لاڑکانہ میں منشیات رکھنے کے الزام میں لیڈی پولیس کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شب ملزمہ کے گھر پر چھاپے کے دوران 150 گرام آئس برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گرفتار لیڈی کانسٹیبل کی والدہ سے بھی 2 کلو چرس برآمد کی گئی۔ مزید تفتیش پر ملزمہ کی نشاندہی پر اس کے تین ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 12 کلو چرس برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار لیڈی کانسٹیبل کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ وومن تھانے میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
Author: Aqsa Younas Rana

لاڑکانہ میں منشیات رکھنے کے الزام میں لیڈی پولیس کانسٹیبل گرفتار

شاہدرہ میں عرس کی لائٹس کے پیسوں کا مطالبہ، مریدین کا دکاندار پر تشدد
لاہور کے علاقے شاہدرہ میں مرشد کے عرس کے موقع پر لائٹس لگانے کے پیسوں کا مطالبہ کرنے پر دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق پندرہ سے زائد مریدین نے دکاندار پر حملہ کیا اور اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ دکاندار نے تھانے پہنچ کر درخواست دی اور مؤقف اختیار کیا کہ عرس کے لیے تین روز تک فینسی لائٹس استعمال کی گئیں۔ جب لائٹس کی رقم کا تقاضا کیا گیا تو مریدین نے اس کی دکان پر دھاوا بول دیا اور مارپیٹ کی۔
شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق دو ملزمان کو نامزد جبکہ پندرہ نامعلوم افراد کو بھی مقدمے میں شامل کیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ریڈیو پاکستان جلاؤ گھیراؤ کیس: ویڈیوز میں سہیل آفریدی کی موجودگی کی فرانزک تصدیق
پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں تصدیق کی ہے کہ 10 مئی 2023 کو پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کے اندر ہونے والے جلاؤ گھیراؤ کی ویڈیوز میں صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور پاکستان تحریک انصاف کے دیگر رہنما موجود تھے۔
ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گگیانی کے مطابق، پشاور شرقی تھانے کی پولیس نے عدالتی احکامات پر جلاؤ گھیراؤ سے متعلق متعدد ویڈیوز فرانزک جانچ کے لیے پنجاب فرانزک لیبارٹری کو ارسال کی تھیں۔ لیبارٹری کی رپورٹ پولیس کو موصول ہو چکی ہے اور 10 جنوری کو عدالت میں بھی پیش کر دی گئی ہے۔
شبیر گگیانی نے بتایا کہ فرانزک رپورٹ کے علاوہ نادرا کی شناخت سے متعلق رپورٹ تاحال موصول ہونا باقی ہے، جسے کیس کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
فرانزک رپورٹ، جس کی ایک کاپی انڈپینڈنٹ اردو کے پاس موجود ہے، کے مطابق مختلف یو ایس بیز کے ذریعے 16 ویڈیو فائلز لیبارٹری کو بھجوائی گئیں تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ ویڈیوز جعلی، ایڈیٹ شدہ یا کسی قسم کی تکنیکی تبدیلی کا شکار تو نہیں۔ رپورٹ میں ویڈیوز کے مستند ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
فواد چوہدری کی صحافیوں پر ٹویٹ سے سیاسی مقاصد، آزادی صحافت پر سوالیہ نشان
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی حالیہ ٹویٹس نے صحافتی آزادی اور سیاسی اخلاقیات پر بحث کو جنم دے دیا ہے۔ انہوں نے معروف صحافی اعزاز سید پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے ان کی ساکھ کی تائید کی، اور ساتھ ہی دیگر صحافیوں سے اپنے سیاسی موقف کی صفائی دلوانے کی کوشش کی۔
سوشل میڈیا پر فواد چوہدری کے بیانات کو سیاسی مقاصد کے لیے صحافیوں کی حمایت یا مخالفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب وہ اپنی ووٹ کی حمایت حاصل کرنے کے لیے میڈیا پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سیاسی شخصیات کا صحافیوں پر یہ دباؤ آزادی صحافت کے بنیادی اصولوں کے لیے خطرہ ہے، اور عوام میں یہ پیغام جاتا ہے کہ صحافیوں کے کام اور رائے پر سیاسی اثرات بڑھ رہے ہیں۔ اس سے صحافتی میدان میں شفافیت اور آزادانہ رپورٹنگ کے رویے پر سوال اٹھتے ہیں، جبکہ سیاسی ہدف کے لیے کسی صحافی کی حمایت یا تنقید کی بھرتی کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ سیاستدان اور میڈیا کے تعلقات کس حد تک ذاتی اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں، اور صحافت کی آزادی کو برقرار رکھنے کے لیے واضح اور مضبوط ضوابط کی ضرورت ہے۔
عراق کا پاکستانی جے ایف-17 تھنڈر طیاروں میں دلچسپی کا اظہار
آئی ایس پی آر کے مطابق عراقی فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کی تربیت کو سراہتے ہوئے اس سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے ہفتے کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سرکاری دورۂ عراق کے دوران عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اسٹاف پائلٹ محند غالب محمد راضی الاسدی سے ملاقات کی۔بیان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ عسکری تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں مشترکہ تربیت، صلاحیت سازی اور عملی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ عراقی فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدید نظام کی تعریف کی، عالمی معیار کی تربیت سے فائدہ اٹھانے کی خواہش ظاہر کی اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کے ساتھ ساتھ سپر مشاق تربیتی طیاروں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ عراقی فضائیہ کے سربراہ نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے ججز کے خلاف مہم کی شدید مذمت، پی بی سی کا فوری کارروائی کا مطالبہ
پاکستان بار کونسل کے نائب چیئرمین چوہدری طاہر نصراللہ وڑائچ نے لاہور ہائی کورٹ کے معزز ججز کے خلاف بے بنیاد الزامات پر جاری کردار کشی کی مہم کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم عدلیہ کے وقار اور وقار کے خلاف ہے اور جب عدالتی کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے اضافی ججز کی تصدیق کے لیے اجلاس بلایا، اسی دوران یہ بدنما مہم شروع کی گئی۔
چوہدری طاہر نصراللہ وڑائچ نے کہا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) معمولی معاملات پر کارروائی کرتی ہے لیکن ججز کے خلاف اس غیر اخلاقی مہم پر خاموش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ NCCIA اس مہم میں شامل ویلاگرز اور دیگر افراد کے خلاف فوری کارروائی کرے، ان کے خلاف FIR درج کی جائے اور سختی سے قانونی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس عالیہ نیلم اور دیگر ججز نہایت اہل، ایماندار اور آزاد ہیں، ان کی دیانتداری پر کوئی شک نہیں اور قانونی برادری اور عوام میں ان کا مقام بہت بلند ہے۔ پاکستان بار کونسل نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد کی ہے۔
چوہدری طاہر نصراللہ وڑائچ نے کہا کہ قانونی برادری اور کونسل کسی کو بھی معزز، آزاد اور اہل ججز کے خلاف بدنظمی پھیلانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے خوش خبری
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی نجکاری کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کے لیے طبی سہولت سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ نے ریٹائرڈ ملازمین کی میڈیکل سہولت اسٹیٹ لائف انشورنس کے ذریعے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی نے اس حوالے سے تحریری ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کے تحت ریٹائرڈ ملازمین کو پینل پر موجود اسپتالوں اور لیبارٹریز میں علاج اور ٹیسٹ کی سہولت حاصل ہوگی۔ تمام متعلقہ اسپتالوں اور لیبارٹریز کو بھی باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 23 دسمبر 2025 کو عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے کی بولی دے کر پی آئی اے کی نجکاری حاصل کی تھی۔ یکم جنوری 2026 کو عارف حبیب نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ادارے کو منافع بخش بنانا اولین ترجیح ہے اور ملازمین کا مستقبل کارکردگی سے مشروط ہوگا، جبکہ معاہدے کے تحت ایئر لائن کا نام تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
بارش کے باعث پاکستان، بنگلہ دیش انڈر 19 وارم اَپ میچ منسوخ
بارش کے باعث پاکستان اور بنگلہ دیش کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا وارم اَپ میچ منسوخ کر دیا گیا۔ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ سے قبل یہ میچ زمبابوے کے ماسونگو اسپورٹس کلب میں کھیلا جا رہا تھا۔
میچ میں پاکستان انڈر 19 نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بنگلہ دیش انڈر 19 نے 36.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ علی رضا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کلام صدیقی 71 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نادرا پاک آئی ڈی ایپ: گھر بیٹھے یونین کونسل اندراج کی سہولت
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے یونین کونسل میں پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کا اندراج کروا رہے ہیں، جس سے ہزاروں افراد مستفید ہو چکے ہیں۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق یہ سہولت پنجاب کے تمام اضلاع، سندھ کے 6 اضلاع کراچی شرقی، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، جامشورو، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہٰیار جبکہ بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں دستیاب ہے۔ دیگر علاقوں میں اس سروس کی توسیع پر کام جاری ہے اور جلد یہ سہولت ملک بھر میں فراہم کی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ شہری مطلوبہ دستاویزات مکمل کر کے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے درخواست جمع کر سکتے ہیں اور متعلقہ سرٹیفکیٹس گھر بیٹھے حاصل کر سکتے ہیں۔
پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ، نائکوپ اور پی او سی کی تجدید یا ترمیم، خاندان کے افراد کی تفصیلات کی مفت فراہمی، ڈیجیٹل دستاویزات کی محفوظ اسٹوریج، ب فارم اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے اجرا کے ساتھ پاسپورٹ، جانشینی سرٹیفکیٹ اور اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی ٹرانسفر کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت بھی موجود ہے۔
طالبان رجیم کے لیے 2025 عالمی تنہائی اور سفارتی ناکامیوں کا سال رہا
افغان مبصرین نے کہا ہے کہ 2025 طالبان رجیم کے لیے عالمی تنہائی اور سفارتی ناکامیوں کا سال رہا۔
افغان مبصر نصیر احمد اندیشہ کے مطابق افغان طالبان رجیم نے نہ صرف اپنے اتحادیوں کا اعتماد کھویا بلکہ اپنی ساکھ اور بین الاقوامی جواز بھی متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک پاکستان، ازبکستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ایران کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی میں اضافہ ہوا، جبکہ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں سینئر طالبان کمانڈرز کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔
نصیر احمد اندیشہ نے مزید کہا کہ افغان طالبان رجیم اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے بے بنیاد دعووں کے ذریعے دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتی۔









