اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو بین الاقوامی ذمہ داریوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت کا یہ اقدام لاکھوں افراد کی زندگیوں اور روزگار کو براہِ راست خطرے میں ڈال رہا ہے، جبکہ پانی جیسے بنیادی انسانی وسیلے کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے تصور کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی قانون کا بنیادی مقصد عالمی نظام میں استحکام اور تنازعات کی روک تھام ہے۔
پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ معاہدوں کی پاسداری اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان
-

امریکہ: شدید برفانی طوفان، 30 ہلاکتیں اور لاکھوں افراد بجلی کے محروم
امریکہ کی کئی ریاستیں شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ہیں اور کم از کم 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پیر کو مزید برف باری کے بعد لاکھوں امریکیوں نے نقطہ انجماد سے نیچے درجہ حرارت میں بجلی کے بغیر رات گزاری۔ تقریباً ساڑھے چھ لاکھ گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
جمعے سے اب تک برفانی طوفان کے باعث 20 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جس میں گزشتہ روز 5100 اور اتوار کو 11 ہزار سے زیادہ پروازیں شامل تھیں۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق امریکہ کے مختلف حصوں میں مرنے والوں میں نوعمر نوجوان، بزرگ اور خواتین شامل ہیں، اور نیویارک شہر میں 8 افراد ہلاک ہوئے۔
ریاست آرکنسا سے نیوانگلینڈ تک تقریباً 2100 کلومیٹر کے خطے میں کئی کئی انچ برف پڑی، کچھ علاقوں میں ایک فٹ جبکہ بعض میں ڈیڑھ فٹ تک برف جمع ہوئی۔ درجہ حرارت منفی 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا اور کئی اسکول بند رہے۔
امریکی موسمیات کے محکمے نے کہا کہ سردی میں کمی کا فی الحال کوئی امکان نہیں، بلکہ قطبِ شمالی کی سرد ہواؤں کا نیا سلسلہ آنے کی پیش گوئی ہے، جس سے مشرقی ساحلی علاقوں میں مزید برف باری کا امکان ہے۔ -

سندھ کابینہ کی گل پلازہ کے شہداء کے لواحقین کو ایک کروڑ معاوضے کی منظوری
سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے فی کس ایک کروڑ روپے معاوضے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں سانحہ گل پلازہ کی وجوہات، ریسکیو اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کے لیے ایک سب کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی، جو کمشنر کراچی کی انکوائری رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لے گی اور ذمہ داران کے خلاف مزید کارروائی سے متعلق سفارشات پیش کرے گی۔
ذرائع کے مطابق قائم کی گئی سب کمیٹی میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار شامل ہوں گے۔ کمیٹی آئندہ چند روز میں اپنی سفارشات وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔
کابینہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ متاثرہ خاندانوں کو معاوضے کی ادائیگی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ لواحقین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ متاثرین کی مالی معاونت میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں، جس پر صوبے بھر میں شدید غم و غصے اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔ حکومتِ سندھ کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ -

جماعت اسلامی کا یکم فروری کو “جینے دو کراچی” مارچ کا اعلان
جماعت اسلامی نے کراچی کے مسائل کے خلاف یکم فروری کو “جینے دو کراچی” مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سانحہ گل پلازہ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گل پلازہ کا سانحہ صوبائی حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے المناک واقعات کے بعد بھی سندھ حکومت سنجیدہ اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے، اس لیے وزیراعلیٰ سندھ کو اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے عہدے سے الگ ہو جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہر بڑے حادثے کے بعد پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان الزام تراشی اور نام نہاد سیاسی کشمکش شروع ہو جاتی ہے، لیکن اس کا خمیازہ ہمیشہ کراچی کے عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کے مطابق کراچی کے مسائل کا حل نہ وفاق کے کنٹرول میں ہے اور نہ صوبائی اختیارات میں، بلکہ اس کا واحد حل ایک بااختیار اور خودمختار سٹی گورنمنٹ کا قیام ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کے باوجود آگ بجھانے کا مؤثر انتظام موجود نہیں تھا، جو انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے کے بعد متاثرہ افراد اور شہری شدید بے بسی کا شکار ہیں، جبکہ حکمران طبقہ اپنی ذمہ داریوں سے مسلسل فرار اختیار کر رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کے عوام پر کرپٹ اور نااہل حکمران مسلط کیے گئے ہیں، جو شہر کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں بھی ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ “جینے دو کراچی” مارچ کے ذریعے عوام کی آواز حکمرانوں تک پہنچائی جائے گی اور کراچی کے حق کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ -

افغان طالبان دور میں معیشت زوال کا شکار: سابق وزیر خزانہ
افغانستان کے سابق وزیر خزانہ انوار الحق احدی نے طالبان حکومت کے معاشی ترقی کے دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کا اقتصادی مستقبل شدید خطرات سے دوچار ہو چکا ہے۔
افغانستان انٹرنیشنل کو دیے گئے انٹرویو میں انوار الحق احدی کا کہنا تھا کہ طالبان کے زیرِ انتظام افغانستان میں سرمایہ کاری کے لیے بنیادی قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک تک موجود نہیں۔ ان کے مطابق ریاستی ادارے طالبان کے حمایت یافتہ افراد کے کنٹرول میں ہیں، جس سے شفافیت اور اعتماد مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لیے حالات انتہائی غیر محفوظ ہیں، نہ مناسب سیکیورٹی دستیاب ہے اور نہ ہی تربیت یافتہ افرادی قوت موجود ہے۔ بین الاقوامی پابندیوں، واضح معاشی پالیسیوں کی عدم موجودگی اور عالمی تنہائی کے باعث بیرونی سرمایہ کاری تقریباً ختم ہو چکی ہے۔
اقوام متحدہ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں دہشت گردی اور کمزور معیشت کے باعث بیروزگاری کی شرح بڑھ کر 75 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو طالبان حکومت کی معاشی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ -

امریکا کی متعدد ریاستیں شدید برفانی طوفان کی زد میں، 3 ہلاکتیں
امریکا کی کئی ریاستیں شدید برفانی طوفان، برف باری اور بارش کی لپیٹ میں ہیں، مختلف حادثات میں تین افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خراب موسم کے باعث 20 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ٹیکساس، اوکلاہوما اور آرکنساس میں شدید برف باری کے بعد 22 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
واشنگٹن، نیویارک، فلاڈیلفیا اور بوسٹن میں مزید برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ نیویارک کے میئر نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ 9 ریاستوں میں نیشنل گارڈ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
برف باری کے باعث 12 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 84 ہزار سے زیادہ صارفین بجلی سے محروم ہیں۔ شمالی ڈکوٹا میں درجہ حرارت منفی 50 ڈگری تک گر گیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا رہی ہے اور تمام ریاستوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ -

امریکا میں فیڈرل ایجنٹس کی فائرنگ، اسپتال نرس ہلاک
امریکا میں فیڈرل ایجنٹس کی فائرنگ کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا ہے، جہاں منیاپولس میں بارڈر پیٹرول ایجنٹ کی گولی سے ایک اسپتال نرس ہلاک ہو گیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مقتول کی شناخت 37 سالہ الیکس پریٹی کے نام سے ہوئی ہے، جو پیشے کے اعتبار سے نرس تھا۔ رواں ماہ فیڈرل ایجنٹس کی فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے، جس کے بعد منیسوٹا کے مختلف شہروں میں دوبارہ احتجاج شروع ہو گیا ہے۔
ہوم لینڈ سیکیورٹی کا مؤقف ہے کہ مقتول کے پاس ہینڈ گن موجود تھی اور اسے غیر مسلح کرنے کی کوشش کے دوران اس نے مزاحمت کی۔ تاہم عینی شاہدین کی ویڈیوز، جن کی تصدیق روئٹرز نے کی ہے، میں الیکس پریٹی کو ہاتھ میں فون پکڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ وہ دیگر مظاہرین کی مدد کر رہا تھا جنہیں ایجنٹس نے زمین پر دھکیل دیا تھا۔
واقعے کے بعد فیڈرل ایجنٹس کے طرزِ عمل پر ایک بار پھر شدید سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ -

مصنوعی ذہانت انسانی شناخت اور رشتوں کے لیے خطرہ: پوپ لیو
کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو چہارم نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت انسانی شناخت، تعلقات اور سماجی توازن کے لیے ایک سنجیدہ خطرہ بن چکی ہے۔
اپنے پیغام میں پوپ لیو نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا مقصد انسان کی خدمت ہونا چاہیے، نہ کہ اسے بدل دینا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، خاص طور پر وہ اے آئی نظام جو آوازوں، چہروں اور جذبات کی نقل کر سکتے ہیں، انسانوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
پوپ لیو نے مصنوعی ذہانت کے لیے مؤثر گورننس اور عالمی قوانین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت ناگزیر ہے تاکہ وہ یہ سمجھ سکیں کہ الگورتھمز کس طرح ان کے حقیقت کے ادراک کو متاثر کرتے ہیں۔
انہوں نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ اے آئی کی ترقی چند بڑی کمپنیوں کے ہاتھوں میں مرکوز ہو چکی ہے، جو غیر معمولی طاقت حاصل کر رہی ہیں، جبکہ یہ ٹیکنالوجی حقیقت اور گمان کے درمیان فرق کو مزید دھندلا کر رہی ہے۔ -

نایاب مہاجر پرندوں کی اسمگلنگ ناکام، 44 بطخیں برآمد
محکمہ جنگلات نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نایاب پرندوں اور جنگلی جانوروں کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران ہنس نسل کی 44 نایاب بطخیں برآمد کر لی گئیں جبکہ دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ پرندے ’’بار ہیڈڈ گیز‘‘ کہلاتے ہیں جو سائبیریا سے ہجرت کر کے پاکستان آتے ہیں۔ محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کی ٹیم نے بتایا کہ تمام پرندے صحت مند ہیں، جنہیں کل کالا خطائی نیشنل پارک سے آزاد کر دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق کارروائی نایاب پرندوں اور پاڑہ ہرن کے گوشت کی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف کی گئی۔ پنجاب حکومت نے غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع دینے والے شہری کو سراہا جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کی ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دی۔ -

فیڈرل ٹی بی سینٹر کی جگہ چلڈرن اسپتال اور نرسنگ سینٹر بنانے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے راولپنڈی میں قائم فیڈرل ٹی بی سینٹر کی اراضی صوبے کے حوالے کرنے کے لیے وفاق سے باضابطہ طور پر قبضہ مانگ لیا ہے، تاکہ وہاں چلڈرن اسپتال اور نرسنگ ایکسیلنس سینٹر تعمیر کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت سے ٹرانزیشن پلان طلب کر لیا ہے، جس کی منظوری کے بعد ٹی بی سینٹر کی ملکیت صوبے کو منتقل کر دی جائے گی۔ وفاق کی جانب سے ارسال کردہ مراسلے میں اثاثوں، ملازمین کی حیثیت، مستقل عملے اور طبی آلات کے مستقبل کے استعمال سے متعلق تفصیلات مانگی گئی ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت کابینہ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔ پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ اراضی کی حوالگی کے فوری بعد تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فیڈرل ٹی بی سینٹر راولپنڈی 129 کنال اراضی پر قائم ہے، جو اس وقت وفاقی حکومت کے نام ہے۔ اس جگہ چلڈرن اسپتال کے ساتھ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے نرسنگ ایکسیلنس سینٹر قائم کیا جائے گا، جہاں نرسوں کی پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت دی جائے گی۔