سانحہ گل پلازہ سے متعلق تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی میں ٹیکس کی آمدنی کے باوجود یہاں سے وصول کیے جانے والے ٹیکس کا صرف پانچ فیصد شہر کی ترقی یا عوام کی خدمت پر استعمال ہوتا ہے۔
گورنر سندھ نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو اب کراچی کے مسائل کا حل نکالنا چاہیے، کیونکہ نہ وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور نہ کسی منصوبے کا ارادہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لواحقین کو صرف پیسے دے کر خاموش کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ حقیقی اصلاحات اور سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

کراچی میں ٹیکس کا صرف پانچ فیصد استعمال ہوتا ہے، گورنر سندہ
-

امریکا نے حملہ کیا تو جنگ پورے خطے میں پھیل جائے گی، آیت اللہ خامنہ ای
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو اس کے نتائج صرف ایک ملک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ جنگ پورے خطے میں پھیل جائے گی۔
آیت اللہ خامنہ ای کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی میں واضح اضافہ ہو چکا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف مسلسل سخت اور دھمکی آمیز بیانات دیے جا رہے ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امریکی صدر بار بار جنگی جہازوں کی تعیناتی کا ذکر کرتے ہیں، لیکن ایرانی قوم ایسی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ یہ کہتے رہتے ہیں کہ انہوں نے جہاز بھیج دیے ہیں، مگر ایرانی عوام نہ ان باتوں سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی دباؤ میں آتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کسی ملک پر حملے کا آغاز نہیں کرتا اور نہ ہی جنگ چاہتا ہے، تاہم اگر کسی نے ایرانی قوم پر حملہ کیا یا اسے ہراساں کرنے کی کوشش کی تو ایران بھرپور اور سخت جواب دے گا۔ -

حافظ نعیم پنجاب جا کر بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ کریں۔ سعدیہ جاوید
سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے حافظ نعیم الرحمان کے حالیہ خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پہلے اپنے حلقہ انتخاب میں جائیں اور پنجاب جا کر بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ کریں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ حافظ نعیم کو یوسی چیئرمین اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے استعفیٰ دینا چاہیے اور پورا استعفیٰ لکھ کر الیکشن کمیشن میں جمع کرانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی والے کہتے ہیں کہ جماعت اسلامی شہر کی سڑکیں کمرشل کرکے بیچنے، تعلیمی اداروں کو نقصان پہنچانے اور ٹاؤن کے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت نہ رکھنے والے جماعتی رہنماؤں کو جان چھوڑ دیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ حافظ نعیم کو کراچی والوں کو یہ بتانا چاہیے کہ ان کے 9 ٹاؤن ایک ایک چیز کا ٹیکس وصول کرتے ہیں، مگر کام کی ذمہ داری میئر پر ڈال دی جاتی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ زکوٰۃ کے پیسے پر چلائی جانے والی تشہیری مہم اور ملک دشمن عناصر سے رابطے کرنے والے لوگ ایمانداری اور عوام کی فلاح کی باتیں کر رہے ہیں۔ -

جماعت اسلامی 14 فروری کو تاریخی دھرنا دے گی۔ حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو یرغمال بنا رکھا ہے اور اب اس قبضے کے نظام کو ختم کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کراچی کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں، مگر حکمرانوں کی نااہلی نے شہر کو مسائل میں دھکیل دیا ہے۔
کراچی کو جینے دو مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ گل پلازا کے واقعے پر کوئی پوچھنے والا نہیں تھا۔ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کراچی میں موجود ہونے کے باوجود گل پلازا نہیں آئے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی کراچی آ کر متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے، جبکہ جماعت اسلامی ایک بااختیار شہری حکومت کا مطالبہ کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنا کوئی حل نہیں، شہر کا سرکلر ریلوے تباہ کر دیا گیا ہے اور آج تک کراچی کے لیے کوئی واضح ماسٹر پلان موجود نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 14 فروری کو تاریخی دھرنا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دیا جائے گا اور اختیار لے کر ہی واپس جائیں گے۔ -

وزیراعظم کی دعوت پر مسائل پیش کروں گا، سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ انہیں کل وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دعوت ملی ہے اور وہ صوبے کے مسائل اسلام آباد میں پیش کریں گے۔
خیبرامن جرگہ سے خطاب میں انہوں نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ وفاق نے ماضی میں آئی ڈی پیز کے اربوں روپے ہڑپ کیے۔ ان کے مطابق انہوں نے چار ارب روپے مختص کیے تو وفاق کی جانب سے ان پر کرپشن کے الزامات لگائے جا رہے ہیں، اور انہوں نے وعدہ کیا کہ متاثرین کے لیے 100 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ تمام قبائلی اضلاع کا دورہ کریں گے اور اسلام آباد میں دھرنے کے حوالے سے عوامی رائے لیں گے۔ انہوں نے گورنر راج کے نفاذ کی سازشوں کا بھی ذکر کیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں عدالت کے ذریعے نااہل یا عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ -

عمران خان کا علاج انکی رضامندی سے ہوا، صحت پر سیاست نہیں، عطااللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ہمارے خلاف جو بھی موقف اپنائے، حکومت صحت کے معاملات پر سیاست نہیں کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ایک معمولی سا علاج ہوا، جس کے بعد وہ مکمل طور پر صحتیاب ہیں۔ عطااللہ تارڑ نے واضح کیا کہ علاج مکمل طور پر عمران خان کی رضامندی سے کیا گیا۔ -

گوادر میں دھماکوں کی خبریں بے بنیاد قرار، سیکیورٹی فورسز نے آئی ای ڈیز ناکارہ بنا دیں
گوادر میں دھماکوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں غلط اور گمراہ کن قرار دے دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گوادر میں کسی قسم کا دھماکہ یا حملہ پیش نہیں آیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ معمول کی نگرانی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے متعدد دیسی ساختہ بم برآمد کیے، جنہیں طے شدہ سیکیورٹی طریقۂ کار کے تحت محفوظ انداز میں ناکارہ بنا دیا گیا۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ایسی جھوٹی اطلاعات کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنا اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور انہیں آگے پھیلانے سے گریز کریں۔ -

ٹھٹھہ میں باپ کا افسوسناک اقدام، بیوی اور بچوں پر حملہ
سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنی بیوی اور چھ بچوں پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا اور بعد ازاں خود کو گولی مار لی۔
پولیس حکام کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والی خاتون اور دو بچے اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے، جبکہ چار بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نشے کا عادی تھا اور پیسے نہ ملنے پر طیش میں آ کر اس نے اہلِ خانہ پر حملہ کیا۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ -

پاکستان کا ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت اور بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ
پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے اور بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ حکومتِ پاکستان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
تاہم اجلاس میں یہ طے پایا کہ پاکستان 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلے گا اور اس میچ کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ فیصلے سے بین الاقوامی کرکٹ شیڈول اور ٹورنامنٹ انتظامات پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے متعلقہ فورمز کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ -

آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنے پر شاہد آفریدی کی قومی ٹیم کو مبارکباد، سلمان آغا کی قیادت کی تعریف
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا کی خصوصی تعریف کی ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سلمان آغا نے بطور کپتان فرنٹ سے لیڈ کیا اور ان کی حالیہ فارم اور مثبت انداز ٹیم کے لیے ایک بڑا اثاثہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہی تسلسل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک برقرار رہے گا۔
سابق کپتان نے کہا کہ آنے والے اہم اور دباؤ والے مقابلوں میں اسپنرز کا کردار نہایت اہم ہوگا اور ان پر بڑی ذمہ داری عائد ہوگی۔
شاہد آفریدی نے گرین شرٹس کی شاٹس سلیکشن کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے مجموعی طور پر سمجھداری اور اعتماد کے ساتھ کھیل پیش کیا، جو کامیابی کی بڑی وجہ بنا۔