بات مشہور ہے کہ لیموں کا جوس اعصاب کو ٹھنڈا رکھتا ہے۔ اس تناظر میں تبصرہ کرتے ہوئے احمد نامی صارف نے لکھا ’لیموں اعصاب کو ٹھنڈا نہیں کرتا بلکہ رقم اعصاب کو ٹھنڈا رکھتی ہے، جس کے پاس اکاؤنٹ میں رقم ہو اسے کیا ٹینشن ہے۔‘

    ندی نامی ٹوئٹر ہینڈل سے ایک خاتون نے لکھا ہے کہ ’مصری قوم کو ایک سو والا لیموں مبارک ہو، بہت جلد ایک ہزار پاؤنڈ والے دال دلیہ بھی دستیاب ہوں گے، پھر کہنا اخوان حکومت کی جنت سے صدر سیسی کا لیموں بہتر ہے۔‘ایک منچلے نے پولیس کے تفتیشی افسر کی تصویر شیئر کی جو ملزم کی پٹائی کر رہا ہے۔ اس تصویر پر لکھا گیا ہے کہ ’سچ سچ بتاؤ، لیموں خریدنے کے لئے پیسے کہاں سے لائے تھے۔‘

  • ورلڈ کپ، انگلینڈ نے افغانستان کو 150 رنز سے شکست دے دی، اوئن مورگن کے71 گیندوں پر 148 رنز

    ورلڈ کپ، انگلینڈ نے افغانستان کو 150 رنز سے شکست دے دی، اوئن مورگن کے71 گیندوں پر 148 رنز

    ورلڈ کپ کے میچ میں‌ انگلینڈ نے افغانستان کو 150 رنز سے شکست دے دی ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اوئن مورگن نے 71 گیندوں پر 148 رنزکی جارحانہ اننگزکھیلی. اوئن مورگن کی اننگزمیں 17 چھکے اور چار چوکے شامل تھے. انگلینڈ نے مقررہ اوورزمیں 6 وکٹ پر397 رنزبنائے. جونی بیئراسٹو 90 اور جورٹ 88 رنزبنائے.

    میچ میں معین علی31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے،جیمزونس نے 26 رنزبنائے. افغانستان کے گلبدین نائب اور دولت زدران نے3،3 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا. افغانستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 247 رنز بناسکی اور ہار گئی. واضح رہے کہ انگلینڈ کو پاکستان نے شکست سے دوچار کر دیا تھا.

  • بڑا حادثہ ،دو افراد جاں بحق

    بڑا حادثہ ،دو افراد جاں بحق

    ٹھٹھہ صادق آباد (نمائندہ باغی ٹی وی)اڈہ علی شیر واہن کے قریب پرانا دنیا پور ملتان روڈ پہ خطرناک حادثہ ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہوئے۔تفصیلات کے مطابقملتان دنیاپور روڈ پر 2 موٹر سائیکلوں میں تصادم ہوا تصادم میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے ۔جاں بحق ہونے والوں میں آصف اور صدام شامل ہیں ۔زرائع سے معلوم ہوا کہ حادثہ ٹریکر ٹرالی کی کراسنگ کے دوران دو موٹر سائیکلوں کے مابین ہوا۔زخمیوں کو فوری طور پر نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا۔محمد آصف عمر 30 سال ، صدام حسین عمر 18 سال سکنائے چک نمبر 129 دس آر جبکہ زخمیوں میں
    محمد یاسر عمر 22 سال
    محمد منور عمر 23 سال
    محمد دلبر عمر 20 سال
    محمد عابد عمر 25 سال
    سکنہ ٹھٹھہ صادق آباد کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • متحدہ عرب امارات :دل کی بند شریانیں کھولنے کے لیے اماراتی طالبات کا روبوٹ

    متحدہ عرب امارات :دل کی بند شریانیں کھولنے کے لیے اماراتی طالبات کا روبوٹ

    متحدہ عرب امارات بھی سائنس کے میدان میں ترقی کرنے لگا. جامعہ خلیفہ برائے سائنس و ٹیکنالوجی کی پانچ طالبات نے دل کے آپریشن کو مزید آسان بنانے کےلیے روبوٹ تیار کیا ہے۔مقامی اخبارامارات ٹوڈے کے مطابق اس روبوٹ کی مدد سے دل کے حساس آپریشن میں غلطی کا امکان ختم ہو جائے گا جس سے آپریشن نہ صرف مزید محفوظ ہوگا بلکہ دورانیہ بھی کم ہوجائے گا۔پراجیکٹ کی تیاری میں شامل طالبات انوار الکثیری، سارہ آل علی، مریم بن کلیب، علیاءالزحمی اور شذی قرمان نے بتایاکہ وہ اپنی اس کامیابی پر بے انتہاءخوش ہیں۔

    طالبات کے مطابق ’روبوٹ کا ابتدائی تجربہ کامیاب رہا جو دنیا طب میں دل کے آپریشن کے لیے مزید سہولتیں پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔ یہ ہارٹ سرجری میں جدت کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔‘طالبات نے امارات ٹوڈے کو بتایا کہ دل کی بند شریانوں میں سٹنٹ ڈالنے کے لیے روبوٹ انتہائی مددگار ثابت ہو گا، یہ خود کار طریقے سے انسانی جسم کی اہم شریانوں میں گزر سکے گا۔ روبوٹ کے استعمال سے غلطیوں کا امکان کم ہی نہیں بلکہ ختم ہو جائے گا جبکہ اس سے سرجری کا دورانیہ بھی مزید کم ہوجائے گا۔طالبات کا کہنا تھا کہ روایتی طریقے سے انجیو پلاسٹی کے دوران سٹنٹ ڈالنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اور اس عمل میں ٹیوب کو شریان سے گزارتے وقت اس بات کا امکان ہوتا تھا کہ شریان کی دیوار متاثر ہو جائے گی، جبکہ متاثرہ مقام جہاں سٹنٹ ڈالنا ہوتا تھا اس کا تعین بھی کافی مشکل ہوتا تھا۔

    روبوٹ جو کہ مکمل طور پر خود کارانداز میں کام کرے گا اس سے شریان کے متاثر ہونے کا امکان ختم ہو جائے گا جبکہ متاثرہ مقام کا تعین بھی روبوٹ خود کار طریقے سے کرے گا۔دل کے آپریشن کو مزید آسان بنانے والا یہ روبوٹ تھری ڈی ٹیکنالوجی سے مزین ہے۔ اسے آسانی سے آپریٹ کیا جاسکے گا جبکہ اس کی ٹیوب کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ٹیوب انتہائی حساس اور لچکدار ہے جو آسانی سے شریان سے گزر کر دل کے حساس مقامات تک پہنچ سکتی ہے۔

  • اسرائیلی وزیراعظم کی اہلیہ سارہ نیتن پر ’سرکاری کھانے‘ کا جرم ثابت

    اسرائیلی وزیراعظم کی اہلیہ سارہ نیتن پر ’سرکاری کھانے‘ کا جرم ثابت

    یہودی وزیر اعظم کی اہلیہ سارہ نے سرکاری رقم سے کھانا کھانے کا اعتراف کرتے ہوئے جرمانہ اور ہرجانہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے .وزیر اعظم کی اہلیہ کواسرائیل کی ایک عدالت نے وزیراعظم نیتن یاہو کی اہلیہ کو کھانے کے لیے سرکاری فنڈ استعمال کرنے کا مجرم ٹھرایا ہے۔وزیراعظم کی اہلیہ سارہ نیتن یاہو کو دوسرے فرد کی غلطی سے فائدہ اٹھانے کا قصوار قرار دیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کی اہلیہ نے ’پلی بارگین‘ کے تخت جرم قبول کی جس کے بعد عدالت نے انہیں صرف جرمانہ اور ہرجانہ ادا کرنے کی سزا دے دی۔ عدالت کی جانب سے ان کو ہدایت کی گئی کہ وہ جرمانے اور ہرجانے کی رقم ادا کریں۔

    سارہ نیتن یاہو کو پلی بارگین کے تحت دس ہزار شیکل (2800 ڈالرز) کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے، عدالت کی جانب سے ان کو کہا گیا ہے کہ ریاست کو 45000 شیکل (12،552 ڈالرز) واپس کریں۔اسرائیلی وزیراعظم کی 60 سالہ اہلیہ جرمانے کی رقم نو اقساط میں ادا کریں گی۔

    اسرائیلی اخبار ہارٹز کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو کی اہلیہ کے خلاف اس مقدمے کا چالان جون سنہ 2018 میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ سارہ پر چالان میں الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے سرکاری فنڈ سے ایک لاکھ ڈالرز کی مالیت کا کھانا آرڈر کیا تھا اور اس حقیقت کو چھپایا تھا کہ ان کی رہائش گاہ پر کھانا پکانے کے لیے ایک ملازم ہے۔وزیراعظم بیورو کے سابق ڈپٹی چیف ایزرا سیڈوف نے بھی اپنا جرم تسلیم کیا ہے۔ایزرا سیڈوف کھانے کا آرڈر کرنے کے جرم میں شریک تھے۔ وہ دس ہزار شیکل جرمانہ ادا کریں گے۔ ایزرا کمیونٹی کے لیے 120 گھنٹوں کی رضا کارانہ خدمات بھی پیش کریں گے۔

  • تلہ گنگ میں‌ دو افغانی گروپوں میں‌ تصادم، ایک شخص جان بحق، 14 زخمی

    تلہ گنگ میں‌ دو افغانی گروپوں میں‌ تصادم، ایک شخص جان بحق، 14 زخمی

    تلہ گنگ میں دو افغانی گروپوں میں تصادم کے نتیجے ایک شخص جاں بحق 14 زخمی ہوئے ہیں‌۔ شدید زخمیوں کو راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کرچند مسلح افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سٹی ہسپتال تلہ گنگ میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔ افغانی گروپوں نے ہسپتال پہنچ کر بھی فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس کے موقع پر پہنچنے سے مزید نقصان نہیں ہوا ۔

    واضح رہے یہ افغانی خاندان ہے جو عرصہ دراز سے تلہ گنگ میں آباد ہے ان کی آپس میں کافی عرصہ سے دشمنی چل رہی تھی جس کی وجہ سے آج ایک گروپ نے دوسرے گروپ پر لاٹھیوں ڈنڈوں سے حملہ کردیا جس پر دوسرے گروپ نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوئے جس میں ایک جانبحق اور تین شدید زخمی ہیں زخمیوں کو جب ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا تو پہلے گروپ نے ہسپتال میں بھی ان پر حملہ کردیا جس کی وجہ سے ہسپتال میں موجود عملہ اور مریض جان بچانے کے لئے ایمرجنسی گیٹ کو بند کردیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہسپتال میں حملہ آوروں کو گرفتار کرکے حالات کو قابو کیا بعدازاں زخمیوں کو راولپنڈی ہسپتال ریفر کردیا گیا۔