Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • 
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ازبکستان کے صدر کی ملاقات

    
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ازبکستان کے صدر کی ملاقات

    ‎فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کی ملاقات ہوئی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے مہمان صدر اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے دورے کے دوران خود معزز صدر کی رہنمائی کی اور انہیں گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز پر بریفنگ دی گئی۔
    ‎آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی مقامی دفاعی پیداوار اور صنعتی ترقی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس دوران دونوں ممالک نے دفاعی اور صنعتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے شراکت داری، علم کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

  • 
یوٹیوب کا مفت صارفین کے لیے بیک اہم فیچر بند کرنے کا فیصلہ

    
یوٹیوب کا مفت صارفین کے لیے بیک اہم فیچر بند کرنے کا فیصلہ

    
یوٹیوب کی جانب سے مسلسل کوشش کی جا رہی ہے کہ مفت سروس استعمال کرنے والے صارفین کو پریمیئم پلان کی طرف منتقل کیا جائے، جس کے تحت اب ایک مقبول فیچر تک مفت صارفین کی رسائی محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
    رپورٹس کے مطابق یوٹیوب موبائل براؤزرز پر بیک گراؤنڈ پلے بیک فیچر کو مفت صارفین کے لیے بند کرنے کے اقدامات کر رہا ہے۔ یہ فیچر صارفین کو اس وقت بھی ویڈیو یا آڈیو چلانے کی سہولت دیتا ہے جب ایپ یا براؤزر بیک گراؤنڈ میں ہو۔
    ‎کافی عرصے سے مفت صارفین گوگل کروم کے علاوہ دیگر موبائل براؤزرز جیسے مائیکرو سافٹ ایج، بریو اور سام سنگ انٹرنیٹ کے ذریعے اس فیچر سے فائدہ اٹھا رہے تھے، حالانکہ کروم پر یہ سہولت صرف یوٹیوب پریمیئم صارفین کو حاصل ہے۔
    ‎تاہم حالیہ دنوں میں متعدد صارفین نے شکایت کی ہے کہ اب یہ فیچر ان کے موبائل براؤزرز پر کام نہیں کر رہا۔ گوگل نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے کہ موبائل براؤزرز پر بیک گراؤنڈ پلے بیک کے استعمال کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
    ‎گوگل کے مطابق یہ فیچر خاص طور پر یوٹیوب پریمیئم صارفین کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جبکہ کچھ مفت صارفین موبائل براؤزرز کے ذریعے اس تک رسائی حاصل کر رہے تھے، جسے روکنے کے لیے بتدریج کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں تمام مفت صارفین کے لیے یہ فیچر مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔

  • 
ایران میں خواتین کو موٹر سائیکل چلانے اور لائسنس حاصل کرنے کی باضابطہ اجازت

    
ایران میں خواتین کو موٹر سائیکل چلانے اور لائسنس حاصل کرنے کی باضابطہ اجازت

    
ایران میں خواتین کو باضابطہ طور پر موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دے دی گئی ہے، جس کے بعد اب خواتین موٹر سائیکل چلانے کا لائسنس بھی حاصل کر سکیں گی۔
    غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے موٹر سائیکل چلانے کے حوالے سے برسوں سے موجود قانونی ابہام ختم ہو گیا ہے۔ اس سے قبل قانون میں خواتین کے موٹر سائیکل یا اسکوٹر چلانے پر واضح پابندی موجود نہیں تھی، تاہم عملی طور پر حکام خواتین کو لائسنس جاری کرنے سے انکار کرتے رہے تھے۔
    ‎اس قانونی خلا کے باعث ٹریفک حادثات کی صورت میں خواتین کو قانونی طور پر ذمہ دار بھی ٹھہرایا جاتا رہا، حالانکہ انہیں باقاعدہ لائسنس حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی۔
    ‎ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے ایک نئی قرارداد پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد ٹریفک قوانین کو واضح بنانا ہے۔ یہ قرارداد گزشتہ ماہ کے آخر میں ایرانی کابینہ سے منظور کی گئی تھی۔
    ‎قرارداد کے تحت ٹریفک پولیس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ خواتین درخواست گزاروں کو عملی تربیت فراہم کرے، پولیس کی نگرانی میں ڈرائیونگ ٹیسٹ لے اور کامیاب امیدواروں کو موٹر سائیکل چلانے کا باقاعدہ لائسنس جاری کرے۔

  • جرمن کمپنی کا ایسا اسمارٹ فون جس کی بیٹری ایک ہفتےتک چلتی ہے۔

    جرمن کمپنی پونکیٹ نے ایم سی 03 نامی ایسا اسمارٹ فون تیار کیا ہے جس کی بیٹری لائف دیگر فونز کے مقابلے میں غیر معمولی حد تک طویل ہے اور اسے 6 سے 7 دن تک بغیر چارج کیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ زیادہ تر اسمارٹ فونز میں بیٹری ایک یا دو دن کے بعد ختم ہو جاتی ہے، کیونکہ متعدد ایپس پسِ منظر میں فعال رہتی ہیں اور ڈیٹا یا توانائی استعمال کرتی ہیں، مگر ایم سی 03 میں صارفین کی پرائیویسی کو ترجیح دی گئی ہے اور فون خود ایپس کے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے عمل کو کنٹرول کرتا ہے۔
    فون میں بائی ڈیفالٹ ایپس کو انٹرنیٹ تک رسائی سے روکا گیا ہے، جس سے بیک گراؤنڈ ڈیٹا کا جمع ہونا ممکن نہیں۔ کمپنی کے مطابق، فون کی بیٹری عام استعمال میں 6 سے 7 دن تک اور زیادہ استعمال میں 4 سے 5 دن تک بغیر چارج کیے چل سکتی ہے، جبکہ فون کی بیٹری دیگر فونز جتنی ہی سائز میں ہے، لیکن توانائی کے انتظام میں جدید تکنیک استعمال کی گئی ہے۔
    ‎ایم سی 03 اوپن سورس اینڈرائیڈ پراجیکٹ پر مبنی آپریٹنگ سسٹم AphyOS پر کام کرتا ہے، جس میں صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ فون میں 120 ہرٹز او ایل ای ڈی ڈسپلے موجود ہے اور بیٹری کو آسانی سے نکال کر بدلا جا سکتا ہے، جو اس کے استعمال کو مزید صارف دوست بناتا ہے۔

  • ‎ملبورن میں مہاتما گاندھی کا کانسی کا مجسمہ چوری

    ‎ملبورن میں مہاتما گاندھی کا کانسی کا مجسمہ چوری

    ‎آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں آسٹریلین انڈین کمیونٹی سینٹر کے باہر نصب مہاتما گاندھی کا 426 کلوگرام وزنی کانسی کا مجسمہ چوری ہو گیا ہے۔ یہ مجسمہ 2021 میں انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز (ICCR) کی جانب سے تحفے میں دیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق یہ چوری جنوری 2026 کے اوائل میں ہوئی، تاہم اس کی اطلاع فروری کے شروع میں منظر عام پر آئی۔
    ‎سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق چوروں نے اینگل گرائنڈر کا استعمال کرتے ہوئے مجسمے کو ٹخنوں کے مقام سے کاٹا اور اسے اپنے ساتھ لے گئے، جبکہ باقی پاؤں کو پائے راستے پر چھوڑ دیا۔ اس واقعے کی تحقیقات وکٹوریہ پولیس کر رہی ہے اور اسے ایک سنگین "نفرت انگیز جرم” کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ بھارت نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے آسٹریلوی حکام سے مجسمے کی فوری بازیابی اور مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ازبک صدر شوکت مرزائیوف کا پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد آمد

    ازبک صدر شوکت مرزائیوف کا پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد آمد

    
ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ نور خان ائیر بیس پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ازبک صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی ہارون اختر خان بھی موجود تھے۔
    صدر مرزائیوف کے خصوصی طیارے سے باہر اترنے پر صدر مملکت اور وزیراعظم نے ان سے پرجوش مصافحہ اور معانقہ کیا۔ وزیر اعظم سے ان کا خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ معزز مہمان کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ روایتی اور ثقافتی لباس میں ملبوس بچوں نے گلدستے پیش کیے اور دونوں ملکوں کے قومی پرچم تھامے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا۔ وزیر اعظم نے کابینہ ارکان کو بھی معزز مہمان کا تعارف کرایا۔

  • حکومت کا بہترین ایتھلیٹس کے لیے "ایتھلیٹ آف دی ایئر” ایوارڈ متعارف

    حکومت کا بہترین ایتھلیٹس کے لیے "ایتھلیٹ آف دی ایئر” ایوارڈ متعارف

    
حکومت نے ایتھلیٹس کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں میں کارکردگی کو فروغ دینے کے لیے "ایتھلیٹ آف دی ایئر ایوارڈ” متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ ایوارڈ ہر سال بہترین کارکردگی دکھانے والے مرد اور خاتون ایتھلیٹس کو علیحدہ علیحدہ دیا جائے گا تاکہ قومی کھلاڑیوں میں کھیلوں کے معیار کو بلند کرنے کی ترغیب ملے۔
    ‎ایوارڈ کے ساتھ ہر فاتح کو 25 لاکھ روپے کا کیش انعام بھی دیا جائے گا، جس کا مقصد کھلاڑیوں کی مالی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے شعبے میں مستقل محنت کو سراہنا ہے۔
    ‎وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) سے منظوری حاصل کر لی ہے اور ایوارڈ کی تقریب ہر سال کے اختتام پر منعقد کی جائے گی۔ اس تقریب میں قومی ایتھلیٹس کو ان کی کارکردگی، کامیابیوں اور کھیل کے شعبے میں نمایاں خدمات کے لیے اعزاز دیا جائے گا۔
    ‎حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ پاکستان میں کھیلوں کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ یہ ایوارڈ ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں میں حوصلہ پیدا کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

  • بسنت کے باعث لاہور میں فضائی سرگرمیوں کیلئے نوٹم جاری

    بسنت کے باعث لاہور میں فضائی سرگرمیوں کیلئے نوٹم جاری

    
لاہور میں دو دہائیوں بعد بسنت منائے جانے کے موقع پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی تحفظ کے پیشِ نظر نوٹم جاری کر دیا ہے۔
    پنجاب حکومت کی جانب سے 6 سے 8 فروری تک شہر بھر میں پتنگ اڑانے کی اجازت دی گئی ہے، جس کے باعث پائلٹس کو ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
    ‎سول ایوی ایشن اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز کے مطابق نوٹم تین روز کے لیے جاری کیا گیا ہے تاکہ لاہور کی فضائی حدود میں پروازوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

  • 
امریکا کی سعودی عرب کو  F-15 طیاروں کے پرزہ جات فروخت کرنے کی منظوری

    
امریکا کی سعودی عرب کو F-15 طیاروں کے پرزہ جات فروخت کرنے کی منظوری

    امریکا نے سعودی عرب کو ایف۔15 لڑاکا طیاروں کے پرزہ جات فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 3 ارب ڈالر ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق اس ممکنہ معاہدے کے تحت سعودی عرب میں محدود تعداد میں امریکی شہری کنٹریکٹرز یا فوجی عملہ طویل مدت کے لیے تعینات کیا جا سکتا ہے تاکہ پرزہ جات کی تنصیب، مرمت اور تربیت کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

    یہ منظوری ایسے وقت میں دی گئی ہے جب امریکا تین روز قبل سعودی عرب کو تقریباً 9 ارب ڈالر مالیت کے پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی فروخت کی اجازت بھی دے چکا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ امریکا خلیجی اتحادیوں کی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے سنجیدہ ہے۔

    العربیہ کے مطابق سعودی عرب نے اس ڈیل کے تحت ایف۔15 طیاروں کے اسپیئر پارٹس اور مرمتی پرزہ جات، قابل استعمال سامان اور اضافی لوازمات، مرمت اور واپسی کی معاونت، زمینی اور عملے سے متعلق آلات، خفیہ اور غیر خفیہ سافٹ ویئر اور اس کی معاونت، تکنیکی دستاویزات، تربیتی سہولیات، اور امریکی حکومت و کنٹریکٹرز کی جانب سے انجینئرنگ، تکنیکی اور لاجسٹک خدمات کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔

    پینٹاگون کے مطابق یہ فروخت امریکا کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے اہداف کے لیے اہم ہے کیونکہ اس سے خلیجی خطے میں ایک بڑے غیر نیٹو اتحادی کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، جو خطے میں سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔

    امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ ایف۔15 جنگی طیاروں سے متعلق یہ فروخت سعودی عرب کی موجودہ اور مستقبل کی ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنائے گی، زمینی افواج کے تحفظ میں مدد دے گی اور سینٹ کام کے خطے میں سعودی عرب کے مربوط فضائی اور میزائل دفاعی نظام میں اس کے کردار کو نمایاں طور پر مستحکم کرے گی۔

  • بے قابو کار کی حلوہ پوری کے اسٹال سے ٹکر، 4 ملازمین زخمی

    بے قابو کار کی حلوہ پوری کے اسٹال سے ٹکر، 4 ملازمین زخمی

    ‎کراچی میں ایک بے قابو کار حلوہ پوری کے اسٹال سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں اسٹال کے 4 ملازمین زخمی ہو گئے۔
    ‎واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آ گئی ہے، جس میں کار کے اسٹال سے ٹکرانے کا منظر واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
    ‎زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔