Baaghi TV

Author: +9251

  • ایران امریکہ جنگ ہو سکتی ہے. امریکہ کی نصف آبادی نے خطرہ ظاہر کر دیا

    ایران امریکہ جنگ ہو سکتی ہے. امریکہ کی نصف آبادی نے خطرہ ظاہر کر دیا

    امریکہ کی نصف آبادی نے ایران امریکہ جنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے. اس امر کا انکشاف ایک بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی جانب سے کئے گئے سروے میں‌کیا گیا ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌کے مطابق ایران امریکہ ممکنہ جنگ کے حوالہ سے کئے جانے والے سروے میں جن شہریوں‌کو شامل کیا گیا ان کی نصف تعداد کا کہنا تھا کہ دونوں‌ ملکوں‌ کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باعث آئندہ چند برسوں میں جنگ چھڑ سکتی ہے۔

    اگرچہ امریکی عوام ایران کی طرف سے جنگ اور حملوں کی دھمکیوں‌ پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں تاہم امریکیوں‌ کا خیال ہے کہ ایرانی فوج پیشگی دفاع کی پالیسی کے تحت امریکی تنصیبات پر حملہ نہیں کرے گی۔

    یہ سروے 17 سے 20 مئی کے دوران کیا گیا ہے۔ واضح‌رہے کہ ان دنوں‌ ایران اور امریکہ کے درمیان سخت محاذ آرائی چل رہی ہے اور دونوں‌اطراف سے جارحانہ بیان بازی کی جارہی ہے.

  • نئی بات میڈیا نیٹ ورک کے ملازمین کی عید سے پہلے عید، بڑی خوشخبری مل گئی

    نئی بات میڈیا نیٹ ورک کے ملازمین کی عید سے پہلے عید، بڑی خوشخبری مل گئی

    نئی بات میڈیا نیٹ ورک نے اپنے تمام ملازمین کے سب بقایاجات ادا کردیے جبکہ مئی کی تنخواہ بھی ایڈوانس ادا کر دی گئی ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌ کے مطابق نئی بات میڈیا نیٹ ورک نے اپنے ادارے نیو ٹی وی، لاہور رنگ اور نئی بات کے ملازمین کو تمام بقایا جات ادا کر دیے ہیں اور اس کے ساتھ عیدالفطر کی وجہ سے مئی کی تنخواہ بھی ایڈوانس دے دی گئی ہے. نئی بات میڈیا نیٹ ورک نے ایک ماہ میں فروری، مارچ، اپریل اور مئی یعنی چار ماہ کی تنخواہیں ادا کی ہیں جس پر ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے.

    واضح رہے کہ پاکستان کے کئی بڑے نیوز چینلز نے ابھی تک ملازمین کو پچھلے کئی ماہ کی تنخواہیں‌ ادا کرنی ہیں. جیو ٹی وی کی طرف سے تین ماہ کی تنخواہ ادا نہیں‌کی گئی، پبلک ٹی وی نے پانچ ماہ کی تنخواہ تاحال ملازمین کو دینی ہے جبکہ اے پلس ٹی وی کی طرف سے پچھلے 9 ماہ کی تنخواہیں ابھی ادا کرنا باقی ہیں.

    نیو ٹی وی نے عیدالفطر سے قبل چار ماہ کی تنخواہ ایک ساتھ ادا کر کے قابل ذکر مثال قائم کی ہے. صحافتی تنظیموں نے نئی بات میڈیا نیٹ ورک کے اس اقدام کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ دیگر صحافتی اداروں‌ کو بھی نئی بات میڈیا نیٹ ورک کی پیروی کرنی چاہیے اور اپنے ملازمین کو جلد سے جلد بقایا واجبات ادا کرنے چاہئیں.

  • معصوم فرشتہ کے قتل پر اسلام آباد میں سول سوسائٹی نے بڑا مطالبہ کر دیا

    معصوم فرشتہ کے قتل پر اسلام آباد میں سول سوسائٹی نے بڑا مطالبہ کر دیا

    وفاقی دارالحکومت کے تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقہ میں دس سالہ معصوم بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل کے واقعہ پر سول سوسائٹی، دل پذیر فاؤنڈیشن اور یوتھ تنظیموں نے مل کر احتجاج کرتے ہوئے معصومہ فرشتہ کے قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دیے جانے کا مطالبہ کیا ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌ کے مطابق احتجاجی مظاہرہ کے دوران ایڈووکیٹ مجیب الرحمان کیانی، نوید احمد ، آصف خورشید، سعد ارسلان صادق، کاشف ظہیر کمبوہ، رضی طاہر، طارق غوری و دیگر موجود تھے.

    مقررین نے مظاہرہ میں شریک ہونے والے سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہ اسلام آباد زیادتی کے بعد قتل ہونے والی دس سالہ معصوم فرشتہ پوری قوم کی بیٹی تھی انصاف ملنے تک پوری قوم سراپا احتجاج رہے گی.

    انہوں نے کہاکہ اس افسوسناک سانحہ پر تعصب، سیاست اور لسانیت کو انسانیت کے راستے میں لانا شرمناک ہے. کوئی بھی پاکستانی کسی بھی خطے سے تعلق رکھتا ہو سب لوگ اس واقعہ پر غمزدہ ہیں . ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اسلامی سزائیں‌نافذ کرے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌کے مطابق یہ مظاہرہ اسلام آباد پریس کلب کے سامنے کیا گیا جس میں‌ مختلف سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی. ان کا کہنا تھا کہ ہم معصوم بیٹی فرشتہ کے والدین کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور قوم کی بیٹی کو انصاف ملنے تک ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہے گے.

    یاد رہے کہ اسلام آباد میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعہ پر پوری قوم سراپا احتجاج ہے.

  • عالمی برادری ایرانی حکومت کو افراتفری پھیلانے سے روکنے کیلئے مضبوط موقف اپنائے. سعودی کابینہ

    عالمی برادری ایرانی حکومت کو افراتفری پھیلانے سے روکنے کیلئے مضبوط موقف اپنائے. سعودی کابینہ

    سعودی عرب نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ایرانی حکومت کو تباہی اور افراتفری پھیلانے سے روکنے کے لئے مضبوط موقف اپنائے۔

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا ہے جس میں خطہ میں‌ ہونے والی پیش رفت سے متعلق متعدد رپورٹوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔

    سعودی میڈیا نے مملکت سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ کے حوالہ سے بتایا کہ ایران کو چاہیے کہ وہ اپنا تباہ کن رویہ ترک کر دیے تاکہ خطہ پر سے خطرات کے بادل چھٹ سکیں.

    سعودی کابینہ نے اس رائے کا اظہار کیا کہ ایران سمیت خطے کی عوام کو سلامتی اور استحکام کے ساتھ زندگی گذارنے کا حق حاصل ہے. سعودی عرب نےھمیشہ امن کا راستہ اپنایا ہے اور اب بھی وہ کسی بھی ممکنہ جنگ کو روکنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں‌پر حملوں کے بعد صورتحال کشیدہ ہے اور مملکت کی طرف سے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے.

  • حکومت دیوالیہ ہو چکی، عید کے بعد سڑکوں‌ پر نکل سکتے ہیں. خواجہ آصف نے بتا دیا

    حکومت دیوالیہ ہو چکی، عید کے بعد سڑکوں‌ پر نکل سکتے ہیں. خواجہ آصف نے بتا دیا

    پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ محمدآصف نےکہاہےکہ پی ٹی آئی حکومت کا مزید اقتدار میں رہنا ملکی تباہی کا سبب بن سکتا ہے. حکومت دیوالیہ ہو چکی ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خواجہ آصف نے مسلم لیگ ن راولپنڈی کے زیر اہتمام افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جتنے تضادات عمران خان کی سیاست میں دیکھنے میں آئے ہیں کوئی دوسرا قریب سے بھی نہیں گزر سکتا.عوام مہنگائی کی چکی میں‌بری طرح‌پس رہے ہیں. جس طرح‌موجودہ حکومت کو بدنامی کا سامنا ہے کسی اور کو نہیں‌کرنا پڑا.

    انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی 9 ماہ کی قید کاٹ کر باعزت ٹھہرا.نواز شریف ان کی بیٹی داماد سب نے قید کاٹی ہے. ہم ووٹ کےلیے عزت کی جدوجہد میں مصروف ہیں اور نواز شریف کی قربانیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

    خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت روز بروز تباہی کی طرف جا رہی ہے، عید کے بعد عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے باہر نکلیں گے،اس حکومت کا مزید اقتدار میں رہنا ملک کی تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔

  • لاہور میں جعلی دودھ سپلائی کرنے کی بڑی کوشش ناکام، 10 ہزار لیٹرجعلی دودھ تلف

    لاہور میں جعلی دودھ سپلائی کرنے کی بڑی کوشش ناکام، 10 ہزار لیٹرجعلی دودھ تلف

    لاہور میں جعلی دودھ سپلائی کرنے کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے. ڈیری سیفٹی ٹیموں نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سر براہی میں چھاپہ مارکر جعلی دودھ کا ٹینکر پکڑا.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌کے مطابق جعلی ٹینکر میں 10 ہزار لیٹر سے زائد دودھ تھا جسے تلف کر دیا گیا ہے. پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے خفیہ اطلاع ملنے پر یہ کاروائی کی گئی. جعلی دودھ کا یہ ٹینکر قصور کے نواحی گاؤں سے تیار کر کے لاہور لا کر بیچا جانا تھا تاہم پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چھاپہ مار کر جعلی دودھ کا ٹینکر قابو میں‌لے لیا.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی جعلی دودھ کے ٹینکر مالک کے وہاں‌ سے فرار ہونے کی اطلاعات ہیں. اس موقع پر بھاری مقدار میں پاؤڈر، گھی اور دیگر خام مال برآمد کرتے ہوئے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ جعلی دودھ تیار کرتے ہوئے پکڑا جاتا رہا ہے تاہم ابھی تک اس مذموم عمل کو مکمل طور پر روکا نہیں‌جا سکا ہے.

  • انگلینڈ سے سیریز میں‌ شکست اور ناقص فیلڈنگ مکی آرتھر کیلئے درد سر بن گئی

    انگلینڈ سے سیریز میں‌ شکست اور ناقص فیلڈنگ مکی آرتھر کیلئے درد سر بن گئی

    پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف مسلسل شکست کا سامنا کرنے پڑنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس کا سبب ناقص فیلڈنگ کو قرار دیا ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌ کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم نے تین میچوں‌میں تین سو سے زائد سکول کیا تاہم اس کے باوجود وہ انگلینڈ سے ایک بھی میچ نہیں‌ جیت سکی. اسی طرح کھلاڑیوں نے ناقص فیلڈنگ کی اور باؤلنگ بھی اچھی نہیں‌کر سکے. اس صورتحال پر مکی آرتھر سخت تشویش میں مبتلا ہیں اور انہوں نے اس امر کا اظہار بھی کیا ہے کہ ٹیم کی فیلڈنگ بہت ناقص رہی ہے.

    انہوں نے کہاکہ ناقص فیلڈنگ ہی پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں‌میں واضح فرق ثابت ہوئی.

    ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ساؤتھ ہیمپٹن اور ناٹنگھم میں کھیلے گئے میچوں کو دیکھیں تو وہ آخری 5 اوورز تک گئے جہاں کوئی بھی ٹیم فتح حاصل کر سکتی تھی، ہم نے بہت اچھا مقابلہ کیا۔

    مکی آرتھر نے کہاکہ ناقص فیلڈنگ ہمارے لئے بہت تشویشناک ہے. ہمیں اس شعبے میں محنت کرنا ہو گی اور ہم اس جانب توجہ دیں گے. پہلے بھی ہم اس پر محنت کر رہے ہیں‌ تاہم ابھی اس کے نتائج صحیح‌معنوں میں نہیں‌مل سکے ہیں.

    مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ایک چیز البتہ مثبت ہے کہ جب ہم انگلینڈ آ رہے تھے تو لوگ کہہ رہے تھے کہ ہم 280رنز بنانے والی ٹیم ہیں لیکن ہم نے اس چیز کو غلط ثابت کیا اور اپنے بیٹنگ یونٹ کو اعتماد بخشا اور اس شعبے میں ہمیں کئی مثبت چیزیں نظر آتی ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ‌ کپ کی بھرپور تیاریاں‌کر رہی ہے اور مکی آرتھر ٹیم کی اس سلسلہ میں بھرپور رہنمائی کرتے نظر آتے ہیں.

  • بھارت میں کل انتخابی نتائج کے موقع پر فسادات کا الرٹ‌ جاری

    بھارت میں کل انتخابی نتائج کے موقع پر فسادات کا الرٹ‌ جاری

    بھارت میں‌ہندوستانی وزارت داخلہ نے ملک کی تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریوں اورپولیس سربراہان کو کل الیکشن نتائج کے حوالہ سے الرٹ بھیجا ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌کے مطابق کل 23 مئی کو انتخابی نتائج کا اعلان ہو گا. اس سلسلہ میں بھیجے گئے الرٹ میں‌ ووٹوں کی گنتی والے دن مختلف ریاستوں میں فسادات برپا ہونے کا خدشہ ظاہرکیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے ریاستوں اورمرکزکے زیراقتدارخطوں میں لا اینڈ آرڈر بنائے رکھنے کی اپیل کی ہے۔

    بھارتی الیکشن 11 اپریل سے شروع ہوئے اور 19 مئی کو ختم ہوئے تھے جبکہ کل 23 مئی کو نتائج کا اعلان ہو گا. بھارتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ الرٹ اس لئے جاری کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹا جاسکے. بھارتی پولیس اور اداروں‌کو صورتحال پر قابو پانے کیلئے انتظامات سخت کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں.

    یاد رہے کہ الیکشن ختم ہونےکے بعد کچھ مقامات پرای وی ایم بدلنے جیسی خبریں آئی تھیں تاہم ہندوستانی الیکشن کمیشن نےاس طرح کےکسی بھی حادثہ سےانکارکیا ہے۔ بھارتی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ای وی ایم فل پروف ہےاوراسٹرانگ روم میں سخت سیکورٹی ہے اسلئے یہ خبریں‌ درست نہیں‌ ہیں.

  • کانگریس کارکنان فرضی ایگزٹ پول سے متاثر نہ ہوں‌. راہل گاندھی

    کانگریس کارکنان فرضی ایگزٹ پول سے متاثر نہ ہوں‌. راہل گاندھی

    بھارت میں کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ لوک سبھا الیکشن کے حوالہ سے ایگزٹ‌پول فرضی ہے کارکنان اس سے مایوس نہ ہوں اور ووٹوں‌کی گنتی تک چوکنا اور ہوشیار رہیں.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق راہل گاندھی نے کہاکہ ایگزٹ‌پول کے ذریعہ کارکنان کو مایوس کرنے کی کوشش کی گئی. ہم سچ کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں. کارکنان فرضی ایگزٹ پول کے پروپیگنڈہ سے مایوس نہ ہوں۔ خود اور کانگریس پارٹی پر یقین رکھیں۔ آپ کی محنت بے کار نہیں جائے گی۔

    یاد رہے کہ ایگزٹ‌ پول کے مطابق نریندر مودی کو الیکشن میں دوبارہ کامیاب قرار دیا گیا تھا جس کے بعد راہل گاندھی نے ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا تھا تاہم اب انتخابی نتائج سے ایک دن قبل انہوں نے کارکنان کیلئے پیغام جاری کیا ہے.

  • نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی فلم کا نیا پوسٹر جاری

    نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی فلم کا نیا پوسٹر جاری

    بھارت میں‌ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی پر بنائی گئی فلم ” پی ایم نریندر مودی ” کا نیا پوسٹر جاری کر دیا گیا ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌کے مطابق اس فلم میں‌ اداکاری وویک اوبرائے نے کی ہے. فلم کے ڈائریکٹر امنگ کمار بی نے مائکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ہندوستانی وزیر اعظم پر بنائی گئی فلم کا نیا پوسٹر شیئر کیا۔ پوسٹر کا کیپشن ہے”24مئی دیکھیں گے مودی بایوپک‘ پی ایم نریندر مودی۔“

    اس سلسلہ میں‌فلم ساز سندیپ سنگھ نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ان سے محبت کریں یا نفرت کریں‘ نظر انداز کرنے کا سوال ہی نہیں۔

    وویک اوبرائے نے بھی نیا پوسٹر شیئر کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا”پی ایم نریندر مودی‘ دیکھیں گے مودی بایوپک۔ پی ایم نریندر مودی 24مئی کو۔“

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی وزیر اعظم کی زندگی پربنائی گئی فلم میں‌ مرکزی کردار وویک اوبرائے نے ادا کیا ہے. اسی طرح‌وہ فلم کے معاون کہانی کار بھی ہیں. فلم میں‌نریندر مودی کے بچپن سے لیکر وزیر اعظم بننے اور حکومت کرنے تک کے کردار کو فلمایا گیا ہے.

    اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے اس فلم کی تیاری پر تنقید بھی کی جاتی رہی ہے.