Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • پشاور میں ینگ لیڈرز کنونشن: طالبہ نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو لاجواب کر دیا

    پشاور میں ینگ لیڈرز کنونشن: طالبہ نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو لاجواب کر دیا

    
پشاور میں ینگ لیڈرز کنونشن کے دوران ایک طالبہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو سوال کر کے حیران کر دیا۔
    کنونشن کے دوران طالبہ نے کہا کہ دوسرے صوبوں میں تو جعلی حکومتیں ہیں لیکن کے پی میں تو اصلی حکومت ہے، پھر ترقی دوسرے صوبوں میں ہو رہی ہے، یہاں کیوں نہیں ہو رہی؟
    ‎سوال سنتے ہی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی مسکراتے رہے اور کہا کہ ہماری ترقی یہ ہے کہ آپ بلا جھجک وزیراعلیٰ سے سوال کر رہی ہیں۔
    ‎یہ موقع شرکاء کے لیے دلچسپ بھی رہا اور طالبہ کی ہوشیاری کی داد بھی دی گئی۔

  • پاکستان میں ویکسین سازی میں سعودی تعاون کی راہیں ہموار

    پاکستان میں ویکسین سازی میں سعودی تعاون کی راہیں ہموار

    ‎پاکستان میں ویکسین کی مقامی تیاری کے شعبے میں سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی وفد کی آمد کے بعد دوطرفہ تعاون کی اہم پیش رفت کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ وفد کی قیادت منسٹر آف انڈسٹری کے سینیئر ایڈوائزر نزار الحریری کر رہے ہیں، جنہوں نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور وزارت صحت کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس کیا۔
    ‎اجلاس میں پاکستان میں ویکسین کی مقامی تیاری، مستقبل کی طلب، دستیاب انفراسٹرکچر اور متعلقہ صلاحیتوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت صحت کے ماتحت اداروں کے سربراہان، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر قومی ادارہ صحت نے بھی اجلاس میں بریفنگ دی۔
    ‎وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان میں تقریباً 24 کروڑ آبادی ہے اور ہر سال 62 لاکھ بچے پیدا ہوتے ہیں، جو ہر سال نیوزی لینڈ جتنی آبادی کے برابر اضافہ ہے۔ حکومت 13 اقسام کی ویکسین شہریوں کو مفت فراہم کر رہی ہے، مگر یہ ویکسین ملک میں تیار نہیں ہوتیں اور عالمی اداروں سے درآمد کی جاتی ہیں، جس پر سالانہ تقریباً 400 ملین امریکی ڈالر لاگت آتی ہے۔
    ‎وزیر صحت نے کہا کہ ویکسین کی لاگت کا 49 فیصد بین الاقوامی شراکت دار ادا کرتے ہیں اور 51 فیصد حکومت برداشت کرتی ہے، تاہم 2031 کے بعد بین الاقوامی امداد ختم ہو جائے گی۔ اگر مقامی ویکسین تیار نہ ہوئی تو سالانہ لاگت 1.2 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی، جو ملکی معیشت پر بڑا بوجھ ڈالے گی۔
    ‎مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں وزارت صحت نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات شروع کر دیے ہیں اور پاکستان میں تیرہ بیماریوں کی ویکسین کی مقامی تیاری کے لیے عملی پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان صحت کے شعبے میں اشتراک خطے کے لیے مثال بنے گا اور ویکسین سازی میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

  • دفتر خارجہ کی ایران امریکہ مذاکرات میں پاکستان کی شرکت کی تصدیق

    دفتر خارجہ کی ایران امریکہ مذاکرات میں پاکستان کی شرکت کی تصدیق

    دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اس اہم اجلاس میں شریک ہوگا۔
    ‎ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات رواں ہفتے استنبول میں منعقد ہوں گے اور ان مذاکرات کو بیک ڈور کوششوں کے ذریعے ممکن بنایا گیا ہے، جس میں پاکستان اور ترکی نے اہم کردار ادا کیا۔ امریکی اور ایرانی حکام کے مطابق جوہری مذاکرات جمعے کو ترکی میں دوبارہ شروع ہوں گے، جو مئی 2023 سے تعطل کا شکار تھے۔
    ‎علاقائی عہدیدار کے مطابق مذاکرات میں سعودی عرب، قطر، عمان، پاکستان، مصر اور متحدہ عرب امارات کو مدعو کیا گیا ہے۔ ایرانی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران استنبول مذاکرات کے حوالے سے نہ پُرامید ہے نہ مایوس، اور یہ بات چیت طے کرے گی کہ آیا امریکہ سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتا ہے یا نہیں۔
    ‎ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ ایران کی دفاعی تیاریوں پر کسی بھی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی اور ہر ممکنہ صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

  • قازقستان کے صدر دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

    قازقستان کے صدر دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

    قازقستان کے صدر قاسم جومارت دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر مہمان صدر کا استقبال کیا، جہاں انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
    ‎صدر قازقستان کے ہمراہ سینئر وزرا اور سرکاری حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے۔ دورے کے دوران کئی شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں، جو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔

  • بسنت کے لیے مریم نواز کی تیاریاں، نوجوانوں کو فتنے سے بچانے پر زور

    بسنت کے لیے مریم نواز کی تیاریاں، نوجوانوں کو فتنے سے بچانے پر زور

    ‎وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ماضی میں پاکستان نالائقی کے دور سے گزرا، پچھلے چند سال نوجوانوں کو فتنہ و فساد کی تربیت دی گئی اور املاک کو نقصان پہنچانے کی عادت ڈال دی گئی۔
    ‎لاہور میں بسنت تہوار کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے مربوط نظام بنایا گیا ہے اور عوام کا جوش و خروش دیدنی ہے۔
    ‎مریم نواز نے کہا کہ پنجاب خوبصورت ثقافت کا حامل صوبہ ہے اور محفوظ بسنت کے لیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام کی فلاح کے کئی منصوبے شروع کیے گئے ہیں اور مختلف شہروں سے بسنت منانے کی ڈیمانڈ آ رہی ہے۔
    ‎وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب کا ہر شہر سیف سٹی شہر ہے، صوبہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے، بیرون ملک سے وفود آتے ہیں اور پورے پنجاب میں فیملی پارکس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

  • ‎ٹام کروز نے حفاظتی خدشات کی وجہ سے نائٹس برج کا 35 ملین پاؤنڈ کا اپارٹمنٹ چھوڑ دیا

    ‎ٹام کروز نے حفاظتی خدشات کی وجہ سے نائٹس برج کا 35 ملین پاؤنڈ کا اپارٹمنٹ چھوڑ دیا

    ‎ہالی ووڈ کے اداکار ٹام کروز نے مبینہ طور پر اپنے 35 ملین پاؤنڈ مالیت کے نائٹس برج اپارٹمنٹ سے نقل مکانی کر لی، کیونکہ وہ علاقے کی سیکیورٹی کے حوالے سے فکر مند تھے۔
    ‎ذرائع کے مطابق مرکزی لندن میں واقع یہ فلیٹ اس وقت چھوڑا گیا جب علاقے کے قریب ایک رولیکس اسٹور پر ڈاکوؤں نے کلاؤ ہتھوڑے اور چھریاں لے کر دھاوا بولا۔ سیکورٹی گارڈز نے موٹرسائیکل پر سوار حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش کی، تاہم ڈکیتوں نے دن دھاڑے 20 قیمتی گھڑیاں چرا لیں۔
    ‎کروز کے قریب ذرائع نے بتایا کہ "اس اسٹور پر حد سے زیادہ جارحانہ حملے نے یہ واضح کر دیا کہ لاکھوں پاؤنڈ مالیت کے اپارٹمنٹس کے ارد گرد سیکیورٹی ناکافی ہے۔”
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ "وہ اکثر علاقے میں چہل قدمی کرنا پسند کرتے تھے، لیکن لگتا ہے کہ پچھلے ایک یا دو سالوں میں نائٹس برج کی سیکیورٹی کمزور ہو گئی ہے۔”
    ‎ذرائع کے مطابق کروز کے اپارٹمنٹ کے عملے کو ان کی اشیاء کے باکس ہٹاتے ہوئے دیکھا گیا اور سب کچھ بہت جلدی ہوا، جس نے عملے کو حیران کر دیا۔

  • سپین میں پاکستانی قونصلیٹ نے ہفتہ و اتوار کی تعطیلات ختم کر دیں

    سپین میں پاکستانی قونصلیٹ نے ہفتہ و اتوار کی تعطیلات ختم کر دیں

    ‎وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و قونصلیٹ امور چوہدری سالک حسین نے بتایا ہے کہ اسپین میں پاکستانی قونصلیٹ بارسلونا نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات ختم کر دی ہیں۔ اب قونصلیٹ میں روزانہ تقریباً 200 پاسپورٹس کی پراسیسنگ کی جا رہی ہے۔
    ‎چوہدری سالک حسین نے کہا کہ نئے پاسپورٹ کے اجرا کے لیے معقول جواز ضروری ہے، اور موجودہ پاسپورٹ کی مدت باقی ہونے پر نیا پاسپورٹ صرف گمشدگی کی صورت میں جاری کیا جائے گا۔ اسپین میں مستقل پاسپورٹ کے لیے گزشتہ پاسپورٹس یا پاسپورٹ گمشدگی رپورٹ لازمی ہوگی۔
    ‎وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزارت اوورسیز پاکستانی اور قونصلیٹ حکام ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس سے مسلسل رابطے میں ہیں اور پاسپورٹ گمشدگی کے طریقۂ کار میں نرمی لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

  • عمران خان کی آنکھ کا علاج  ان کی مرضی سے ہوا،اب کوئی پیچیدگی نہیں۔ اعظم نذیر تارڑ

    عمران خان کی آنکھ کا علاج ان کی مرضی سے ہوا،اب کوئی پیچیدگی نہیں۔ اعظم نذیر تارڑ

    ‎وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے سینیٹ اجلاس میں بتایا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی آنکھ کا علاج اڈیالہ جیل اسپتال میں ممکن تھا، لیکن عمران خان کے کہنے پر انہیں پروسیجر کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت ٹھیک ہے اور پروسیجر کامیاب رہا۔
    ‎قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے اس موقع پر کہا کہ عمران خان کی آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ تھا اور فیملی کو بیماری کے بارے میں پہلے اطلاع نہ دینا غیر قانونی تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بانی پی ٹی آئی کو بطور شہری اور قیدی ان کے حقوق سے کیوں محروم رکھا گیا۔
    ‎سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور پمز کی رپورٹ پر ہمارے ماہرین مطمئن نہیں ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان تک دو ماہرین کو رسائی دی جائے اور پمز اسپتال ان کی رپورٹ جاری کرے تاکہ عوام کو اعتماد حاصل ہو۔
    ‎وزیر قانون نے مزید وضاحت کی کہ عمران خان کی آنکھ کے مرض میں انجیکشن لگانا شامل تھا، کوئی پیچیدگی نہیں ہوئی، اور پروسیجر کے دوران امن و امان کے مسئلے کے پیش نظر وقت کا تعین عمران خان نے خود کیا۔ انہوں نے سابقہ واقعہ رانا ثنا اللہ کے ساتھ اسپتال تک رسائی نہ دینے کی یاد دہانی کرائی اور کہا کہ موجودہ وزیراعظم انسانی حقوق کی پاسداری کرتے ہیں اور عمران خان کو علاج تک مکمل رسائی دی گئی ہے۔

  • گرلز کالجز میں موسیقی، رقص ماڈلنگ پر پابندی، تقریبات کے لیے اجازت لازمی

    گرلز کالجز میں موسیقی، رقص ماڈلنگ پر پابندی، تقریبات کے لیے اجازت لازمی

    ‎خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام گرلز کالجز میں موسیقی، رقص، ماڈلنگ اور اس نوعیت کی دیگر سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن نے پشاور سمیت دیگر اضلاع کے کالجز کے پرنسپلز کو خط ارسال کیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ ویلکم، فیئر ویل پارٹیز، اسپورٹس گالا اور ثقافتی پروگرامز منعقد کرنے کے لیے پیشگی اجازت لازمی ہوگی۔
    ‎خط کے مطابق کالجز میں تقریب سے قبل ڈائریکٹر یا ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن سے اجازت لینا اور مہمانوں کی فہرست جمع کرانا ضروری ہوگا۔ تقریبات کے دوران طالبات کے موبائل فون کے استعمال پر سخت پابندی ہوگی اور کالج یونیفارم پہننا لازمی ہوگا۔
    ‎مزید بتایا گیا ہے کہ طالبات کی حفاظت اور باوقار ماحول کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی اور نگرانی کے انتظامات کیے جائیں گے۔ تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔ تمام تقریبات کو سماجی اور ثقافتی اقدار کے مطابق منعقد کرنا ہوگا، اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کالجز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • ‎ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس: عدالت سے قبل ملزم کو دھمکی دینے والا گرفتار

    ‎ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس: عدالت سے قبل ملزم کو دھمکی دینے والا گرفتار

    ‎ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس کی سماعت سے قبل عدالت کے قریب ملزم عمر حیات عرف کاکا کو مبینہ دھمکیاں دینے والے ایک مشتبہ لڑکے کو گرفتار کر لیا گیا۔
    ‎وکیل ملزم کے مطابق مشتبہ لڑکے نے کہا کہ “تمہارے قتل کی سپاری لے لی گئی ہے” اور اس سے قبل ملزم کے بہنوئی کو دھمکی دینے کے لیے پرچی بھی دی گئی تھی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے مشتبہ لڑکے کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا۔
    ‎مشتبہ لڑکے نے عدالت میں بتایا کہ وہ جیل میں ملزم عمر حیات کے ساتھ رہا ہے اور نیکی کے طور پر عمر حیات سے ملاقات کے لیے آیا تھا۔ جج نے پولیس کو ہدایت کی کہ اس معاملے کو قانون کے مطابق دیکھیں۔
    ‎بعد ازاں مشتبہ لڑکے اسامہ کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔